Tag: snake attack

  • بھارت : شوہر نے بیوی کو سانپ سے ڈسوا کر مار ڈالا

    بھارت : شوہر نے بیوی کو سانپ سے ڈسوا کر مار ڈالا

    کیرالہ : بھارت میں شوہر نے بیوی کو قتل کرنے کیلئے انوکھا طریقہ اختیار کیا، سانپ سے ڈسوا کر بیوی کو موت کے گھاٹ اتار دیا، پولیس نے ملزم کو گرفتار کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق بھارتی ریاست کیرالا میں کرائم برانچ پولیس نے باریک بینی سے تفتیش کرکے ایک خاتون کی سانپ کے کاٹنے سے موت کا معمہ حل کرلیا اور قتل کے الزام میں شوہر کو گرفتار کرلیا۔

    پولیس کے مطابق 25 سالہ مقتولہ اتھرا کے شوہر سورج نے ابتدائی تفتیش کے دوران ساتھی کے ساتھ مل کر اپنی بیوی کو قتل کرنے کے جرم کا اعتراف کرلیا ہے۔

    پولیس حکام نے بھارتی میڈیا کو بتایا کہ گزشتہ روز قتل کے سلسلہ میں خاتون کے شوہر سورج، اس کے ساتھی سریش اور سانپ فروخت کرنے والے سپیرے کو گرفتار کرلیا ہے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ 6 مئی کی رات منصوبہ بندی کے تحت اس کا دوست اسے ایک زہریلا سانپ دے گیا، جس کے بعد
    مقتولہ کے شوہر سورج نے نیند کی حالت میں اپنی بیوی پر وہ سانپ پھینک دیا، اتھرا کو سانپ کے ڈسنے کے بعد سورج نے اسے قابو کر کے بند کرنے کی کوشش کی جس میں وہ ناکام رہا اور سانپ وہاں سے نکل بھاگا۔

    واردات کے بعد رات بھر سورج جاگتا رہا اور صبح ہوتے ہی گھر سے چلا گیا، بعدازاں صبح والدین کو انترا مردہ حالت میں ملی تو والدین کو اس کی موت پر شک ہوا کیونکہ اس سے قبل بھی سورج کے گھر میں انترا کو سانپ نے کاٹا تھا لیکن وہ بچ گئی تھی۔

    انترا کے والدین نے اپنے داماد کیخلاف  پولیس میں شکایت درج کرائی تھی جس پر  پولیس نے ایکشن لیتے ہوئے سورج سے تفتیش کی جس پر اس نے اقبال جرم کرلیا۔

  • زہریلے سانپ کے ساتھ سیلفی لینا امریکی شہری کو مہنگا پڑگیا

    زہریلے سانپ کے ساتھ سیلفی لینا امریکی شہری کو مہنگا پڑگیا

    ایک امریکی کو زہریلے کوڑیالے سانپ کے ساتھ سیلفی لینے کا نتیجہ ڈیڑھ لاکھ ڈالر کے اسپتال کے بل کی صورت میں بھگتنا پڑگیا۔

    تفصیلات کے مطابق ٹوڈ فیسلر نامی شخص کاپورا بازو اس وقت زہر کی شدت سے نیلا پڑ گیا جب اس نے ایک کوڑیالے سانپ کو بل سے نکالا اور سیلفی لینے کی کوشش کی،جواب میں سانپ نے اسے ڈس لیا۔

    ٹوڈ کا کہنا تھا کہ ’’جب سانپ نے مجھے کاٹا تو تکلیف کی شدت سے میں لرز رہا تھا اور میرے جسم میں بل پڑرہے تھے میری زبان منہ سے باہر آگئی تھی اورمیری آنکھیں ڈھلک گئی تھی‘‘۔

    امریکی میڈیا کے مطابق سانپ اس قدر زہریلا تھا کہ دو اسپتالوں میں موجود تریاق اس کےعلاج میں صرف ہوا اورعلاج کے عوض اسے 153،161 امریکی ڈالر کا بل موصول ہوگیا۔

    ٹوڈ کی انشورنس کمپنی اسپتال کے ساتھ مذاکرات کرہی ہے اور ممکن ہے کہ اسپتال کے بل کی ادائیگی کے لئے اسے حصہ ملانا پڑے۔

    واضح رہے کہ ٹوڈ فیسلر کے پاس ایک سال سے زائد مدت سے ایک پالتو کوڑیالا سانپ موجود تھا لیکن وہ اس حادثے سے اس قدر خوفزدہ ہوا کہ اسے بھی آزاد کردیا۔

    کیلی فورنیا میں ہر سال کوڑیالے سانپوں کے ڈسنے کے لگ بھگ 100 واقعات پیش آتے ہیں جن میں سے 10 سے 12 صرف سین ڈیاگو کاؤنٹی میں ہوتے ہیں۔