Tag: snake bite

  • سانپ کے ڈسنے سے کمسن بہن بھائی جان کی بازی ہار گئے

    سانپ کے ڈسنے سے کمسن بہن بھائی جان کی بازی ہار گئے

    کوٹلی (30 جولائی 2025): چوکی مونگ کے گاؤں میں زہریلے سانپ کے کاٹنے سے دو کمسن بہن بھائی جاں بحق ہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق کوٹلی چوکی مونگ میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے جہاں سانپ کے ڈسنے سے دو معصوم بہن بھائی جان کی بازی ہار گئے جس سے علاقے میں کہرام مچ گیا۔

    مقامی ذرائع کے مطابق متاثرہ بچے چھ سے آٹھ سال کی عمر کے تھے، دونوں کو اچانک سانپ نے کاٹ لیا، جس کے بعد ان کی حالت بگڑ گئی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ فوری طور پر علاج کی کوشش کی گئی، تاہم ویکسین نہ ہونے کہ وجہ سے وہ زہر کے اثرات سے جانبر نہ ہو سکے اور زندگی کی بازی ہار گئے۔

      کوٹلی کے بیشتر نواحی صحت مراکز میں سانپ کے زہر کے تریاق، کی ویکسین، موجود ہی نہیں۔ دوسری جانب، محکمہ وائلڈ لائف نے تاحال سانپ کی نوعیت یا شناخت سے متعلق کوئی بریفنگ جاری نہیں کی۔

    شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ فوری حفاظتی اقدامات کیے جائیں اور وائلڈ لائف کو متحرک نگرانی کی ہدایت دی جائے، تاکہ آئندہ ایسے واقعات سے بچا جا سکے۔

  • سانپ کے 7 بار کاٹنے پر شہری پیشگوئی کے مطابق صحت یاب، ڈاکٹر حیران

    سانپ کے 7 بار کاٹنے پر شہری پیشگوئی کے مطابق صحت یاب، ڈاکٹر حیران

    بھارتی ریاست اترپردیش میں سانپ کے کاٹے کا ایک ایسا عجیب اور حیرت انگیز کیس سامنے آیا ہے جس نے لوگوں اور ڈاکٹروں کو ششدر کر دیا ہے۔

    بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق اترپردیش کے شہر فتح پور میں 24 سالہ وکاس دوبے نامی شہری کو صرف 40 دنوں کے اندر سانپ نے 7 بار کاٹ لیا ہے، اور سانپ صرف ہفتے کے دن اسے کاٹتا ہے، جس کے بعد اس کی حالت غیر ہو جاتی ہے تاہم پیش گوئی کے مطابق طبی امداد سے وہ تیزی سے صحت یاب ہو جاتا ہے۔

    نوجوان کو جب سانپ نے کاٹنا شروع کیا تو ہر بار کے واقعے کے بعد اس کے والدین کی تشویش بڑھتی گئی، اور معاملہ پراسرار ہوتا گیا، کاٹنے سے وکاس دوبے کی حالت سنگین ہو جاتی ہے لیکن وہ معجزانہ طور پر جلد ہی ٹھیک ہو جاتا ہے۔

    فتح پور کے سورا گاؤں کے رہائشی وکاس دوبے کو پہلی بار سانپ نے اس وقت کاٹا جب وہ اپنے چچا کے گھر پر تھا، اس کے بعد سے ناقابل فہم واقعات کا ایک سلسلہ شروع ہو گیا، اور 2 جون اور 6 جولائی کے درمیان وہ مزید 6 سانپوں کا شکار ہوا۔

    دوبے کے گھر والے سخت تشویش میں اس لیے مبتلا ہیں کہ دوبے نے پیش گوئی کی تھی کہ اسے 9 بار کاٹا جائے گا، اور صرف آٹھویں کاٹنے تک وہ زندہ رہے گا، اگر اسے نویں بار کاٹا گیا تو کوئی ڈاکٹر، پجاری یا تانترک اسے نہیں بچا پائے گا۔

    دوبے کو جب سانپ نے چوتھی بار کاٹا تو گھر والوں نے کہا کہ وہ کہیں اور چلا جائے، اس لیے اس نے خالہ کے گھر میں پناہ لے لی، لیکن سانپ نے وہاں بھی اسے کاٹ لیا، 6 جولائی کو ساتویں بار کاٹنے کے بعد جب دوبے کی حالت بگڑ گئی تو اس کے والدین اسے ایک بار پھر اسپتال لے گئے، اور علاج سے دوبے جلد ہی صحت یاب ہو گیا۔

    لیکن اس کے بعد ان واقعات نے لوگوں کو سخت تشویش میں مبتلا کر دیا ہے، اور اس بات پر ایک سوالیہ نشان لگ گیا ہے کہ کیا واقعی وکاس کی زندگی میں پراسرار قوتیں دخل دے رہی ہیں؟

    علاقے کے چیف میڈیکل آفیسر راجیو نین گری نے اس واقعے پر رد عمل میں کہا کہ ’’متاثرہ شہری نے حکام سے مالی مدد کی درخواست کی ہے، وہ کلکٹریٹ آیا اور رونے لگا کہ اس نے سانپ کے کاٹے کے علاج کے لیے کافی رقم خرچ کی ہے، اس لیے مالی مدد کی جائے، میں نے اسے مشورہ دیا کہ وہ سرکاری اسپتال میں جائیں جہاں وہ سانپ کے کاٹے کا علاج مفت حاصل کر سکتا ہے۔‘‘

    انھوں نے مزید کہا یہ بڑی عجیب بات ہے کہ ہر ہفتہ کے دن ایک شخص کو سانپ کاٹتا ہے۔ ہمیں ابھی بھی یہ جاننے کی ضرورت ہے کہ آیا یہ واقعی ایک سانپ ہے جو اسے کاٹ رہا ہے۔ ہمیں اس ڈاکٹر کی اہلیت کو بھی دیکھنا ہوگا جو اس کا علاج کر رہا ہے۔ ایک شخص کو ہر ہفتہ کو سانپ کاٹتا ہے اور وہ شخص ہر بار اسی اسپتال میں داخل ہوتا ہے، اور صرف ایک دن میں صحت یاب ہو جاتا ہے، یہ سب عجیب ہے۔‘‘

    چیف میڈیکل آفیسر کے مطابق انھوں نے اس معاملے کی تحقیقات کے لیے 3 ڈاکٹروں کی ٹیم تشکیل دے دی ہے، جو جلد ہی رپورٹ پیش کرے گی، اور حقیقت سامنے آ جائے گی۔

  • بیوی کو سانپ سے ڈسوا کر قتل کرنے والے شوہر کو عبرتناک سزا

    بیوی کو سانپ سے ڈسوا کر قتل کرنے والے شوہر کو عبرتناک سزا

    نئی دہلی : بھارت میں سانپ کے کاٹنے سے ہلاک ہونے والی خاتون کے پراسرار قتل کے بعد جرم ثابت ہونے پر عدالت نے اس کے شوہر کو عبرتناک سزا سنادی۔

    بھارتی ریاست کیرالا کی عدالت میں گزشتہ روز سانپ سے ڈسوا کر بیوی کو جان سے مارنے والے شوہر پر فرد جرم عائد کی گئی تھی، تفتیش کے دوران مجرم کے ساتھی نے بھانڈا پھوڑ دیا تھا۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق کیرالا کی مقامی عدالت نے سانپ کے ذریعے خاتون کے کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے سورج ایس کمار کو دو بار عمر قید اور5لاکھ روپے جرمانے کا حکم جاری کردیا۔

    قتل کے واقعے کے بعد اُتھرا کے گھر والوں نے شکایت کی تھی کہ سورج ان کی بیٹی کو جہیز کے لیے پریشان کرتا تھا جس کے بعد پولیس نے تفتیش شروع کردی تھی۔

    25سالہ اُتھرا گذشتہ سال مئی میں اپنے گھر میں مردہ پائی گئی تھیں۔ اس سے قبل بھی اُتھرا کو ایک سانپ نے کاٹا تھا اور وہ اس سے صحت یاب ہو گئی تھی لیکن اس کے بعد انہیں کوبرا نے ڈس لیا جس پر اُتھرا کے گھر والوں کو شک ہوا۔

    پولیس کے مطابق انھوں نے محض شک کی بنیاد پر اپنی تحقیقات کا رخ شوہر سورج ایس کمار کی جانب موڑ دیا تھا جس سے پتہ چلا کہ ان دونوں کوششوں میں سورج کا ہی ہاتھ تھا۔

    مزید پڑھیں : بیوی کو سانپ سے ڈسوا کر قتل کرنے والا بھیانک انجام کے قریب

    پولیس نے ایک ایسے ملزم کو بھی گرفتار کیا جس نے سانپوں کی خریداری میں سورج کی مدد کی تھی جس نے بعد میں وعدہ معاف گواہ بن کر پولیس کی مدد بھی کی۔

  • بیوی کو سانپ سے ڈسوا کر قتل کرنے والا بھیانک انجام کے قریب

    بیوی کو سانپ سے ڈسوا کر قتل کرنے والا بھیانک انجام کے قریب

    نئی دہلی : بھارت میں خاتون کے پراسرار اور سفاکانہ قتل میں اس کا شوہر ہی ملوث نکلا، تحقیقات میں ہوشربا انکشاف کے بعد جرم ثابت ہوگیا۔

    بھارتی ریاست کیرالا کی عدالت نے سانپ سے ڈسوا کر بیوی کو جان سے مارنےوالے شوہر کو مجرم قرار دے دیا ہے، مجرم کے ساتھی نے بھانڈا پھوڑ دیا۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق کیرالا کی مقامی عدالت نے سانپ کے ذریعے خاتون کے کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے سورج ایس کمار کو مجرم قرار دے دیا تاہم سزا کا اعلان 13 اکتوبر کو کیا جائے گا جبکہ استغاثہ نے عدالت سے اپیل کی کہ ملزم کو سزائے موت دی جائے۔

    کیرالا کے ضلع کولام کے رہائشی لالچی شوہر نے سات مئی 2020 کو دولت ہتھیانے کی خاطر بیوی کو کوبرا سانپ سے ڈسوا کر ہلاک کر دیا تھا اور لوگوں میں یہ مشہور کردیا کہ خاتون اتھرا کو سانپ نے کاٹ لیا جس کی وجہ سے وہ ہلاک ہوگئی تاہم پولیس نے شک کی بنیاد پر اس کے شوہر27 سالہ سورج ایس کمار کو گرفتار کرلیا تھا۔

    پولیس کا کہنا تھا کہ ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا کہ ملزم کا مختلف سپیروں سے رابطہ تھا جس کا انہیں ملزم کے موبائل فون ریکارڈ سے پتہ چلا جبکہ ملزم نے بیوی کو قتل کرنے سے پہلے انٹرنیٹ پر سانپوں کی کئی ویڈیوز بھی دیکھ رکھی تھیں۔ پولیس نے ایک سپیرے کو بھی گرفتار کرلیا تھا۔

    پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والی خاتون کا تعلق امیر گھرانے سے تھا جبکہ اس کا شوہر نجی بینک میں ملازم تھا جس کا ذریعہ آمدنی کچھ خاص نہیں تھا اور ان کا دو سال کا بیٹا بھی ہے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ یہ دوسرا موقع تھا کہ متوفیہ اتھرا کو زہریلے سانپ نے کاٹ لیا تھا اس سے قبل بھی سانپ نے خاتون پر حملہ کیا تھا تاہم وہ بچ گئی تھی۔

    پولیس کے مطابق سورج اور اتھرا کی شادی میں بھاری بھرکم جہیز، 100 تولے سونا، ایک گاڑی اور 5 لاکھ روپے دیے گئے تھے جس پر شوہر کو ڈر تھا کہ طلاق کی صورت میں اس کی بیوی سب کچھ ساتھ لے جائے گی جس کے باعث اس نے بیوی کی جان لے لی۔

  • سانپ کے کاٹنے کی صورت میں کیا کرنا چاہیے؟ احتیاطی تدابیر اور علاج

    سانپ کے کاٹنے کی صورت میں کیا کرنا چاہیے؟ احتیاطی تدابیر اور علاج

     سانپ کا زہر انسان کے لیے بہت خطرناک ہوسکتا ہے تاہم اگر متاثرہ شخص کو بروقت طبی امداد دی جائیں تو اُس کی جان کو محفوظ بھی بنایا جاسکتا ہے۔

     سانپ کے کاٹنے سے پھیلنے والے زہر اور بروقت طبی امداد دینے کے حوالے سے ایک سیمینار کا انعقاد کیا گیا جس میں شعبہ طب سے تعلق رکھنے والے ماہرین نے اپنی تجاویز پیش کیں۔

    سانپ کا زہر انسان کے لیے خطرناک ضرر بن سکتا ہے کیونکہ اس کی بڑی مقدار اندرونی طور پر خون تک رسائی حاصل کرلیتی ہے جس کے بعد جسم پر سوجن، جلن شروع ہوجاتی جبکہ متاثرہ حصے پر زخم بھی ظاہر ہوتا ہے۔

    علامات اور احتیاطی تدابیر 

    سانپ خطرے کو بھانپتے ہوئے اُسی طرح حملہ کرتا ہے اور اس کے ڈسنے کے باعث انسانی جسم میں زہر کی مختلف مقدار داخل ہوتی ہے، جو اُس کے کاٹنے پر منحصر ہوتا ہے۔

    جسم کے متاثرہ حصے پر درد اور سوجن ہوجاتی ہے جس کا مطلب یہ ہے کہ انسان میں زہر منتقل ہوگیا۔

    عام طور پر سانپ انسانی جسم کے دو حصوں ‘ٹخنے یا ہاتھ‘ پر کاٹتا ہے جس کے بعد پنڈلی یا کاندھے میں زہر پھیلنے کی علامات واضح ہوجاتی ہیں۔

    ابتدائی طبی امداد

    کسی بھی شخص کو اگر سانپ کاٹ لے تو اُسے فوری طور پر طبی امداد دی جائیں اور ٹیٹنس کا انجیکشن لگوائیں تاکہ زہر کا اثر فوری طور پر رک سکے۔

    جس حصے پر سانپ نے کاٹا ہو اُسے ہلنے جلنے سے بچائیں ایسا کرنے سے زہر جسم پر سست روی سے پھیلے گا۔

    اگر اُس کے ڈستے وقت آپ ہوش میں تھے تو شکل ضرور یاد رکھیں کیونکہ یہ بات طبی معاونت کے لیے کارآمد ثابت ہوتی ہے۔

    جسم کے جس حصے پر بھی سانپ نے کاٹے تو اُس حصے سے زیورات یا دیگر اشیاء کو فوری طور پر اتار دیں کیونکہ سوجن کے بعد مذکورہ چیزیں اتارنے میں بہت مشکل پیش آتی ہے۔

    سانپ کو کسی صورت نہ ماریں کیونکہ ایسا کرنے کی صورت میں وہ آپ کو دبارہ کاٹ سکتا ہے

    جسم کے جس حصے پر سانپ کاٹے اُس جگہ کو ہرگز نہ چوسیں کیونکہ یہ عمل کرنے کا کوئی فائدہ نہیں بلکہ الٹا نقصان ہے، ایسا کرنے کی صورت میں سانپ کا زہر آپ کے جسم میں داخل ہوجائے گا۔

    مذکورہ حصے پر کوئی پٹی نہ باندھیں اور نہ ہی درد دور کرنے کے لیے کوئی دوا استعمال کریں کیونکہ ایسا کرنا بہت زیادہ نقصان دہ ہوسکتا ہے اور اس عمل سے  جسم کے مزید ٹشوز خراب ہو سکتے ہیں۔

    علاج

    امریکی ماہرین کے نزدیکسانپ کے کاٹنے اور زہر کی شدت کو مدنظر رکھتے ہوئے اس کا علاج کیا جاسکتا ہے۔ ہلکے حملے کی صورت میں متاثرہ جگہ کی صفائی اور دیکھ بھال کر کے مزید نقصان سے بچا جاسکتا ہے، متاثرہ شخص کے جسم کا خون نکال کر ٹیسٹ کیا جاسکتا ہے جس کے بعد زہر اور اُس سے پیدا ہونے والے مسائل کا معلوم کیا جاسکتا ہے۔

    اگر کسی شخص پر سانپ زور دار طریقے سے حملہ کرے تو اُس کے جسم میں زہر کی تاثیر کو روکنے کے لیے اینٹی ٹاکسن کی ضرورت ہوتی ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات  کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں