Tag: snake

  • والد نے ناگ کو مارا تو 24 گھنٹے کے اندر ہی ناگن نے بیٹے کو ڈس لیا

    والد نے ناگ کو مارا تو 24 گھنٹے کے اندر ہی ناگن نے بیٹے کو ڈس لیا

    نئی دہلی: بھارت میں ایک گھر میں سانپ نکل آنے کے بعد گھر والوں نے اسے مار ڈالا، لیکن اسی رات دوسرے سانپ نے گھر کے ایک بچے کو کاٹ لیا جس کے بعد بچے کی موت واقع ہوگئی۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق واقعہ ریاست مدھیہ پردیش کے ایک گاؤں میں پیش آیا جہاں ایک گھر میں پوجا کے دوران سانپ نکل آیا۔

    گھر کے سربراہ کشوری لال اور دیگر افراد نے سانپ کو مار کر پھینک دیا جس کے بعد گھر میں معمول کی سرگرمیاں دوبارہ سے شروع ہوگئیں۔

    لیکن اسی رات گھر میں ایک اور سانپ نکلا اور اس نے کشوری لال کے 12 سالہ بیٹے کو کاٹ لیا، بیٹے کی چیخ و پکار پر گھر والوں نے دوسرا سانپ بھی مار ڈالا۔

    12 سالہ بچے کو مقامی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹرز نے اسے بھوپال کے اسپتال ریفر کردیا، تاہم بھوپال کے راستے میں ہی اس کی موت ہوگئی۔

    واقعے کے بعد گاؤں میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے، گاؤں والوں کا کہنا ہے کہ دوسرا سانپ دراصل پہلے مارے جانے والے سانپ کا جوڑی دار تھا اور اس نے اپنے ساتھی کی موت کا بدلہ لیا ہے۔

    اہل خانہ نے پولیس کو بھی واقعے کی اطلاع کردی ہے۔

  • خطرناک سانپ سے انسان کی رحمدلی کا مظاہرہ، ویڈیو وائرل

    خطرناک سانپ سے انسان کی رحمدلی کا مظاہرہ، ویڈیو وائرل

    ویسے تو سانپ ایک خطرناک جانور ہے جو انسان پر حملہ کرنے اور اسے ڈسنے میں دیر نہیں لگاتا، تاہم حال ہی میں سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ایک ویڈیو میں ایک شخص خطرناک سانپ کو پانی پلا رہا ہے۔

    مذکورہ ویڈیو بھارتی فاریسٹ آفیسر سوزانتا نندا نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر شیئر کی، ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک شخص ہتھیلی پر پانی ڈال کر سانپ کو پلا رہا ہے۔

    سانپ کے پینے کے انداز سے معلوم ہورہا ہے کہ وہ خاصا پیاسا ہے۔

    سوزانتے نے لکھا موسم گرما آرہا ہے، آپ کے دیے گئے چند معمولی سے قطرے کسی کی جان بچا سکتے ہیں۔

    انہوں نے لکھا کہ جانوروں کے لیے اپنے گارڈن میں کسی کنٹینر میں پانی ضرور رکھیں۔

    بھارتی فاریسٹ آفیسر کی اس ویڈیو کو ہزاروں افراد نے دیکھا اور پسند کیا۔ لوگوں نے سانپ کو پانی پلانے والے شخص کی بہادری اور رحم دلی کی تعریف کی۔

  • پیچھے دیکھنا کیوں ضروری ہے؟ ایک دل دہلا دینے والا واقعہ (ویڈیو)

    پیچھے دیکھنا کیوں ضروری ہے؟ ایک دل دہلا دینے والا واقعہ (ویڈیو)

    کچھ لوگ بہت محتاط ہوتے ہیں، وہ جہاں بھی جاتے ہیں یا کہیں بیٹھتے ہیں تو آس پاس کا بہ غور جائزہ لے لیتے ہیں، لیکن اکثر لوگ اس بات کا خیال نہیں رکھتے۔

    خصوصاً ایسی جگہوں پر جہاں ہمارا آنا جانا یا بیٹھ کر کام کرنا ایک معمول ہو، وہاں ہمارے دماغ کے اندر موجود حفاظتی نظام پر سکون حالت میں رہتا ہے۔

    لیکن کبھی کبھی ایسے واقعات جنم لیتے ہیں جو دہشت زدہ کر دینے والے ہوتے ہیں، اسی لیے بہت سارے لوگ روز ایک ہی جگہ جا کر بھی خاصی احتیاط برتتے ہیں۔

    تو بعض اوقات اس سوال کا جواب مل جاتا ہے کہ پیچھے دیکھنا کیوں ضروری ہے؟ آسٹریلیا میں ایسا ہی ایک دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا ہے، جس کی سی سی ٹی وی فوٹیج سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی۔

    آسٹریلیا میں کسی مقام پر ایک شہری اپنے عرشے پر آرام کر رہا تھا، جب اس کا ایک انتہائی ڈرپوک سانپ سے غیر متوقع طور پر سامنا ہو گیا۔

    ویڈیو میں آپ دیکھ سکتے ہیں کہ آسٹریلوی کتنے اطمیان سے میز کے آگے کرسی پر لیپ ٹاپ پر کام کر رہا ہے، اور پیچھے ایک سیاہ لمبا سانپ دھیرے دھیرے اس کی طرف بڑھتا ہے۔

    لیکن سانپ جیسے ہی کرسی کے نیچے آتا ہے، چند لمحوں بعد کھٹکا ہوتے ہی سانپ ڈر کے مارے اچھل کر ایک طرف بھاگتا ہے، اور اسی دوران اس شخص کو بھی معلوم ہو جاتا ہے کہ پیروں کے پاس کچھ ہے۔

    ڈر کے مارے آسٹریلوی شخص کے رد عمل نے سانپ کو اور ڈرایا، غیر متوقع طور پر سانپ اس سے زیادہ ڈرپوک نکلا اور آن کے آن میں رینگ کر غائب ہو گیا، تاہم آسٹریلوی شخص کے دل کی دھڑکن کچھ دیر کے لیے خوف کے مارے ضرور رک گئی تھی۔

  • چوہوں، مینڈک اور بھنورے نے سانپ کی سواری کر لی، حیرت انگیز ویڈیو وائرل

    چوہوں، مینڈک اور بھنورے نے سانپ کی سواری کر لی، حیرت انگیز ویڈیو وائرل

    کوئنزلینڈ: آسٹریلوی ریاست کوئنزلینڈ میں ایک حیرت انگیز واقعہ رونما ہوا، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی، لوگوں نے اسے دیکھا تو آنکھوں دیکھے پر یقین نہ آیا، کیوں کہ نظر آنے والا منظر جانی دشمنوں پر مبنی تھا۔

    اس حیرت انگیز منظر میں چوہوں، مینڈک اور بھنورے کو سانپ کی سواری کرتے دیکھا جا سکتا ہے، ایسے مناظر عام طور سے دکھائی نہیں دیتے لیکن کوئنز لینڈ میں حالیہ سیلاب نے جانی دشمن جانوروں (سانپ، مینڈک اور چوہے) کو زندہ رہنے کے لیے ایک ٹیم کی طرح پر کام کرنے پر مجبور کیا۔

    یہ وائرل کلپ مغربی کوئنز لینڈ میں بارش کے پانی کے ٹینک کی ہے، جب ریاست میں شدید بارش ہوئی تھی۔

    ویڈیو میں اتھلے پانی میں ایک لمبے سانپ کو اپنی پیٹھ پر چند ‘دوستوں’ (مشترکہ مصیبت میں دشمن بھی دوست بن سکتے ہیں) اٹھائے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

    امدادی کارکنوں نے جب مینڈکوں کو باہر نکلنے میں مدد کے لیے ایک لوہے کی ایک پیلی پائپ نیچے ڈالی تو اس کی وجہ سے سانپ نے اپنے لیے خطرہ محسوس کرتے ہوئے بچاؤ کے لیے تیزی سے تیرنا شروع کر دیا۔

    ایک لمحے میں ایک چوہا سانپ کی پیٹھ سے نیچے گر گیا تھا، تاہم خوش قسمتی سے لوگوں نے ان سب جانوروں کو ٹینک سے نکال لیا تھا۔

    لوگ ایک شکاری یعنی سانپ اور اس کے شکاروں کے غیر متوقع ٹیم ورک پر حیران رہ گئے تھے، ان کا کہنا تھا کہ جانوروں کو ایک دوسرے کی مدد کرتے دیکھنا حیرت انگیز ہے۔

  • انڈوں کو بچانے کے لیے مرغی خطرناک دشمن سے لڑ پڑی

    انڈوں کو بچانے کے لیے مرغی خطرناک دشمن سے لڑ پڑی

    ماں اور اولاد کا رشتہ دنیا کا سب سے انوکھا اور انمول رشتہ ہوتا ہے، بچے کو کوئی خطرہ ہو تو اسے بچانے کے لیے ماں اپنے سے کئی گنا طاقتور اور خطرناک آفت سے بھی لڑ جاتی ہے۔

    ایسی ہی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے جس میں ایک مرغی اپنے بچوں کو بچانے کے لیے کوبرا سے لڑ رہی ہے۔

    ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ مرغی گھونسلے میں انڈوں پر بیٹھی ہے اور اسی دوران وہاں سانپ نمودار ہوتا ہے۔

    سانپ کی نیت مرغی کے انڈے کھانے کی ہے لیکن مرغی اس کی یہ کوشش ناکام بنا دیتی ہے۔

     

    View this post on Instagram

     

    A post shared by hayatvahsh2019 (@hayatevahsh_2019)

    جب بھی سانپ آگے بڑھنے کی کوشش کرتا ہے مرغی نہایت خطرناک انداز میں اسے چونچ مار کے دور کردیتی ہے۔

    سانپ اپنی کوشش جاری رکھتا ہے اور بالآخر مرغی سے کئی ٹھونگیں کھانے کے بعد اپنا ارادہ بدل دیتا ہے اور وہاں سے چلا جاتا ہے۔

    سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد صارفین نے مرغی کی ہمت کو سراہا جو اپنے انڈوں کے لیے اپنے سے بڑے اور خطرناک دشمن سے دیوانہ وار لڑ رہی ہے۔

  • سانپ کیا چیز برداشت نہیں کر سکتے؟

    سانپ کیا چیز برداشت نہیں کر سکتے؟

    کیا آپ جانتے ہیں کہ ایسی کیا چیز ہے جسے سانپ برداشت نہیں کر سکتے، اور اس کی وجہ سے وہ پورا ایک موسم چھپ کر گزار دیتے ہیں؟

    آپ نے دیکھا یا سنا ہوگا کہ گرمیوں میں سانپ زمین سے باہر نکل آتے ہیں اور سردیوں میں کہیں غائب ہو جاتے ہیں، ماہرین کا کہنا ہے کہ سردیوں کے دوران سانپوں کے لاپتا ہونے کی وجہ کم درجہ حرارت ہے، کیوں کہ سانپوں کا خون سرد ہوتا ہے اور سردی کو برداشت نہیں کر سکتے، سردی ان کی موت کا سبب بن سکتی ہے۔

    سعودی عرب جیسے صحرائی علاقے میں بھی سردیوں میں سانپ غائب ہو جاتے ہیں، اس سلسلے میں سعودی عرب میں سانپوں کا مطالعہ کرنے والے نایف المالکی نے ایک انٹرویو میں بتایا کہ سعودی عرب کے صرف معتدل علاقوں میں سانپ دن کے شروع میں اور غروب آفتاب سے قبل اپنے بلوں کے قریب دیکھے جا سکتے ہیں۔

    انھوں نے بتایا کہ آنے والے دنوں میں مختلف علاقوں میں بڑھتی ہوئی سردی اور بارشوں میں اضافے کے ساتھ سانپ زیادہ تر غائب ہو جاتے ہیں کیوں کہ مسلسل بارش اور طوفانی بہاؤ بلوں اور سانپوں کی رہائش گاہوں کی تباہی کا باعث بنتے ہیں۔

    بارشوں میں کیا ہوتا ہے؟

    نائف المالکی نے خبردار کیا کہ بارشوں اور طوفانوں میں سانپ اور بچھو بلوں سے بہتے ہوئے غیر متوقع جگہوں پر پہنچ جاتے ہیں، لہٰذا ان کے کاٹنے کے واقعات میں اضافہ ہو سکتا ہے۔

    المالکی کے مطابق سعودی عرب میں سانپوں کی تقریباً 56 اقسام پائی جاتی ہیں اور یہ معتدل گرم اور سرد علاقوں میں بکثرت پائے جاتے ہیں۔

    غیر سماجی مخلوق

    المالکی نے کہا کہ عام طور پر سانپ آپس میں غیر سماجی مخلوق ہیں، یہ ملن کے دوران جمع ہوتے ہیں اور پھر منتشر ہو جا تے ہیں، ان کی مادریت نہیں ہوتی۔

    سعودی اقسام

    انھوں نے کہا کہ سعودی عرب میں پائے جانے والے خطرناک سانپوں میں چٹانی سانپ، ابو سیور، ورقی الانف، ابو عیون زہریلے سانپوں میں شمار کیے جاتے ہیں جب کہ بلیک مانبا، عرب کوبرا مشرقی قالینی سانپ، ام جنیب صحرائی سانپ اور بلیک پوریس بھی خطرناک سانپوں میں شمار کیے جاتے ہیں۔

  • سعودی عرب میں بچھو اور سانپوں کے نکلنے کا موسم

    سعودی عرب میں بچھو اور سانپوں کے نکلنے کا موسم

    ریاض: سعودی عرب میں بچھوؤں اور سانپوں کے بلوں سے نکلنے کا موسم شروع ہوگیا جس کے بعد ماہرین نے شہریوں کو محتاط رہنے کی تاکید کردی۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی عرب کے متعدد علاقوں میں بلوں سے بچھوؤں کے نکلنے کے مناظر کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہیں۔

    ماہر موسمیات صالح الشیخی نے خبردار کیا ہے کہ مملکت میں بچھوؤں اور سانپوں کے بلوں سے نکلنے کا موسم شروع ہو چکا ہے۔ انہوں نے شہریوں کو احتیاط کا مشورہ دیا ہے۔

    صالح الشیخی کا کہنا تھا کہ بچھو اور سانپ اس موسم میں کثرت سے پیدا ہوتے ہیں اور یہ گھروں میں گھس جاتے ہیں۔ اس حوالے سے صحرا، قدیم محلوں اور کچی بستیوں کے باسیوں کو زیادہ احتیاط برتنی ہوگی۔

    انہوں نے مزید کہا کہ بلند و بالا عمارتوں کے مکین بچھوؤں اور سانپوں کے خطرات سے محفوظ ہوں گے، صحرائی علاقوں سے دور آبادی میں ان کا خطرہ محدود ہوتا ہے۔

    صالح الشیخی نے ٹویٹر پر بلوں سے بچھوؤں کے نکلنے کی تصاویر بھی شیئر کی ہیں۔

  • دنیا بھر میں سانپ کے زہر کی فروخت کیوں بڑھ گئی؟

    دنیا بھر میں سانپ کے زہر کی فروخت کیوں بڑھ گئی؟

    دنیا بھر میں سانپ کے زہر کی طلب اور فروخت میں اضافہ ہورہا ہے، اس زہر کو انسانی جان بچانے والی دواؤں میں استعمال کیا جاتا ہے۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق عالمی مارکیٹ میں سانپ کے زہر کی مانگ میں اضافہ ہوتا جارہا ہے، زہریلے ناگ سانپ کے علاوہ دیگر 10 سانپوں کا زہر عالمی مارکیٹ میں اچھے داموں میں فروخت ہو رہا ہے۔ زہریلے سانپوں کے نکالے گئے زہر کی قیمت بین الاقوامی مارکیٹ میں فی لیٹر 40 لاکھ روپے ہے۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی ریاستوں تلنگانہ اور آندھرا پردیش کے جنگلات میں سانپوں کو پکڑ کر ان سے زہر نکالا جارہا ہے، زہر نکالنے والوں کا تعلق قبائلی غریب گھرانوں سے ہے جو زندگی گزارنے کے لیے قیمتی جانوں کو خطرے میں ڈالتے ہوئے سانپوں کا زہر نکالنے پر مجبور ہیں۔

    زہر نکال کر فروخت کرنے والے غریب لوگوں کو معلوم ہی نہیں کہ زہر کتنے میں فروخت ہورہا ہے، اس سلسلے میں کچھ قبائلیوں سے بات کی گئی جنہوں نے بتایا کہ وہ لوگ زہریلے سانپوں کا پیچھا کرتے ہوئے ان کو پکڑ کر ان سے زہرنکالتے ہیں اور اس زہر کو جمع کرتے ہیں۔

    زیادہ مقدار میں زہر جمع ہونے پر ان سے رابطہ کرنے والے ایجنٹوں کو یہ زہر گھر کے لیے استعمال میں آنے والے سامان کے بدلے فروخت کرتے ہیں۔

    مقامی مارکیٹ میں سانپ کے زہر کی قیمت 40 لاکھ روپے فی لیٹر ہے جبکہ بین الاقوامی مارکیٹ میں قیمت اس سے کہیں زیادہ ہے، سانپ کا زہر نکالنے والے قبائلیوں نے بتایا کہ وہ اس کام کے لیے زہریلے رینگنے والے سانپوں کو پال رہے ہیں۔ یہ رینگنے والے جانور 12 سے 30 انڈے دیتے ہیں اور تقریباً 2 ماہ میں ان انڈوں سے بچے نکلتے ہیں۔

    انہوں نے بتایا کہ دوسرے سانپوں کے مقابلے ان کو ناگ سانپ سے زیادہ چوکس رہنے کی ضرورت ہوتی ہے۔ سانپ سے نکالے گئے زہر کو شیشے کی ایک چھوٹی سی بوتل میں ربر کے ڈھکن کے ساتھ محفوظ کیا جاتا ہے۔ بروکر زہر خریدتے وقت اس کے معیار کو جانچتے ہوئے زیادہ مقدار میں اس کو خریدتے ہیں۔ اس زہر کی خریداری کے وقت ایجنٹ ایک بڑا مرغ ساتھ لاتے ہیں اور اس پر ایک چھوٹا سا زخم لگاتے ہیں۔ سانپ کے زہر کو چاقو کی نوک کے زریعہ اس مرغ کے زخم پر لگایا جاتا ہے۔ اگر یہ مرغ آدھے گھنٹے کے اندر مر جائے تو اسے معیاری سمجھا جاتا ہے ورنہ نہیں۔

    بین الاقوامی طلب

    سانپ کا زہر انسانی جان بچانے کے لیے بھی استعمال کیا جاتا ہے، خاص طور پر بیرون ملک سانپ کے زہر کی مانگ زیادہ ہے۔ سانپ کا زہر امراض قلب اور ہائی بلڈ پریشر کے لیے دی جانے والے دوا میں بھی استعمال ہوتا ہے۔

    ادویات تیار کرنے والی کمپنیاں اس زہر کو انتہائی کم مقدار میں دوا کی تیاری اور انجکشن میں استعمال کرتے ہیں۔

  • سانپ کے زہر سے نئی دوا تیار

    سانپ کے زہر سے نئی دوا تیار

    دنیا بھر میں ہمیشہ سے سانپ کے زہر سے اس کا تریاق تیار کیا جاتا رہا ہے تاہم اب اس زہر سے ایک اور نئی دوا تیار کرلی گئی۔

    حال ہی میں امریکا میں سانپ کے زہر سے ایک سپر گلو تیار کی گئی ہے، ماہرین کے مطابق یہ سپر گلو تیزی سے بہتے خون کو روکنے میں معاون ثابت ہوگی۔

    ماہرین کے مطابق اس وقت خون کو روکنے کے لیے جلد پر لگائی جانے والی گلو کے مضر اثرات بھی ہیں تاہم سانپ کے زہر سے تیار کردہ گلو نقصان دہ ہونے کے بجائے فائدہ مند ہے۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ دوا ایک خاص قسم کے سانپ کے زہر سے تیار ہوسکے گی۔

  • خاتون نے خالی ہاتھوں سے خطرناک سانپ پکڑ لیا، رونگٹے کھڑے کردینے والا منظر

    خاتون نے خالی ہاتھوں سے خطرناک سانپ پکڑ لیا، رونگٹے کھڑے کردینے والا منظر

    ہنوئی: ویتنام میں ایک بہادر خاتون نے خالی ہاتھوں سے خطرناک سانپ پکڑ لیا، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو گئی۔

    تفصیلات کے مطابق انٹرنیٹ پر ایک ویڈیو گردش کر رہی ہے، اس ویڈیو میں ایک خاتون سانپ پکڑتی دکھائی دے رہی ہے اور یہ خطرناک کام کرتے ہوئے اس کے چہرے پر پسینہ بھی نہیں آیا۔

    ویتنام کے ایک علاقے فوتھام میں اس خاتون نے یہ کارنامہ خالی ہاتھوں سے انجام دیا، آس پاس لوگ بھی موجود تھے جو اس واقعے کی ویڈیو بنا رہے تھے، ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک کچھ ہی فاصلے پر ایک کار کھڑی ہے اور ایک شخص ویڈیو بنا رہا ہے۔

    ویڈیو شیئر کرنے والے لکھا کہ ہم سڑک پر جا رہے تھے کہ یہ منظر دیکھا، خاتون ایک بڑا سانپ پکڑنے کی کوشش کر رہی تھی، ہم نے رکنے کا فیصلہ کیا اور اس منظر کو ریکارڈ کرنے لگے، یہ بہت خطرناک کام تھا جو وہ خاتون کر رہی تھی۔

    سانپ پکڑتے وقت خاتون نے کوئی حفاظتی اقدامات نہیں کیے تھے، سوائے ایک فیس ماسک کے، جو ان دنوں دنیا بھر میں لوگ کرونا وبا کی وجہ سے پہنے رہتے ہیں، خاتون نے جیسے ہی سانپ کو اس کے سر سے پکڑا، اس نے بے طرح بل کھانا شروع کر دیا۔

    یہ منظر بہت خطرناک تھا لیکن خاتون کو ذرا بھی خوف محسوس نہ ہوا، نہ ہی اس نے سانپ کو ڈر کے مارے چھوڑا، حالاں کہ چند ہی منٹ بعد سانپ نے بل کھانا چھوڑ دیا لیکن پھر خاتون کے کمر اور کندھوں کے گرد لپٹنا شروع کر دیا۔

    کار سے ویڈیو بنانے والے نے ششدر ہو کر دیکھا کہ خاتون سانپ پکڑ کر مزے سے چلنے لگی، جب کہ سانپ نے اس کی کمر کے گرد کنڈلی ماری ہوئی تھی۔

    یہ ویڈیو 21 مئی کو یو ٹیوب پر شیئر کی گئی، تب سے اب تک ایک لاکھ کے قریب لوگ اسے دیکھ چکے ہیں، بڑی تعداد میں لوگوں نے اسے شیئر بھی کیا۔ خیال رہے کہ سانپ ایک ایسا رینگنے والا جانور ہے جس سے لوگ عام طور سے بہت زیادہ ڈرتے ہیں۔

    لیکن یہ ویڈیو بتاتی ہے کہ اگر آدمی اپنے خوف پر قابو پا لے تو وہ کسی بھی خطرناک چیز پر بہ آسانی قابو پا سکتا ہے، ویڈیو میں نظر آنے والی خاتون اگر اس وقت جب سانپ آزاد ہونے کے لیے بری طرح بل کھا رہا تھا، ڈر کر چھوڑ دیتی تو یہ سانپ اس کو ڈس بھی سکتا تھا، اور عموماً بہادر لوگ بھی ایسے نازک وقت پر ہاتھ چھوڑ دیتے ہیں۔