Tag: Snap Checking

  • کراچی: پولیس کی مشتبہ موٹر سائیکل روکنے کی کوشش، موٹر سائیکل سواروں نے فائرنگ کردی

    کراچی: پولیس کی مشتبہ موٹر سائیکل روکنے کی کوشش، موٹر سائیکل سواروں نے فائرنگ کردی

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی رینجرز اور پولیس نے اسنیپ چیکنگ کے دوران مشتبہ موٹر سائیکل سواروں کو روکنے کی کوشش کی جس پر ملزمان نے فائرنگ کردی، دو طرفہ فائرنگ کے تبادلے میں ایک ملزم زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے منگھو پیر روڈ پر رینجرز اور پولیس نے اسنیپ چیکنگ کے دوران مشترکہ کارروائی کی، دو طرفہ فائرنگ کے تبادلے میں ایک ملزم زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا۔

    ترجمان رینجرز کا کہنا ہے کہ مشتبہ موٹر سائیکل سواروں کو روکنے کی کوشش کی گئی، فرار ہوتے ملزمان نے رینجرز اور پولیس پر فائرنگ کردی، ملزم فیصل خان عرف مینیجر گرفتار ہوگیا جبکہ ساتھی موقع سے فرار ہوگیا۔

    ترجمان کے مطابق گرفتار ملزم سہراب گوٹھ میں مٹھائی کی دکان پر ڈکیتی میں بھی ملوث ہے، واردات میں ملزم کا ایک ساتھی ارباز سیکیورٹی گارڈ کی گولی لگنے سے ہلاک ہوا تھا۔

    ملزمان دکان کے مالک سے 10 لاکھ روپے چھین کر فرار ہوئے تھے، گرفتار ملزم فیصل کو واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج میں بھی دیکھا جا سکتا ہے۔

  • کراچی پولیس چیف کا شہریوں کی تذلیل کرنے والے اہلکاروں کے خلاف کارروائی کا فیصلہ

    کراچی پولیس چیف کا شہریوں کی تذلیل کرنے والے اہلکاروں کے خلاف کارروائی کا فیصلہ

     کراچی: ایڈیشنل آئی جی نے شہرِ قائد میں چیکنگ اور ناکے لگانے کے لیے تمام متعلقہ افسران کو ہدایات جاری کردیں، شہریوں کی تذلیل کرنے والے اہلکاروں کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق  کراچی پولیس چیف، اے آئی جی ڈاکٹرامیرشیخ کا کہنا ہے کہ شہر میں پولیس ناکے ختم نہیں کیے ہیں، شہریوں کی سہولت کے لیے تمام ڈی آئی جیز، ایس ایس پیز اور دیگر متعلقہ حکام کواس حوالے سے نئی ہدایات جاری کی ہیں۔

    جاری کردہ ہدایات میں کہا گیا ہے کہ کسی بھی مقام پر چیکنگ کے لیے ناکہ بندی پوائنگ پرڈی ایس پی، ایس ایچ او یا کسی اور ذمے دار پولیس افسر کی موجودگی کو یقینی بنایا جائے۔شہر میں پولیس کے ناکے یا چیکنگ کہاں  کہاں ہوں گی، علاقوں اور مقامات کی لسٹیں بناکر اعلیٰ پولیس حکام کو بھیجنے کا حکم دیا گیا  ہے۔

     پولیس چیف کا یہ بھی کہنا تھا کہ پولیس اہلکاروں کے موٹرسائیکل گشت کے لیے علاقے کی حساسیت کے حساب سے روٹ پہلے سے متعین کئے جائیں۔تھانے سے علاقے میں ڈیوٹی پر روانہ کرتے وقت پولیس افسران گشت پر مامور اہلکاروں کی مکمل بریفنگ کریں۔

    شہریوں کی تکریم کو ملحوظِ خاطر رکھنے کے لیے پولیس چیف کی جانب سے دی گئی ہدایات میں کہا گیا ہے کہ چیکنگ کے دوران پولیس اہلکار شہریوں کی عزت و تکریم کا ہر ممکن خیال رکھیں، چیکنگ کرنے والے پولیس اہلکارترش یا رعب داراورحاکمانہ اندازِ گفتگو ہرگز استعمال نہ کریں۔

    ہدایت نامے میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ پولیس اہلکاروں کی جانب سے ویران مقامات پر انفرادی چیکنگ اور شہریوں کو تنگ کرنے کا عمل مکمل ختم کیا جائے۔  چیکنگ کے بہانے نکاح ناموں کی طلبی، یا منہ سونگھ کر شہریوں کی تذلیل کرنے والے پولیس اہلکاروں کے خلاف سخت ترین کارروائی ہوگی۔

  • سی ویو: پولیس سے بدسلوکی کرنیوالے شخص کی شناخت، نمبر پلیٹ جعلی تھی

    سی ویو: پولیس سے بدسلوکی کرنیوالے شخص کی شناخت، نمبر پلیٹ جعلی تھی

    کراچی : گزشتہ روز سی ویو پر کار سوار کی پولیس اہلکاروں سے بدسلوکی کرنے والے شخص کا اے آر وائی نیوز نے پتہ لگا لیا، ملزم سندھ ہائیکورٹ کا وکیل ہے جس نے کار پر جعلی نمبر پلیٹ لگائی ہوئی تھی۔

    تفصیلات کے مطابق کلفٹن کے علاقے سی ویو پر ظافر قتل کیس کے اگلے دن دس دسمبر کو درخشاں تھانے کے پولیس اہلکار ایس ایچ او کے ہمراہ معمول کے مطابق اپنی ڈیوٹی پر کھڑے تھے کہ اسنیپ چیکنگ کے لئے ایک اسپورٹس کار کو روکا۔

    پولیس اہلکاروں کی اس جرات پر کار میں سوار شخص آپے سے باہر ہوگیا اور اور انتہائی بد سلوکی کا مظاہرہ کیا اور ایس ایچ او کو کھری کھری سناتے ہوئے اسپورٹس کار پر فراٹے بھرتا ہوا چلتا بنا۔

    مذکورہ شخص کا کہنا تھا کہ تم لوگ کرپٹ سیاست دانوں کو تحفظ فراہم کرتے ہو اور مجھ پر الزام لگاتے ہوکہ میں ریس لگا رہا تھا، تم لوگوں کو شرم آنی چاہیے۔

    واقعے کو ایک ماہ گزرنے کے بعد یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی، خبر ملنے کے بعد اے آر وائی نیوز نے پتہ لگا لیا کہ سی ویو پر پولیس سے بدسلوکی کرنے والا کون تھا؟

    ذرائع کا کہنا ہے کہ پولیس سے بدسلوکی کرنے والے کی شناخت شمس الاسلام کے نام سےہوگئی ہے، خواجہ شمس الاسلام نامی یہ شخص سندھ ہائی کورٹ کا وکیل ہے۔

    ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ شمس الاسلام کی کروڑوں روپے مالیت کی اس اسپورٹس کار کا نمبرآر8 تھا جو جعلی نمبر ہے، شہر کراچی میں چلنے والی 80 فیصد مہنگی گاڑیاں غیررجسٹرڈ ہوتی ہیں یا ان کی نمبر پلیٹس جعلی ہیں۔

  • رینجرز کی ڈاکٹرفاروق ستار کو گاڑی سے اتار کر تلاشی

    رینجرز کی ڈاکٹرفاروق ستار کو گاڑی سے اتار کر تلاشی

    کراچی: رینجرز نے اسنیپ چیکنگ کے دوران ڈاکٹر فاروق ستار کو گاڑی سے اتار کر تلاشی لی، مختلف کارروائیوں میں 19 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق رینجرز اہلکار کی جانب سے کراچی میں اسنیپ چیکنگ کا سلسلہ جاری ہے، سندھ  رینجرز نے کراچی کے علاقوں کلفٹن اور دو تلوار پر بھی اسنیپ چیکنگ کی۔

    اس دوران مختلف گاڑیوں کی تلاشی لی گئی، کلفٹن میں اسنیپ چیکنگ کے دوران رینجرز نے دو تلوار کے مقام پر ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار کی گاڑی بھی روک لی۔

    اس موقع  پر ڈاکٹر فاروق ستار کو ان کی گاڑی سے اتار کر گاٰڑی کی تلاشی لی گئی، رینجرز کے اہلکاروں نے ان کے گارڈزکا اسلحہ بھی چیک کیا۔

    اس دوران ڈاکٹر فاروق ستار خوشگوار انداز میں رینجرز کے افسر کرنل عمر کے ساتھ گفتگو کرتے رہے۔ انہوں نے رینجرز کی اسنیپ چیکنگ کو سراہا۔ تلاشی دینے کے بعد فاروق ستار رینجرز افسر سے مصافحہ کر کے اپنی منزل کی جانب روانہ ہوگئے۔

    دوسری جانب رینجرز نے شہر کے مختلف علاقوں میں کارروائی کرکے انیس ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ ملزمان میں ایم کیوایم لندن کا مبینہ بھتہ خور محمد سمیع اور کالعدم تحریک طالبان کا کارندہ حکم خان افغانی بھی شامل ہیں۔

  • اختیارات ختم : رینجرز نے کراچی میں اسنیپ چیکنگ روک دی

    اختیارات ختم : رینجرز نے کراچی میں اسنیپ چیکنگ روک دی

    کراچی : رینجرز نے کراچی کے داخلی وخارجی راستوں پرچیکنگ کا سلسلہ روک دیا، تجاوزات کے خلاف مہم میں سیکورٹی دینے سے بھی معذرت کا اظہار کردیا، چیکنگ کا سلسلہ رینجرز اختیارات ختم ہونے پرروکا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ میں رینجرز کے اختیارات کا معاملہ پھر سے التواء کا شکار ہوگیا۔ سندھ حکومت کی ٹال مٹول پر رینجرز نے سیکیورٹی معاملات سے کنارہ کشی اختیار کرلی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ رینجرز نے کراچی کے داخلی و خارجی راستوں پر اسنیپ چیکنگ روک دی ہے اور شہر کی اہم تنصیبات پر تعینات رینجرز اہلکاروں کو بھی جلد واپس بلالیا جائے گا۔ اب کسی گاڑی کورینجرز اہلکار روک کرچیک نہیں کریں گے۔

    دوسری طرف رینجرز نے کراچی میں تجاوزات ہٹانے کےکام میں سیکورٹی فراہم کرنے سے بھی معذرت کا اظہار کردیاہے۔

    سندھ کے وزیربلدیات نے ڈپٹی کمشنر سینٹرل کو ہدایت جاری کی ہے کہ گجر نالے پر صفائی کا کام تیز کیا جائے، ضرورت ہو تو رینجرزاور پولیس سے بھی مدد لیں۔

    رینجرزذرائع کے مطابق وزیربلدیات سندھ کے اس حکم کو رینجرز کے دائرہ اختیار سے بالاتر قرار دے دیا گیاہے ۔

    رینجرز ذرائع نے کہا ہے کہ یہ کام ہمارے زمرہ اختیار میں نہیں آتے۔ ذرائع کے مطابق سندھ حکومت کی جانب سے خصوصی اختیارات میں توسیع میں ہر بار ٹال مٹول اور بہانوں کے باعث رینجرز کا یہ ردعمل سامنے آرہا ہے، جس سے شہر میں امن و امان اور سیکیورٹی کی صورتحال ایک بار پھر خدشات کا شکار ہوجائے گی۔

    یاد رہے کہ گزشتہ پیر اور منگل کی درمیانی شب رینجرز کے خصوصی اختیارات کی مدت ختم ہوچکی ہے اور سندھ حکومت نے تا حال رینجرز کے اختیارمیں توسیع کی منظوری نہیں دی ہے۔