Tag: snowfall

  • ملک کے کن علاقوں میں برفباری ہو رہی ہے؟ جانیے

    ملک کے کن علاقوں میں برفباری ہو رہی ہے؟ جانیے

    سردیوں کے حوالے سے پاکستان کا اہم سیاحتی مقام مری ملکہ کوہسار بھی ماحولیاتی تبدیلی کی زد پر ہے، جہاں ماضی کی طرح برفباری اس قدر نہ ہونے اور خشک سالی کی وجہ سے ملک بھر سے آئے سیاح کسی حد تک مایوس نظر آ رہے ہیں، تاہم صوبائی ڈیزاسٹر منجمنٹ اتھارٹی کا کہنا ہے کہ مری میں بارش اور برف باری کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔

    ایک اور اہم ترین سیاحتی مقام گلیات میں برفباری نے رنگ جما دیا ہے، نتھیا گلی، ٹھنڈیانی، چھانگلہ گلی، اور ایوبیہ برف سے ڈھک گئے ہیں، ہاں لیکن یاد رہے کہ برف باری سے مری روڈ سمیت رابطہ سڑکوں پر پھسلن ہو گئی ہے، اس لیے سیاحوں کو انتظامیہ کی جانب سے محتاط رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

    شمالی بلوچستان یخ بستہ ہواؤں کی لپیٹ میں ہے، کوئٹہ، زیارت، چمن اور ژوب میں سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا ہے، قلات میں درجہ حرارت منفی ا8 تک گر گیا ہے، جب کہ کوئٹہ کی ٹھنڈی ہواؤں نے پھر کراچی کا رخ کر لیا ہے۔

    پراونشل ڈیزاسٹر منجمنٹ اتھارٹی کے مطابق مری اور گرد و نواح میں آئندہ 24 گھنٹے مزید بارش و برف باری کے امکانات ہیں، گزشتہ رات سے اب تک مری میں 2.5 انچ برف باری ریکارڈ کی گئی ہے، مری میں سڑکوں پر پھسلن سے بچاؤ کے لیے نمک کا چھڑکاؤ کیا جا رہا ہے۔

    ڈی جی پی ڈی ایم اے نے مری انتظامیہ کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے، اور کہا ہے کہ کسی قسم کی غفلت کا مظاہرہ نہ کیا جائے، شاہراہوں پر ٹریفک کی روانی کو یقینی بنایا جائے، ان کا کہنا تھا کہ مری میں سیاحوں کی رہنمائی کے لیے 13 فیسیلی ٹیشن سینٹر قائم ہیں۔

    کراچی میں آئندہ 24 گھنٹوں میں موسم کیسا رہے گا؟

    ادھر کراچی میں ہوائیں چلنے سے موسم پھر ٹھنڈا ہو گیا ہے، اور کم سے کم درجہ حرارت 11.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے، محکمہ موسمیات کے مطابق سردی کی حالیہ لہر کل تک جاری رہے گی، لاہور سمیت پنجاب کے میدانی علاقوں میں دھند نے پھر ڈیرے ڈال لیے ہیں اور موٹر وے مختلف مقامات سے بند کر دی گئی۔

  • الاباما میں برف باری کا 143 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا

    الاباما میں برف باری کا 143 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا

    الاباما: امریکا کی جنوب مغربی ریاستوں میں برفانی طوفان سے نظامِ زندگی درہم برہم ہو گیا۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی ریاست الاباما میں برف باری کا 143 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا ہے، جہاں 6 انچ تک برف باری ریکارڈ کی گئی ہے۔

    اس سے قبل الاباما میں 1963 میں 2.7 انچ برف باری ریکارڈ کی گئی تھی، دوسری طرف امریکا کے دارالحکومت واشنگٹن میں بھی شدید برف باری کے باعث اسکول بند کر دیے گئے ہیں۔

    شدید برفباری کی وجہ سے مختلف حادثات میں 9 افراد ہلاک ہو گئے ہیں، اور برفانی طوفان کی وجہ سے 3 ہزار 200 پروازیں منسوخ ہو گئیں، 8 ہزار سے زائد صارفین کو بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی۔

    لاس اینجلس کے جنگلات میں نئی آگ لگ گئی، ہزاروں افراد کو انخلا کا حکم

    نیشنل ویدر سروس نے جنوبی مغربی ریاستوں میں 3 کروڑ لوگوں کو برفانی طوفان کی وارننگ جاری کر دی ہے، ریاست کولوراڈو میں پارہ منفی 39 ڈگری تک گر گیا ہے، لوزیانا، الاباما، جارجیا، فلوریڈا اور مسی سپی میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔

  • امریکا میں آگ اور برف ایک ساتھ، دنیا حیران

    امریکا میں آگ اور برف ایک ساتھ، دنیا حیران

    آگ اور برف (پانی) ایک دوسرے کے مخالف عناصر ہیں لیکن امریکا میں ان متضاد عناصر نے ایک ہی وقت میں لاکھوں افراد کو لپیٹ میں لے رکھا ہے۔

    دنیا یہ دیکھ کر حیران ہے کہ ایک طرف امریکا میں آگ کی تباہ کاریاں پھیلی ہوئی ہیں، اور دوسری طرف برفانی طوفان نے نظام زندگی کو مفلوج بنا دیا ہے۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ مغربی امریکا میں جنگل کی آگ اور برف تیزی سے اوورلیپ ہو رہی ہے، اور اس کے متعدد نتائج نکل سکتے ہیں، جیسا کہ برف کی تہہ میں کمی، کیوں کہ جنگل کی آگ جمع ہونے والی برف کی مقدار کو کم کر سکتی ہے اور اس سے زمین پر برف کے ٹکڑے کی لمبائی کم ہو سکتی ہے۔ اس کی وجہ ماہرین کے مطابق یہ ہے کہ جنگل کی آگ سے جنگل کی چھت صاف ہو جاتی ہے اور سورج کی روشنی زیادہ برف تک پہنچتی ہے اور اسے پگھلا دیتی ہے۔

    ماہرین کا یہ بھی کہنا ہے کہ جس علاقے میں ہر سال موسم کے مطابق برف پڑتی ہے وہاں 1984 اور 2017 کے درمیان آتش زدگی کے واقعات میں ہر سال 9 فی صد اضافہ ہوا ہے۔ 2020 اور 2021 میں کیلیفورنیا کے موسمی برف والے علاقوں میں جنگل کی آگ 2001-2019 کے اوسط کے مقابلے میں تقریباً 10 گنا بڑھ گئی ہے۔

    برطانیہ میں شدید برفباری، 15 سالہ ریکارڈ ٹوٹنے کا امکان

    جنوبی اور وسطی ریاستوں میں برف باری اور بارش سے نظام زندگی درہم برہم ہو چکا ہے، راستے، پروازیں اور تعلیمی ادارے بند پڑے ہوئے ہیں، ٹیکساس، اوکلاہوما، آرکنساس میں زندگی مفلوج ہو چکی ہے، جب کہ حکام نے برفانی طوفان کی مزید وارننگ بھی جاری کر دی ہے۔

    ادھر امریکی شہر لاس اینجلس میں تاریخ کی بدترین آگ تاحال نہیں بجھائی جا سکی ہے، اور اس کے سبب 12 ہزار مکان اور عمارتیں راکھ کا ڈھیر بن گئی ہیں، 2 لاکھ افراد کو نقل مکانی کرنی پڑی ہے، جب کہ نقصان کا ابتدائی تخمینہ تقریباً 150 ارب ڈالر تک پہنچ گیا ہے، اور ہلاک افراد کی تعداد 11 ہو گئی ہے جس کے بڑھنے کا حکام نے خدشہ ظاہر کیا ہے۔

    سب سے بڑی آتش زدگی

    جنگلات میں لگی خوف ناک آتش زدگی کے باعث پیسیفک پے لی سیڈس کا علاقہ آگ سے بری طرح تباہ ہو چکا ہے، یہ وہ علاقہ ہے جہاں ہالی ووڈ کے اے لسٹرز اور ارب پتی افراد کے گھر ہیں، بعض علاقوں میں لوٹ مار کے واقعات بھی ہوئے ہیں، جس کے بعد پولیس نے پیلی سیڈس اور ایٹون کے علاقوں میں رات کے وقت کرفیو نافذ کر دیا۔

    کئی دنوں بعد ہوا کا دباؤ کم ہونے پر اب فائر فائٹرز کو آگ پر قابو پانے میں کسی حد تک کامیابی ملی ہے، گورنر نیوسم نے ڈونلڈ ٹرمپ کو متاثرہ ریاست آ کر جائزہ لینے کی دعوت بھی دے دی ہے۔

    صرف امریکا ہی نہیں، اس وقت برطانیہ بھی شدید سردی کی پلیٹ میں ہے، جہاں برف باری اور بارش کے بعد معمولات زندگی بری طرح متاثر ہو چکی ہے۔ اسکول بند، بجلی کا نظام، ایئرپورٹ، ریلویز اور لوکل ٹرانسپورٹ بھی متاثر ہے۔ لندن میں درجہ حرارت منفی 3 ڈگری جب کہ دیگر حصوں میں منفی 15 ڈگری ریکارڈ کیا گیا، اسکاٹ لینڈ میں 150 مقامات کے لیے سیلاب کی وارننگ بھی جاری کی گئی ہے۔

  • شدید سردی کی پیشگوئی : بالائی علاقوں میں برفباری

    شدید سردی کی پیشگوئی : بالائی علاقوں میں برفباری

    ملک کے بالائی علاقے آج بھی یخ بستہ ہواؤں اور شدید سردی کی لیپٹ میں رہیں گے، اسکردو میں پارہ منفی دس ڈگری تک جانے کا امکان ہے۔

    آج چترال ،دیر، سوات، کشمیر، گلگت بلتستان میں ہلکی بارش اور پہاڑوں پر برفباری متوقع ہے۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی، کوئٹہ، لاہور ، اسلام آباد، پشاور سمیت ملک کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک رہے گا، پنجاب کے وسطی اور میدانی علاقوں میں صبح دھند چھائی رہے گی۔

    شدید سردی

    علاوہ ازیں موسم کا حال بتانے والوں کا کہنا ہے کہ شہر قائد میں آج کم سے کم درجہ حرارت 10.5ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، کراچی میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران موسم سرد اور خشک رہے گا۔

    آئندہ 24 گھنٹوں میں 5سے 20 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے شمال مشرقی سمت سے ہوائیں چلنے کا بھی امکان کا ہے جس سے سردی کی شدت میں اضافہ متوقع ہے۔

  • سعودی عرب : تاریخ میں پہلی بار صحرا نے سفید چادر اوڑھ لی

    سعودی عرب : تاریخ میں پہلی بار صحرا نے سفید چادر اوڑھ لی

    ریاض : سعودی عرب کی تاریخ میں پہلی بار عرب صحرا  نے سفید چادر اوڑھ لی، برف سے ڈھکے خوبصورت مناظر نے دیکھنے والوں کی آنکھوں کو خیرہ کردیا۔

    تاریخ میں پہلی بار سعودی عرب کا صحرا برف باری کے بعد موسم سرما کے عجوبے میں تبدیل ہوگیا ہے عام دنوں میں سنہری دھوپ میں تپتا ہوا صحرا اور اس کی گرم ریت کے ٹیلے اب برف سے ڈھک گئے ہیں۔

    یہ وہ منظر ہے جو اس وقت سعودی عرب کے ایک صحرا میں دیکھا جا سکتا ہے، تاریخ میں پہلی بار سعودی عرب کے الجوف کے علاقے جو کہ شمال میں النفود صحرا کے کنارے پر واقع ہے میں برفباری ہوئی ہے جس نے خشک صحرا کو موسم سرما کے منظر میں بدل دیا۔

    ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ بنجر و بیابان صحرا ایک غیر متوقع منظر میں تبدیل ہوگیا ہے اور برف کے گالے زمین پر گرتے نظر آرہے ہیں۔ ایسے میں اونٹوں کا ایک قافلہ برف کی تہہ پر محتاط قدم رکھتے ہوئے چلتا دکھائی دے رہا ہے جو ریت کو ڈھانپے ہوئے ہے۔

    اس موقع پر لوگوں کی بڑی تعداد اپنی گاڑیوں سے نکل کر اس نایاب موسم کی تصاویر اور ویڈیوز کے مناظر کو اپنے کیمروں میں محفوظ کررہی ہے۔

    سعودی محکمہ موسمیات کے مطابق النفود صحرا میں درجہ حرارت بعض مقامات پر 55 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے، اس لیے اس اچانک تبدیلی کو ایک غیر معمولی واقعہ قرار دیا جا رہا ہے۔

    متحدہ عرب امارات کے قومی مرکز برائے موسمیات نے اس غیر معمولی موسمی صورتحال کو کم دباؤ کے نظام سے منسلک کیا ہے جو بحیرہ عرب سے عمان کی طرف بڑھ رہا ہے۔

    سعودی محکمہ موسمیات نے آئندہ چند روز میں مزید شدید موسم کی وارننگ جاری کی ہے، خطے میں گرج چمک کے ساتھ مزید شدید بارشیں، اولے اور تیز ہواؤں کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے۔

  • امریکی ریاست کولوراڈو میں شدید برف باری، نظام زندگی مفلوج

    امریکی ریاست کولوراڈو میں شدید برف باری، نظام زندگی مفلوج

    امریکی ریاست کولوراڈو میں آنے والے شدید برفانی طوفان کے باعث نظام زندگی مفلوج ہو کر رہ گیا ہے، ریاست میں 4 فٹ تک برفباری ریکارڈ کی گئی ہے۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق برفانی طوفان کے سبب ریاست کولوراڈو میں اسکولوں اور دفاتر کو بند کردیا گیا ہے، جبکہ 800 سے زائد پروازوں کو منسوخ کردیا گیا ہے۔

    امریکی ریاست کولوراڈو میں برفانی طوفان کے باعث ایک لاکھ صارفین بجلی سے محروم ہیں۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران ریاست کنساس کے مختلف علاقوں میں شدید برفانی طوفان آسکتا ہے۔

    دوسری جانب سعودی عرب کے علاقے تبوک کے پہاڑوں پر سفیدی چھا گئی، ہر سو برف ہی برف ہے۔

    عرب میڈیا رپورٹ کے مطابق تبوک میں سیزن کی تیسری برفباری نے موسم کو مزید سرد کر دیا، برف باری نے جبل اللوز کو‘حسین تر’بنا دیا۔

    رپورٹ کے مطابق برف باری کے بعد ریاض، دمام اور دیگر شہروں میں بھی سردی بڑھ گئی، برف باری ہوتے ہی پہاڑ دلکش منظر پیش کرنے لگا جسے دیکھنے اور موسم سے لطف اندوز ہونے کے لیے شہریوں اور سیاحوں کی بڑی تعداد نے علاقے کا رخ کرلیا۔

  • بلوچستان میں بارش، برفباری کا نیا سلسلہ شروع

    بلوچستان میں بارش، برفباری کا نیا سلسلہ شروع

    کوئٹہ: بلوچستان میں کوئٹہ سمیت مختلف علاقوں میں ایک بار پھر بارش اور برفباری کا نیا سلسلہ شروع ہو گیا۔

    چمن شہر اور گرد و نواح میں رات سے بارش کا سلسلہ جاری ہے، قلعہ عبداللّٰہ، گلستان، جنگل پیر علیزئی، پشین، خانوزئی، تربت، پنجگور، خاران اور چاغی میں بھی بادل برسے۔

    بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بارش اور برفباری سے ٹھنڈ مزید بڑھ گئی ہے، زیارت، توبہ اچکزئی، شیلاباغ، کان مہترزئی، توبہ کاکڑی، خواجہ عمران سمیت پہاڑی علاقوں میں برفباری ہو رہی ہے۔

    کوژک ٹاپ اور دوبندی میں اب تک 4 انچ برف پڑ چکی ہے، جہاں رابطہ سڑکوں سے برف صاف کرنے کے لیے روڈ کلیئرنس آپریشن جاری ہے، انتظامیہ کی جانب سے شہریوں کو کوئٹہ چمن شاہراہ پر غیر ضروری سفر سے گریز کی ہدایت کی گئی ہے۔

  • ملک کے پہاڑی علاقوں میں آج برفباری کا امکان، بارشیں

    ملک کے پہاڑی علاقوں میں آج برفباری کا امکان، بارشیں

    اسلام آباد: محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ آج ہفتہ کو خیبر پختون خوا، اسلام آباد، بالائی پنجاب میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔

    تفصیلات کے مطابق موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ شمالی بلوچستان، کشمیر اور گلگت بلتستان میں بیش تر مقامات پر بارش اور پہاڑوں پر برفباری متوقع ہے، بالائی خیبر پختون خوا، اسلام آباد، بالائی پنجاب، کشمیر، جی بی میں کہیں کہیں پر ژالہ باری کی توقع ہے۔

    چترال، دیر، سوات، کوہستان، شانگلہ، بونیر، ایبٹ آباد، مانسہرہ، ہری پور، صوابی، مردان، پشاور، چارسدہ، نوشہرہ، باجوڑ، خیبر، مہمند، کرم، کوہاٹ، وزیرستان میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری متوقع ہے، جب کہ کرک، لکی مروت، بنوں، ڈیرہ اسماعیل خان میں آندھی چلنے کا بھی امکان ہے۔

    ملک کے بالائی علاقوں میں بارش، پہاڑوں پر برفباری، سیاح پھنس گئے

    راولپنڈی، اٹک، چکوال، جہلم، میانوالی، بھکر، سرگودھا، فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، ملتان، کوٹ ادو، لیہ، راجن پور، ڈی جی خان، رحیم یار خان، صادق آباد، خان پور، ساہیوال، بہاولپور، بہاولنگر، گجرات، منڈی بہاؤالدین، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، نارووال، حافظ آباد، اوکاڑہ، لاہور، اور قصور میں بارش متوقع ہے جب کہ مری، گلیات اور گرد و نواح میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور شدید برفباری کا امکان ہے۔

    بلوچستان میں بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک جب کہ شمالی اضلاع میں شدید سرد رہے گا، کوئٹہ، زیارت، ژوب اور بارکھان میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے، چند مقاما ت پر بارش کی توقع ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک رہے گا۔

  • بلوچستان میں بارش اور برفباری، پی ڈی ایم اے نے الرٹ جاری کر دیا

    بلوچستان میں بارش اور برفباری، پی ڈی ایم اے نے الرٹ جاری کر دیا

    کوئٹہ: پی ڈی ایم اے نے بلوچستان میں بارش اور برفباری کے حوالے سے الرٹ جاری کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پی ڈیم ایم اے نے تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کو فوری نوعیت کا ایک مراسلہ جاری کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ آج 25 فروری کی شام سے 27 فروری تک بلوچستان میں بارشوں اور برفباری کی پیشگوئی ہے۔

    پی ڈی ایم اے الرٹ کے مطابق بارش اور برفباری سے لینڈ سلائیڈنگ اور سڑکیں بند ہو سکتی ہیں، شہری اور سیاحوں سے اس دوران محتاط رہنے کی استدعا ہے، موسلادھار بارش سے ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے اس لیے کسان ضروری احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔

    الرٹ میں کہا گیا ہے کہ بارش بارانی علاقوں میں کاشت کاری کے لیے فائدہ مند ہوگی، تاہم تمام ڈپٹی کمشنرز پیشگی اقدامات کرتے ہوئے الرٹ رہیں۔

    موسم کے حوالے سے آج کی تازہ خبر

    ادھر محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ بارش برسانے والا سسٹم پہنچ گیا ہے، بلوچستان کے بیش تر اضلاع میں موسم ابر آلود رہے گا، کوئٹہ میں آسمان پر بادل چھا گئے ہیں، آج رات سے کوئٹہ سمیت بلوچستان کے 20 سے زائد اضلاع میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔

    موسمیات نے کہا ہے کہ آج پنجگور، گوادر، تربت، کیچ، مکران چاغی، نوشکی، خاران، آواران، خضدار، واشک میں تیز بارش متوقع ہے، جب کہ کوئٹہ، شیرانی، بارکھان، موسیٰ خیل، کوہلو، قلات، زیارت، چمن، پشین، قلعہ عبداللہ، قلعہ سیف اللہ، اور ژوب میں بھی بارش اور پہاڑوں پر برفباری ہوگی

  • 2 فٹ تک برف کی تہہ جم گئی، شوگران، کاغان میں سڑکیں کھولنے کا کام جاری

    2 فٹ تک برف کی تہہ جم گئی، شوگران، کاغان میں سڑکیں کھولنے کا کام جاری

    مانسہرہ: سیاحتی مقامات شوگران اور وادئ کاغان میں شدید برف باری کی وجہ سے بند رابط سڑکیں کھولنے کا کام جاری ہے۔

    تفصیلات کے مطابق عوامی مشکلات کے پیش نظر کاغان ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے اسٹاف نے بھاری مشینری کے ساتھ رابطہ سڑکوں کی بحالی پر کام جاری رکھا ہوا ہے۔

    سیاحوں کی سہولت اور آسانی کے لیے شوگران روڈ کھولنے کے بعد کاغان میں رابطہ سڑکوں سے برف ہٹانے کا کام جاری ہے جہاں ڈیڑھ سے دو فٹ تک برف کی تہہ موجود ہے۔

    ڈائریکٹر جنرل کے خصوصی احکامات پر وادئ کاغان اور شوگران، کولئی پالس اور دیگر مقامات پر برفباری کے بعد وادی کے خوب صورت مناظر اور دل کش نظاروں سے لطف اندوز ہونے کے لیے آنے والے سیاحوں اور مقامی لوگوں کی رہنمائی اور مدد کے لیے اہلکار بھی تعینات کیے گئے ہیں۔