Tag: snowfall

  • برطانیہ میں شدید برفباری، ایئرپورٹس بند، پروازیں منسوخ

    برطانیہ میں شدید برفباری، ایئرپورٹس بند، پروازیں منسوخ

    مانچسٹر : برطانیہ میں برفباری کے طوفان نے تباہی مچادی، نظام زندگی درہم برہم ہوگیا، ایئرپورٹس بند اور متعدد پروازیں منسوخ کردی گئیں۔

    تفصیلات کے مطابق برطانوی محکمہ موسمیات کی جانب سے کی گئی پیشگوئی درست ثابت ہوئی، برطانیہ میں ہونے والی طوفانی برفباری نے شہریوں کو گھروں میں محصور کردیا، مانچسٹر ائیرپورٹ بند کردیا گیا، درجنوں پروازیں معطل اور منسوخ ہوگئیں۔

    اے آر وائی نیوز کے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق برطانیہ میں درجہ حرارت منفی دس تک گرگیا ہے، سارے ملک میں برفباری کا سلسلہ جاری ہے، یلو وارننگ جاری کردی گئی ہے، اسکاٹ لینڈ انگلینڈ کے جنوب مشرق میں بھی سردی کی لہر جاری ہے۔

    برطانیہ کی سول ایوی ایشن نے اپنے جاری بیان میں کہا ہے کہ شدید برفباری کے سبب مانچسٹر ائیرپورٹ کے دونوں رن ویز عارضی طورپر بند کردیے گئے ہیں، مسافروں سے کہا گیا ہے کہ جیسے ہی پروازیں دوبارہ شروع ہوں گی انہیں مطلع کردیا جائے گا۔

    ائیرپورٹ انتظامیہ کے مطابق برف باری کے سبب رن ویز جزوی طور پر بندہیں جبکہ ڈبلن ائیرپورٹ پر بھی شدید برفباری کے سبب فلائٹ آپریشن جزوی معطل کیا ہوا ہے۔

    برطانوی میڈیا کا کہنا ہے کہ شمالی برطانیہ کے بیشتر علاقوں میں گزشتہ رات ہلکی برف باری ہوئی جس کے باعث سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا۔ اگلے چند روز تک شدید سردی کی لہرجاری رہے گی۔

  • بابوسر ٹاپ اور اطراف میں موسم خزاں کی پہلی برف باری

    بابوسر ٹاپ اور اطراف میں موسم خزاں کی پہلی برف باری

    چلاس: بابوسر ٹاپ اور اطراف میں موسم خزاں کی پہلی برف باری ہوئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق دیامر میں سردی نے دستک دے دی، بالائی علاقوں میں بارش کے ساتھ پہاڑوں پر ہلکی برفباری بھی ہوئی۔

    ملحقہ علاقوں میں موسم تبدیلی سے سردی بڑھ گئی ہے، اور گرم ملبوسات کا استعمال شروع ہو گیا ہے، گیٹی داس اور بابوسر سے مقامی لوگوں نے چلاس کی طرف نقل مکانی شروع کر دی۔

    انتظامیہ نے ہدایت کی ہے کہ خراب موسم کے دوران مسافر غیر ضروری سفر سے گریزکریں۔

    ادھر این ایف آر سی سی کا کہنا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیش تر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہا، سب سے زیادہ درجہ حرارت آج سبی میں 41 سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

    آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران بیش تر بالائی علاقوں میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کا امکان ہے، بالائی پنجاب، کشمیر، بالائی کے پی، اسلام آباد، اور گلگت بلتستان میں آندھی، اور گرج چمک سے بارش کا امکان ہے۔

    این ایف آر سی سی کے مطابق ملک کے دیگر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہے گا۔

  • 7 انچ تک برفباری، بابوسر ٹاپ پر درجۂ حرارت نقطۂ انجماد سے نیچے گر گیا

    7 انچ تک برفباری، بابوسر ٹاپ پر درجۂ حرارت نقطۂ انجماد سے نیچے گر گیا

    کراچی: ملک بھر میں مون سون کی بارشیں اور برف باری جاری ہے، بابوسر ٹاپ پر شدید برف باری ہو رہی ہے، اور وہاں اب تک 7 انچ تک برف پڑ چکی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق بالائی علاقوں میں بارش، اور پہاڑوں پر برف باری سے جہاں ایک طرف سردی بڑھ گئی ہے، وہاں موسم سہانا ہونے کے باعث قدرت کے حسین مناظر سے سیاح بھی لطف اندوز ہونے لگے ہیں۔

    چلاس اور اس کے مضافات میں 2 روز سے بارش جب کہ پہاڑوں پر برف باری جاری ہے، بابوسر ٹاپ پر شدید برف باری کی وجہ سے درجۂ حرارت نقطۂ انجماد سے نیچے گر گیا ہے، جون کے مہینے میں درجۂ حرارت منفی 4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

    سیاحتی مقامات نانگا پربت، فیئری میڈووز اور بٹوگاہ ٹاپ، دیامر، داریل، تانگیر، ہڈور، تھور، کھنیر، گوہر آباد و دیگر مقامات پر بارش کا سلسلہ جاری ہے۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ گلگت بلتستان میں مون سون بارشوں کا سلسلہ 48 گھنٹوں تک جاری رہنے کا امکان ہے۔

    ادھر کمشنر دیامر نے تمام محکموں کو ہدایات اور احتیاطی تدابیر کے لیے الرٹ جاری کر دیا، انھوں نے کہا کہ پہاڑی علاقوں اور شاہراہ قراقرم پر لینڈ سلائڈنگ کا خدشہ ہے۔

    کمشنر دیامر احمد ملک نے کہا کہ مسافر اور سیاح غیر ضروری سفر سے اجتناب کریں، شدید برف باری کے باعث بابوسر شاہراہ بندکر دی گئی ہے، بابوسر ناران شاہراہ بند کی جا چکی ہے، بابوسر ٹاپ پر برف باری سے گاڑیوں کی پھسلن کے خطرات ہیں۔

  • سعودی عرب میں برف باری، تصاویر وائرل

    سعودی عرب میں برف باری، تصاویر وائرل

    ریاض: سعودی عرب کے پر فضا مقام ابہا میں برف باری ہوئی ہے جس کی تصاویر اور ویڈیوز وائرل ہوگئیں، محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بالائی مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کے امکانات ہیں۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق ابہا میں برفباری کے مناظر کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہیں، بارش کے بعد ابہا شہر کے شمال بللحمر اور بیحان تحصیل میں برفباری ہوئی ہے۔

    موسمیات کے قومی مرکز نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ جازان، عسیر اور باحہ کے بالائی مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کے امکانات ہیں۔

    مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ ریجنز کے بعض بالائی مقامات پر بھی بارش ہوسکتی ہے۔

    قصیم، حائل اور ریاض ریجنز میں بعض مقامات پر گرد آلود ہواؤں سے حد نظر محدود ہوگی، مشرقی ریجن کے شمالی مقامات بھی گرد آلود ہواؤں کی زد میں ہوں گے۔

  • شدید برفباری، مسافروں کو رات لواری ٹنل کے آس پاس گزارنی پڑی

    شدید برفباری، مسافروں کو رات لواری ٹنل کے آس پاس گزارنی پڑی

    دیربالا: گزشتہ روز شدید برف باری کے باعث راستہ بند ہونے پر مسافروں کو سخت سردی میں لواری ٹنل کے آس پاس رات گزارنی پڑی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق دیر بالا اور چترال کو ملانے والی لواری ٹنل سڑک گزشتہ رات شدید برف باری کے باعث بند ہوگئی تھی، علاقے میں رات بھر برف پڑتی رہی، جس کی وجہ سے گاڑیاں پھنسی رہیں اور مسافروں نے رات لواری ٹنل کے آس پاس گزاری۔

    تاہم صبح ہوتے ہی انتظامیہ اور این ایچ اے کی بھاری مشینری نے سڑک سے برف ہٹا کر راستہ کھول دیا، ڈپٹی کمشنر دیربالا اکمل خٹک نے بتایا کہ سڑک کو 10 گھنٹے بعد ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا ہے۔

    دیر بالا اور چترال کو ملانے والی لواری ٹنل سڑک کلیئر ہوتے ہی وہاں برف کی وجہ سے پھنسی گاڑیاں چترال کی طرف روانہ ہوگئیں۔

    شعبہ اطلاعات و تعلقات عامہ لوئر چترال پولیس نے مسافروں کو خبردار کیا تھا کہ لواری ٹنل سائیڈ روڈز پر 18 انچ برف پڑھ چکی ہے، اس لیے غیر ضروری سفر کرنے سے اجتناب کریں۔

    گزشتہ روز بھی پولیس کی جانب سے خبردار کیا گیا تھا کہ مسافر سفر کے دوران سنو ٹائر چین کے استعمال کو یقینی بنائیں، خوراک اور گرم کپڑے ساتھ رکھیں، اور برف باری کے دنوں میں رات کے وقت سفر کرنے سے گریز کریں۔

  • بیت المقدس میں برفباری کے زبردست مناظر (ویڈیوز وائرل)

    بیت المقدس میں برفباری کے زبردست مناظر (ویڈیوز وائرل)

    غیر معمولی برف باری کے بعد بیت المقدس سفید چادر سے ڈھک گیا ہے، برفانی قالین نے مقدس شہر کو موسم سرما کے ایک عجوبے میں بدل دیا ہے۔

    فلسطینی شہر مقبوضہ یروشلم میں تاریخ کی زبردست برف باری ہوئی ہے، جس نے مقدس شہر کے مشہور سنہری گنبد کو جمعرات کو برف سے ڈھک دیا ہے۔

    برف باری کی کی خوب صورت تصاویر اور ویڈیوز بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہیں، جن میں برفباری ہوتے دیکھی جا سکتی ہے، مقامی شہری برفباری سے خوب لطف اندوز ہو رہے ہیں۔

    برف باری کی وجہ سے مقدس شہر اور اس کی بڑی شاہراہوں کو جانے والی اہم سڑکیں بند ہو گئی ہیں، شہر میں اسکول اور کاروبار دن بھر کے لیے بند رہے، اور میونسپل اہل کار برف سے ڈھکی سڑکوں کو صاف کرنے میں مگن رہے۔

    بیت المقدس میں سردی کی شدید لہر اور برفباری کے باعث شہری زندگی متاثر ہوگئی ہے، جب کہ اسکول، تجارتی ادارے اور بینک بند ہوگئے ہیں۔

    فلسطینی محکمہ موسمیات کا کہنا تھا کہ مشرقی بیت المقدس میں برفباری کا سلسلہ جاری ہے، فلسطین کے متعدد شہروں میں سردی کی لہر جاری ہے، رام اللہ، نابلس، بیت لحم اور الخلیل میں برف باری ہو رہی ہے۔

  • فلسطین میں برفباری، جنگی ماحول سے خوفزدہ بچے خوشی سے نہال

    فلسطین میں برفباری، جنگی ماحول سے خوفزدہ بچے خوشی سے نہال

    مقبوضہ بیت المقدس: فلسطین میں برفباری نے جنگی ماحول سے خوفزدہ بچوں کے چہروں پر خوشی بکھیردی ہے۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق فلسطین کے متعدد شہروں میں سردی کی لہر جاری ہے جبکہ بیت المقدس، رام اللہ، نابلس ، بیت الحم اور الخلیل میں برفباری کے بعد ان علاقوں نے سفید چادر اوڑھ لی ہے۔

    فلسطین میں برفباری کےبعد حسین مناظر نے دل موہ لئے ، گلیاں سڑکیں برف کا میدان کا منظر پیش کرنے لگی ، قدرت کے حسین نظاروں کو دیکھ کر جنگی ماحول سے خوفزدہ فلسطینی بچے برفباری دیکھ کر خوشی سے نہال ہوگئے، ایک دوسرے پربرف کےگولے پھینکے، خوب تصویریں کھنچوائیں۔

    مقبوضہ بیت المقدس میں ہونے والی برفباری پر سوشل میڈیا صارفین نے تصاویر اور ویڈیوز شیئر کی ہیں جن میں ان مقامات پر برف باری کے نتیجے میں موسم کی شدت کو دکھایا گیا ہے، بہت سے علاقوں میں سڑکیں بند ہیں اور گھروں کی چھتیں اور صحن برف سے ڈھکے ہوئے ہیں۔

    فلسطینی حکام نے شدید سردی کے باعث تمام اسکول میں تعلیمی سرگرمیاں معطل کر دی ہیں جبکہ بینک اور کئی تجارتی ادارے بند ہوگئے ہیں۔

    ادھر محکمے موسمیات کا کہنا ہے کہ ’مشرقی بیت المقدس میں برفباری کا سلسلہ جاری ہے جبکہ جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب برفباری کی شدت میں مزید اضافہ ہوگا‘ اور سردی کی لہر نکتہ عروج تک پہنچے گی۔

  • صحرا نے برف کی چادر اوڑھ لی

    صحرا نے برف کی چادر اوڑھ لی

    شمالی افریقی ملک الجزائر کے صحرائے کبریٰ نے تاحد نگاہ برف کی چادر تان لی ہے، گزشتہ 40 سال میں یہ منظر پانچویں مرتبہ ریکارڈ کیا جا رہا ہے۔

    بین الاقوامی میڈیا رپورٹ کے مطابق الجزائری فوٹو گرافر کریم بوشتاتہ نے انسٹاگرام پر صحرائے کبریٰ کے علاقے عین الصفرا کی تصاویر شیئر کی ہیں۔

    صحرائے کبریٰ انتہائی گرم علاقہ ہے جو کم و بیش 11 افریقی ممالک میں لگتا ہے جن میں الجزائر، لیبیا، مصر، ماریطانیہ، مراکش اور دیگر شامل ہیں۔

    یہ دنیا کا سخت ترین اور دشوار گزار علاقہ مانا جاتا ہے جہاں درجہ حرارات 50 سینٹی گریڈ سے تجاوز کر جاتا ہے۔

    تاہم صحرائے کبریٰ میں ان دنوں درجہ حرارت منفی 2 ریکارڈ کیا گیا ہے جس کی وجہ سے ریت پر برف کی تہہ جم گئی ہے۔

  • شدید برفباری: این ڈی ایم اے نے الرٹ جاری کردیا

    شدید برفباری: این ڈی ایم اے نے الرٹ جاری کردیا

    اسلام آباد: شمالی علاقہ جات میں آئندہ چند روز کے درمیان برفباری اور بارشوں سے قبل این ڈی ایم نے الرٹ جاری کردیا ہے۔

    ترجمان این ڈی ایم اے کے مطابق محکمہ موسمیات نے شمالی علاقہ جات باالخصوص مری اور گلیات میں آئندہ چند روز کے درمیان برف باری اور بارشوں کی پیش گوئی کی ہے، مزید بارشوں اور برف باری کی پیشن گوئی کے باعث متعلقہ اداروں کو الرٹ جاری کردیا گیا ہے۔

    این ڈی ایم اے کی جانب سے جاری الرٹ میں کہا گیا ہے کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سےنمٹنے کیلئے پیشگی اقدامات کئے جائیں، تاکہ کسی جانی ومالی نقصان سےبچاجا سکے، صوبائی ،ضلعی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز متعلقہ محکموں سے رابطہ قائم کرے، حساس مقامات پرمشینری، ایمرجنسی سامان اور عملےکی موجودگی یقینی بنائی جائے۔

    ترجمان این ڈی ایم اے کی جانب سے جاری الرٹ میں کہا گیا ہے کہ متعلقہ ادارے مسافروں اور سیاحوں کو موسم صورتحال سے آگاہ رکھنے کے لئے اقدامات کریں۔

    یہ بھی پڑھیں: علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر پروازیں متاثر

    این ڈی ایم اے کی جانب سے الرٹ انتہائی اہمیت کا حامل ہے کیونکہ رواں ماہ ملکہ کوہسار مری میں شدید برفباری کے باعث قیمتی 23 جانوں کا ضیاع ہوا تھا گوکہ واقعے کی تحقیقاتی رپورٹ منظر عام پر آچکی ہے اور ذمے داران کے خلاف کارروائی کا عمل بھی جاری ہے تاہم این ڈی ایم اے کی جانب سے پیشگی اقدامات قابل تحسین عمل ہے۔

    دوسری جانب محکمہ موسمیات کے مطابق گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران بالائی خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان، کشمیر اور ملحقہ پہاڑی علاقوں میں مزید ہلکی بارش اور برفباری متوقع ہےجبکہ پنجاب کے میدانی علاقوں اور بالائی سندھ میں شد ید دھند کا امکان ہے۔

    محکمہ موسمیات کا مزید کہنا تھا کہ اسلام آباد میں موسم سرد اور مطلع جزوی ابر آلود رہے گا، لاہور اور وسطی پنجاب میں بھی مطلع ابر آلود اور ہلکی بارش کا امکان ہے۔

  • ملک کے بالائی علاقوں میں شدید برفباری، سردی مزید بڑھ گئی

    ملک کے بالائی علاقوں میں شدید برفباری، سردی مزید بڑھ گئی

    کوئٹہ / چلاس : بابو سر ٹاپ اور نانگا پربت سمیت بالائی علاقوں میں شدید برفباری کے بعد روئی کے گالوں سے برف پوش وادیوں کا حسن مزید نکھرگیا، شمالی بلوچستان میں خشک سردی کی شدید لہر جاری ہے۔

    ملک کے بالائی علاقے برف سے ڈھک گئے،سردی بڑھ گئی مانسہرہ کے بالائی علاقوں میں برف کی چادربچھ گئی شانگلہ میں برفباری سے بشام سوات روڈ پرٹریفک معطل ہوگیا، گلگت بلتستان کے ضلع دیامر میں بھی برف ہی برف اسکردو میں پارہ منفی7استورمیں منفی6تک گرگیا

    محکمہ موسمیات کی پیش گوئی میں کہا گیا ہے کہ کوئٹہ، زیارت، چمن اور گردونواح میں بارش کا امکان ہے، برفباری کے بعد پہاڑ برف سے ڈھک گئے اور راستے برف سے اٹ گئے، مانسہرہ میں ہرسو سفیدی نظر آرہی ہے، آسمان سے گرتے روئی کے گالوں نے ہر منظر دلکش بنادیا۔

    چاروں طرف بچھی سفید چادرسے قدرتی حسن نکھر گیا۔ وادی شانگلہ میں بھی کوہساروں نے آسمان سے گرتے روئی کے گالے اپنے دامن میں سمیٹ لئے، شدید برفباری سے بشام سوات روڈ پر ٹریفک معطل ہوگیا۔

    دیامر کے بالائی علاقوں میں وقفے وقفے سے برف باری کا سلسلہ جاری ہے۔بابوسر ٹاپ پر رات سے اب تک 5 فٹ تک برف پڑ چکی ہے جب کہ نانگا پربت اور بٹوگاہ ٹاپ سمیت دیگر پہاڑوں پر بھی برفباری کا سلسلہ جاری ہے۔

    اسکردو اور مضافات میں بھی موسم ابر آلود ہے جب کہ بالائی علاقوں میں وقفے وقفے سے برفباری ہو رہی ہے جس کے بعد اسکردو کا درجہ حرارت منفی 6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

    دوسری جانب نیلم آزاد کشمیر میں اٹھ مقام، گریس، کیل اور شاردہ میں برفباری ہوئی جب کہ کنڈل شاہی، باڑیاں اور جورا میں بارش جاری ہے۔

    اس کے علاوہ گلگت بلتستان میں بھی برف نے پہاڑوں اور راستوں کو ڈھانپ لیا ہے۔ اسکردو میں پارہ منفی سات، استور میں منفی چھ تک گرگیا۔ شمالی بلوچستان میں خشک سردی کی شدید لہربرقرار ہے۔ کوئٹہ میں درجہ حرارت منفی ایک،قلات اورزیارت میں منفی چھ ریکارڈ کیا گیا۔