Tag: snowfall

  • بلوچستان میں برفباری اور بارشیں : مکان کی چھت گرنے سے خاتون سمیت سات بچے زخمی

    بلوچستان میں برفباری اور بارشیں : مکان کی چھت گرنے سے خاتون سمیت سات بچے زخمی

    حب : صوبہ بلوچستان کے پہاڑی علاقوں میں برفباری اور بارشوں کے بعد سیلابی صورت حال پیدا ہوگئی ہے ندی نالوں میں طغیانی کے باعث نظام زندگی شدید متاثر ہوا، مکانات کی چھتیں اور دیواریں گرنے سے 2 بچیاں جاں بحق جبکہ خاتون سمیت سات بچے زخمی ہوگئے ۔

    تفصیلات کے مطابق ملک کے مختلف حصوں میں کہیں رم جھم کہیں بارش تو کہیں راستے برف سے ڈھک گئے۔ جس کی وجہ سے کئی رابطہ سڑکیں بند ہوگئیں اور شہریوں کا مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

    حب کے ضلع لسبیلہ کے پہاڑی علاقوں موسلادھار بارشیں ہوئیں، جس کے بعد وندر، اوتھل، بیلا اور شاہ نورانی کے ندی نالوں میں طغیانی آگئی جبکہ اوتھل میں مکان کی چھت گرگئی، حادثے میں ایک خاتون اور سات بچے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔

    اس کے علاوہ سیاحتی مقامات زیارت میں تین فٹ اور قلات میں ایک فٹ سے زیادہ برفباری ہوئی، گیس پریشر اور بجلی کی طویل لوڈ شیڈنگ سے معمولات زندگی متاثر ہوئے ہیں۔

    کوئٹہ میں برفباری سے سڑکیں بند ہوگئیں، کئی مقامات پر لوگ محصور ہوگئے، اسکردو، مستونگ اور مانسہرہ میں برفباری سے راستے بند ہوگئے، خضدار میں پاک فوج کے جوانوں نے برف ہٹانے کے کام کا آغاز کر دیا۔

    علاوہ ازیں چمن سمیت ضلع بھر میں دو روز سے وقفے وقفے سے جاری موسلادھار بارش نے تباہی مچا دی مکانات کی چھتیں اور دیواریں گرنے سے 2 بچیاں جاں بحق جبکہ خاتون سمیت سات بچے زخمی ہوگئے ہیں، کوژک ٹاپ پر شدید برف باری کے باعث کوئٹہ چمن شاہراہ دن بھر ٹریفک کی آمدورفت کے لئے بند رہا

    روجھان اور شہداد کوٹ میں بیشتر سڑکیں بارش کا پانی جمع ہونے کے باعث تالاب کا منظر پیش کرنے لگیں، لکی مروت اور بارکھان میں سڑکوں اور گلیوں میں جمع بارش کے پانی اور کیچڑ سے شہریوں کا چلنا محال ہو گیا۔

  • گلگت بلتستان میں بارش جبکہ ملک کے بالائی علاقوں میں برفباری کا امکان

    گلگت بلتستان میں بارش جبکہ ملک کے بالائی علاقوں میں برفباری کا امکان

    اسلام آباد: آج ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا جبکہ مالاکنڈ ڈویژن، گلگت بلتستان میں بعض مقامات پر بارش اور پہاڑوں پر ہلکی برفباری کا امکان ہے۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ہفتہ کے روز ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا، پنجاب کے میدانی علاقوں اور بالائی سندھ میں صبح اور رات کے اوقات میں دھند کا امکان ہے۔

    آج ریکارڈ کیے گئے سرد ترین مقامات کے درجہ حرارت بگروٹ، قلات، زیارت منفی 06، کالام منفی05، مالم جبہ منفی04، گوپس منفی03، کوئٹہ، سکردو، میرکھانی، ہنزہ میں منفی 02 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

    گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہا، تاہم مالاکنڈ، ہزارہ ڈویژن اور کشمیر میں کہیں کہیں جبکہ کوہاٹ، راولپنڈی، گوجرانوالہ ڈویژن اور گلگت بلتستان میں چند مقامات پر بارش اور پہاڑوں پر برفباری ہوئی۔

    اس دوران کالام 05، مالم جبہ 04، چترال 1.2، دیر 1.0 اور سکردو میں 0.3 انچ برفباری ریکارڈ کی گئی، سب سے زیادہ بارش خیبرپختونخوا میں ہوئی، دیر (بالائی 20، زیریں 02)، مالم جبہ17، بشام، بنیر 16، کالام 10، میرکھانی، بالاکوٹ 09، پٹن 08، دروش 05، کاکول 04، چترال، پاراچنار 03، سیدو شریف 01 ریکارڈ کی گئی۔

    کشمیر کے علاقے چھتر کالاس 23، مظفر آباد 16،چکوٹھی 14، بندی عباسپور 12، ہجیرہ، پنجیرہ 11، راولاکوٹ 10، گڑھی دوپٹہ 06، برارکوٹ 01 ریکارڈ کی گئ۔ جبکہ پنجاب کے علاقے ناروال 09، مری 02 اور گلگت بلتستان سکردو 03 اور بگروٹ میں 01 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

  • امریکا میں سردی کا نصف صدی کا ریکارڈ ٹوٹ گیا، ڈھائی کروڑ افراد متاثر، 12 ہلاک

    امریکا میں سردی کا نصف صدی کا ریکارڈ ٹوٹ گیا، ڈھائی کروڑ افراد متاثر، 12 ہلاک

    واشنگٹن: امریکا میں سردی کا پچاس سال کا ریکارڈ ٹوٹ گیا، مختلف ریاستوں میں حادثات کے باعث 12 افراد ہلاک جبکہ متعدد افراد اسپتالوں میں داخل ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی ریاستوں میں شدید سردی کی لہر نے معمولات زندگی منجمد کردئیے، ہر طرف برف ہی برف ہے، امریکا کی وسط مغربی ریاستوں سمیت کئی شہروں نے برف کی چادر اوڑھ رکھی ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ کئی ریاستوں میں زندگی مفلوج ہے،  امریکی محکمہ موسمیات نے شدید سردی کی وجہ ’پولر ورٹیکس‘ کو قرار دیا ہے، محکمہ موسمیات کے مطابق امریکا میں قطب شمالی کی یخ بستہ ہوائیں ٹھنڈ کی شدت میں اضافہ کر رہی ہیں۔

    شکاگو میں پارہ منفی 26 تک گرگیا، درجہ حرارت منفی اکیاون تک جانے کا امکان ہے جبکہ شمالی ڈاکوٹا میں درجہ حرارت منفی 37 تک ہوگیا ہے۔ امریکی حکام نے وارننگ جاری ہے کہ دس منٹ باہر کھڑے رہنے سے فراسٹ بائٹ (اعضاء گلنا یا متاثر ہونا) ہوسکتا ہے۔

    امریکی انتظامیہ نے منی سوٹا میں درجہ حرارت منفی 31، الینوائے منفی27، وسکانسن منفی 29، مشی گن منفی 24 سمیت 5 ریاستوں میں ایمرجنسی نافذ کرتے ہوئے سیکڑوں پروازیں اور ٹرینیں معطل کردی ہیں۔

    آئیووا میں شہریوں کو گھروں سے نکلنے میں دشواری کا سامنا ہے اور لوگوں کو گہرا سانس نہ لینے کم بات چیت کرنےکی ہدایت کی گئی ہے، کئی ریاستوں میں برفانی ہواؤں کے تیز جھکڑ نے زندگی کو جما کر رکھ دیا۔

    منی ایپلیس میں سو سال بعد منفی49ڈگری سینٹی گریڈ کی ہوائیں چل پڑیں، نیشنل ویدر سروس نے ہدایت جاری کی ہے کہ بلاضرورت باہر نہ نکلیں اور سانس بھی  آہستہ لیں۔ 

    امریکی محکمہ موسمیات کی جانب سے آئندہ دنوں سردی کی شدت میں مزید اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے، جس کے باعث ڈھائی کڑور افراد متاثر ہوں گے، امریکی حکام نے بے گھر افراد کو شدید سردی سے بچانے کےلیے متاثرہ شہروں میں شیلٹر ہوم قائم کردئیے ہیں۔

    دوسری جانب برطانیہ میں برفانی طوفان نےنظام زندگی مفلوج کردیا ہے جبکہ فرانس اور بیلجیئم سمیت کئی یورپی ممالک نے برف کی سفید چادر  اوڑھ لی ہے۔

  • امریکا اور برطانیہ میں برفباری سے نظام زندگی منجمد ہوگیا

    امریکا اور برطانیہ میں برفباری سے نظام زندگی منجمد ہوگیا

    لندن/واشنگٹن: امریکا اور برطانیہ میں شدید برفباری سے نظام زندگی مفلوج ہوگیا، ٹریفک کی روانی متاثر ہے جبکہ شہریوں کی مشکلات میں بھی اضافہ ہوگیا۔

    تفصیلات کے مطابق یورپ بھی ان دنوں شدید سردی کی لپیٹ میں ہے، مختلف یوپین ممالک میں برفباری سے سیاح خوشی سے جھوم اٹھے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ یورپ، امریکا، کینیڈا سمیت چین بھی شدید سردی کی لپیٹ میں ہے، کینیڈا میں کڑاکے کی سردی تو ہے ہی لیکن درجہ حرارت منفی سترہ تک گرا تو ایک سو چھہتر فٹ بلند نیاگرا آبشار جم گئی۔

    برطانیہ میں بھی برفباری کا سلسلہ جاری ہے، لندن اور مانچیسٹر میں برفباری سے سردی بڑھ گئی، یورپ میں بھی سردی کا راج ہے۔

    فرانسیسی دارالحکومت پیرس میں برفباری سے سیاحوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی، بیلجئیم نے بھی برف کی چادر اوڑھ لی۔ جبکہ امریکا کی متعدد ریاستوں میں برفباری زوروں پر ہونے کے باعث نظام زندگی مفلوج ہے، کئی ریاستوں میں درجہ حرارت منفی بیس تک گر گیا۔

    یورپ اور امریکا میں شدید برفباری، ٹریفک کا نظام درہم برہم، پروازیں منسوخ

    خیال رہے کہ گذشتہ ہفتے بھی امریکا اور پورپی ممالک میں شدید برفباری کے باعث نظام زندگی درہم برہم ہوگیا تھا جبکہ پروازیں بھی منسوخ کردی گئی تھیں۔

    یاد رہے کہ گذشتہ سال نومبر میں امریکا کے جنوب مشرقی علاقوں میں موسم کی پہلی برفباری سے موسم سرد ہوگیا تھا، جبکہ برفباری سے ہونے والے حادثات میں 7 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

  • نتھیاگلی: متعدد گاڑیاں برف میں پھنس گئیں، فوجی جوان امداد کے لیے روانہ

    نتھیاگلی: متعدد گاڑیاں برف میں پھنس گئیں، فوجی جوان امداد کے لیے روانہ

    ایبٹ آباد: نتھیاگلی جاتے ہوئے متعدد گاڑیاں برف میں پھنس گئیں، پاک فضائیہ کی ریسکیو ٹیمیں امداد کے لیے روانہ ہوگئیں۔

    تفصیلات کے مطابق ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ نتھیاگلی کے قریب توحیدآباد میں سیاحوں کے پھسنے کا علم میڈیا رپورٹس سے ہوا، ریسکیوٹیموں کو موقع پر روانہ کردیا گیا ہے۔

    ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی، فضائیہ کی ریسکیوٹیمیں سول انتظامیہ کی مدد کریں گی، ریسکیوٹیموں کے پاس ادویات اور خوراک موجود ہے۔

    برفباری، گاڑیاں اسٹارٹ نہ ہونے سے سڑک بلاک ہے، متاثرہ سڑک کو کلیئر کرنے کی کوشش کی جارہی ہے، گاڑیوں میں ایندھن بہت محدود مقدار میں بچا ہے۔

    دوسری جانب برف میں پھنسے سیاح نے ویڈیو پیغام جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ گاڑیوں میں فیملیاں اور بچے موجود ہیں، گاڑیوں میں ایندھن بہت محدود مقدار میں بچاہے۔

    محصور سیاح کا کہنا تھا کہ 5گھنٹے سے توحیدآباد میں پھنسے ہوئے ہیں، ہمیں ریسکیو کیا جائے۔

  • امریکا میں برفانی طوفان نے تباہی مچادی، سات افراد ہلاک

    امریکا میں برفانی طوفان نے تباہی مچادی، سات افراد ہلاک

    نیویارک : امریکا کی مختلف ریاستوں میں برفباری نے معمولات زندگی درہم برہم کردیا، امریکا کی وسط مغربی ریاستوں میں برفانی طوفان کے باعث مختلف حادثات میں سات افرادہلاک ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق امریکا کی مختلف ریاستوں میں گزشتہ ایک ماہ سے مسلسل ہونے والے برفباری نے موسم مزید سرحد کردیا ہے، اب تک برفباری سے ہونے والے حادثات میں سات افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں جبکہ نیویارک میں میں درجہ حرارت منفی ایک تک گرگیا۔

    شدید برفباری سے سڑکوں، گھروں اور درختوں نے برف کی چادر اوڑھ لی اور شہری گھروں میں محصور ہوگئے۔

    امریکی میڈیا کے مطابق دارالحکومت واشنگٹن، شکاگو اور نیویارک میں درجہ حرارت منفی ایک تک گر گیا ہے جبکہ میسوری، کنساس سمیت دیگر ریاستوں میں نظام زندگی مفلوج اور ٹریفک کا نظام درہم برہم ہوگیا ہے۔

    مقامی خبر رساں اداروں کا کہنا ہے کہ شکاگو میں شدید برفباری کے باعث متعدد پروازیں بھی منسوخ ہوگئی ہیں، جس کے باعث ہزاروں مسافروں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔

    یاد رہے کہ گذشتہ برس نومبر میں امریکا کے جنوب مشرقی علاقوں میں دس روز قبل شروع ہونے والی موسم کی پہلی برفباری نے موسم کی شدت میں اضافہ کردیا تھا، جس کے باعث رونما ہونے والے مختلف حادثات میں متعدد افراد جان کی بازی ہار گئے تھے۔

    خیال رہے کہ 2017 بھی امریکا کے لیے قدرتی آفات کے حوالے سے بدترین ثابت ہوا تھا، یکے بعد دیگرے 4 طوفانوں نے امریکی ریاستوں کو تباہی سے دو چار کیا جبکہ درجنوں ہلاکتیں بھی ہوئی تھیں۔

  • چترال : برفانی تودا گرنے سے 12افراد دب گئے، برفباری سے نظام زندگی درہم برہم

    چترال : برفانی تودا گرنے سے 12افراد دب گئے، برفباری سے نظام زندگی درہم برہم

    چترال : وادی کیلاش میں برفانی تودا گر نے سے12افراد دب گئے، تمام افراد کو زندہ نکال لیا گیا، واقعے میں 2افراد زخمی ہوئے، ملک کے بالائی علاقوں میں شدید برفباری کے بعد بجلی اور گیس کی فراہمی معطل ہوگئی۔

    تفصیلات کے مطابق ملک کے بالائی علاقوں میں برفباری کے بعد بجلی اور گیس کی عدم فراہمی اور کئی مقامات پر لینڈ سلائیڈنگ سے راستے بند ہونے کے باعث علاقہ مکینوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔

    لواری ٹنل بند ہونے سے شاہراہ پر گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں، عوام نے حکومت سے فوری طور پر امدادی سرگرمیاں تیز کرنے کی اپیل کی ہے،ملک کے بالائی علاقوں میں برفباری کے بعد پہاڑ برف سے ڈھک گئے، معمولات زندگی نے مشکلات کا کمبل اوڑھ لیا۔

    بجلی غائب، گیس بند، راستے برف سے اٹ گئے، بالائی علاقوں میں رنگین موسم مشکلات بھی ساتھ لے آیا، چترال میں وادی کیلاش کے علاقے شیخان دے میں برفانی تودا گر گیا برفانی تودے تلے12افراد دب گئے، مقامی لوگوں نے فوری طور پر امدادی کارروائی کرتے ہوئے تمام افراد کو نکال لیا، واقعے میں 2افراد زخمی ہوگئے۔

    اس کے علاوہ گلگت بلتستان کے ضلع دیامر کے پہاڑوں نے بھی سفید چادر اوڑھ لی، بٹوگاہ ٹاپ، بابوسر، نیاٹ ویلی، فیری میڈوز میں مسلسل برفباری سے راستے بند، لوگ محصور ہوکر رہ گئے، لواری ٹنل بند ہونے سے گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔

    کوہستان، استور، اسکردو کے باسی بھی راستے بند ہونے اور سہولتیں نہ ملنے کے سبب اذیت سے دوچار ہیں، برفباری کا سلسلہ جاری رہنے سے لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ بھی بڑھ گیا، انتظامیہ نے شاہراہ ریشم پر سفر کرنے والوں کو وارننگ جاری کر دی ہے۔

    عوام نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر امدادی سرگرمیاں تیز کی جائیں تاکہ ان کے معمولات بحال ہوسکیں۔

  • کوئٹہ اور مری میں برفباری : چٹانوں نے سفید چادر اوڑھ لی، خوبصورت مناظر سج گئے

    کوئٹہ اور مری میں برفباری : چٹانوں نے سفید چادر اوڑھ لی، خوبصورت مناظر سج گئے

    کوئٹہ / مری : موسم سرما کی پہلی برفباری کے بعد مضافاتی علاقوں اور پہاڑوں نے سفید چادر اوڑھ لی، مری، اور کوئٹہ میں برفباری نے سنگلاخ چٹانوں پر خوبصورت مناظر سجادئیے، ناران، کاغان، اسکردو، استور،ہنزہ اور مالاکنڈ فریزر بن گئے۔

    تفصیلات کے مطابق صوبائی دارالحکومت کوئٹہ پر قدرت مہربان ہوگئی، جمعہ اور ہفتہ کی درمیانی شب کوئٹہ اور مری میں ہلکی جبکہ مضافات میں زبردست برفباری کے بعد خشک درخت اور پہاڑ برف کے گالوں سے ڈھک گئے۔

    چار سے پانچ انچ تک پڑی برف نے سردی کی شدت مزید بڑھادی اور شہریوں کی قلفی جمادی ،درجہ حرارت منفی تین پر پہنچ گیا۔ موسم سرما کی پہلی برفباری نے سنگلاخ چٹانوں پر خوبصورت مناظر سجادئیے تو شہریوں نے مضافات سیاحتی مقامات کوہ چلتن، کوہ مردار اور اسپین کاریز کا رخ کرلیا۔

    خوشی میں دیوانے شہری ہلہ گلہ کرنے تفریحی مقامات کی جانب نکل پڑے، بچے بڑے سبھی ہلہ گلہ کرتے رہے، بارش اور برفباری سے جہاں شہریوں کو تفریح کا موقع ملا وہیں ، خشک سالی سے پریشان زمیندار اور باغبانوں میں بھی خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے، ۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق کوئٹہ میں ہلکی برفباری کے علاوہ 3ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران وادی میں موسم خشک اور شدید سرد رہنے کا امکان ہے، اس کے علاوہ کوئٹہ کے ٹھنڈے موسم کا اثر کراچی پر بھی ہونے لگا جہاں سردی بڑھ گئی۔

  • ایبٹ آباد: شدید برف باری کے باعث راستہ بند، سیاح پھنس گئے

    ایبٹ آباد: شدید برف باری کے باعث راستہ بند، سیاح پھنس گئے

    ایبٹ آباد: ملک کے بالائی علاقوں میں برف باری کا سلسلہ جاری ہے، ایبٹ آباد کے سیاحتی مقامات گلیات اور ٹھنڈیانی میں برف باری میں شدت آگئی.

    تفصیلات کے مطابق گلیات اور  ٹھنڈیانی میں‌برف باری کے باعث راستے بند ہوگئے. نتھیا گلی میں سیاح پھنسے ہوئے ہیں۔

    [bs-quote quote=”گلگت بلتستان کے بالائی علاقوں میں شدید برف باری سےاسکردو کا ملک سے فضائی اور زمینی رابطہ معطل ہو گیا” style=”style-7″ align=”left”][/bs-quote]

    چترا ل اور گرد و نواح میں بھی برف باری سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا، گلگت بلتستان کے بالائی علاقوں میں شدید برف باری سےاسکردو کا ملک سے فضائی اور زمینی رابطہ معطل ہو گیا۔

    اسکردو میں چار سے پانچ فٹ برف باری ریکارڈ کی گئی، پارہ منفی نو تک گر گیا.

    دوسری جانب آزاد کشمیر اور شانگلہ  کی وادیوں نے برف کی چادر اوڑھ لی ہے۔


    مزید پڑھیں: کے 2 کی چوٹی کے بارے میں حیران کن انکشاف


    برف باری کے باعث اسکردوکادیگرعلاقوں سے زمینی رابطہ منقطع ہوگیا. مری میں برف باری کے بعد سیاحوں کا رش بڑھ گیا.

    پنجاب کے مختلف علاقوں میں گزشتہ رات سے بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے.

    لاہور، گجرات، فیصل آباد سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں بارش کے بعد ٹھنڈ میں اضافہ ہوگیا ہے.

  • ملک میں سردی کا راج، پارہ منفی 11 ڈگری سینٹی گریڈ تک گرنے کا امکان

    ملک میں سردی کا راج، پارہ منفی 11 ڈگری سینٹی گریڈ تک گرنے کا امکان

    اسلام آباد: ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم آج بھی سرد اورخشک رہے گا، بالائی علاقوں میں پارہ منفی گیارہ ڈگری سینٹی گریڈ تک گرنے کاامکان ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ملک میں سردی نے ڈیرے جما لیے، بالائی علاقوں میں خون جما دینے والی سرد ہواؤں نے لوگوں کو گھروں میں رہنے پر مبجور کردیا، اسکردو میں پارہ منفی گیارہ ڈگری سینٹی گریڈ تک گرنے کا امکان ہے۔

    محکمہ موسمیات نےآئندہ چوبیس گھنٹوں میں کراچی، حیدرآباد، سکھر، کوئٹہ، قلات، بارکھان، لاہور، ملتان، فیصل آباد، راولپنڈی، اسلام آباد، پشاور، ڈی آئی خان سمیت ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہنے کی پیش گوئی کی ہے۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بالائی علاقوں میں سردی کی شدت میں اضافہ ہوگا، پنجاب کے وسطی اور جنوبی علاقوں میں بعض مقامات پر صبح کے اقات میں شدید دھند کا امکان ہے۔

    کوئٹہ کی ٹھنڈی ہواؤں نے کراچی کا رخ کرلیا، سردی کی شدت میں اضافہ

    دوسری جانب شہرِقائد کے باسی کڑاکے کی سردی سے بچنے کے لیے تیار ہوجائیں، کوئٹہ کی ٹھنڈی ہواؤں کے اثرات کراچی بھی پہنچیں گے، محکمہ موسمیات نے دو روز تک تیز ہوائیں چلنے کی پیش گوئی کررکھی ہے۔

    کراچی سے کشمیر تک سردی رنگ جمانے لگی ہے، یخ بستہ ہواؤں نے ملک کے دیگر علاقوں کی طرح بلوچستان کو اپنی لپیٹ میں لے لیا، جس کے سبب شہرقائد میں بھی ٹھنڈی ہوائیں چلنا شروع ہوگئی ہیں۔