Tag: snowfall

  • ملک کے مختلف شہروں میں بارش اوربرفباری کی پیش گوئی

    ملک کے مختلف شہروں میں بارش اوربرفباری کی پیش گوئی

    کوئٹہ : آئندہ ہفتے ملک کے مختلف حصوں میں بارش اورپہاڑوں پر برفباری کی پیشگوئی کی گئی ہے، آئندہ 24 گھنٹے میں بلوچستان کے اکثرمقامات پر بارش کا بھی امکان ہے۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ آئندہ ہفتے ملک کے مختلف شہروں کوئٹہ ،ژوب اور قلات میں پہاڑوں پربرفباری ہو گی جبکہ منگل اوربدھ کو سندھ میں بھی کہیں کہیں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

    اس کے علاوہ اسلام آباد، پنجاب، کے پی کے، کشمیر میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، گلگت اور فاٹا میں بھی بیشتر مقامات پر بارش اور برفباری کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

    بدھ اور جمعرات کو کشمیر اور ہزارہ ڈویژن میں کہیں کہیں موسلادھار بارش کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران بلوچستان کے اکثرمقامات پربارش کا امکان ہے۔

    فاٹا، خیبرپختونخوا میں کہیں کہیں بارش ہوسکتی ہے۔ علاوہ ازیں راولپنڈی، سرگودھا میں بارش اور پہاڑوں پربرفباری کا امکان ہے۔

  • خیبرپختونخواکےبعض علاقوں میں زلزلہ،جانی مالی نقصان کی اطلاع نہیں

    خیبرپختونخواکےبعض علاقوں میں زلزلہ،جانی مالی نقصان کی اطلاع نہیں

    پشاور: خیبرپختونخوا کے بعض علاقوں میں زلزلہ محسوس کیاگیا جس کی ریکٹراسکیل پر شدت پانچ ریکارڈ کی گئی۔

    امریکی جیولوجیکل سروےکے مطابق زلزلے کا مرکز افغانستان کےکوہ ہندوکش پہاڑی سلسلے میں تھا، پشاور،مانسہرہ،بونیر،شانگلہ، سوات اورگردونواح میں آئے زلزلے کی گہرائی دوسودس کلومیٹر تھی۔

    زلزلے کے باعث لوگوں میں خوف وہراس پیدا ہوگیااور وہ اپنے گھروں سے نکل آئے۔ زلزلے سےملک میں اب تک کسی جانی یامالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی ہے۔

    البتہ افغانستان اورمقبوضہ کشمیرکےشہرسری نگرمیں متعددافراد زخمی ہوگئے،کئی مکانات کو نقصان پہنچا جبکہ بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں میٹروریل کی آمدورفت کوکچھ دیرکے لئے بند کرناپڑا۔

  • بدترین طوفان: امریکی ریاستوں میں زندگی مفلوج، آٹھ افراد ہلاک، لاکھوں متاثر

    بدترین طوفان: امریکی ریاستوں میں زندگی مفلوج، آٹھ افراد ہلاک، لاکھوں متاثر

    واشنگٹن : بدترین برفانی طوفان نے امریکا کی متعدد ریاستوں کو اپنی لیپٹ میں لے لیا۔ امریکی محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ مزید ایک دو روز میں آنے والی لہر گذشتہ ایک صدی کی سب سے زیادہ شدید لہر ہوسکتی ہے۔

    کئی امریکی ریاستوں میں نظام زندگی مفلوج ہوگیا آٹھ افراد ہلاک جبکہ لاکھوں متاثر ہوئے۔ تاریخ کے بدترین طوفان نے امریکا کی متعدد ریاستوں کو جکڑ لیا۔

    واشنگٹن نیویارک ،نیو جرسی سمیت متعدد ریاستو ں میں برفباری کا سلسلہ جاری ہے۔ شدید برفباری کے باعث معمولات زندگی مفلوج ہوگیا۔

    واشنگٹن میں شدید برفباری کے باعث درجہ حرارت منفی پانچ ڈگری تک گر گیا، کئی گھنٹو ں سے جاری برفباری سے سرکاری عمارتوں پر بھی سفیدی چھا گئی ۔

    ورجینیا میں برفانی طوفان کے باعث دس ہزار سے زیادہ افراد بجلی سے محروم ہو گئے۔ حکام نے بیشتر ریاستوں میں وارننگ جاری کرتے ہوئے تعلیمی ادارے اور دفاتر بند کرادیئے۔ جبکہ مختلف ریاستوں میں دس ہزار سے زائد پروازیں منسوخ ہوگئیں۔

    بدترین برفانی طوفان سے نمٹنے کیلئے بیس سے زیادہ ریاستوں میں وارننگ جاری کردی گئی۔ واشنگٹن کی میئر نے برفانی طوفان کو تاریخ کا بدترین طوفان قرار دے دیا۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق واشنگٹن ، نیو جرسی ، پنسلوینیا ، فلیڈیلفیا ، آرکنساس ، ٹینیسی ، نیو یارک ،میری لینڈ سمیت تیس ریاستوں تیس انچ سے لے کر تین فٹ تک بر ف پڑنے کا امکان ہے۔ جس سے آٹھ کروڑ سے زائد افراد کے متاثر ہونے کا خطرہ ہے۔

  • ملک بھر کے بیشتر علاقے شدید سردی کی لپیٹ میں

    ملک بھر کے بیشتر علاقے شدید سردی کی لپیٹ میں

    کراچی / کوئٹہ / لاہور / گلگت /اسلام آباد : ملک بھر میں سردی نے لوگوں پر کپکپی طاری کردی ۔ میدانی علاقوں میں خنک ہواؤں کا زور ہے اور بالائی علاقے شدید سردی کی لپیٹ میں ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں موسم سرما اپنارنگ دکھا رہا ہے ۔ بالائی علاقوں میں خون جما دینے والی سردی پڑ رہی ہے۔

    میدانی علاقے بھی سرد ہواوں کی لپیٹ میں ہیں، گلگت بلتستان کے پہاڑی علاقوں میں وقفے وقفے سے برفباری جاری ہے، جس سے سردی مزید بڑھ گئی ہے۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق بالائی علاقوں اور شمالی بلوچستان میں شدید سردی برقرار رہے گی۔ جبکہ ملک کے دیگر علاقوں میں بھی ٹھنڈک مزید بڑھے گی۔

    گزشتہ روز سب سے کم درجہ حرارت اسکردو میں منفی چھ، قلات اور پاراچنار میں منفی چار جبکہ گلگت میں منفی تین ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

    سردی سے بچاﺅ کیلئے سوپ،چائے ،قہوے اور دیسی انگیٹھیوں کا استعمال بڑھ گیاہے۔کالام اور چترال میں موسم ابر آلود ہے،چمن ،زیارت، پشین ،ڑوب اور لورالائی میں بھی سردی کی شدت میں بتدریج اضافہ ہو رہا ہے۔

  • پہاڑی علاقوں میں برفباری، زلزلہ متاثرین کی مشکلات میں اضافہ

    پہاڑی علاقوں میں برفباری، زلزلہ متاثرین کی مشکلات میں اضافہ

    گلگت/ بلتستان / پشاور : ملک کے با لائی علاقے شدید سردی کی لپیٹ میں ۔زلزلے سے متاثر علاقے متاثر،وسطی کرم میں جلانےوالی لکڑی کی قیمت آسمان سے باتیں کرنے لگی۔

    ملک کے با لائی علاقے شدید سردی کی لپیٹ میں ہیں محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چوبیس گھنٹے زلزلہ سے متاثرہ خیبر پختونخوا، بالائی فاٹا اور گلگت بلتستان میں موسم ابرآلود رہنے کا امکان ہے۔

    دیامر کے پہاڑوں پر وقفے وقفے سے برفباری کا سلسلہ جاری ہے جس سے سردی مزید بڑھ گئی ہے، زلزلہ سے متاثرہ علاقوں میں موسم کی سختیاں زلزلہ متاثرین کے لیے کسی امتحان سے کم نہیں۔

    سخت سرد ی اور ناکافی سہولیات بچو ں اور بڑوں میں مختلف قسم کی موسمی بیماریوں کا باعث بن رہی ہے ۔

    سردی کی شدت کو کم کرنے کے کیے جلائے جانے والی لکڑی کی قیمت سردی بڑھنے کے ساتھ مہنگی ہوتی جارہی ہے،جس سے زلزلہ متاثرین کی مشکلات میں مزید اضافہ ہوگیا ہے۔

  • ناران : برفباری سے متاثرہ سیکڑوں سیاح دوسرے روز بھی محصور

    ناران : برفباری سے متاثرہ سیکڑوں سیاح دوسرے روز بھی محصور

    ناران : پاکستان کے خوبصورت تفریحی مقام ناران میں موسم کی سختیاں جاری ہیں، دوسرے روز بھی برف باری کے باعث بچوں اور عورتوں سمیت سیکڑوں سیاح تا حال پھنسے ہوئے ہیں ۔ بے بس افراد نے یخ بستہ رات سڑکوں پر گزاری ۔

    تفصیلات کے مطابق ناران میں شدید برف باری جاری ہے، کاروبار زندگی مفلوج ہوگیا،وہاں پھنسے ہوئے سیکڑوں سیاح اور دیگر عوام دوسرے روز بھی انتہائی مشکلات کا شکار ہیں۔

    وزیراعظم کی ہدایت پر سڑکیں کھولنے کیلئے مشینری تو بھجوا دی گئی لیکن مشکلات کم نہ ہوئیں، ہزاروں سیاحوں نے شدید سرد موسم میں ساری رات سڑکوں پر ہی گزار دی، مگرڈی پی او نے راستےکھولنےکا دعویٰ کیاہے۔

    مرکزی شاہراہ بھی بند ہے، قدرتی مناظر کی خوبصورتی کے دیدار کے لئے دور دراز مقامات سے آنے والے لوگ مصیبت کا شکار ہیں۔

    ڈی پی او مانسہرہ نجیب الرحمان کا کہنا ہے کہ چالیس سال بعد اکتوبر میں ریکارڈ برفباری ہوئی ہے ۔ انھوں نے دعویٰ کیا ہے کہ بیشتر مقامات پر برف کو ہٹا دیا گیا ہے اورسیاحوں کی برف میں پھنسی ڈیڑھ سو گاڑیاں بھی نکال دی گئی ہیں۔

    جبکہ دوسری جانب سیاحوں نے انتظامی دعوؤں کی نفی کی ہے۔ مقامی ہوٹل مالکان نے برفباری میں پھنسے لوگوں کیلئے ہوٹل میں مفت رہائش کااعلان کیاہے

    ایک سیاح بابر یوسف زئی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شکوہ کیا ہے کہ حکومت ٹیکس تو لیتی ہے لیکن سیاحوں کے لئے تفریحی مقامات پرکوئی انتظامات نہیں کئے جاتے۔ دوسری جانب لوگوں نے شکوہ کیا کہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کا کوئی انتظام نہیں ہے۔

    ادھر آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی ہدایت پر ریسکیو ٹیمیں ناران بھجوا دی گئی ہیں جن میں ڈاکٹرز بھی شامل ہیں۔
    آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ بھٹہ کنڈی ناران روڈ سے 150سیاحوں کو نکال لیا گیا ہے ، نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے حکام نے بتایا کہ ایف ڈبلیو او کی مدد سے سڑکوں سے برف ہٹانے کا کام جاری ہے۔

    ناران کا شمارپاکستان کے خوبصورت علاقوں میں ہوتا ہے۔ متعلقہ حکام کو سیاحوں کی مشکلات کے خاتمے کیلئے زبانی جمع خرچ کے بجائے عملی اقدامات کرنا ہوں گے۔

  • ملک کے مختلف حصوں میں موسم کے رنگ نرالے ہیں

    ملک کے مختلف حصوں میں موسم کے رنگ نرالے ہیں

    کراچی: ملک بھرمیں موسم خشک رہےگا تاہم بنوں کوہاٹ سمیت ڈیرہ اسماعیل خان میں گرج چمک کیساتھ بارش کا امکان ہے۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے مختلف حصوں میں موسم کے رنگ ہیں نرالے، سندھ اور بلوچستان کے مختلف اضلاع میں شدید گرمی نے کر دیا، لوگوں کو بے حال تو پنجاب اور خیبرپختونخواہ کے مختلف شہروں میں بارش نے گرمی کا زور توڑ دیا۔

    گوجرانوالہ، ہزارہ، راولپنڈی ڈویژن، کشمیر اور گلگت بلتستان میں چند مقامات پر گرج چمک کیساتھ ہونے والی بارشوں نے کر دیا موسم سہانا۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چوبیس گھنٹوں میں بیشتر علاقوں میں موسم خشک رہے گا تاہم کوہاٹ، بنوں، ڈی آئی خان ڈویژن میں بعض مقامات پر گرج چمک کیساتھ بارش کا امکان ہے، ادھر تربت میں درجہ حرارت اڑتیس ڈگری سینٹی گریڈتک جاپہنچا۔

  • مختلف شہروں میں بارش،موسم خوشگوار، کراچی ہواؤں کی زد میں

    مختلف شہروں میں بارش،موسم خوشگوار، کراچی ہواؤں کی زد میں

    کراچی + لاہور + سوات : ملک بھر کا موسم دلفریب ہوگیاہے، بارشوں نےلاہورسمیت پنجاب کے مختلف شہروں کاماحول خوشگوار بنارکھا ہے، کراچی بھی ہواؤں کی زد میں ہے۔ جبکہ ملک کے مختلف حصوں میں بارش اور ہواؤں سے موسم دلفریب۔ کہیں برکھارت، تو کہیں ہواؤں کے ساتھ آسمان پر کالے بادل آ گئے۔

    پشاور، لکی مروت سمیت خیبرپختونخوا میں بھی ابر کرم جم کر برسا، تو ٹھنڈ میں اضافہ ہوا۔ لاہور میں رم جھم برسی تو شہریوں کے چہرے کھل اٹھے ۔ پتوکی میں ہلکی بارش نے سردی کو بڑھادیا۔  جیکب آباد اور کشمور میں موسلا دھار بارشوں کا سلسلہ جاری ہے۔

    کراچی بھی گرد آلود ہواؤں کی زد میں ہے، جس سے لوگ پریشان ہوئےاور چھٹی کے دن جاتی سردی کے مزے لینے پکنک پوائنٹس پر پہنچ گئے ۔

    محکمہ موسمیات نے کل تک ملک بھر میں بارش کا سلسلہ ختم ہونے کی پیشگوئی کی ہے،علاوہ ازیں جاتی سردی رکی تو بالائی علاقوں میں برفباری نے زور پکڑ لیا، چترال اور ملکہ کوہسار میں جاری برفباری نے موسم ٹھنڈا کردیا۔ سوات میں سیاحوں کا رش لگ گیا۔

    برف کے گالوں نے موسم ٹھنڈا کر دیا۔ بالائی علاقوں میں سیاحوں کا رش لگا ہے، برفباری رج کرہورہی ہے۔ حسین نظارے مزید خوبصورت ہوگئے، چترال میں برفباری نے لوگوں کو خوش کردیا ، لوواری ٹاپ پربھی کئی انچ تک برف جمی ہے۔

    ملکہ کوہسار مری کے خوبصورت مناظر کو برف کے موتیوں نے اپنی آغوش میں لے لیا۔ نتھیا گلی میں بھی وقفے وقفے سے برفباری ہورہی ہے ، جس سے لوگوں کے مزے آگئے تو کہیں بجلی کی آنکھ مچولی نے لوگوں کو پریشان کردیا ہے۔

    ایبٹ آباد ، سوات کالام اور مالم جبہ میں بھی برفباری زوروں پرہے۔ مالم جبہ میں اسنو فائٹنگ سے سیاحوں کا مزہ  دوبالاہوگیا ہے۔

    مالم جبہ کی برف پوش وادیوں میں رنگارنگ اسنو فیسٹیول سجایا گیا۔ سیاحوں کی بڑی تعداد نےفیسٹیول کوچارچاندلگائے۔ ہر طرف برف کے حسین نظارے ہیں، ملک میں سیاحت کے فروغ کے لئے مالم جبہ میں اسنوفیسٹیول منعقدہوا۔ مختلف علاقوں سے آئے سیاحوں نے برفباری اورفیسٹیول کوبہت انجوائے کیا۔

    ٹیبلوزنے بھی فیسٹیول کی رونق میں خُوب اضافہ کیا۔ اسکنگ ٹورنامنٹ میں مقامی کھلاڑیوں نے اپنے فن کازبردست مظاہرہ کیا۔

    مہمان خصوصی ڈی سی سوات محمود اسلم وزیر نے اس موقع پرکہاکہ ہرسال اس طرح کے فیسٹیول کے انعقاد سے سیاحت کوفروغ مل رہاہے۔ فیسٹیول کاانعقاد عورت فاؤنڈیشن، مالم جبہ ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن اورپاک فوج کے زیرِاہتمام کیاگیا۔

  • ملک بھر میں سردی کا راج، بارش اور برفباری کی پیش گوئی

    ملک بھر میں سردی کا راج، بارش اور برفباری کی پیش گوئی

    کراچی : ملک کے بیشتر علاقوں میں بارش سے سردی رخصت ہوتے ہوتے لوٹ آئی ہے۔ محکمہ موسمیات نے بیشتر شہروں میں مزید بارش اور پہاڑوں پر برفباری کی نوید سنادی ہے۔

    سرد ہوا اور گہرےبادل ،کہیں ہلکی بارش تو کہیں اونچے پربتوں پر برفباری کے مناظر،ملک کے بیشتر حصوں میں موسم کی بدلتی رُت نے سردی کو واپس آنے پر مجبور کردی۔

    لاہور اور کراچی سمیت پنجاب اور سندھ کے بیشتر شہروں میں سورج سرمئی بادلوں کی اوٹ میں چھپا ہے۔ اس دلفریب منظر میں برکھا رت نے موسم مزیدسہانا کرنے کے ساتھ ٹھنڈ کوبھی بڑھادیا ہے۔

    جڑانوالہ،گوجرانوالہ ، گجرات، ساہیوال ، ٹوبہ ٹیک سنگھ سمیت پنچاب کے بیشتر شہروں میں گھٹائیں برسیں تو محکمہ موسمیات نے پنجاب بھر میں مزید بارش اور سردی میں اضافے کا امکان بھی ظاہر کردیا۔

    سکھر ،نوشہرو فیروز اور سندھ کے دیگر شہروں میں بھی مارچ کے مہینےکا استقبال برستی بوندوں نے کیا ۔ موسم کا حال بتانے والوں نے ملک کے بیشتر حصوں میں مزید بارش اور پہاڑوں پر برفباری کی پیشگوئی کی ہے۔

  • ایبٹ آباد میں برفباری، سیاح محصور ہوگئے

    ایبٹ آباد میں برفباری، سیاح محصور ہوگئے

    ایبٹ آباد : سیاحتی مقامات گلیات نتھیا گلی اور ٹھنڈیانی میں جاری حالیہ برف باری نے جہاں سفید چادر اوڑھ لی وہیں دوسری جانب برف باری کے باعث سیاحوں کی بڑی تعداد سڑکوں کی بندش کے باعث محصور ہو کر رہ گئی ہے۔

    گلیات اور ٹھنڈیانی میں اب تک دو سے اڑھائی فٹ تک برف ریکارڈ کی گئی ہے، جس کے باعث شاہراہ مری ، ایبٹ آباد ٹھنڈیانی، بکوٹ اور دیگر علاقوں کو جانے والی رابطہ سڑکیں مکمل طور پر بند ہو گئی ہیں، گلیات میں ہزاروں سیاح محصور ہو کر رہ گے ہیں۔

    جبکہ جی ڈی اے ، فرنٹئیر ہائی وے اتھارٹی کی جانب سے سڑکوں سے تاحال برف ہٹانے کا کام شروع نہیں کیا جا سکاجس سے سیاحوں کی مشکلات میں مزید اضافہ ہو گیا ہے۔

    سڑکوں کی بندش کے باعث شاہراہ مری پر سینکڑوں گاڑیاں پھنس گئی ہیں، برف باری کے باعث ان علاقوں کے مکینوں کو اشیاء خوردونوش کی ترسیل میں مشکلات کا سامنا ہے،جبکہ ان علاقوں کے ساتھ ایبٹ آباد شہر بھی برفانی ہواؤں کی لپیٹ میں ہے۔