Tag: Soccer

  • فٹبال کا بخار عروج پر، ہاتھیوں کا ’ورلڈ کپ‘ میں بچوں کے ساتھ مقابلہ، ویڈیو وائرل

    فٹبال کا بخار عروج پر، ہاتھیوں کا ’ورلڈ کپ‘ میں بچوں کے ساتھ مقابلہ، ویڈیو وائرل

    ایوتھایا: قطر میں فیفا ورلڈ کپ کھیلے جانے کے دوران دنیا بھر میں فٹ بال کا بخار عروج پر ہے، تھائی لینڈ میں ہاتھیوں نے بھی اپنے ’ورلڈ کپ‘ میں بچوں کے ساتھ مقابلہ کیا۔

    اس سلسلے میں روئٹرز نے ٹوئٹر پر ایک ویڈیو شیئر کی ہے، ویڈیو میں ہاتھیوں کو مہارت کے ساتھ نہ صرف گول کرتے ہوئے بلکہ گول کیپر کے طور پر گول بچاتے ہوئے بھی دیکھا جا سکتا ہے۔

    ویڈیو دیکھ کر لگتا ہے کہ ہاتھی بھی فٹ بال کے سحر میں مبتلا ہیں، دنیا کے اس مقبول کھیل کا یہ سنسنی خیز مقابلہ تھائی لینڈ کے شہر ایوتھایا میں ہوا، جہاں ہاتھیوں نے اسکول کے بچوں کے ساتھ فٹ بال میچ کھیلا۔

    مختلف ممالک کے جھنڈوں سے پینٹ کیے گئے بلند قامت، بھاری بھر کم ہاتھیوں کو فٹبال کے پیچھے بھاگتے اور لاتیں مارتے دیکھا گیا، ہاتھیوں نے جس مہارت کا مظاہرہ کیا، دیکھنے والے یہ دیکھ کر حیران رہ گئے۔

    اس میچ میں 13 ہاتھیوں نے اپنی فٹ بال کی مہارت کو مقامی اسکول کے بچوں کے خلاف آزمایا، منتظمین کا کہنا تھا کہ اس میچ کا مقصد مقامی سیاحت کو فروغ دینا اور کھیلوں کے لیے طلبہ کی حوصلہ افزائی کرنا تھا۔

    ایک طالب علم نے کہا کہ اس میچ نے مجھے ورلڈ کپ دیکھنے کے لیے مزید پرجوش کر دیا ہے، کیوں کہ میں نے پہلے کبھی ایسا کچھ نہیں دیکھا تھا، میں کبھی نہیں جانتا تھا کہ ہاتھی فٹ بال کھیل سکتے ہیں۔

  • مردوں کی فٹبال ٹیم کے لیے خاتون کوچ مقرر

    مردوں کی فٹبال ٹیم کے لیے خاتون کوچ مقرر

    دمشق: مشرق وسطیٰ کے جنگ زدہ ملک شام میں مردوں کی فٹبال ٹیم کے لیے خواتین کوچ کا تقرر کردیا گیا جسے ترقی پسند حلقوں میں پذیرائی کی نگاہ سے دیکھا جارہا ہے۔

    ماہا جینڈ خود بھی شامی خواتین فٹ بال ٹیم کی کھلاڑی رہ چکی ہیں۔ ایک میچ میں انجری کے بعد بطور کھلاڑی ان کا کیریئر اختتام پذیر ہوگیا جس کے بعد انہوں نے بطور کوچ کام شروع کردیا۔

    اب حال ہی میں انہیں شام کے سب سے بڑے فٹبال کلب کی ٹیم کا کوچ مقرر کیا گیا ہے، اس ٹیم کے لیے وہ بطور اسسٹنٹ کوچ بھی اپنے فرائض انجام دے چکی ہیں۔

    ماہا مشرق وسطیٰ کی وہ پہلی خاتون بن گئی ہیں جو مردوں کی کسی اسپورٹس ٹیم کی کوچنگ کر رہی ہیں۔ وہ کہتی ہیں کہ شاید انہیں اس لیے بھی آسانی سے قبول کرلیا گیا کہ وہ خود بھی اسی کلب کا حصہ رہ چکی ہیں۔

    ٹیم کے ایک کھلاڑی کا کہنا ہے کہ شروع میں انہیں عجیب لگتا تھا کہ ایک خاتون ان کی کوچنگ کر رہی ہیں، لیکن پھر وہ اس کے عادی ہوگئے۔

    ماہا کے ٹیم کا کوچ مقرر ہونے کے بعد یہ ٹیم 10 میں سے 8 لیگ میچز میں فتح حاصل کرچکی ہے، جبکہ بقیہ 2 میچز بھی برابر ہوگئے۔

    ان کا تقرر کرنے والے کلب کے ٹیکنیکل مینیجر کہتے ہیں کہ ماہا کا تقرر شام میں فٹ بال اور خواتین دونوں کی ترقی کی طرف اشارہ کرتا ہے۔