Tag: social media propaganda

  • سوشل میڈیا پروپیگنڈا: پی ٹی آئی کے 16 افراد دوبارہ جے آئی ٹی میں طلب

    سوشل میڈیا پروپیگنڈا: پی ٹی آئی کے 16 افراد دوبارہ جے آئی ٹی میں طلب

    اسلام آباد : سوشل میڈیا پر منفی پروپیگنڈا پھیلانے کے الزام میں پی ٹی آئی کے 16 افراد جے آئی ٹی میں دوبارہ طلب کرلیے گئے۔

    اس حوالے سے جے آئی ٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کے 16 افراد کو طلبی کے نوٹس جاری کر دیے گئے ہیں، تمام افراد کو18 مارچ کو جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہونے کی ہدایت کی گئی ہے۔

    ذرائع کے مطابق طلبی کے نوٹس وصول کرنے والوں میں تحریک انصاف کے رہنما فردوس شمیم نقوی، محمد خالد خورشید خان، میاں محمد اسلم اقبال، محمد حماد اظہر، عون عباس، محمد شہباز شبیر شامل ہیں۔

    اس کے علاوہ طلبی کے نوٹس وصول کرنے والوں میں وقاص اکرم اور تیمور سلیم خان صبغت اللہ ورک، اظہر مشوانی، محمد نعمان افضل، جبران الیاس، سلمان رضا کا نام بھی شامل ہے۔

    جے آئی ٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ زلفی بخاری، موسیٰ ورک اور علی ملک کو بھی طلبی کا نوٹس جاری کیے گئے ہیں، جبکہ بیرسٹرگوہر، رؤف حسن اور شاہ فرمان جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہو چکے ہیں۔

    ذرائع کے مطابق 14 مارچ کو بانی پی ٹی آئی کی بہن علیمہ خانم طلبی کے باوجود پیش نہیں ہوئی تھیں، جنہیں اب 19 مارچ کو طلبی کا نوٹس جاری کر دیا گیا ہے۔

    ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ جے آئی ٹی ان تمام افراد سے شواہد کی روشنی میں تحقیقات کر رہی ہے، مذکورہ تحقیقات ریاست مخالف پروپیگنڈے کے حوالے سے کی جارہی ہیں۔

  • افواج کے خلاف سوشل میڈیا پروپیگنڈا، بھارتی عسکری ہائی کمان کا سخت ردِ عمل

    افواج کے خلاف سوشل میڈیا پروپیگنڈا، بھارتی عسکری ہائی کمان کا سخت ردِ عمل

    نئی دہلی: سوشل میڈیا پر افواج کے خلاف گمراہ کن پروپیگنڈا روکنے کے لیے فرانس کے بعد اب بھارت بھی آگے آ گیا، فوج کے اندرونی معاملات کو سوشل میڈیا پر غلط انداز میں پیش کرنے پر بھارتی عسکری ہائی کمان نے سخت ایکشن لینے کا فیصلہ کیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق بھارتی عسکری ہائی کمان نے ویٹرنز اور ریٹائرڈ اہلکاروں کو سوشل میڈیا پر فوج کے امیج کو خراب کرنے سے متعلق مواد شیئر کرنے پر سخت تنبیہ جاری کر دی ہے۔

    بھارتی فوج کی طرف سے کہا گیا ہے کہ جھوٹا بے بنیاد اور من گھڑت مواد شیئر کرنے پر سخت تادیبی کارروائی عمل میں لائی جائے گی، خلاف ورزی کے ذمہ دار اہلکاروں کی مراعات اور پینشن بھی روک لی جائیں گی۔

    بھارتی عسکری ہائی کمان نے فارمیشن کمانڈز کو ایسے واقعات اور مشتبہ اہلکاروں پر نظر رکھنے کے احکامات بھی جاری کر دیے ہیں، لوکل کمانڈرز کو مقامی پولیس کے ساتھ مل کر ڈسپلن کی خلاف ورزی کرنے والے ذمہ داران کے خلاف مقدمات درج کرنے کا اختیار بھی دے دیا گیا۔

    بھارتی عسکری کمان کے ایڈجوڈنٹ جنرل آفس نے ساتوں آرمی کمانڈز کو بذریعہ خط ہدایات جاری کر دی ہیں، خط میں کہا گیا ہے کہ فوجی سروس، معاملات، مراعات بالخصوص افسران کے خلاف پروپیگنڈا اور فوجی نظم و ضبط متاثر کرنے پر کارروائی عمل میں لائی جائے۔

    خط کے متن کے مطابق احکامات پر عمل درآمد نہ کرنے کی صورت میں آرمی ایکٹ 1950 کے سیکشن 131 کے تحت بغاوت پر اْکسانے کا مقدمہ اور عمر قید کی سزا کا حوالہ دیا گیا ہے۔

    بھارتی افواج نے ویٹرنز اور ریٹائرڈ اہلکاروں کو سیاسی معاملات میں فوج کو ملوث کرنے سے روکنے کے احکامات جاری کر دیے۔

  • محمد بن سلمان کا دورہ پاکستان، سوشل میڈیا پر منفی پروپیگنڈا کرنے والوں کے خلاف وزارتِ داخلہ کا ایکشن

    محمد بن سلمان کا دورہ پاکستان، سوشل میڈیا پر منفی پروپیگنڈا کرنے والوں کے خلاف وزارتِ داخلہ کا ایکشن

    اسلام آباد: سعودی ولی عہد محمد بن سلمان اور وفد کے دورہ پاکستان کے حوالے سے منفی پروپیگنڈا کرنے والوں کے خلاف ایکشن لینے کے لیے وزارتِ داخلہ نے ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے اور متعلقہ محکموں کو خط ارسال کردیا۔

    وزارتِ داخلہ کی جانب سے چیئرمین پاکستان ٹیلی کمیونیکشن اتھارٹی (پی ٹی اے)، ڈائریکٹر جنرل فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے)، چیف کمشنر اسلام آباد، تمام صوبوں کے آئی جیز اور چیف سیکرٹریز کو خط ارسال کیا گیا۔

    خط میں کہا گیا ہے کہ سوشل میڈیا پر چند تنظیمیں اور اُن سے وابستہ افراد ولی عہد کی آمد سے متعلق منفی پروپیگنڈا کررہے ہیں، اب تک فیس بک کے 5 مختلف پیجز، 19 فیس بک اکاؤنٹس اور 20 ٹویٹر اکاؤنٹس کی نشاندہی ہوئی جو بے بنیاد باتیں پھیلا رہے ہیں۔

    وزارتِ داخلہ نے ایف آئی اے سائبر کرائم اور پی ٹی اے کو ہدایت کی کہ مذکورہ اکاؤنٹس کو فوری بلاک کر کے ان کو چلانے والوں اور ایڈمنز کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔

    یاد رہے کہ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کل پاکستان پہنچیں گے، اس ضمن میں حکومت نے تمام تر انتظامات مکمل کرلیے جبکہ جڑواں شہروں کی سیکیورٹی بھی سخت کردی گئی۔

    محمد بن سلمان کا طیارہ جیسے ہی پاکستان کی حدود میں داخل ہوگا انہیں پاک فضائیہ کا شیر دل اسکواڈ جے ایف 17 سے فضاء میں سلامی دے گا جبکہ 21 توپوں کی سلامی بھی دی جائے گی۔ حکومت نے شاہی مہمان کی آمد کے موقع پر شاہی انتظامات کیے، تین سو جدید گاڑیوں کی بکنگ جبکہ ہوٹلز کی بکنگ بھی کرلی جبکہ جڑواں شہروں کی سیکیورٹی پاک فوج نے سنبھال لی۔

    سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے دورہ پاکستان آمد پر وفاقی دارالحکومت کی انتظامیہ نے متبادل ٹریفک پلان جاری کیا ہے۔