Tag: Social media

  • برطانیہ میں پیٹرول بحران : سوشل میڈیا پر خاتون نے نیا تنازعہ کھڑا کردیا

    برطانیہ میں پیٹرول بحران : سوشل میڈیا پر خاتون نے نیا تنازعہ کھڑا کردیا

    لندن : برطانیہ میں پیٹرول کی قلت کے باعث لوگ شدید ذہنی اذیت سے دوچار ہیں، پیٹرول پمپس پر لمبی لمبی قطاریں ان کی بے بسی کا کھلا اظہار ہے۔

    ایسے موقع پر برطانیہ کے عوام مزید غم و غصے کا شکار ہوئے جب ایک خاتون نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر دس لیٹر پیٹرول فروخت کرنے کی کوشش کی۔ اسٹاک پورٹ کی رہائشی خاتون کی جانب سے جیسے ہی یہ پوسٹ شیئر کی گئی تو لوگوں میں شدید غم و غصہ پھیل گیا۔

    برطانوی اخبار کے مطابق سماجی رابطوں کی ویب سائٹ فیس بک پر ایک خاتون صارف نے پیٹرول کے دو کینوں کی تصاویر کے ساتھ پوسٹ شیئر کی کہ وہ پیٹرول کے دو کین 50 پاؤنڈز کے عوض فروخت کرنا چاہتی ہیں۔ پوسٹ میں واضح کیا گیا تھا کہ قیمت میں کین شامل نہیں ہیں۔

    فیس بک کی خاتون صارف نے پیٹرول کی جو قیمت بتائی تھی وہ پمپس پہ فروخت کیے جانے والے پیٹرول کی قیمت سے چار گنا زائد تھی۔

    خاتون صارف نے اس کے بعد فیس بک سے پوسٹ ہٹادی لیکن تاحال یہ معلوم نہیں ہو سکا ہے کہ پوسٹ پیٹرول کے فروخت کیے جانے کی وجہ سے ہٹائی گئی ہے اور یا پھر عوامی ردعمل سے مجبور ہو کر ہٹائی گئی۔

    واضح رہے کہ برطانیہ میں ٹینکر ڈرائیوروں کی کمی کی وجہ سے پیٹرول کی ترسیل میں خلل ایک بڑے بحران کی صورت اختیار کر گیا ہے۔

    میڈیا رپورٹس کے مطابق صورتحال کی سنگینی کا اندازہ اس بات سے بھی لگایا جا سکتا ہے کہ پیٹرول کی سپلائی کو معمول پر لانے کے لیے فوج کی مدد حاصل کرنے کی باتیں ہو رہی ہیں۔

    لندن سمیت برطانیہ کے مختلف حصوں میں پیٹرول پمپوں پر گزشتہ چند روز سے گاڑیوں کی میلوں لمبی قطاریں دکھائی دے رہی ہیں جب کہ لوگوں نے آنے والے دنوں میں پیٹرول نہ ملنے کے خدشات کی وجہ سے اپنی ضروریات سے زیادہ پیٹرول خریدنا بھی شروع کر دیا ہے۔

    وزیر اعظم بورس جانسن کی حکومت کے وزرا مسلسل اس بات پر زور دے رہے ہیں کہ ملک میں پیٹرول کی کوئی کمی نہیں ہے اور صرف وقتی طور پر پیٹرول پمپوں تک تیل کی ترسیل ٹینکر ڈرائیوروں کی کمی کی وجہ سے متاثر ہو رہی ہے جو جلد معمول پر آجائے گی۔

    میڈیا رپورٹ کے مطابق برطانیہ میں ایندھن کے بحران نے ایک بڑے سیاسی بحران کو بھی جنم دیتا دکھائی دے رہا ہے جب کہ وزیراعظم پر دباؤ ہے کہ وہ اس سلسلے میں قوم سے خطاب کریں۔

    رپورٹس کے مطابق حالات کی سنگینی کا نتیجہ ہے کہ دو افراد کو ایک دوسرے کو لاتیں اور گھونسے مارتے ہوئے بھی دیکھا گیا ہے جب کہ منرل واٹر کی بوتلوں کو پیٹرول سے بھرتے بھی نوٹ کیا گیا ہے۔ ایک جگہ سے چاقو بردار کی وڈیو بھی منظر عام پرآئی ہے۔

  • ستر برس کی طویل جدائی کے بعد ماں اور بیٹے کی ملاقات، رقت آمیز مناظر

    ستر برس کی طویل جدائی کے بعد ماں اور بیٹے کی ملاقات، رقت آمیز مناظر

    سوشل میڈیا کی بدولت ستر سال سے جدائی کا غم سہنے والے ماں بیٹے ایک دوسرے سے جا ملے ۔

    غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق عبدالقدوس منسی نامی شخص کو دس برس کی عمر میں اپنے چچا کے ساتھ رہنے بھیج دیا گیا تھا لیکن وہاں سے بھاگ جانے کے بعد ان کا اپنے خاندان سے رابطہ منقطع ہوگیا تھا۔

    اس وقت عبدالقدوس کی پرورش کی ذمہ داری ان کی دو بہنوں نے لے لی تھی۔

    رواں سال اپریل میں ایک تاجر نے عبدالقدوس کی ایک ویڈیو فیس بک پر پوسٹ کی تھی جس میں وہ اپنے خاندان کی تلاش میں مدد کی اپیل کر رہے ہیں، عبدالقدوس کو اپنی عمر کے ابتدائی دس برسوں کے بارے میں اپنے، والدین اور گاؤں کے نام کے علاوہ کچھ بھی یاد نہیں۔

    اب عبدالقدوس خود تین جوان بیٹوں اور پانچ بیٹیوں کے والد ہیں، انہوں نے اپنے خاندان سے ملنے اور عشروں پر محیط جدائی کو ختم کرنے کے لیے مغربی شہر راج شاہی سے لگ بھگ تین سو پچاس کلومیٹر سفر طے کیا۔

    گذشتہ ہفتے عبدالقدوس کی محنت رنگ لائی اور ان کی اپنی والدہ سے ملاقات ہوگئی، انیس سو انتالیس میں پیدا ہونے والے عبدالقدوس نے اس جذباتی لمحات پر کہا کہ ’یہ میری زندگی میں سب سے زیادہ خوشی کا دن ہے کیونکہ والدہ اور بہن نے ہاتھ پر موجود نشان کے باعث پہنچان لیا ہے۔

    عبدالقدوس ستر سال سے ماں کی جدائی کا غم سہہ رہے تھے، ضعیف العمر والدہ سے ملاقات کے دوران چھلک پڑے، ماں اپنے بیٹے کو آغوش میں لئے کافی دیر تک روتی رہی، ’کئی عشروں کے بعد ہونے والی اس ملاقات کے مناظر دیکھنے کے لئے گاؤں نے لوگوں کی بڑی تعداد موجود تھے جو یہ مناظر دیکھ کرآبدیدہ ہوگئے۔

    عبدالقدوس نے اس موقع پر گفتگو میں کہا کہ میری ماں بہت ضعیف ہیں، وہ ٹھیک طرح سے بول نہیں پاتیں، وہ مجھے دیکھنے اور اپنی آغوش میں لینے کے بعد دیر تک روتی رہیں، میں نے انہیں کہا کہ آپ کا بیٹا اب واپس آگیا ہے، اب آپ کو پریشان ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔

  • بیوی کے امتحان نے شوہر کو امتحان میں ڈال دیا، سوشل میڈیا زور دار بحث

    بیوی کے امتحان نے شوہر کو امتحان میں ڈال دیا، سوشل میڈیا زور دار بحث

    کراچی : عام طور پر دیکھا گیا ہے کہ بچوں کو گھمانے پھرانے اور ان کی دیگر ضروریات اور ذمہ داریوں کو پورا کرنے کیلئے مائیں بہ نسبت باپ کے زیادہ کردار ادا کرتی ہیں۔

    ہمارے معاشرے میں بھی اسی قسم کا رجحان ہے لیکن اگر کوئی باپ اپنے چھوٹے بیٹے کی اسی طرح ذمہ داریاں پوری کرے تو اسے نامساعد صورتحال کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

    سوشل میڈیا پر ایک ایسا ہی معاملہ سامنے آیا ہے جس پر صارفین نے ملے جلے تاثرات کا اظہار کیا ہے، فیس بک پر کچھ ایسی تصاویر وائرل ہوئیں کہ جس میں ایک باپ اپنے چھوٹے بچے کے ساتھ پکنک منا رہا ہے۔

    کراچی کے رہائشی احسن فاروقی کی جانب سے اپنے بیٹے کے ساتھ یادگار سفر کی تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کرنا مصبیت بن گیا کیونکہ کچھ لوگوں نے ان کے اس عمل کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔

    ناقدین کا کہنا تھا کہ یہ کام بچے کی ماں کو کرنا چاہیے کیونکہ بچے کی اس قسم کی ضروریات ماں کو پورا کرنا ہوتی ہیں اور باپ کا کام کما کر لانا ہوتا ہے۔

    اسی حوالے سے اے آر وائی نیوز کے پروگرام باخبر سویرا میں احسن فاروقی کو مدعو کیا گیا جنہوں نے اپنے سفر سے متعلق تفصیل سے آگاہ کیا اور خود پر کی گئی تنقید کے حوالے سے بھی بتایا۔

    انہوں نے کہا کہ میرے ڈھائی سال کے بچے کے ساتھ یہ میرا سفر بہت خوشگوار تھا، یہ میرا 5دن کا سفر تھا جس میں نے اپنے ساتھ ساتھ بیٹے کا بھی پورا خیال رکھا۔

    احسن نے بتایا کہ میں ایک بینکر ہوں اور میری اہلیہ بھی ملازمت کرتی ہیں، اس لیے ہمیں چھٹیوں کو گٓزارنے کیلئے باقاعدہ پلان بنانا پڑتا ہے۔

    انہوں نے بتایا کہ میری اہلیہ نے امتحانات کی تیاری کے سلسلے میں اپنے دفتر سے چھٹیاں لیں، تو میں نے بھی بیٹے کے ساتھ پکنک پر جانے کا پروگرام بنا لیا تاکہ ان کی تیاری میں خلل نہ پڑے۔

  • خوفناک چھپکلی نے اہل خانہ کو گھر میں محصور کردیا، تصاویر وائرل

    خوفناک چھپکلی نے اہل خانہ کو گھر میں محصور کردیا، تصاویر وائرل

    کوالالمپور : ملائشیا میں دیو قامت چھپکلی کی حیرت انگیز تصویر نے سوشل میڈیا صارفین کو خوفزدہ کردیا، دو سال پرانی تصویر ایک بار پھر لوگوں کی توجہ کا مرکز بن گئی۔

    آج سے دوسال قبل 2019میں ملائیشیا کے باشندے لانگ چیرنگ لی نامی ایک شخص نے بڑے سائز کی ایک چھپکلی کی ایک تصویر شیئر کی تھی جسے منی گوڈزیلا بھی کہا جاتا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق تصویر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ گھر کے مرکزی آہنی دورازے پر ایک خوفناک چھپکلی چڑھی ہوئی ہے، جس کا سائز تقریباً 8 سے دس فٹ تک ہے۔

    اس خوفناک چھپکلی کی تصویر کو دیکھ کر صارفین نے اسے مختلف سائٹس پر شیئر بھی کیا اور دلچسپ انداز میں اس پر اپنے خیالات کا اظہار بھی کیا۔

    چھپکلی کی تصویر کئی سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر وائرل ہو چکی ہے اگر یہ کہا جائے کہ اس تصویر نے انٹرنیٹ پر دھوم مچا دی تو غلط نہ ہوگا۔

    ایک صارف نے لکھا کہ ایسا لگ رہا ہے یہ چھپکلی گھر کے دروازے پر لٹک کہہ رہی ہے کہ آنٹی تھوڑی چینی دینا ہمارے گھر میں چینی ختم ہوگئی ہے۔

    ایک صارف نے مزاحیہ انداز میں کہا کہ جب ہاسٹل میں داخلے کا آخری وقت ابھی 10 بجے ہے اور آپ 10بج کر 5منٹ پر پہنچتے ہیں تو ایسا ہی ہوتا ہے۔

    ایک اور صارف نے بچپن میں گلی میں کھیلی جانے والے کرکٹ کی منظر کشی کرتے ہوئے کہا کہ جہاں گیند پڑوسی کے گھر میں اترتی ہے اور اسے مانگنے کیلئے جانا پڑتا تھا۔ کہ آنٹی بال دے دیں اب نہیں آئے گی۔

  • مومنہ مستحسن کی سوشل میڈیا پر واپسی

    مومنہ مستحسن کی سوشل میڈیا پر واپسی

    پاکستان کی نامور گلوکارہ مومنہ مستحسن سوشل میڈیا سے بریک کے ڈیڑھ ماہ بعد واپس آگئیں، انہوں نے آف لائن زندگی کو خوبصورت ترین قرار دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق مومنہ مستحسن نے 25 جون کو اپنے انسٹا گرام اکاؤنٹ پر اپنی تصویر کے ساتھ کہا تھا کہ ہم عارضی طور پر بند ہیں۔

     

    View this post on Instagram

     

    A post shared by Momina Mustehsan (@mominamustehsan)

    تاہم گزشتہ روز گلوکارہ نے انسٹا گرام پوسٹ پر آن لائن آنے کے بعد آف لائن زندگی کو خوبصورت ترین قرار دے دیا۔

     

    View this post on Instagram

     

    A post shared by Momina Mustehsan (@mominamustehsan)

    انہوں نے کہا کہ آف لائن زندگی بہت خوبصورت ہے، سوشل میڈیا پر بہت زیادہ مواد اورمعلومات سے آپ کو تقریباً یہ یقین ہونے لگتا ہے کہ یہ ایک بہت بری دنیا ہے لیکن سچ میں ایسا نہیں ہے۔

    مومنہ مستحسن نے اپنے مداحوں کو پیغام دیا کہ زندگی ایک پہیلی ہے اور ہم سب زندگی کی بڑی تصویر کے مختلف ٹکڑے ہیں۔ ہم سب کی زندگی میں بہت مسئلے ہیں، ہمیں صرف انسان ہونے کی ضرورت ہے۔

  • نوجوان نے زندہ سانپ چبالیا، کمزور دل والے ویڈیو نہ دیکھیں

    نوجوان نے زندہ سانپ چبالیا، کمزور دل والے ویڈیو نہ دیکھیں

    ٹاک ٹاک یا کسی اور ایپس پر ویڈیوز بنانے کے شوقین لوگ سستی شہرت کے حصول کیلئے کچھ بھی کرنے کو تیار ہوجاتے ہیں چاہے اس کیلئے انہیں اپنی جان کی قیمت ہی کیوں نہ چکانی پڑے۔

    کچھ اسی طرح کا ایک واقعہ بھارت کے شہر حیدرآباد میں بھی پیش آیا ہے جہاں سوشل میڈیا میں شہرت حاصل کرنے  اور ویڈیو کو وائرل کرنے کے جنون میں ایک نوجوان نے زندہ سانپ کو چبالیا۔

    نوجوان نے زندہ سانپ کو کھانے کے بعد اس کی ویڈیو بناتے ہوئے سوشل میڈیا پر شئیر بھی کردی، پہلے تو اس نوجوان نے سانپ کے سر کو جسم سے جدا کیا اور آہستہ آہستہ دانتوں سے چباتے ہوئے  پورے سانپ کو کھالیا۔

    مذکورہ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی، ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ اس سانپ کھاتے ہوئے وہ دوسرے ساجد نامی نوجوان کو پانی لانے کے لئے آواز دے رہا ہے۔

    جس سے ظاہر ہورہا ہے کہ سانپ کے بد ذائقہ گوشت کی ہیک سے اس کا جی متلا رہا ہے اور وہ اس سے بچنے کیلئے فوری طور پر پانی پینا چاہتا ہے، یہ بھی ہو سکتا تھا کہ سانپ کے زہر سے اس کی جان بھی جا سکتی تھی۔

    سوشل میڈیا پر چند منٹوں میں ویڈیو وائرل ہوتے ہی جانوروں سے محبت کرنے والے صارفین مشتعل ہوگئے، انہوں نے حیدرآباد پولیس کمشنر اور ڈی جی پی سے ٹوئٹر پر شکایت کی کہ اس نوجوانوں کو سزا دی جائے۔

  • اداکارعمران اشرف کا قول سوشل میڈیا پر چھا گیا، مداحوں کی پذیرائی

    اداکارعمران اشرف کا قول سوشل میڈیا پر چھا گیا، مداحوں کی پذیرائی

    پاکستان کے معروف اداکار عمران اشرف کو اداکاروں کا اداکار کہا جاتا ہے۔ ان کا کیریئر مختلف اور ہٹ کر کردار ادا کرنے سے بنا۔ چاہے وہ خواجہ سرا کا کردار ہو یا بھولے کا انوکھا کردار جس نے ناظرین کے دل جیت لیے۔

    اس کے علاوہ عمران اشرف کی جانب سے ادا کیے گئے حال ہی میں دو کردار ” آدم ” اور” موسیٰ ” نے اُن کے اداکاری کے کیریئر کو چار چاند لگا دیئے ہیں۔

    عمران اشرف آج کل شہرت کی بلندیوں کو چھو رہے ہیں، ان کی جانب سے سوشل میڈیا پر شیئر کیا گیا ایک قول انٹرنیٹ صارفین میں کافی مقبولیت حاصل کررہا ہے۔

    عمران اشرف کی جانب سے سوشل میڈیا اکاؤنٹ انسٹا گرام پر اپنا لکھا ہوا ایک قول شیئر کیا گیا ہے جسے پڑھ کر اُن کے مداح سمیت شوبز انڈسٹری بھی اُن کے لکھنے کی صلاحیتوں کی تعریف کر رہی ہے۔

    عمران اشرف نے اپنی انسٹا پوسٹ میں لکھا ہے کہ "ایک نیکی کم سے کم 70 بن کر واپس آتی ہے، احسان وہیں کا وہیں رہتا ہے، پیروں کی مٹی نہیں چھوڑتا، وزنی ہوتا ہے نا، نیکی کرنی چاہیے، احسان نہیں۔”

    واضح رہے کہ عمران اشرف کے مداح نہ صرف باکستان بلکہ دنیا بھر میں موجود ہیں۔ پاکستان کے منجھے ہوئے اداکار عمران اشرف نہ صرف بہترین اداکار ہیں بلکہ خوبصورت تحریرں لکھنے والے رائٹر بھی ہیں۔

  • اداکارہ یمنیٰ زیدی کا شاعرانہ انداز مداحوں کو بھا گیا، ویڈیو وائرل

    اداکارہ یمنیٰ زیدی کا شاعرانہ انداز مداحوں کو بھا گیا، ویڈیو وائرل

    پاکستان شوبز کی معروف اداکارہ یمنیٰ زیدی سوشل میڈیا پر تو پہلے بھی پوسٹس کرتی رہی ہیں لیکن اس بار انہوں نے ایک بار پھر وہی انداز اپنایا جسے صارفین نے پہلے بھی خوب سراہا تھا۔

    یمنیٰ زیدی کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے جس میں وہ اپنے خیالات کی عکاسی شاعری کے ذریعے کرتی دِکھائی دے رہی ہیں، اور ان کے الفاظ کی ادائیگی اتنی زبردست ہے کہ سننے والوں کو اپنے سحر میں جکڑ لیں۔

    یمنیٰ زیدی ماضی میں بھی اس قسم کی ویڈیوز انسٹاگرام پر پوسٹ کرتی رہی ہیں جس میں انہوں نے اپنی لکھی گئی شاعری سے مداحوں کے دلوں میں گھر کرلیا تھا۔

    اداکارہ نے اپنی نئی ویڈیو میں شاعرانہ انداز اپناتے ہوئے کچھ جملے کہے جو ان کے مداح بے حد پسند کررہے ہیں۔ اداکارہ کی ویڈیو کو ان کے اکاؤنٹ پر اب تک 2 لاکھ 24 ہزار سے زائد مرتبہ دیکھا جاچکا ہے جب کہ متعدد صارفین اس پر اپنا تبصرہ پیش کرچکے ہیں۔

    مداحوں کا کہنا ہے کہ یمنیٰ شوبز انڈسٹری کی وہ اداکارہ ہیں جو اداکاری کے ساتھ ساتھ اپنے الفاظ سے لوگوں کے دِلوں میں گھر کرنا جانتی ہیں۔

  • سوشل میڈیا سے ایک پوسٹ پر کروڑوں روپے کمانے والے لوگ کون ہیں؟

    سوشل میڈیا سے ایک پوسٹ پر کروڑوں روپے کمانے والے لوگ کون ہیں؟

    آج کل سوشل میڈیا کی مختلف ایپس پر لوگ اپنا کونٹینٹ شیئر کرکے لاکھوں روپے ماہانہ کما رہے ہیں، ان ہی میں کچھ لوگ ایسے بھی جن کی آمدنی لاکھوں میں نہیں بلکہ کروڑوں میں ہے لیکن یہ مقام انہیں اپنے کام میں انتہائی لگن اور محنت کے بعد حاصل ہوا ہے۔

    سوشل شیئرنگ ایپلی کیشن انسٹاگرام پر برانڈز کی تشہیر کرنے والے افراد کو اگرچہ لاکھوں روپے ملتے ہیں تاہم دنیا میں ایک ایسا شخص بھی ہے، جسے ایک تشہیری پوسٹ کے عوض پاکستانی 25 کروڑ روپے سے زائدرقم ملتی ہے۔

    انسٹاگرام پر تشہیری مہم کے عوض پیسے کمانے والی شخصیات کی سالانہ فہرست جاری کرنے والی نام نہاد ویب سائٹ "ہوپر” نے سال 2021میں سب سے  زیادہ پیسے لینے والی400 شخصیات کی فہرست جاری کی ہے۔ تاہم تقریباً ان 400 شخصیات میں کوئی بھی پاکستانی شخصیت شامل نہیں ہے۔

    مذکورہ فہرست میں امریکا، برطانیہ، جرمنی، فرانس، کینیڈا، برازیل، چین، میکسیکو، انڈیا، کوریا اور انڈونیشیا کی شوبز، اسپورٹس و فیشن شخصیات شامل ہیں۔

    مذکورہ فہرست میں سب سے کم پیسے لینے والے نائیجیریا کے سوشل میڈیا اسٹار ہیں جو ایک پوسٹ کو انسٹاگرام پر شیئر کرنے کے لیے محض 100امریکی ڈالر یعنی پاکستانی 15 ہزار روپے تک وصول کرتا ہے۔

    اسی فہرست میں سب سے زیادہ پیسے والے شخص پرتگال کے فٹ بالر ہیں جو ایک پوسٹ شیئر کرنے کے امریکی 16 لاکھ 40 ہزار ڈالر وصول کرتے ہیں جو پاکستانی 25 کروڑ روپے سے زائد بنتے ہیں۔

    فہرست میں متعدد بھارتی اسٹار اور اداکار بھی شامل ہیں اور بھارتی کرکٹر ویرات کوہلی اور اداکارہ پریانکا چوپڑا سب سے زیادہ پیسے لینے والی 30 شخصیات میں شامل ہیں۔

    فہرست کے مطابق پریانکا چوپڑا سب سے زیادہ پیسے لینے والی شخصیات میں 27 ویں نمبر پر ہیں اور وہ ایک پوسٹ کے عوض 4 لاکھ 30 ہزار امریکی ڈالر یعنی پاکستانی 6 کروڑ 30 لاکھ روپے سے زائد وصول کرتی ہیں۔

    وہ پیسے لینے کے معاملے میں اگرچہ فلسطینی نژاد امریکی ماڈل جی جی حدید سے پیچھے ہیں تاہم وہ ان کی بہن بیلا حدید سے کئی درجے آگے ہیں۔

    اسی طرح پریانکا چوپڑا انسٹاگرام پر ایک پوسٹ کرنے کے عوض اداکارہ ایما واٹسن، سابق فٹ بالر ڈیوڈ بیکہم، ہولی وڈ اداکار ول اسمتھ، امریکی ماڈل کرسٹی ٹیگن اور فٹ بالر محمد صالح سے بھی زیادہ پیسے لیتے ہیں۔ تاہم پریانکا چوپڑا ایک پوسٹ کے عوض بھارتی کرکٹر ویرات کوہلی کے مقابلے تقریبا 4 کروڑ روپے کم لیتی ہیں۔

    اس کے علاوہ ویرات کوہلی ایک پوسٹ کے عوض 6 لاکھ 80 ہزار امریکی ڈالر یعنی پاکستانی 10 کروڑ 75 لاکھ روپے سے زیادہ لیتے ہیں، وہ مذکورہ فہرست میں 19 ویں نمبر پر ہیں۔

    حیران کن طور پر مذکورہ فہرست میں اکشے کمار، عامرخان، سلمان خان  اور شاہ رخ خان سمیت دیپکا پڈوکون، کرینہ کپور اور کترینہ کیف جیسی اداکارائیں بھی شامل نہیں کی گئیں۔

    مذکورہ فہرست کے مطابق انسٹاگرام پر ایک تشہیری پوسٹ کے سب سے زیادہ پیسے پرتگالی فٹ بالر کرسٹیانو رونالڈو وصول کرتے ہیں جو ایک پوسٹ کے عوض 25 کروڑ روپے سے زائد رقم وصول کرتے ہیں۔

    فہرست کے مطابق دوسرے نمبر پر اداکار ڈیوائن جانسن ہیں جو ایک پوسٹ کے 15 لاکھ 23 ہزار امریکی ڈالر یعنی پاکستانی 24 کروڑ روپے سے زائد وصول کرتے ہیں۔

    اسی فہرست میں تیسرے نمبر پر گلوکارہ آریانا گرانڈے ہیں جو ایک پوسٹ کے 23 کروڑ 80 لاکھ روپے لیتی ہیں جب کہ چوتھے نمبر پر ماڈل کایلی جینر ہیں جو دو سال قبل سے زیادہ پیسے لینے والی شخصیت تھیں۔

    کایلی جینر ایک پوسٹ کے عوض 23 کروڑ 60 لاکھ روپے وصول کرتی ہیں جب کہ پانچویں نمبر پر گلوکارہ سلینا گومز ہیں جو ایک پوسٹ کے عوض 23 کروڑ 22 لاکھ روپے لیتی ہیں۔

  • کیا سوشل میڈیا انسانی تہذیب کیلئے خطرناک ہے؟

    کیا سوشل میڈیا انسانی تہذیب کیلئے خطرناک ہے؟

    مختلف ممالک کے سائنسدانوں کے ایک گروپ نے مشترکہ تحقیقی مقالے میں سوشل میڈیا کو انسانیت کے لیے خطرناک قرار دیا ہے۔ان کا کہنا ہے کہ آنے والے وقت میں یہ ٹیکنالوجی انسانیت اور انسانی تہذیب کو تباہ کردے گی۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق مختلف ممالک کے سائنسدانوں کے ایک گروپ نے مشترکہ تحقیقی مقالے میں سوشل میڈیا کو انسانیت کے لیے خطرناک قرار دیا۔

    انہوں نے کہا کہ اگر سوشل میڈیا پر انسانوں کے اجتماعی طرز عمل اور سوچ میں تبدیلی کو نہ سمجھا گیا تو یہ ٹیکنالوجی انسانیت اور انسانی تہذیب کو تباہ کر دے گی۔

    ماہرین نے کہا کہ انٹرنیٹ اور سوشل میڈیا کی بدولت انسانوں کے باہمی رابطے نہ صرف بہت بڑھ چکے ہیں بلکہ ان کی پیچیدگی بھی ماضی میں انسانی سماج کی نسبت کئی گنا زیادہ ہوچکی ہے۔

    انہوں نے خبردار کیا کہ اگر انسانی پیمانے پر ٹیکنالوجی کے اثرات نہ سمجھے گئے تو ہم آنے والے برسوں میں کسی غیر ارادی اور غیر متوقع تباہی کا شکار ہو سکتے ہیں۔

    ماہرین نے کورونا وائرس کی غلط اور بے بنیاد خبروں کے وسیع تر پھیلاؤ اور اس پھیلاؤ سے برآمد ہونے والے سنگین نتائج کو اس امر کی تازہ ترین مثال کے طور پر پیش کیا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ مستقبل میں ہم جدید ٹیکنالوجی سے پیدا ہونے والے غیر ارادی، غیر متوقع اور منفی نتائج کا بڑے پیمانے پر سامنا کرسکتے ہیں جن میں انتخابی دھاندلی کے ساتھ ساتھ بیماری، پرتشدد انتہا پسندی، خشک سالی، نسل پرستی اور جنگی حالات تک شامل ہوسکتے ہیں۔

    دوسری جانب سائنسدانوں نے سوشل میڈیا کو مکمل طور پر غلط تو قرار نہیں دیا بلکہ مختلف مواقع پر سوشل میڈیا کے کردار کو سراہا بھی گیا ہے۔