Tag: Social media

  • اداکار فیروز خان مداحوں کے سامنے ایک نئے روپ میں

    اداکار فیروز خان مداحوں کے سامنے ایک نئے روپ میں

    کراچی : پاکستان شوبز کے نامور اداکار فیروز خان بھی شاعری کے دلدادہ نکلے، سوشل میڈیا پر پوسٹ کیے گئے ایک غمگین شعر پر مداحوں نے انہیں دل کھول کر داد دی۔

    پاکستان کے معروف فلم و ڈرامہ انڈسٹری کے اداکار فیروز خان کی جانب سے سوشل میڈیا پر ایک غمگین شعر لکھا گیا ہے جسے پڑھنے کے بعد مداح داد دینے پر مجبور ہو گئے ہیں۔

    ٹی وی ڈرامہ ’خدا اور محبت‘ کے تیسرے سیکوئل میں اپنی جاندار اداکاری سے شائقین کو رلانے والے اداکار فیروز خان آج کل نئے پروجیکٹس پر کام کرنے میں کافی مصروف ہیں۔

    فیروزخان اتنی مصروفیت کے باوجود بھی اپنے مداحوں سے رابطہ رکھنا نہیں بھولتے اور ہر دن نئی پوسٹ کے ذریعے مداحوں کو ٹریٹ دیتے نظر آتے ہیں۔

    فیروزخان کی جانب سے اپنی نئی پوسٹ میں ایک غمگین، دل کو چھو لینے والا شعر لکھا گیا ہے۔ فیروز خان نے لکھا کہ،

    درد اتنا ہے کے ہر رگ میں ہے محشر برپا،
    اور سکوں ایسا کہ مر جانے کو جی چاہتا ہے۔

    فیروز خان کےاس شعر کے ساتھ پوسٹ کی گئی تصویر بھی کافی اداس اور اُن کی آنکھیں بھی غمگین نظر آ رہی ہیں۔

    فیروز خان کے مداحوں کی جانب سے اُن کی اس پوسٹ پر داد دینے کا سلسلہ جاری ہے جبکہ اُن کے چند مداح اُن کے شعر کے بدلے میں شعر و شاعری سے بھی جواب دے رہے ہیں۔

     

  • اداکارہ صحیفہ جبار نے سوشل میڈیا صارفین کو خطرے سے آگاہ کردیا

    اداکارہ صحیفہ جبار نے سوشل میڈیا صارفین کو خطرے سے آگاہ کردیا

    کراچی : پاکستان ٹیلی وژن کی وراسٹائل اداکارہ صحیفہ جبار نے سوشل میڈیا پر پھیلے ایسے ٹھگوں اور دھوکے باز لوگوں سے اپنے مداحوں کو خبردار کیا ہے جو مختلف حربوں سے صارفین کو لوٹ رہے ہیں۔

    صحیفہ جبار نے انسٹاگرام پر ایک اسٹوری پوسٹ کی جس میں انہوں نے سوشل میڈیا پر جعلی اکاؤنٹس بنا کر صارفین سے پیسے بٹورنے والوں سے ہوشیار رہنے کا مشورہ دیا ہے۔

    انہوں نے اپنی پوسٹ میں کہا کہ یہ جو کمنٹ سیکشن میں گھر بیٹھے پیسے کمائیں، اپنی قسمت جانیے جیسے اکاؤنٹس ہوتے ہیں ان سے بچیں اور دوسروں کو بھی بچائیں۔

    اداکارہ کا کہنا تھا کہ یہ لوگ صرف پیسے بٹورنے کے چکر میں بیٹھے ہیں اور آپ لوگوں کو بے وقوف بنانا چاہتے ہیں، ہاتھ کی لکیریں دیکھ کر قسمت بتانے والے آپ لوگوں کو شک میں مبتلا کرنے والی باتیں بتائیں گے، جیسے آپ کس طرح اپنی مشکل زندگی کا مقابلہ کررہے ہیں۔

    صحیفہ نے کہا کہ وہ آپ سے پوچھیں گے کہ آج کل آپ کسی الجھن میں ہیں اور اس طرح آپ کو باتوں میں گھیر لیں گے مگر آج کل الجھن میں کون نہیں ہے؟

    اداکارہ نے اپیل کی کہ اس قسم کے لوگوں کو پیسے ٹرانسفر نا کریں اور ان سے کوئی رابطہ نہیں رکھیں، ان جعلی اکاؤنٹس کو فوری طور پر  رپورٹ کریں۔

    خیال رہے کہ سوشل میڈیا پر اس طرح کے کئی واقعات سامنے آچکے ہیں جن میں صارف سے لوگ دھوکہ دہی کے ذریعے پیسے بٹور لیتے ہیں جس کے نتیجے میں ان کا بھاری نقصان ہوجاتا ہے۔

  • ٹائی ٹینک ہیروئن سوشل میڈیا سے کیوں خفا ہیں؟

    ٹائی ٹینک ہیروئن سوشل میڈیا سے کیوں خفا ہیں؟

    ہالی ووڈ اداکارہ کیٹ ونسلیٹ نے سوشل میڈیا پر تصویروں کے ساتھ فلٹرز استعمال کرنے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔

    ٹا ئی ٹینک کی مشہور زمانہ ہیروئن کیٹ ونسلیٹ نے ایک انٹرویو کے دوران کہا کہ اصل چہرے خوبصورت ہوتے ہیں لیکن ہم نے سیکھنا چھوڑ دیا ہے کہ ان چہروں سے محبت کیسے کی جائے ؟ کیونکہ اب سوشل میڈیا کی وجہ سے ہم ان چہروں کو فلٹرز کے نیچےچھپا کر رکھتے ہیں۔

    آسکر اور بافٹا ایوارڈ یافتہ اداکارہ نے مزید کہا کہ کوئی بھی فوٹوشاپ کے ذریعے خود کو بدل سکتا ہے، عام طور پر مجھے اس نسل کے لئے برا لگتا ہے کیونکہ میں اس چیز کو رکتا یا تبدیل ہوتا ہوا نہیں دیکھ رہی۔

    واضح رہے کہ گذشتہ سال نومبر میں ہالی ووڈ اداکارہ کیٹ ونسلیٹ نے سات منٹ تک زیر آب سانس روک کر ٹام کروز کا ریکارڈ توڑا تھا، ذرائع ابلاغ کا کہنا تھا کہ 2015 میں ٹام کروز نے مشن امپاسیبل کی شوٹنگ کے دوران ایک اسٹنٹ کرتے ہوئے پانی اندر 6 منٹ سانس روکنے کا ریکارڈ بنایا تھا جسے پانچ سال بعد کیٹ نے اپنے نام کرلیا۔

    کیٹ ونسلیٹ نے یہ ریکارڈ فلم اوتار 2 کی عکسبندی کے دوران اپنے نام کیا جس میں وہ ایک واٹر پرسن کے روپ میں نظر آئیں گی۔

  • بھارتی اداکارہ پاکستانیوں کے رویوں کی معترف ہوگئیں

    بھارتی اداکارہ پاکستانیوں کے رویوں کی معترف ہوگئیں

    ممبئی : بھارت میں کورونا وائرس کی وبا سے ہلاکتوں کی تعداد میں اضافے سے بہت سے شہروں میں شمشان گھاٹوں اور قبرستانوں میں آخری رسومات کی ادائیگی میں دشواریاں پیش آرہی ہیں۔

    اس وقت دنیا بھر میں کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ملکوں کی فہرست میں بھارت دوسرے نمبر پر ہے، کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد کے اعتبار سے بھارت نے برازیل کی جگہ لے لی ہے اور حکومت اس وبا کی دوسری لہر سے نمٹنے کی کوششیں کر رہی ہے۔

    دوسری وبا کی شدت کی وجہ سے اس کو "سونامی” سے تشبہہ دی جا رہی ہے جبکہ اسپتالوں میں مریضوں کی گنجائش ختم ہو گئی ہے اور ہر روز ایک ہزار مریض ہلاک ہو رہے ہیں۔

    ان دنوں کورونا وائرس سے یومیہ کیسز اور ہلاکتوں میں ریکارڈ اضافے کے ساتھ بھارت آکسیجن کی قلت کے باعث شدید بحرانی صورتحال کا شکار ہے۔ آکسیجن کی قلت سے متعلق تصاویر وائرل ہونے کے بعد پاکستانی ٹوئٹر صارفین نے پڑوسی ملک کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا تھا۔

    پاکستان میں ٹوئٹر صارفین نے وزیراعظم عمران خان پر زور دیا تھا کہ وہ انسانی بنیادوں پر بھارت کے لیے امداد بھیجیں۔ اس حوالے سے کئی ٹرینڈز بھی سامنے آئے جن میں سے ‘IndiaNeedsOxygen’ اور ‘PakistanStandsWithIndia’ کے ہیش ٹیگز بھی شامل تھے۔

    دوسری جانب ایدھی فاؤنڈیشن کے چیئرمین فیصل ایدھی نے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے نام خط میں کورونا سے پیدا ہونے والے بحران پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے انہیں مدد کی پیشکش کی تھی جبکہ پاکستان نے بھی بھارت سے یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے باضابطہ طور پر امداد کی پیشکش کی تھی۔

    اس کے علاوہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا تھا کہ کوویڈ-19 کی موجودہ وبا کے دوران بھارت کے عوام سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے پاکستان باضابطہ طور پر امداد کی پیشکش کرتا ہے۔

    پاکستان کی جانب سے اظہار یکجہتی، ہمدردی اور خیر سگالی کے پیغامات پر گزشتہ روز اداکارہ کنگنا رناوٹ نے بھی سوشل میڈیا پر خوشی کا اظہار کیا تھا، جس کے بعد ایک اور بالی ووڈ اداکارہ سوارا بھاسکر نے اظہارِ یکجہتی کرنے پر پاکستانی عوام کا شکریہ ادا کیا ہے۔

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کی گئی ٹوئٹ میں سوارا بھاسکر نے کہا کہ اس تباہ کن وقت میں پاکستانی سول سوسائٹی اور سوشل میڈیا کی جانب سے بھارت سے اظہارِ یکجہتی اور ہمدردی دیکھ کر خوشی ہوئی۔

    سوارا بھاسکر نے کہا کہ اس حقیقت کے باوجود کہ ہمارے میڈیا اور مین اسٹریم پر پاکستانیوں کا مسلسل مذاق اڑایا جاتا ہے اور ان سے متعلق غلط معلومات پھیلائی جاتی ہیں انہوں نے مزید لکھا کہ آپ کے بڑے دل کے لیے شکریہ پڑوسی۔

    یاد رہے کہ اس سے قبل سوارا بھاسکر نے بھارت کے لیے تشویش کا اظہار کرنے پر پاکستانی کرکٹر شعیب اختر کا بھی شکریہ ادا کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ تھا شعیب اختر جی ہم، آپ کی ہمدردی اور جذبہ انسانی کے بہت مشکور ہیں۔

  • گلوکار علی ظفر کی فیملی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل

    گلوکار علی ظفر کی فیملی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل

    لاہور : ملک کے معروف گلوکار اور اداکار علی ظفر کی اپنی والدہ کے پاؤں دباتے ہوئے ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی، صارفین کی جانب سے بہت پسند کیا جارہا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان کے معروف گلوکار و اداکار علی ظفر کے چھوٹے بھائی، دانیال ظفر نے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو اپلوڈ کی ہے جسے صارفین کی جانب سے خوب سراہا جارہا ہے۔

    مختصر ویڈیو اور تصاویر کی ایپ انسٹا گرام پر دانیال ظفر کی شیئر کی گئی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ وہ اپنے بڑے بھائی علی ظفر اور والدہ کے ساتھ بیٹھے ٹی وی دیکھ رہے ہیں۔

    انسٹا اسٹوری میں علی ظفر اپنی والدہ کے پاؤں دبا رہے ہیں اور یہ تینوں مل کر رمضان کے دوران نجی چینل پر نشر ہونے والی  دانیال ظفر کی اسپیشل سیریز دیکھ رہے ہیں جبکہ دانیال ظفر بغیر پوچھے اور بتائے بڑے بھائی اور والدہ کی ویڈیو بنا رہے ہیں۔

    معلوم ہونے پر علی ظفر ویڈیو میں دانیال سے کہہ رہے ہیں کہ ویڈیو بنانے سے پہلے پوچھ تو لیا کرو جبکہ ان دونوں فنکاروں کی والدہ کو بھی اچانک اپنی ویڈیو بننا کچھ خاص پسند نہیں آیا اور وہ کیمرے سے منہ چھپا رہی ہیں۔

    دانیال اور علی ظفر کی یہ فیملی ویڈیو دیکھتے ہی دیکھتے خوب وائرل ہو گئی ہے جس پر اُن کے مداح دانیال کی اداکاری کی اور علی ظفر کے والدہ کے پاؤں دبانے پر خوب تعریفیں کررہے ہیں۔

  • سعودی عرب : سوشل میڈیا پر لوگوں کو لوٹنے والوں کا انجام

    سعودی عرب : سوشل میڈیا پر لوگوں کو لوٹنے والوں کا انجام

    ریاض : سعودی عرب پولیس نے ایک گروہ کے دس ملزمان کو گرفتار کیا ہے جو نوکری دلانے کے بہانے سے لوگوں سے اچھی خاصی رقم اینٹھ کر انہیں دھوکہ دے رہے تھے۔

    اس حوالے سے سعودی عرب میں ریاض پولیس کے ترجمان میجر خالد الکریدیس نے کہا ہے کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے کی خصوصی ٹیم نے لوگوں کو پرکشش نوکری کا جھانسہ دے کر انہیں لوٹنے والے دس رکنی گروہ کو گرفتار کیا ہے۔

    سعودی خبررساں ادارے کے مطابق گروہ میں چھ پاکستانی اور بھارتی شامل ہیں جبکہ ان کے دوساتھیوں کے بارے میں انکشاف ہوا ہے کہ وہ بیرون ملک سے نیٹ ورک سے منسلک تھے۔

    جعل ساز گروہ سے تعلق رکھنے والے چار بنگلہ دیشیوں کو بھی حراست میں لیا گیا ہے جو ملزمان کو غیر قانونی موبائل اور انٹرنیٹ سمز فراہم کرتے اور ان کی مجرمانہ کارروائیوں کے شریک تھے۔

    میجر خالد الکریدیس نے مزید بتایا کہ ملزمان کو ریاض، مکہ مکرمہ اور مشرقی ریجن سے حراست میں لیا گیا ہے جن سے مزید تحقیقات جاری ہیں۔

    گروہ کے بارے میں معلوم ہوا کہ انہوں نے مختلف دھوکے بازی کی وارداتوں کے ذریعے مختلف لوگوں سے 15 لاکھ ریال سے زائد رقم ہتھیائی تھی۔

    ملزمان کے قبضے سے 40 ہزار ریال نقد، سونے کے زیورات اور چار ہزار 800 نیشنل اور انٹرنیشل موبائل سمز بھی برآمد ہوئی ہیں۔

    پولیس ترجمان کا کہنا ہے کہ ملزمان ایسے افراد کا شکار کرتے تھے جو روزگار کی تلاش میں یا بینک سے قرض لینے کے لیے کوشاں ہوتے۔

    ملزمان سوشل میڈیا پرانتہائی پرکشش تنخواہ اور مراعات پرمبنی نوکری اور آسان قرض حاصل کرنے کا اشتہار دیتے انٹرویو کے لیے آن لائن وڈیو کانفرنس کا انتظام کرتے تھے۔

    انٹرویو کے بعد نیٹ ورک کی جانب سے بائیو ڈیٹا اور فائل مکمل کرنے کے لیے درخواست گزار کی ذاتی معلومات جن میں بینک اکاونٹ کی تفصیلات بھی شامل ہوتی تھی حاصل کی جاتی تھیں۔

    خیال رہے کہ کچھ عرصہ قبل سوشل میڈیا پر ایک شخص نے اپنے شکار ہونے کی داستان میں کہا تھا کہ سوشل میڈیا پر پرکشش نوکری کا اشتہار دیکھ کر اپنی سی وی ارسال کردی۔

    سی وی ارسال کرنے کے کچھ دن بعد آن لائن انٹرویو کے لیے وقت متعین کیا گیا، متاثرہ شخص کا مزید کہنا تھا کہ وقت مقررہ پر آن لائن وڈیو انٹرویو شروع ہوا دوسری جانب جو شخص تھا وہ انتہائی شائستہ اورمہذب دکھائی دے رہا تھا۔

    انٹرویو کے بعد ایک فارم ارسال کیا گیا جو نوکری سے متعلق ہی تھا جس کے بارے میں کہا گیا کہ فارم پر کرکے آن لائن جمع کرانا ہے جس کے بعد کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز فیصلہ کریں گے۔

    فارم ارسال کرنے کے دوسرے دن موبائل پرایس ایم ایس کے ذریعے ایک کوڈ موصول ہوا جس کے ساتھ ہی موصول ہونے والی کال میں کہا گیا کہ وہ کوڈ کمپنی کو ارسال کرنا ہے تاکہ آن لائن انٹرویو کے مرحلے کو مکمل کیا جاسکے۔

    متاثر شخص نے مزید کہا کہ کال کرنے والے انتہائی مہذب طریقے سے بات کررہا تھا ایسا محسوس ہی نہیں ہوتا تھا کہ وہ کوئی لٹیرا یا جعل ساز ہے۔ موصول ہونے والا کوڈ کال کرنے والے کو دینے کے چند منٹ بعد ہی میرے بینک اکاؤنٹ سے خطیررقم نکالی جاچکی تھی۔

    واضح رہے اس سے قبل موبائل فون پر خطیر رقم انعام میں نکلنے کی نوید سنا کرلوگوں کو لوٹا جاتا تھا بعدازاں بینک اکاؤنٹ اپ ڈیٹ کرنے کا کہہ لوگوں کی بینک معلومات حاصل کرکے ان کے اکاؤنٹ سے رقم منتقل کرالی جاتی جبکہ اب پرکشش نوکری اور آسان قرضے کا لالچ دے کر واردات کا نیا طریقہ اختیار کیا گیا تھا۔

  • صبا قمر کی تصویر : نور بخاری ساتھی اداکارہ کے حق میں بول پڑیں

    صبا قمر کی تصویر : نور بخاری ساتھی اداکارہ کے حق میں بول پڑیں

    لاہور : سابقہ فلمی اداکارہ نور بخاری بھی صبا قمر کی حمایت میں سامنے آگئیں ان کا کہنا ہے کہ خدارا اس طرح صبا قمر کا اور حجاب پہننے والی لڑکیوں کا مذاق نہ بنائیں۔

    گزشتہ کئی روز سے صبا قمر کی سالگرہ کے موقع پر بنائی گئی ایک تصویر میں بہت ماہرانہ انداز سے ترمیم کی گئی جسے سوشل میڈیا پر خوب پذیرائی ملی۔

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر فیس بک اور دیگر پلیٹ فارمز پر صبا قمر کو ٹرول کیا جارہا تھا جس پر نور بخاری بھی چپ نہ رہیں۔

    اس سلسلے میں سابق اداکارہ نور بخاری نے انسٹاگرام پر صبا قمر کی ترمیم شدہ تصویر شیئر کرتے ہوئے کہا کہ کسی کو بھی یوں صبا قمر کا یا کسی بھی حجاب کرنے والی لڑکی کا مذاق اڑانا نہیں چاہئے۔

    علاوہ ازیں اپنی اس ترمیم شدہ تصویر کو صبا قمر نے بھی پسند کیا ہے اور صارفین کے کمنٹس سے بھی محظوظ ہورہی ہیں، انہوں نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری میں ترمیم شدہ تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ یہ واقعی مزاحیہ ہے۔

  • ٹرمپ جلد ہنگامہ خیز واپسی کرنے جارہے ہیں: ترجمان کا دعویٰ

    ٹرمپ جلد ہنگامہ خیز واپسی کرنے جارہے ہیں: ترجمان کا دعویٰ

    واشنگٹن: سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ترجمان کا دعویٰ ہے کہ ٹرمپ بہت جلد اپنی ذاتی سوشل میڈیا سائٹ / پلیٹ فارم سے دوبارہ منظر عام پر آئیں گے، ٹرمپ کے اکثر سوشل میڈیا اکاؤنٹس بند کیے جا چکے ہیں۔

    بین الاقوامی میڈیا کے مطابق ایس ایچ ڈبلیو پارٹنرز کے پرنسپل جیسن ملر نے پیش گوئی کی ہے کہ سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اپنی آن لائن موجودگی میں لاکھوں صارفین کو اپنی طرف راغب کریں گے۔

    ملر ٹرمپ کی 2020 کی صدارتی مہم کے ترجمان تھے، انہوں نے اتوار کے روز ایک ٹی وی شو میں کہا تھا کہ ٹرمپ 2 سے 3 ماہ میں ایک نئی سوشل میڈیا سائٹ کے ساتھ سامنے آئیں گے جو سوشل میڈیا کے منظر نامے کو مکمل طور پر بدل دے گی۔

    ٹرمپ اپنے دور صدارت سے پہلے اور اس کے دوران نہایت غیر ذمہ دارانہ انداز میں ٹویٹر استعمال کرتے رہے، لیکن 6 جنوری کو جب ان کے حامیوں نے کیپیٹل ہل کی عمارت پر دھاوا بولا اورٹرمپ ٹویٹر پر انہیں بڑھاوا دیتے رہے تو ان کا ٹویٹر اکاؤنٹ پہلے عارضی اور پھر مستقل طور پر بند کردیا گیا۔

    ٹرمپ کا دور صدارت تنازعات سے بھرپور رہا اور ان کے دور میں امریکا میں نسلی منافرت، تعصب پسندی اور نسل پرست انتہا پسندی میں بے تحاشہ اضافہ ہوگیا۔

  • منشیات کیس میں ملوث ریا چکرورتی بھی بول پڑیں

    منشیات کیس میں ملوث ریا چکرورتی بھی بول پڑیں

    ممبئی : سشانت سنگھ راجپوت منشیات کیس میں ملوث بھارتی اداکارہ ریا چکرورتی طویل عرصے بعد سوشل میڈیا پر نظر آئیں، انہوں نے عالمی یوم خواتین کے حوالے سے ایک پیغام شیئر کیا۔

    بھارتی اداکار سشانت سنگھ کی گرل فرینڈ ادکارہ ریا چکرورتی طویل مدت بعد سوشل میڈیا پر سامنے آئی ہیں۔ انہوں  نے تقریباً 7 ماہ بعد اپنے سوشل میڈیا پر کوئی پیغام شیئر کیا ہے۔

    انہوں نے عالمی یوم خواتین کے حوالے سے تصویر کے ساتھ ایک پیغام شیئر کیا ہے، اس تصویر میں انہوں نے اپنی والدہ کا ہاتھ تھام رکھا ہے۔ تصویر کے کیپشن میں ریا چکرورتی نے لکھا کہ میرا صبر، میرا ایمان اور میری طاقت میری والدہ ہیں۔

    واضح رہے کہ سشانت سنگھ راجپوت منشیات کیس میں اداکارہ ریا چکرورتی سمیت 33 ملزمان کے خلاف تقریباً 12ہزار صفحات پر مشتمل فرد جرم داخل کر دی گئی ہے۔

    مرکزی انسداد منشیات ایجنسی (این سی بی) کی جانب سے گزشتہ روز ممبئی کی سیشن عدالت کی خصوصی این ڈی پی ایس کورٹ میں چارج شیٹ داخل کی گئی۔

    جن ملزمان کے خلاف چارج شیٹ داخل کی گئی ہے ان میں سے 8 افراد تاحال عدالت کی تحویل میں ہیں جبکہ دیگر کی درخواست ضمانت منظور ہو چکی ہے۔ ایجنسی نے عدالت کو تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ کئی دیگر افراد کے خلاف تفتیش کا عمل جاری ہے۔

    این سی بی نے عدالت کو بتایا کہ دورانِ تفتیش ملزمان سے کئی طرح کی منشیات اور سائیکوٹراپیک سبسٹنس،الیکٹرانک آلات اور بھارت سمیت کئی ممالک کی کرنسی بھی ضبط کی گئی تھی۔

  • مفت کھانا مانگنے پر سوشل میڈیا اسٹار کی بے عزتی

    مفت کھانا مانگنے پر سوشل میڈیا اسٹار کی بے عزتی

    ایک برطانوی سوشل میڈیا انفلوئنسر کو اس وقت سخت خفت کا سامنا کرنا پڑا جب مفت کھانے کے بدلے ریستوران کی تشہیر کی پیشکش کرنے پر ریستوران انتظامیہ نے انہیں پولیس اسٹیشن کا راستہ دکھا دیا۔

    لندن سے تعلق رکھنے والے انفلوئنسر کرسٹوفر جیسی اپنے انسٹاگرام پر 50 ہزار فالوورز رکھتے ہیں اور اکثر و بیشتر مختلف کمپنیوں کی تشہیر کرتے رہتے ہیں۔

    کچھ دن قبل انہوں نے فور لیگز نامی ایک ریستوران کو اپنے مطلوبہ کھانے کے بارے میں بتاتے ہوئے پیشکش کی کہ وہ ان کی تشہیر اپنے سوشل میڈیا پر کریں گے۔

    ریستوران کی جانب سے ان کی پیشکش پر رضا مندی کا اظہار کرتے ہوئے ایک ایڈریس بتایا گیا کہ وہ وہاں سے اپنے پارسل پک کرلیں۔

    کرسٹوفر جب مطلوبہ مقام پر پہنچے تو ریستوران کی جانب سے انہیں کہا گیا کہ سامنے موجود پولیس اسٹیشن میں چلے جائیں اور خود کو ہاسپٹیلٹی انڈسٹری کے خلاف جرم کا مرتکب قرار دے کر رپورٹ کریں۔

     

    View this post on Instagram

     

    A post shared by Four Legs (@fourlegs_ldn)

    بعد ازاں اس ریستوران نے کرسٹوفر کے ساتھ ہونے والی گفتگو کے اسکرین شاٹس بھی اپنے سوشل میڈیا پر شیئر کردیے۔

    انفلوئنسر نے ریستوران انتظامیہ کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ اگر انہیں یہ پیشکش پسند نہیں آئی تھی تو وہ اس سے انکار کرسکتے تھے۔