Tag: Social media

  • جمہوریت کے دعوے دھرے رہ گئے، مودی سرکار کی سوشل میڈیا کیخلاف بڑی کارروائی

    جمہوریت کے دعوے دھرے رہ گئے، مودی سرکار کی سوشل میڈیا کیخلاف بڑی کارروائی

    نئی دہلی : بھارت میں مودی حکومت کی ناقص پالیسیوں اور جبری اقدامات کے خلاف سوشل میڈیا پر لاکھوں صارفین اپنے خیالات کا کھل کراظہار کررہے ہیں جو مودی سرکار کو ایک آنکھ نہیں بھا رہا۔

    اسی تناظر کے پیش نظر بھارتی حکومت نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے خلاف ہونے والے پیغامات پوسٹ کرنے والوں کے اکاؤنٹ بند کرنے کامطالبہ کیا تھا جسے انتظامیہ نے مسترد کردیا۔

    اس حوالے سے غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق بھارت میں زرعی قانون کے خلاف ہونے والےکسانوں کے بھرپور احتجاج نے مودی حکومت کو ہلاکر رکھ دیا ہے۔

    فیس بک اور ٹوئٹر پر ان مظاہروں کی ویڈیوز اور تصاویر نے دنیا کو جھنجوڑ کر رکھ دیا اور کینیڈا کی حکومت نےبھی کسانوں کے ساتھ اس ناانصافی پر بھارت سے تشویش کا اظہار کیا جو مودی سرکار کو بہت ناگوار گزرا۔

    مودی حکومت کی دنیا بھر میں بدنامی کے بعد بھارتی حکومت نے ٹوئٹر پر ان اکاؤنٹس کو بند کرنے کے لیے رپورٹ کیا تاہم ٹوئٹر نے ان ناجائز احکامات کو تسلیم کرنے سے انکار کردیا جس پر مودی سرکار شدید برافروختہ ہوگئی۔

    اب دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت ہونے کا دعوے دار بھارت آزادی اظہار رائے کو کچلنے کے لیے پوری طاقت استعمال کرنے پر تل گیا۔

    مودی حکومت نے سوشل میڈیا کو کچلنے کے لیے متنازع قوانین متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ اپنے مخالف ہر آواز کو دبایا جاسکے اور دنیا کی آنکھوں میں اسی طرح دھول جھونکی جاسکے جیسے مقبوضہ کشمیر پر دنیا کو اندھیرے میں رکھا جارہا ہے۔

    مودی حکومت چاہتی ہے جیسے شہید کشمیری حریت رہنما برہان وانی کی تصویر شیئر کرنے پر سوشل میڈیا اکاؤنٹس فوری بند ہوجاتے ہیں، ویسے ہی کسان مخالف احتجاج کی تصاویر اور ویڈیوز شیئر کرنے پر بھی اکاؤنٹ فوری بند ہوجائے۔

    اسی حوالے سے مودی سرکار نے انٹرمیڈری گائیڈلائنز اور ڈیجیٹل میڈیا اخلاقیات کوڈ کا مسودہ تیار کیا ہے جس کے تحت سوشل میڈیا کمپنیاں بشمول ٹوئٹر اکاؤنٹس رپورٹ کرنے کے36 گھنٹوں کے اندر اندر اکاؤنٹس بند کرنے اور 72گھنٹوں کے اندر اندر ان اکاؤنٹس کیخلاف تحقیقات میں تعاون کرنے کی پابند ہوں گی۔

    تمام کمپنیاں ایک ایسے افسر مجاز کا تقرر کریں گی جو سیکیورٹی اداروں سے تعاون کرے گا اور اس مجاز افسر کا بھارتی شہری ہونا لازمی ہوگا۔

    مودی سرکار کا زور صرف فیس بک اور ٹوئٹر تک ہی محدود نہیں بلکہ فنون لطیفہ پر بھی قدغنیں لگانی شروع کردی گئی ہیں اور نیٹ فلکس و امازون پرائم کیخلاف بھی قانونی کارروائی کیلیے غور و خوص کیا جارہا ہے۔

  • سشانت سنگھ راجپوت کے ہاتھ سے لکھا ہوا خط سوشل میڈیا پر وائرل

    سشانت سنگھ راجپوت کے ہاتھ سے لکھا ہوا خط سوشل میڈیا پر وائرل

    ممبئی : بھارتی اداکار سشانت سنگھ راجپوت کی بہن شویتا سنگھ کیرتی نے بھائی کی موت کے سات ماہ بعد ایک خط سوشل میڈیا پر شیئر کیا ہے، انہوں نے کیپشن میں لکھا کہ یہ بھائی نے لکھا تھا، میرے بھائی کی یہ سوچ بہت گہری تھی۔

    بالی ووڈ اداکار سشانت سنگھ راجپوت کو دنیا سے گئے ہوئے کل یعنی 14 جنوری کو پورے سات ماہ پورے ہوجائیں گے لیکن ان کے مداح ابھی بھی ان کی یادوں کو بھلا نہیں پارہے ہیں۔

    سشانت سنگھ کی موت کے بعد سے مسلسل ان کی بہن شویتا سنگھ کیرتی ان کی نایاب تصویریں اور پرسنل نوٹس کو شیئر کر رہی ہیں، حال ہی میں انہوں نے سشانت سنگھ راجپوت کے ہاتھ سے لکھا ہوا ایک خط شیئر کیا ہے۔

    جس میں اداکار نے30 سال کی عمر میں بہت گہری بات لکھی تھی۔ سشانت سنگھ راجپوت کا یہ نوٹ سوشل میڈیا پر صارفین کی توجہ کا مرکز بن رہا ہے۔

    مذکورہ خط میں اداکار نے لکھا کہ مجھے لگتا ہے کہ میں نے اپنی زندگی کے پہلے 30 سال کچھ بننے میں ہی لگا دیئے، میں ہر چیز میں اچھا بننا چاہتا تھا۔ میں ٹینس، اسکول اور گریڈز میں اچھا بننا چاہتا تھا اور جو بھی چیزیں میں اس پس منظر میں دیکھتا تھا۔

    سشانت نے لکھا کہ جس طرح سے میں تھا، اس سے میں متفق نہیں تھا لیکن اگر میں ان سب میں اچھا بن جاؤں تو مجھے محسوس ہوا کہ میں غلط جا رہا ہوں کیونکہ کھیل ہمیشہ اپنے آپ کو تلاش کرنے کا تھا جو کہ آپ پہلے سے ہی ہو۔

    واضح رہے کہ سشانت سنگھ راجپوت کی موت کے بعد سے سی بی آئی، ای ڈی اور این سی بی اس معاملے کی تحقیقات میں لگے ہوئے ہیں۔ سشانت سنگھ کیس میں اداکارہ ریا چکرورتی کو گرفتار کیا گیا تھا، وہ تقریباً ایک ماہ تک جیل میں رہی جس کے بعد ممبئی ہائی کورٹ نے ضمانت پر رہا کردیا تھا۔

  • گلوکار میاں بیوی نے سوشل میڈیا پر دھوم مچا دی

    گلوکار میاں بیوی نے سوشل میڈیا پر دھوم مچا دی

    پاکستانی گلوکار میاں بیوی نے سوشل میڈیا پر دھوم مچا دی، اہلیہ نے اپنی خوبصورت آواز میں گانا سنا کر اور شوہر نے گٹار بجا کر لوگوں کو مسحور کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق سوشل میڈیا پر دھوم مچانے والے گلوکار میاں بیوی اقرا اور فراز نے اے آر وائی نیوز کے مارننگ شو باخبر سویرا میں شرکت کی۔

    اقرا نے بتایا کہ وہ طالب علمی کے زمانے سے ہی گلوکاری میں اپنا رجحان رکھتی تھیں، پھر اب انہوں نے شوہر کے ساتھ باقاعدہ سوشل میڈیا پر گانا شروع کردیا جسے بے حد پسند کیا جارہا ہے۔

    انہوں نے بتایا کہ وہ زیادہ تر صوفی کلام گاتی ہیں جو عوام میں بے حد مقبول ہے۔

    دونوں نے مل کر کئی کنسرٹس میں حصہ لیا ہے جبکہ 14 اگست اور مقبوضہ کشمیر کے حوالے سے بھی نغمے گائے ہیں۔

    اقرا اور فراز لاہور میں اپنا اسٹوڈیو بھی قائم کرچکے ہیں اور ان کے مطابق یہ نئے بینڈز اور گلوکاروں کے لیے ایک پلیٹ فارم ہے جہاں سے وہ اپنا کام دنیا کو دکھا سکتے ہیں۔

  • کویت میں بھی فرانسیسی مصنوعات کا بائیکاٹ

    کویت میں بھی فرانسیسی مصنوعات کا بائیکاٹ

    کویت سٹی : فرانسیسی صدر کے اسلام مخالف بیان اورگستاخانہ کارٹونوں کی اشاعت کے خلاف کویت میں بھی فرانسیسی اشیاء کے بائیکاٹ کی مہم زوروں پر ہے۔

    کویت میں فرانسیسی مصنوعات کا بائیکاٹ اور ترک مال کی حوصلہ افزائی کے نام سے مہم کا آغاز کردیا گیا ہے جو زور و شور سے جاری ہے، کویت کے سماجیکارکنان نے ملک میں عام استعمال کی جانے والی فرانسیسی مصنوعات کی تصاویر اور ان کی نعم البدل ترک مصنوعات کی تصاویر شائع کردیں۔

    کویت کے پرچون فروشوں نے بھی فرانسیسی مصنوعات کا اجتماعی بائیکاٹ کردیا ہے اور انہوں نے اپنی دکانوں اور سپر اسٹورز سے فرانسیسی اشیاء ہٹا دی ہیں۔

    اس حوالے سے کویت کی غیر سرکاری صارفین کوآپریٹو سوسائٹیز کی یونین نے جمعہ کو فرانسیسی اشیاء کے بائیکاٹ کے لیے ایک باضابطہ سرکلر جاری کیا تھا اس یونین میں کویت کی 70 سے زیادہ تنظیمیں شامل ہیں۔

    کویت کے شہریوں نے سوشل میڈیا پر فرانسیسی مصنوعات کی بائیکاٹ مہم کے لئے "فرانسیسی مصنوعات کو ترک مصنوعات سے تبدیل کرو” کا ہیش ٹیگ لگایا ہے۔

    اس کے علاوہ سوشل میڈیا پر صارفین نے فرانسیسی صدر کے بیان پر اپنے غم و غصے کا اظہار کیا جس میں بتایا گیا ہے کہ ملک کی معروف مارکیٹوں اور دوکانوں نے فرانسیسی مال کا بائیکاٹ کردیا ہے۔

    واضح رہے کہ کویت کے 70 سے زائد پرچون فروش اراکین کی حامل ‘صارف کوآپریٹو یونین’نے 23 اکتوبر سے اپنے شیلفوں سے تمام فرانسیسی مصنوعات کو ہٹانے کا اعلان کیا تھا۔

    کویت کے وزیر خارجہ احمد ناصر المحمد الصباح نے ملک میں فرانس کی سفیر این کلئیر لیجنڈر کو متنبہ کیا تھا کہ فرانس کا اسلام مخالف بیانات کو روکنا ضروری ہے، صباح نے مزید کہا کہ کویت اسلام کو دہشت گردی کے ساتھ جوڑنے کی پالیسیوں کو مسترد کرتا ہے۔

    مزید پڑھیں : شہری فرانسیسی مصنوعات کا بائیکاٹ کریں، اردوان کی اپیل

    اس سے قبل  ترک صدر رجب طیب اردوان نے فرانسیسی ہم منصب کو ایک بار پھر دماغی علاج کا مشورہ دیتے ہوئے شہریوں سے اپیل کی تھی کہ وہ فرانسیسی مصنوعات کا بائیکاٹ کریں۔

    ترک صدر نے کہا کہ یورپی رہنماؤں کو یورپ میں نفرت کا پھیلاؤ روکنے کے لیے فرانسیسی صدر کی پالیسیوں کو روکنا چاہیے اور انہیں سمجھانے کی کوشش کرنی چاہیے۔

  • اداکار نعمان اعجاز سوشل میڈیا پر تنقید کے بعد  نئے روپ میں

    اداکار نعمان اعجاز سوشل میڈیا پر تنقید کے بعد نئے روپ میں

    کراچی : پاکستان ٹیلی ویژن کے نامور اور سینئر اداکار نعمان اعجاز سوشل میڈیا پر تنقید کے بعد اب ایک نئے روپ میں سامنے آگئے، ان کا کہنا ہے کہ میرا مقصد اپنے مداحوں کے چہروں پر مسکراہٹ بکھیرنا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق گزشتہ دنوں سوشل میڈیا پر تنقید کا شکار رہنے والے سینئر اداکار نعمان اعجاز نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر اپنے مداحوں کے لیے ایک خصوصی پوسٹ شیئر کی ہے۔

    اپنی اس خصوصی پوسٹ میں انہوں نے جوکر کا روپ دھارا ہے، انسٹاگرام پر کی جانے والی پوسٹ کی پہلی تصویر میں وہ خوش نظر آرہے ہیں جبکہ اگلی تصویر میں نعمان اعجاز اُداس ہیں۔

    نعمان اعجاز نے اپنی پوسٹ کے کیپشن میں لکھا کہ اگر آپ آج تک نہیں مُسکرائے تو یہ تصاویر دیکھیں اور خوش رہیں، آباد رہیں اور اپنے رب کا شُکر ادا کریں۔

    نعمان اعجاز کی اِس خصوصی پوسٹ پر اُن کے مداحوں کی جانب سے خوب پزیرائی کی جا رہی ہے اور وہ کمنٹ سیکشن میں نعمان اعجاز کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے نظر آرہے ہیں۔

    اِس سے قبل نعمان اعجاز نے انسٹاگرام پر اپنی ایک تصویر پوسٹ کی تھی جس میں وہ کالی رنگ کی شرٹ میں ملبوس تھے جبکہ دھوپ سے بچنے کے لیے کالا چشمہ بھی لگایا ہوا تھا۔

    اداکار نے اپنی پوسٹ کے کیپشن میں اپنے دوستوں کے لیے لطیفہ لکھا تھا کہ آج میں جہاں بھی ہوں صرف اپنے دوستوں کی وجہ سے ہوں ورنہ میں اس سے آگے بھی جاسکتا تھا۔

    اُنہوں نے لکھا تھا کہ میں اپنے دوستوں سے بہت محبت کرتا ہوں، آخر میں نعمان اعجاز نے لکھا تھا کہ جو چیزیں مجھے مختلف بناتی ہیں وہ چیزیں ہیں جو مجھے بناتی ہیں۔

    واضح رہے کہ گزشتہ دِنوں سوشل میڈیا پر سینئر اداکار نعمان اعجاز کا ایک سال پُرانا ویڈیو کِلپ وائرل ہوا تھا جو عفت عُمر کے ایک ویب شو کا حصّہ تھا اور نعمان اعجاز نے بطورِ مہمان اُس شو میں شرکت کی تھی۔

    وائرل ویڈیو کِلپ میں دیکھا جاسکتا ہے کہ اداکار نے دوران انٹرویو اس بات کا انکشاف کیا تھا کہ وہ کئی بار اپنی اہلیہ سے بےوفائی کرچُکے ہیں، نعمان اعجاز کی یہ ویڈیو کِلپ دیکھنے کے بعد سوشل میڈیا صارفین نے اداکار کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔

  • ایک ہفتے پہلے ماہا نے پستول خریدا تھا، کہا تھا جان کو خطرہ ہے، دوست ماہا شاہ

    ایک ہفتے پہلے ماہا نے پستول خریدا تھا، کہا تھا جان کو خطرہ ہے، دوست ماہا شاہ

    رپورٹ : شیر بانو معیز

    شہر قائد میں ایک ہفتے کے دوران دو خواتین کی مبینہ طور پر خودکشی کی خبریں سامنے آئیں، جامعہ کراچی میں پی ایچ ڈی کرنے والی نادیہ اشرف نے مبینہ طور پر گلے میں پھندہ ڈال کر زندگی کا خاتمہ کیا، کچھ ہی روز بعد ڈاکٹر ماہا شاہ کی موت کی خبر نے ہلچل مچادی۔

    پچیس سالہ ماہا شاہ ایم بی بی ایس ڈاکٹر ہونے کے ساتھ فیشن بلاگر اور ماڈل بھی تھیں، ابتدائی رپورٹ کے مطابق ماہا شاہ کی والد کے ساتھ تلخ کلامی ہوئی اور خود کو واش روم میں بند کرکے گولی مار کر زندگی کا خاتمہ کردیا۔

    سوشل میڈیا پر ماہا شاہ کی تصویریوں کے ساتھ "انصاف دو” کا ہیش ٹیگ ٹرینڈ کرنے لگا، صارفین نے ماہا شاہ کی خودکشی کو قتل قرار دیا، ان میں سب سے زیادہ نمایاں پوسٹ اداکارہ اشنا شاہ کا تھا، جنہوں نے ٹویٹ کیا کہ سر کے پیچھے گولی لگنے کا نشان یہ واضح کرتا ہے کہ ڈاکٹر ماہا نے خودکشی نہیں کی بلکہ یہ ایک قتل ہے۔

    ایک اور ٹویٹ میں کہا کہ پاکستان میں غیرت کے نام پر خاتون کا قتل کوئی غیر معمولی بات نہیں اس سے انصاف ملنے کی امید کم ہوجاتی ہے،انہوں نے ماہا شاہ ہیش ٹیگ کا استعمال کرتے ہوئے درخواست کی کہ برائے مہربانی اس نوجوان ڈاکٹر کو اس فہرست میں شامل نہ ہونے دیا جائے۔

    ماہا شاہ کیس میں پہلے کہا گیا کہ گولی سر کے پیچھے سے لگی ہے تاہم میڈیکو لیگل رپورٹ کے مطابق گولی کنپ سے لگی اور دائیں جانب سے باہر نکلی ہے، پولیس نے اب تک واقعے کا مقدمہ درج نہیں کیا۔

    اے آر وائی کے نیوز شو باخبر سویرا سے بات کرتے ہوئے ماہا شاہ کے ایک ساتھی نے نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر بتایا کہ وہ دو سال سے ماہا شاہ کو جانتے ہیں اور ایک ساتھ اسپتال میں کام کرتے تھے، ماہا شاہ زندگی سے بھرپور خاتون تھیں وہ کبھی غمزہ نہیں ہوتی تھیں۔

    انہوں نے کہا کہ گھریلو پریشانیاں تھیں لیکن کبھی انہیں سر پر سوار کرکے ذکر نہیں کیا۔ ماہا شاہ خوش رہنے والی اور خوش مزاج لڑکی تھی ہر ایک سے ہنس کر بات کرتی ۔ ماہا شاہ کی باتوں سے یہ ہرگز یقین نہیں کیا جاسکتا کہ انہیں اس قدر ذہنی تناؤ ہو کہ وہ اپنی جان لے لیں۔

    میل کولیگ کے مطابق ماہا شاہ نے ایک ہفتے قبل بتایا تھا کہ پستول لی ہے اور کہا کہ اسپتال آنے جانے میں سیکیورٹی ایشوز کی وجہ سے اسلحہ رکھنا ضروری ہے۔ ساتھی کے مطابق ماہا شاہ کا تعلق امیر گھرانے سے تھا ،وہ بڑی اور مہنگی گاڑی میں اسپتال آتی تھیں اس لئے جب پستول کی بات کی تو کسی نے تعجب نہیں کیا۔

    ماہا شاہ کی موت اٹھارہ اگست منگل کی شب ہوئی انہیں زخمی حالت میں اسپتال لے جایا گیا لیکن وہ جانبر نہ ہوسکیں، ماہا شاہ کے والد واصف شاہ ہی بیٹی کو اسپتال لے کر گئے تھے۔

    ماہا شاہ کے دوستوں کے مطابق جس رات یہ واقعہ ہوا اس رات ماہا بے حد خوش تھیں، وہ عموما بھی میک اپ کرنے کی شوقین تھیں لیکن اس روز وہ خوب تیار ہوئیں وجہ معلوم کی تو ماہا نے کہا وہ آج بہت خوش ہیں، اسی روز انہوں نے بال بھی ڈائی کرائے تھے، ایسی صورت حال میں یہ گمان کرنا کہ وہ چند ہی لمحوں بعد خودکشی کرلیں گی یہ ممکن نہیں۔

    مزید پڑھیں : اداکارہ اشنا شاہ نے ڈاکٹر ماہا کی موت کو قتل قرار دے دیا

    ماہا شاہ کے انتقال کے بعد اہل خانہ نے کسی بھی قسم کی کارروائی سے انکار کیا اور میت آبائی علاقے میرپور خاص لے گئے ، ماہا شاہ میرپور خاص کے قریب گروڑ شریف کے گدی نشین کی بیٹی ہیں، ان کے والدین میں علیحدگی ہوچکی ہے اور دونوں نے دوسری شادی کر رکھی ہے۔

  • سعودی بچی کا شاندار کارنامہ، سوشل میڈیا پر چرچے

    سعودی بچی کا شاندار کارنامہ، سوشل میڈیا پر چرچے

    ریاض : سعودی عرب کی وادی نجران کے سیاحتی مقام پر کمسن بچی کی صفائی کرتے ہوئے وڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی، صارفین نے بچی کی دل کھول کر حوصلہ افزائی کی۔

    تفصیلات کے مطابق وادی نجران کے کنارے صفائی کرنے والی بچی وڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی جس میں مذکورہ بچی سیاحتی مقام پر پھیلا ہوا کچرا ایک تھیلے میں جمع کرتی دیکھی جاسکتی ہے۔

    سعودی ذرائع ابلاغ مطابق معصوم بچی کی وڈیو نے سیاحت کے لیے آنے والوں کو صفائی کا عملی درس دیا ہے۔ سوشل میڈیا صارفین نے وائرل وڈیو پر تبصرے کیے ہیں۔

    صارفین کا کہنا ہے کہ ہمارے یہاں بڑا غلط رواج ہے کہ بہت سارے لوگ سمندر کے کنارے یا کسی دریا کے کنارے یا کسی پارک میں جاتے ہیں اور کچرا وہیں پھینک کر چلے جاتے ہیں۔

    بعض لوگ باربی کیو بھی کرتے ہیں اور جلتے ہوئے کوئلے یونہی چھوڑ کر چلتے بنتے ہیں۔ مشروبات کی بوتلیں، ڈبے یا سینڈوچ کے ٹکڑے یونہی چھوڑ کر چلے جاتے ہیں۔ یہ ہمارے مذہب، آباؤ اجداد کی روایت اور انسانی تہذیب کےسراسر منافی ہے۔

    سوشل میڈیا صارفین نے بچی کے اس اقدام کو سراہا اور کہا کہ سب لوگ اس ننھی بچی سے سبق لیں اور سیاحتی مقامات پر صفائی کا خیال رکھیں۔

    یاد رہے کہ کورونا وائرس کا پھیلاو روکنے کے لیے حکومت صفائی کا خیال رکھنے پر زور دے رہی ہے۔ احتیاطی تدابیر اسی وقت مؤثر ہوں گی جب اردگرد کے ماحول کو بھی صاف رکھا جائے گا۔

  • سوشل میڈیا پر فرقہ واریت پھیلانے والوں کیخلاف بلاامتیاز کریک ڈاؤن کا فیصلہ

    سوشل میڈیا پر فرقہ واریت پھیلانے والوں کیخلاف بلاامتیاز کریک ڈاؤن کا فیصلہ

    لاہور : وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے سوشل میڈیا پر فرقہ واریت پھیلانے والوں کیخلاف بلاامتیاز کریک ڈاؤن کا فیصلہ کرتے ہوئے محرم میں فول پروف سیکورٹی انتظامات کی ہدایت کردی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے زیر صدارت کابینہ کمیٹی برائے امن وامان کا اجلاس ہوا، جس میں سوشل میڈیا پر فرقہ واریت پھیلانے والوں کیخلاف بلاامتیاز کریک ڈاؤن کا فیصلہ کیا اور کہا ایسے عناصر کیخلاف بلا تفریق کارروائی کیلئے جامع میکنزم بنایا جائے۔

    وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے محرم میں فول پروف سیکورٹی انتظامات کی ہدایت کرتے محرم میں عوام کے تحفظ کیلئے ضروری اقدامات کئے جائیں، مذہبی منافرت پھیلانے والے لٹریچر کو ضبط کر کے کارروائی کی جائے۔

    عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ لاؤڈ اسپیکر پر پابندی کے قانون پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائے، مجالس،جلوسوں کی فول پروف سیکورٹی کیلئے پیشگی اقدامات کئے جائیں اور مجالس اور جلوسوں کے روٹس پر تجاوزات ختم کی جائیں۔

    انھوں نے مزید کہا کہ انتہائی حساس مقامات پر پولیس نفری میں اضافہ کیا جائے، اشتعال انگیز تقاریر کرنیوالوں کے خلاف قانون حرکت میں آئے گا، کسی کو بھی مذہبی دل آزاری کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔

    وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے امن کمیٹیوں کو فعال بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے محرم میں کورونا پھیلاؤ روکنے کیلئےاحتیاطی تدابیر پرعملدرآمدیقینی بنایا جائے، کابینہ کمیٹی ہر ڈویژن ہیڈ کوارٹر کا دورہ کر کے انتظامات کا خود جائزہ لے۔

    عثمان بزدار کا کہنا تھا صوبائی وزرا کو بھی ذمہ داریاں تفویض کی جائیں گی، اتحاد بین المسلمین کو ہر سطح پر فروغ دیا جائے گا، میں خود بھی شہروں میں جاکر سیکورٹی ا نتظامات کا جائزہ لوں گا۔

    وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ پنجاب سیف سٹی اتھارٹی میں واسا کے عملے کو بھی تعینات کیا جائے، نشیبی علاقوں میں بارشی پانی کی نکاسی کے عمل کو مزید سٹریم لائن کیا جائے، ٹریفک نظام بہتر بنانے کے لئے بھی اقدامات فی الفور کئے جائیں۔

  • سعودی حکومت نے سوشل میڈیا پر جاری خبروں کی تردید کردی

    سعودی حکومت نے سوشل میڈیا پر جاری خبروں کی تردید کردی

    سعودی محکمہ پاسپورٹ نے 9 اگست 2020 سے سعودی عرب کے بری راستے کھولے جانے سے متعلق سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی اطلاعات کی حقیقت کے بارے میں وضاحتی بیان جاری کیا ہے۔

    اخبار 24 کے مطابق سوشل میڈیا پر ایک وڈیو وائرل ہے جس میں دعوی کیا جارہا ہے کہ 9 اگست کو سعودی بری سرحدیں آمد ورفت کے لیے کھول دی جائیں گی۔ اسی طرح کی اطلاعات بعض اخبارات نے بھی ذرائع کے حوالے سے جاری کی ہیں۔

    محکمہ پاسپورٹ نے ٹوئٹر پر ایک شہری کے استفسار پر کہا کہ جب بھی بری سرحدیں یا سمندری سرحدی یا فضائی سرحدیں کھولنے کا فیصلہ ہوگا اس کی باقاعدہ اطلاع کسی نہ کسی سرکاری چینل کے ذریعے دی جائے گی۔

    سعودی حکومت کا کہنا ہے کہ اس سے قبل کہیں سے جاری ہونے والی کوئی بھی اطلاع بے معنی ہوگی۔ محکمہ پاسپورٹ کا کہنا تھا کہ اس طرح کا کوئی بھی فیصلہ ہوگا تو سرکاری چینل سےاس کا اعلان کیا جائے گا۔

    واضح رہے کہ کنگ فہد سمندری پل سعودی عرب کو بحرین سے جوڑتا ہے اور یہ 25 کلو میٹر لمبا اور 23.2 میٹر چوڑا ہے۔
    یہ سعودی شہر الخبر کے جنوب سے شروع ہوتا ہے اور بحرین کے دارالحکومت منامہ تک چلا گیا ہے۔ اس کا باقاعدہ افتتاح 25 نومبر 1986 کو ہوا تھا۔

    کنگ فہد کے اعلی ادارے نے جنوری2019 کو اعلان کرکے بتایا تھا کہ اس سے32 برس میں382 ملین سے زیادہ افراد سفر کرچکے ہیں جبکہ یومیہ سفر کرنے والوں کا اوسط 74 ہزار ہے، ذرائع کے مطابق اس کے بالمقابل ایک اور پل قائم کرنے کی تیاریاں کی جارہی ہیں۔