Tag: Social media

  • سعودی عرب: سوشل میڈیا پر اشتہارات کے قوانین بنانے کا مطالبہ

    سعودی عرب: سوشل میڈیا پر اشتہارات کے قوانین بنانے کا مطالبہ

    ریاض: سعودی عرب میں مجلس شوریٰ کے ارکان نے مطالبہ کیا ہے کہ سوشل میڈیا پر چلائے جانے والے اشتہارات کے قوانین اور اسپیشل فریم ورک تیار کیا جائے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی مجلس شوریٰ کے متعدد ارکان نے خبردار کیا ہے کہ سوشل میڈیا کی بعض شخصیات نے سماجی رابطے کے وسائل کو تنازعات اور ایک دوسرے کو بدنام کرنے والے اسٹیج میں تبدیل کر دیا ہے۔ یہ سوشل میڈیا پر غیر اخلاقی پروگرام کر رہے ہیں۔

    ارکان شوریٰ کا کہنا تھا کہ ہمارے پڑوسی ملک میں بھی سوشل میڈیا شخصیات کی غیر اخلاقی سرگرمیاں ریکارڈ پر آئی ہیں، تحقیقات سے پتہ چلا ہے کہ کئی معروف شہری منی لانڈرنگ اور حد سے زیادہ دولت بٹورنے میں ملوث پائے گئے ہیں۔

    ارکان نے مطالبہ کیا کہ سوشل میڈیا کی معروف شخصیات کو کنٹرول کرنے کے لیے اسپیشل فریم ورک تیار کیا جائے اور اشتہارات کا ایسا قانون تیار کیا جائے جس کے ذریعے گمراہ کن طریقے سے دولت کمانے کا سلسلہ بند ہو۔ انفارمیشن کرائمز کا سدباب ہو اور اشتہارات کی دنیا میں نظر آنے والی لاقانونیت کو روکا جا سکے۔

    شوریٰ کے ارکان نے توجہ دلائی کہ سوشل میڈیا کی بعض شخصیات بعض اشیا کا تعارف پرفریب طریقے سے کرواتی ہیں جس سے صارفین گمراہ ہوتے ہیں۔ انہیں پتہ نہیں ہوتا کہ معاشرے کی یہ معروف ہستیاں اشیا کے تعارف کے نام پر پروپیگنڈہ کر رہی ہوتی ہیں اور متعلقہ کمپنیوں سے اشتہار کی رقم وصول کیے ہوتی ہیں۔

    ارکان شوریٰ نے مزید کہا کہ ای بزنس سسٹم کو مؤثر کیا جائے جس میں تجارتی لین دین کے لیے ضروری تحفظ مہیا ہو، اس کے تحت دھوکہ دہی والے اشتہارات کا مسئلہ حل کیا گیا ہے۔

  • سعودی حکومت کی سوشل میڈیا کی پوسٹ پر بڑی کارروائی

    سعودی حکومت کی سوشل میڈیا کی پوسٹ پر بڑی کارروائی

    ریاض : سعودی پولیس نے سوشل میڈیا پر منشیات کے استعمال کی ترغیب دینے والے ملزم کو گرفتار کرلیا، ملزم خود بھی منشیات کے دھندے میں ملوث ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی عرب میں محکمہ انسداد منشیات کے ترجمان لیفٹینٹ محمد النجیدی نے کہا ہے کہ سوشل میڈیا پر منشیات کے ترغیب دینے والے سعودی شہری کو گرفتار کیا گیا ہے۔

    سعودی خبر رساں ایجنسی نے ترجمان اینٹی نارکوٹکس کے حوالے سے بتایا کہ ملزم کو جازان شہر میں حراست میں لیا گیا، ملزم سوشل میڈیا پر منشیات استعمال کرنے کی وڈیو اپ لوڈ کرکے نشہ آور اشیا کے استعمال کی نہ صرف ترغیب دیتا تھا بلکہ اس طرح وہ منشیات فروشی کے مکروہ دھندے میں بھی ملوث تھا۔

    محکمہ انسداد منشیات کی ٹیم نے ملزم کے خلاف رپورٹ درج کرکے تحقیقات کا آغاز کردیا۔ مقدمے کا چالان عدالت میں پیش کیا جائے گا۔

    واضح رہے اس سے قبل بھی سوشل میڈیا پر منشیات فروشی اور اس کے استعمال کی ترغیب دینے پر کچھ عرصہ قبل بھی ایک شخص کو حراست میں لیا گیا تھا۔

  • سعودی عرب : بین الاقوامی پروازوں کی بحالی کے حوالے سے اہم وضاحت

    سعودی عرب : بین الاقوامی پروازوں کی بحالی کے حوالے سے اہم وضاحت

    ریاض : سعودی عرب میں بین الاقوامی پروازوں کا آغاز 8 جون سے نہیں ہوگا، سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی اطلاعات میں کوئی صداقت نہیں ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ریاض ایئر پورٹ سعودی عرب کی انتظامیہ نے 8 جون سے بین الاقوامی پروازیں شروع کرنے کی اطلاعات کی تردید کر دی ہے۔

    سعودی ذرائع ابلاغ کے مطابق ریاض ایئرپورٹس کمپنی نے بیان میں کہا کہ سوشل میڈیا پر یہ افواہ گردش کر رہی ہے کہ "بین الاقوامی پروازوں کی بحالی کا فیصلہ ہوگیا ہے اور 8 جون سے ریاض کا کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ بین الاقوامی پروازوں کی آمد ورفت کے لیے کھول دیا جائے گا” جو سراسر غلط ہے انہوں نے واضح کیا کہ ان افواہوں میں کوئی صداقت نہیں ہے۔

    بیان میں کہا گیا ہے کہ سوشل میڈیا پر کیے جانے والا یہ دعوی بھی سرا سر غلط ہے کہ محکمہ شہری ہوابازی نے ریاض ایئرپورٹ کو بین الاقوامی پروازیں بحال کرنے کی اجازت دی ہے۔

    ریاض ایئرپورٹس کمپنی نے نشاندہی کی ہے کہ سوشل میڈیا پر محکمہ شہری ہوابازی کے جس خط کو بنیاد بنا کر بین الاقوامی پروازوں کی بحالی کا دعوی کیا جارہا ہے وہ مقامی شہریوں کو بیرون ملک سے ریاض لانے اور وطن واپسی کے خواہشمند غیرملکیوں کو اپنے وطن پہنچانے والی پروازوں سے متعلق ہے۔

    سعودی حکومت کورونا وبا شروع ہونے کے بعد ہی سے مختلف ممالک میں پھنسے ہوئے سعودی شہریوں کو وطن واپس لانے کے لیے سعودی عریبین ایئرلائنز کی پروازیں چلا رہی ہے۔

    حالیہ ہفتوں کے دوران سعودی عرب میں پھنسے ہوئے غیرملکی سیاحوں، خروج نہائی (فائنل ایگزٹ) ویزا ہولڈرز غیرملکیوں اور وطن واپسی کے خواہشمند تارکین کو مشروط طریقے سے ان کے وطن لے جانے کے لیے بھی پروازیں شروع کی گئی ہیں۔

    یاد رہے کہ سعودی عرب نے 15 مارچ کو پروازیں معطل کرنے کا اعلان کیا تھا بعدازاں وزارت داخلہ نے بین الاقوامی اور داخلی پروازوں کی معطلی میں تااطلاع ثانی مزید توسیع کی تھی۔

  • وقار یونس نے سوشل میڈیا چھوڑنے کا اعلان کردیا

    وقار یونس نے سوشل میڈیا چھوڑنے کا اعلان کردیا

    کراچی: قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور بولنگ کوچ وقار یونس نے سوشل میڈیا چھوڑنے کا اعلان کردیا۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق پاکستان کرکٹ ٹیم کے بولنگ کوچ وقار یونس نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ایک ویڈیو پیغام میں سوشل میڈیا چھوڑنے کا اعلان کیا۔

    وقار یونس نے کہا کہ انہیں بہت افسوس کے ساتھ کہنا پڑر ہا ہے کہ کسی نے ان کا ٹویٹر اکاؤنٹ ہیک کیا اور اس سے ایک انتہائی نازیبا ویڈیو کو لائیک کیا جو ان کے لیے شرمندگی کا باعث بنا۔

    بولنگ کوچ وقار یونس نے کہا کہ وہ سمجھتے تھے کہ سوشل میڈیا رابطہ کرنے کا ذریعہ ہے لیکن وہ شخص تو باز نہیں آئے گا تاہم انہوں نے فیصلہ کرلیا ہے کہ آئندہ سوشل میڈیا استعمال نہیں کریں گے۔

    انہوں نے کہا کہ مجھے اپنی فیملی زیادہ عزیز ہے اس لیے میں آئندہ سوشل میڈیا استعمال نہیں کروں گا، اگر میرے اس فیصلے سے کسی کو تکلیف ہوئی ہو تو معذرت خواہ ہوں۔

    واضح رہے کہ وقار یونس نے ٹویٹر کا استعمال تاخیر سے کیا تھا وہ اب بھی کبھی کبھار ہی اس پر اپنی رائے کا اظہار کرتے تھے لیکن سوشل میڈیا ان کے لیے مشکل کا باعث بن گیا اور آخرکار مایوسی کے عالم میں انہوں نے سوشل میڈیا سے کنارہ کشی اختیار کرلی۔

    وقار یونس کے اکاؤنٹ سے لائیک کی جانے والی نازیبا ویڈیو دیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہوگئی تھی جس کی وجہ سے انہیں خاصی تنقید کا سامنا کرنا پڑا جبکہ وقار یونس نے خود وہ ویڈیو لائیک نہیں کی تھی ان کا اکاؤنٹ ہیک ہوگیا تھا جس کی انہیں وضاحت کرنا پڑی۔

  • کیرم بورڈ کھیلنے کا مزاحیہ انداز، ویڈیو وائرل

    کیرم بورڈ کھیلنے کا مزاحیہ انداز، ویڈیو وائرل

    فلوریڈا : کورونا لاک ڈاؤن کے دوران لوگ مصروف رہنے کیلئے مختلف حربے استعمال کرتے ہیں اس حوالے سے کیرم کھیلنے کا ایک انوکھا اور مزاحیہ انداز اپنایا گیا جسے دیکھ کر لوگ ہنسی سے لوٹ پوٹ ہوگئے۔

    کیرم ایک ایسا کھیل ہے جو بچوں اور بڑوں میں یکساں مقبول ہے اور دنیا بھر میں شوق سے کھیلا جاتا ہے، حالیہ صورتحال میں جب دنیا کے تقریباً تمام ممالک میں کورونا وائرس سے بچاؤ کیلئے لاک ڈاؤن نافذ کیا گیا ہے، تو اس میں لوگ اپنا وقت گزارنے کیلئے مختلف انداز اپناتے ہیں۔

    بچوں اور بڑوں کو کیرم کا استعمال کرتے ہوئے کیرم کھیلنے والے گروپ کی یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے، روایتی طور پر لکڑی سے بنے بورڈ پر کھیلا جانے والا یہ گیم اس ویڈیو میں زمین پر کھیلا جارہا ہے۔؎

    جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ سفید رنگ سے کیرم کے باکس بنائے گئے اسکورنگ ہولز بورڈ کے چاروں اطراف کھینچ دیئے گئے ہیں،اس کے علاوہ مزاحیہ انداز میں گوٹیوں کی جگہ بچوں اور اسٹرائیکر کی جگہ ایک بڑے شخص کو کھڑا کیا گیا ہے۔

    ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ چار افراد کیرم سکوں کا کردار ادا کرتے ہیں جبکہ ایک اسٹرائیکر کا کردار ادا کرتا ہے، ویڈیو میں بورڈ کے مخالف سروں پر کھڑے والے دو کھلاڑی اسٹرائیکر کو سکوں کی جانب دھکیلتے ہیں جو وہ کامیابی کے ساتھ چاروں ہولز میں ڈال دیتے ہیں۔

  • چیف جسٹس کیخلاف سوشل میڈیا پر پروپیگنڈا، وزیراعظم کا نوٹس

    چیف جسٹس کیخلاف سوشل میڈیا پر پروپیگنڈا، وزیراعظم کا نوٹس

    اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے چیف جسٹس سمیت اعلیٰ عدلیہ کیخلاف سوشل میڈیا پر پروپیگنڈے کا نوٹس لے لیا۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق چیف جسٹس سمیت اعلیٰ عدلیہ کیخلاف سوشل میڈیا پر پروپیگنڈےکا وزیراعظم عمران خان نے نوٹس لیتے ہوئے ڈی جی ایف آئی اے کو فوری تحقیقات اور سخت کارروائی کا حکم دے دیا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے معاون خصوصی برائے صحت ظفر مرزا کی بھی سرزنش کی اور عدالت میں غیرسنجیدہ رویہ اختیار کرنے پر وزیراعظم نے نوٹس لیا۔

    ذرائع کے مطابق ظفر مرزا عدالت کے سوالات کا تسلی بخش جواب دینے میں ناکام رہے، گزشتہ روز کابینہ اجلاس میں وزیراعظم نے ظفر مرزا پر ناراضی کا اظہار کیا۔

    مزید پڑھیں: وزیراعظم عمران خان کی ڈاکٹر ظفر مرزا کی سرزنش

    وزیراعظم کا کہنا تھا کہ حکومت عدلیہ اور ججز کو نہایت عزت و تکریم کی نگاہ سے دیکھتی ہے، عدلیہ کے سامنے غیرسنجیدہ یا غیرذمہ دارانہ رویہ برداشت نہیں کیا جائے گا۔

    واضح رہے کہ دو روز قبل چیف جسٹس گلزاراحمد نے کرونا وائرس کے معاملے پر حکومت کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے معاون خصوصی ڈاکٹر ظفر مرزا کو ہٹانے کا کہہ دیا تھا۔

    حکومتی وکیل کا کہنا تھا کہ ظفر مرزا کو اس موقع پر ہٹانا مناسب نہیں ہوگا، کرونا وائرس کے پیش نظر ظفر مرزا اچھا کام کررہے ہیں ان کو ہٹا کر کسی اور لگایا گیا تو نقصان پہنچ سکتا ہے۔

  • حج سے متعلق سوشل میڈیا پر افواہیں، اہم وضاحت سامنے آگئی

    حج سے متعلق سوشل میڈیا پر افواہیں، اہم وضاحت سامنے آگئی

    اسلام آباد: وفاقی وزیربرائے مذہبی امور نورالحق قادری نے حج سے متعلق افواہوں پر وضاحت کی ہے کہ سوشل میڈیا پر حج روکنے کی خبر میں کوئی صداقت نہیں ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اپنے ایک بیان میں نورالحق قادری کا کہنا ہے کہ فی الحال حج2020 نہ ہونے کی بات قبل از وقت ہے، امید ہے حج تک صورت حال بہتر ہوجائےگی، مصدقہ اطلاعات کے لیے وزارت کے آفیشل سوشل میڈیا کو فالو کریں، جھوٹی خبروں پر کان نہ دھریں۔

    انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا پر حج روکنے کی خبرمیں کوئی صداقت نہیں، حج انتظامات معمول کے مطابق جاری ہیں، ہم سعودی وزارت حج وعمرہ سے مسلسل رابطے میں ہیں۔

    وزیر کا کہنا تھا کہ سعودی عرب نے حج انتظامات روکنے سے متعلق حکم جاری نہیں کیا، سعودی حکام ایسے اعلان سے پہلے مسلم ممالک سے مشاورت کریں گے۔

    خیال رہے کہ ان دنوں کروناوائرس کے پیش نظر سوشل میڈیا پر افواہیں پھیلائی جارہی ہیں کہ رواں سال حج نہیں ہوگا۔ البتہ اس حوالے سے اب تک کوئی حتمی رائے سامنے نہیں آئی ہے اور اسے محض افواہ تصور کیا جارہا ہے۔

  • امریکا میں ہینڈ سینی ٹائزر ذخیرہ کرنے والے بھائیوں کے ساتھ کیا ہوا؟

    امریکا میں ہینڈ سینی ٹائزر ذخیرہ کرنے والے بھائیوں کے ساتھ کیا ہوا؟

    امریکا میں 2 بھائیوں کو ہینڈ سینی ٹائزر ذخیرہ کرنے اور مہنگے داموں فروخت کرنے پر سخت تنقید اور دھمکیوں کا سامنا کرنا پڑگیا جس کے بعد مجبوراً ان بھائیوں نے اپنا مال عطیہ کرنے کا اعلان کیا۔

    امریکی ریاست ٹینیسی کے 2 بھائیوں میٹ اور نوح نے کرونا وائرس کے بدترین پھیلاؤ کو اپنے لیے موقع جانا اور 17 ہزار سے زائد سینی ٹائزر کی بوتلیں سستے داموں خرید کر اپنے پاس ذخیرہ کرلیں۔

    انہوں نے یہ قدم اس وقت اٹھایا جب امریکا میں اس جان لیوا وائرس سے پہلی موت ریکارڈ ہوئی، تب تک لوگوں نے سپر اسٹورز سے دیوانوں کی طرح ٹوائلٹ پیپرز، ماسک اور سینی ٹائزر خریدنے شروع کردیے تھے اور اسٹورز ان سے خالی ہوگئے تھے۔

    کئی اسٹورز میں ان اشیا پر گاہک آپس میں الجھ بھی پڑے اور ہاتھا پائی کی نوبت آگئی۔

    ایسے میں دونوں بھائی اپنے گھر سے 13 سو میل دور ڈرائیو کر کے پڑوسی ریاست کینٹکی میں گئے اور وال مارٹ، ڈالر ٹری اور دیگر اسٹورز سے ٹرک بھر کر ہینڈ سینی ٹائزر اور اینٹی بیکٹیریل وائپس اٹھا لیے۔

    بعد ازاں اپنے گھر آ کر انہوں نے ہر بوتل 70 ڈالر کی بیچی، انہوں نے آن لائن آرڈرز لے کر مختلف افراد اور ایمازون سمیت مختلف اسٹورز کو انہی مہنگے داموں سینی ٹائزر کی فروخت کی۔

    دونوں بھائیوں نے ان اشیا پر 10 سے 15 ہزار ڈالر کی سرمایہ کاری کی۔ اسی دوران امریکی اخبار نیویارک ٹائمز ایک بھائی کا انٹرویو کرنے پہنچ گیا اور اس نے اس کا نام اور گھر کا پتہ شائع کردیا۔

    بس پھر کیا تھا، سوشل میڈیا پر تنقید کا طوفان اٹھ کھڑا ہوا۔ لوگوں نے ان بھائیوں کو سخت برا بھلا کہا کہ سپر اسٹورز ان ضرورت کی اشیا سے خالی ہو چکے ہیں اور یہ بھائی انہیں اپنے پاس ذخیرہ کیے بیٹھے ہیں۔

    ان بھائیوں نے پہلے پہل اپنے اس عمل کی وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ وہ عوامی خدمت انجام دے رہے ہیں، وہ لوگوں کو سپر اسٹورز میں ناخوشگوار صورتحال سے بچانے کے لیے ان کے گھروں پر سینی ٹائزر فراہم کر رہے ہیں اور اس مقصد کے لیے اگر وہ کچھ زیادہ پیسے لے رہے ہیں تو اس میں کوئی برائی نہیں۔

    تاہم جب انہیں باقاعدہ جان سے مارنے اور سبق سکھانے کی دھمکیاں ملنی شروع ہوئیں تو انہوں نے اپنا یہ کاروبار روک دیا اور اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس ڈیلیٹ کردیے۔

    عوام کے اس ردعمل پر اٹارنی جنرل نے بھی انہیں دھمکی آمیز نوٹس بھجوا دیا کہ اگر وہ مزید ایسی اشیا لے کر آئے تو ان کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔

    اس سخت ردعمل کے بعد ان بھائیوں نے اپنے پاس موجود 18 ہزار سینی ٹائزر کی بوتلوں کا ذخیرہ اسپتالوں اور چرچ میں عطیہ کرنے کا عندیہ دیا ہے تاہم لوگ اب بھی انہیں معاف کرنے کو تیار نہیں، سوشل میڈیا پر کہا گیا کہ جب یہ فروخت نہ کرسکے تو مجبوراً عطیہ کر رہے ہیں۔

    خیال رہے کہ امریکا میں کرونا وائرس کے باعث ہلاکتوں کی تعداد 69 ہوچکی جبکہ 3 ہزار 782 افراد میں اب تک ہلاکت خیز وائرس کی تصدیق ہوچکی ہے۔

    کیلی فورنیا، واشنگٹن اور فلوریڈا سمیت امریکا کی 15 سے زائد ریاستوں میں کرونا وائرس کے کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔

  • یونیفارم میں سوشل میڈیا پر تصاویر اپ لوڈ کرنے پر پابندی

    یونیفارم میں سوشل میڈیا پر تصاویر اپ لوڈ کرنے پر پابندی

    لاہور : پنجاب پولیس پر یونیفارم میں سوشل میڈیا پر تصاویر اپ لوڈ کرنے پر پابندی عائد کردی گئی ، جس کے بعد اہلکار یونیفارم  والی تصاویرپروفائل پکچرپرپوسٹ نہیں کرسکیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب پولیس پر یونیفارم میں سوشل میڈیا پر تصاویر اپ لوڈ کرنے پر پابندی عائد کردی گئی ہے ، آئی جی پنجاب شعیب دستگیر نے اپنے پیغام میں پولیس افسران کو سوشل میڈیا سے یونیفارم والی اپنی تصویریں فوری ہٹانے کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔

    سینٹرل پولیس آفس کی جانب سے ضلعی اور ریجنل پولیس افسران کو جاری مراسلے میں آئی جی پنجاب کا کہنا ہے کہ میں نے خود بھی اپنی تصویر سوشل میڈیا اکائونٹ سے ہٹا دی ہے، سوشل میڈیا اکائونٹس پر محکمے کا نام بھی استعمال نہیں کیا جائے گااور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائی گی۔

    دوسری جانب پنجاب پولیس فورس کوسوشل میڈیاکےاستعمال کےحوالےسےپالیسی جاری کی ہے ، جس میں آئی جی پنجاب نے ادارے کی پرائیویسی اوروقارکو بحال رکھنے کے لیے افسران واہلکاراس پر عملدرامد یقینی بنانے کا حکم دیا ہے۔

    پالیسی کے مطابق افسران اوراہلکارسرکاری معلومات ذاتی ڈیوائس میں سکین نہیں کرسکتے، تصویرسمیت دیگراشیاءبھی کمپیوٹرمیں سیو نہیں رکھ سکتے جبکہ کوئی افسریااہلکار سوشل میڈیاپر اپناعہدہ بھی ظاہرنہیں کرےگا۔

  • قائمہ کمیٹی اجلاس: پیمرا کو سوشل میڈیا ریگولیشن سے روک دیا گیا

    قائمہ کمیٹی اجلاس: پیمرا کو سوشل میڈیا ریگولیشن سے روک دیا گیا

    اسلام آباد: سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے انسانی حقوق نے پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) کو سوشل میڈیا ریگولیشن سے روک دیا۔

    تفصیلات کے مطابق سینیٹ کی انسانی حقوق کمیٹی کا اجلاس چیئرمین مصطفیٰ نواز کھوکھر کی زیر صدارت منعقد ہوا۔

    اجلاس میں چیئرمین نے کہا کہ پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) ویب ٹی وی اور او ٹی ٹی کانٹینٹ کو ریگولیٹ کرنا چاہتا ہے، اس حوالے سے بہت سے اداروں کے اعتراضات سامنے آئے۔

    چیئرمین پیمرا محمد سلیم بیگ کا کہنا تھا کہ ویب ٹی وی زیادہ تر بلیک میلنگ کے زمرے میں آرہا ہے، ویب ٹی وی 2 سال میں 20 کروڑ ڈالر کا زرمبادلہ لے گیا۔

    انہوں نے کہا کہ 90 فیصد لوگوں کی شکایات ہیں مائیک لے کر زبردستی گھس جاتے ہیں، ان کے لیے کوئی قانون اور چیک اینڈ بیلنس نہیں ہے۔ ویب ٹی وی کا کوڈ آف کنڈکٹ پیرا بھی تجویز کے لیے بنایا ہے۔

    ڈی جی لائسنسنگ نے بتایا کہ نیٹ فلکس پاکستان سے ماہانہ ڈیڑھ ارب کما رہا ہے جس پر پیمرا حکام نے کہا کہ حکومت کو کوئی ٹیکس نہیں مل رہا۔

    قائمہ کمیٹی نے پیمرا کو سوشل میڈیا ریگولیشن سے روک دیا، ارکان کمیٹی کا کہنا تھا کہ معاملہ پیمرا کے زمرے میں آتا ہی نہیں۔

    معروف وکیل نگہت داد نے کہا کہ آن لائن کانٹینٹ کا معاملہ پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کے پاس ہے، سائبر کرائمز ایکٹ کے تحت آن لائن مواد پی ٹی اے کے انڈر آتا ہے، تجاویز کو ٹیلی کام کمپنیوں نے بھی مسترد کیا ہے۔

    دیگر شرکا کا کہنا تھا کہ الیکٹرانک میڈیا پہلے سے دباؤ میں ہے اب آن لائن پر بھی قدغن لگائی جارہی ہے۔