Tag: Social media

  • ون وہیلنگ میں ملوث ملزمان سوشل میڈیا کے ذریعے گرفتار

    ون وہیلنگ میں ملوث ملزمان سوشل میڈیا کے ذریعے گرفتار

    گوجرانوالہ: پولیس نے سوشل میڈیا کے ذریعے ون ویلنگ کرنے کی ترغیب اور تربیت فراہم کرنے والے دو افراد کو گرفتار کرلیا ہے‘ نشاندہی سوشل میڈیا کے ذریعے ہوئی۔

    تفصیلات کے مطابق گوجرانوالہ میں ون ویلنگ کرنے اور نوجوانوں کو اس کی تربیت دینے والے دو ملزما ن ایازاور کاشف کو گرفتار کیا گیا ہے‘ ٹریفک پو لیس کے مطابق دونوں ملزمان سوشل میڈیا پر ون ویلنگ کے کرتب دکھاکر نوجوانوں کو اپنی طرف راغب کرتے تھے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ نوجوانوں نے سوشل میڈیا پر ون وہیلنگ کا چینل بنا رکھا تھا جہاں وہ اپنے کرتب کی ویڈیو اپ لوڈ کیا کرتےاور پھر وہاں سے نو آوردوں کو اپنی جانب راغب کرکے انہیں ون ویلنگ کی تربیت دیتے تھے۔

    پولیس کے مطابق دونوں ملزمان اکثر جی ٹی روڈ پر ون ویلنگ کیا کرتے اور جب ان کا تعاقب کیا جاتا تو پولیس کو چکمہ دے کر فرار ہو جاتے تھے ۔

    دونوں ملزمان کو سوشل میڈیا سے ٹریس کرکے گرفتار کیا گیا ہے اوران کے خلاف مقدمہ بھی درج کرلیا گیا ہے۔

  • مسلم طالبہ نے امریکہ میں دھوم مچادی

    مسلم طالبہ نے امریکہ میں دھوم مچادی

    نیویارک: مسلم طالبہ نے مسلمانوں کی جانب سے دہشت گردی کے واقعات پرمذمت کے حوالے سے لسٹ مرتب کی ہے ، جس پر دنیا بھر سے ان کو مثبت پیغامات موصول ہورہے ہیں‌.

    تفصیلات کے مطابق حرا ہاشمی سے ان کی ہم جماعت نے سوال کیا کہ پرتشدد واقعات پر مسلمان کیوں مذمت کا اظہارنہیں کرتے ہیں ، اس سوال کا دلیل سے جواب دینے کے لئے امریکہ میں مقیم انیس سالہ انڈین مسلمان طالبہ حرا ہاشمی نے تین ہفتوں کی مختصر مدت میں انتہائی عرق ریزی کے بعد 5684 ایسے واقعات جمع کیے جس میں مسلمانوں نے پرزورالفاظ میں دہشت گردی کی مذمت کی اور اسے اسلام کے منافی قرار دیا.

      حرا ہاشمی نے اپنی تحیقق سماجی رابطے کی ویب سائیٹ ٹویٹرپرشیئر کی ہے جہاں انہیں اس کام پر بے پناہ پذیرائی مل رہی ہے۔

     ان کی پوسٹ تاحال 25,000 لائکس حاصل کرچکی ہے جبکہ پسندیدگی کا یہ سلسلہ ابھی جاری ہے ، اس کے علاوہ حرا ہاشمی کی  اس محنت کو مختلف لوگوں نے اپنے پاس’ ری ٹویٹ ’ بھی کیا ہے.

     اس باہمت 19 سالہ انڈین مسلمان کو خراج تحسین کے پیغامات بھی موصول ہورہے ہیں ، اپنی کامیابی پرحرا ہاشمی کا کہنا ہے کہ میں سب کے مثبت ردعمل پربہت خوش ہوں ، انہوں نے کہا کہ میں عوام میں مسلمانوں کے مثبت چہرے کو اجاگرکرکے بہت خوش ہوں ، میرا خیال ہے کہ میری مرتب کردہ لسٹ مکمل اور جامع ہے۔

    یاد رہے کہ  حرا ہاشمی انڈین مسلم ہیں‌ اور وہ امریکہ کی کولاڈا یونیورسٹی میں زیر تعلیم ہیں.

  • سبی کے ریپرعابد بروہی نے اپنے گانے سے دھوم مچادی

    سبی کے ریپرعابد بروہی نے اپنے گانے سے دھوم مچادی

    کراچی : سبی کے ریپرعابد بروہی نے اپنے گانے سے دھوم مچا دی، ریپر کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

    تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے گرم ترین شہر سبی کے نوجوان عابد بروہی نے اپنے ریپ اسٹائل میں گانے گا کر سوشل میڈیا پر دھوم مچادی، سبی کا یہ نوجوان لکھنا پڑھنا تو نہیں جانتا لیکن گانا خوب گاتا ہے۔

    گاؤں کی گلیوں میں بلوچ اور سندھی گانوں کو انگریزی انداز میں ریپنگ کرتا عابد راتوں رات سوشل میڈیا کا ہیرو بن گیا، انوکھے انداز کو دنیا کے سامنے لانے کا موقع درکار تھا۔ پاکستان کا آڈیو اسٹریمنگ گروپ اس چھپے رستم کو سامنے لے آیا۔


    Rapper Abid Brohi appears in News@9 by arynews

    سبی کے راک اسٹار نے منچلوں کو اپنا دیوانہ بنادیا۔ عابد کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئیں۔ اے آر وائی نیوز کے ۔دفتر میں گفتگو کرتے ہوئے عابد بروہی کا کہنا تھا کہ مجھے بچپن سے شوق تھا، شادیوں میں گاتا اور رقص کرتا تھا۔

    اسی دوران سبی میلے میں پرفارمنس کے دوران آڈیو اسٹریمنگ گروپ نے میرے گانے کو پسند کیا اور پھر مجھے اپنے ساتھ لاہور لے گئے، انہوں نے کہا کہ لوگ اس طرح کے گانوں کو بہت پسند کرتے ہیں یہی وجہ میری مشہوری کا باعث بنی۔

    ایک سوال کے جواب میں عابد بروہی نے بتایا کہ اس طرح کے گانے دوسری زبانوں میں ہیں لیکن سندھی میں نہیں تو میں نے سندھی زبان میں گایا۔

    انہوں نے بتایا کہ میں نے کسی سے نہیں سیکھا بس گھر میں شوقیہ طور پر ایک تھال لے کر اس کو بجایا کرتا تھا اور اسی پر پریکٹس کرتا تھا۔

  • جنید جمشید کے بیٹے نے نعت پڑھ کران کی یاد تازہ کردی

    جنید جمشید کے بیٹے نے نعت پڑھ کران کی یاد تازہ کردی

    کراچی : جنید جمشید شہید کے بیٹے نے اپنے والد کی مشہور زمانہ نعت پڑھ کر ان کی یاد تازہ کردی، سوشل میڈیا پر ویڈیو وائرل ہوگئی۔

    تفصیلات کے مطابق حویلیاں طیارہ حادثے میں شہید ہونے والے ملک کے معروف نعت خواں اور مبلغ جنید جمشید کے صاحبزادے بدر جنید نے ایک چیریٹی شو کی تقریب میں اپنے والد کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کی مشہور زمانہ نعت میرا غفلت میں ڈوبا دل بدل دے پڑھ کر شرکاء کے دلوں میں ان کی یاد تازہ کردی۔

    سوشل میڈیا پر چلنے والی اس ویڈیو کو ایک لاکھ سے زائد افراد نے پسند کیا، تقریب کے دوران اظہار خیال کرتے ہوئے بدرجنید کا کہنا تھا کہ پہلی بار کسی چیریٹی شو میں اپنے ابا کے بغیر آیا ہوں۔

    انہوں  نے کہا کہ یہ صرف میرے یا میرے گھر والوں کیلئے ہی نہیں بلکہ ان کے تمام چاہنے والوں کیلئے دکھ کی بات ہے کہ وہ آج ہم میں موجود نہیں۔

    انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ابا نے جس طرح سماجی کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا، ہم سب اس کو آگے لے کر چلیں گے۔

    شہید جنید جمشید کی نعت ان کی مسحور کن آواز میں قارئین کی نذر ۔۔۔ !!


    Mera Ghaflat Mein Dooba Dil Badal De by Junaid… by arydigitalofficial

  • فوجی نہ ہوتا توخود کشی کرلیتا، ایک اوربھارتی اہلکارکی ویڈیوجاری

    فوجی نہ ہوتا توخود کشی کرلیتا، ایک اوربھارتی اہلکارکی ویڈیوجاری

    نئی دہلی: بھارتی فوج میں جاری ظلم و کرپشن کے خلاف ایک اور بھارتی فوج اٹھ کھڑا ہوا اور ویڈیو بنا کر سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کردی اور کہا کہ اگر میں فوجی نہ ہوتا تو خود کشی کرلیتا۔

    تفصیلات کے مطابق بھارتی فوجی تیج بہادر کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد ایک اور فوجی اہلکار نے بھارتی فوجی افسران کے مظالم کا ذکر چھیڑ دیا، اسے ویڈیو میں شکوے کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔

    بھارتی سیکورٹی فورسز کے اہلکاربڑے دعوے کرنے والی مودی سرکار کی پول کھولنے میں مصروف ہیں۔ سیکورٹی اہلکاروں کا کہنا ہے سینئر افسران جوتے پالش کراتے ہیں اورشکایت کرنے پر دھمکاتے ہیں۔

    بھارتی سینا کے اہلکاروں نے اپنی ہی سرکار کی قلعی کھول دی۔ بھارتی فوج کی حقیقت بے نقاب کرتی ایک بعد ایک ویڈیوز سامنے آنے لگیں۔ ایک اورسیکورٹی اہلکارنے مودی سرکار اورسینئر فوجی افسروں کیخلاف شکایتوں کا انبارلگا دیا۔

    اہلکارکا کہنا ہے کہ افسروں کے جوتے پالش کرانے کی شکایت کی توکورٹ مارشل کا خطرہ ہوگیا۔ اہلکار کے مطابق سینئرافسران اتنا دباؤ ڈال رہے ہیں کہ فورسزمیں نہ ہوتا تو خودکشی کرلیتا۔

    اس سے قبل سی آر پی ایف کے ایک اہلکار جیت سنگھ نے بھی اپنے افسران کے مظالم کیخلاف آواز اٹھاتے ہوئے اپنی ویڈیو میں کہا تھا کہ اہلکاروں کو بیس سال سروس کے بعد بھی پنشن نہیں ملتی، ایکس سروس مین کوٹہ میں بھی حصہ نہیں ، سب سہولتیں فوجی اہلکاروں کیلئے ہیں۔

    بھارتی فورسز کے سیکیورٹی اہلکار پچھلے کچھ دنوں سے اپنے ساتھ ناروا سلوک اورناکافی سہولیات کی فریاد سوشل میڈیا پرویڈیوزاپ لوڈ کرکے کررہے ہیں۔ بھارتی فوج اور مودی سرکار کی سبکی پر ٹوئٹر پر بھی انہیں شدید تنقید کا سامنا ہے۔

    مزید پڑھیں: بھارتی آرمی چیف نے فوجیوں کے لیے سوشل میڈیا کوممنوع قرار دے دیا

    واضح رہے کہ بھارتی آرمی چیف بھارتی فوج کے اہلکاروں کی شکایتوں سے پریشان ہوگئے ہیں، خوراک میں خرد برد کے الزامات پر بھارتی آرمی چیف کو پریس کانفرنس کرنا پڑ گئی۔

    بھارتی آرمی چیف نے کہا کہ جوان شکایات سامنے لانے کے لئے سوشل میڈیا کے استعمال سے گریز کریں، کسی قسم کی شکایت کے لئےاعلیٰ قیادت سے رابطہ کریں.

    مزید پڑھیں: بھارتی فوجی نے ویڈیو جاری کرکے اپنی فوج کو بے نقاب کردیا

    آرمی چیف کا کہنا تھا سرحدوں پرچیلجنز کا سامنا ہے،جوانوں کی شکایت کے لئے شکایتی باکس قائم کردیا ہے۔

  • بھارتی آرمی چیف نے فوجیوں کے لیے سوشل میڈیا کوممنوع قرار دے دیا

    بھارتی آرمی چیف نے فوجیوں کے لیے سوشل میڈیا کوممنوع قرار دے دیا

    نئی دہلی : بھارتی آرمی چیف جنرل بپن نےاپنے جوانوں کو سوشل میڈیا کا استعمال کرنے سے روک دیا۔ انہوں نے کہا کہ جس کو کوئی شکایت ہے وہ سوشل میڈیا کے بجائے براہ راست بات کرئے ۔

    نفصیلات کے مطابق 8 جنوری کو سوشل میڈیا پر بھارتی آرمی کے جوان کی ویڈیو وائرل ہوئی جس میں بی ایس ایف کانسٹیبل تاج بہادر یادیو نے اپنے افسران پر الزام عائد کیا کہ وہ انہیں اچھا کھانا فراہم نہیں کرتے ہیں۔

    تاج بہادر یادیو کا کہنا تھا کہ اگرچہ حکومت ہمیں اچھا کھا نا فراہم کرتی ہے۔ مگر ہم تک معیاری غذا کی رسائی نہیں ہوتی ہے۔ وڈیو میں بی ایس ایف کانسٹیبل نے الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ سرکار کی طرف سے ملنے والا اچھا کھانا، اجناس اور دیگر شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والی سہولت کی اشیا افسران بالا مارکیٹ میں فروخت کر دیتے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ اس وجہ سے مجھے سمیت دیگرعملے کواکثربھوکے پیٹ سونا پڑتا ہے۔ ویڈیو پیغام میں بھارتی آرمی کے جوان نے اپنی حکومت سے استدعا کی کہ وہ اس صورتحال کا فوری نوٹس لیں۔

    یہاں پڑھیں: بھارتی فوجی نے ویڈیو جاری کرکے اپنی فوج کو بے نقاب کردیا

    انہوں نے مزید کہا کہ ہم کو آٹھ آٹھ گھنٹے کھڑے ہو کر ڈیوٹی دینا ہوتی ہے ۔اس پر اگر پیٹ بھر کر کھانا نہ ملے تو ہم کس طرح اپنی سرزمین کا دفاع کرینگے۔

    ایف کانسٹیبل تاج بہادر یادیوکی اپ لوڈ ویڈیو نے سوشل میڈیا پر دھوم مچادی۔ وڈیو کے وائرل ہوتے ہی بھارتی میڈیا نے اپنی آرمی کوآڑے ہاتھوں لیا۔

    بعد ازاں بھارتی آرمی چیف جنرل بپن نےاپنے جوانوں کو سوشل میڈیا کا استعمال کرنے سے روک دیا۔ انہوں نے متنبہ کیا کہ جسے جو شکایت ہے وہ مجھے سے براہ راست بات کرے مگر سوشل میڈیا کو اپنے اظہار کا ذریعہ نہ بنائے۔

  • بھارتی فوجی نے ویڈیو جاری کرکے اپنی فوج کو بے نقاب کردیا

    بھارتی فوجی نے ویڈیو جاری کرکے اپنی فوج کو بے نقاب کردیا

    نئی دہلی : بھارتی فوجیوں کو کھانے کے لالے پڑ گئے،فوجیوں کو ملنے والے راشن میں اعلیٰ افسران کی خوردبرد کا انکشاف ہوا ہے۔ ایک حاضر سروس فوجی اہلکار نے بھارتی فوج میں کرپشن کا بھانڈا پھوڑ دیا، سرحد پر تعینات ایک اہلکار نے ایسی ویڈیو جاری کر دی ہے جس نے بھارتی حکومت اور بھارتی فوج کو دنیا بھر میں شرمندہ کر کے رکھ دیاہے۔

    تفصیلات کے مطابق بھارتی فوجی اہلکار تیج بہادریادیو نے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو جاری کی ہے جس میں بھارتی فوجی اہلکاروں کے ساتھ ہونے والے ناروا سلوک کا پردہ فاش کردیا۔

    بھارتی فوجی تیج بہادر جس کا تعلق پی ایس ایف 29 ویں بٹالین سے ہے، اس کا اپنی ویڈیو میں کہنا تھا کہ ہمیں ملنے والا کھانا افسران کھا جاتے ہیں یا پھر بازار میں بیچ دیا جاتا ہے۔

    سوشل میڈیا پر جاری ویڈیو میں بھارتی فوجی کا مزید کہنا تھا کہ ناشتے میں پتلا پراٹھا اور تھوڑی سی چائے ملتی ہے، بعض اوقات رات کو کھانا نہ ہونے کے باعث تو بھوکا بھی سونا پڑتا ہے کیا اس طرح ہم ڈیوٹی دے سکتے ہیں؟

    اس نے کہا کہ صبح چھ بجے سے شام پانچ بجے تک مسلسل کھڑے ہو کر ڈیوٹی دیتے ہیں لیکن کھانے میں ہمیں ایسی دال دی جاتی ہے جس میں صرف ہلدی اور نمک ڈالا جاتا ہے اور نہ اس میں پیاز ہوتا ہے نہ گھی اور نہ ہی لہسن۔’’

    اس نے کہا کہ مجھے نہیں معلوم کہ اس ویڈیو کے بعد میرے ساتھ کیا سلوک کیا جائے گا، لیکن میں اپنے ہم وطنوں کو اپنی اور اپنے ساتھیوں کی بری حالت کے بارے میں بتانا چاہتا ہوں۔

  • سوشل میڈیا پرشراب کی کھلے عام دعوت، پولیس کی کارروائی

    سوشل میڈیا پرشراب کی کھلے عام دعوت، پولیس کی کارروائی

    ڈیرہ غازی خان : لوگوں کو سر عام شراب کی دعوت دینے پر پولیس نے ڈیرہ غازی خان کے رہائشی کی تلاش شروع کردی، ملزم نے سوشل میڈیا پر پوسٹ کیے گئے ایک مہندی کے کارڈ میں ’’پارٹی‘‘ کی دعوت دی تھی۔

    تفصیلات کے مطابق ڈیرہ غازی خان کے شہری شیخ برہان کی رسم حنا کا متنازعہ کارڈ سوشل میڈیا پر آنے کے بعد پولیس کی دوڑیں لگ گئیں، رسم حنا کے کارڈ میں شراب کی بوتلوں کی تصاویر بھی بڑی بہادری سے لگائی گئی ہیں۔

    اس کارڈ میں مہمانوں کو سر عام شراب پینے کی دعوت دی گئی ہے۔ پولیس نے مقدمہ درج کرنے کے بعد کارروائی کرتے ہوئے شراب کی بوتلیں اپنی تحویل میں لےلیں۔

    اس حوالے سے سینئر صحافی اسد کھرل کا کہنا ہے کہ تھانہ سٹی پولیس نے جو ایف آئی آر درج کی ہے اس میں کہا گیا ہے کہ ہم فیس بک کے حوالے سے ملنے والی اطلاع پر کارروائی کیلیے گئے تو وہاں صرف ایک شخص جو ایک تھیلے میں شراب کی بوتلیں لے جا رہا تھا پولیس کو دیکھتے ہی تھیلا چھوڑ کر فرار ہوگیا۔

    tun-party

    اسد کھرل کے مطابق پولیس نے کسی ملزم کو گرفتار نہیں کیا ہے، پولیس نے ایف آئی آر میں لکھا ہے کہ تھیلے سے شراب کی 45 بوتلیں برآمد کی گئیں ہیں جبکہ سوشل میڈیا پر دکھائے جانے والے کارڈ میں تقریب کے میزبان سمیت دیگر افراد کے نام بھی نمایاں طور پر چھاپے گئے ہیں۔

    یاد رہے کہ آج ہی ٹوبہ ٹیک سنگھ میں ناقص شراب پینے کی وجہ سے چودہ افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

  • بھارت میں پاکستان بن رہا ہے: وائرل ویڈیو

    بھارت میں پاکستان بن رہا ہے: وائرل ویڈیو

    نئی دہلی: بھارت کے عوام بھی اپنی حکومت کے آئے دن پاکستان کےخلاف بیانات سے تنگ آچکے ہیں اور ایسی ہی ایک نوجوان لڑکی کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے۔

    سوشل میڈیا پر وائرل ہوتی اس ویڈیو میں ایک نامعلوم نوجوان لڑکی تقریر کرتے ہوئے بھارتی سرکار کو شدید تنقید کا نشانہ بنار ہی ہے۔

    تقریر میں بھارتی حکومت کو موردِ الزام ٹھہرارہی ہیں کہ’’حکومت کے خلاف آواز اٹھانے پر کہاجاتا ہے کہ ’پاکستان چلے جاؤ‘۔

    لڑکی نے ویڈیو میں یہ بھی کہا کہ بہار میں بے جی پی کی شکست ہوتی ہے تو کہا جاتا ہے کہ سارے پٹاخے پاکستان پر چلادو‘۔

    لڑکی نے پاکستان کے بارے میں مثبت تاثرات دیتے ہوئے یہ بھی کہا کہ پاکستان جانے میں ہمیں کوئی مسئلہ نہیں‘ ہمارے جیسا ہی دیش ہے‘‘۔

    ویڈیو میں کہی گئی سب سے اہم بات یہ تھی کہ بھارت میں بہت سے لوگ اب یہ کہنے لگے ہیں کہ’’پاکستان جانے کی کیا ضرورت ہے جب بھارت میں ہی پاکستان بن رہا ہے‘‘۔

    واضح رہے کہ بھارت کی جانب سے بلا سبب اشتعال انگیز ی اور ایل او سی پر آئے دن کی گولہ باری کے سبب دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی اپنے عروج پر ہے‘ بھارتی حکومت پاکستان کی خطے میں امن و استحکام کی خواہش کو ہماری کمزوری سمجھ رہی ہے۔

    بھارت میں تعینات پاکستانی سفیر عبد الباسط کا کہنا ہے کہ ہارٹ آف ایشیا کانفرنس کے دوران دونوں ممالک کے سرد تعلقات میں کسی پیش رفت کا ہونا ممکن نہیں ہے۔

    اگر ہارٹ آف ایشیا کانفرنس میں تعلقات پر جمی برف نہیں پگھلتی تو پھر کسی اور موقع کا انتظار کرنا ہوگا تاہم انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان بھارت سے مذاکرات کے لیے بھیک نہیں مانگ رہا۔

  • سعودی عرب میں سائبر قانون کی خلاف ورزی سے بچیں

    سعودی عرب میں سائبر قانون کی خلاف ورزی سے بچیں

    کیا آپ جانتے ہیں کہ جس قدر آزادی سے آپ سوشل میڈیا پاکستان میں استعمال کرسکتے ہیں سعودی عرب میں نہیں کرسکتے‘ لہذا اگر آپ سعودی عرب کا سفر کررہے ہیں یا وہاں قیام پذیر ہیں تو یہ خبر آپ کے لیے ہے۔

    پاکستان کے لگ بھگ 15 لاکھ شہری برادر ملک سعودی عرب میں روزگار کی غرض سے رہائش پذیر ہیں اور ان کے پاس پاکستان سے جڑے رہنے کا سب سے آسان اور سستا ذریعہ سوشل میڈیا ہے۔

    لیکن اگر آپ سعودی عرب میں رہائش پذیر ہیں تو وہاں سائبر کرائم کا قانون انتہائی سخت ہے اور آپ کے بعض ایسے کاموں پر وہاں آپ کو سخت سزا کا سامنا کرسکتا ہے جو کہ شاید پاکستان میں آپ کے لیے شرارت سے زیادہ نہ ہوں۔

    دلہن کی تصویر کھینچنا

    saudi-post-1

    سعودی عرب میں کسی شادی یا تقریب میں دلہن یا کسی خاتون کی تصویر لینے اور ویڈیو بنانے پر کم از کم 12 مہینے قید اور پانچ لاکھ سعودی ریال کی سزا مقرر ہے ۔ وہاں اسے خواتین کی ذاتیات میں دخل دراندازی تصور کیا جاتا ہے۔

    اس سزا کا مقصد غیر محرموں تک خواتین کی تصویروں اور ویڈیوز تک رسائی کو روکنا ہے۔

    حادثے کی تصاویر کھینچنا

    saudi-post-2

    سعودی عرب میں کسی بھی حادثے کی تصویر کھینچنا یا ویڈیو بنانا خلافِ قانون ہے اور اس کی سزا کم از کم پانچ سال اور ساتھ میں پانچ لاکھ سعودی ریال کا جرمانہ بھی کیا جاسکتا ہے۔

    اس قانون کی وجہ یہ بتائی گئی ہے کہ حادثہ ایک اضطراری کیفیت ہے جو باقاعدہ منصوبے کے تحت نہیں پیش آتا اور ایسے میں اکثر اوقات یہ ہوتا ہے کہ لوگ زخمی کی مدد کرنے کے بجائے ویڈیو بنانے میں مصروف ہوجاتے ہیں، جس سے زخمی کی جان بچنے کا ایک امکان کم ہوجاتا ہے۔

    سوشل میڈیا پر جعلی اکاؤنٹ رکھنا

    saudi-post-3

    اگر آپ سعودی عرب میں رہتے ہوئے کسی خاتون کے نام سے جعلی سوشل میڈیا آئی ڈی چلا رہے اور اس کے ذریعے سے دوسرے شہریوں کو معاشی نقصان پہنچا رہے ہیں تو آپ کو ایک سال قید اور کوڑوں کی سزا ہوسکتی ہے۔

    ایسے ہی کیس میں کہ جس میں ایک شخص خاتون کی تصویر لگا کر اور آواز بنا کر لوگوں سے تحفے وصول کررہا تھا‘ پولیس نے اس کے گھر پر ریڈ کی اور 13 ہزار سعودی ریال مالیت کی اشیا جن میں پرفیوم ‘ میک اپ کٹس وغیرہ شامل ہیں بازیاب کیے۔ مذکورہ کیس میں ملزم کو ایک سال قید اور آٹھ سو کوڑوں کی سزا سنائی گئی۔

    غیر متعلقہ شخص کی ویڈیو اپ لوڈ کرنا

    saudi-post-4

    جیسے جیسے ٹیکنالوجی میں ترقی آرہی ہے اور اسمارٹ فون اور سوشل میڈیا ویب سائٹس کا استعمال بڑھتا جارہاہے اور اب چاہے کسی بھی شخص کی کرپشن ہو غفلت ہو یا جرم‘ موبائل کیمرے سے اس کی ویڈیو بنا کر سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کر کے اس دنیا بھر تک پہنچا دینا انتہائی آسان ہے۔

    لیکن اگر آپ سعودی عرب میں ہیں تو خبردار! آپ ایسے ہی کسی کی ویڈیو کہیں بھی اپ لوڈ نہیں کرسکتے اور اگر آپ نے ایسی حرکت کی تو آپ پر پانچ لاکھ سعودی ریال تک کا جرمانہ ہوسکتا ہے۔

    سعودی شہری کی توہین

    saudi-post-5

    ویسے تو دنیا کے کسی بھی ملک میں شہریوں کی توہین کرنا اچھا نہیں سمجھا جاتا لیکن اگر آپ سعودی عرب میں ہیں اور کسی شخص کی توہین کررہے ہیں تو خیال رکھئے یہ عمل آپ کو مشکل میں ڈال سکتا ہے۔

    گزشتہ دنوں ایک 32 سالہ خاتون کو 20 ہزار سعودی ریا ل اور 70 کوڑوں کی سزا سنائی گئی ۔ خاتون کا جرم یہ تھا کہ اس نے واٹس ایپ پر ایک سعودی شہری کی توہین کی تھی ۔ خاتون نے عدالت میں اپنا جرم قبول کیا لیکن عدالت کی سزا کو قبول کرنے سے انکار کیا۔ خاتون کی شہریت اور توہین کا نشانہ بننے والے شہری کی شناخت مخفی رکھی گئی ہے۔