Tag: Social media

  • سوشل میڈیا باضابطہ طور پر ’مضر صحت‘ قرار

    سوشل میڈیا باضابطہ طور پر ’مضر صحت‘ قرار

    امریکا میں سوشل میڈیا کو صحت عامہ کے لیے خطرناک قرار دیتے ہوئے نوجوانوں کی ذہنی صحت کے بحران کا ذمہ دار قرار دیا گیا ہے۔

    اس حوالے سے نیویارک سٹی انتظامیہ نے باضابطہ طور پر سوشل میڈیا کو مضر صحت قرار دیا ہے جو تمباکو نوشی کے مترادف ہے۔

    media

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ روز جاری کردہ ایک ایڈوائزری میں نیویارک کے میئر ایرک ایڈمز نے ٹک ٹاک، یوٹیوب اور فیس بک پر تنقید کرتے ہوئے ان ایپس کو امریکہ میں لاکھوں بچوں کی ذہنی صحت خراب کرنے کا ذمہ دار ٹھہرایا۔

    اس حوالے سے کیے گئے تازہ ترین سروے میں نوعمر افراد میں ڈپریشن کی شرح ایک دہائی میں اپنی بلند ترین سطح کو چھو رہی ہے۔

    advisory

    اس اقدام کے بعد نیویارک امریکا کا پہلا شہر بن گیا ہے جس نے باضابطہ طور پر سوشل میڈیا کو ‘مضر صحت’ قرار دے دیا ہے۔

    اسٹیٹ آف دی سٹی خطاب کے دوران نیویارک کے میئر ایرک ایڈمز نے کہا کہ ہم اپنے بچوں کو درپیش بحران کو ختم کرنے جا رہے ہیں، انہوں نے وضاحت کی کہ سوشل میڈیا سے دماغی امراض میں اضافہ ہورہا ہے۔

    اس کے ساتھ ساتھ انہوں نے ایکس (ٹوئٹر) پر ایک پوسٹ میں کہا کہ ہم بڑی ٹیکنالوجی کمپنیوں کو اپنے بچوں کے لیے خطرہ نہیں بننے دیں گے تاہم انہوں نے یہ واضح نہیں کیا کہ کس طرح سوشل میڈیا کے ‘خطرات’ کی روک تھام کی جائے گی۔

  • منافع کے چکر میں نوجوان ’آن لائن ٹریڈرز‘ کا شکار کیسے بنا ؟

    منافع کے چکر میں نوجوان ’آن لائن ٹریڈرز‘ کا شکار کیسے بنا ؟

    کراچی : سوشل میڈیا موجودہ دور میں ہماری روز مرہ کی ضروریات کا حصہ بنتا جارہا ہے، بدقسمتی سے اس کا استعمال اب دھوکہ دہی کیلئے بھی کیا جارہا ہے جس سے بچنے کیلئے سوچ سمجھ کر قدم اٹھانا چاہیے۔

    اس حوالے سے اے آر وائی ڈیجیٹل کے پروگرام گڈ مارننگ پاکستان میں کراچی سے تعلق رکھنے والے ایک نوجوان سمیر نے سوشل میڈیا پر ایک ایپ کے ذریعے اپنے لُٹ جانے کا واقعہ ناظرین کو بتایا۔

    انہوں نے بتایا کہ میں نے ’آن لائن ٹریڈر‘ کے نام سے ایک آئی ڈی کو فالو کیا ہوا تھا جہاں پر لوگوں کو اپنی جانب راغب کرنے کیلئے روزانہ کسی نہ کسی کو کئی ہزار روپے منافع کی خبریں جاری کی جاتی تھیں۔

    سمیر نے بتایا کہ اس کام کا قانون یہ تھا کہ کم سے کم سو ڈالر کی سرمایہ کاری کرنا ضروری تھی میں نے بھی آغاز میں سو ڈالر دیئے تو اگلے 24 گھنٹے میں ایک سو بیس ڈالر میرے اکاؤنٹ میں آگئے۔

    نوجوان کا کہنا تھا کہ 5روز تک میں اس آئی ڈی کو مانیٹر کرتا رہا اور پھر 500 ڈالر یعنی ایک لاکھ چالیس ہزار روپے جمع کرائے تو اگلے 24ویں گھنٹے میں مجھے بلاک کردیا گیا اور میری ساری رقم ڈوب گئی۔

    سوشل میڈیا پر دھوکہ بازی سے کیسے بچا جائے؟

    یاد رکھیں کہ سوشل میڈیا پر دھوکے بازوں سے بچنے کا ایک اہم طریقہ یہ ہے کہ ایسے کسی بھی رابطہ کار کے کسی سوال یا بات کا جواب نہ دیا جائے۔ ٹیلیفون اور کبھی ای میل بھیج کر نجی معلومات کے حصول کے لیے رابطہ کیا جاتا ہے۔ اس کے علاوہ کوئی ایسی ای میل بھی نہ کھولی جائے جو نا معلوم ذرائع کی جانب سے بھیجی گئی ہو۔

    مختلف بینکوں کے ’لوگو‘ کے ذریعے ملنے والے پیغامات سے بھی ہوشیار رہیں اور مکمل طور پر ہوشیار رہیں تاکہ دھوکہ نہ کھاسکیں، دھوکہ باز عناصر یہ طریقہ واردات انسانی نفسیات سے کھیلنے کیلئے استعمال کرتے ہیں۔

  • حرا مانی کا ’نو میک اپ‘ لُک سوشل میڈیا پر وائرل

    حرا مانی کا ’نو میک اپ‘ لُک سوشل میڈیا پر وائرل

    پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کی خوبرو اداکارہ حرا مانی کا ’نو میک اپ‘ لُک سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

    فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپلی کیشن انسٹا گرام پر اداکارہ حرا مانی نے اپنی ایک نئی تصاویر شیئر کی ہے جس میں انہیں ایک نئے انداز میں دیکھا جا سکتا ہے۔

     

    View this post on Instagram

     

    A post shared by Hira Mani (@hiramaniofficial)

    حرا مانی نے تصویر پوسٹ کرتے ہوئے کیپشن میں ’ نومیک اپ نو فلٹر لُک‘ کا ہیش ٹیگ استعمال کیا ہے۔

     

    View this post on Instagram

     

    A post shared by Lulusar (@lulusaronline)

    اداکارہ نے گزشتہ روز یہ تصاویر شیئر کی جسے اب تک لاکھوں مداح دیکھ چکے ہیں اور اس پر ملے جلے ردعمل کا اظہار کررہے ہیں۔

     

    View this post on Instagram

     

    A post shared by Hira Mani (@hiramaniofficial)

    واضح رہے کہ حرا مانی اے آر وائی ڈیجیٹل کے ڈرامہ سیریل دو بول، میرے پاس تم ہو، بندش سمیت متعدد ڈراموں میں اداکاری کے جوہر دکھا چکی ہیں۔

  • ’’اسٹریٹ کرائم ختم ہوکر سائبر کرائم میں منتقل ہوجائے گا‘‘

    ’’اسٹریٹ کرائم ختم ہوکر سائبر کرائم میں منتقل ہوجائے گا‘‘

    حالیہ جدید ٹیکنالوجی کے دور میں سوشل میڈیا کی اہمیت اور اس کی ضرورت سے کوئی انکار نہیں کرسکتا تاہم اس کے استعمال کے بھی مثبت اور منفی پہلو ہوسکتے ہیں۔

    فیس بک، انسٹاگرام ، ایکس، یوٹیوب، واٹس ایپ اور دیگر سوشل میڈیا کے مؤثر ذرائع ہیں اور ان سب کے استعمال سے کوئی بھی شخص یا ادارہ اپنی بات کو جلدی، آسان اور بہتر طریقے سے اپنی بات دوسروں تک پہنچا سکتا ہے۔

    ان تمام ذرائع کے جہاں زبردست فائدے ہیں وہیں اگر کوئی ان کا استعمال کسی غلط مقصد کے لئے کرے تو وہ اس کے بھی انتہائی خطرناک نتائج بھگتنا پڑتے ہیں، سوال یہ ہے کہ ان سے کیسے بچا جائے؟

    اس حوالے سے اے آر وائی نیوز کے پروگرام باخبر سویرا میں انسانی حقوق کے حوالے سے سرگرم اور لیگل کنسلٹنٹ ایڈووکیٹ محمد نواز ڈاہری نے ناظرین کو اہم اور قانونی مشورے دیئے۔

    انہوں نے بتایا کہ موجودہ وقت میں سائبر کرائم بہت بڑا مسئلہ بنتا جارہا ہے آنے والے وقت میں اسٹریٹ کرائم مکمل طور پر ختم ہوکر سائبر کرائم میں منتقل ہوجائے گا۔

    ایڈووکیٹ محمد نواز ڈاہری نے کہا کہ سوشل میڈیا بہت سوچ سمجھ کر استعمال کرنے کی ضرورت ہے، ذرا سی بھول چوک آپ کو بہت بڑی مصیبت میں ڈال سکتی ہے۔

    انہوں نے بتایا کہ پاکستان میں لگ بھگ 7 کروڑ افراد مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز استعمال کرتے ہیں اور کسی بھی شکایت کی صورت میں ان تک پہنچنا کوئی بڑی بات نہیں رہی یہ لوگ بہت آسانی سے قانون کی گرفت میں لائے جاسکتے ہیں۔

     

  • قومی کرکٹرز نے بھی فلسطینیوں کے حق میں آواز بلند کردی

    قومی کرکٹرز نے بھی فلسطینیوں کے حق میں آواز بلند کردی

    دنیا بھر کے مسلمانوں کی طرح قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں نے بھی جذبہ ایمانی اور انسانیت کے تحت مظلوم فلسطینیوں سے بھرپور اظہار یکجہتی کیا ہے۔

    بھارت میں موجود پاکستان کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں شاداب خان، حارث رؤف، اسامہ میر افتخار احمد اور محمد نواز سمیت دیگر نے فلسطینیوں کے حق میں آواز بلند کردی۔

    فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے تمام کھلاڑیوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فام ایکس پر فلسطینی جھنڈے کی تصویر لگاکر اپنے جذبے کا کھل کر اظہار کیا ہے۔

    واضح رہے کہ اس سے قبل پاکستان کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان نے ورلڈکپ میں سری لنکا کے خلاف ایک میچ میں شاندار فتح اور اپنی سنچری کو فلسطینیوں کے نام کیا تھا جو کہ بھارتیوں اور اسرائیل کو بالکل پسند نہیں آئی تھی۔

  • فرعون کی تصویر والے نوٹ نے تہلکہ مچا دیا

    فرعون کی تصویر والے نوٹ نے تہلکہ مچا دیا

    قاہرہ : مصر میں ان دنوں سوشل میڈیا پر ایک نوٹ کی تصویر گردش کر رہی جس کے بارے میں دعویٰ کیا گیا کہ وہ نئی 50 پاؤنڈ کرنسی کی ہے جو جلد ہی متعارف کرائی جائے گی۔

    اس تصویر کے پوسٹ ہوتے ہی سوشل میڈیا صارفین نے اپنے ردعمل کا اظہار کیا، جس میں اس کی مخالفت میں زیادہ کمنٹس کیے گئے۔

    مذکورہ تصویر میں ایک ہاتھ میں ایک بینک نوٹ پکڑا ہوا ہے جس پر فرعون کے مجسمے کی تصویر بنی ہوئی ہے۔

    سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر سرگرم افراد نے اس کی تصدیق کی کہ یہ ایک نیا نوٹ ہے جسے مصر میں جلد متعارف کرایا جائے گا، اس دوران ڈیزائن کی حمایت اور رد کرنے والوں کے تبصرے بھی سامنے آئے۔

    معاملہ جب بہت زیادہ بڑھ گیا تو مصر کے سنٹرل بینک نے اپنی خاموشی توڑدی، ذرائع نے مقامی میڈیا کو اس بات کی تردید جاری کی اور کہا کہ ایسا کوئی کاغذی نوٹ جاری نہیں کیا گیا ہے۔

    ذرائع کا کہنا تھا کہ مرکزی بینک نے ایک سال قبل 10 پاؤنڈز اور چند ماہ قبل 20 پاؤنڈز کی پیشکش کے بعد ابھی تک کسی نئی کرنسی کی پیشکش کا اعلان نہیں کیا ہے۔

    مزید تحقیق سے واضح ہوا کہ تصویر میں موجود بینک نوٹ برسوں پہلے شائع ہونے والے فنکارانہ ڈیزائن کے سوا کچھ نہیں تھا۔

    بعد ازاں تصویر کی تلاش کے بعد معلوم ہوا کہ یہ ڈیزائن اس سے پہلے بھی شائع ہوچکا تھا، یہ تصویر 2018 میں انفارمیشن آڈیٹنگ پلیٹ فارم "ڈی جاڈ” پر شائع ہونے والی رپورٹ کی ہے۔ اس کا ماخذ 13 دسمبر 2016 کی ایک پوسٹ تھی جو اس فیس بک پیج پر شائع ہوئی۔

    اس سے یہ بات واضح ہوگئی ہے کہ یہ ڈیزائن صرف ایک افواہ ہے اور اس نوٹ کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں ہے۔

  • ’’میڈیا اور سوشل میڈیا لوگوں کی نفسیات پر گہرا اثر ڈال رہا ہے‘‘

    ’’میڈیا اور سوشل میڈیا لوگوں کی نفسیات پر گہرا اثر ڈال رہا ہے‘‘

    کراچی: نگراں وزیر صحت سندھ ڈاکٹر سعد خالد نیاز نے کہا ہے کہ خود کشی کے رجحان کو ہر صورت ختم کرنا ہوگا، اس وقت میڈیا اور سوشل میڈیا لوگوں کی نفسیات پر گہرا اثر ڈال رہا ہے، بدقسمتی سے مایوس کن خبریں و اقدامات سے لوگوں کی بے چینی بہت زیادہ بڑھ چکی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق نگراں وزیر صحت سندھ ڈاکٹر سعد خالد نیاز خودکشی سے بچاؤ کے عالمی دن کے موقع پر کاروان حیات کے تحت کراچی کے ایک نجی ہوٹل میں منعقدہ سیمینار سے خطاب کر رہے تھے، انھوں نے کہا لوگوں کے خودکشی کرنے کے پیچھے ذہنی و جسمانی امراض، رویوں و نفسیاتی مسائل موجود ہوتے ہیں، ان مسائل و امراض کی بروقت تشخیص و علاج کے ذریعے لوگوں کی زندگیاں بچائی جا سکتی ہیں۔

    ڈاکٹر سعد خالد نیاز نے کہا ’’میرے مریض اور تیماردار بھی مجھ سے آئے روز ملک کو درپیش مختلف مسائل اور بحرانوں پر بات کرتے ہیں، حالاں کہ اس میں نہ ان کا کردار ہوتا ہے نہ ہی وہ براہ راست متاثر ہوتے ہیں، لیکن میڈیا، سوشل میڈیا اور ابلاغ کے دیگر ذرائع کے وساطت سے اتنا کچھ مایوس کن سن اور دیکھ چکے ہوتے ہیں، کہ بعض اوقات مثبت خبر بھی ان کے لیے بے معنی ثابت ہوتی ہے۔

    انھوں نے کہا کہ وہ دو سال قبل ہی سوشل میڈیا و ٹی وی سے خود کو لاتعلق کر چکے ہیں، جو ان کے لیے کسی حد تک ذہنی سکون کا باعث ہے۔ انھوں نے کہا کہ ایسا بھی ہوتا ہے کہ ایک ڈاکٹر جو کم و بیش 499 کیسز کامیابی سے نمٹا چکا ہوتا ہے لیکن اگر 500 واں کیس ذرا اوپر نیچے ہو جائے تو منظر عام پر صرف یہی آتا ہے اور باقی 499 کامیاب کیسز غائب ہو جاتے ہیں، یہ افسوس ناک پہلو ہے۔

    سیمینار سے ماہرین نفسیات سینیٹر ڈاکٹر کریم خواجہ، ڈاکٹر ثنا صدیقی، پروفیسر ڈاکٹر حیدر نقوی، پروفیسر ڈاکٹر قدسیہ طارق، پروفیسر ڈاکٹر نعیم صدیقی، پروفیسر ڈاکٹر عمران بشیر چوہدری، پروفیسر ڈاکٹر اقبال آفریدی، ڈاکٹر ثناء اللہ، اجمل کاظمی و دیگر نے بھی کمیونٹی کے پس ماندہ طبقوں میں ذہنی بیماری، خودکشی کی روک تھام کے بارے میں بیداری بڑھانے، قیمتی معلومات فراہم کرنے اور اس قومی بحران سے نمٹنے کے لیے اجتماعی کارروائی کا حصہ بننے کے لیے حوصلہ افزائی پر خطاب کیا اور شرکا کے سوالات کے جوابات دیے۔

  • کیا بلی کتے کے ساتھ ایسا بھی کرسکتی ہے؟ حیرت انگیز ویڈیو

    کیا بلی کتے کے ساتھ ایسا بھی کرسکتی ہے؟ حیرت انگیز ویڈیو

    بلی نے ایک چھلانگ لگائی اور کتے کی گردن پر جھپٹا مار کر  پھر اسے اس طرح دبوچ کر اٹھایا کہ اس نے کتے کو زمین پر پٹخ ڈالا ویڈیو دیکھنے والے بھی حیران رہ گئے۔

    سوشل میڈیا پر ایک حیرت انگیز ویڈیو وائرل ہو رہی ہے، جس میں ایک بلی نے کتے کے ساتھ ایسا کیا کہ آپ کو یقین نہیں آئے گا کہ بلی بھی ایسا کر سکتی ہے۔

    کتوں اور بلیوں کی مضحکہ خیز ویڈیوز انٹرنیٹ پر وائرل ہوتی رہتی ہیں اور صارفین ان کی خوبصورت ویڈیوز دیکھنا پسند بھی کرتے ہیں۔ ایسی کئی ویڈیوز آپ نے دیکھی ہوں گی جن میں کتے اور بلی کے درمیان گہری دوستی اور محبت نظر آتی ہے۔

    وائرل ہونے والی اس ویڈیو میں آپ دیکھ سکتے ہیں کہ بلی اور کتا آمنے سامنے کھڑے ہیں، پھر اچانک بلی بہت تیزی سے چھلانگ لگاتی ہے اور کتے کی گردن پکڑ کر اسے بڑی طاقت سے مروڑ کر چھوڑ دیتی ہے۔ اسی دوران کتا بری طرح قلابازی کھاتا ہوا زمین پر جاگرتا ہے۔

    یہ ویڈیو دیکھ کر کوئی بھی حیران رہ جائے گا اور سوچے گا کہ بلی نے یہ کیسے کر دیا؟ بلی کی طاقت دیکھ کر لوگ حیران رہ گئے کہ جس کے سامنے کتا بھی کمزور ہوگیا۔ اس ویڈیو کو ایکس پر شیئر کیا گیا ہے۔ ویڈیو کو اب تک 1.2 ملین بار دیکھا جا چکا ہے۔

    لوگ اس ویڈیو پر کافی تبصرے کر رہے ہیں، ایک صارف نے لکھا کہ کیا حیرت انگیز اسٹنٹ ہے۔ ایک اور نے لکھا کہ اس بلی کو کوئی نہیں ہرا سکتا۔ اس ویڈیو کے بارے میں آپ کا کیا کہنا ہے؟ تبصرہ کرکے ہمیں بتائیں۔

  • علیزے شاہ کی دلکش تصاویر کے سوشل میڈیا پر چرچے

    علیزے شاہ کی دلکش تصاویر کے سوشل میڈیا پر چرچے

    شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ علیزے شاہ نے نئی دلکش تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کردی۔

    فوٹو اور ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر اداکارہ علیزے شاہ نے فیشن شوٹ کی نئی تصاویر شیئر کیں جس میں وہ مشرقی لباس میں انتہائی خوبصورت لگ رہی ہیں۔

    علیزے نے تصاویر شیئر کرتے ہوئے کیپشن میں ایک ایموجی لگایا ہے، انہوں نے چند گھنٹے قبل یہ تصاویر شیئر کیں جسے ہزاروں کی تعداد میں مداح دیکھ چکے ہیں اور اس پر تعریفی کمنٹس بھی کررہے ہیں۔

     

    View this post on Instagram

     

    A post shared by Aliza shah (@alizehshahofficial)

    دوسری جانب اداکارہ نے نے پس منظر میں ایک پنجابی گانے کے ساتھ اسی شوٹ کے دوران پوز دیتے ہوئے ایک مختصر ویڈیو بھی پوسٹ کی۔

    اداکارہ سوشل میڈیا پر کافی متحرک رہتی ہیں اور اکثر اپنی تصاویر، ویڈیوز شیئر کرتی رہتی ہیں جسے ان کے مداح بھی پسند کرتے ہیں۔

    واضح رہے کہ علیزے شاہ نے حال ہی میں ڈرامہ سیریل ’تقدیر‘ میں (رومی) کا مرکزی کردار نبھایا تھا۔ وہ ڈرامہ سیریل ’میرا دل میرا دشمن‘ سمیت متعدد ڈراموں میں اداکاری کے جوہر دکھا چکی ہیں۔

  • باجوڑ کے گلاب جامن کو سوشل میڈیا پر ’فیک نیوز‘ دینا مہنگا پڑ گیا

    باجوڑ کے گلاب جامن کو سوشل میڈیا پر ’فیک نیوز‘ دینا مہنگا پڑ گیا

    پشاور: باجوڑ کے گلاب جامن کو سوشل میڈیا پر اپنے دوست کے ساتھ مذاق پر مبنی پوسٹ لگانا پڑ گیا، پولیس نے محمد گلاب نامی شہری کو گرفتار کر کے اس کے خلاف فیک نیوز پھیلانے کا مقدمہ درج کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق باجوڑ سے تعلق رکھنے والے شہری محمد گلاب کو اپنے ایک دوست کے پیچھے بیرون ملک سے گوری کے آنے کی خبر دینے کا مذاق مہنگا پڑ گیا، پولیس نے افواہ اڑانے کے الزام میں اسے جیل بھیج دیا ہے، جب کہ باجوڑ کے نوجوانوں نے سوشل میڈیا پر گلاب جامن کی رہائی کے لیے مہم شروع کر دی ہے۔

    قبائلی ضلع باجوڑ کے علاقے سالار زئی میں محمد گلاب ولد گل حبیب جان نے اپنے فیس بک آئی ڈی ’گلاب جامن پی ٹی آئی‘ سے اپنے دوست محمد اسحاق کے ساتھ مذاق کرتے ہوئے پوسٹ کی، جس میں ان کی تصویر کے ساتھ کسی گوری کی تصویر لگا کر لکھا کہ باجوڑ سالار زئی سے تعلق رکھنے والے پاکستانی نوجوان محمد اسحاق کی محبت میں گرفتار برطانوی لڑکی ایلا باجوڑ پہنچ گئی۔

    گلاب جامن کی یہ پوسٹ جب پولیس تھانہ سالارزئی کے ایڈیشنل ایس ایچ او ظاہر شاہ خان نے دیکھی تو فوری طور پر اپنے ساتھ نفری لے کر محمد اسحاق کے گھر پہنچ گئے، تاکہ باجوڑ آنے والی برطانوی دوشیزہ کو سیکیورٹی فراہم کی جا سکے، تاہم محمد اسحاق اور ان کے گھر والوں نے کسی برطانوی دوشیزہ کی آمد کی تردید کر دی۔

    جب پولیس کی جانب سے محمد اسحاق کو گلاب جامن کی مذکورہ فیس بک پوسٹ کا بتایا گیا تو انھوں نے گلاب جامن کی پوسٹ کو مذاق قرار دیا، اور پولیس کو واپس بھجوانے کی کوشش کی، تاہم ایڈیشنل اس ایچ او ظاہر شاہ نے ان سے گلاب جامن پی ٹی آئی کے پیچھے چھپے محمد گلاب کے گھر کا پتا لیا، اور انھیں گھر سے اٹھا کر پولیس اسٹیشن لے گئے، اور ایڈیشنل ایس ایچ او ظاہر شاہ خان نے اپنی مدعیت میں گلاب جامن پر افواہ سازی کے الزام میں مقدمہ درج کر دیا۔

    انھوں نے اے آر وائی نیوز کو بتایا کہ قبائلی ضلع باجوڑ کے علاقہ سالارزئی میں برطانوی لڑکی کی آمد کا پتا چلنے کے بعد وہ سیکیورٹی دینے کی غرض سے محمد اسحاق کے گھر گئے جہاں پتا چلا کہ یہ تو گلاب جامن نے مذاق کیا تھا اس لیے افواہ اڑانے کے الزام میں گلاب جامن کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے، جس میں پیکا آرڈیننس کی دفعہ 13 بھی شامل کی گئی ہے۔ ظاہر شاہ خان کے مطابق ملزم گلاب جامن کو ایک رات تھانے میں مہمان بنانے کے بعد اتوار کے روز ڈسٹرکٹ جیل باجوڑ بھیج دیا گیا۔

    دوسری طرف باجوڑ کے عوام نے گلاب جامن کی گرفتاری کا پتا چلتے ہی سوشل میڈیا پر اس کی رہائی کے لیے مہم شروع کر دی ہے، بشیر نگار نامی نوجوان نے گلاب جامن کو رہا کرو کے عنوان سے پوسٹ کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ کئی دنوں سے سوشل میڈیا پر مسلسل ٹرینڈ چل رہا تھا کہ فلاں ملک سے ایک لڑکی کے پاکستانی لڑکے سے سوشل میڈیا پر دوستی ہوئی اور اب وہ لڑکی پاکستان آ گئی ہے، اس کو سوشل میڈیا پر نوجوانوں نے ایک مزاحیہ ٹرینڈ بنا دیا تھا۔ حیرت کی بات ہے کہ سینکڑوں کے تعداد میں پوسٹیں ہوئیں لیکن کسی نے کوئی نوٹس تک نہیں لیا، تاہم جب ’گلاب جامن‘ نے ایک مزاحیہ پوسٹ کی تو پولیس نے اس پر ایف آئی آر کاٹ دی۔

    ایک اور ٹویٹر صارف عمر ثانی نے پوسٹ میں لکھا کہ ہم نے بدامنی کے خلاف کے خلاف ٹرینڈ چلایا تو قانون کے رکھوالے خاموش رہے، پھر منشیات کے خلاف ٹرینڈ چلایا اور قانون کے رکھوالے خاموش رہے لیکن اس غریب نوجوان نے ایک مزاحیہ پوسٹ لگائی تو قانون حرکت میں آ گیا۔

    جعفر خان لالا نامی صارف نے لکھا کہ ڈی پی او صاحب سے نظر ثانی کی اپیل کرتا ہوں، ایسی پوسٹیں بہت سے لوگوں نے کی تھیں جو ایک دوسرے کا مذاق اڑانے پر مبنی تھیں، باجوڑ میں ویسے بھی لوگ ناخوش گوار واقعات کی وجہ سے ڈپریشن کے شکار ہیں، ایسے میں اگر کوئی مذاق میں کوئی بات یا پوسٹ کرے تو اس پر اتنا بڑا ایکشن نہیں لینا چاہیے۔

    ادھر خیبر پختون خوا پولیس نے اپنے آفیشل فیس بک پیچ پر یہ پوسٹ کچھ اس انداز سے کی ہے کہ گزشتہ روز سوشل میڈیا پر غیر ملکی خاتون کی باجوڑ آمد کی فیک خبر چلانے پر ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر باجوڑ نذیر خان (PSP) نے ایکشن لیتے ہوئے صارف محمد گلاب خان ولد گل حبیب جان سکنہ تلے سالارزئی کو گرفتار کر کے مقدمہ درج کر لیا۔

    واضح رہے کہ سوشل میڈیا پر جعلی اور جھوٹی خبریں پھیلانا قانوناً جرم ہے، جس کی سزا قانون میں واضح ہے، لہٰذا تمام سوشل میڈیا صارفین اس قسم کی حرکات سے گریز کریں اور ایک اچھے شہری بننے کا ثبوت دیں ورنہ قانونی مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا۔