Tag: software

  • اسلام آباد میں سافٹ ویئر سٹی بنانے کا فیصلہ

    اسلام آباد میں سافٹ ویئر سٹی بنانے کا فیصلہ

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت انفارمیشن ٹیکنالوجی سے متعلق اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں سافٹ ویئر سٹی بنانے سمیت اہم فیصلے کیے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت انفارمیشن ٹیکنالوجی سے متعلق اہم اجلاس منعقد ہوا، اجلاس میں خطے کے دیگر ممالک کی طرح پاکستان کو آئی ٹی سیکٹر میں مضبوط کرنے کا عزم کیا گیا۔

    اجلاس میں پاکستان سے آئی ٹی سافٹ ویئرز کی ایکسپورٹس بڑھانے کے لیے اقدامات پر بھی غور کیا گیا۔ ملک بھر میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کا نیٹ ورک بڑھانے کے لیے اہم فیصلے کیے گئے، ٹیلی فون ٹاورز کے ذریعے شہروں کی ڈیجیٹلائز کنیکٹیوٹی کی منظوری بھی دی گئی۔

    اجلاس میں بینڈوتھ اور فائبر آپٹک کا عمل فوری مکمل کرنے، ملک کی سافٹ ویئر ایکسپورٹس کو 10 بلین ڈالرز تک لے جانے اور چھوٹے سافٹ ویئر ایکسپورٹرز کے لیے ریلیف پیکج متعارف کروانے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔

    اجلاس کے شرکا نے وفاقی دارالحکومت میں 40 ایکڑ پر مشتمل سافٹ ویئر سٹی بنانے کا فیصلہ کیا، سافٹ ویئر سٹی میں لوکل سافٹ ویئر کمپنیوں کو سہولتیں ملیں گی۔

    اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پاکستانی ادارے لوکل کمپنیوں سے سافٹ ویئر خریدیں گے۔

    علاوہ ازیں صوبائی اور وفاق کی جانب سے عائد ڈبل ٹیکس ختم کرنے، راولپنڈی اور اسلام آباد کی یونیورسٹیز کو انٹر کنیکٹ کر کے ڈیجیٹلائز کرنے اور ایکسپورٹرز کو ڈالر کا ایکسچینج ریٹ مارکیٹ سے بہتر دینے کا فیصلہ کیا گیا تاکہ ایکسپورٹرز رسیو ایبل رقم کے مساوی قرض حاصل کر سکیں۔

    اس موقع پر وزیر اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی ملک کا مستقبل ہے، آئی ٹی سیکٹر کا فروغ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ پاکستان کے نوجوانوں میں آئی ٹی سیکٹر میں بے پناہ صلاحیت ہے۔ حکومت قابل نوجوانوں کی ہر ممکن طریقے سے سہولت کاری کے لیے پرعزم ہے۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ نوجوانوں کو فری لانس سہولتیں اور مراعات فراہم کریں گے، لاکھوں نوجوانوں کی صلاحیتیں بروئے کار لائی جائیں گی اور نوکریوں کے مواقع میسر آئیں گے۔

    انہوں نے ہدایات دیں کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے فروغ میں حائل تمام رکاوٹوں کو دور کیا جائے، اسپیشل ٹیکنالوجی زونز کے قیام اور 5 جی اسپیکٹرم کے اجرا پر کام تیز کریں اور بڑے شہروں میں فائبرائزیشن کے ذریعے ٹاورز کو ملانے کا کام مکمل کریں۔

    وزیر اعظم نے اس حوالے سے ٹائم لائنز پر مبنی مفصل روڈ میپ بھی ایک ہفتے میں طلب کر لیا۔

  • ایبولاوائرس پتہ چلانے کیلئے سوفٹ ویئر متعارف

    ایبولاوائرس پتہ چلانے کیلئے سوفٹ ویئر متعارف

    ایبولا کی تباہ کاریوں سے پوری دنیا پریشان ہے اور اس بیماری سے متاثرہ افراد کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے جب کہ مریض تک فوری پہنچنا بھی ایک مسئلہ ہے تاہم اب اس مسئلے کا حل نکال لیا گیا ہے۔

    موبائل فون میں ایسا سوفٹ وئیر متعارف کرادیا گیا ہے جو اس بیماری سے متاثرہ شخص کےکے بارے میں نہ صرف آگاہ کرے گا بلکہ اس کی درست لوکیشن بھی واضح کرے گا۔

    موبائل فون کمپنیوں کے تعاون سے ایبولا سے متاثرہ علاقوں کے لوگوں کو یہ سہولت فراہم کی جارہی ہے کہ وہ ایبولا سے متاثرہ شخص کے بارے میں مفت پیغامات ارسال کریں، جس سے اس سوفٹ ویئر کی مدد سے نقشہ یہ بتائے گا کہ یہ متاثرہ مریض کس علاقے میں موجود ہے، اس سہولت کی بدولت مریض کو زیادہ تیزرفتاری ادویات کی فراہمی ممکن ہوسکے گی جبکہ اگر کوئی شخص اس بیماری سے انتقال کرگیا ہے تو اس کی لاش کو فوری طور پر اسپتال پہنچانے کے ساتھ آخری رسومات کی ادائیگی بھی بروقت کی جاسکے گی۔

    موبائل کمپنیوں کا دعویٰ ہے کہ اس سسٹم میں موجود نقشوں کی بدولت ایبولا سے متاثرہ علاقے کی نہ صرف لوکیشن پتہ چلتی ہے بلکہ وہاں کی ضرورت کا بھی پتہ چلتا ہے، جو ہیلتھ ورکرز اور حکومت کو اس بیماری کے خلاف اقدامات کرنے میں مدد فراہم کرتا ہے۔

    کمپنی کے افریقا میں ریسرچ چیف کا کہنا تھا کہ اس بات کی اشد ضرورت تھی کہ ایک ایسا سسٹم بنایا جائے، جو فوری ایبولا سے متاثرہ افراد سے براہ راست رابطہ ممکن بنائے لہذا اس سسٹم کی بدولت اس بیماری کا شکار لوگوں تک براہ راست رابطہ ممکن ہوا ہے۔

    واضح رہے کہ اس بیماری سے مغربی افریقا میں اب تک 10 ہزار سے زائد افراد متاثر ہو چکے ہیں اور اس نے دنیا کے کئی دوسرے ممالک کو بھی اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے۔

  • اب فون ان لاک کرنے کے لیے ہاتھ ہلانے کی ضرورت نہیں

    اب فون ان لاک کرنے کے لیے ہاتھ ہلانے کی ضرورت نہیں

    فون ان لاک کرنے کے لئے اب آپ کو ہاتھ ہلانے کی ضرورت نہیں، کان پر لگائیں اور فون ان لاک ہوجائے گا۔

    فنگر پرنٹ ، فیس اور وائس کے ذریعے فون ان لاک کرنے کی روایت پرانی ہوگئی۔ اب ائیر پرنٹ ٹیکنالوجی آگئی، یہ سافٹ وئیر استعمال کرنے والے کے کان کے پرنٹ کو اسکین کرتا ہے، اس عمل میں زیادہ سے زیادہ دس سے بیس سکینڈ درکار ہوں گے۔

    شناخت کے فورا بعد فون ان لاک ہوجائے گا، سافٹ وئیر ایجاد کرنے امریکی کمپنی کا دعوی ہے کہ یہ سسٹم فنگرپرنٹ کی طرح ہی آسان اور منفرد ہے۔