Tag: Sohaib Maqsood

  • صہیب مقصود، عامر یامین پولیس کے ہتھے چڑھ گئے

    صہیب مقصود، عامر یامین پولیس کے ہتھے چڑھ گئے

    کراچی: سندھ پولیس کے اہل کاروں نے انٹرنیشنل کرکٹرز سے بھی وصولی کر ڈالی، صہیب مقصود اور عامر یامین رشوت خور اہل کاروں کے ہتھے چڑھ گئے۔

    تفصیلات کے مطابق نیشنل ٹی 20 کپ کھیلنے کے بعد ملتان جانے والے انٹرنیشنل کھلاڑیوں کو پولیس نے گھیر لیا، عامر یامین اور صہیب مقصود کو سکرنڈ پولیس اسٹیشن کی حدود میں روکا گیا۔

    دونوں کرکٹرز نے واقعے سے متعلق ٹوئٹس میں بتایا، عامر یامین نے لکھا کہ پولیس اہلکاروں نے کہا کہ 8 ہزار روپے دو گے تبھی جانے دیں گے ورنہ تھانے چلو، ہم نے بتایا بھی کہ انٹرنیشنل کرکٹرز ہیں لیکن پولیس والے نہ مانے اور کہا کہ اگر پیسے نہیں دو گے تو 50 کلومیٹر دور دوبارہ پولیس روکے گی۔

    صہیب مقصود نے بھی ٹوئٹ میں کہا کہ 8 ہزار روپے وصول کرنے کے بعد پولیس نے ہمیں جانے دیا، سندھ پولیس میں کرپشن بھری ہوئی ہے، دیگر صوبوں میں ہمارے ساتھ ایسا کبھی واقعہ رونما نہیں ہوا۔

    واضح رہے کہ صہیب مقصود اور عامر یامین ملتان ریجن کی نمائندگی کر رہے تھے، کھلاڑیوں کے ساتھ یہ واقعہ گزشتہ رات دیر گئے ہوا۔

  • شاہنواز ڈاہانی اور صہیب مقصود نے پی ایس ایل کا میلہ لوٹ لیا

    شاہنواز ڈاہانی اور صہیب مقصود نے پی ایس ایل کا میلہ لوٹ لیا

    ابوظبی: پی ایس ایل سیزن سکس کا میلہ تمام تر رنگینیوں کے ساتھ اپنے اختتام کو پہنچا، ایونٹ کا میلہ ابھرتے ہوئے فاسٹ بولر شاہنواز ڈاہانی نے لوٹ لیا۔

    تفصیلات کے مطابق پی ایس ایل سیزن سکس کا میلہ چیمپئن ٹیم ملتان سلطانز کے بلے باز صہیب مقصود اور شاہنواز ڈاہانی نے اپنے نام کیا، فائنل میں مین آف دی میچ کا ایوارڈ پانے والے صہیب مقصود نے ٹورنامنٹ میں مجموعی طور پر 428 رنز بنائے اور ایونٹ کے بہترین کھلاڑی بھی قرار پائے۔

    حریف کھلاڑیوں کو آؤٹ کرنے کے بعد منفرد اسٹائل سے جشن منانے والے شاہنواز ڈاہانی کے لئے پی ایس ایل سیزن سکس یادگار بن گیا، ٹورنامنٹ میں 20 کھلاڑیوں کا شکار کرنے والے ڈاہانی کو ٹورنامنٹ کا بہترین بولر اور ایمرجنگ پلیئر آف دی ٹورنامنٹ کا ایوارڈ دیا گیا۔

    اسلام آباد یونائیٹڈ کے افتخار احمد نےبہترین فیلڈر کا ایوارڈ حاصل کیا جبکہ بہترین وکٹ کیپر کا اعزاز فاتح ٹیم کے کپتان محمد رضوان کے نام رہا،ایونٹ کےاختتام پرشیخ زید اسٹیڈیم میں شاندار آتش بازی کامظاہرہ بھی کیا گیا۔

  • صہیب مقصود پی سی بی آن لائن فٹنس ٹیسٹ کے دوران زخمی ہوگئے

    صہیب مقصود پی سی بی آن لائن فٹنس ٹیسٹ کے دوران زخمی ہوگئے

    لاہور : پاکستان کرکٹ ٹیم کے مڈل آرڈر بلے باز صہیب مقصود پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے آن لائن فٹنس ٹیسٹ کے دوران زخمی ہو گئے، ہفتے کے روز آن لائن فٹنس ٹیسٹ دیتے ہوئے گھٹنے پر شدید چوٹیں آئیں۔

    تفصیلات کے مطابق پی سی بی ٹرینر کی آن لائن فٹنس ٹیسٹ کی ضد کی وجہ سے قومی ٹیم کے کھلاڑی صہیب مقصود آن لائن ٹیسٹ دیتے ہوئے زخمی ہوگئے، آن لائن ٹیسٹ کے دوران ان کا گھٹنہ شدید زخمی ہوگیا۔

    صہیب مقصود نے اس حادثے سے متعلق سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر آگاہ کیا اور بتایا کہ یہ صرف ایک حادثہ تھا، زخم گہرا آیا ہے، ڈاکٹرز کو تصاویر بھجوائیں ہیں، کیونکہ ان دنوں ہم سب اسپتالوں میں جانے سے کافی خوفزدہ ہیں۔

    انہوں نے بتایا کہ آن لائن فٹنس ٹیسٹ کے دوران ایک حادثہ پیش آیا اور ٹیبل پر رکھا شیشہ نیچے گر کر ٹوٹ گیا جس کے باعث میرے گھٹنے میں گہرا زخم آیا ہے۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ میں آن لائن فٹنس ٹیسٹ سے متعلق پی سی بی کی پالیسی کی مکمل حمایت کرتا ہوں کیونکہ اس سے ہماری توجہ اور فٹنس دونوں ہی برقرار رہیں گے، مجھے خوشی ہے کہ زخم آنے کے باوجود بھی میں نے تمام ٹیسٹ مکمل کئے۔“