Tag: Solidarity with Palestinians

  • غزہ جنگ : کراچی کے تمام تجارتی مراکز آج بند رہیں گے

    غزہ جنگ : کراچی کے تمام تجارتی مراکز آج بند رہیں گے

    کراچی : فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی اور اسرائیلی فوج کی بربریت کیخلاف کراچی کی تمام مارکیٹیں اور تجارتی مراکز آج بند رہیں گے، شہر کی تاجر برادری نے عوام سے اپیل کردی۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق تاجر رہنما رضوان عرفان نے تاجروں سے درخواست کی ہے کہ آج مارکیٹیں بند کرکے مظلوم فلسطینی بھائیوں سے مکمل یکجہتی کا مظاہرہ کریں۔

    کراچی تاجر اتحاد کے رہنما جمیل پراچہ کا کہنا ہے کہ کراچی کے تاجر غزہ کے لوگوں کے ساتھ ہیں، جبکہ تاجر رہنما شاکر فینسی نے کہا کہ میٹھادر اولڈ سٹی ایریا اور صرافہ بازار بھی بند رہے گا۔

    رپورٹ کے مطابق غزہ میں اسرائیل کی بربریت اور بدترین ظلم کیخلاف کراچی کی ہول سیل مارکیٹیں بھی بند رہیں گی۔

    تاجر رہنما عبدالرؤف ابراہیم  نے کہا کہ ملک کی سب سے بڑی ہول سیل مارکیٹ جوڑیا بازار آج بند رہے گی۔

    اس کے علاوہ آرام باغ ٹریڈرز ایسوسی ایشن نے کراچی کے تاجروں کی اس ہڑتال کی مکمل حمایت کا اعلان کیا ہے، جوڑیا بازار کی تمام میڈیسن مارکیٹ کے جنرل سیکریٹری اسلم پولانی نے کہا کہ میڈیسن مارکیٹس بھی بند رہیں گی۔

    مزید پڑھیں : اسرائیل کیخلاف عالمی سطح پر ہڑتال کا اعلان

    واضح رہے کہ فلسطینی قومی اور اسلامی افواج کے گروپ نے غزہ پر اسرائیل کی جنگ کے خلاف آج بروز پیر کو عالمی سطح پر ہڑتال کا اعلان کیا ہے۔

    ایک بیان میں انہوں نے غزہ کے ہولناک مناظر اور اسرائیلی حملوں سے ہونے والی اموات کی بڑھتی ہوئی تعداد کو اجاگر کرنے کی ضرورت پر زور دینے کے لیے ہڑتال کا مطالبہ کیا۔

    بیان میں جنگ کے خاتمے کے لیے مقامی اور بین الاقوامی کوششوں کو متحد کرنے کی اہمیت پر زور دیا گیا اور غزہ میں اسرائیلی جرائم اور فلسطینیوں کے حقوق کی خلاف ورزیوں کا احتساب کرنے پر زور دیا۔

    اسرائیل نے ماہ رمضان کے دوران جنگ بندی کی خلاف ورزی کرتے ہوئے 18 مارچ کو غزہ کی پٹی میں اپنی فوجی کارروائیاں دوبارہ شروع کی تھیں۔

    اسرائیلی فوج نے حالیہ جنگ بندی کے بعد زمینی اور فضائی حملوں میں سینکڑوں بچوں سمیت ہزار سے زائد فلسطینیوں کو شہید کر دیا جب کہ سات اکتوبر 2023 سے جاری صہیونی ریاست کی بربریت اب تک 50 ہزار سے زائد فلسطینیوں کی زندگیاں نگل چکی ہے۔

  • سال 2024 : ریاست پاکستان اور عوام مظلوم فلسطینیوں کے ساتھ

    سال 2024 : ریاست پاکستان اور عوام مظلوم فلسطینیوں کے ساتھ

    کراچی : پاکستان میں غزہ کے مظلوم فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے نئے سال 2024 کا استقبال انتہائی سادگی سے کیا جارہا ہے اس موقع پر فلسطینیوں اور کشمیریوں کیلئے بھی دعائیں کی گئیں۔

    تمام پاکستانی فلطسینوں سے اظہاریکجتی کرتے ہوئے دعاگو ہیں کہ غزہ فلسطینیوں کو ہر قسم کے ظلم سے جلد نجات ملے اور کشمیریوں کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کی مطابق اپنی مرضی کی زندگی گزارنے کا حق ملے۔ آمین

    رات 12 بجے نئے سال2024 کے آغاز کے ساتھ ہی ملک بھر میں سادگی کے ساتھ نئے سال کا استقبال کیا گیا تاہم پابندی کے باوجود ملک کے مختلف شہروں میں ہوائی فائرنگ بھی کی گئی۔

    کراچی سمیت ملک بھر میں سال نو کے موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے جبکہ کراچی میں دفعہ 144 نافذ کرتے ہوئے شہر میں ہوائی فائرنگ پر پابندی عائد کی گئی تھی۔

    یاد رہے کہ نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے فلسطین اور غزہ کے عوام سے اظہار یکجہتی کے لیے سال نو سادگی سے منانے کا اعلان کیا تھا۔

    دنیا بھر میں نئے سال کا جشن 

    علاوہ ازیں دنیا میں سب سے پہلے نیوزی لینڈ والوں نے نئے سال کا استقبال کیا۔ 12 بجتے ہی آکلینڈ اسکائی ٹاور روشنیوں سے جگمگا اٹھا اور شاندار آتش بازی کا مظاہرہ کیا گیا،  پاکستانی وقت کے مطابق سہ پہر 4 بجے نیوزی لینڈ میں سال نو کا آغاز آتشبازی سے ہوا۔

    اس کے علاوہ ہانگ کانگ کے وکٹوریا ہاربر پر 12 بجتے ہی جشن شروع ہوگیا، میوزک اور لائٹ شو نے رنگ جما دیا جبکہ بڑی تعداد میں شہری جمع ہو کر جشن منارہے ہیں۔

    تائیوان اور سنگاپور میں سالِ نو کا شاندار جشن منایا جا رہا ہے۔ آسٹریلیا میں سڈنی ہاربر پر بھی شاندار آتش بازی کی گئی، آسٹریلیا میں سال نو کا آغاز سڈنی میں آتشبازی سے پاکستانی وقت کے مطابق شام 6 بجے ہوا اور اس سے پہلے ہی سڈنی ہاربر پر فیملی شو منعقد کیا گیا جبکہ جاپان میں بھی دلکش انداز میں سالِ نو کا استقبال کیا گیا۔