Tag: son in law

  • گھریلو تنازع پر سسرالیوں کا داماد پر تشدد

    گھریلو تنازع پر سسرالیوں کا داماد پر تشدد

    مریدکے: ڈیرہ کمہاراں والا میں گھریلو تنازع پر سسرالیوں نے داماد کو تشدد کا نشانہ بنایا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق شیخوپورہ کی تحصیل مریدکے، کے ڈیرہ کمہاراں والا میں گھریلو تنازع پر سسرالیوں نے داماد طارق پر تشدد کیا ہے، اس دوران طارق کی بہن بھی زخمی ہوگئی۔

    زخمی بہن نے کہا کہ طارق اپنے بچوں کو چھوڑنے ڈیرے پر گیا تھا، سسر اور 2 سالوں نے میرے بھائی پر تشدد کیا، پستول کے بٹ مارے۔

    ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ طارق کو تشویشناک حالت میں ٹی ایچ کیو سپتال منتقل کر دیا گیا ہے، جبکہ اہل خانہ ملزمان کی گرفتاری کیلئے اسپتال کے باہر احتجاج کررہی ہے۔

  • ایاز سموں کی ساس انہیں کیا کہتی ہیں؟ سب بے ساختہ ہنس پڑے

    ایاز سموں کی ساس انہیں کیا کہتی ہیں؟ سب بے ساختہ ہنس پڑے

    پاکستان شوبز کے معروف اداکار اور ٹی وی میزبان ایاز سموں نے اپنی ساس کے ایک جملے کا ذکر کرکے سب کو  ہنسنے پر مجبور کردیا۔

    اے آر وائی ڈیجیٹل کے پروگرام ’گڈ مارننگ پاکستان‘میں اداکار ایاز سموں نے ساس اور داماد کے رشتے سے متعلق اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

    پروگرام کی میزبان ندا یاسر کی جانب سے پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ میرا اور میری ساس کا رشتہ بہت مزے کا ہے کیونکہ ان کے رویے سے کبھی ساسوں والی فیلنگز ہی نہیں آئی۔

    ایاز نے بتایا کہ میری ساس کہتی ہیں کہ ’یہ داماد نہیں بہنوئی ہے میرا‘ یہ سن کر سب بے ساختہ ہنس پڑے، انہوں نے کہا کہ سسرال میں مستی مذاق بھی بہت چلتا ہے۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ کچھ داماد ایسے ہوتے ہیں جو سسرال میں بلاوجہ اپنی اکڑ دکھاتے ہیں یہ کسی طرح بھی درست نہیں کیونکہ اگر کسی نے آپ کو اپنی بیٹی دی ہے تو وہ بھی آپ کے والدین کی طرح ہی ہوتے ہیں۔

  • داماد کو گھر جمائی بننے کے لیے کہنا ظلم ہے: بھارتی عدالت

    داماد کو گھر جمائی بننے کے لیے کہنا ظلم ہے: بھارتی عدالت

    نئی دہلی: بھارتی عدالت نے داماد کو گھر جمائی بننے کے لیے کہنا ظلم قرار دے دیا۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق دہلی ہائیکورٹ نے ایک فیصلے میں کہا ہے کہ کسی شخص پر والدین کو چھوڑنے اور سسرال والوں کے ساتھ ’گھر جمائی‘ بن کر رہنے پر مجبور کرنا ظلم کے مترادف ہے۔

    دہلی ہائی کورٹ میں ایک شخص کی طلاق کی درخواست آئی تھی، جسے فیملی کورٹ نے مسترد کر دیا تھا، ہائیکورٹ کے جسٹس سریش کمار کیت اور نینا بنسل کرشنا کی بنچ نے فیملی کورٹ کے حکم کو منسوخ کرتے ہوئے طلاق پر مہر ثبت کر دی۔

    درخواست گزار نے کہا تھا کہ اس کی شادی مئی 2001 میں ہوئی تھی، ایک سال کے اندر اس کی بیوی حاملہ ہو گئی اور مارچ 2002 میں گجرات میں سسرال چھوڑ کر دہلی میں اپنے والدین کے گھر لوٹ آئی، اس کا کہنا تھا کہ صلح کی ہر کوشش ناکام ہوئی، بیوی اور اس کے والدین کا اصرار تھا کہ وہ گجراب سے دہلی منتقل ہو اور گھر جمائی بن کر رہے۔

    درخواست گزار کا کہنا تھا کہ وہ بوڑھے والدین کو چھوڑ کر نہیں جا سکتا، جب کہ خاتون نے اس پر شرابی ہونے اور تشدد کرنے کا الزام لگایا تھا، جو بعد ازاں عدالت میں ثابت نہیں ہو سکا۔

    ہائی کورٹ نے سپریم کورٹ کے اُس فیصلے کا حوالہ دیا جس میں کہا گیا تھا کہ کسی کے بیٹے کو اس کے خاندان سے الگ کرنے کے لیے کہنا ظلم کے مترادف ہے۔

  • ساس نے داماد کو قتل کر کے لاش جلا دی

    ساس نے داماد کو قتل کر کے لاش جلا دی

    اومان: اردن میں ساس نے داماد کو قتل کر کے لاش جلا دی، ملزمہ نے اعتراف جرم کرتے ہوئے کہا کہ اس نے خاندانی جھگڑے کے باعث اپنے داماد کو قتل کیا۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق اردن میں ساس نے داماد کو قتل کر کے جرم چھپانے کے لیے لاش جلا دی۔

    یہ واقعہ معان شہر کے مغربی علاقے الطاحونہ میں پیش آیا ہے، حکام کا کہنا ہے کہ ساس نے اپنے داماد مہند عدنان ذیب السعایدۃ کو پہلے گولی مار کر قتل کیا اور پھر لاش کو نذر آتش کردیا۔

    پولیس نے سوختہ نعش برآمد کرلی۔ ملزمہ نے اعتراف جرم کرتے ہوئے کہا کہ اس نے خاندانی جھگڑے کے باعث اپنے داماد کو قتل کیا۔

    پولیس حکام کے مطابق لاش کے معائنے سے پتہ چلا کہ متعدد گولیاں چلائی گئیں، پھر لاش نذر آتش کر کے غیر آباد علاقے میں پھینک دی گئی۔

    پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ متعلقہ سرکاری و سیکیورٹی اداروں نے ملک میں رائج قبائلی نظام کے مطابق ضروری اقدامات کرلیے۔

  • عدالت کا شہباز شریف کے داماد کی جائیداد قرق کرنے کا حکم

    عدالت کا شہباز شریف کے داماد کی جائیداد قرق کرنے کا حکم

    لاہور: احتساب عدالت نے شہباز شریف کے داماد عمران علی کی جائیداد قرق کرنے کا حکم دے دیا۔ عمران علی پر پاور ڈویلپمنٹ کمپنی سے 131 ملین رشوت لینے کا الزام ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سابق وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے داماد عمران علی کی جائیداد قرق کرنے سے متعلق درخواست پر سماعت ہوئی۔

    عمران علی پر پاور ڈویلپمنٹ کمپنی سے 131 ملین رشوت لینے کا الزام ہے۔ قومی احتساب بیورو (نیب) کا کہنا ہے کہ عمران علی کو تحقیقات کے لیے طلب کیا گیا مگر وہ پیش نہ ہوئے۔

    عمران علی کے وارنٹ گرفتاری جاری کیے گئے تاہم وہ بیرون ملک فرار ہیں، درخواست میں استدعا کی گئی کہ عمران علی کو اشتہاری قرار دیا جائے اور ان کی جائیدادیں ضبط کرنے کا حکم دیا جائے۔

    احتساب عدالت نے ملزم عمران علی کی جائیداد قرقی کا حکم دے دیا۔

    خیال رہے کہ رواں برس اگست میں عمران علی کو احتساب عدالت نے اشتہاری قرار دیا تھا۔

    نیب پراسیکیوٹرکے مطابق عمران علی کو پنجاب پاور کمپنی اسکینڈل میں بارہا طلب کیا گیا لیکن وہ نیب کے سامنے پیش نہیں ہوئے۔

    قومی احتساب بیورو عمران علی کو ملک میں واپس لانے کے لیے وزارت داخلہ کو مراسلہ بھی لکھ چکا ہے۔

    بعد ازاں نیب نے عمران علی کے مبینہ فرنٹ مین اکرام نوید کی 1 ارب روپے سے زائد کی جائیداد بھی ضبط کر لی تھی۔

  • صاف پانی کمپنی اسکینڈل : شہباز شریف کی داماد سے متعلق سوال پر خاموشی اور برہمی

    صاف پانی کمپنی اسکینڈل : شہباز شریف کی داماد سے متعلق سوال پر خاموشی اور برہمی

    لاہور : سابق وزیر اعلیٰ شہباز شریف نیب عدالت میں پیشی کے موقع پر داماد سے متعلق سوال پر برہم ہوگئے، ان کا کہنا تھا کہ کسی افسر نے میرے رشتے دار کو خود شامل کیا تو میں نہیں جانتا، اندرونی کہانی اے آر وائی نیوز نے حاصل کرلی۔

    تفصیلات کے مطابق صاف پانی کمپنی اسکینڈل کیس کی سماعت ہوئی جس میں سابق وزیر اعلیٰ پنجاب اور نون لیگ کے صدر شہباز شریف بذات خود پیش ہوئے۔

    سماعت کے دوران نیب افسر نے سوال کیا کہ کیا آپ کو صاف پانی پروجیکٹ میں اپنے داماد کی مداخلت کا علم تھا؟ نیب افسر کے سوال پر شہبازشریف جواب دینے کے بجائےخاموش رہے پھر دوسری بار جب افسر نے داماد کے بجائے اس کا نام علی عمران کہا تو شہبازشریف نے جواب دیا کہ کون کہاں مداخلت کررہا ہے بطور وزیراعلیٰ میں نہیں جانتا۔

    نیب افسر نے استفسار کیا کہ داماد کی مداخلت تو آپ کی مرضی کے بغیر ممکن نہیں ہوسکتی، ذرائع کے مطابق اس سوال کے جواب میں شہبازشریف نے غصہ کا اظہار کیا لیکن بعد میں معذرت بھی کرلی۔ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ اگر کسی افسر نے میرے کسی رشتےدار کو خود شامل کیا ہو تو میں نہیں جانتا۔

    واضح رہے کہ شہباز شریف کو5جولائی کو طلب کیا گیا تھا لیکن الیکشن مصروفیات کے باعث وہ ایک دن پہلے ہی لاہور نیب آفس میں پیش ہوگئے، سابق وزیراعلیٰ پنجاب سے نیب دفتر میں دو گھنٹے سوال جواب ہوئے۔

    مزید پڑھیں : صاف پانی کمپنی اسکینڈل، نیب نے شہباز شریف کو پانچ جولائی کو دوبارہ طلب کرلیا

    نیب نے شہباز شریف کو یہ ہدایات دی تھیں کہ وہ اپنے ساتھ صاف پانی کمپنی کے تمام افسران کی تنخواہوں اور مراعات کا ریکارڈ لے کر آئیں اور نیب میں اپنی حاضری کو یقینی بنائیں بصورت دیگر ان کے خلاف قانونی کارروائی کی جا سکتی ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے داماد کو مشیربنانے کا فیصلہ کرلیا

    ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے داماد کو مشیربنانے کا فیصلہ کرلیا

    واشنگٹن : ڈونلڈ ٹرمپ نے اقرباء پروری کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے داماد کو وائٹ ہاؤس میں اہم عہدے پر تعنیات کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جس کے بعد امریکی میڈیا نے نومنتخب صدر کو کڑی تنقید کا نشانہ بھی بنایا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق نو منتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ جہاں اپنے قریبی دوستوں کو اہم حکومتی عہدوں سے نواز رہے ہیں وہیں انہوں نے اپنے داماد جیرڈ کوشنر کو وائٹ ہاؤس میں مشیر کے طور پر تعینات کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    ڈونلڈ ٹرمپ کے اس فیصلے پر امریکہ بھر میں ایک نئی بحث کا آغاز ہو گیا ہے کہ کیا امریکی صدر اپنے خاندان کے افراد کی حکومتی عہدے پر تقرری کر سکتا ہے یا نہیں؟

    اطلاعات کے مطابق ماضی میں ہیلری کلنٹن صدرکلنٹن کے دور میں صحت کی مشیر کے حوالے سے کام کر چکی ہیں جبکہ 1960 میں جان ایف کینیڈی نے اپنے بھائی رابرٹ ایف کینیڈی کو اٹارنی جنرل کے عہدے پر تعینات کیا تھا۔ اس تمام معاملے پر ہاؤس اسپیکر پال رائن بھی ڈونلڈ ٹرمپ کی حمایت کرتے نظر آرہے ہیں۔

    مزید پڑھیں : میرا داماد اسرائیل اور فلسطین میں امن کے قیام کیلئے کردار ادا کر سکتا ہے، ٹرمپ

    یاد رہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ کی بیٹی ایوانکا ٹرمپ کے شوہر جیرڈ کوشنر نے ڈونلڈ ٹرمپ کی صدارتی مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا تھا، یہاں تک کہ صدر اوباما سے ہونے والی ملاقات میں بھی وہ ڈونلڈ ٹرمپ کے ہمراہ وائٹ ہاؤس گئے۔

    دوسری جانب امریکی میڈیا ڈونلڈ ٹرمپ کے داماد کی اہم عہدے پر تقرری کو آڑے ہاتھوں لے رہا ہے تاہم اس تمام معاملے میں ڈونلڈ ٹرمپ اپنے داماد کی بھرپور حمایت کرتے نظر آرہے ہیں اور انہیں مستقبل کا ایک بہترین سیاست دان بھی قرار دے رہے ہیں جبکہ اس خبر کے حوالے سے سوشل میڈیا پر نیا ٹرینڈ یہ ہے کہ اللہ سب کو ڈونلڈ ٹرمپ جیسا سسر نصیب کرے۔