Tag: SOPs

  • سعودی عرب: ماسک نہ پہننے والے سینکڑوں افراد کے خلاف کارروائیاں

    سعودی عرب: ماسک نہ پہننے والے سینکڑوں افراد کے خلاف کارروائیاں

    ریاض: سعودی عرب میں ماسک کی پابندی نہ کرنے والے سینکڑوں افراد کے خلاف کارروائی کی گئی اور ان کا ریکارڈ جمع کیا گیا۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی دارالحکومت ریاض میں پولیس نے ماسک کی پابندی نہ کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی ہے۔

    ریاض پولیس نے شہر کے بازاروں اور پبلک مقامات پر چھاپے مار کر ایسے افراد کے خلاف کارروائی کی جو کرونا وائرس سے بچاؤ کے لیے مقرر حفاظتی تدابیر کی پابندی نہیں کر رہے تھے۔

    وزارت داخلہ نے سنیپ چیٹ ایپلی کیشن پر ایک وڈیو جاری کی ہے جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ حفاظتی ماسک نہ پہننے والے سعودی شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں کے خلاف ریاض میں کارروائی کی جا رہی ہے۔

    ریاض پولیس نے ماسک پہنے بغیر سامان فروخت کرنے والے شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں کا ریکارڈ تیار کیا جبکہ پبلک مقامات پر کئی سعودی شہریوں کو روک کر ان کے قومی شناختی کارڈز کے فوٹو لیے اور انہیں حفاظتی ماسک کی پابندی کروائی۔

  • سندھ کے تعلیمی اداروں میں کرونا وائرس پھیلنے کا خدشہ

    سندھ کے تعلیمی اداروں میں کرونا وائرس پھیلنے کا خدشہ

    کراچی: صوبہ سندھ کے مختلف اسکولز میں کرونا وائرس ایس او پیز کی بڑے پیمانے پر خلاف ورزیاں جاری ہیں، حکام نے تعلیمی اداروں میں کرونا وائرس پھیلنے کا خدشہ ظاہر کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق مانیٹرنگ اینڈ ایوولیشن ڈپارٹمنٹ نے اپنی رپورٹ میں انکشاف کیا ہے کہ صوبہ سندھ کے تعلیمی اداروں میں کرونا وائرس کی ایس او پیز کو نظر انداز کیا جارہا ہے۔

    تعلیمی اداروں کی مانیٹرنگ رپورٹ میں کرونا وائرس پھیلنے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔

    رپورٹ میں کہا گیا کہ صوبے بھر میں 44 ہزار 984 اسکولوں میں تدریسی عمل جاری ہے، سندھ کے 2 ہزار 18 تعلیمی اداروں کا دورہ کیا گیا۔ ایس او پیز کی خلاف ورزی اور کرونا وائرس کیسز ظاہر ہونے پر 46 اسکولز بند ہیں۔

    رپورٹ کے مطابق بیشتر اسکولوں میں نہ سماجی فاصلہ پایا گیا نہ ہی ماسک کا استعمال دیکھا گیا، اسکولوں میں لازمی قرار دیے گئے ہینڈ سینی ٹائزر بھی نہیں ملے۔ کلاس رومز اور واش رومز میں صفائی کا بھی فقدان پایا گیا۔

    رپورٹ میں کہا گیا کہ 20 روز کے دوران 64 ہزار سے زائد سیمپلز کے ٹیسٹ کیے گئے، حاصل شدہ رپورٹس میں سے 380 طلبا و اساتذہ کوویڈ پازیٹو آئے، 54 ہزار ٹیسٹ کے نتائج آنا باقی ہیں۔

    رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ پازیٹو کیسز میں اکثریت کراچی کی ہے، رپورٹس آنے کے بعد کراچی کے 4 اضلاع میں 35 اسکول بند کیے گئے۔

  • عمان پہنچنے والوں کے لیے سخت ہدایات جاری

    عمان پہنچنے والوں کے لیے سخت ہدایات جاری

    مسقط: عمان نے یکم اکتوبر2020 سے بین الاقوامی پروازیں بحال کرنے کا اعلان کردیا ہے اور اس حوالے سے عمان آنے والوں کے لیے تفصیلی ہدایت نامہ جاری کیا ہے۔

    ٹائمز آف عمان کی رپورٹ کے مطابق حکام کا کہنا ہے کہ عمان پہنچنے والے تمام مسافروں کے پاس ہیلتھ انشورنس لازمی ہونی چاہیئے جس میں کم از کم 30 دن تک کے لیے کوویڈ 19 اور دوسری بیماریوں کے علاج کے اخراجات شامل ہوں۔

    عمان پہنچنے والے اور عمان سے سفر کے لیے جانے والے تمام مسافروں کا درجہ حرارت ایئرپورٹ پر چیک کیا جائے گا اور جن افراد میں کرونا وائرس کی علامات ہوں گی انہیں مزید چیک کیا جائے گا۔

    عمان پہنچنے والے تمام مسافروں کا پی سی آر ٹیسٹ ہوگا جس کا رزلٹ آنے میں 1 سے 7 روز لگیں گے، اس دوران مسافروں کو 14 دن کے لیے قرنطینہ میں بھی رہنا ہوگا۔

    قرنطینہ کے دوران مسافروں کو ایک الیکٹرانک رسٹ بینڈ پہننا ہوگا تاکہ حکام ان کے محل وقوع کے بارے میں آگاہ رہیں۔

    غیر ملکیوں کو عمان میں قیام کے دوران اپنی رہائش کے بارے میں دستاویزات حکام کو دینی ہوں گی، علاوہ ازیں 14 روزہ قرنطینہ کی، جو کسی سرکاری ادارے میں ہوگا، ادائیگی بھی کرنی ہوگی۔

    عمان پہنچنے والوں کو کوویڈ مانیٹرنگ موبائل ایپ پر خود کو رجسٹر کروانا ہوگا۔

    عمان پہنچنے والا فضائی عملہ 14 روزہ قرنطینہ کی شرط سے مستثنیٰ ہوگا تاہم انہیں دیگر احتیاطی تدابیر کی سختی سے پابندی کرنی ہوگی۔

    عمان پہنچنے والے غیر ملکی سفارت کار اپنے گھر میں 14 روزہ قرنطینہ گزار سکتے ہیں۔

    سیکیورٹی چیک پوسٹس پر رش سے بچنے کے لیے مسافروں کو صرف ایک ہینڈ بیگ اور ایک ڈیوٹی فری بیگ لانے کی اجازت دی گئی ہے۔

    عمان سے سفر کرنے والوں کو 3 سے 4 گھنٹے پہلے ایئر پورٹ پہنچنا ہوگا، کرونا وائرس کی علامات رکھنے والوں کو ایئر پورٹ کی حدود میں داخلے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

    عمان کے ایئر پورٹس پر صرف سفر کرنے والے افراد کو ہی داخلے کی اجازت ہوگی، ان کے ساتھ دیگر افراد کا رخصت کرنے کے لیے آنا ممنوع ہوگا۔

    ایئر پورٹ میں داخلے کے وقت اور طیارے میں سفر کے دوران تمام وقت صحیح طریقے سے ماسک پہنے رکھنا ضروری ہوگا، تاہم سیکیورٹی اسٹاف کے کہنے پر یا پاسپورٹ ڈیسک کی ضرورت کے مطابق ماسک اتارا جاسکتا ہے۔

    ایئرپورٹ پر کسی بھی قسم کی ادائیگی کے لیے الیکٹرانک ذرائع استعمال کرنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔

    حکام کا کہنا ہے کہ کرونا وائرس کے پھلاؤ کو روکنے کے لیے تمام مسافروں کو حفاظتی اقدامات لازمی اپنانے ہوں گے۔

  • پشاور: کرونا وائرس ایس او پیز کی خلاف ورزی پر 5 کروڑ سے زائد کے جرمانے

    پشاور: کرونا وائرس ایس او پیز کی خلاف ورزی پر 5 کروڑ سے زائد کے جرمانے

    پشاور: صوبہ خیبر پختونخواہ کے دارالحکومت پشاور میں کرونا وائرس ایس او پیز کی خلاف ورزی پر 5 کروڑ 64 لاکھ روپے سے زائد کے جرمانے کیے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق صوبائی دارالحکومت پشاور میں کرونا وائرس ایس او پیز کی خلاف ورزیوں پر تمام اضلاع میں کارروائیاں جاری ہیں، 3 جون سے 24 اگست تک 11 لاکھ 97 ہزار 895 کارروائیاں عمل میں لائی گئیں۔

    شہر میں 2 لاکھ 79 ہزار 805 افراد اور کاروباری مراکز کو وارننگ جاری کی گئی جبکہ 17 سو 3 یونٹس اور کاروبار ی مراکز سیل کردیے گئے۔

    رپورٹ کے مطابق 1 لاکھ 58 ہزار 372 یونٹس اور کاروباری مراکز پر جرمانے کیے گئے، مجموعی طور پر 5 کروڑ 64 لاکھ 47 ہزار 885 روپے کے جرمانے کیے گئے۔

    خیال رہے کہ ملک بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 450 افراد میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوئی جس کے بعد ملک میں کرونا وائرس کے مجموعی کیسز کی تعداد 2 لاکھ 93 ہزار 711 ہوچکی ہے۔

    گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے 9 مریض انتقال کر گئے جس کے بعد ملک میں کرونا وائرس سے ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 6 ہزار 255 ہوچکی ہے۔

    ملک میں فعال کیسز کی تعداد 9 ہزار 31 ہے جبکہ 2 لاکھ 78 ہزار 425 مریض صحتیاب ہو چکے ہیں۔

  • محرم کے دوران ایس او پیز پر عملدر آمد 200 فیصد یقینی بنایا جائے: عثمان بزدار

    محرم کے دوران ایس او پیز پر عملدر آمد 200 فیصد یقینی بنایا جائے: عثمان بزدار

    لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ محرم کے دوران کرونا وائرس ایس او پیز پر عملدر آمد 200 فیصد یقینی بنایا جائے جبکہ فرقہ واریت کے سدباب کے لیے بھی ممکنہ اقدامات کیے جائیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیر صدارت ایپکس کمیٹی کا خصوصی اجلاس ہوا، اجلاس میں محرم الحرام کے دوران سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔

    وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ محرم میں ضابطہ اخلاق پر عمل 200 فیصد یقینی بنایا جائے، جلوسوں اور مجالس میں کرونا وائرس کی ایس او پیز کو ملحوظ خاطر رکھا جائے۔ کرونا وائرس پر جلد مکمل قابو پا لیں گے لیکن احتیاط بے حد ضروری ہے۔

    انہوں نے کہا کہ مجالس کے دوران ماسک کی پابندی لازمی کی جائے، ایس او پیزکی خلاف ورزی کرونا وائرس کے پھیلاؤ کا سبب بن سکتی ہے، جلوسوں کے روٹ پر تجاوزات کا خاتمہ یقینی بنایا جائے۔

    وزیر اعلیٰ کا مزید کہنا تھا کہ محرم میں قانون کی عملداری کو ہر صورت یقینی بنایا جائے، فرقہ واریت کے سدباب کے لیے ممکنہ اقدامات کیے جائیں۔

    خیال رہے کہ گزشتہ روز حکومت پنجاب نے محرم الحرام کے حوالے سے ایس او پیز جاری کیے ہیں جن میں دوران مجالس موقع پر ہاتھ دھونے کا انتظام اور سینی ٹائزر ہونا لازم قرار دیا گیا ہے۔

    ایس او پیز کے مطابق شرکا کسی بھی چیز بالخصوص سبیلوں میں استعمال ہونے والے برتن، ٹرالی، دروازوں اور دیگر اشیا کو چھونے کے بعد ہاتھ اچھی طرح دھوئیں اور دوران مجالس موقع پر ہاتھ دھونے کا انتظام، سینی ٹائزر، ٹشو اور کوڑے دان کا ہونا لازم ہے۔

    پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر سیکریٹری کا کہنا ہے کہ جس ہال میں مجلس کا اہتمام کیا گیا ہو وہاں کوڑا بشمول ماسک کے تدارک کے لیے ڈھکن والے کوڑے دان لازمی ہوں، بلا ضرورت کسی بھی چیز کی سطح کو پکڑنے یا چھونے سے پرہیز کیا جائے۔

    نوٹیفیکیشن میں کہا گیا ہے کہ مجالس، جلوس اور دیگر سرگرمیوں کے دوران شرکا کے پاس ہر وقت سینی ٹائزر ہونا لازم ہے، محرم الحرام کے جلوس اور ریلیوں میں تمام شرکا اور عزاداران کا ماسک پہننا لازمی ہے جبکہ مجالس میں صرف ان ذاکرین کو بیان کی اجازت ہوگی جن کا کرونا وائرس ٹیسٹ منفی ہو۔

  • سعودی عرب: ایس او پیز کی خلاف ورزیوں پر ہزاروں ریال کا جرمانہ

    سعودی عرب: ایس او پیز کی خلاف ورزیوں پر ہزاروں ریال کا جرمانہ

    ریاض: سعودی عرب میں کرونا وائرس سے بچاؤ کی ایس او پیز کی متعدد خلاف ورزیاں ریکارڈ کی گئیں جس کے بعد پولیس نے جرمانے کیے، سینکڑوں افراد پر فی کس 1 ہزار ریال جرمانہ لگایا گیا۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق مملکت میں عوامی مقامات پر مقررہ ایس او پیز کی بے شمار خلاف ورزیاں ریکارڈ کی گئی ہیں، جازان اور قصیم میں ماسک کی پابندی نہ کرنے پر جرمانے کیے گئے ہیں۔

    قصیم پولیس نے ماسک کی پابندی نہ کرنے والے 85 افراد پر 85 ہزار ریال کے جرمانے کر دیے، فی کس 1 ہزار ریال جرمانہ لگایا گیا ہے۔

    قصیم پولیس کے ترجمان کا کہنا ہے کہ متعلقہ حکام نے بارہا تاکید کی ہے کہ کرونا وائرس کی وبا سے نمٹنے کے لیے حفاظتی تدابیر کی سختی سے پابندی کروائی جائے اور خلاف ورزیوں کا فوری نوٹس لیا جائے۔

    ترجمان نے بتایا کہ چھاپہ مہم کے دوران 85 افراد پبلک مقامات پر بغیر ماسک کے گھومتے ہوئے پائے گئے۔ اان میں سے ہر ایک پر 1 ہزار ریال جرمانہ کیا گیا، خلاف ورزیاں قصیم ریجن کی مختلف کمشنریوں میں مختلف مقامات پر ریکارڈ کی گئیں۔

    جازان میں بھی احتیاطی تدابیر کی خلاف ورزیوں پر جرمانے کیے گئے ہیں، جازان میں 152خلاف ورزیاں ریکارڈ کی گئیں اور 1 ہزار ریال فی کس جرمانہ کیا گیا۔

    خیال رہے کہ سعودی وزارت صحت کی جانب سے کرونا وائرس سے بچاؤ کے لیے ہر شخص کو اس امر کا پابند کیا گیا ہے کہ عوامی مقامات پر ماسک پہنے یا رومال سے اپنا منہ اور ناک کو ڈھک کر رکھیں۔

    عوامی مقامات پر ماسک استعمال نہ کرنے والوں پر ایک ہزار ریال جرمانہ عائد کیا جاتا ہے۔

  • سعودی اسکولوں میں کرونا وائرس کی ایس او پیز کیا ہیں؟

    سعودی اسکولوں میں کرونا وائرس کی ایس او پیز کیا ہیں؟

    ریاض: سعودی عرب میں اسکولوں کے لیے کرونا وائرس سے بچاؤ کی ایس او پیز جاری کردی گئیں، قومی مرکز نے بچاؤ کی 6 اہم تدابیر مقرر کی ہیں۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی عرب میں متعدی امراض سے بچاؤ اور انسداد کے قومی مرکز وقایۃ نے اسکولوں میں کرونا وائرس سے بچاؤ کی تدابیر جاری کی ہیں، طلبہ و طالبات، اساتذہ اور انتظامی عملے پر حفاظتی تدابیر کی پابندی لازمی ہوگی۔

    متعدی امراض سے بچاؤ کے قومی مرکز نے بچاؤ کی 6 اہم تدابیر مقرر کی ہیں۔

    ان تدابیر کے مطابق طلبہ اور عملے کو کرونا وائرس سے متعلق آگاہی دی جائے، اس سے بچاؤ کے طریقے بتائے جائیں۔ اسکولوں کے ہیلتھ گائیڈز کو آگاہی لٹریچر مہیا کیا جائے۔

    تمام اسکولوں میں صابن اور ہاتھ صاف کرنے والے لوشن فراہم کیے جائیں، واش روم میں ہاتھ دھونے کے لیے صابن کا بندوبست کیا جائے۔

    وزارت صحت کے مقرر کردہ سینی ٹائزر سے اسکول کی تمام کرسیوں، بینچوں اور ڈیسکوں وغیرہ کی مسلسل صفائی کا اہتمام کیا جائے۔ اسکولوں میں پبلک مقامات کو سینی ٹائز کیا جائے۔

    طلبہ کے زیر استعمال واش رومز مسلسل صاف کیے جائیں، ایسے تمام مقامات کو خاص طور پر زیادہ اہتمام سے سینی ٹائز کیا جائے جو طلبہ اور عملے کے استعمال میں زیادہ رہتے ہوں مثلاً دروازوں کے ہینڈل، ڈائننگ ٹیبلز، نشستوں کے دستے اور لفٹس کے بٹن وغیرہ۔

    اسکولوں میں صاف ستھری ہوا کی فراہمی اور خراب ہوا کی نکاسی کا انتظام ہو۔

    جن طلبہ کے حوالے سے کرونا وائرس میں مبتلا ہونے کا شبہ ہوجائے انہیں پہلی فرصت میں ہیلتھ سینٹر بھیج دیا جائے، اسکول ہیلتھ گائیڈ روزانہ کی بنیاد پر طلبہ کا معائنہ کرے، شفا یاب ہونے تک طالب علم کی اسکول حاضری پر پابندی لگائی جائے۔

    کسی طالب علم کے کرونا وائرس میں مبتلا ہونے کا یقین ہوجائے تو اسے سکول آنے سے روک دیا جائے اور فٹنس سرٹیفیکیٹ کے بغیر اسکول واپسی پر پابندی لگا دی جائے۔

    ایسے طلبہ، اساتذہ اور عام عملے پر کڑی نظر رکھی جائے جو کرونا وائرس کے مصدقہ مریضوں سے مل چکے ہوں، اس سلسلے میں اسکول اور ہیلتھ سینٹر ایک دوسرے کی مدد کریں۔ ایسے کسی بھی طالب علم، استاد یا کارکن کے اسکول آنے پر پابندی لگا دی جائے جو کرونا وائرس کے مریض سے مل چکا ہو۔

  • حکومت پنجاب نے سینما اور تھیٹرز کھولنے کی اجازت دے دی

    حکومت پنجاب نے سینما اور تھیٹرز کھولنے کی اجازت دے دی

    لاہور : پنجاب حکومت نے تھیٹرز اور سینما ہالز کھولنے کی اجازت دے دی، تھیٹرز اور سینما ہالز کے لیے ایس او پیز پر عمل درآمد کیلئے نوٹی فکیشن جاری کردیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق حکومت پنجاب نے سینما اور تھیٹرز کھولنے کی اجازت دے دی ہے، تاہم ایس او پیز پر مکمل عمل درآمد کرانا لازمی ہوگا۔

    حکومت پنجاب کی جانب سے سینما اور تھیٹر کھولنے سے متعلق ایس او پیز جاری کردیئے گئے ہیں، اس حوالے سے سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر نے نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا ہے۔

    نوٹی فکیشن کے مطابق ماسک پہنے بغیر افراد کا داخلہ سختی سے بند کیا جائے گا، سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر نے نوٹی فکیشن جاری کر دیا، بار بار زیر استعمال کرسیوں، میزوں،ڈور ہینڈلز اوردیگر اشیا کو چھونےسے گریز کی ہدایت کی گئی ہے۔

    کسٹمرز اور ملازمین کے لیے ہیڈ سینیٹائزراور ماسک کی فراہمی یقینی بنائی جائے، تھیٹر یا سینما ہال میں گنجائش سے 40 فیصد کسٹمرز کو آنے کی اجازت دی جائے۔

    نوٹی فکیشن کے مطابق سینما اور تھیٹر کے ہالز، گیلری، واش رومز اور کیفے ٹیریا کی صفائی اور جراثیم کش اسپرے کو یقینی بنایا جائے گا، دروازوں کے ہینڈلز، سیڑھیاں اور برقی بورڈ بھی ہر شو کے بعد صاف رکھے جائیں گے۔ شائقین کے بیٹھنے میں ایک میٹر کا فاصلہ رکھوایا جائے گا۔

    شائقین کے ہالزمیں داخلے سے پہلے انکی مکمل سکیننگ کی جائے گی، فیس ماسک کے بغیر کسی کو سینما ہال یا تھیٹرمیں داخلے کی اجازت نہیں ہوگی، ایس او پیز کے تحت فیملی ممبرز اور دوستوں کو کسی ایک جگہ مجمع لگانے کی اجازت نہیں ہوگی۔

     سینما ہال اورتھیٹرز میں کام کرنے والے اسٹاف کی روزانہ کی بنیاد پر اسیکننگ کی جائے گی، اسٹاف ممبرز ہاتھوں میں گلووز، آنکھوں پر چشمہ اور فیس ماسک یقینی بنائیں گے۔

    اس کے علاوہ سینما اور تھیٹرز میں ہاتھ دھونے اور سینیٹائزر کے استعمال پر خاص توجہ دی جائے گی، تھیٹر میں پرفارم کرنے والے اداکاروں کے دوران ایک میٹر کا فاصلہ لازمی برقرار رکھنا ہوگا جبکہ بیمار اداکار کو کام کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔

    نوٹی فکیشن میں ہدایات دی گئی ہیں کہ ہاتھ ملانے اور بغل گیر ہونے سے مکمل پرہیز کیا جائے گا، بند ہالز کی نسبت کھلے اوپن ائیر تھیٹرز کو ترجیح دی جائے، براہ راست ٹکٹ خریدنے کی بجائے آن لائن ٹکٹ خریدیں، کسی بھی تقریب کا وقت 3گھنٹے سے زائد نہ رکھا جائے۔

    اس کے علاوہ زیادہ استعمال ہونے والی جگہوں کو باربارصاف اور سینی ٹائز کیا جائے، ہر شو کے بعد سینما اورتھیٹر کو مکمل طور پر صاف اور ڈس انفیکٹ کرنا لازمی ہوگا۔

  • عمرہ ادا کرنے کے خواہشمند افراد کے لیے خوشخبری

    عمرہ ادا کرنے کے خواہشمند افراد کے لیے خوشخبری

    ریاض: سعودی حکام کا کہنا ہے کہ رواں برس محدود حج کی کامیابی کے بعد ایس او پیز کے ساتھ عمرہ شروع کرنے پر بھی غور کیا جارہا ہے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی عرب کے وزارت حج و عمرہ کے سیکریٹری ڈاکٹر حسین الشریف کا کہنا ہے کہ احتیاطی تدابیر کے ساتھ عمرہ کے بارے میں بھی معاملہ زیر غور ہے۔

    ڈاکٹر شریف کا کہنا ہے کہ ہر برس حج کے اختتام کے ساتھ ہی حج آپریشن کے تمام پہلوؤں پر غور کر کے جامع رپورٹ تیار کی جاتی ہے جس کی روشنی میں آئندہ برس کے لیے تیاریاں شروع کی جاتی ہیں۔

    جدہ کے شاہ عبد العزیز ایئر پورٹ کے ڈائریکٹر عصام فواد کا کہنا ہے کہ مملکت کی اعلیٰ قیادت کی جانب سے جاری ہدایات پر عمل کرتے ہوئے رواں برس حجاج کو تمام مقررہ سہولتیں فراہم کی گئیں۔

    ان کا کہنا ہے کہ حجاج کی آمد سے لے کر روانگی تک کے تمام معاملات مقررہ شیڈول کے مطابق انجام دیے گئے تاکہ حجاج کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

    رواں برس مملکت کے 8 شہروں ریاض، مدینہ منورہ، الوجہ، دمام، قصیم، ابہا، جیزان اور تبوک سے عازمین حج کو سعودیہ ایئر کی اندرون ملک پروازوں کے ذریعے جدہ لایا گیا تھا۔

    اس سال محدود حج آپریشن کے تمام انتظامات مثالی رہے جن کے تحت عازمین کی آمد سے لے کر روانگی تک ہر مرحلے پر وزارت صحت اور دیگر اداروں کی جانب سے حجاج کی صحت اور دیگر امور کی نگرانی کی جاتی رہی۔

    وزارت صحت کا کہنا تھا کہ کسی حاجی میں کرونا وائرس کی تصدیق نہیں ہوئی۔

  • عید کے بعد کرونا وائرس کیسز مزید بڑھنے کا خدشہ ہے: ناصر حسین شاہ

    عید کے بعد کرونا وائرس کیسز مزید بڑھنے کا خدشہ ہے: ناصر حسین شاہ

    کراچی: صوبائی وزیر بلدیات ناصر حسین شاہ کا کہنا ہے کہ عید کے بعد کرونا وائرس کیسز مزید بڑھنے کا خدشہ ہے، محرم الحرام کے حوالے سے وفاقی حکومت سے بات ہو رہی ہے، ایس او پیز بنیں گی اور ان پر عمل کرنا ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ سندھ کے وزیر بلدیات ناصر حسین شاہ کا کہنا ہے کہ ابھی کرونا وائرس ختم نہیں ہوا، ٹیسٹ کچھ کم ہوئے ہیں۔ چاہتے ہیں کہ کرونا وائرس بالکل ختم ہوجائے، عید کے بعد کرونا وائرس کیسز مزید بڑھنے کا خدشہ ہے۔

    ناصر حسین شاہ کا کہنا تھا کہ محرم الحرام کے حوالے سے وفاقی حکومت سے بات ہو رہی ہے، ایس او پیز بنیں گی اور ان پر عمل کرنا ہوگا، علما کا اہم کردار ہے، علما کرام سے کہیں گے کہ لوگوں کو سمجھائیں۔

    انہوں نے کہا کہ کرونا وائرس تو ابھی آیا ہے، پولیو تو سالوں سے ہے، پولیو ویکسین پلانے کے لیے بھی حکومت کو مہم شروع کرنی پڑتی ہے۔ پولیو ورکرز گلی محلوں میں جاتے ہیں تو ان پر تشدد کیا جاتا ہے۔

    ناصر شاہ کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت کی نا اہلی ہر شعبے میں سامنے آچکی ہے، ڈالر آسمان پر پہنچ گیا ہے، روزمرہ کی چیزیں بھی مہنگی ہیں۔ معاشی ٹیمیں حکومت نے خود بدلی ہیں، بار بار ایف بی آر چیئرمین، گورنر اسٹیٹ بینک اور وزرا بدلتے رہتے ہیں، پوچھیں کیا کارکردگی ہے تو یہ پچھلی حکومتوں پر چلے جاتے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ این ایف سی ایوارڈ میں کمی نہیں کی جاسکتی، اس میں اضافہ کیا جاتا ہےِ، سندھ کا حصہ ضرور ملنا چاہئیے، یہ آئیں بائیں شائیں کر رہے ہیں۔ سندھ پاکستان کی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے۔

    ناصر شاہ کا مزید کہنا تھا کہ کراچی میں صفائی کا کام کے ایم سی اور ڈی ایم سی کرتے ہیں، کروڑوں روپے ہر سال نالوں کی صفائی کے لیے دیے جاتے ہیں لیکن یہ اپنا کام چھوڑ کر تنقید کرتے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ بارش میں کہیں مشکلات آئی ہیں تو وہ بس ڈھائی گھنٹے کے لیے تھیں، جن کے گھروں میں پانی گیا ان سے ہم معذرت خواہ ہیں۔ جہاں مشکلات آئی ہیں وہ گرین لائن کی تعمیرکی وجہ سے آئی ہیں۔