Tag: South africa

  • ایک اور انٹرنیشنل ٹیم پاکستان آنے کو تیار

    ایک اور انٹرنیشنل ٹیم پاکستان آنے کو تیار

    لاہور: چیف ایگزیکٹو پی سی بی وسیم خان کا کہنا ہے کہ آئندہ برس جنوری میں جنوبی افریقہ کی ٹیم پاکستان کا دورہ کرے گی۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق لاہور میں کلب کرکٹ ٹورنامنٹ کے افتتاح کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیف ایگزیکٹو پی سی بی وسیم خان نے کہا کہ زمبابوے کا دورہ پاکستان اور پی ایس ایل کے بقیہ چار میچز کا ہونا خوش آئند ہے، جنوبی افریقہ کی ٹیم بھی جنوری میں پاکستان کا دورہ کرے گی۔

    انہوں نے کہا کہ قومی ٹیم پانچ ٹی 20 اور اے ٹیم دو چار روزہ میچز کی سیریز کھیلنے کے لیے نیوزی لینڈ جائے گی۔

    وسیم خان نے کہا کہ کلب کرکٹ ملک میں کھیل کے فروغ کے لیے انتہائی اہم ہے، کلب کرکٹ سے ہی کھلاڑی مرحلہ وار قومی ٹیم تک پہنچتے ہیں، پی سی بی آئندہ ماہ سے کرکٹ کلبز کی رجسٹریشن کا آغاز بھی کررہا ہے۔

    چیف ایگزیکٹو پی سی بی نے بتایا کہ ہیڈ کوچ مصباح الحق اور محمد حفیظ سے آئندہ ہفتے ملاقات ہوگی جس میں ان سے وزیراعظم سے ملاقات کے حوالے سے وضاحت لی جائے گی۔

    واضح رہے کہ اکتوبر نومبر میں زمبابوے کے ساتھ تین میچز پر مشتمل ون ڈے سیریز اور ٹی 20 میچز ملتان اور راولپنڈی اسٹیڈیمز میں کھیلے جائیں گے۔

    ون ڈے میچز 30 اکتوبر، یکم اور 3 نومبر کو کھیلے جائیں گے، جس کے بعد 3 ٹی ٹوینٹی میچز 7، 8 اور 10 نومبر کو کھیلے جائیں گے۔

  • نظر ہٹتے ہی بچہ اغوا، دل دہلا دینے والی ویڈیو

    نظر ہٹتے ہی بچہ اغوا، دل دہلا دینے والی ویڈیو

    کیپ ٹاؤن: جنوبی افریقہ کے شہر ڈربن میں 2 سالہ بچے کو پاس ہی موجود دادی کی نظر بچا کر اغوا کرلیا گیا۔

    یہ افسوسناک واقعہ ڈربن کی ایک سپر مارکیٹ میں پیش آیا، حیرت انگیز بات یہ ہے کہ اغوا کار کوئی اور نہیں بلکہ مارکیٹ کا سیکیورٹی گارڈ تھا۔

    سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ دادی 2 سالہ بچے کے بالکل قریب ہی کھڑی ہیں تاہم ان کی نظر دوسری طرف ہے۔ یونیفارم میں ملبوس سیکیورٹی گارڈعام سے انداز میں چلتا ہوا آتا ہے اور بچے کے پاس رک کر اسے بہلانے کے بعد گود میں اٹھا کر چلتا بنتا ہے۔

    دادی کافی دیر بعد پلٹ کر دیکھتی ہیں اور پوتے کو غائب پا کر چلانا شروع کردیتی ہیں۔ اس دوران وہ باہر کی جانب جاتی ہیں اور انہیں گارڈ کی گود میں اپنا پوتا دکھائیدے جاتا ہے جس کے بعد وہ اسے جھپٹ کر واپس لے لیتی ہیں۔

    اس دوران مارکیٹ انتظامیہ نے پولیس کو بھی اطلاع دے دی جس نے فوراً موقع پر پہنچ کر گارڈ کو حراست میں لے لیا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ فی الوقت ملزم کے عزائم نامعلوم ہیں کہ اس نے بچے کو اغوا کیوں کیا۔

    پولیس نے شہریوں کو متنبہ کیا ہے کہ کرسمس میں رش کے باعث باہر جاتے ہوئے اپنے بچوں پر کڑی نگاہ رکھیں تاکہ ایسے واقعات سے بچا جاسکے۔

  • اے بی ڈی ویلیئرز کے ورلڈکپ کھیلنے کے امکانات روشن

    اے بی ڈی ویلیئرز کے ورلڈکپ کھیلنے کے امکانات روشن

    کیپ ٹاؤن: جنوبی افریقہ کے سابق کپتان اور جارح مزاج بلے باز اے بی ڈی ویلیئرز کے ٹی 20 ورلڈ کپ میں شمولیت کے امکانات روشن ہوگئے، ٹیم کے موجودہ کپتان ڈو پلیسس نے تصدیق کردی۔

    تفصیلات کے مطابق جنوبی افریقہ کرکٹ ٹیم کے کپتان ڈوپلیسس نے تصدیق کی ہے کہ اے بی ڈی ویلیئز سے آئندہ سال ہونے والے ٹی 20 ورلڈ کپ میں شمولیت پر بات چیت چل رہی ہے، امکان ہے کہ وہ استعفیٰ واپس لے کر ٹیم میں شامل ہوجائیں گے۔

    غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق مایہ ناز کھلاڑی ڈی ویلیئرز صرف آئندہ سال ہونے والے ورلڈکپ تک اپنا استعفیٰ واپس لے سکتے ہیں، بعد ازاں وہ کرکٹ کو ہمیشہ ہمیشہ کے لیے خیرباد کہہ دیں گے۔ اپنے ایک بیان میں جنوبی افریقہ کے کپتان ڈوپلیسس کا کہنا تھا کہ شائقین کے ساتھ ساتھ میں بھی چاہتا ہوں کہ اے بی ٹیم میں واپس آئیں۔

    اے بی ڈی ویلیئرز کی ورلڈ کپ کے لیے ریٹائرمنٹ واپس لینے کی پیش کش

    انہوں نے بتایا کہ ٹیم انتظامیہ اس سلسلے میں گزشتہ تین ماہ سے ان سے رابطے میں ہے۔

    ڈوپلیسس کا مزید کہنا تھا کہ اس بارے میں ڈی ویلیئرز اور ٹیم کے چیف کوچ مارک باؤچر کے درمیان کافی پہلے سے ہی بات چیت چل رہی ہے۔ باؤچر نے دو روز قبل کہا تھا کہ وہ اے بی ڈی ویلیئرز سے عالمی کپ کھیلنے کے لیے کہیں گے۔

    خیال رہے کہ رواں سال جون میں جنوبی افریقہ کے سابق کپتان اے بی ڈی ویلیئرز نے ورلڈ کپ کے لیے ریٹائرمنٹ واپس لینے کی پیش کش کی تھی تاہم چند وجوہات کی بنا پر بورڈ نے پیش کش مسترد کردی تھی۔

    یاد رہے گزشتہ سال مئی میں جارح مزاج بلے باز ڈی ویلیئرز انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کرچکے ہیں۔

  • غیر ملکیوں پر حملے، نائیجیریا نے جنوبی افریقا سے اپنے شہری نکالنا شروع کر دیے

    غیر ملکیوں پر حملے، نائیجیریا نے جنوبی افریقا سے اپنے شہری نکالنا شروع کر دیے

    ابوجا:‌ جنوبی افریقا میں غیرملکیوں پر حملوں اور  جھڑپوں کے بعد نائیجیریا نے اپنے شہریوں کو نکالنا شروع کر دیا.

    تفصیلات کے مطابق جنوبی افریقا میں حملوں کے بڑھتے خطرے کے پیش نظر نائیجیریا کی حکومت حرکت میں‌ آگئی.

    نائیجیریا کی حکومت اب تک 180 افراد کو جنوبی افریقا سے نکال چکی ہے، البتہ اب بھی اس کے کئی شہری جنوبی افریقا کے ایئرپورٹس پر موجود ہیں.

    میڈیا کے مطابق ساؤتھ افریقی حکام نے نائیجیریاکے درجنوں شہریوں کو کاغذات نامکمل ہونے کی وجہ سے ہوائی اڈوں پر روک رکھا ہے، ان افراد میں خواتین اور بچے بھی ہیں، جنھیں واپس جانے کی اجازت فراہم نہیں کی گئی۔

    خیال رہے کہ جنوبی افریقا میں غیرملکیوں پر حملوں کا آغاز ماہ اگست میں ہوا تھا، جس میں دھیرے دھیرے شدت آتی گئی.

    اوائل میں‌ اس کا مرکز دارالحکومت پریٹوریا تھا، مگر پھر یہ جھڑپیں دیگر شہروں میں بھی پھیل گئی.  اب یہ پرتشدد واقعات بارہ افراد ہلاک ہوچکے ہیں، جب کہ تین درجے افراد کے زخمی ہونے کی بھی اطلاعات ہیں.

    پولیس نے شر پسندوں پر ربڑ کی گولیاں برسائیں اور بہت سوں کو گرفتار کیا، مگر اس  خطرہ اب بھی موجود ہے، جس کے پیش نظر نائیجیریا نے اپنے چھ سو شہریوں کو جنوبی افریقا سے نکالنے کا فیصلہ کیا۔

  • کرکٹ ورلڈکپ 2019: سری لنکا اور جنوبی افریقا آج مدمقابل ہوں گے

    کرکٹ ورلڈکپ 2019: سری لنکا اور جنوبی افریقا آج مدمقابل ہوں گے

    چیسٹرلی: آئی سی سی ورلڈکپ 2019 میں مقابلوں کا سلسلہ جاری ہے، آج سری لنکا اور جنوبی افریقا کے درمیان ٹاکرا ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق آئی سی سی ورلڈکپ کے 35ویں میچ میں آج سری لنکا اور جنوبی افریقا کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی، میچ پاکستانی وقت کے مطابق دوپہرڈھائی بجے شروع ہوگا۔

    سری لنکا کی ٹیم میگا ایونٹ میں اب تک چھ میچز کھیل چکی ہے، جس میں سے ان کو دو میچز میں کامیابی ملی اور دو میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا اور دو میچز بارش کی نذر ہوگئے۔ اس طرح سری لنکن ٹیم چھ پوائنٹس کے ساتھ ٹیبل پر ساتویں نمبر پر ہے۔

    دوسری جانب جنوبی افریقا کی ٹیم اب تک سات میچز کھیل چکی ہے جس میں سے صرف میں میچ جیتنے کے بعد پوائنٹس ٹیبل پر 3 پوائنٹس کے ساتھ نویں نمبرپر ہے۔ پروٹیز کا ایک میچ بارش کی نذر ہوگیا تھا۔

    واضح رہے کہ آئی سی سی ورلڈکپ کے لیے 10 ٹیمیں ایونٹ میں حصہ لے رہی ہیں جنہیں 2 گروپس میں تقسیم کرنے کے بجائے تمام ٹیمیں ایک دوسرے کے خلاف میچ کھیلیں گی۔

    ایونٹ میں دفاعی چیمپیئن آسٹریلیا، بھارت، پاکستان، انگلینڈ، نیوزی لینڈ، جنوبی افریقہ، ویسٹ انڈیز، بنگلہ دیش، سری لنکا اور افغانستان شامل ہیں۔

    آئی سی سی ورلڈکپ کے ایونٹ میں 48 میچز کھیلے جائیں گے، فائنل اور سیمی فائنل سے قبل تمام ٹیمیں 9،9 میچز کھیلیں گی جن میں سے 4 ٹیمیں سیمی فائنل میں جگہ بنائیں گی، 14 جولائی کو فائنل کھیلا جائے گا۔

  • سرفراز الیون کا پلٹ کر وار، جنوبی افریقہ ورلڈ‌ کپ سے باہر

    سرفراز الیون کا پلٹ کر وار، جنوبی افریقہ ورلڈ‌ کپ سے باہر

    لندن: ورلڈ کپ 2019 کے 30ویں میچ میں پاکستان نے جنوبی افریقہ کو 49 رنز سے شکست دے کر ورلڈ کپ سے باہر کردیا، شاداب خان اور وہاب ریاض نے تین، محمد عامر دو وکٹیں حاصل کیں۔

    تفصیلات کے مطابق لارڈز میں کھیلے جانے والے میچ میں پاکستان کی جانب سے دیے جانے والے 309 رنز ہدف کے تعاقب میں جنوبی افریقہ کی ٹیم مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 259 رنز بناسکی، فاف ڈوپلیسی کی نصف سنچری بھی ٹیم کو شکست سے نہ بچاسکی۔

    محمد عامر نے ہاشم آملہ کو پہلے ہی اوور میں پویلین بھیج دیا، آملہ نے 2 رنز بنائے تھے، ڈی کوک نے حفیظ کی گیند پر کیچ ڈراپ ہونے کے بعد 47 رنز کی اننگز کھیلی۔

    کپتان فاف ڈوپلیسی نے 63 رنز کی اننگز کھیلی، ایڈم مرکرم کو 7 رنز پر شاداب خان نے نشانہ بنایا، وینڈر ڈوسن 36 رنز بنا کر شاداب کی گیند پر حفیظ کو کیچ دے بیٹھے۔

    ڈیوڈ ملر تین چانس ملنے کے باوجود بڑی اننگز نہ کھیل سکے اور 31 رنز پر شاہین آفریدی کی گیند پر بولڈ ہوئے، کرس مورس 16، ربادا 3 اور نگیڈی 1 رن پر وہاب ریاض کا نشانہ بنے۔

    واضح رہے کہ جنوبی افریقہ کے لیے یہ میچ جتنا انتہائی اہم تھا شکست کے ساتھ ہی ورلڈ کپ میں پروٹیاز کا سفر تمام ہوگیا ہے، ایونٹ کے بقیہ میچز جنوبی افریقہ کھیلے گی۔

    اس سے قبل ورلڈکپ کے 30ویں میچ میں پاکستان اور جنوبی افریقا کی ٹیمیں لارڈز کے اسٹیڈیم میں مد مقابل ہیں، دونوں ٹیموں کے لیے آج کا میچ انتہائی اہم ہے کیونکہ شکست کی صورت میں آگے کا سفر دشوار ہوجائے گا۔

    قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا اعلان کیا، پاکستان کی جانب سے فخر زمان اور امام الحق میدان میں آئے اور انہوں نے انتہائی محتاط انداز سے پروٹیز گیند بازوں کا سامنا کیا۔

    جنوبی افریقا کے خلاف میچ میں قومی ٹیم میں دو تبدیلیاں کی گئیں، آل راؤنڈر شعیب ملک کی جگہ حارث سہیل اور فاسٹ باؤلر حسن علی کی جگہ شاہین آفریدی کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔

    پاکستان کی اننگز

    اننگز کے پندرہویں اور عمران طاہر نے اپنے پہلے اوور میں فخر زمان کو چوالیس کے انفرادی جبکہ 81 کے مجموعی اسکور پر پویلین بھیجا، پندرہویں اوور کے اختتام تک ایک چھکا اور 11 چوکے لگے۔

    پاکستان کے دوسرے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی امام الحق تھے جو 98 کے مجموعی اسکور پر 44 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، محمد حفیظ نے محتاط انداز سے کھیلنے کی کوشش کی مگر وہ بھی 143 کے مجموعی جبکہ 20 کے انفرادی اسکور پر آؤٹ ہوئے۔

    بعد ازاں بابر اعظم اور حارث سہیل نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے چوتھی وکٹ میں 81 رنز کی شراکت داری قائم کی اور ٹیم کی پوزیشن کو مضبوط بنایا، دونوں بلے بازوں نے اسی دوران اپنی اپنی نصف سنچریاں بھی مکمل کیں، اننگز کے 41.2 اوور میں بابر اعظم 69 رنز بناکر پویلین لوٹے یوں 224 پر پاکستان کے چار کھلاڑی آؤٹ ہوچکے تھے۔

    نئے آنے والے بیٹسمین عماد وسیم 23 رنز بنا سکے جبکہ وہاب چار رنز بناکر آؤٹ ہوئے، حارث سہیل آخری اوور کی چوتھی گیند پر 89 رنز کی شاندر اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے، انہوں نے 59 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 3 چھکے اور 9 چوکے لگائے۔

    پاکستان نے مقررہ پچاس اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 308 رنز اسکور کیے، حارث سہیل 89 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے جبکہ بابر اعظم نے 69، فخر زمان اور امام الحق نے 44 ، 44 رنز کی انگز کھیلی۔ جنوبی افریقا کے باؤلر نگیڈی تین اور عمران طاہر دو وکٹیں حاصل کر کے نمایاں باؤلر رہے۔

    پوائنٹس ٹیبل

    ایونٹ میں جنوبی افریقا کی ٹیم اب تک 6 میچز کھیل چکی ہے جن میں سے ایک میں کامیاب جبکہ 4 میچز میں ناکام رہی ہے جبکہ پاکستان ایک ہی میچ میں کامیابی حاصل کرسکی ہے۔ پوائنٹ اسکورنگ ٹیبل پر اس وقت جنوبی افریقا آٹھویں جبکہ پاکستان نویں نمبر پر ہے۔

    واضح رہے کہ آئی سی سی ورلڈکپ کے لیے 10 ٹیمیں ایونٹ میں حصہ لے رہی ہیں جنہیں 2 گروپس میں تقسیم کرنے کے بجائے تمام ٹیمیں ایک دوسرے کے خلاف میچ کھیلیں گی۔

    ایونٹ میں دفاعی چیمپیئن آسٹریلیا، بھارت، پاکستان، انگلینڈ، نیوزی لینڈ، جنوبی افریقہ، ویسٹ انڈیز، بنگلہ دیش، سری لنکا اور افغانستان شامل ہیں۔

    آئی سی سی ورلڈکپ کے ایونٹ میں 48 میچز کھیلے جائیں گے، فائنل اور سیمی فائنل سے قبل تمام ٹیمیں 9،9 میچز کھیلیں گی جن میں سے 4 ٹیمیں سیمی فائنل میں جگہ بنائیں گی، 14 جولائی کو فائنل کھیلا جائے گا۔

  • تیسرا ٹی ٹوئنٹی : پاکستان ویمن ٹیم نے جنوبی افریقہ کو چار وکٹوں سے ہرا دیا

    تیسرا ٹی ٹوئنٹی : پاکستان ویمن ٹیم نے جنوبی افریقہ کو چار وکٹوں سے ہرا دیا

    پریٹوریا : پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم نے جنوبی افریقہ کو تیسرے ٹی ٹوئنٹی میں چار وکٹوں سے شکست دے دی، ارم جاوید شاندار پرفارمنس پر پلیئر آف دی میچ قرار پائیں۔

    تفصیلات کے مطابق قومی ویمن کرکٹ ٹیم کی شاندار پرفارمنس کا سلسلہ جاری ہے، پاکستان اور جنوبی افریقہ کی ویمن ٹیموں کے درمیان کھیلے جانے والے پانچ میچوں کی سیریز کا تیسرا ٹی ٹوئنٹی پاکستان نے اپنے نام کرلیا۔

    پاکستان نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، جنوبی افریقہ نے پہلے بیٹنگ کی اور تین وکٹوں کے نقصان پر ایک سو اڑتیس رنز بنائے، تیزمین برٹس ستر رنز کے ساتھ نمایاں رہیں۔

    مزید پڑھیں : ثنا میر نے نیا عالمی ریکارڈ اپنے نام کرلیا

    جواب میں پاکستانی ٹیم نے138رنز کا ہدف آخری اوور میں حاصل کرلیا، ارم جاوید نے پچپن رنز کی اننگز کھیلی، انہیں شاندار پرفارمنس پر پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا، سیریز میں پاکستان ٹیم کو دو ایک کی برتری حاصل ہے۔

  • نائجر: آئل ٹینکر میں دھماکا، 58 افراد ہلاک، درجنوں زخمی

    نائجر: آئل ٹینکر میں دھماکا، 58 افراد ہلاک، درجنوں زخمی

    نائیمے: مغربی افریقی ملک نائجر میں آئل ٹینکر میں دھماکے سے 58 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق نائجر میں آئل ٹینکر میں دھماکے بعد ٹینکر ہولناک آتشزدگی کے لیپٹ میں آگیا، حادثے میں اٹھاون افراد جھلس کر ہلاک جبکہ سینتیس زخمی ہیں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ آتشزدگی کا یہ ہولناک حادثہ دارلحکومت نائیمے ائیرپورٹ کہ قریب اس وقت پیش آیا جب تیزرفتار آئل ٹینکر ڈرائیور سے بے قابو ہوکر الٹ گیا۔

    پولیس حکام کے مطابق حادثے کہ بعد آئل ٹینکر میں آگ لگنے کہ بعد زوردار دھماکہ ہوا، حکام نے حادثے میں اٹھاون افراد کے ہلاک اور سینتس افراد کے زخمی ہونے کی تصدیق کی ہے، جبکہ مزید ہلاکتوں کا خدشہ بھی ظاہر کیا جارہا ہے۔

    حادثے کے بعد ریسکیو عملے نے زخمیوں کو مقامی اسپتال منتقل کیا جہاں ملکی صدر مہامدودو نے زخمیوں نے عیادت کی اور ہلاک ہونے والوں کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا۔

    نائجر کے وزیرداخہ مزوم کا کہنا ہے کہ ٹرک الٹنے کے بعد اطراف میں موٹر سائیکل سوار افراد جمع ہوگئے جسے ابتدائی طور پر آتشزدگی کی وجہ قرار دیا جارہا ہے۔

    اس سے قبل جولائی 2012 میں جنوبی نائجیریا میں آئل ٹینکر الٹنے سے سو کے قریب افراد مارے گئے تھے، جبکہ درجنوں زخمی بھی ہوئے تھے۔

  • جنوبی افریقا نے اسرائیل میں سفارتی مشن کا درجہ کم کر دیا

    جنوبی افریقا نے اسرائیل میں سفارتی مشن کا درجہ کم کر دیا

    پریٹوریا : جہاں دنیا بھر کے ممالک اپنے سفارت مشن میں اضافہ کررہے تھے وہیں جنوبی افریقا نے اسرائیل میں اپنے سفارتی مشن کا درجہ کم کر دیا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق جنوبی افریقا کے صدر سیریل رامافوز نے ایک بیان میں کہا ہے کہ انہوں نے اسرائیل میں سفارت خانے کا درجہ کم کرنے کے لیے اقدامات شروع کردیے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ اسرائیل میں سفارت خانے کا درجہ کم کرنے کا فیصلہ حکمراں جماعت نیشنل کانگریس کے فیصلے پر عمل درآمد کرتے ہوئے کیا گیا ہے۔

    صدر راما فوز نے پارلیمنٹ کے اجلاس سے خطاب میں کہا کہ حکومت فلسطینی قوم اور اس کے دیرینہ حقوق کی حمایت جاری رکھے گی۔ فلسطینیوں کو اپنے حقوق کے حصول کا حق ہے۔ ہماری وزارت خارجہ نے اسرائیل میں قائم سفارتخانے کا درجہ کم کرنے لیے اقدامات شروع کر دیئے ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ جنوبی افریقا نے تل ابیب میں اپنے سفات خانے کے درجے میں کمی کی وجہ اسرائیلی ریاست کی طرف سے فلسطینیوں کے حقوق کی پامالیاں اور مشرق وسطیٰ میں قیام امن کی راہ میں رکاوٹیں ڈالنا ہے۔

    مزید پڑھیں : آسٹریلیا نے مقبوضہ بیت المقدس کو اسرائیلی دارالحکومت تسلیم کرلیا

    رومانیہ کے بعد جمہوریہ چیک نے بھی سفارت خانہ یروشلم منتقل کرنے کا اعلان کردیا

    رومانیہ نے بھی یروشلم کو اسرائیلی دارالحکومت تسلیم کرلیا

    یاد رہے کہ گزشتہ برس امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مقبوضہ بیت المقدس کو اسرائیلی دارالحکومت تسلیم کرنے اور اپنا سفارت خانہ بیت المقدس منتقل کرنے کے بعد آسٹریلیا، رومانیہ سمیت دنیا بھر کے متعدد ممالک اپنے سفارت خانے یروشلم منتقل کرچکے ہیں۔

  • پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان آخری ٹی ٹوئنٹی میچ آج کھیلا جائے گا

    پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان آخری ٹی ٹوئنٹی میچ آج کھیلا جائے گا

    سنچورین: پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان سیریز کا تیسرا اور آخری ٹی ٹوئنٹی میچ آج سنچورین میں کھیلا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق گرین شرٹس کو دوہزار پندرہ کے بعد مختصر فارمیٹ میں تین میچ کی سیریز میں کلین سوئپ کا خطرہ ہے۔

    پاک کے سرپر وائٹ واش کے بادل منڈلانے لگے ہیں، ٹیم سیزیر کے دوران تینوں فارمیٹ میں ناکام نظر آئی، آخری ٹی ٹوئنٹی میں شاہین اب بقا کی جنگ لڑیں گے۔

    پاکستان کو مختصر فارمیٹ میں صرف ایک بار انگلینڈ سے تین میچ کی سیریز میں وائٹ واش کا سامنا کرنا پڑا تھا، سنچورین میں پروٹیز تاریخ بنانے اور شاہین عزت بچانے کے لیے میدان میں اتریں گے۔

    خیال رہے کہ سیریز کے دوسرے ٹی ٹوینٹی میں قومی ٹیم 189 رنز کے تعاقب میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 181 رنز بناسکی تھی، بابر اعظم نے 90 رنز کی برق رفتار اننگز کھیلی جبکہ حسین طلعت نے 55 رنز اسکور کیے بعد میں آنے والے بلے باز خاطر خواہ کارکردگی دکھانے میں ناکام رہا تھا۔

    دوسرا ٹی ٹوینٹی: جنوبی افریقا نے پاکستان کو 7 رنز سے شکست دیکر سیریز جیت لی

    جنوبی افریقہ نے بیٹنگ، بالنگ اور فیلڈنگ میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے میچ اپنے نام کیا تھا۔

    یاد رہے کہ جنوبی افریقا نے پہلے ٹی ٹوینٹی میچ میں پاکستان کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 6 رنز سے شکست دی تھی، ڈیوڈ ملر کو شاندار کارکردگی پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا تھا۔