Tag: South Carolina

  • ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک اور ریاست میں ریپبلکن پرائمری الیکشن جیت لیا

    ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک اور ریاست میں ریپبلکن پرائمری الیکشن جیت لیا

    واشنگٹن: ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک اور ریاست جنوبی کیرولائنا میں بھی ریپبلکن پرائمری الیکشن جیت لیا۔

    امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق سابق امریکی صدر ٹرمپ نے جنوبی کیرولائنا میں بھی ریپبلکن پرائمری الیکشن میں کامیابھی حاصل کر لی ہے، ٹرمپ نے وکٹری پارٹی سے خطاب میں کہا ’’میں بائیڈن کو الیکشن میں شکست دینے کے لیے تیار ہوں۔‘‘

    ٹرمپ نے اب تک 2024 کے تمام پارٹی نامزدگی کے مقابلے جیت لیے ہیں، اپنی فتح کا جشن مناتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ انھوں نے کبھی بھی ریپبلکن پارٹی کو اتنا متحد نہیں دیکھا جتنا کہ یہ ابھی ہے۔

    دوسری طرف گورنر نکی ہیلی اپنی ہی ریاست میں ٹرمپ کے ہاتھوں شکست کے باوجود صدارتی نامزدگی کی دوڑ میں شامل ہیں، سینیٹر لنزے گراہم نے ان سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ پارٹی کی مضبوطی کے لیے دست برداری کا اعلان کر دیں۔

    ہیلی نے مقابلہ جاری رکھنے کا عزم کیا ہے، اگرچہ ان کے آگے بڑھنے کا راستہ واضح نہیں ہے، تاہم جنوبی کیرولائنا کی اس سابق گورنر نے ہفتے کی رات اصرار کیا کہ وہ دوڑ میں رہیں گی، انھوں نے کہا ’’مجھے یقین نہیں ہے کہ ٹرمپ نومبر میں صدر جو بائیڈن کو شکست دے دیں گے۔‘‘ ہیلی نے کہا جن ریاستوں میں پرائمری الیکشن نہیں ہوئے وہاں کے ووٹرز کو ’رئیل چوائس‘ دینا ان کی ذمہ داری ہے۔

    واضح رہے کہ سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ ریپبلکن صدارتی نامزدگی کے دوڑ میں بدستور سرفہرست ہیں۔

  • طوفان ایان نے فلوریڈا اور جنوبی کیرولائنا میں تباہی مچا دی، 66 افراد ہلاک

    طوفان ایان نے فلوریڈا اور جنوبی کیرولائنا میں تباہی مچا دی، 66 افراد ہلاک

    فلوریڈا: طوفان ایان نے ریاست فلوریڈا اور جنوبی کیرولائنا میں تباہی مچا دی، مختلف حادثات کے دوران ہلاکتوں کی تعداد 66 ہو گئی، جب کہ مختلف علاقوں میں ایمرجنسی نافذ ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سمندری طوفان ایان کے باعث امریکی ریاستوں جنوبی کیرولائنا اور فلوریڈا کے مختلف علاقوں میں نظام زندگی مفلوج ہو چکا ہے، ہزاروں افراد بے گھر ہو چکے ہیں، اور لاکھوں افراد بجلی سے محروم ہیں۔

    فلوریڈا میں ہر طرف پانی ہی پانی ہے، ریسکیو کا کام بھی جاری ہے، لوگوں کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے نکالا جا رہا ہے۔ ہفتے تک، صرف فلوریڈا کے جنوب مغربی ساحل کے ساتھ سیلاب زدہ علاقوں سے ایک ہزار سے زیادہ لوگوں کو بچایا گیا۔

    تباہی اور کاروبار بند ہونے سے امریکی معیشت کو اربوں ڈالر کا نقصان ہوا، جس کا ابتدائی تخمینہ 40 ارب ڈالر لگایا گیا ہے، امریکی صدر جو بائیڈن کل سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کریں گے۔

    فلوریڈا کے درجنوں باشندے ہفتے کے روز کشتیوں اور ہوائی جہاز کے ذریعے اپنے سیلاب زدہ اور بکھرے ہوئے گھروں کو چھوڑ کر چلے گئے، جب کہ ریسکیو ٹیمیں زندہ بچ جانے والوں کی تلاش جاری رکھے ہوئے ہیں۔

    جنوبی کیرولائنا اور شمالی کیرولائنا میں حکام نے طوفان کے نقصانات کا جائزہ لینا شروع کر دیا ہے۔

    طوفان ایان ہفتے کے روز کمزور پڑ گیا ہے، جب یہ بحر اوقیانوس کے وسط میں داخل ہوا تھا، تاہم ساحلوں پر طوفان نے بڑا نقصان پہنچایا، بڑی کشتیاں ساحل پر عمارتوں میں گھس گئیں اور گھروں کی چھتیں اکھڑ گئیں۔

    فلوریڈا میں تصدیق شدہ زیادہ تر اموات طوفانی پانی میں ڈوبنے سے ہوئیں، دیگر ایان کے المناک اثرات سے ہلاک ہوئے، حکام نے بتایا کہ ایک بوڑھے جوڑے کی موت اس وقت ہوئی جب وہ بجلی سے محروم ہو گئے اور ان کی آکسیجن مشینیں بند ہو گئیں۔

  • سمندری طوفان ایک اور امریکی ریاست سے ٹکرا گیا، سیکڑوں گھر تباہ

    سمندری طوفان ایک اور امریکی ریاست سے ٹکرا گیا، سیکڑوں گھر تباہ

    جنوبی کیرولائنا: سمندری طوفان ایان امریکی ریاست جنوبی کیرولائنا سے ٹکرا گیا، جس سے ریاست میں سیکڑوں گھر تباہ ہو گئے۔

    امریکی میڈیا کے مطابق سمندری طوفان ایان کیوبا اور فلوریڈا میں تباہی مچانے کے بعد ریاست جنوبی کیرولائنا سے بھی ٹکرا گیا ہے، سمندری طوفان کے باعث سی این این کے مطابق مختلف حادثات میں ہلاکتوں کی تعداد 45 ہو گئی ہے۔

    ایان نے جمعہ کو کیٹگری 1 کے سمندری طوفان کے طور پر جارج ٹاؤن، جنوبی کیرولائنا کے قریب لینڈ فال کیا، دو دن قبل یہ سمندری طوفان فلوریڈا کے جنوب مغربی ساحل سے کیٹیگری 4 کے ہریکن کے طور پر ٹکرایا تھا۔

    ایان اب ایک پوسٹ ٹراپیکل سائیکلون ہے جو شمالی کیرولائنا اور ورجینیا میں داخل ہو گیا ہے، بی بی سی کے مطابق سمندری طوفان کی قوت میں کمی آ گئی ہے، تاہم خطرہ ٹلا نہیں ہے، فلوریڈا سمیت پورے خطے میں کئی دنوں تک سیلاب جاری رہنے کا امکان ہے۔

    سمندری طوفان کی زد میں آنے والے بوڑھے امریکی کی ویڈیو وائرل

    اس سمندری طوفان سے کئی علاقوں میں سیکڑوں گھر تباہ ہو چکے ہیں، سیلابی ریلے کئی گاڑیوں کو بہا لے گئے، سڑکیں، پُل اور ریلوے لائنز ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو چکی ہیں۔

    درخت جڑوں سے اکھڑ گئے، مواصلات کا نظام بھی درہم برہم ہو گیا ہے، 25 لاکھ افراد بجلی سے محروم ہیں۔ طوفان کے جنوبی کیرولائنا سے ٹکرانے کے بعد سے ساحلی علاقوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا سلسلہ جاری ہے۔

  • ساؤتھ کیرولینا نے غلامی کے پرچم کو اتار دیا

    ساؤتھ کیرولینا نے غلامی کے پرچم کو اتار دیا

    کولمبیا : ساؤتھ کیرولینا حکومت نے کنفیڈریڈ کے جھنڈے کو  اتار دیا، تفصیلات کے مطابق ساؤتھ کیرولینا حکومت نے غلامی کے نشان کنفیڈریشن کے جھنڈے کو اتار دیا۔

    جمعے کے روز اسٹیٹ کیپیٹل گراؤنڈ میں ہونے والی ایک پروقار تقریب میں مذکورہ جھنڈے کو اتارا گیا، جو کہ ساؤتھ کیرولینا کے غلامی کے حق میں روایات کا نشان سمجھا جاتا تھا۔

    سول وار کا یہ جھنڈا اسٹیٹ ہاؤس پر تقریباً 54 برس تک لہراتا رہا، جو کہ اس تاریخی واقعے کے رونما ہونے کے ایک ماہ کے اندر جب ایک سفید فام امریکی باشندے نے کارلٹس چرچ کے اندر نو سیاہ فام امریکی باشندوں کو قتل کر دیا تھا۔

    جھنڈا اتارنے کی تقریب میں ہزاروں کی تعداد میں امریکی عوام بھی شریک تھی۔ اس موقع پر جھنڈے کو اتار کر اسے انتہائی احترام کے ساتھ طے کرکے اس کو قریبی میوزیم میں بھجوا دیا گیا۔

    اس موقع پر موجود شہریوں نے یو ایس اے یو ایس اے کے تعرے بھی لگائے، واضح رہے کہ مذکورہ جھنڈا جہاں بہت سے لوگوں کیلئے نفرت  غلامی اور نسل پرستی کا نشان تھا وہیں ساؤتھ کیرولینا کے لئے ورثے اور فخر کا نشان سمجھا جاتا ہے۔

  • جنوبی کیرولینا : چرچ میں فائرنگ،  9افراد قتل، قاتل گرفتار

    جنوبی کیرولینا : چرچ میں فائرنگ، 9افراد قتل، قاتل گرفتار

    جنوبی کیرولینا :امریکی ریاست جنوبی کیرولینا میں چرچ میں نو افراد کے قتل میں ملوث قاتل کو گرفتار کرلیا ہے، ملزم ڈائلین روف نے فائرنگ سے قبل کہا کہ وہ یہاں سیاہ فام افراد کو قتل کرنے آیا ہے۔

    ریاست جنوبی کیرولینا میں سیاہ فام کمیونٹی کے چرچ کی بیسمنٹ میں موجود اکیس سالہ لڑکے ڈائلین روف نے اس وقت فائرنگ شروع کر دی، جب وہاں بائبل کی تعلیمات پر گفتگو کی جارہی تھی۔

    فائرنگ قبل کرنے سے قبل سفید فام نوجوان نے اعلان کیا کہ وہ یہاں صرف سیاہ فام افراد کو قتل کرنے آیا ہے، نو افراد کو قتل کرنے کے بعد ایک عورت کو اس نے یہ کہہ کر چھوڑ دیا کہ وہ باقی لوگوں کو بتا سکے کہ اس چرچ میں کیا ہوا۔

    فائرنگ میں ملوث نوجوان کو شمالی کیرولینا میں ایک ٹریفک لائٹ پر گرفتار کیا گیا جبکہ اس سے ایک گن بھی بر آمد کی گئی۔ تحقیقات سے معلوم ہوا کہ کچھ عرصے قبل اکیسویں سالگرہ پر اسے اپنے والد کی جانب سے ایک گن تحفے کے طور پر دی گئی، جسے اس نے اس کاروائی میں بھی استعمال کیا۔

    فائرنگ کے واقعے میں چھ خواتین جبکہ تین دیگر افراد کو قتل کیا گیا، قتل کئے جانے والوں میں ایک سابق سینیٹر بھی شامل ہے۔ جنہوں نے گزشتہ دنوں ہی ہیلری کلنٹن کی صدارتی مہم کے سلسلے میں ایک تقریب کا انعقاد کیا تھا۔

    تحقیقاتی اداروں نے اس معاملے کی نفرت پر مبنی واقعہ کے طور پر مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں جبکہ چارلیسٹن کے رہائشیوں نے چرچ میں جاکر جاں بحق افراد کی یاد میں وجل کا انعقاد بھی کیا۔

  • سیاہ فام شخص کے قتل نے امریکہ میں ایک نیا تنازعہ کھڑا کردیا

    سیاہ فام شخص کے قتل نے امریکہ میں ایک نیا تنازعہ کھڑا کردیا

    جنوبی کیرولینا: سفید فام پولیس اہلکار کے ہاتھوں ایک اور سیاہ فام شخص کے قتل نے امریکہ میں ایک نیا تنازعہ کھڑا کر دیا ہے۔

    امریکہ کے شہر فرگوسن میں سفید فام پولیس اہلکار کے ہاتھوں اٹھارہ سالہ سیاہ فام لڑکے مائیکل براؤن کے قتل کے زخم بھی بھر نہ پائے تھے کہ جنوبی کیرولینا میں پچاس سالہ شخص والٹر سکاٹ کو سفید فام پولیس اہلکار مائیکل سلیگر کے ہاتھوں قتل ہوتے کی فوٹیج سامنے آگئی۔

    اس واقعے نے ایک بار پھر امریکہ میں نسلی تعصب کی آگ کو بھڑکا دیا ہے،  والٹر سکاٹ قتل کے بعد پولیس رپورٹ میں جھوٹ بولا گیا کہ سیاہ فام شخص نے پولیس اہلکار سے ہاتھا پائی کی اور ہتھیار چھیننے کی کوشش کی تاہم سڑک پر موجود ایک اور شخص لیسٹر ہالٹ نے اپنے موبائل پر بنائی گئی فوٹیج عام کرکے پولیس کے جھوٹ کا بھانڈا پھوڑ دیا۔

    موبائل فوٹیج سامنے آنے کے بعد پولیس اہلکار سلیگر کو نوکری سے برخواست کرکے قتل کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے تاہم اس واقعہ کے بعد امریکہ کی سیاہ فام کمیونٹی شدید غم و غصہ کا شکار ہے اور پولیس اہلکار کو سزائے موت دینے کا مطالبہ کر رہی ہے۔

    دوسری جانب امریکی میڈیا پر اس واقعہ پر بھرپور قسم کی بحث جاری ہے اور ماضی میں پولیس کے ہاتھوں ہلاک کئے جانے والے سیاہ فام افراد کی ہلاکت پر بھی سوالات اٹھائے جارہے ہیں۔