Tag: South Korea

  • جنوبی کوریا کا اسرائیل اور لبنان سے شہریوں کو نکالنے کے لیے فوجی طیاروں کا استعمال

    جنوبی کوریا کا اسرائیل اور لبنان سے شہریوں کو نکالنے کے لیے فوجی طیاروں کا استعمال

    سیئول: جنوبی کوریا اسرائیل اور لبنان سے اپنے شہریوں کو نکالنے کے لیے فوجی طیاروں کا استعمال کرے گا۔

    روئٹرز کے مطابق مشرق وسطیٰ میں کشیدگی بڑھنے پر جنوبی کوریا کے صدر یون سُک یول نے بدھ کے روز اسرائیل اور لبنان سے اپنے شہریوں کے انخلا کے لیے فوری طور پر فوجی طیارے تعینات کرنے کا حکم دے دیا ہے۔

    اس سلسلے میں صدر یون نے مشرق وسطیٰ کے تنازع پر اپنے قومی سلامتی اور اقتصادی مشیروں سے ملاقات کی، اور ہدایت کی کہ جنوبی کوریا کی انرجی سپلائی، تجارت اور سپلائی چینز پر کسی بھی طرح کے اثرات سے نمٹنے کے لیے پوری طرح سے تیار رہا جائے۔

    انھوں نے کہا کہ خطے میں جنوبی کوریا کے شہریوں کی حفاظت اوّلین ترجیح ہے، اس سلسلے میں تمام ضروری اقدامات اٹھائے جانے چاہئیں۔

    ریپبلکن اراکین ایران کے حملے پر سیخ پا، بائیڈن حکومت سے ایران پر حملہ کرنے کا مطالبہ

    یاد رہے کہ اس سے قبل جنوبی کوریا کی وزارت خارجہ نے اسرائیل اور لبنان میں اپنے شہریوں پر زور دیا تھا کہ وہ فوری طور پر کسی بھی دستیاب ذرائع سے وہاں سے نکل جائیں۔

    2023 کے سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اسرائیل میں 572 جنوبی کوریائی باشندے تھے، جن میں مستقل رہائشی اور اسرائیلی پاسپورٹ رکھنے والے شامل ہیں، جب کہ 214 لبنان میں تھے۔

    واضح رہے کہ اسرائیلی فورسز کی جانب سے لبنان بھر میں فضائی حملے جاری ہیں، گزشتہ رات کے فضائی حملوں کے بعد آج تازہ ترین حملے میں بیروت کے گنجان آباد جنوبی مضافاتی علاقوں کو اسرائیلی طیاروں نے نشانہ بنایا، لبنانی وزارت صحت کے مطابق 17 ستمبر سے اسرائیلی حملوں میں 1,000 سے زائد افراد جاں بحق ہو چکے ہیں، جن میں تقریباً ایک چوتھائی خواتین اور بچے ہیں، اور لاکھوں لوگ اپنے گھروں کو چھوڑ کر ساحلوں اور سڑکوں پر سو رہے ہیں۔

  • جنوبی کوریا: ہوٹل میں آتشزدگی سے 7 افراد ہلاک متعدد زخمی

    جنوبی کوریا: ہوٹل میں آتشزدگی سے 7 افراد ہلاک متعدد زخمی

    جنوبی کوریا میں ایک ہوٹل میں آتشزدگی کے نتیجے میں 7 افراد ہلاک اور 12 زخمی ہوگئے۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق آگ دارالحکومت سیول کے جنوبی علاقے میں واقع  9 منزلہ گرینڈ پیلس ہوٹل کی آٹھویں منزل پر لگی۔

    فائر فائٹرز کے 70 ٹرک اور 160 فائر فائٹرز نے 44 افراد کو نکلا جبکہ 100 افراد اپنی مدد آپ بحفاظت نکلنے میں کامیاب ہوئے۔

    حکام کا کہنا ہے کہ آگ کیسے لگی تاحال تعین نہیں ہوسکا تاہم اس کی تحقیقات کی جائیں گی۔

  • جنوبی کوریا بیٹری فیکٹری میں آگ کیسے لگی؟ ہولناک ویڈیو سامنے آ گئی

    جنوبی کوریا بیٹری فیکٹری میں آگ کیسے لگی؟ ہولناک ویڈیو سامنے آ گئی

    سیئول: جنوبی کوریا کی لیتھیم بیٹری کی ایک فیکٹری میں خوفناک آگ لگنے سے چند لمحے قبل کی ایک ویڈیو سامنے آ گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق جنوبی کوریا کے دارالحکومت میں بیٹریاں بنانے والی فیکٹری میں آگ لگنے کی ویڈیو سامنے آ گئی ہے، آگ نے دیکھتے ہی دیکھتے پوری فیکٹری کو اپنی لپیٹ میں لے لیا تھا۔

    ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ بیٹریوں کے ایک ڈھیر سے پہلے دھواں بلند ہوا، جس پر پاس ہی موجود ورکر نے فوری آگ بجھانے والے آلے کی مدد سے اسے قابو کرنے کی کوشش کی، تاہم دیکھتے ہی دیکھتے آگ نے آس پاس رکھی ساری بیٹریوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا اور بے قابو ہو گئی۔

    فیکٹری میں لیتھیم بیٹریز بنائی جاتی تھیں، جو انتہائی آتش گیر ہوتی ہیں، آتش زدگی کے نتیجے میں 23 ملازمین جھلس کر ہلاک ہو گئے تھے، جن میں زیادہ چینی تھے۔

  • جنوبی کوریا میں لیتھیم بیٹریاں پھٹنے سے 18 چینیوں سمیت 22 ہلاک

    جنوبی کوریا میں لیتھیم بیٹریاں پھٹنے سے 18 چینیوں سمیت 22 ہلاک

    سیئول: جنوبی کوریا میں لیتھیم بیٹری کی فیکٹری میں بیٹریاں پھٹنے سے ہونے والی آتش زدگی کے باعث 18 چینیوں سمیت 22 افراد ہلاک ہو گئے۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق جنوبی کوریا کے شہر ہواسیونگ میں پیر کی صبح لیتھیم بیٹری فیکٹری میں خوف ناک آتش زدگی کے نتیجے میں بائیس ملازمین بری طرح جھلس کر ہلاک جب کہ متعدد کی حالت غیر ہو گئی ہے۔

    مقامی میڈیا کے مطابق آگ فیکٹری کے گودام میں لگی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے پوری فیکٹری کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ فائر بریگیڈ کے عملے نے 4 گھنٹوں کی مشقت کے بعد آگ پر قابو پایا، تاہم جائے وقوعہ کی ویڈیو میں عمارت سے دھواں بدستور اٹھتا دکھائی دیا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا کہ آگ گودام کے اندر بیٹری سیلز کے پھٹنے سے لگی، اس گوادم میں تقریباً 35 ہزار بیٹریاں رکھی ہوئی تھیں، تاہم بیٹری پھٹنے کی وجہ ابھی سامنے نہیں آئی، واقعے کی تحقیقات کے لیے انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے۔

    فائر حکام کے مطابق مرنے والوں میں 18 چینی، ایک لاؤشین اور 2 جنوبی کوریائی کارکن شامل ہیں۔ زیادہ تر لاشیں بری طرح جل چکی ہیں اس لیے ہر ایک کی شناخت میں کچھ وقت لگے گا۔

    واضح رہے کہ جنوبی کوریا لیتھیم بیٹریاں بنانے والا ایک بڑا ملک ہے، یہ بیٹریاں الیکٹرک گاڑیوں سے لے کر لیپ ٹاپ تک بہت سی اشیا میں استعمال ہوتی ہیں۔

  • ہر بچے کی پیدائش پر ماہانہ 5 لاکھ روپے دینے کا اعلان

    ہر بچے کی پیدائش پر ماہانہ 5 لاکھ روپے دینے کا اعلان

    جنوبی کوریا میں حکومت کم ترین شرح پیدائش کے مسئلے کے حل کے لیے کروڑوں ڈالرز خرچ کرنے کے لیے تیار ہے۔

    کوریا ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق جنوبی کوریا کی وزارت خزانہ نے بچوں کی شرح پیدائش میں اضافے کے غرض سے والدین کی حوصلہ افزائی کرنے کا منصوبہ بنایا ہے جس کے تحت انہیں ایک بڑے معاوضے کی پیش کش کی گئی ہے۔

    اس حوالے سے مقامی ذرائع ابلاغ کا کہنا ہے کہ جنوبی کوریا اس وقت دُنیا میں سب سے کم شرح پیدائش رکھنے والا ملک ہے اور کمی کو پورا کرنے کیلئے مذکورہ منصوبہ شروع کیا گیا ہے۔

    گزشتہ روز وزارت خزانی کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ اس سے قبل فی بچے کی پیدائش پر دیے جانے ماہانہ معاوضہ 1.5 ملین وان سے بڑھا کر 2.5 ملین وان کیا جا رہا ہے۔

    South Korea

    امریکی کرنسی میں یہ رقم 1,809 ڈالر کے برابر ہے جبکہ پاکستانی کرنسی میں یہ رقم 5لاکھ ایک ہزار 3سو روپے بنتی ہے۔

    بیان میں کہا گیا ہے کہ بچے کی پیدائش کے ایام میں اگر والدین کسی بچے کی دیکھ بھال کے لیے عارضی طور پر اپنی ملازمت چھوڑتے ہیں یا چھٹی لیتے ہیں تو انہیں یہ رقم انہیں معاضے کے طور پر دی جائے گی۔

    اس کے علاوہ حکومت بچوں کی دیکھ بھال کیلیے کی جانے والی والدین کی چھٹی کی مدت کو موجودہ 12 ماہ سے بڑھا کر 18 ماہ کردے گی۔

    یہ منصوبہ ان اقدامات میں شامل ہے جس میں ہاؤسنگ لون کی سہولت فراہم کرنا، بچوں کی تعداد میں اضافہ اور سستی ابتدائی تعلیم شامل ہے۔

    یہ شرح پیدائش میں کمی کو روکنے کے لیے تیار کیے جا رہے ہیں، غیر ملکی خبر رساں اداروں کی رپورٹ کے مطابق جنوبی کوریا میں گذشتہ برس شرح پیدائش 0.72 کی ریکارڈ سطح تک پہنچ گئی تھی۔

    صدر یون سک یول نے بدھ کو اس مسئلے پربات کرنے کے لیے ایک اجلاس طلب کیا تھا جس سے ملک کی عمر بڑھنے کے عمل کو تیز کرنے اور پیداواری صلاحیت اور مالی صحت کو نقصان پہنچنے کا خطرہ ہے۔

    اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ جنوبی کوریا کی سکڑتی ہوئی آبادی کی وجہ سے ملک کو "قومی ہنگامی صورتحال” کا سامنا ہے۔

    بچوں کی پیدائش کے لیے نوجوانوں کی ہچکچاہٹ پر متعدد عوامل کو قرار دیا جاتا ہے۔ اس میں رہائش کے زیادہ اخراجات اور مسابقتی تعلیم کا منظرنامہ شامل ہے۔

    واضح رہے کہ جنوبی کوریا حکومت شرح پیدائش بڑھانے کی کوششوں پر اب تک کئی ارب ڈالر خرچ کرچکی ہے، تاہم اس کے مطلوبہ نتائج حاصل نہ ہوسکےاور اب تک بہت کم کامیابی ملی ہے۔

  • شمالی کوریا نے کچرے سے بھرے مزید  600 غبارے جنوبی کوریا بھیج دیے

    شمالی کوریا نے کچرے سے بھرے مزید 600 غبارے جنوبی کوریا بھیج دیے

    شمالی کوریا کی جانب سے جنوبی کوریا میں کچرے سے بھرے غبارے بھیجنے کا سلسلہ جاری ہے، شمالی کوریا نے مزید 600 غبارے جنوبی کوریا بھیج  دئیے۔

    جنوبی کوریا کے دارالحکومت سیئول میں سڑکوں پر کوڑا بکھرا دیکھ کر شہری پریشان ہوگئے، انتظامیہ نے متاثرہ مقامات پر فوج اور کیمیائی اور بائیولوجیکل تفتیشی ٹیمیں بھی تعینات کردیں۔

    غباروں میں سگریٹ کے ٹکڑے، کپڑا اور پلاسٹک ملا ہے، شمالی کوریا کا کہنا ہے یہ اقدام جنوبی کوریا کی کارروائیوں کے جواب میں کیا گیا ہے۔

    واضح رہے کہ 1950 کی دہائی میں کوریائی جنگ کے بعد سے شمالی اور جنوبی کوریا دونوں اپنی پروپیگنڈا مہموں میں غبارے کا استعمال کرتے آئے ہیں۔

    1953 میں جنگ کے خاتمے کے بعد سے دونوں ممالک کے مابین کوئی امن معاہدہ نہیں ہوا لہذا تکنیکی طور پر دونوں ملک ابھی تک حالت جنگ میں ہیں۔

     

    ماضی میں بھی شمالی کوریا نے جنوبی کوریا کی طرف غبارے چھوڑے ہیں جن میں جنوبی کوریا کے رہنماؤں کے خلاف مواد شامل تھا۔ 2016 میں بھیجے گئے غباروں میں مبینہ طور پر ٹوائلٹ پیپر، سگریٹ کے ٹکرے اور کوڑا کرکٹ شامل تھے۔ سیول پولیس نے اسے ’خطرناک بائیو کیمیکل مواد‘ قرار دیا تھا۔

     

  • بچے کی پیدائش پر والدین کو ہزاروں ڈالر ملیں گے

    بچے کی پیدائش پر والدین کو ہزاروں ڈالر ملیں گے

    سیئول: کم شرح پیدائش سے پریشان جنوبی کوریا بچوں کی پیدائش پر والدین کے لیے ہزاروں ڈالر انعام دینے کے منصوبے کی تیاری کر رہا ہے۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق جنوبی کوریا میں گرتی ہوئی شرح پیدائش بڑھانے کے لیے حکومت کی جانب سے اس بات پر غور ہو رہا ہے کہ بچے کے پیدا ہونے پر والدین کو 10 کروڑ کوریائی وان (77 ہزار ڈالر یا دو کروڑ پاکستانی روپے) کی رقم دی جائے۔

    اس سلسلے میں جنوبی کوریا کے اینٹی کرپشن اور سول رائٹس کمیشن نے عوامی رائے جاننے کے لیے ایک سروے کا آغاز کیا ہے، جس کے ذریعے ملک میں شرح پیدائش کے فروغ کی پالیسیوں کا از سر نو جائزہ لیا جائے گا، تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ آیا براہ راست مالی امداد اس مسئلے کا مؤثر حل ہو سکتا ہے یا نہیں۔

    آن لائن سروے میں 4 سوالات پوچھے گئے: کیا اس طرح کی مالی امداد بچے پیدا کرنے کی ترغیب دے گی اور کیا وہ سمجھتے ہیں کہ اس پروگرام پر سالانہ 22 ٹریلین وان خرچ کرنا قابل قبول ہے۔

    روئٹرز نے دو ماہ قبل فروری میں ایک رپورٹ میں کہا تھا کہ جنوبی کوریا میں شرح پیدائش پہلے ہی دنیا کی سب سے کم ہے، تاہم 2023 میں اس میں ڈرامائی کمی آئی، اس کی وجہ یہ بیان کی جا رہی ہے کہ کوریائی خواتین اپنے کیریئر کی ترقی اور بچوں کی پرورش کے مالی اخراجات کے بارے میں فکر مند رہتی ہیں، اس لیے وہ بچے کی پیدائش میں تاخیر یا بچے پیدا نہ کرنے کا فیصلہ کرتی ہیں۔

    حکام کے اعداد و شمار کے مطابق ایک جنوبی کوریائی خاتون کی اپنی زندگی کے دوران پیدا ہونے والے بچوں کی اوسط تعداد 2022 میں 0.78 سے بھی کم ہو کر 0.72 رہ گئی ہے، اور ایک اندازے کے مطابق یہ اور بھی گر کر 2024 میں 0.68 رہ جائے گی۔

  • جنوبی کوریا میں ڈاکٹروں نے ہڑتال کردی، آپریشنز ملتوی

    جنوبی کوریا میں ڈاکٹروں نے ہڑتال کردی، آپریشنز ملتوی

    جنوبی کوریا میں ڈاکٹروں نے محکمہ صحت میں مجوزہ اصلاحات کے خلاف ہڑتال کردی ہے جس کے باعث سیکشنز اور کینسر کے آپریشنز ملتوی کر دیے گئے۔

    غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق سیول کی سیکنڈ نائب وزیر صحت پارک من سو کا کہنا ہے کہ 8800 سے زیادہ جونیئر ڈاکٹرز اور 71 فیصد ٹرینی افرادی قوت نے استعفیٰ دیا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ بڑی تعداد میں استعفوں کے باعث میڈیکل اسکولوں میں داخلوں میں تیزی سے اضافہ کرنے کے حکومتی منصوبوں کے خلاف بڑھتے ہوئے احتجاج کا حصہ ہے۔

    حکومت کی جانب سے کہا گیا ہے کہ ملک میں تیزی سے بڑھتی ہوئی آبادی اور ڈاکٹروں کی کم تعداد کے پیش نظر یہ اصلاحات ناگزیر ہیں۔

    ڈاکٹروں کی جانب سے کہا جارہا ہے کہ ان تبدیلیوں سے شعبہ صحت میں خدمات کی فراہمی اور تعلیم کے معیار کو نقصان پہنچے گا۔ ناقدین کہتے ہیں کہ ڈاکٹر تشویش میں مبتلا ہیں کہ حکومت کی ایسی اصلاحات سے ان کی سماجی حیثیت کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔

    ڈاکٹروں کی ہڑتال جنوبی کوریا کے قانون کی خلاف ورزی ہے کیونکہ طبی کارکنان بغیر کسی معقول وجہ کے ورک آرڈر پر واپسی سے انکار نہیں کر سکتے۔

    ’غزہ میں لوگ 3 ہفتوں سے جانوروں کی خوراک کھا رہے ہیں‘

    نائب وزیر صحت کا کہنا ہے کہ حکومت نے بہت سے ڈاکٹروں کو ہسپتالوں میں واپس آنے کا حکم دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ طبی شعبہ سے منسلک افراد کا بنیادی کام عوام کی صحت اور زندگیوں کی حفاظت کرنا ہے۔

  • جنوبی کوریا میں انڈر پاس سے نکالی گئی لاشوں کی تعداد 13 ہو گئی

    جنوبی کوریا میں انڈر پاس سے نکالی گئی لاشوں کی تعداد 13 ہو گئی

    سیئول: شدید بارشوں اور سیلاب کی زد پر آئے ہوئے مشرقی ایشیائی ملک جنوبی کوریا میں ایک انڈر پاس سے نکالی گئی لاشوں کی تعداد 13 ہو گئی ہے۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق جنوبی کوریا میں جاری شدید بارشوں نے تباہی مچا دی ہے، سیلابی پانی سے بھرے انڈر پاس سے تیرہ افراد کی لاشیں نکالی جا چکی ہیں۔

    مقامی حکام کا کہنا ہے کہ ہفتے کی شام کو دریا کا بند ٹوٹنے کی وجہ سے 685 میٹر طویل انڈر پاس میں سیلاب امڈ آیا تھا جس کی وجہ سے 15 گاڑیاں اس میں بہہ کر ڈوب گئی تھیں۔ مقامی حکام کے مطابق یہ انڈر پاس محض دو یا تین منٹ میں پانی سے بھر گیا تھا، اور تقریباً 900 ریسکیو اہلکاروں نے غوطہ خوروں سمیت ڈوبنے والوں کو تلاش کرنے کے آپریشن میں حصہ لیا۔

    جنوبی کوریا میں لینڈ سلائیڈنگ اور مختلف حادثات میں آج پیر تک ہلاک افراد کی تعداد 40 ہو گئی ہے جب کہ 10 افراد لاپتا بتائے جا رہے ہیں۔ واضح رہے کہ جنوبی کوریا میں گزشتہ 5 روز سے مسلسل بارشوں کو سلسلہ جاری ہے، اور بارش سے متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں بھی جاری ہیں۔

    ملک کے صدر یُون سُک یئول نے سیلاب سے متاثرہ شمالی گیونگسانگ صوبے کے دورے پر نکلتے ہوئے کہا کہ اس قسم کے سخت موسمی واقعات اب معمول بن جائیں گے، ہمیں اس موسمیاتی حقیقت کو اب قبول کرنا چاہیے، اور اس سے نمٹنے کے لیے اقدامات کرنے چاہیئں۔

  • پرواز کے دوران مسافر نے طیارے کا دروازہ کھول دیا، خوفناک ویڈیو

    پرواز کے دوران مسافر نے طیارے کا دروازہ کھول دیا، خوفناک ویڈیو

    سیئول: جنوبی کوریا میں فضا میں بلند ایک طیارے میں مسافر نے دروازہ کھول دیا جس کے بعد مسافر ہوا کے خوفناک جھکڑوں کی زد میں آگئے، واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے۔

    بین الاقوامی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ جنوبی کوریا کے جنوبی جزیرے جیجو سے جنوب مشرقی شہر ڈائیگو جانے والی ایشیانا ایئر کی پرواز میں پیش آیا۔

    ایئر لائن اور سرکاری حکام کا کہنا ہے کہ ایمرجنسی ایگزٹ کے پاس بیٹھے ایک مسافر نے ایک لیور کھینچا جس سے دروازہ کھل گیا، اس وقت طیارہ زمین سے تقریباً 200 میٹر (656 فٹ) بلندی پر تھا اور لینڈنگ کی تیاری کر رہا تھا۔

    بعد ازاں طیارہ کامیابی سے منزل مقصود پر لینڈ کرگیا، طیارے کے لینڈ کرتے ہی دروازہ کھولنے والے مسافر کو حراست میں لے لیا گیا۔

    سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ طیارے کا دروازہ کھلا ہے اور ہوا کے جھکڑوں سے مسافر خوفزدہ ہیں۔

    طیارے میں 194 افراد سوار تھے جن میں کچھ کھلاڑی بھی تھے جو ٹریک اینڈ فیلڈ مقابلوں میں حصہ لینے کے لیے مشرقی شہر السان جا رہے تھے۔

    حکام کا کہنا ہے کہ واقعے میں 9 مسافر معمولی زخمی ہوئے جنہیں اسپتال منتقل کیا گیا، دیگر مسافر بے حد خوفزدہ تھے جنہیں ہر ممکن مدد فراہم کی گئی۔