Tag: Space Station

  • خلائی اسٹیشن میں روزے کیسے رکھیں؟

    ابوظبی: یو اے ای کے ایک خلا باز کے رمضان کے دوران مشن پر جانے کے ساتھ ہی یہ سوال سامنے آیا ہے کہ کیا خلائی اسٹیشن پر وہ روزے رکھیں گے؟

    اس کے ساتھ ہی عام لوگوں کے ذہن میں بھی یہ سوال ابھرا ہے کہ خلائی اسٹیشن پر روزے کیسے رکھیں جائیں گے، تاہم خلاباز سلطان النیادی کا جواب اس سلسلے میں معاملے کی بہ خوبی وضاحت کر دیتا ہے۔

    خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق متحدہ عرب امارات کے 41 سالہ خلاباز سلطان النیادی متحدہ عرب امارات کے پہلے خلاباز ہوں گے جو 6 ماہ بین الاقوامی خلائی اسٹیشن میں گزاریں گے، وہ اگلے ماہ اسپیس ایکس فالکن 9 راکٹ کے ذریعے خلائی اسٹیشن کو روانہ ہوں گے۔

    خلاباز سلطان النیادی سے جب پریس کانفرنس میں پوچھا گیا کہ وہ آنے والے رمضان میں روزے کیسے رکھیں گے تو انھوں جواب دیا کہ چوں کہ روزہ طلوع آفتاب سے پہلے سے لے کر غروبِ آفتاب تک ہوتا ہے تو اُن کے حالات استثنائی ہوں گے، یعنی وہ اپنے خلائی مشن کے دوران رمضان کے روزے رکھنے کی پابندی سے مستثنیٰ ہوں گے۔

    انھوں نے کہا کہ ’’میں حالت سفر میں ہوں گا، سفر کے دوران روزے چھوڑنے کی سہولت دی گئی ہے، مسافروں پر روزے کی پابندی لازم نہیں ہوتی۔‘‘

    واضح رہے کہ سلطان النیادی متحدہ عرب امارات کے دوسرے شہری ہوں گے جو خلا کا سفر کریں گے، ستمبر 2019 میں امارات کے خلاباز حزا المنصوری نے بین الاقوامی خلائی سٹیشن میں آٹھ دن گزارے تھے۔

    النیادی ناسا کے اسٹیفن بوئن، وارن ہوبرگ اور روس کے آندرے فیدیو 26 فروری کو مشن پر جائیں گے، جس کو ’اسپیس ایکس ڈریگن کریو سکس‘ کا نام دیا گیا ہے۔

  • خلا میں پہلی بار ہری مرچ اگانے کا کامیاب تجربہ، ویڈیو دیکھیں

    خلا میں پہلی بار ہری مرچ اگانے کا کامیاب تجربہ، ویڈیو دیکھیں

    خلا میں پہلی مرتبہ بین الاقوامی خلائی اسٹیشن میں مرچیں اگانے کا کامیاب تجربہ کیا گیا، یہ مرچیں مکمل طور پر تیار ہوچکی ہیں جس کا ذائقہ بہت ترش اور زمینی مرچوں جیسا ہی ہے۔

    آپ نے اب سے قبل ایلینز یعنی خلائی مخلوق کے بارے میں سنا ہوگا لیکن آج ہم آپ کو خلائی ہری مرچ کے بارے میں نہ صرف بتائیں گے بلکہ اس کی ویڈیو بھی دکھائیں گے۔

    اس حوالے سے عالمی خلائی اسٹیشن میں پہلی بار مرچیں اگانے کا تجربہ کیا گیا ہے، ان مرچوں کو وہاں رہنے والے خلاء نوردوں نے کھا کر دیکھا اور اس کا ذائقہ بھی بہترین قرار دیا۔

    امریکی خلائی تحقیقی ادارے "ناسا” کے منصوبے "ہیبی ٹیٹ 4” کے تحت زمین سے مرچوں کے بیج اس سال جون میں عالمی خلائی اسٹیشن (آئی ایس ایس) پہنچائے گئے تھے جہاں ایک خصوصی تجربہ گاہ میں انہیں اُگایا گیا۔

    چند روز بعد ان بیجوں سے پودے نکل آئے جو اگلے دو ماہ میں خاصے بڑے ہو کر اس قابل بھی ہوگئے کہ ان میں مرچیں اُگنے لگیں۔ بالآخر پچھلے مہینے یعنی اکتوبر2021 میں یہ سرخ اور سبز مرچیں بھی اتنی بڑی ہو گئیں کہ کھائی جاسکیں۔

    یہ مرچیں استعمال کرتے ہوئے امریکی خلا نورد میگن مک آرتھر نے خلائی اسٹیشن پر موجود سارے عملے کے لیے میکسیکو کے روایتی "ٹاکوز” تیار کیے، یہ عربی "شوارما” جیسے دکھائی دیتے ہیں۔

    ٹاکوز کی یہ خلائی دعوت پچھلے جمعے کو ہوئی جس کے بعد خلائی اسٹیشن کے عملے سے ان مرچوں کے ذائقے اور دوسری خصوصیات کے بارے میں ایک سروے فارم بھروایا گیا۔

    میگن نے اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ سب لوگوں کو ان خلائی مرچوں کا ذائقہ بہت پسند آیا، باقی بچی ہوئی "خلائی مرچیں” محفوظ کرلی گئی ہیں جنہیں تحقیق کے لیے زمین پر واپس پہنچایا جائے گا۔

  • خلائی اسٹیشن کی تعمیر کے لئے چین کا ایک اور تاریخی اقدام

    خلائی اسٹیشن کی تعمیر کے لئے چین کا ایک اور تاریخی اقدام

    بیجنگ: چین نے خلائی اسٹیشن کی تعمیر کیلئے خلا بازوں کا ناموں کا اعلان کردیا ہے۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق چائنہ انسان بردار خلائی ایجنسی(سی ایم ایس اے) کے ڈائریکٹر اسسٹنٹ جی چھی مِنگ نے ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ چین کے خلائی اسٹیشن کی تعمیر کے دوران پہلا انسان بردار مشن روانہ ہوگا جو مدار میں تین ماہ کیلئے قیام کرے گا۔

    چینی خلاباز نے ہائی شینگ اس مشن کی قیادت کرینگے جبکہ لیو بومِنگ اور ٹانگ ہونگ بوشین ژو-12 کے اس مشن میں شامل ہونگے، ان تینوں خلابازوں میں ہائی شینگ سب سے زیادہ تجربہ کار ہیں جوکہ دو ہزار پانچ میں شین ژو-6 اور دوہزار تیرہ میں شین ژو-10مشن کا حصہ تھے۔

    میڈیا رپورٹ کے مطابق لیو بومِنگ کی کی خلا میں یہ دوسری پروازہوگی، اس سے قبل انہوں نے دوہزار آٹھ میں شین ژو-7مشن میں حصہ لیاتھا جس کی خصوصیت خلا میں نمایاں چہل قدمی تھی۔

    ٹانگ ہونگ پہلی مر تبہ خلا میں جا ئیں گے،وہ دو ہزار دس میں چینی خلا بازوں کے دوسرے دستے کے رکن بنے تھے۔

    میڈیا رپورٹ کے مطابق ژائی ژی گانگ،وانگ یاپھِنگ اور یے گوانگ فو متبادل عملہ ہوں گے۔

    یاد رہے کہ رواں سال اپریل میں چین نے خلا میں اپنے ایک علیحدہ اسٹیشن کی تعمیر کے لیے تاریخی قدم اٹھاتے ہوئے اپنا اولین ماڈیول خلا کی طرف روانہ کیا تھا۔

    واضح رہے کہ خلا میں اس وقت ‘انٹرنیشنل اسپیس اسٹیشن’ قائم ہے جس میں چین کا کوئی حصہ نہیں ہے، یہ اسٹیشن امریکا، جاپان، کینیڈا، روس، اور یورپ کی خلائی ایجنسیوں نے مل کر تیار کیا ہے۔ ممکنہ طور پر چین کا نیا خلائی اسٹیشن خلا میں انٹرنیشنل اسٹیشن کی اجارہ داری ختم کرسکتا ہے۔

  • روسی سائنسدانوں نے نئے مشن پر کام شروع کردیا

    روسی سائنسدانوں نے نئے مشن پر کام شروع کردیا

    ماسکو : روس کی راکٹ اور خلائی کارپوریشن انرجیہ نے ایک نئے کثیر المقاصد خلائی اسٹیشن کی تیاری پر کام شروع کردیا ہے جو بغیر پائلٹ کے تین سے سات ماڈیولز پر مشتمل ہوگا۔

    اس حوالے سے روس کی ریاستی خلائی کارپوریشن روسکوسموس نے کہا ہے کہ وہ اگلے برس کے اوائل میں ناسا کے ساتھ آئی ایس ایس کی آپریشنل عمر کے بارے میں تبادلہ خیال کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔

    انرجیہ کے پہلے نائب جنرل ڈیزائنر ولادی میر سولووف کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ یہ خلائی اسٹیشن میں بغیر پائلٹ کے تین سے سات ماڈیولز پر مشتمل ہوگا یا دو سے چار افراد کے عملے کے ساتھ شامل ہوگا۔

    خلائی معاملات پر روسی اکیڈمی آف سائنسز کی ایک کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سولووف نے بین الاقوامی خلائی اسٹیشن (آئی ایس ایس) کی عدم کارکردگی کے بارے میں تشویش کا اظہار کیا۔

    سولووف جو آئی ایس ایس روس کے فلائٹ ڈائریکٹر بھی ہیں نے کہا کہ اس اسٹیشن میں 2025 تک کام ہوسکتا ہے اور اس کی دیکھ بھال پر10-15 بلین روبل (132۔198 ملین ڈالر) خرچ ہوسکتے ہیں۔

    کارپوریشن فی الحال ایک نیا قومی خلائی اسٹیشن بنانے کے بارے میں انرجیہ سے تجاویز کا انتظار کر رہی ہے، جس پر پہلے روسکوسموس سائنسی اور تکنیکی کونسل میں غور کیا جائے گا اور پھر حکومت کو رپورٹ دی جائے گی۔

  • ٹام کروز خلا میں فلم کی شوٹنگ کریں گے

    ٹام کروز خلا میں فلم کی شوٹنگ کریں گے

    ہالی ووڈ کے معروف اداکار ٹام کروز اپنی فلم کی شوٹنگ کے لیے خلا میں جائیں گے، امریکی خلائی ادارے ناسا نے پروجیکٹ کی تصدیق کردی ہے۔

    امریکی خلائی ادارے ناسا کے ایڈمنسٹریٹر جم برائیڈنسٹائن نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ ناسا زمین کے مدار کے باہر بین الاقوامی خلائی اسٹیشن (اسپیس اسٹیشن) پر ٹام کروز کے ساتھ فلم کی شوٹنگ کرنے کے لیے پرجوش ہے۔

    انہوں نے کہا کہ اس طرح کے مقبول میڈیم کے ذریعے انجینیئرز اور سائنسدانوں کی نئی نسل ناسا کے منصوبوں کو حقیقت میں بدلنے کے لیے متاثر ہوگی۔

    مذکورہ فلم کے بارے میں تاحال کہیں سے کوئی تفصیلات موصول نہیں ہوئیں تاہم ایک امریکی اخبار کا کہنا ہے کہ آٹو کمپنی ٹیسلا اور راکٹ کمپنی اسپیس ایکس کے سربراہ ایلن مسک بھی اس منصوبے میں شامل ہوں گے۔

    تینوں کمپنیوں اور ٹام کروز کی ٹیم نے اس بارے میں کوئی تفصیلات فراہم نہیں کیں۔

    خیال رہے کہ بین الاقوامی خلائی اسٹیشن (انٹرنیشنل اسپیس اسٹیشن) زمین کے محور سے 408 کلو میٹر باہر زمین کے گرد چکر لگا رہا ہے، اگر ٹام کروز خلائی اسٹیشن کے لیے روانہ ہوتے ہیں تو وہ راکٹ پر زمین کے مدار سے باہر سفر کریں گے۔

    دوسری جانب ناسا نے فیصلہ کیا ہے کہ اسپیس اسٹیشن کو تحقیق کے علاوہ اب تجارتی مقاصد کے لیے بھی کھولا جائے گا۔

    اس سے قبل سنہ 2002 میں آئی میکس نامی ایک دستاویزی فلم اور سنہ 2012 میں سائنس فکشن فلم اپوجی آف فیئر بھی خلائی اسٹیشن پر جا کر فلمائی گئی تھی۔