Tag: Spain

  • اسپین نے نیٹو دفاعی اخراجات میں 5 فیصد اضافہ مسترد کر دیا

    اسپین نے نیٹو دفاعی اخراجات میں 5 فیصد اضافہ مسترد کر دیا

    اسپین کے وزیرِاعظم نے نیٹو دفاعی اخراجات میں 5 فیصد اضافے کو یہ کہہ کر مسترد کردیا کہ اس اضافے سے یورپی یونین کی بنیادی دفاعی کوششوں کو نقصان پہنچنے کا اندیشہ ہے۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق اسپین کے وزیر اعظم پیڈرو سانچیز نے نیٹو سیکریٹری جنرل مارک روٹ کو لکھے گئے خط میں مطالبہ کیا کہ دفاعی اتحاد نیٹو کو دفاعی اخراجات میں اضافے کے معاملے میں زیادہ آسان فریم ورک اپنانے کی ضرورت ہے۔

    رپورٹس کے مطابق خط میں یہ بھی مطالبہ کیا گیا کہ اسپین کو اپنے ہدف کو مقرر کرنے یا اس سے استثنیٰ کا اختیار دیا جائے۔

    سانچیز کا مزید کہنا تھا کہ 5 فیصد ہدف میں اضافہ ایک غیر معقول مطالبہ ہے، بلکہ اس حوالے سے کسی بھی مشترکہ حل تک پہنچنے کیلیے نیٹو کے تمام تر 32 ارکان سے منظوری لی جائے۔

    اُن کا کہنا تھا کہ ایک خود مختار اتحادی کے طور پر ہم اس آپشن کا انتخاب نہ کی صورت میں کرنا پسند کریں گے۔

    واضح رہے کہ اس سے قبل جرمن ڈیفنس چیف جنرل کارسٹن بریور کا بیان سامنے آیا تھا جس میں اُنہوں نے خدشہ ظاہر کیا تھا کہ اگلے 4 سال میں ممکنہ روسی حملے کی پیش نظر نیٹو کو تیار رہنا ہوگا۔

    جرمن ڈیفنس چیف جنرل کارسٹن بریور کا کہنا تھا کہ روس سیکڑوں ٹینک ہر سال تیار کررہا ہے جن میں بہت سے بحر بالٹک کے نیٹو ممالک کے خلاف 2029ء میں استعمال ہوسکتے ہیں۔

    جنرل کارسٹن بریور نے امکان ظاہر کیا ہے کہ نیٹو اتحاد ہنگری اور سلواکیا کے اختلافات کے باوجود اکٹھا ہے۔

    جنرل کارسٹن بریور کا مزید کہنا تھا کہ روس 152 ملی میٹر توپ کے لاکھوں گولے 2024ء میں تیار کر چکا ہے، یقیناً وہ سب یوکرین کے لیے تو نہیں ہیں۔

    نیٹو کا ساتھ دینے کا مقصد یہ نہیں کہ جنگوں کے لیے فنڈنگ کریں، امریکا

    اُن کا کہنا تھا کہ نیٹو کے روس سے خطرے کی نوعیت سنجیدہ ہے، جو آج سے 40 سال پہلے نہ تھی۔ روس ہر سال 1 ہزار 500 ٹینک تیار کر رہا ہے، اب ہر ٹینک یوکرین جنگ کا حصہ تو نہیں بن سکتا۔

  • اسپین گولڈن ویزا کیسے حاصل کیا جاسکتا ہے؟

    اسپین گولڈن ویزا کیسے حاصل کیا جاسکتا ہے؟

    اسپین حکومت نے اپریل 2025 میں اسپین گولڈن ویزا پروگرام کو باضابطہ طور پر ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے، نئے قانون کے تحت یہ فیصلہ سرکاری گزٹ میں اشاعت کے تین ماہ بعد مؤثر یا نافذ العمل ہوگا۔

    شینگن نیوز کے مطابق مذکورہ پروگرام کو ختم کرنے کے فیصلے کا اعلان 3 جنوری 2025 کو اسپین کے آفیشل اسٹیٹ گزٹ (بی او ای) میں شائع ہوا جس میں اس پروگرام کے خاتمے کی باقاعدہ تصدیق کی گئی تھی۔

    نئے قانون کے مطابق غیر یورپی یونین کے سرمایہ کار 3 اپریل 2025 تک 5 لاکھ یورو یا اس سے زیادہ مالیت کی پراپرٹی خرید کر اسپین گولڈن ویزا حاصل یا مذکورہ اسکیم کی دیگر متبادل سہولیات کا انتخاب کرسکیں گے۔

    رپورٹ کے مطابق اپریل 2024 میں اسپین حکام نے گولڈن ویزا پروگرام کے خاتمے کا منصوبہ پیش کیا، جن میں اسپین کے وزیراعظم، پیڈرو سانچیز نے زور دیا کہ ان کی حکومت وہ تمام تر ضروری اقدامات کرے گی تاکہ رہائش صرف سرمایہ کاری کا ذریعہ نہ بنے بلکہ ایک حق کے طور پر بھی میسر ہو۔

    یاد رہے کہ اسپین نے گولڈن ویزا پروگرام ختم کرنے کا فیصلہ ملک میں جاری رہائشی بحران سے بہتر طریقے سے نمٹنے کے لیے کیا ہے۔

    سال 2013میں شروع کیے گئے اسپین گولڈن ویزا پروگرام  نے ملکی معیشت میں بڑا حصہ ڈالا تھا۔ سال 2024کے ابتدائی دس ماہ میں اسپین کے حکام نے کل 780 گولڈن ویزے جاری کیے، جہاں ہر درخواست گزار کی اوسط سرمایہ کاری 6 لاکھ 57 ہزار 204یورو تھی۔

  • 2024: رواں سال کتنے ہزار تارکین وطن سمندر میں ڈوب گئے؟‌ ہوشربا رپورٹ

    2024: رواں سال کتنے ہزار تارکین وطن سمندر میں ڈوب گئے؟‌ ہوشربا رپورٹ

    سال 2024 میں اسپین جانے کی کوشش کرنے والے 10ہزار سے زائد تارکین وطن سمندر کی بے رحم موجوں کی نذر ہوگئے۔

    اے آر وائی نیوز کے پروگرام سوال یہ ہے میں میزبان ماریہ میمن نے بتایا کہ بہتر زندگی کی تلاش میں سمندری اور زمینی راستوں سے اسپین جانے کی کوشش میں 10ہزار سے زائد تارکین وطن اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے۔

    تارکین وطن کے حقوق کے لیے کام کرنے والے ہسپانوی گروپ کیمینانڈو فرنتیراس نے اپنی تازہ ترین رپورٹ میں بتایا ہے کہ رواں سال کشتیوں سے اسپین پہنچنے کی کوشش میں روزانہ 30 افراد ہلاک ہوئے۔

    ہسپانوی گروپ کے مطابق گزشتہ سال کے مقابلے میں ہلاکتوں میں 58 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ ان کا کہنا ہے کہ پر خطر راستوں کے علاوہ ہلکی ساخت کی کشتیوں کا استعمال اور ریسکیو کے کام میں وسائل کی کمی بھی ہلاکتوں کا باعث ہیں۔

    رپورٹ کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں اکثریت کا تعلق افریقی ممالک سے ہے، جبکہ دیگر تارکین وطن پاکستان سمیت دنیا کے 28 ممالک سے تعلق رکھتے ہیں۔

    حالیہ سالوں میں پاکستان سے ہزاروں نوجوان بہتر مستقل کی تلاش میں یورپ کا رخ کرتے رہے ہیں اور بہت سے واقعات میں کئی افراد کی ہلاکتیں بھی ہوئیں ہیں۔

    حال ہی میں یونان کشتی حادثے میں 13 سالہ محمد عابد سمیت 5 افراد کی ہلاکتوں کی تصدیق ہوئی ہے، جبکہ لاپتہ ہونے والے پاکستانیک شہریوں کی اصل تعداد کا تو علم نہیں تاہم یہ تعداد درجنوں میں ہو سکتی ہے۔

  • اسپین نے غیر ملکی تارکین وطن کو خوشخبری سنادی

    اسپین نے غیر ملکی تارکین وطن کو خوشخبری سنادی

    اسپین کی حکومت نے آئندہ تین برسوں کے دوران ملک میں مقیم 3 لاکھ غیر قانونی تارکین وطن کو قانونی حیثیت دینے کا اعلان کیا ہے۔

    غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق حالیہ برسوں کے دوران دنیا کے کئی پسماندہ ممالک سے مہاجرین اور تارکین وطن بڑی تعداد میں اسپین پہنچی ہے۔

    رپورٹس کے مطابق اسپین میں پاکستانی تارکین وطن کی برادری میں رواں صدی کے اوائل سے اضافہ دیکھنے میں آیا اور اس وقت اسپین میں ڈیڑھ لاکھ کے قریب پاکستانی شہری موجود ہیں۔

    اسپینش حکومت کا یہ اعلان سامنے آنے کے بعد اس پروگرام سے ہزاروں کی تعداد میں پاکستانی فیضیاب ہوسکتے ہیں، خاص طور پر وہ جو مقامی سٹی کونسل میں دو سال سے رجسٹرڈ ہیں۔

    رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ ملک میں موجود غیر قانونی تارکین وطن کو قانونی حیثیت دینے کے عمل میں لوگوں کی سرگرمیوں اورکنڈکٹ کے ریکارڈ کا جائزہ لیا جائے گا۔

    اسپین میں جو پاکستانی موجود ہیں ان میں ہنر مند لوگ اور پیشہ وارانہ ماہرین دونوں شامل ہیں۔ زیادہ تر لوگ اسپین کی تعمیرات اور سروسز کے شعبوں سے وابستہ ہیں، ان میں بہت سے لوگ ویزوں پر آ کر یہاں سکونت اختیار کئے ہوئے ہیں۔

    ایس ساپ (اے سی ای ایس او پی) کے نام کی بہبود اور خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے کام کرنے والے تنظیم کی رہنما ڈاکٹر ہما جمشید کا کہنا ہے کہ تقریباً 20 ہزار پاکستانی قانونی دستاویز کے بغیر یہاں موجود ہیں۔

    پاکستانی کمیونٹی رہنماؤں کا کہنا ہے کہ اس اعلان کے بعد پاکستانی اسپین میں بہتر مستقبل کے لیے زیادہ بہتر مواقع حاصل کر سکیں گے۔

    فرانس کے بعد اسپین نے بھی اسرائیل پر بڑی پابندی لگادی

    ہسپانوی وزیر برائے مائیگریشن کے کا کہنا ہے کہ اسپین اس پروگرام کا آغاز اگلے سال مئی میں کرے گا، جو 2027تک جارہے گا۔

  • ذہنی معذور افراد کے ہوم کیئر میں آگ بھڑک اُٹھی، 10 جان سے گئے

    ذہنی معذور افراد کے ہوم کیئر میں آگ بھڑک اُٹھی، 10 جان سے گئے

    اسپین میں ذہنی معذور افراد کے ہوم کیئر میں اچانک خوفناک آگ بھڑک اُٹھی، جس کے نتیجے میں 10افراد لقمہ اجل بن گئے۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق اسپین کے ٹاؤن ولافرانکا ڈی ایبرو میں بزرگ افراد کیلئے ہوم کیئر قائم کیا گیا ہے، جہاں ذہنی طور پر معذور عمر رسیدہ افراد کا خیال رکھا جاتا ہے۔

    گزشتہ روز یہاں اچانک آگ بھڑک اٹھی جس کے باعث عمارت میں دھواں بھر گیا، بتایا جارہا ہے کہ ہوم کیئر میں 82 افراد رہائش پزیر تھے۔

    فائر بریگیڈ کا عملہ آگ کی اطلاع ملتے ہی فوری موقع پر پہنچ گیا جس نے آگ پر قابو پایا اور زخمیوں و لاشوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

    غیر ملکی میڈیا کا کہنا ہے کہ خوفناک آگ کے باعث 10افراد موقع پر ہی زندگی کی بازی ہار گئے، جبکہ 2 اسپتال میں زیر علاج ہیں جن میں سے ایک کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے

    بچوں کے وارڈ میں آگ لگنے سے 10 بچے زندہ جل گئے

    انتظامیہ کی جانب سے شک ظاہر کیا گیا ہے کہ آگ کمرے میں موجود گدے پر لگی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے دیگر کمروں کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا۔

  • اسپین کا بین الاقوامی برادری سے اسرائیل کو اسلحے کی فراہمی بند کرنے کا مطالبہ

    اسپین کا بین الاقوامی برادری سے اسرائیل کو اسلحے کی فراہمی بند کرنے کا مطالبہ

    میڈرڈ: اسپین نے بین الاقوامی برادری سے اسرائیل کو اسلحے کی فراہمی بند کرنے کا مطالبہ کر دیا ہے۔

    روئٹرز کے مطابق اسپین نے بین الاقوامی برادری سے اسرائیل کو اسلحہ کی فراہمی بند کرنے کا مطالبہ کیا ہے، اسپین کے وزیر اعظم پیڈرو سانچیز نے کہا کہ اسرائیل اسلحہ بین الاقوامی قانون کے خلاف غزہ میں جاری جنگ اور لبنان میں اقوام متحدہ کی امن فورس کے خلاف استعمال کر رہا ہے۔

    ہسپانوی وزیر اعظم پیڈرو سانچیز نے جمعہ کے روز لبنان میں اقوام متحدہ کی امن فوج کے خلاف اسرائیل کی مسلح افواج کے حملوں کی مذمت کی، اور بین الاقوامی برادری پر زور دیا کہ وہ اسرائیل کو ہتھیاروں کی فروخت بند کر دے۔

    اسرائیلی فورسز نے جمعہ کے روز جنوبی لبنان میں اقوام متحدہ کے امن دستوں کے زیر استعمال ایک آبزرویشن پوسٹ پر فائرنگ کی تھی، جس سے دو اہلکار زخمی ہو گئے تھے، اقوام متحدہ کے ایک ذریعے نے بتایا، مسلسل تیسرے دن امن دستوں نے اسرائیل کی جانب سے حزب اللہ کے خلاف جنگ کے دوران اپنی پوزیشنوں پر اسرائیلی فائرنگ کی اطلاع دی۔

    ہسپانوی وزارت دفاع نے جمعہ کو کہا کہ مشن کا حصہ بننے والے ہسپانوی فوجیوں میں سے کسی کو بھی نقصان نہیں پہنچا۔ اسپین نے لبنان میں 650 امن فوجی تعینات کیے ہیں اور ایک ہسپانوی جنرل اس مشن کی قیادت کر رہا ہے۔

    ویٹیکن میں پوپ فرانسس سے ملاقات کے بعد سانچیز نے کہا کہ اسپین نے اکتوبر 2023 میں اسرائیل کو ہتھیاروں کی فروخت روک دی تھی اور باقی دنیا پر زور دیا تھا کہ وہ خطے میں مزید کشیدگی کو روکنے کے لیے ایسا ہی کریں۔ انھوں نے کہا کہ میرے خیال میں مشرق وسطیٰ میں جو کچھ ہو رہا ہے اس کے پیش نظر یہ ضروری ہے کہ بین الاقوامی برادری اسرائیلی حکومت کو ہتھیاروں کی برآمد روک دے۔

  • جیک سپیرو نے اسپتال اور مریض بچوں کو حیران کر دیا، ویڈیو وائرل

    جیک سپیرو نے اسپتال اور مریض بچوں کو حیران کر دیا، ویڈیو وائرل

    ہالی ووڈ اسٹار جانی ڈیپ پھر جیک سپیرو بن گئے، انھوں نے اپنے مشہور اور مقبول کردار جیک سپیرو کے روپ میں ایک اسپتال پہنچ کر انتظامیہ اور مریض بچوں کو حیران کر دیا۔

    میڈیا رپورٹس کے مطابق جانی ڈیپ نے پھر جیک سپیرو کا روپ دھار لیا ہے، مشہور فلمی کردار کا روپ دھار کر وہ اسپین کے شہر سین سیبیسٹین میں بچوں کے اسپتال پہنچ گئے۔

    بچے جیک سپیرو کو اپنے درمیان دیکھ کر حیران رہ گئے، اسپتال کے سوشل میڈیا کے مطابق اپنے پائریٹس آف دی کیریبین کردار کیپٹن جیک اسپیرو کے لباس میں ملبوس، جانی ڈیپ نے جمعرات 26 ستمبر کو اسپین کے شہر میں واقع ڈونوسٹیا یونیورسٹی اسپتال کے بچوں سے ملاقات کی۔

    مقامی میڈیا کے مطابق جانی ڈیپ نے اسپتال میں پیڈیاٹرکس اور آنکالوجی وارڈ میں داخل مریضوں کے ساتھ بات چیت کی اور ان کے ساتھ کھیل کھیلا، اور کیپٹن جیک اسپیرو کے کردار میں اُسی کے انداز میں بچوں کے ساتھ وقت گزارا۔

    اسپتال نے جانی ڈیپ کے دورے کی تصاویر X پر پوسٹ کیں، سوشل میڈیا پر ویڈیوز بھی وائرل ہوئیں۔ واضح رہے کہ 61 سالہ اداکار جانی ڈیپ ان دنوں سان سیبسٹین فلم فیسٹیول میں شرکت کے لیے اسپین کے دورے پر ہیں۔

  • اسپین نے فلسطین کو باضابطہ طور پر آزاد ریاست تسلیم کر لیا

    اسپین نے فلسطین کو باضابطہ طور پر آزاد ریاست تسلیم کر لیا

    میڈرڈ: اسپین نے فلسطین کو باضابطہ طور پر آزاد ریاست تسلیم کر لیا۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ہسپانوی وزیر اعظم پیڈرو سانچیز نے ایک بیان میں کہا ہے کہ کابینہ نے فلسطین کو آزاد ریاست تسلیم کرنے کی منظوری دے دی۔

    سوشلسٹ رہنما پیڈرو سانچیز نے کہا فلسطینیوں پر مظالم کی مثال نہیں ملتی، فلسطین کو ریاست تسلیم کرنا ایک تاریخی لمحہ ہے، امن فلسطینیوں کا بنیادی حق ہے اور فلسطین میں امن کا قیام سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔

    واضح رہے کہ اسرائیل کے غصہ بھرے رد عمل کے باوجود آج اسپین کے ساتھ ساتھ آئرلینڈ اور ناروے بھی باضابطہ طور پر فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کا اعلان کریں گے۔

    اسپین اور آئرلینڈ کی جانب سے فلسطین کو آزاد ریاست کے طور پر تسلیم کرنے کے اعلان پر یورپی یونین اور اسرائیل کے درمیان تعلقات تناؤ کا شکار ہو گئے ہیں، تاہم میڈرڈ نے اصرار کیا ہے کہ یورپی یونین کو جنوبی غزہ کے شہر رفح میں مسلسل مہلک حملوں پر اسرائیل کے خلاف کوئی قدم اٹھانا چاہیے۔

    دوسری طرف ناروے، جو یورپی یونین کا رکن نہیں ہے لیکن اکثر اپنی خارجہ پالیسی کو یورپی یونین کے ساتھ ہم آہنگ کرتا ہے، نے فلسطینی ریاست کو رسمی طور پر تسلیم کرنے سے قبل ہفتے کے آخر میں فلسطینی حکومت کو سفارتی کاغذات سونپے۔

    غزہ میں ہلاکت خیز کارروائیوں کے بعد اسرائیل دنیا میں تیزی سے تنہائی کا شکار ہو رہا ہے، دو دن قبل رفح میں بے گھر افراد کے کیمپ پر ہولناک بمباری میں درجنوں افراد کی ہلاکت کے بعد عالمی سطح پر سخت رد عمل اور مذمت کی ایک اور لہر اٹھی ہے۔

    اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے آج منگل کو اس واقعے پر ہنگامی اجلاس بلانے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔

  • اسرائیلی بربریت کے خلاف بڑا قدم، تین یورپی ممالک نے فلسطین کو بطور ریاست تسلیم کر لیا

    اسرائیلی بربریت کے خلاف بڑا قدم، تین یورپی ممالک نے فلسطین کو بطور ریاست تسلیم کر لیا

    اسرائیلی بربریت کے خلاف بڑا قدم اٹھاتے ہوئے تین یورپی ممالک نے فلسطین کو بطور ریاست تسلیم کر لیا ہے۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق آئرلینڈ، ناروے اور اسپین نے باضابطہ طور پر فلسطین کو ایک علیحدہ ریاست کے طور پر تسلیم کر لیا ہے، جس کے بعد اسرائیل نے دو یورپی ریاستوں سے اپنے سفیروں کو واپس بلا لیا ہے۔

    آئرلینڈ اور اسپین کی جانب سے وزرائے اعظم نے فلسطین کو بہ طور ریاست تسلیم کرنے کا اعلان کیا۔ بدھ کو آئرش وزیر اعظم سائمن ہیرس نے کہا آج فلسطین کو بطور ریاست تسلیم کرنے کا وقت آ گیا ہے۔

    انھوں نے کہا ’’آج آئرلینڈ، ناروے اور اسپین اعلان کر رہے ہیں کہ ہم فلسطین کی ریاست کو تسلیم کرتے ہیں، ہم میں سے ہر ایک اس فیصلے کو عملی جامہ پہنانے کے لیے جو بھی قومی اقدامات کرنے کی ضرورت ہوئی، وہ کرے گا۔‘‘

    سائمن ہیرس نے مزید کہا کہ انھیں یقین ہے کہ آنے والے ہفتوں میں مزید ممالک اس اہم قدم کو اٹھانے میں ہمارا ساتھ دیں گے، یہ اعلان دو ریاستی حل کے لیے واضح حمایت پر مبنی ہے، جو اسرائیل، فلسطین اور ان کے لوگوں کے لیے امن اور سلامتی کا واحد معتبر راستہ ہے۔

    ڈبلن میں سائمن ہیرس کے بیان کے فوراً بعد اسپین کے وزیر اعظم پیڈرو سانچیز اور ناروے کے وزیر خارجہ ایسپین بارتھ ایدے نے بھی اپنے بیانات میں کہا کہ دونوں ملک 28 مئی سے فلسطینی ریاست کو تسلیم کریں گے، پیڈرو سانچیز نے کہا کہ یہ واضح ہے کہ وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو کے پاس فلسطین کے لیے امن کا کوئی منصوبہ نہیں ہے، چاہے حماس کے خلاف اس کی لڑائی جائز کیوں نہ ہو۔

    ناروے کے وزیر اعظم حوناس گہر اسٹور نے بھی ایک بیان میں کہا کہ اگر فلسطین کو بہ طور الگ ریاست تسلیم نہ کیا جائے تو مشرق وسطیٰ میں امن نہیں ہو سکتا۔

    اس اعلان کے بعد اسرائیل کے وزیر خارجہ نے آئرلینڈ اور ناروے سے اسرائیل کے سفیروں کو فوری طور پر ملک واپس آنے کا حکم دے دیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ریاست تسلیم کرنے کا یہ اعلان غزہ میں قید اسرائیل کے یرغمالیوں کی واپسی کی کوششوں میں رکاوٹ بن سکتا ہے۔ واضح رہے کہ 173 میں سے 140 ممالک فلسطین کو بطور ریاست تسلیم کر چکے ہیں۔

  • اسپین نے بھارت سے اسرائیل جانے والا اسلحے سے بھرا جہاز لنگر انداز ہونے سے روک دیا

    اسپین نے بھارت سے اسرائیل جانے والا اسلحے سے بھرا جہاز لنگر انداز ہونے سے روک دیا

    میڈرڈ: اسپین نے بھارت سے اسرائیل جانے والا اسلحے سے بھرا جہاز لنگر انداز ہونے سے روک دیا۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق اسپین نے بھارت سے دھماکا خیز مواد لے کر اسرائیل جانے والے بحری جہاز کو اپنی بندرگاہ پر لنگر انداز ہونے کی اجازت دینے سے انکار کر دیا ہے۔

    ہسپانوی ٹرانسپورٹ کے وزیر نے جمعرات کو بتایا کہ ڈنمارک کے جھنڈے والا جہاز 27 ٹن دھماکا خیز مواد بھارت کے چنئی بندرگاہ سے اسرائیل کی بندرگاہ حیفہ لے جا رہا تھا۔

    ہسپانوی وزیر خارجہ حوز مینوئل کا کہنا ہے کہ اسپین اسرائیل کے لیے ہتھیاروں سے لدے بحری جہازوں کو اپنی بندرگاہوں پر آنے کی اجازت نہیں دے گا۔

    ہسپانوی اخبار کے مطابق ہو سکتا ہے کہ بحری جہاز نے بحیرہ احمر کے راستے اسرائیل میں داخل ہونے سے گریز کیا ہو جہاں یمن کے حوثیوں کا قبضہ ہے۔ ہسپانوی وزیر خارجہ نے کہا یہ پہلی بار ہے جب ہم نے ایسا کیا ہے کیوں کہ یہ پہلی بار ہے کہ ہم نے اسرائیل کو ہتھیاروں کی کھیپ لے جانے والے جہاز کا پتا لگایا ہے جو ہسپانوی بندرگاہ پر لنگر انداز ہونا چاہتا تھا۔