Tag: Speaker

  • اپنے موبائل فون کی خود مرمت کریں، نہایت آسان طریقہ

    اپنے موبائل فون کی خود مرمت کریں، نہایت آسان طریقہ

    موبائل فون کے استعمال کے دوران اس میں چھوٹی موٹی خرابیاں پیدا ہوجانا کوئی انہونی بات نہیں کیونکہ جو چیز استعمال ہوگی تو وہ خراب بھی ہوگی۔

    ہم میں سے اکثر لوگ گھر کی اشیاء خراب ہونے پر خود ہی ٹھیک کرلیتے ہیں تاہم بہت بڑی خرابی ہو تو پھر کسی ماہر کاریگر کو معاوضہ دے کر اس چیز کو ٹھیک کرایا جاتا ہے۔

    ایسا ہی معاملہ موبائل فون کا بھی ہے جس میں چھوٹی چھوٹی خرابی ہوجاتی ہے تو کوشش کریں کہ اسے خود ہی ٹھیک کرلیں، اس میں پریشانی یا کسی راکٹ سائنس کی ضرورت نہیں۔

    موبائل فون کا اسپیکر خراب ہونا یا پھر اس سے آواز نہ آنا وہ عام مسائل ہیں جن کی وجہ سے موبائل ریپئیرنگ میں ہمارے ہزاروں روپے ضائع ہوجاتے ہیں، آج ہم آپ کو ایسا آسان طریقہ بتانے جارہے ہیں جس سے آپ کا موبائل انتہائی کم پیسوں میں ٹھیک ہوجائے گا۔

    عام طور پر اسپیکر یا موبائل کے ائیر اسپیکر میں کچرا پھنس جاتا ہے جس کی وجہ سے یا تو آواز آنا بند ہوجاتی ہے یا کم ہوجاتی ہے۔

    اس کو ٹھیک کرنے کے یوں تو کافی طریقے ہیں لیکن ان سے موبائل اندر سے ڈیمیج ہوسکتا ہے جبکہ کچھ طریقہ کار ایسے ہیں جن سے کچرا مزید اندر چلا جاتا ہے اور کبھی نہیں نکلتا۔

    موبائل فون کے ائیر اسپیکر کی صفائی کرنے کے لئے سلائم جیل کی ٹیوب لے لیں. اس جیل کو نکال کو موبائل کے تمام اسپیکرز پر اچھی طرح لگا دیں. جیل اندر بھی چلا جائے تو پریشانی کی بات نہیں۔

    15 منٹ تک موبائل کو ایسے ہی چھوڑ دیں اور پھر احتیاط سے جیل ایسے نکالیں کے تمام سوراخوں سے بھی نکل آئے. اس سلائم سے فون اچھی طرح دبا دبا کر صاف کریں. سلائم ساری گندگی اپنے اندر کھینچ کر صاف کر دے گا اور فون کی اواز صاف ہو کر تیز ہوجائے گی۔

  • ڈپٹی اسپیکر کی رولنگ غیر آئینی ہے: آصف زرداری

    ڈپٹی اسپیکر کی رولنگ غیر آئینی ہے: آصف زرداری

    اسلام آباد: سابق صدر مملکت آصف علی زرداری کا کہنا ہے کہ ڈپٹی اسپیکر کی رولنگ غیر آئینی ہے، اس مرحلے پر عمران خان اسمبلیاں تحلیل نہیں کر سکتے، اتنا شوق ہے تو آجائیں ہم الیکشن کے لیے تیار ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق سابق صدر مملکت آصف علی زرداری نے قومی اسمبلی کا اجلاس ملتوی ہونے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ڈپٹی اسپیکر کی رولنگ غیر آئینی ہے، اب دیکھتے ہیں عدالت کیا کہتی ہے۔

    آصف زرداری کا کہنا تھا کہ اس مرحلے پر عمران خان اسمبلیاں تحلیل نہیں کر سکتے، اتنا شوق ہے تو آجائیں ہم الیکشن کے لیے تیار ہیں۔

    سابق صدر سے سوال کیا گیا کہ کیا آپ کو خدشہ تھا کہ ڈپٹی اسپیکر اس طرح کی حرکت کریں گے؟ جس پر انہوں نے جواب دیا کہ ہاں، لیکن دوستوں کی سوچ تھی، دوستوں کی سوچ پر چلنا پڑتا ہے۔

  • تحریک عدم اعتماد: اسپیکر نے اہم اجلاس طلب کرلیا

    تحریک عدم اعتماد: اسپیکر نے اہم اجلاس طلب کرلیا

    اسلام آباد: اسپیکر قومی اسمبلی نے ایوان زیریں کا اجلاس بلانے کے قواعد کا جائزہ لینے کے لئے اہم اجلاس طلب کرلیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق اسپیکر قومی اسمبلی نے آج اہم اجلاس طلب کیا ہے، جس میں قومی اسمبلی اجلاس سے متعلق مشاورت کی جائے گی، یہ اجلاس اسپیکر اسد قیصر کی رہائش گاہ پر ہو گا۔

    اجلاس میں قومی اسمبلی سیکرٹریٹ حکام شریک ہوں گے جس میں اجلاس 25مارچ کو بلانے کے قواعد کا جائزہ لیاجائےگا۔

    یاد رہے کہ اسپیکر اسد قیصر نے تحریک عدم اعتماد پر منحرف اراکین کی ووٹنگ کے حوالے سے 3سوالوں کے جواب مانگے تھے، جس پر قومی اسمبلی کے شعبہ قانون سازی کا کہنا تھا کہ کسی بھی رکن کوووٹ ڈالنے سے نہیں روکا جا سکتا۔

    یہ بھی پڑھیں: ”تحریک عدم اعتماد کا آئینی اور قانونی مقابلہ کریں گے

    اسپیکر نے سوال کیا تھا کہ وزیراعظم یاپارٹی چیف وہپ مشکوک نام بھجوائےتوکیاہوسکتا ہے؟ جس پر ذرائع کا کہنا تھا کہ آپکا کردار پارٹی چیئرمین کے ڈیکلریشن کے بعد شروع ہوگا۔

    اس سے قبل اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے تحریک عدم اعتماد ووٹنگ سے قبل ناکام بنانے پر صادق سنجرانی سے مشاورت کی تھی، ذرائع کا کہنا تھا کہ اسپیکرتحریک عدم اعتماد کو رولنگ کے ذریعے ناکام بنانا چاہتے ہیں۔

    یہ بات قابل ذکر ہے کہ سپریم کورٹ پہلے ہی عدم اعتماد کو آئین کےمطابق نمٹانے کی آبزرویشن دےچکی ہے۔

  • تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ : اسپیکر قومی اسمبلی  نے منحرف اراکین  کے حوالے سے 3سوالوں کے جواب مانگ لئے

    تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ : اسپیکر قومی اسمبلی نے منحرف اراکین کے حوالے سے 3سوالوں کے جواب مانگ لئے

    اسلام آباد : اسپیکر اسد قیصر نے تحریک عدم اعتماد پر منحرف اراکین کی ووٹنگ کے حوالے سے 3سوالوں کے جواب مانگ لئے، جس پر قومی اسمبلی کے شعبہ قانون سازی کا کہنا ہے کہ کسی بھی رکن کوووٹ ڈالنے سے نہیں روکا جا سکتا۔

    تفصیلات کے مطابق تحریک عدم اعتماد پر قومی اسمبلی سیکرٹریٹ اور اسپیکر اسد قیصر آمنے سامنے آگئے ، ذرائع نے بتایا کہ اسپیکر نے سوال کیا کیا منحرف اراکین کو ووٹ ڈالنے سے روک سکتا ہوں ، جس پر اسمبلی شعبہ قانون سازی کا کہنا تھا کہ کسی بھی رکن کوووٹ ڈالنے سے نہیں روکا جا سکتا۔

    ذرائع قومی اسمبلی نے کہا ہے کہ کوئی رکن پارٹی پالیسی کے خلاف ہے تو کاروائی ایکٹ کے بعد ہوگی، آئین کا آرٹیکل 63 ون اے بالکل واضح ہے۔

    ذرائع کے مطابق اسپیکر نے سوال کیا وزیراعظم یاپارٹی چیف وہپ مشکوک نام بھجوائےتوکیاہوسکتا ہے؟ جس پر ذرائع کا کہنا تھا کہ آپکا کردار پارٹی چیئرمین کے ڈیکلریشن کے بعد شروع ہوگا۔

    اسپیکر اسمبلی نے تیسرا سوال کیا کہ کیا منحرف اراکین پرووٹنگ سے پہلے رولنگ دی جا سکتی ہے تو ذرائع اسمبلی نے کہا رولنگ اسپیکر کااختیارہےتاہم معاملے پر آئین وقانون واضح ہے۔

    اس سے قبل اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے تحریک عدم اعتماد ووٹنگ سے قبل ناکام بنانے پر صادق سنجرانی سے مشاورت کی تھی ، ذرائع کا کہنا تھا کہ اسپیکرتحریک عدم اعتماد کو رولنگ کے ذریعے ناکام بنانا چاہتے ہیں۔

    ذرائع کا کہنا تھا کہ اسپیکر نے رولنگ کو بنیاد بناکر تحریک عدم اعتماد مسترد کرنے پر بھی مشاورت کی تاہم چیئرمین سینیٹ نے انھیں اس حوالے سے کوئی ایڈوائس نہیں دی، ایڈوائس نہ دینے کی وجہ سینیٹ اور اسمبلی قواعد کا بعض امور پر مختلف ہونا ہے۔

  • وزیراعظم کی قیادت میں پاکستانی معیشت صحیح سمت میں گامزن ہے: قاسم سوری

    وزیراعظم کی قیادت میں پاکستانی معیشت صحیح سمت میں گامزن ہے: قاسم سوری

    اسلام آباد: ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری کا کہنا ہے کہ الحمدللہ معاشی محاذ پر پاکستان کے لیے بہت سی مثبت خبریں سامنے آرہی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق قاسم سوری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں پاکستانی معیشت آخر کار صحیح سمت میں گامزن ہوگئی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ موجودہ کھاتہ اکتوبر 2019 میں 4 سال میں پہلی بار سرپلس میں تبدیل ہوا۔

    خیال رہے کہ حکومت کے مؤثر معاشی اقدامات کے باعث پاکستان کا کرنٹ اکاؤنٹ سرپلس ہوگیا ہے ، اس حوالے سے ترجمان اسٹیٹ بینک آف پاکستان کا کہنا تھا کہ پاکستان کا کرنٹ اکاؤنٹ ساڑھے 4سال بعد سر پلس ہوا، اکتوبر میں کرنٹ اکاؤنٹ 9 کروڑ 90 لاکھ ڈالرسرپلس رہا۔

    ادھر وزیراعظم عمران خان کا ٹوئٹر پر اپنے بیان میں کہنا ہے کہ اکتوبر میں پاکستان کےجاری کھاتےسر پلس ہوگئے، ہماری معاشی اصلاحات کا پھل ملنا شروع ہوگیا ہے، پاکستانی معیشت درست سمت میں جارہی ہے۔

    ہماری معاشی اصلاحات کا پھل ملنا شروع ہوگیا، وزیراعظم عمران خان

    انہوں نے یہ بھی کہا کہ کھاتوں کا یہ سر پلس 4 سال میں پہلی بار آیا ہے، جاری کھاتے 9 کروڑ 90 لاکھ ڈالر سر پلس رہے، گزشتہ سال اکتوبر میں جاری کھاتوں میں 1ارب 28 کروڑ ڈالر کا خسارہ تھا۔

  • نیوزی لینڈ کی پارلیمنٹ میں ننھے مہمان کی آمد، اسپیکر نے گود میں اٹھائے رکھا

    نیوزی لینڈ کی پارلیمنٹ میں ننھے مہمان کی آمد، اسپیکر نے گود میں اٹھائے رکھا

    ولنگٹن : نیوزی لینڈ کی اسمبلی بحث کے دوران بچے کے رونے پر اسپیکر اسے جھولا اور لوریاں دیتے اور دودھ بھی پلاتے رہے۔

    تفصیلات کے مطابق نیوزی لینڈ پارلیمنٹ کی اعلیٰ ترین نشست پرننھے مہمان کی انٹری نے سب کو اپنی طرف متوجہ کردیا،اسپیکرنے ڈیڑھ ماہ کے بچے کو گود میں بیٹھا کر اجلاس کی صدارت کی۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہناتھا کہ نیوزی لینڈ کی پارلیمنٹ کے اسپیکرنے ڈیڑھ ماہ کے بچے کو گود میں اٹھائے اجلاس کی صدارت کی، بحث کے دوران بچے کے رونے پر اسپیکر اسے جھولا اور لوریاں بھی دیتے رہے اور دودھ بھی پلاتے رہے۔

    اسپیکر نے اسمبلی میں‌ جاری بحث کے دوران شیر خوار بچے کو جھولا جھولانے اور لوریاں دینے کی تصاویر اپنے ٹویٹر اکاؤنٹ پر بھی شیئر کی۔

    میڈیا ذرائع کا کہنا ہے کہ نیوزی لینڈ کے سیاست دان تماٹی کوفی بچے کو اپنے ساتھ پارلیمنٹ میں لے آیاتھا جس پرساتھی اراکین نے خوشی کا اظہار کیا۔

    ہلکی پھلکی کمنٹری کے دوران اسپیکر نے کہا کہ اس نشست پرعام طور پر پریزائیڈنگ آفسر براجمان ہوتا ہے لیکن آج یہاں ایک وی آئی پی بھی موجود ہے،اسپیکرنے بچے کے والد کو مبارکباد بھی دی۔

  • اسپیکر قائمہ کمیٹی کے اجلاس منسوخ کرنے کا فیصلہ واپس لیں: بلاول بھٹو زرداری

    اسپیکر قائمہ کمیٹی کے اجلاس منسوخ کرنے کا فیصلہ واپس لیں: بلاول بھٹو زرداری

    اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹور زرداری نے کہا ہے کہ پارلیمان کے اندر سے ہی آج پارلیمان پر حملہ ہو رہا ہے.

    ان خیالات کا اظہار انھوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا. ان کا کہنا تھا کہ کل راتوں رات اسپیکر صاحب کے دفتر سے نوٹیفکیشن نکلا، جس نے تمام کمیٹی اجلاس منسوخ کردیا.

    قائمہ کمیٹیوں کے اجلاس منسوخ کرنا پارلیمنٹ پر حملہ ہے، پارلیمان کو چلانے کے لئے قائمہ کمیٹیوں کا کرداراہم ہوتاہے، ان کمیٹیوں کے فنکشن کے بغیر پارلیمنٹ ادھوری ہے.

    انھوں نے کہا کہ اسپیکرڈپٹی اسپیکر سرکاری خرچے پر بیرون ملک ہیں، انسانی حقوق کے بہت سے مسائل پر آج اجلاس میں بات کرنا تھی، سینیٹ کمیٹیوں کے اجلاس تو چل رہے ہیں، اسپیکر قوانین کے تحت اسمبلی کمیٹیوں کو محدود نہیں رکھ سکتے. کمیٹیوں کے اجلاس منسوخ کرنا غیرجمہوری قدم ہے.

    انھوں نے کہا کہ اسپیکر کو قائمہ کمیٹی کےاجلاس منسوخ کرنے کافیصلہ واپس لینا چاہیے، ایسے اقدامات سے اپوزیشن کے لئے آپشنز کم ہوتے جا رہے ہیں، جمہوریت پسند لوگوں کو مجبور کریں گے، تو انارکی پھیلے گی، پارلیمان کو سسٹم کے ذریعے چلانا کوئی کرکٹ میچ نہیں ہے، پیپلز پارٹی ہمیشہ کی طرح آج بھی جمہوریت پر چلنے کو تیار ہے، یہ نظام اور پارلیمان پر ڈاکہ ڈالنا چاہتے ہیں.

    مزید پڑھیں: ملک کی معیشت کو آئی ایم ایف کے پاس گروی رکھ دیا گیا، بلاول بھٹو زرداری

    جمہوری راستے بند کریں گے تو سنگین اثرات ہوں گے، ٹوٹی پھوٹی جمہوریت آمریت سے بہتر ہے، مگراب آپشنز کم ہورہے ہیں، رہبر کمیٹی اوراپوزیشن متفقہ چیئرمین سینیٹ لانا چاہتی ہے، چیئرمین سینیٹ کے لئے بہتر ہوگا عزت کے ساتھ استعفیٰ دے دیں، اپوزیشن کا متفقہ چیئرمین سینیٹ آنا جمہوریت کی جیت ہوگی.

    چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ بجٹ میں عوام کے لئے تکلیف اورامیر کے لئے ریلیف ہے، پیپلز پارٹی نے پہلے دن سے کہا کہ معاشی مسائل پر بات کرنے کو تیار ہیں

    انھوں نے کہا کہ ویڈیو اسکینڈل پر سپریم کورٹ کونوٹس لینا چاہیے، تاکہ حقائق سامنے آئیں.

  • امریکا کے مقابلے میں ہمارے ہاتھ بندھے ہوئے نہیں ہیں: ایران

    امریکا کے مقابلے میں ہمارے ہاتھ بندھے ہوئے نہیں ہیں: ایران

    تہران: ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکر ڈاکٹر علی لاریجانی نے کہا ہے کہ امریکا کی موجودہ حکومت ہر روز دنیا کو کسی نہ کسی طرح کے بحران سے دوچار کر رہی ہے۔

    ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر نے تہران کے خلاف واشنگٹن کے اقدامات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکی اقدامات کے مقابلے میں ایران کے ہاتھ بندھے ہوئے نہیں ہیں۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق ڈاکٹر لاریجانی نے یورپ اور چین کے ساتھ امریکی صدر ٹرمپ کے غیر روایتی طرز سلوک کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ امریکا کی موجودہ حکومت ہر روز دنیا کو کسی نہ کسی طرح کے بحران سے دوچار کر رہی ہے۔

    ڈاکٹر لاریجانی نے کہا کہ ٹرمپ کے رویّے سے عالمی سطح پر ان کی عزت و وقار ختم ہو گیا ہے۔ ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکر نے امریکی دباؤ کے مقابلے میں استقامت کو واحد موثر ذریعہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایران کی موجودہ صورت حال میں استقامت کا مطلب پیداواری شعبے کو زیادہ سے زیادہ فروغ دینا ہے۔

    واضح رہے کہ امریکی صدر ٹرمپ نے ایران سے دشمنی کا ایک اور ثبوت پیش کرتے ہوئے آٹھ مئی دو ہزار اٹھارہ کو بین الاقوامی ایٹمی معاہدے سے علیحدگی اور ایران کے خلاف پابندیاں بحال کرنے کا اعلان کر دیا جس کے بعد ٹرمپ کے اس اقدام کی عالمی سطح پر شدید مذمت کی گئی۔

    امریکا اپنی قدر کھو چکا ہے اور مذاکرات کیلئے قابل اعتبار نہیں رہا: ایران

    قبل ازیں ایرانی پارلیمان کے قومی سلامتی اور خارجہ پالیسی کمیشن کے رکن اور جوہری کمیٹی کے چئیرمین محمد ابراہیم رضائی نے کہا تھا کہ امریکا اپنی قدر کھو چکا ہے اور مذاکرات کے لیے قابل اعتبار نہیں رہا۔

  • جارجیا کے صدر سلوم زورابشویلی نے روس کو دشمن اور قبضہ کرنے والا قرار دیدیا

    جارجیا کے صدر سلوم زورابشویلی نے روس کو دشمن اور قبضہ کرنے والا قرار دیدیا

    تلبسی : جارجیا کی پارلیمانی بلڈنگ میں احتجاج کے نتیجے میں 240 سے زائد افراد کے زخمی ہونے کے بعد اسپیکر اسمبلی اراکلی کوباخِدزے سے جبری طور پر استعفیٰ لے لیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق احتجاجی مظاہرہ روسی قانون ساز کے پارلیمنٹ میں خطاب کے بعد پرتشدد صورت اختیار کر گیا اور مظاہرین نے اسپیکر سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کیا تھا، روسی قانون ساز سرگئی گیوریلوف نے اورتھوڈوکس عیسائیوں کے قانون سازوں پر مشتمل اسمبلی سے خطاب کیا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ پولیس نے پارلیمنٹ پر حملہ کرنے والے مظاہرین پر ربڑ کی گولیاں فائر کی تھیں اور آنسو گیس کا استعمال کیا۔

    واضح رہے کہ جارجیا اور روس کے درمیان 11 سال قبل جنوبی اوسیٹیا خطے پر جنگ ہوئی تھی جس کے بعد سے دونوں ممالک میں کشیدگی عروج پر ہے، جارجیا کے صدر سلوم زورابشویلی نے روس کو دشمن اور قبضہ کرنے والا قرار دیا اور کہا کہ ماسکو نے کشیدگی پیدا کی ہے۔

    دوسری جانب کریملن نے احتجاجی مظاہروں کی مذمت کی۔روس کے وزارت خارجہ نے جارجیا کی اپوزیشن جماعتوں پر الزام عائد کیا کہ انہوں نے حالیہ برسوں میں دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات میں ہونے والی بہتری کو روکنے کی کوشش کی ہے۔

    یاد رہے کہ سرگئی گیوریلوف اورتھوڈوکس عیسائیوں پر مشتمل انٹر پارلیمارنی اسمبلی، جسے 1991 میں گریک پارلیمنٹ نے کرسچن اورتھوڈوکس قانون سازوں کے درمیان تعلقات بحال کرنے کے لیے قائم کیا تھا کے اجلاس میں حصہ لیا۔

    جارجیا کی پارلیمنٹ میں اپوزیشن کے قانون سازوں نے اسپیکر کی نشست سے ان کے تقریر کرنے کے فیصلے پر احتجاج کی کال دی،بعد ازاں تقریباً 10 ہزار مظاہرین نے دارالحکومت میں پولیس کے ناکوں کو توڑا اور پارلیمانی اسپیکر اور دیگر سینئر حکام سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کیا۔

    غیر ملکی میڈیا کا کہنا تھا کہ چند مظاہرین نے یورپی یونین کے جھنڈے ہاتھ میں اٹھائے ہوئے تھے جبکہ ان کے ہاتھوں میں موجود پلے کارڈز پر لکھا تھا کہ روس قبضہ کرنے والا ہے، اپوزیشن جماعت یورپی جارجیا پارٹی کے قانون ساز گیگو بوکیریا کا کہنا تھا کہ پارلیمنٹ کے باہر ریلی میں جارجیا کی عام عوام موجود ہے۔

    پارلیمنٹ کے اندر اپوزیشن کے قانون سازوں نے کارروائی کو روکتے ہوئے پارلیمانی اسپیکر، وزارت داخلہ اور ریاستی سیکیورٹی سروس کے سربراہ سے سانحے پر مستعفی ہونے کا مطالبہ کیا، بعد ازاں پارلیمنٹ کی کارروائی منسوخ کردی گئی اور سرگئی گیوریلوف واپس روس روانہ ہوئے۔

    اپوزیشن کے رکن ایلن خوشتاریہ کا کہنا تھا کہ جارجیا کی تاریخ پر یہ زوردار تھپڑ تھا۔سرگئی گیوریلوف نے جھڑپ کا الزام جعلی خبروں کو ٹھہرایا جن کے مطابق وہ 1990 میں جارجیا کے خلاف جنگ کا حصہ رہے تھے۔

  • اسپیکر قومی اسمبلی کا بھارتی جنگی جنون سے دنیا کو آگاہ کرنے کا فیصلہ

    اسپیکر قومی اسمبلی کا بھارتی جنگی جنون سے دنیا کو آگاہ کرنے کا فیصلہ

    اسلام آباد: بھارت کا مکروہ چہرا اب مزید بے نقاب ہوگا، اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے بھارتی جنگی جنون سے دنیا کو آگاہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی کے اسپیکر اسد قیصر نے دنیا بھر کی ایک سوستاسی پارلیمان میں اپنے ہم منصب کو خط لکھ دیا، تمام اسپیکرز کو بھارتی جارحیت کے خلاف پاکستانی پارلیمنٹ کی منظور کردہ مشترکہ قرارداد ارسال کردی۔

    خط میں چھبیس اور ستائیس فروری کو بھارت کی ایل او سی اور بین الاقوامی سرحد کی خلاف ورزی سے آگاہ کیا گیا ہے۔

    اسپیکر قومی اسمبلی نے خط میں لکھا ہے کہ بحیثیت منتخب عوامی نمائندے آپ اپنے رائے دہندگان کے حقوق، امن اور سلامتی کے نگہبان ہیں۔

    خطے کے متن میں کہا گیا ہے کہ مظلوم کشمیری عوام پر بھارتی غصب اور بربریت کا نوٹس لیجئے، دنیا کو جنگ کی ہولناکی سے محفوظ بنانے کے لیے اپنا کردار ادا کیجیئے۔

    خط میں مزید لکھا گیا ہے کہ عالمی امن کی خاطر پاکستان ضبط اور تحمل کا مظاہرہ کر رہا ہے، بھارت کسی غلط فہمی میں نہ رہے، بھارتی طیاروں کی تباہی نئی دہلی کے لیے واضح پیغام ہے۔

    بھارتی پائلٹ کی رہائی پر تمام جماعتوں کا اتفاق تھا، اسد قیصر

    خیال رہے کہ مودی سرکار نے انتخابات میں اپنی جیت کے لیے پاکستان کے ساتھ کشیدگی کو ہوا دے کر خطے میں جنگ کے شعلوں کو بھڑکانے کی کوشش کی، جس کی وجہ سے خود انڈیا میں انھیں شدید مخالفت کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

    پاکستان کے ساتھ سرحدوں پر فائرنگ اور گولہ باری کے علاوہ جنگی طیارے بھیج کر دراندازی کی مذموم کوششیں بھی کی گئیں، جس کے نتیجے میں پاکستانی شاہینوں نے دو بھارتی جہاز بھی مار گرائے اور ایک پائلٹ کو زندہ پکڑا، جسے بعد ازاں رہا کر دیا گیا۔