Tag: Speaker McCarthy

  • اسپیکر مک کارتھی نے صدر بائیڈن کے مواخذے کی دھمکی دے دی

    اسپیکر مک کارتھی نے صدر بائیڈن کے مواخذے کی دھمکی دے دی

    واشنگٹن: اسپیکر مک کارتھی نے امریکی صدر جو بائیڈن کے مواخذے کی دھمکی دے دی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی صدر جو بائیڈن کے بیٹے ہنٹر بائیڈن کے معاملے پر ریپبلکنز کا غصہ بڑھتا جا رہا ہے، اور ان کی جانب سے جو بائیڈن پر الزام لگایا جا رہا ہے کہ انھوں نے نائب صدارت کے دوران اپنے بیٹے ہنٹر کو فائدہ پہنچایا۔

    ریپبلکنز کا کہنا ہے کہ جس طرح سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ رویہ اختیار کیا گیا، اس طرح ہنٹر بائیڈن کے ساتھ نہیں اختیار کیا گیا، یہی وجہ ہے کہ اسپیکر مک کارتھی نے اب کہا ہے کہ ہنٹر بائیڈن کے معاملے میں سچائی تک پہنچنے کا واحد راستہ صدر کا مواخذہ ہے۔

    اسپیکر نے کہا امریکی عوام بزنس ڈیلز میں بائیڈن کے کردار سے متعلق جاننا چاہتی ہے، واضح رہے کہ صدر بائیڈن کے بیٹے ہنٹر بائیڈن کی بزنس ڈیلز سے متعلق تحقیقات جاری ہیں، ریپبلکنز کا کہنا ہے کہ نائب صدارت کے دوران بائیڈن نے بیٹے کو فائدہ پہنچایا تھا۔

    مک کارتھی نے یہ بھی کہا ہے کہ ہنٹر بائیڈن کو الیکشن کے دوران بھی فائدہ پہنچایا گیا تھا، اور جو بائیڈن کے امریکی صدر بننے کے بعد بھی وہ مسلسل مالی فوائد حاصل کرتے رہے ہیں۔

  • امریکی ڈیفالٹ کا خطرہ ٹل گیا، بائیڈن نے اسپیکر کے ساتھ معاہدے پر اتفاق کر لیا

    امریکی ڈیفالٹ کا خطرہ ٹل گیا، بائیڈن نے اسپیکر کے ساتھ معاہدے پر اتفاق کر لیا

    واشنگٹن: امریکا کو ڈیفالٹ سے بچانے کے لیے صدر جو بائیڈن اور اسپیکر میکارتھی میں معاہدے پر اتفاق ہو گیا۔

    امریکی میڈیا کے مطابق صدر جو بائیڈن اور اسپیکر میکارتھی میں ٹیلیفونک رابطے میں ملک کو ڈیفالٹ سے بچانے کے لیے معاہدے پر اتفاق ہو گیا۔

    اسپیکر میکارتھی نے کہا کہ صدر نے بہت وقت ضائع کیا تاہم عوام کے لیے معاہدے پر اتفاق ہو گیا ہے، قرضوں کے معاملے پر بل تیار کیا جا رہا ہے، بدھ کو ایوان میں پیش کیا جائے گا۔

    واضح رہے کہ امریکی وزیر خزانہ نے ڈیفالٹ سے بچنے کے لیے 5 جون تک قانون سازی کی ڈیڈ لائن دی تھی، قانون سازی کے لیے بائیڈن انتظامیہ کو ریپبلکنز اکثریتی ایوان کی مخالفت کا سامنا تھا۔

    بائیڈن انتظامیہ قرضوں کی حد بڑھانے جب کہ ریپلکنز کٹوتیوں کے لیے متحرک تھے۔

    ڈیموکریٹ رہنما ساجد تارڑ نے اس حوالے سے اے آر وانی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ امریکا ایک نازک وقت سے گزر رہا ہے، ویلفیئر پروجیکٹس، سوشل کاموں پر جس طرح بے دریغ پیسے خرچ کیے جا رہے ہیں، یوکرین کو بلینک چیک دیے جا رہے ہیں، تو اس پر مذاکرات ضروری تھے۔

    انھوں نے کہا کہ دونوں پارٹیاں سمجھتی ہیں کہ اس معاملے پر ڈیفالٹ میں نہ جایا جائے، امریکا کا ڈیفنس سسٹم اسٹیک پر تھا، میرا خیال ہے کہ یہ کسی نہ کسی شرط پر اتفاق کر لیں گے، اسپیکر میکارتھی نے زبردست طریقے سے مذاکرات کیے، میں سمجھتا ہوں کہ وہ کوئی معاہدہ کرنے کے بہت قریب پہنچ گئے ہیں۔