Tag: speaker national assembly

  • اسپیکر قومی اسمبلی کا پی ٹی آئی مستعفی اراکین سے متعلق بڑا دعویٰ

    اسپیکر قومی اسمبلی کا پی ٹی آئی مستعفی اراکین سے متعلق بڑا دعویٰ

    اسپیکر قومی اسمبلی راجا پرویز اشرف نے کہا ہے کہ مستعفی پی ٹی آئی کے اراکین اسمبلی میں سے 2 درجن کےقریب ارکان نے رابطے کیے ہیں۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق اسپیکر قومی اسمبلی راجا پرویز اشرف نے صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ استعفوں کی تصدیق کیلیے عید کے بعد پی ٹی آئی کے اراکین کو بلائیں گے۔

    راجا پرویز اشرف نے کہا کہ قومی اسمبلی کی رکنیت سے مستعفی ہونے کا ایک مکمل طریقہ کار ہے، ممبران کے استعفوں کی تصدیق ، دستخطوں پر استفسار ضروری ہے، مکمل تصدیق کے ساتھ ہی استعفیٰ قبول کیا جاتا ہے۔

    اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ عمران خان سمیت پی ٹی آئی کے تمام مستعفی ایم این ایزکو طلب کیا جائے گا اور ان سے استعفوں کی تصدیق کی جائیگی اس کے بعد ہی ان کے استعفے منظور کیے جائینگے۔

    اس موقع پر اسپیکر قومی اسمبلی راجا پرویز اشرف سے سوال کیا گیا کہ کیا پی ٹی آئی کے کچھ ممبران نے آپ سےاستعفےنہ دینے پر رابطہ کیا ہے؟ جس کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میرےاسٹاف سے2 درجن کے قریب ارکان نے رابطے کیے ہیں۔

    واضح رہے کہ پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان سمیت پی ٹی آئی کے تمام اراکین قومی اسمبلی نے نئے وزیراعظم کے انتخاب کے موقع پر اسمبلی رکنیت سے استعفے دیے تھے۔

  • ’18 ویں ترمیم تاریخ پاکستان کا روشن باب ہے’

    ’18 ویں ترمیم تاریخ پاکستان کا روشن باب ہے’

    اسپیکر قومی اسمبلی راجا پرویز اشرف نے 18 ویں ترمیم کے قومی دن پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ 18 ویں ترمیم تاریخ پاکستان کا روشن باب ہے۔

    اسپیکر قومی اسمبلی راجا پرویز اشرف نے اپنے بیان میں مزید کہا ہے کہ 19 اپریل 2010 کو اس وقت کے صدر آصف علی زرداری نے ایگزیکٹو اختیارات پارلیمان کو دیے دورآمریت کی تقریبا تمام ترامیم اور بدنام زمانہ 58(2)بی کا مکمل خاتمہ کر دیا گیا۔

    اسپیکر نے کہا کہ پختونوں کے دیرینہ مطالبہ پر صوبہ سرحد کا نام خیبر پختونخوا رکھا گیا اور تمام صوبوں کو مالیاتی خودمختاری دی گئی۔

    راجا پرویز اشرف نے یہ بھی کہا کہ یادگار ترمیم کےنتیجے میں مارشل لا کا راستہ آئینی طور پر بند کر دیا گیا اور ایمرجنسی لگانے کا اختیار صدر اور گورنر سے لیکر اسمبلی کو دیا گیا۔

    واضح رہے کہ 18 ویں ترمیم کے معاملے پر پی ٹی آئی کی سابقہ حکومت میں بڑی بحث ہوتی رہی ہے۔

    اس وقت کے وفاقی وزرا کا موقف تھا کہ اٹھارویں ترمیم کی آڑ میں سندھ میں لوٹ مار کی جارہی ہے اور اٹھارویں ترمیم کوئی مذہبی دستاویز نہیں انسانوں نے بنایا تھا اس میں ترمیم لائیں گے۔

    دوسری جانب اس وقت کی اپوزیشن اس کے تحفظ کیلیے سینہ سپر ہونے کے بیانات دیتی رہی۔

    ایک جانب آصف علی زرداری نے کہا تھا کہ اٹھارویں ترمیم کے خاتمے کیلیے ان پر کیسز بنائے جارہے ہیں اور اٹھارویں ترمیم پر مکمل عمل نہ ہونے پر صوبوں میں اشتعال پایا جاتا ہے

    مزید پڑھیں: اٹھارویں ترمیم پر حکومتی حملہ برداشت نہیں کیا جائے گا، بلاول بھٹو

    دوسری جانب پی پی چیئرمین اور آصف زرداری کے صاحبزادے بلاول بھٹو زرداری نے کئی مواقع پر واشگاف الفاظ میں کہا کہ اٹھارویں ترمیم ختم نہیں کرنے دیں گے۔

  • اسپیکر نے پیر کو پھرغیرآئینی کام کیا تو دمادم مست قلندر ہوگا، شہباز شریف کی وارننگ

    اسپیکر نے پیر کو پھرغیرآئینی کام کیا تو دمادم مست قلندر ہوگا، شہباز شریف کی وارننگ

    اسلام آباد : اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے وارننگ دی ہے کہ اگر اسپیکر نے پیر کو پھرغیرآئینی کام کیا تو ہر آئینی وقانونی حربہ استعمال کریں گے اور دمادم مست قلندر ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق اپوزیشن لیڈر شہباز نے قومی اسمبلی اجلاس کے بعد بلاول اور دیگر رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ اسپیکر قومی اسمبلی نے آج پھر پی ٹی آئی ورکر کی طرح قانون کو رونددیا، تحریک عدم اعتماد 8مارچ کو جمع کرائی گئی تھی اور اسپیکر پابند تھا کہ 14دن کے اندر اسمبلی کا اجلاس بلاتا۔

    شہبازشریف کا کہنا تھا کہ 22مارچ کوتاریخ ختم ہوگئی ہے، اوآئی سی اجلاس22اور23مارچ کوتھا، ہم نے کہا ان دنوں میں لانگ مارچ اور احتجاج نہیں کریں گے۔

    اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ اسپیکر کو کیا مشکل تھی،21 تاریخ سے پہلے اجلاس بلاسکتے تھے، اسپیکر نے عمران نیازی سے ملکر سازش کی اور آرٹیکل 6 کے مرتکب ہوئے۔

    ان کا کہنا تھا کہ اجلاس کے دوران بات تو الگ اسپیکر نے مجھے دیکھنا بھی گوارا نہیں کیا، میں نے باربار مائیک کھولنے کیلئے کہا، اسپیکر کو قانون کی پابندی کرتے ہوئے تحریک عدم اعتماد پیش ہونےدیتے، اسپیکر نے ہماری ایک نہیں سنی اور چلے گئے۔

    شہبازشریف نے کہا کہ اسپیکر نے تاریخ میں ایسا گھناؤنا کردار اداکیاجسے قوم برےالفاظ میں یادرکھےگی، آج پوری قوم کی نظرپارلیمان پر لگی ہوئی ہے، یہ قانون کو مجروح کرکے من مانی کریں اس کی اجازت نہیں دے سکتے۔

    اپوزیشن لیڈر نے وارننگ دی کہ پیر کو اسپیکر نے پھر غیرآئینی کام کیا توہر آئینی وقانونی حربہ استعمال کریں گے اور یہ پیر کو پھر دھاندلی کے مرتکب ہوتے ہیں تو دمادم مست قلندر ہوگا۔

    ان کا کہنا تھا کہ تمام لیڈر ان مل کر پیر کے دن کی حکمت عملی بنائیں گے، انہیں اسی میں خوش ہونے دیں بکرے کی ماں کب تک خیر منائے گی، حکمت عملی تھی کہ اسپیکر یا ڈپٹی اسپیکر کیخلاف عدم اعتمادلائی جائے یا نہیں، یہ اختیارابھی تک ہم نے اپنے ہاتھ میں رکھا ہوا ہے۔

  • پارلیمانی کمیٹی برائے قومی سلامتی کا اہم اجلاس طلب، آرمی چیف  اوردیگر حکام کی شرکت کا امکان

    پارلیمانی کمیٹی برائے قومی سلامتی کا اہم اجلاس طلب، آرمی چیف اوردیگر حکام کی شرکت کا امکان

    اسلام آباد : اسپیکر قومی اسمبلی نے ملکی سلامتی کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے قومی سلامتی کی پارلیمانی کمیٹی کا اہم اجلاس طلب کر لیا ، جس میں آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ اورڈی جی آئی ایس آئی کی شرکت کاامکان ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اسپیکر قومی اسمبلی نے پارلیمانی کمیٹی برائے قومی سلامتی کا اجلاس یکم جولائی کوبلالیا ، اجلاس سہ پہر 3بجے پارلیمنٹ ہاؤس کے کمیٹی روم نمبر2میں ہوگا، جس میں آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ اورڈی جی آئی ایس آئی کی شرکت کاامکان ہے۔

    اجلاس میں قومی سلامتی سے متعلق امور سمیت کشمیراور افغانستان کی صورتحال پر بریفنگ دی جائے گی جبکہ امریکا کی جانب سے فضائی اڈوں کے مطالبے اور خطے کے امور کا بھی تفصیلی جائزہ لیا جائے گا۔

    اپوزیشن لیڈر شہباز شریف،بلاول بھٹو سمیت تمام پارلیمانی لیڈرز کو شرکت کی دعوت دے دی گئی ہے ، چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی اور ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری ، وفاقی وزرا شاہ محمود قریشی، پرویز خٹک،اسد عمر،فواد چوہدری ، شیخ رشید،شوکت ترین،بابر اعوان و دیگر اجلاس میں شریک ہوں گے۔

    اجلاس میں سیاسی قیادت قومی سلامتی سے متعلق اہم امور پر مشاورت کے بعد فیصلے کرے گی جبکہ متعلقہ وزارتوں کے سیکرٹریز اور مشیر قومی سلامتی میعد یوسف بھی شرکاء کو بریفنگ دیں گے۔

    خالدمقبول صدیقی،غوث بخش مہر،اخترمینگل،شاہ زین بگٹی ، شہزادوسیم،یوسف رضاگیلانی،خالدمگسی ، شیری رحمان، فیصل سبزواری،عبدالغفورحیدری ودیگر شریک ہوں گے ۔

    اجلاس میں علی محمدخان،پرویزخٹک،شیریں مزاری ، شفقت محمود،بابراعوان ،ملک عامرڈوگر، شاہدخاقان عباسی،راناتنویرحسین،خواجہ آصف،احسن اقبال ، راجہ پرویزاشرف،حناربانی کھر کو بھی مدعو کیاگیا ہے۔

  • قومی اسمبلی میں ہنگامہ آرائی ، وزیراعظم کی اسپیکر کو آئین اورقانون کے مطابق کارروائی  کی ہدایت

    قومی اسمبلی میں ہنگامہ آرائی ، وزیراعظم کی اسپیکر کو آئین اورقانون کے مطابق کارروائی کی ہدایت

    اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان نے گزشتہ روزایوان میں پیش آئے واقعے پر اظہارافسوس کرتے ہوئے کہا اسپیکر کو آئین اورقانون کے مطابق کارروائی کرنے کی ہدایت کردی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان سے اسپیکرقومی اسمبلی کی ملاقات ہوئی ، ملاقات میں اسدقیصرنےپارلیمان میں افسوسناک واقعےسےوزیراعظم کوآگاہ کرتے ہوئے کہا کہ ایوان میں اپوزیشن اورحکومتی ارکان دونوں جانب سےہنگامہ آرائی ہوئی ، ایوان کاتقدس پامال کرنےوالےاراکین کیخلاف بلا تفریق کارروائی کروں گا۔

    اسپیکرقومی اسمبلی کا کہنا تھا کہ اجلاس کی مکمل فوٹیجزمنگواکربغورجائزہ لیاگیاہے، ڈپٹی اسپیکراورسیکرٹری قومی اسمبلی کی موجودگی میں ویڈیوزکا جائزہ لیا۔

    وزیراعظم عمران خان نے گزشتہ روز ایوان میں پیش آئے واقعے پر اظہارافسوس کرتے ہوئے اسپیکر کو آئین اورقانون کے مطابق کارروائی کرنے کا کہہ دیا۔

    اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے ایوان میں پیش آنے والے واقعات کی تحقیقات کرنے اور ملوث اراکین کو کل تک سزا دینے اعلان کردیا۔

    گذشتہ روز اے آر وائی نیوز کے پروگرام پاور پلے میں گفتگو کرتے ہوئے اسپیکر اسد قیصر نے آج قومی اسمبلی میں پیش آنے والے واقعات پر تحقیقات کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ’آج کے واقعات کی مکمل تحقیقات کرائی جائیں گی‘۔

    انہوں نے اعلان کیا تھا کہ ’غیرپارلیمانی یا بد زبانی کرنے والے ارکان کو (بطور سزا) کل ایوان میں داخلےکی اجازت نہیں ہوگی، ’اپوزیشن اور حکومتی اراکین نے آج ہنگامہ آرائی کے دوران ایک دوسرے کے خلاف نازیبا زبان استعمال کی‘۔

    اسد قیصر نے اپوزیشن اور حکومتی اراکین کے رویے کو قابلِ مذمت اور مایوس کن قرار دیا تھا۔

  • کرونا وائرس : اسپیکر قومی اسمبلی کا اجلاس نہ بلانے کا فیصلہ

    کرونا وائرس : اسپیکر قومی اسمبلی کا اجلاس نہ بلانے کا فیصلہ

    اسلام آباد : اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کورونا وائرس کے خدشے کے پیش نظر قومی اسمبلی اجلاس نہ بلانے کا فیصلہ کرلیا، جبکہ اپوزیشن نے اجلاس بلانے کی ریکوزیشن جمع کرائی تھی۔

    تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی کے اسپیکر اسد قیصر نے ایوان کا اجلاس نہ بلانے کا فیصلہ کیا ہے، یہ فیصلہ وزیراعظم عمران خان اور اسپیکر اسد قیصر کی ملاقات میں کیا گیا۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس نہ بلانے کا فیصلہ کورونا وائرس کے خطرات کے پیش نظر کیا گیا ہے، اپوزیشن جماعتوں نے اجلاس بلانے کی ریکوزیشن جمع کرائی تھی۔

    ذرائع کے مطابق قومی اسمبلی میں اجلاس کے بجائے خصوصی پارلیمانی کمیٹی قائم کی جائے گی، اپوزیشن کی جانب سے پارلیمانی کمیٹی کے لئے نام اسپیکر قومی اسمبلی کو دے گیا۔

    واضح رہے کہ وزیر اعظم عمران خان سے اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے ملاقات کی تھی، ملاقات میں کرونا وائرس پر پارلیمانی کمیٹی تشکیل دینے پر اتفاق کیا گیا جو کرونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے حکومتی اقدامات کاجائزہ لے اور کمیٹی کرونا وائرس پر کیے گئے اقدامات کو مزید مؤثربنانے کے لیے اپنی سفارشات مرتب کرے گی۔

  • پارلیمانی سفارتکاری جمہوری ریاستوں کے درمیان پل کا کام دے سکتی ہے، اسد قیصر

    پارلیمانی سفارتکاری جمہوری ریاستوں کے درمیان پل کا کام دے سکتی ہے، اسد قیصر

    ماسکو : اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ پارلیمانی سفارت کاری جمہوری ریاستوں کے درمیان ایک پل کا کام دے سکتی ہے،دنیا کو انتہا پسندی، دہشت گردی اور موسمیاتی تبدیلی جیسے چیلنجوں کا سامنا ہے۔

    ہمیں بین الاقوامی امن، قانون کی سلامتی، آزادی اور صحت تعلیم کے کام کرنا ہوگا۔ اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے یہ بات ماسکو میں’پارلیمانی نظام کی ترقی‘ کے عنوان سے منعقدہ دو روزہ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

    اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا کہ ہم نے حال ہی میں پارلیمانی نظام کا بین الاقوامی دن منایا ہے، ہمیں عوامی توقعات کے مطابق بحیثیت قانون ساز کردار ادا کرنا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ دنیا کو انتہا پسندی، دہشت گردی اور موسمیاتی تبدیلی جیسے چیلنجوں کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں بین الاقوامی امن، قانون کی سلامتی، آزادی اور صحت تعلیم کے کام کرنا ہوگا۔

    اسد قیصر  نے مزید کہا کہ پارلیمان کے فرائض اور اقدامات پارلیمانی سفارت کاری کی صورت میں ہو سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمانی سفارت کاری جمہوری ریاستوں کے درمیان ایک پل کا کام دے سکتی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ پارلیمانی سفارتکاری سے ریاستوں کے مابین تعاون میں بنیادی کردار ہوسکتا ہے، حقیقی معنوں میں ریاستوں کے مابین تعاون سے اتفاق رائے پیدا کیا جا سکتا ہے۔

    اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ پارلیمان کو معاشرے کو درپیش مسائل پر عوام کی رہنمائی کرنی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ جمہوریت میں قانون ساز ادارے سب سے اہم ہوتے ہیں،قانون ساز ادارے ناکام ہونگے تو عوام ان کا احتساب کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ بین الپارلیمانی تعاون کے ذریعے بین الاقوامی امور میں سرگرم کردار ادا کرنا ہوگا۔

  • اسپیکر اسد قیصر پر شاہد خاقان عباسی کا الزام بے بنیاد ہے، ترجمان قومی اسمبلی

    اسپیکر اسد قیصر پر شاہد خاقان عباسی کا الزام بے بنیاد ہے، ترجمان قومی اسمبلی

    اسلام آباد : ترجمان قومی اسمبلی نے شاہد خاقان عباسی کی جانب سے اسپیکر اسد قیصر پر لگائے جانے والے الزام کو یکسر مسترد کردیا ہے، ترجمان نے واضح کیا کہ  وہ کسی کے دباؤ میں کام نہیں کرتے۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان قومی اسمبلی نے سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کے ان الزامات کو یکسر مسترد کردیا ہے کہ جس میں ان کا کہنا تھا کہ اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر حکومت اور پی ٹی آئی کے دباؤ میں کام کرتے ہیں۔

    اس حوالے سے ترجمان قومی اسمبلی نے اپنے وضاحتی بیان میں کہا ہے کہ اسپیکر پر کسی قسم کا کوئی دباؤ نہیں اور نہ ہی وہ کسی کے دباؤ میں کام کرتے ہیں، اس بات کا ثبوت دیا جائے کہ اسپیکر نے کس سے کہا تھا کہ وہ دباؤ میں کام کررہے ہیں۔

    ترجمان کے مطابق اسد قیصرغیر جانبدارانہ اور آزادانہ طور پر اپنے فرائض انجام دے رہے ہیں، اسپیکر اسد قیصر پردباؤ میں کام کرنے کا الزام سراسر بے بنیاد ہے۔
    اسپیکرقومی اسمبلی پرحکومت اورپی ٹی آئی کا دباؤ ہے، شاھد خاقان عباسی 

    یاد رہے کہ شہبازشریف کی زیرصدارت مشترکہ اپوزیشن کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہا تھا کہ اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر پرحکومت اور پی ٹی آئی کا دباؤ ہے، جس کی وجہ سے وہ ایوان کو چلا نہیں سکتے۔

    شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ اسپیکر قومی اسمبلی کہتے ہیں کہ پروڈکشن آرڈر جاری نہیں کرسکتا. اس کے علاوہ وہ ایوان میں کوئی ڈیبیٹ تک نہیں کراسکتے، قانون میں کسی بھی تبدیلی کے لئے اسمبلی میں بحث ضروری ہے۔

  • احتساب قانون کے مطابق سب کا ہونا چاہیے، عام انتخابات وقت پرہی ہوں گے، اسد قیصر

    احتساب قانون کے مطابق سب کا ہونا چاہیے، عام انتخابات وقت پرہی ہوں گے، اسد قیصر

    مانچسٹر : اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ قانون اور میرٹ کے مطابق احتساب سب کا ہونا چاہیے، جو نیب مقدمات چل رہے ہیں وہ سابقہ حکومت کے دورمیں بنے، عام انتخابات وقت پرہی ہوں گے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے مانچسٹر میں اوورسیز پاکستانیوں سے ایک تقریب میں خطاب کرتے ہوئے کیا، اسد قیصر نے کہا کہ فیصل واوڈا کی پریس کانفرنس کا جائزہ لے کے قانون کے مطابق کارروائی ہوگی۔

    آصف زرداری، شاہد خاقان عباسی اور دیگر رہنماؤں کو گرفتار کیا گیا تو ان کے پروڈکشن آرڈر جاری کرنے سے متعلق فیصلہ قانون کے مطابق کریں گے، انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ بحیثیت اسپیکر سیاست سے بالاتر ہوکر آئین اور قانون کے مطابق فیصلے کروں گا۔

    احتساب سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ نیب میں جو احتساب کے کیسز چل رہے ہیں وہ سابقہ حکومت کے دور میں بنے، ہم نے کسی پر کیس نہیں بنایا، احتساب سب کا ہونا چاہیے مگر قانون اور میرٹ کے مطابق ہونا چاہیے، ہم باتوں کی حد تک نہیں ہیں بلکہ عملی کام کررہے ہیں۔

    اسپیکر قومی اسمبلی کا مزید کہنا تھا کہ وزیراعظم اوورسیز پاکستانیوں کیلئے خصوصی اقدامات اٹھارہے ہیں، آپ لوگ ملک کے سفیر ہیں، ملک کی عزت ہوگی تو آپ کی عزت ہو گی۔

    ملک اس وقت بحران میں ہے،ہم سب نےمل کرکام کرناہے، قومی ادارے اس وقت خسارے میں ہیں جس کی بنیادی وجہ مس مینجمنٹ ہے، پاکستان سےلینےکی بات ہم تب کرسکتےہیں جب ہم پاکستان کوکچھ دیں گے۔

    اسد قیصر نے کہا کہ ہم نے ملک کو اوپراُٹھانا ہے، غربت ختم کرنی ہے، سرمایہ کاری لانی ہے اور یہ ہم سب نےمل کر کرنا ہے، ضیا اورمشرف کےدورمیں سب سےزیادہ امدادآئی مگرسب ضائع کی گئی۔

    اوورسیزپاکستانی ملک میں آئیں تمام سہولتیں مہیاکریں گے، گوادرمیں جوسرمایہ کاری کے مواقع موجود ہیں وہ اب یورپ میں بھی نہیں۔

  • سعودی عرب مشکل کی ہرگھڑ ی میں پاکستانی بھائیوں کےساتھ رہے گا،سعودی وزیراطلاعات

    سعودی عرب مشکل کی ہرگھڑ ی میں پاکستانی بھائیوں کےساتھ رہے گا،سعودی وزیراطلاعات

    اسلام آباد : اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے ملاقات میں سعودی وزیر اطلاعات نے مختلف شعبوں میں ہرممکن تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب مشکل کی ہرگھڑ ی میں پاکستانی بھائیوں کے ساتھ رہے گا۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی سعودی وزیر اطلاعات ڈاکٹرعوادبن صالح سے ملاقات ہوئی، ملاقات میں فواد چوہدری اور سعودی عرب کے سفیر بھی موجود تھے۔

    ملاقات میں دونوں ممالک میں تعلقات کو فروغ اور اہم علاقائی و عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا کہ اقتصادی اور پارلیمانی تعلقات کو فروغ دینے کی ضرورت ہے، دونوں ممالک میں ہر آزمائش پر پورا اترنے والے تعلقات ہیں اور دونوں ممالک ہر مشکل وقت میں شانہ بشانہ کھڑے رہے ہیں ، ہمیشہ علاقائی اور عالمی معاملات پر ایک دوسرے کی حمایت کی۔

    اسدقیصر کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک مشترکہ عقیدہ، ثقافت، تاریخ اور ورثے کے امین ہیں، پارلیمان دونوں ممالک میں تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے لئے پُرعزم ہے۔

    سعودی وزیر نے مختلف شعبوں میں ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات منفرد نوعیت کے ہیں، حکومتی سطح پر رابطوں میں اضافے سے تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔

    مزید پڑھیں : سعودی وزیراطلاعات ڈاکٹر عواد بن صالح پاکستان پہنچ گئے

    ملاقات میں سعودی عرب کی جیلوں میں قید پاکستانیوں کے مسائل پر بھی تبادلہ خیال ہوا،سعودی وزیر نے قید پاکستانیوں کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کا یقین دہانی کراتے ہوئے کہا سعودی عرب مشکل کی ہر گھڑی میں پاکستانی بھائیوں کے ساتھ رہے گا۔

    یاد رہے گذشتہ روز سعودی عرب کے وزیر اطلاعات ڈاکٹرعوادبن صالح سرکاری دورے پر پاکستان پہنچے تھے ، وفاقی وزیر اطلاعات فوادچوہدری نے اپنے ہم منصب کا استقبال کیا۔

    دورے میں سعودی وزیر اطلاعات وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کریں گے اور شاہ سلمان کا خصوصی پیغام وزیراعظم کو دیں گے۔