Tag: Speaker

  • عثمان بزدار سے اسپیکر پنجاب اسمبلی کی ملاقات، مکمل تعاون کی یقین دہانی

    عثمان بزدار سے اسپیکر پنجاب اسمبلی کی ملاقات، مکمل تعاون کی یقین دہانی

    مدینہ منورہ: وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویزالہٰی کی ملاقات ہوئی اس دوران ملکی سیاسی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب سے مدینہ منورہ میں اسپیکر پنجاب اسمبلی نے ملاقات کی، اس موقع پر چوہدری پرویزالہٰی نے عثمان بزدار کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کرادی۔

    اسپیکر کا کہنا تھا کہ عثمان بزدار ہمارے وزیراعلیٰ ہیں، دو درجن ایم پی ایز کے نون لیگ سے رابطے کے بیان میں کوئی سچائی نہیں ہے۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ ایسے حالات ہوئے تو نون لیگ کا بڑا گروپ پی ٹی آئی کے ساتھ ہوگا۔

    ملاقات میں صوبائی وزیر معدنیات عمار یاسر بھی موجود تھے۔

    نیب میں بہتری لانے کے لیے مخالف جماعتوں سے تعاون کو تیار ہیں، نعیم الحق

    خیال رہے کہ گذشتہ روز مسلم لیگ ق کی قیادت سے ملاقات کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے نعیم الحق کا کہنا تھا کہ ’نیب چھوٹی چھوٹی شکایات پر بزنس کمیونٹی کو طلب کر تی ہے، تاجر برادری کو اس حوالے سے شکایات ہیں‘۔

    تحریک انصاف کے رہنما کا کہنا تھا کہ ’کچھ لوگ نہیں چاہتےہمارا مسلم لیگ ق سے اتحادمضبوط ہو اس لیے سازش کے تحت افواہیں پھیلائی گئیں جبکہ حقیقت یہ ہے کہ ہمارے درمیان کوئی اختلاف نہیں، وزیر اعظم کی ہدایت پر چوہدری شجاعت سے ملنے آیا اور ہم چوہدری شجاعت کے بطور وزیراعظم تجربے سے فائدہ اٹھانا چاہتے ہیں‘۔

    اس موقع پر مسلم لیگ ق کے سربراہ کا کہنا تھا کہ افواہیں پھیلانے والوں کاکام ہی صرف افواہیں پھیلاناہے، کچھ لوگ چاہتے ہیں ہمارے درمیان رخنہ ڈالیں مگر ہمارا اتحاد برقرار رہے گا کیونکہ دونوں جماعتوں نے متحد ہوکر ساتھ چلنے کا عہد کیا ہے‘۔

  • اسپیکر بلوچستان اسمبلی کا 5 ماہ کی تنخواہ ڈیم فنڈ میں دینے کا اعلان

    اسپیکر بلوچستان اسمبلی کا 5 ماہ کی تنخواہ ڈیم فنڈ میں دینے کا اعلان

    کوئٹہ: نومنتخب اسپیکر بلوچستان اسمبلی عبدالقدوس بزنجو نے 5 ماہ کی تنخواہ ڈیموں کی تعمیر  کے لیے دینے کا اعلان کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق اسپیکر بلوچستان اسمبلی کا حلف اٹھانے والے بلوچستان عوامی پارٹی کے رہنماء عبدالقدوس بزنجو نے تمام پاکستانیوں سے اپیل کی کہ وہ دیامر بھاشا اور مہمند کے لیے کھولے گئے ڈیم فنڈ میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔

    اُن کا کہنا تھا کہ پانی کی قلت کو دور کرنے کے لیے ڈیمز کا بننا ناگزیر ہے، ہمیں کسی کی ضرورت نہیں، ملک کی بہتری کے لیے خود فنڈ جمع کرسکتے ہیں۔

    نومنتخب اسپیکر کا کہنا تھا کہ بلوچستان دیگر صوبوں کے مقابلے میں زیادہ پسماندہ ہے، ملک کے عوام کو عمران خان سے امیدیں وابستہ ہیں ، چھوٹے صوبوں کے احساس محرومی کو دور ہوجائے تو پاکستان مضبوط ہوگا۔

    پڑھیں : اسپیکر ڈپٹی اسپیکر کا چناؤ، بلوچستان اسمبلی کی کارروائی

    عبدالقدوس بزنجو کا کہنا تھا کہ وفاق اور مرکز سے اپنےحقوق کی بات کریں گے اور تمام جماعتوں کوساتھ لےکر آگےبڑھیں گے۔ انہوں نے تمام اراکین کو مبارک باد دیتے ہوئے مستقبل میں تعاون کی درخواست بھی کی۔

    خیال رہے کہ اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے انتخاب کے لیے بلوچستان اسمبلی میں کا اجلاس ہوا، جس میں راحیلہ درانی کی نگرانی میں نومنتخب اراکین نے رائے شماری میں حصہ لیا۔

    مجموعی طور پر بلوچستان اسمبلی میں ہونے والی ووٹنگ کے دوران 59 اراکین نے حصہ لیا، حاصل بزنجو 39 ووٹ لے کر اسپیکر اور تحریک انصاف کے امیدوار سردار بابر موسیٰ خیل 36 ووٹ لے کر ڈپٹی اسپیکر منتخب ہوئے۔

  • پنجاب اسمبلی کا اسپیکر کون؟ فیصلہ آج ہوجائے گا

    پنجاب اسمبلی کا اسپیکر کون؟ فیصلہ آج ہوجائے گا

    لاہور: پنجاب اسمبلی کے اسپیکر کا فیصلہ آج ہوجائے گا، تحریک انصاف اور ق لیگ کے امیدوار چوہدری پرویز الہیٰ اور ن لیگ کے چوہدری اقبال مد مقابل ہوں گے۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب اسمبلی کے لیے اہم فیصلہ آج ہونے جارہا ہے، چوہدری پرویز الہیٰ تحریک انصاف اور ق لیگ کے امیدوار ہوں گے جبکہ ن لیگ کے چوہدری اقبال میدان میں اتریں گے۔

    تحریک انصاف کی جانب سے چوہدری پرویز الہی اسپیکر جبکہ دوست محمد مزاری ڈپٹی سپیکر کے امیدوار ہیں جبکہ مسلم لیگ ن کی جانب سے چوہدری اقبال گجر سپیکر کے امیدوار نامزد کیے گئے ہیں۔

    پنجاب اسمبلی کے نئے ایوان میں پی ٹی آئی ارکان کی تعداد 175، مسلم لیگ ق کی 10 ہے جبکہ مسلم لیگ ن کے ارکان کی تعداد پنجاب اسمبلی میں 162، پیپلز پارٹی کی 10 ہے۔


    وزیراعظم کے انتخاب کیلئے قومی اسمبلی کا اجلاس کل ہوگا، شیڈول جاری


    علاوہ ازیں راہ حق پارٹی کا ایک رکن جبکہ 3 آزاد ارکان ہیں جبکہ 3 حلقوں میں نتیجہ زیر التوا اور 3 میں الیکشن روکے گئے ہیں، پنجاب اسمبلی کی 7 سیٹیں ارکان کے قومی اسمبلی کا حلف اٹھانے کے باعث خالی ہوئی ہیں۔

    دوسری جانب وزیر اعظم کے انتخاب کا شیڈول جاری کردیا گیا، قومی اسمبلی کے اراکین17اگست کو نئے وزیر اعظم کا انتخاب کریں گے، اجلاس بعد نماز جمعہ ساڑھے تین بجے شروع ہوگا۔

    خیال رہے کہ قومی اسمبلی کے17اگست کو ہونے والے اجلاس کے دوران قائد ایوان کا انتخاب عمل میں لایا جائے گا، جس کے مطابق قومی اسمبلی کا اجلاس بعد نماز جمعہ ساڑھے تین بجے شروع ہوگا۔

  • تحریک انصاف کے اسد قیصر قومی اسمبلی کے اسپیکر، قاسم خان سوری ڈپٹی اسپیکر منتخب

    تحریک انصاف کے اسد قیصر قومی اسمبلی کے اسپیکر، قاسم خان سوری ڈپٹی اسپیکر منتخب

    اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار اسد قیصر قومی اسمبلی کے اسپیکر  اور قاسم خان سوری ڈپٹی اسپیکر منتخب ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق اسپیکر ایاز صادق کی زیر صدارت قومی اسمبلی کا اجلاس شروع ہوا۔ اجلاس کے آغاز میں 5 نو منتخب امیدواروں نے حلف اٹھایا۔

    اس کے بعد اسپیکر کے انتخاب کے لیے پولنگ کا عمل شروع ہوا جس میں پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار اسد قیصر 176 ووٹ لے کر قومی اسمبلی کے اسپیکر منتخب ہوگئے۔

    اسپیکر کے اہم ترین عہدے کے لیے پاکستان تحریک انصاف کے اسد قیصر اور پاکستان پیپلز پارٹی کے خورشید شاہ کے درمیان سخت مقابلہ تھا۔

    اسپیکر کے لیے کل 330 ووٹ کاسٹ کیے گئے جس میں سے 8 مسترد کردیے گئے۔ پولنگ مکمل ہونے کے بعد ایک بار گنتی ہوجانے کے بعد پیپلز پارٹی کی شازیہ مری کی درخواست پر دوبارہ گنتی کی گئی۔

    حتمی نتائج کے مطابق متحدہ اپوزیشن کے امیدوار سید خورشید شاہ نے 146 ووٹ حاصل کیے۔


    اپوزیشن کا احتجاج

    بعد ازاں اسد قیصر کو حلف برداری کے لیے بلایا گیا۔ اس موقع پر مسلم لیگ ن کے مرتضیٰ عباسی نے احتجاجی تقریر کی جس کے ساتھ ہی اپوزیشن پنچوں سے ’ووٹ کو عزت دو‘ کے نعرے لگنے لگے۔

    حلف برداری کے دوران مسلم لیگ ن کے ارکان مسلسل میاں محمد نواز شریف کے حق میں نعرے لگاتے رہے۔ اس دوران پیپلز پارٹی اس احتجاج سے لاتعلق رہی۔

    اب اگلا مرحلہ ڈپٹی اسپیکر کے انتخاب کا ہے۔ ڈپٹی اسپیکر کے لیےتحریک انصاف کے نامزد امیدوار قاسم سوری اور اپوزیشن کے امیدوار اسد محمود میدان میں ہیں۔


    اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کا انتخاب

    اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کا انتخاب خفیہ رائے شماری سے ہوگا۔ پہلے مرحلے میں اسپیکر کا انتخاب قاعدہ 9 باب 3 کے تحت ہوا۔

    پولنگ کے موقع پر کسی بھی رکن کو موبائل سے ووٹ کی تصویر بنانے کی اجازت نہیں دی گئی۔ ہر ووٹر کو بیلٹ پیپر سیکریٹری اسمبلی کی طرف سے جاری کیا گیا۔

    امیدواروں نے اپنے دو دو پولنگ ایجنٹوں کے نام اسپیکر کو دیے۔ امیدواروں اور پولنگ ایجنٹس کی موجودگی میں ووٹوں کی گنتی ہوئی، کامیاب اسپیکر سے سبکدوش اسپیکر نے حلف لیا۔


    عمران خان شناختی کارڈ ساتھ لانا بھول گئے

    اسپیکر کے انتخاب کے دوران پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان رجسٹریشن اور شناختی کارڈ ساتھ لانا بھول گئے۔ پولنگ ایجنٹس کی رضا مندی سے عمران خان کو ووٹ کاسٹ کرنے دیا گیا۔


    ڈپٹی اسپیکر کا انتخاب

    ڈپٹی اسپیکر کے لیے پی ٹی آئی کےقاسم خان سوری اور متحدہ اپوزیشن کےاسعد محمود میں مقابلہ تھا،

    پی ٹی آئی کے قاسم خان سوری 183ووٹ لےکرڈپٹی اسپیکرقومی اسمبلی منتخب ہوئے، متحدہ اپوزیشن کےامیدواراسعدمحمودنے144ووٹ حاصل کیے۔ ڈپٹی اسپیکر کے انتخاب میں  328ووٹ کاسٹ ہوئے،ایک ووٹ مستردہوا۔

  • ن لیگ اور پیپلزپارٹی کی قدریں مشترک نہیں ہیں، شاہ محمود قریشی

    ن لیگ اور پیپلزپارٹی کی قدریں مشترک نہیں ہیں، شاہ محمود قریشی

    اسلام آباد : تحریک انصاف کے مرکزی رہنما شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ اتحادیوں نے اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے لیے پی ٹی آئی کے دونوں امید واروں پر اعتماد کا اظہار کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ امید ہےآج پی ٹی آئی کےامیدوارکامیاب ہوں گے، کیوں کہ قومی اسمبلی میں پی ٹی آئی کو اراکین اسمبلی کی واضح حمایت حاصل ہے۔

    پاکستان کے سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ اتحادیوں نے ہمارے دونوں امید واروں پر اعتماد کا اظہار کیا ہے، ن لیگ اور پیپلزپارٹی کا غیر فطری الائنس ہے۔

    پاکستان تحریک کے مرکزی رہنما نے میڈیا سے گفتگو کے دوران کہا کہ ن لیگ اور پیپلزپارٹی کی قدریں مشترک نہیں ہیں، اس لیے ن لیگ اور پیپلزپارٹی کا الائنس دیرپا نہیں ہے، دونوں جماعتوں نے ایک دوسرے پر تحفظات کا اظہار کیا ہے۔

    رہنما پی ٹی آئی شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ دونوں جماعتوں کے ممبران کا حوصلہ ہوگا کہ خورشید شاہ کو ووٹ دیں، آئندہ ایک دو روزمیں دونوں جماعتوں میں تحفظات سامنے آجائیں گے۔

    خیال رہے کہ آج اراکان قومی اسمبلی اپنے حق رائے دہی کے ذریعے اسپیکر اور ڈپٹی برائے قومی اسمبلی کا انتخاب کریں گی، اسپیکر کے لیے پی ٹی آئی کے اسد قیصر اور پی پی پی کے خورشید شاہ کے درمیان کانٹے کا مقابلہ متوقع ہے۔

    ڈپٹی اسپیکرکے لئے پی ٹی آئی کے نامزد امیدوار قاسم سوری اوراپوزیشن کے امیدوار اسد محمود میدان میں ہیں

    یاد رہے کہ اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکرکے لئے 4 امیدوارمیدان میں ہیں، چاروں امیدواروں نے کاغذات گذشتہ روز جمع کرائے تھے۔

    واضح رہے کہ اسپیکراورڈپٹی اسپیکرکا انتخاب خفیہ رائے شماری سے ہوگا، پہلے مرحلے میں اسپیکر کا انتخاب قاعدہ 9 باب 3 کے تحت ہوگا.

    موجودہ اسپیکرایازصادق نئے اسپیکر کے لئے اجلاس کی صدارت کریں گے، اس موقع پر کسی بھی رکن کو موبائل سے ووٹ کی تصویربنانے کی اجازت نہیں ہوگی، ہرووٹرکو بیلٹ پیپر سیکرٹری اسمبلی کی طرف سے جاری ہوگا.

  • کپتان اسپیکر کے الیکشن میں کامیابی کے لیے پُرامید، جہانگیر ترین کو خصوصی ہدایت

    کپتان اسپیکر کے الیکشن میں کامیابی کے لیے پُرامید، جہانگیر ترین کو خصوصی ہدایت

    اسلام آباد: پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان نے امید ظاہر کی ہے کہ ان کا نامزد کردہ امیدوار اسپیکر کے انتخاب میں‌ 180 سے زائد ووٹ لینے میں‌ کامیاب رہے گا.

    تفصیلات کے مطابق کپتان اسپیکر کے انتخاب میں‌ کامیابی کے لیے پرامید ہیں، اس ضمن میں پارٹی کے سینئر رہنما جہانگیر ترین کو خصوصی ہدایت جاری کی گئی ہے.

    آج عمران خان سے پارٹی رہنماؤں کی اہم ملاقاتیں ہوئیں. جہانگیرترین، اسدعمر،نعیم الحق، عمران اسماعیل اور علی زیدی بنی گالا میں کپتان سے ملے.

    ان ملاقاتوں میں اسپیکراورڈپٹی اسپیکرقومی اسمبلی کے انتخاب اور حکومت سازی پر تبادلہ خیال ہوا، اس موقع پر عمران خان نے جہانگیرترین کو اتحادیوں اورآزاد ارکان سے رابطوں کی ہدایت کی.


    اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کا انتخاب، چار امیدواروں میں سخت مقابلہ متوقع


    عمران خان نے تمام ارکان کو اسمبلی میں 100 فی صد حاضری یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے اور امید ظاہر کی ہے کہ پی ٹی آئی کا امیدوار 180سے زائدووٹ لینے میں‌ کامیاب رہے گا.

    واضح رہے کہ قومی اسمبلی میں‌ اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کا انتخاب 15 اگست بہ روز بدھ ہوگا۔

    پی ٹی آئی کی جانب سے اسد قیصر، جب کہ متحدہ اپوزیشن کی جانب سے خورشید شاہ کو نامزد کیا گیا ہے۔

  • نگراں وزیر اعظم کے لیے درخواست کے بعد ہی پارلیمانی کمیٹی تشکیل دوں گا: ایاز صادق

    نگراں وزیر اعظم کے لیے درخواست کے بعد ہی پارلیمانی کمیٹی تشکیل دوں گا: ایاز صادق

    اسلام آباد: اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ نگراں وزیر اعظم کے لیے درخواست کے بعد ہی کمیٹی تشکیل دوں گا تاہم اب تک وزیر اعظم یا اپوزیشن لیڈر نے کمیٹی کے لیے درخواست نہیں دی۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کیا، ایاز صادق کا کہنا تھا کہ اسمبلیوں کی مدت ختم ہونے کے 3 روز بعد پارلیمانی کمیٹی کی تشکیل ہوتی ہے، کمیٹی میں حکومت اور اپوزیشن کے 4، 4 ارکان شامل ہوں گے۔

    صحافی کے سوال پر اسپیکر قومی اسمبلی کا کہنا تھا کہ قومی اسمبلی کی مدت ختم ہونے کے ساتھ ہی اسپیکر چیمبر خالی کردوں گا، بطور اسپیکر ضروری فائل ورک گھر بیٹھ کر بھی کرسکتا ہوں۔


    ن لیگ حکومت کی رخصتی قریب، نگراں وزیراعظم کا نام فائنل نہ ہوسکا


    ان کا مزید کہنا تھا کہ آئندہ الیکشن کس حلقے سے لڑوں گا اس کا فیصلہ پارٹی کے ہاتھ میں ہے، پارٹی جو فیصلہ کرے گی وہ مجھے منظور ہوگا، نگراں وزیر اعظم کون ہوگا اس کا فیصلہ بھی جلد کر لیا جائے گا۔

    یاد رہے کہ نگراں وزیر اعظم کے معاملے پر ن لیگ اور اپوزیشن کے درمیان ڈیڈ لاک تاحال برقرار ہے۔ چوہدری نثار نے اپنے تازہ بیان میں دعویٰ کیا تھا کہ یہ معاملہ پارلیمانی کمیٹی حل کرے گی۔

    خیال رہے کہ ن لیگی حکومت کا آخری عشرہ ہے لیکن نگراں وزیراعظم کا انتخاب نہ ہوسکا ہے، وزیراعظم اور اپوزیشن لیڈر کی چھ طویل ملاقاتوں کے بعد بھی نگران سیٹ اپ کے معاملے پر ڈیڈلاک برقرار ہے، دونوں نے ایک دوسرے کے تجویز کردہ نام مسترد کردیے ہیں جبکہ تحریک انصاف بھی پیپلزپارٹی کے ناموں کو مسترد کرچکی ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • سندھ اسمبلی میں ہنگامہ، جوتا دکھانے پر نصرت عباسی کو ایوان سے باہر نکالنے کا حکم

    سندھ اسمبلی میں ہنگامہ، جوتا دکھانے پر نصرت عباسی کو ایوان سے باہر نکالنے کا حکم

    کراچی : سندھ اسمبلی میں حکومتی رکن کی تقریر پر مسلم لیگ فنکشنل اور دیگر اپوزیشن اراکین کا احتجاج، شہلا رضا نے نصرت عباسی کو جوتا دکھانے پر ایوان سے باہر نکالنے کا حکم دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کی گرمی کا اثر سندھ اسمبلی پر بھی ہوا اور اسمبلی آج پھر مچھلی منڈی بنی رہی، حکومتی بنچوں سے اپوزیشن جماعتوں پر تنقید پر خوب گرما گرمی ہوئی۔

    سندھ اسمبلی میں حکومتی افراد کی جانب سے تنقید پر اپوزیشن ارکان آگ بگولہ ہوگئے اور نصرت سحر عباسی نے تو احتجاجاً حکومتی ارکان کو جوتا دکھا دیا۔

    مسلم لیگ فنکشنل کی رکن صوبائی اسمبلی نصرت سحر عباسی کی جانب سے جوتا دیکھائے جانے پر ڈپٹی اسپیکر شہلا رضا نصرت سحر عباسی پر برہم ہوگئی اور ایوان سے باہر نکالنے کا حکم دے دیا۔

    رکن صوبائی اسمبلی نصرت سحر عباسی نے کہا کہ خواتین کی بے حرمتی اور بے عزتی کرنے والے اسی قابل ہیں کہ انہیں جوتے پڑیں۔

    نصرت سحر عباسی کا کہنا ہے کہ اگر آئندہ بھی کسی نے ایسی حرکت کرنے کی کوشش کی تو اسے جوتے پڑیں گے، اسمبلی میں حکومت پر تنقید کریں تو خواتین ممبران اسمبلی کو حیا یاد دلائی جاتی ہے۔

    سندھ اسمبلی کی ڈپٹی اسپیکر شہلا رضا نے خواجہ اظہار الحسن کو شہلا کہہ کر مخاطب کرنے پر ڈانٹ لگاکر کہا کہ ’کیا کیا شہلا شہلا لگا رکھا ہے، ایوان میں ڈپٹی اسپیکر ہوں ڈپٹی اسپیکر کہہ کر مخاطب کریں‘۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • پاکستان میں 1970 کے بعد کبھی شفاف الیکشن نہیں ہوئے: شہلا رضا

    پاکستان میں 1970 کے بعد کبھی شفاف الیکشن نہیں ہوئے: شہلا رضا

    کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی کی مرکزی رہنما اور ڈپٹی اسپیکر سندھ اسمبلی شہلا رضا نے کہا ہے کہ پاکستان میں 1970 کے بعد کبھی شفاف انتخابات نہیں ہوئے، دنیا میں 70 سے 80 فیصد ووٹنگ پر الیکشن شفاف قرار دیے جاتے ہیں۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام ’اعترض ہے‘ میں انٹرویو دیتے ہوئے کیا، شہلا رضا کا کہنا تھا کہ ملک میں جب تک شفاف الیکشن نہیں ہوں گے اس وقت تک مسائل ختم نہیں ہوسکتے، انتخابات کو شفاف بنانے کے لیے الیکشن کمیشن کو کردار ادا کرنا ہوگا۔

    پیپلز پارٹی سے متعلق پوچھے گئے سوال پر ڈپٹی اسپیکر سندھ کا کہنا تھا کہ 2013 کے الیکشن میں پیپلز پارٹی کو کھلا میدان نہیں ملا تھا، ماضی میں 3 جماعتوں کو طالبان کی جانب سے دھمکیاں دی گئیں تھیں، جن میں پی پی بھی شامل تھی، اس دوران پیپلز پارٹی کے وزیر اعظم کے بیٹے کو بھی اغوا کیا گیا تھا۔

    شریف خاندان دوسری خواتین کی عزت نہیں کرتا، شہلا رضا

    ان کا کہنا تھا کہ جمہوری سیاست کے لئے سب کو اپنے رویے بدلنے ہوں گے، موجودہ سیاسی صورت حال سے جمہوری سیاست کبھی پروران نہیں چڑھ سکتی، کٹھ پتلی حکومت آنے سے ملک کا نقصان ہوتا ہے، انتخابات کو شفاف بنانے کے لیے حکمت عملی تیار کرنا ہوگی۔

    پی ٹی آئی نے کراچی کا کچرا عامر لیاقت اٹھالیا، بدبو بھی ڈھک دیتے، شہلا رضا

    خیال رہے کہ گذشتہ دنوں شہلا رضا نے پیپلز پارٹی کے دور حکومت میں ہونے والے اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے کہا تھا کہ کراچی میں تمام غیر قانونی ہائیڈرنٹس پیپلزپارٹی دور میں ختم کئے گئے، ہم نے عوام کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • فلسطین کی آزادی پر یکساں موقف رکھتے ہیں:انڈونیشی صدرکا پاکستانی پارلیمنٹ میں‌ خطاب

    فلسطین کی آزادی پر یکساں موقف رکھتے ہیں:انڈونیشی صدرکا پاکستانی پارلیمنٹ میں‌ خطاب

    اسلام آباد: قائد اعظم محمد علی جناح نے بھی انڈونیشیا کی آزادی کی حمایت کی تھی، پاکستان اور انڈونیشیا فلسطین کی آزادی پر یکساں موقف رکھتے ہیں۔ 

    ان خیالات کا اظہار انڈونیشی صدر جوکو ویدودو نے پاکستان کے دورے کے موقع پر پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ 

    تفصیلات کے مطابق انڈونیشی صدر جوکوویدودو نے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور انڈونیشیا فلسطین پر یکساں موقف رکھتے ہیں، دنوں ملکوں کی طرف سے فلسطینی بھائیوں کی جدوجہد کی مکمل حمایت جاری رہے گی۔

    انڈونیشی صدر نے پارلیمنٹ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انڈونیشیا سب سے زیادہ آبادی والا مسلم ملک ہے، انڈونیشیا میں بھی دیگر مذاہب کے لوگ بستے ہیں، قائد اعظم نے بھی انڈونیشیا کی آزادی کے لیے  ہماری حمایت کی تھی۔

    خطاب کے دوران ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور انڈونیشیا آپس میں اتحاد، بھائی چارگی، ہم آہنگی پر یقین رکھتے ہیں اور یہی ہمارا نصب العین ہے۔

    یروشلم تنازع، انڈونیشیا کے مسلمانوں کا امریکا کے خلاف بڑا اعلان

    دوسری جانب اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے انڈونیشی صدر کی پاکستان آمد کا  شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ صدر ویدودو کی پارلیمنٹ آمد ہمارے لیے اعزاز کی بات ہے۔

    اسپیکر ایاز صادق نے انڈونیشیا کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ انڈونیشی بھائیوں نے ہر مشکل میں پاکستان کا ساتھ دیا۔

    یاد رہے گذشتہ سال انڈونیشی حکام نے باہمی تعلقات کو بہتر بنانے کے لیے  پاکستانی شہریوں پر عائد ویزا قوانین پر نرمی کا اعلان کیا تھا۔ جس کے بعد پاکستانی حکام کا کہنا تھا کہ ویزا پالیسی میں اس نرمی سے نہ صرف دونوں ممالک کے درمیان باہمی اور معاشی تعلقات میں اضافہ ہوگا بلکہ دونوں ممالک کے عوام میں راوبط مضبوط ہوں گے۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں