Tag: Special Committee

  • مقبوضہ کشمیر پر خصوصی کمیٹی کا پہلا اجلاس

    مقبوضہ کشمیر پر خصوصی کمیٹی کا پہلا اجلاس

    اسلام آباد: مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر وزیر اعظم عمران خان کی قائم کردہ خصوصی کمیٹی کا پہلا ان کیمرہ اجلاس ہوا، اجلاس میں مقبوضہ کشمیر کی موجودہ صورتحال پر گفتگو کی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر خصوصی کمیٹی کا پہلا ان کیمرہ اجلاس ہوا جس کی صدارت وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کی، اجلاس دفتر خارجہ میں ہوا۔

    اجلاس میں انٹیلی جنس ایجنسی آئی ایس آئی کے ڈائریکٹر جنرل، پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے ڈائریکٹر جنرل، ڈی جی ملٹری آپریشنز، وزیر قانون فروغ نسیم، معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان، پارلیمانی کمیٹی برائے کشمیر کے چیئرمین، اٹارنی جنرل، صدر و وزیر اعظم آزاد کشمیر اور گورنر گلگت بلتستان شریک ہوئے۔

    اجلاس میں مقبوضہ کشمیر کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا، پاکستان کی جانب سے عالمی سطح پر اقدامات میں پیشرفت پر بات چیت ہوئی جبکہ بھارتی حکومت کے حالیہ اقدامات اور لائن آف کنٹرول کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔

    اجلاس کو بھارتی فوج کی ایل او سی پر جاری خلاف ورزیوں اور مقبوضہ کشمیر کی آئینی حیثیت کی تبدیلی پر عالمی قانونی پہلوؤں پر بریفنگ دی گئی۔ وزیر خارجہ نے سفارتی کوششوں اور سلامتی کونسل اجلاس پر شرکا کو اعتماد میں لیا۔ اجلاس میں بھارتی غیر قانونی اقدام اور خطے میں امن کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

    اجلاس میں بھارت کی جانب سے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں، مقبوضہ کشمیر پر سیکیورٹی کونسل کے اجلاس اور ثمرات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    اس سے قبل وزیر اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے اقوام متحدہ میں کشمیر کا مقدمہ بہترین انداز میں پیش کیا، دنیا کشمیر کے معاملے پر پاکستان کا مؤقف سن اور سمجھ رہی ہے، کشمیر پر پاکستان سفارتی محاذ پر درست سمت میں آگے بڑھا ہے۔

    انہوں نے کہا تھا کہ مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر سلامتی کونسل اجلاس کا خیر مقدم کرتا ہوں، 50 سال میں پہلی بار دنیا کے بڑے سفارتی فورم پر مسئلہ کشمیر اٹھایا گیا۔ اقوام متحدہ کی 11 قراردادوں میں کشمیریوں کے حق خود ارادیت کا عزم کیا گیا۔

  • بچوں کی فحش فلمیں بنانے کا ملزم چارروزہ ریمانڈ پرایف آئی اے کے حوالے

    بچوں کی فحش فلمیں بنانے کا ملزم چارروزہ ریمانڈ پرایف آئی اے کے حوالے

    لاہور : مقامی عدالت نے چائلڈ پورنو گرافی کے الزام میں گرفتار ملزم کو چار روزہ جسمانی ریمانڈ پر ایف آئی اے کے حوالے کر دیا، بچوں کے خلاف جنسی جرائم کی تفتیش کے لئے خصوصی کمیٹی تشکیل دے دی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی نے بچوں کی نازیبا ویڈیوز بنانے اور انہیں انٹر نیٹ پر اپ لوڈ کرنے کے الزام میں گزشتہ روز جھنگ سے گرفتار ہونے والے ملزم تیمور کو جسمانی ریمانڈ کیلئے عدالت میں پیش کیا۔

    ایف آئی اے نے عدالت کو بتایا کہ ملزم تیمور کمسن بچوں کی فحش ویڈیوز بنا کرغیر ملکی ویب سائٹس پر اپ لوڈ کرتا ہے وہ ایک منظم گروہ سے تعلق رکھتا ہے، اس گروہ کے متعلق غیر ملکی اداروں کی نشاندہی پر کارروائی کی گئی اور اسے گرفتار کیا گیا۔

    اب ملزم سے تفتیش کے ذریعے مذکورہ ویڈیوز، جائے وقوعہ کی نشاندہی اور اس کے دیگر ساتھی ملزمان کے بارے میں پوچھ گچھ اور ان گرفتاری کیلئے چودہ روزہ جسمانی ریمانڈ دیاجائے۔

    عدالت نے فریقین کا مؤقف سننے کے بعد ملزم کو چار روزہ ریمانڈ پر ایف آئی اے کے حوالے کردیا، یاد رہے کہ ملزم تیمور الیکٹریکل انجینئر ہے اور اس کو گزشتہ روز جھنگ سے گرفتار کیا گیا تھا۔

    اس حوالے سے ڈپٹی ڈائریکٹرایف آئی اے سا ئبرکرائمز خا لد انیس کا کہنا تھا کہ ملزم سے برآمد60جی بی ڈیٹا اسکین کرلیا گیاہے، ممنوعہ فلمیں دیگر ملکوں کے بچوں کی ہیں اس میں پاکستان کے کسی بچے کی کوئی وڈیو شامل نہیں۔

    علاوہ ازیں ایف آئی اے نے بچوں کے خلاف جنسی جرائم کی تفتیش اور اس کی روک تھام کے لئے دو رکنی کمیٹی تشکیل دی ہے، مذکورہ کمیٹی مختلف علاقوں میں ہونے والی اس طرح کی واردارتوں کے سدباب کیلئے مؤثر اقدامات کرے گی۔

  • قومی اسمبلی کی 20 رکنی اخلاقیات کمیٹی کا قیام مؤخر

    قومی اسمبلی کی 20 رکنی اخلاقیات کمیٹی کا قیام مؤخر

    اسلام آباد: قومی اسمبلی میں پاکستان تحریک انصاف کی سابق رکن عائشہ گلالئی کے معاملے پر 20 رکنی اخلاقیات کمیٹی کے قیام کا فیصلہ مؤخر کردیا گیا۔ ذرائع کے مطابق کمیٹی کے قیام کے بعد حمزہ شہباز اور عائشہ احد کا معاملہ آنے کا بھی خدشہ تھا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کی سابق رکن عائشہ گلالئی کی جانب سے چیئرمین عمران خان پر لگائے جانے والے الزامات کی تحقیقات اور کارروائی کے لیے 20 رکنی اخلاقیات کمیٹی بنانے کا فیصلہ کیا گیا تھا جو آج قومی اسمبلی کے اجلاس میں مؤخر کر دیا گیا۔

    یاد رہے کہ چند روز قبل عائشہ گلالئی نے پاکستان تحریک انصاف سے علیحدگی کا اعلان کرتے ہوئے چیئرمین عمران خان پر سنگین الزامات عائد کی تھے۔

    مزید پڑھیں: تحریک انصاف میں خواتین کی عزت محفوظ نہیں، گلالئی

    عائشہ گلالئی کے الزامات کے بعد وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے تحقیقاتی کمیٹی بنانے کا اعلان کیا تھا جس کا عمران خان نے خیر مقدم کیا تھا۔

    ابھی اس کمیٹی کے قیام پر کام جاری تھا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے صاحبزادے حمزہ شہباز کی اہلیہ ہونے کا دعویٰ کرنے والی عائشہ احد ایک بار پھر منظر عام پر آگئیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ حمزہ شہباز نے ان سے جھوٹ بول کر شادی کی اور بعد میں مکر گئے۔ حمزہ شہباز نے پنجاب پولیس کے ذریعے مجھے میرے اہلخانہ سمیت تشدد کا نشانہ بھی بنوایا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ قومی اسمبلی کی 20 رکنی اخلاقیات کمیٹی میں عائشہ احد کا معاملہ اٹھائے جانے کا بھی امکان تھا جس کے بعد کمیٹی کے قیام کا فیصلہ مؤخر کردیا گیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق اسپیکر قومی اسمبلی نے مستقل اخلاقیات کمیٹی کے بجائے الگ کمیٹی بنانے کا فیصلہ کیا ہے جو 10 ارکان پر مشتمل ہوگی۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔