Tag: SpiceJet

  • نجی ایئرلائن نے سیکڑوں ملازمین فارغ کرنے کا منصوبہ بنا لیا

    نجی ایئرلائن نے سیکڑوں ملازمین فارغ کرنے کا منصوبہ بنا لیا

    ممبئی: بھارتی ایئرلائن اسپائس جیٹ نے سیکڑوں ملازمین فارغ کرنے کا منصوبہ بنا لیا ہے۔

    بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارت کی سستی ایئرلائن اسپائس جیٹ بحران کی شکار ہو گئی ہے، جس سے نکلنے کے لیے اس نے 1400 ملازمین کو فارغ کرنے کا منصوبہ بنایا ہے۔

    اطلاعات کے مطابق ایئرلائن آنے والے دنوں میں اپنے ملازمین کو گلابی سلپس (ملازمتوں سے برطرفی کا پروانہ) حوالے کر سکتی ہے، ایئرلائن کا کہنا ہے کہ ملازمتوں میں اس کٹوتی کا مقصد اخراجات گھٹانا اور فضائی بیڑے کی سرگرمیوں کو معمول پر لانا ہے۔

    اسپائس جیٹ اس وقت مالی پریشانیوں، قانونی جنگوں اور دیگر مشکلات کا سامنا کر رہی ہے، کمپنی کا کہنا تھا کہ اس کے طیاروں کی تعداد گھٹ چکی ہے اور ان کے مقابلے میں افرادی قوت زیادہ ہے، جس پر قابو پانے کے لیے ملازمین کو نوکری سے فارغ کرنے کا قطعی فیصلہ اس ہفتہ متوقع ہے۔

    واضح رہے کہ ایئرلائن میں اس وقت 9 ہزار ملازمین کام کر رہے ہیں، جس میں دس سے پندرہ فی صد تخفیف کی جائے گی، کمپنی کے مطابق اس اقدام سے اسے سالانہ 100 کروڑ روپے تک کی بچت ہوگی۔

  • مسافر کی ایئر ہوسٹس کے ساتھ نازیبا حرکت، سیکیورٹی عملہ حرکت میں آگیا

    نئی دہلی: بھارت میں فضائی سفر کے دوران ایک مسافر نے عملے کی خاتون رکن کے ساتھ نازیبا حرکت کی جس کے بعد اسے آف لوڈ کر کے سیکیورٹی حکام کے حوالے کردیا گیا۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق واقعہ اسپائس جیٹ کی نئی دہلی سے حیدر آباد کی فلائٹ میں پیش آیا۔

    ایک عمر رسیدہ مسافر نے جہاز پر چڑھنے کے دوران طیارے کے عملے کی خاتون رکن کو جسمانی طور پر ہراساں کیا اور اس کے ساتھ نازیبا حرکت کی۔

    خاتون رکن نے طیارے کے پائلٹ اور گراؤنڈ پر موجود عملے کو شکایت درج کروائی جس پر فوری کارروائی عمل میں لائی گئی۔

    مسافر اور اس کے ساتھی کو آف لوڈ ہونے کا حکم دیا گیا جس پر مسافر اور عملے کے درمیان تلخ کلامی بھی ہوئی۔ دونوں کے درمیان تکرار کی ویڈیو ایک اور مسافر نے بنائی جسے سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کردیا گیا۔

    مسافر اور اس کے ساتھی کو آف لوڈ کرنے کے بعد سیکیورٹی حکام کے حوالے کردیا گیا۔

  • بھارتی شہری نے بم کی جھوٹی اطلاع دے کر پرواز کیوں رکوائی؟

    نئی دہلی: اپنے دو دوستوں کی الوداعی ملاقات کو طویل کرنے کے لیے بھارتی شہری نے نجی ایئرلائن کی پرواز کو بم کی جھوٹی اطلاع بھیج کر رکوا دیا، تاہم اسے یہ حرکت نہایت مہنگی پڑ گئی۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق دہلی پولیس نے دوارکا کے رہنے والے 24 سالہ ابھیناؤ پرکاش کو جمعہ کے روز پونے جانے والی اسپائس جیٹ کی فلائٹ کے ٹیک آف سے قبل جعلی بم کی اطلاع دینے پر گرفتار کر لیا۔

    پرکاش نے پولیس کو بتایا کہ اس نے جعلی بم کال اس لیے کی تاکہ اس کے دوست اپنی گرل فرینڈز کے ساتھ زیادہ وقت گزار سکیں، جو اسپائس جیٹ کی فلائٹ سے دہلی سے روانہ ہو رہے تھے۔

    بم کی اطلاع ملنے پر ایئر لائن نے پونے جانے والی فلائٹ کی روانگی کو روک دیا اور جہاز کی مکمل تلاشی لی گئی، تاہم حکام کو جہاز میں سے کوئی مشکوک چیز نہ ملی۔

    دہلی پولیس نے کالر کو ڈھونڈنے کے لیے ایک ٹیم تشکیل دی، جنھوں نے ابھیناؤ پرکاش کو ڈھونڈ نکالا، جو برٹش ایئر ویز کے ٹکٹنگ کاؤنٹر پر ایک ٹرینی کے طور پر کام کر رہا تھا۔

    ایئر لائن کے ترجمان نے جمعے کو کہا کہ دہلی سے پونے جانے والی فلائٹ کو آئی جی آئی ایئر پورٹ سے ساڑھے چھ بجے روانہ ہونا تھا، تاہم روانگی سے چند منٹ قبل پرواز کے ریزرویشن آفس میں کال موصول ہوئی کہ جہاز میں بم ہے۔

    ترجمان نے مطابق اطلاع کے وقت فلائٹ میں مسافروں کی بورڈنگ شروع نہیں ہوئی تھی، کال کے بعد جہاز کو عمارت سے دور لے جایا گیا اور بم کو تلاش کیا گیا۔

    پولیس نے بتایا کہ ملزم کے دوست اپنی گرل فرینڈز کے ساتھ مزید کچھ وقت گزارنا چاہتے تھے اور انھوں نے ملزم سے کوئی راستہ تلاش کرنے کا کہا تھا، تاکہ فلائٹ تاخیر سے روانہ ہو۔