Tag: Spokesperson

  • بھارتی فورسز حکومتی سرپرستی میں بربریت کر رہی ہیں، پاکستان

    بھارتی فورسز حکومتی سرپرستی میں بربریت کر رہی ہیں، پاکستان

    پاکستان نے بھارت میں ہندوا توا نظریے کے ابھرنے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی فورسز حکومتی سرپرستی میں بربریت کررہی ہیں۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ عاصم افتخار نے ہفتہ وار بریفنگ دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کو بھارت میں ہندوا توا نظریے کے ابھرنے پر تشویش ہے، مقبوضہ کشمیر میں جامع مسجد سری نگر میں نماز پرپابند عائد کی گئی، بھارتی فورسز حکومتی سرپرستی میں بربریت کر رہی ہیں، مودی حکومت اقلیتوں کے تحفظ کو یقینی بنائے۔

    ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان نے مذاکرات کے دروازے کبھی بند نہیں کیے، بھارت سمیت تما پڑوسی ممالک سے دوستی چاہتے ہیں لیکن مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی اقدامات کے باعث اس سے مذاکرات بند ہوئے یہ بھارت پر ذمےداری ہے کہ وہ مذاکرات کے لیے مناسب ماحول پیدا کرے۔

    عاصم افتخار نے کہا کہ بھارت کے ساتھ تجارت کےبارے میں خبریں سامنے آئی ہیں اس حوالے سے گزشتہ روز وزارت تجارت نے وضاحت جاری کی ہے کہ بھارت سے تجارت کی پالیسی میں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔

    انہوں نے بھارت میں شنگھائی تعاون تنظیم کمیٹی اجلاس میں پاکستان کی شرکت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ایس سی او انسداد دہشت گردی ماہرین کمیٹی کا اجلاس 16 مئی کو دلی میں ہوگا جسمیں وزارت خارجہ کے حکام اور ماہرین کا وفد شریک ہوگا۔

    ترجمان نے بتایا کہ وزیرخارجہ بلاول بھٹو نے نےاپنے چینی ہم منصب سے ورچوئل ملاقات کی جس میں سی پیک منصوبہ سمیت چینی شہریوں کی سیکیورٹی پر بات چیت ہوئی اور دونوں وزرائے خارجہ نے جامعہ کراچی میں دہشت گرد ی کی مذمت کی۔

    ترجمان وزارت خارجہ کے مطابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو 17 مئی کو امریکا کے دورے پر روانہ ہوں گے جہاں ان کی اگلے روز سیکریٹری این ٹونی بلنکن سے ملاقات ہوگی۔

    انہوں نے کہا کہ اسرائیلی فورسز کی فائرنگ سے صحافی کی موت قابل مذمت ہے، رمضان المبارک کے آخری جمعے کو مسجد اقصیٰ پر اسرائیل کے چھاپے کی مذمت کرتے ہیں۔

    عاصم افتخار نے افغانستان میں سیلاب سے تباہی اور نقصانات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ پاکستان نے امدادی سامان سے بھرے جہاز افغانستان بھجوائے ہیں اور پاکستان افغان عوام کی مدد جاری رکھے ہوئے ہے۔

  • ‘مراسلے کو کئی روز تک کو دبانے کے حوالے سے خبریں بے بنیاد ہیں’

    ‘مراسلے کو کئی روز تک کو دبانے کے حوالے سے خبریں بے بنیاد ہیں’

    ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ مراسلے کئی روز تک کو دبانے کے حوالے سے خبریں بے بنیاد ہیں، ٹیلی گرام دفترخارجہ پہنچا اور قانون کے مطابق متعلقہ حکام کے حوالے کیا گیا۔

    دفتر خارجہ پاکستان کے ترجمان عاصم افتخار نے اسلام آباد میں میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ غیر ملکی مراسلے کا بغور جائزہ لیا گیا، پریمئیر انٹیلی جنس ایجنسی نے کمیٹی کو بریفنگ دی، ایجنسی نے تصدیق کی کہ کسی بیرونی سازش کےثبوت نہیں ملے، سلامتی کمیٹی کے دونوں بیان ایک دوسرے سےملتے ہیں۔

    ترجمان دفتر خارجہ نے صحافیوں کے سوالات کے جواب میں کہا کہ مراسلے کئی روز تک کو دبانے کے حوالے سے خبریں بے بنیاد ہیں، ٹیلی گرام دفترخارجہ پہنچا اور قانون کے مطابق متعلقہ حکام کے حوالے کیا گیا اور قومی سلامتی کمیٹی میں زیر بحث لایا گیا اور پھر ڈیمارش دیا گیا، ہمیں اب پاکستان کے مفادات کی سفارتکاری پر توجہ اور اس بحث سے آگے بڑھنے کی ضرورت ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ اسد مجید پر کسی قسم کا دباؤ نہیں تھا ایسی خبریں من گھڑت ہیں، اسد مجید نے خود کمیٹی کو بریفنگ دی ان سے انکوائری نہیں کی گئی، اسد مجید اب بیلجئم میں نئے سفیر کے طور پر ذمے داریاں سنبھالیں گے اور وہ اپنے نئے اسائنمنٹ پر برسلز پہنچ گئے ہیں۔

    ترجمان دفتر خارجہ عاصم افتخار نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ بھارت کے ساتھ اچھے تعلقات چاہتے ہیں لیکن مستقل امن کیلیے مسئلہ کشمیر کا حل لازمی ہے، بھارت میں ہندو توا نظریات فروغ پا رہے ہیں، اقلیتوں کے خلاف ناروا رویہ روا رکھا جا رہا ہے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کا مقبوضہ کشمیر کا دورہ دھوکا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ بھارت کی جانب سے رتلے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھنے کی شدید مذمت کرتے ہیں، منصوبہ عالمی قوانین اور سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی ہے، ہندوستان اس منصوبے کی تعمیر سے باز رہے۔

    ترجمان عاصم افتخار نے یہ بھی بتایا کہ پاکستان حالیہ برطانوی وزیراعظم کے دورہ بھارت کا بھی جائزہ لے رہا ہے، دونوں ممالک کے درمیان ہونیوالے معاہدوں کو دیکھ رہے ہیں ان میں سے کچھ معاہدوں پر پاکستان کو تشویش ہے۔

    ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے حلف اٹھانے کے بعد خارجہ پالیسی کی خدوخال پر روشنی ڈالی، انہیں متعدد ممالک کے وزرائے خارجہ نے مبارکباد دی جب کہ نئے وزیراعظم نے اسلامی ممالک سمیت بھارت سے اچھے تعلقات کی خواہش کا اظہار کیا۔

    انہوں نے کہا کہ حال ہی میں امریکی کانگریس کی رکن الہان عمر نے پاکستان کا اہم دورہ کیا ہے اس دوران الہان عمر نے صدر، وزیراعظم اور دیگر اہم شخصیات سےملاقاتیں کیں اور لائن آف کنٹرول کا دورہ بھی کیا۔

    ترجمان دفتر خارجہ کا یہ بھی کہنا تھا کہ وزیراعظم کی ہدایت پر خطے کے امن  کیلئے کاوشیں جاری رکھیں گے ساتھ ہی انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم اعلیٰ سطح وفد کے ہمراہ سعودی عرب جائیں گے اس دورے کی مزید تفصیلات جلد جاری کردی جائیں گی۔

    انہوں نے کہا کہ پاکستان افغانستان میں دہشتگردی کی نئی لہر پر تشویش کرتا ہے افغانستان میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر دکھ اور افسوس ہے، پاکستان مشکل کی اس گھڑی میں افغان بھائیوں کے ساتھ کھڑا ہے۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ افغانستان سے پاکستان میں دہشتگرد حملوں میں تیزی آئی، افغان سر زمین پاکستان کے خلاف استعمال ہورہی ہے، ٹی ٹی پی سمیت دیگر دہشتگرد گروپ دہشتگردی میں ملوث ہیں،

    ترجمان دفتر خارجہ عاصم افتخار نے کہا کہ فلسطین میں ماہ صیام میں اسرائیلی مظالم کی شدید مذمت کرتے ہیں،عالمی برادری اسرائیلی مظالم کا نوٹس لے، او آئی سی وزرائے خارجہ کا غیر معمولی اجلاس جدہ میں جاری ہے۔

  • پاکستان بھارت سے مذاکرات کی بحالی چاہتا ہے: دفتر خارجہ

    پاکستان بھارت سے مذاکرات کی بحالی چاہتا ہے: دفتر خارجہ

    اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ ہم بھارت سے دوستانہ تعلقات چاہتے ہیں، پاکستان بھارت سے مذاکرات کی بحالی چاہتا ہے لیکن بھارت مذاکرات نہیں چاہتا۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ عاصم افتخار نے ہفتہ وار بریفنگ کے دوران کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا سلسلہ جاری ہے، خواتین سمیت تمام کشمیریوں کے خلاف مظالم جاری ہیں۔

    ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ 27 فروری کو بھارت کو پاکستان کا منہ توڑ جواب دینے کے 3 سال مکمل ہوگئے، پاکستان نے مثالی تحمل کا مظاہرہ کر کے مادر وطن کا دفاع کیا۔ پاکستان نیوی نے بھارتی آبدوز کا پتہ چلا کر دشمن کے عزائم ناکام بنائے۔

    انہوں نے کہا کہ پاکستان میں نئے امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم کی تعیناتی کردی گئی، نئے سفیر کی تعیناتی خوش آئند ہے تعلقات کو فروغ ملے گا۔

    ترجمان نے بتایا کہ یوکرین میں 7 ہزار پاکستانی ہیں جن میں 3 ہزار طلبا ہیں، یوکرین میں پاکستانیوں کی اکثریت پڑوسی ممالک منتقل ہوچکی ہے۔ گزشتہ 9 روز سے یوکرین میں پاکستانی سفارتخانہ انخلا کے لیے کام کر رہا ہے، 14 سو 53 پاکستانی ہنگری، رومانیہ اور پولینڈ منتقل ہوچکے ہیں۔

    دفتر خارجہ کی جانب سے کہا گیا کہ ہم بھارت سے دوستانہ تعلقات چاہتے ہیں، پاکستان بھارت سے مذاکرات کی بحالی چاہتا ہے لیکن بھارت مذاکرات نہیں چاہتا۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ بھارتی دہشت گرد کلبھوشن کی گرفتاری ریاستی دہشت کا کھلا ثبوت ہے، عالمی برادری پر بھارت کا اصل چہرہ بے نقاب ہوچکا ہے۔ بھارت پاکستان میں ریاستی دہشت گردی کروا رہا ہے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ ہم تمام ممالک کے ساتھ متوازن اور وسیع البنیاد تعلقات کے خواہاں ہیں، یورپی یونین کے ساتھ اچھے اور متوازن تعلقات ہیں۔ وزیر خارجہ شاہ محمود یورپی ممالک کے وزرائے خارجہ کے ساتھ رابطے میں ہیں۔

  • افغان سرحد سے دہشت گردی کے خطرات موجود ہیں، ترجمان دفتر خارجہ

    افغان سرحد سے دہشت گردی کے خطرات موجود ہیں، ترجمان دفتر خارجہ

    اسلام آباد : دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ افغانستان کراس بارڈر سے دہشت گردی کے خطرات موجود ہیں، ہم مسلسل افغان حکام کے ساتھ معاملہ اٹھاتے ہیں۔

    یہ بات وزارت خارجہ کے ترجمان نے گزشتہ روز اپنے بیان میں کہی، ان کا کہنا ہے کہ بلوچستان کی صورتحال کے حوالے سے بھارتی دفتر خارجہ کا بیان بے بنیاد ہے۔

    ترجمان کے مطابق بلوچستان میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا بھارتی الزام بے بنیاد ہے، بھارت کشمیر سے توجہ ہٹانے کیلئے بے بنیاد الزام عائد کرتا ہے۔

    ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا کہ نریندر مودی کے دورہ پاکستان کا کوئی علم نہیں، مسعودخان کے امریکا میں بطور سفیر تعیناتی کا عمل جاری ہے۔

    اس قبل بھارتی آرمی چیف کی جانب سے ایک مضحکہ خیز بیان جاری کیا گیا تھا جس میں انہوں نے ایل او سی پر ہونے والی سیز فائر کو بھارت کی فوجی طاقت کا سبب قرار دیا تھا۔

    واضح رہے کہ ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل بابر افتخار نے بھی کہا ہے کہ بھارتی آرمی چیف کا طاقت کی بنیاد پر سیزفائر کا دعویٰ بےبنیاد ہے۔

    مزید پڑھیں : بھارتی آرمی چیف کا سیزفائر دعویٰ بےبنیاد ہے، ڈی جی آئی ایس پی آر

    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل بابر افتخار نے اپنے ردعمل میں کہا کہ پاکستان ایل اوسی کی دونوں جانب کشمیری آبادی کے تحفظ کی بنیاد پر رضامند ہوا تھا۔

  • افغان فوج اور اشرف غنی امریکی توقعات پر پورا نہیں اترے: وائٹ ہاؤس

    افغان فوج اور اشرف غنی امریکی توقعات پر پورا نہیں اترے: وائٹ ہاؤس

    واشنگٹن: ترجمان وائٹ ہاؤس کا کہنا ہے کہ قطر کے دارالحکومت دوحا میں امریکی سفارتی دفتر کھولا جا رہا ہے، افغان فوج اور اشرف غنی امریکی توقعات پر پورا نہیں اترے۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق ترجمان وائٹ ہاؤس جین ساکی نے امریکی صدر جو بائیڈن کے خطاب کے بعد پریس بریفنگ کرتے ہوئے کہا کہ طالبان کی حکومت تسلیم کرنے کی کوئی جلدی نہیں۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ قطر کے دارالحکومت دوحا میں امریکی سفارتی دفتر کھولا جا رہا ہے، افغانستان سے نکلنے میں امریکیوں کو دوحا سے مدد فراہم کریں گے۔

    انہوں نے کہا کہ امریکا کو طالبان پر ہر سطح پر سبقت حاصل ہے، افغان فوج اور اشرف غنی امریکی توقعات پر پورا نہیں اترے۔

    یاد رہے کہ امریکی صدر جو بائیڈن نے افغانستان سے فوجی انخلا کے بعد قوم سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کابل سے فوجیوں اور شہریوں کے خطرناک انخلا کا چیلنج پورا کیا۔

    امریکی صدر کا کہنا تھا کہ 30 ہزار افغان فوجیوں کو 20 سال میں تربیت دی، افغان جنگ کے خاتمے کا فیصلہ میں نے کیا، کابل کی سیکیورٹی کے لیے 6 ہزار امریکی فوجیوں کی تعیناتی کی منظوری دی۔

  • سعودی عرب کے محکمہ تعلیم میں پہلی مرتبہ خاتون ترجمان مقرر

    سعودی عرب کے محکمہ تعلیم میں پہلی مرتبہ خاتون ترجمان مقرر

    ریاض :سعودی عرب کے وزیرتعلیم ڈاکٹر حمد آل الشیخ نے مملکت میں پہلی بار ایک خاتون ابتسام الشھری کو وزارت تعلیم کی ترجمان مقرر کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی عرب میں طلباءاور اساتذہ کی تعداد تقریبا ساٹھ لاکھ کے قریب ہے۔ ابتسام الشھری وزارت تعلیم کی آواز اور ادارے کی ترجمان کے طور پرخدمات انجام دیتے ہوئے لاکھوں طلباٰ اور اساتذہ سمیت محکمہ تعلیم سے منسلک افراد کی ترجمانی کرے گی۔

    ابتسام الشھری اعلیٰ تعلیم یافتہ معلمہ ہیں جو مملکت میں انگریزی زبان وادب کی معلمہ رہ چکی ہیں اورتعلیم وتدریس میں ان کا 17 سالہ تجربہ ہے۔

    عرب میڈیا کا کہنا تھا کہ انہوں نے ٹیلنٹ ٹریننگ میں ایم اے کی ڈگری حاصل کررکھی ہے، اس کے علاوہ وہ اسکولوں میں تعلیم وتدریس کے حوالے سے وضع کردہ پروگرام بلڈنگ لیڈر برائے تبدیلی’ کے پہلے فارغ التحصیل ہونے والےایکسپرٹس کے گروپ میں شامل تھیں۔

    انہوں نے تدریس کے عملی شعبے کا آغاز ابتدائی اسکول کی کلاسوں سے کیا اور مرحلہ وار آگے بڑھتے ہوئے انہوں نے یونیورسٹی کی سطح پربھی تدریس کے فرائض انجام دیے۔

    مزید پڑھیں : 6 لاکھ سعودی خواتین عملی میدان میں سرگرم

    مقامی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ وہ تعلیم کے حوالے سے مختلف بین الاقوامی کانفرنسوں میں بھی شرکت کرچکی ہیں اور سعودی عرب کی وزارت تعلیم نے انہیں امریکا میں سعودی عرب کے بیرونی اسکالرشپ کے لیے بھی منتخب کیا تھا۔

  • بھارتی فوج 4 ہزار سے زائد کشمیریوں کو گرفتار کر چکی ہے: دفتر خارجہ

    بھارتی فوج 4 ہزار سے زائد کشمیریوں کو گرفتار کر چکی ہے: دفتر خارجہ

    اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل کا کہنا ہے کہ بھارتی فوج 4 ہزار سے زائد کشمیریوں کو گرفتار کر چکی ہے، بھارت موجودہ حالات میں پلوامہ 2 کرنا چاہ رہا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سینیٹ کی قائمہ کمیٹی کشمیر و گلگت بلتستان کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے شرکت کی۔

    ترجمان دفتر خارجہ نے اجلاس کو بتایا کہ مقبوضہ کشمیرمیں ڈیڑھ کروڑ زندگیاں خطرے میں ہیں، مقبوضہ کشمیر میں لوگ 16 دن سے گھروں میں محصور ہیں۔ مقبوضہ کشمیر میں ہر گھر کے باہر ایک فوجی تعینات ہے۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ بھارتی فوج 4 ہزار سے زائد کشمیریوں کو گرفتار کر چکی ہے، بھارت موجودہ حالات میں پلوامہ 2 کرنا چاہ رہا ہے۔ بھارت موجودہ حالات کو دہشت گردی سے جوڑنے کی کوشش میں ہے۔

    انہوں نے کہا کہ لائن آف کنٹرول پر حالات بہت کشیدہ ہیں، بھارتی فوج ایل او سی پر روزانہ اشتعال انگیزی کر رہی ہے۔ بھارتی فوج ایل او سی پر نہتے شہریوں کو نشانہ بنا رہی ہے۔ ایل او سی پر بھارتی جارحیت سے پاک فوج کے جوان بھی شہید ہوئے۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ پاک فوج ایل او سی پر بھارت کو بھرپور جواب دے رہی ہے، پاک فوج کی جوابی کارروائی سے متعدد بھارتی فوجی ہلاک ہوئے۔ پاکستان ہر عالمی فورم پر کشمیر کا مقدمہ لڑ رہا ہے۔ مسئلہ کشمیر سلامتی کونسل اور او آئی سی وزرائے خارجہ میں اٹھایا جائے گا۔

    انہوں نے کہا کہ قومی سلامتی کمیٹی کی سفارشات پر بھارت سے سفارتی تعلقات محدود کیے، پاکستان مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہے۔ جموں و کشمیر میں بد ترین انسانی بحران جنم لے چکا ہے۔ مودی حکومت کی حرکتوں سے خود بھارت والے پریشان ہیں۔

    سینیٹر ڈاکٹر وسیم نے کہا کہ بھارت سندھ طاس معاہدے پر چھیڑ چھاڑ کرے گا جس پر ترجمان نے کہا کہ سندھ طاس معاہدے میں ورلڈ بینک ضامن ہے۔ کل بھارت نے دریائے ستلج میں بغیر اطلاع پانی چھوڑا۔ پاکستان سندھ طاس معاہدے پر نظر رکھے ہوئے ہے۔ سندھ طاس معاہدے پر کل اسٹیک ہولڈرز کا اجلاس بلایا گیا ہے۔

  • اسٹیفنی گریشام وائٹ ہاوس کی نئی ترجمان مقرر

    اسٹیفنی گریشام وائٹ ہاوس کی نئی ترجمان مقرر

    واشنگٹن : امریکی خاتون اول میلانیا ٹرمپ کی پریس سیکریٹری اسٹیفنی گریشام وائٹ ہاوس کی نئی ترجمان کے فرائض انجام دیں گی۔

    تفصیلات کے مطابق وائٹ ہاوس کی نئی ترجمان کے نام کا اعلان امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی اہلیہ میلانیا ٹرمپ نے کیا، اسٹیفنی گریشم سنہ 2015 سے ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ ہیں۔

    امریکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ اسٹیفنی گریشم وائٹ ہاوس کی پریس سیکریٹری اور کمیونی کیشن ڈائریکٹر کے فرائض انجام دیں گی۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ وائٹ ہاوس کی موجودہ ترجمان سارہ سینڈر جمعے کو اپنی ذمہ داریاں چھوڑ دیں گی۔

    میلانیا ٹرمپ نے اپنے شوہر ڈونلڈ ٹرمپ کی راہ پر چلتے ہوئے ٹویٹر پر تحریر کیا کہ ’میرے خیال میں ایڈمنسٹریشن اور ملک کے لیے اسٹیفنی گریشم سے بہتر کوئی بھی خدمات انجام نہیں دے سکتا‘۔

    غیر ملکی میڈیا کا کہنا تھا کہ 42 سالہ گریشم ایریزونا ری پبلیکن پارٹی سے تعلق رکھتی ہیں جنہیں ڈونلڈ ٹرمپ نے سنہ 2015 اپنی صدراتی مہم کے دوران میڈیا کے معاملات دیکھنے کےلیے رکھا تھا۔

    گریشم 2017 میں وائٹ ہاؤس کی ڈپٹی پریس سیکریٹری کی حیثیت سے بھی خدمات انجام دے چکی ہیں اور گریشم میلانیا ٹرمپ کے اسٹاف میں بھی کام کرچکی ہیں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہناتھا کہ اسیٹفنی گریشم ڈونلڈ ٹرمپ کے اقتداد میں آنے کے بعد تیسری سیکریٹری اطلاعات مقرر ہوئی ہیں، ٹرمپ کی صدارت میں پہلی پریس سیکریٹری سائن اسپائیسر تھی جنہوں نے چھ ماہ بعد ہی اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا۔

    مزید پڑھیں : ترجمان وائٹ ہاؤس سارہ سینڈرز کا عہدہ چھوڑنے کا فیصلہ

    خیال رہے کہ رواں ماہ 13، 14 جون کو یہ خبر عام ہوئی تھی کہ وائٹ ہاؤس کی ترجمان سارا سینڈرز نے عہدہ چھوڑنے کا فیصلہ کرلیا ہے جب کی صدر ٹرمپ نے تصدیق کی تھی۔

    امریکی میڈیا کے مطابق ملکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ اس ماہ کے آخر میں سارہ سینڈرز عہدہ چھوڑ دیں گی، مجھے امید ہے کہ وہ آرکنساس کے گورنر کیلئے میدان میں آئیں گی۔

    سارہ سینڈرز کے والد آرکنساس کے گورنر رہ چکے ہیں، سارہ سینڈرز مستقبل میں گورنر کا انتخاب لڑنے کا ارادہ رکھتی ہیں، ماہرین نے خیال ظاہر کیا ہے کہ وہ انتخابات لڑنے کے پیش نظر عہدے سے مستعفی ہوں گی۔

  • پاکستان کو دہشت گرد گروپوں کیخلاف اب بھی بہت کچھ کرنے کی ضرورت ہے، امریکی محکمہ خارجہ

    پاکستان کو دہشت گرد گروپوں کیخلاف اب بھی بہت کچھ کرنے کی ضرورت ہے، امریکی محکمہ خارجہ

    واشنگٹن : امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان ہیدرنوئرٹ کا کہنا ہے کہ پاکستان نے دہشت گرد گروپوں کیخلاف کچھ مثبت اقدامات کئے ہیں تاہم اب بھی بہت کچھ کرنے کی ضرورت ہے۔

    تفصیلات کے مطابق امریکا نے ایک بار پھر پاکستان سے ڈومورکا مطالبہ کردیا، امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان ہیدرنوئرٹ نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا پاکستان کو دہشت گرد گروپوں کیخلاف مزید موثر کارروائی کرنا چاہئے۔

    ہیدرنوئرٹ کا کہنا تھا کہ پاکستان کو دہشت گرد گروپوں کیخلاف کریک ڈاؤن کرنا ہوگا، پاکستان نے دہشت گرد گروپوں کیخلاف کچھ مثبت اقدامات کئے ہیں تاہم اب بھی بہت کچھ کرنے کی ضرورت ہے۔

    انہوں نے بتایا کہ گزشتہ ہفتے پاکستانی وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اورامریکی نائب صدر مائیک پینس کی ملاقات میں دہشت گردگروپوں کے خلاف کارروائی پربات ہوئی۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ ملاقات میں نائب امریکی صدر مائیک پینس نے تمام دہشت گردگروپوں کیخلاف اقدامات کرنے پرزور دیا۔

    ہیدرنوئرٹ نے مزید کہا کہ افغان امن مذاکرات میں طالبان کی شرکت کے سلسلے میں پاکستان کا کردار اہم ہے،طالبان کومذاکرات کی میز پرلانے کے لئے پاکستان کومدد کرنا ہوگی۔


    ہم نے امداد دی، پاکستان نے دھوکا دیا، اب ایسا نہیں ہوگا: امریکی صدر


    یاد رہے کہ نئے سال کے آغازپر امریکی صدر کا کہنا تھا کہ پاکستان ان دہشت گردوں کو محفوظ پناہ گاہیں فراہم کرتا ہے جنہیں ہم افغانستان میں تلاش کررہے ہیں، امداد وصول کرنے کے باوجود پاکستان نے امریکہ سے جھوٹ بولا لیکن اب ایسا نہیں ہوگا۔

    جس کے بعد امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان ہیدرنورٹ کا کہنا تھا کہ پاکستان جب تک دہشت گردوں کے خلاف کارروائی نہیں کرتا امداد کی فراہمی کا سلسلہ منجمد رہے گا۔

    ترجمان امریکی محکمہ خارجہ نے کہا تھا کہ پاکستان کی امداد فیصلہ کن اقدامات پربحال ہوسکتی ہے اور یہ تب ہوگا جب پاکستان حقانی نیٹ ورک اور افغان طالبان کے خلاف فیصلہ کن کارروائیاں کرے گا۔

    دوسری جانب پاکستان نے امریکی الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ امریکا اپنی ناکامیوں کا ملبہ پاکستان پر ڈال رہا ہے، پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سب سے زیادہ قربانیاں دی ہیں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • پاکستان اورامریکا کے تعلقات مستقبل میں کیسے ہوں گے، پیش گوئی نہیں کی جاسکتی، امریکہ

    پاکستان اورامریکا کے تعلقات مستقبل میں کیسے ہوں گے، پیش گوئی نہیں کی جاسکتی، امریکہ

    واشنگٹن : امریکا نے کہا ہے کہ پاکستان اورامریکا کے تعلقات کے مستقبل پرکوئی پیش گوئی نہیں کی جاسکتی۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان محکمہ خارجہ ہیدرنوئرٹ نے میڈیا بریفنگ میں کہا پاکستان اورامریکا کے تعلقات مستقبل میں کیسے ہوں گے اس بارے میں پیش گوئی نہیں کی جاسکتی۔

    امریکی وزیرخارجہ ٹلرسن کے دورہ پاکستان سے متعلق سوال پرترجمان کا کہنا تھا اس بارے میں وزیرخارجہ بیان دے چکے ہیں، محکمہ خارجہ کی ترجمان نے وزیرخارجہ ٹلرسن کی افغانستان میں بگرام کے بجائے کابل میں ملاقاتوں کی اطلاع کو کچھ اہلکاروں کی غلطی قرار دیا۔

    صحافی نے ترجمان سےسوال کیا کہ وزیر خارجہ پہلے سعودی عرب کیوں گئے، جس پر ہیدرنوئرٹ نے کہا مکہ وہ پائلٹ نہیں اور نہ ہی سیکورٹی ٹیم کا حصہ ہیں ۔

    امریکی ترجمان کاکہنا تھا افغانستان میں شدید سیکورٹی خدشات موجود ہیں، دورے کا شیڈول سیکیورٹی خدشات مدنظر رکھ کرتشکیل دیاجاتاہے۔


    مزید پڑھیں : پاکستان سے تعلقات کو اہمیت کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، امریکی وزیرخارجہ


    یاد رہے کہ گذشتہ روز امریکی وزیرخارجہ ریکس ٹلرسن پاکستان پہنچے تھے ، جہاں وزیر اعظم ہاؤس میں شاہد خاقان عباسی سے امریکی وزیر خارجہ نے دو بدو ملاقات کی، ملاقات میں آرمی چیف،ڈی جی آئی ایس آئی بھی شریک تھے جبکہ وزیردفاع خرم دستگیر، وزیرخارجہ خواجہ آصف وزیرداخلہ احسن اقبال اورسیکریٹری خارجہ بھی موجود تھے۔

    امریکی وزیرخارجہ ریکس ٹیلرسن نے کہا ہے کہ پاکستان سے تعلقات کو اہمیت کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، دہشت گردی کیخلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیاں قابل قدر ہیں، امریکا پاکستان سےمعیشت سمیت دیگرشعبوں میں تعاون کافروغ چاہتا ہے۔

    ملاقات میں پاکستان اور امریکی وفود کے درمیان دہشت گردی کے خلاف جنگ سے متعلق امور پرتبادلہ خیال کیا گیا جبکہ پاک امریکا تعلقات، افغانستان اورخطےکی صورتحال پرگفتگو کی گئی۔

    بعد ازاں امریکی وزیرخارجہ ریکس ٹلرسن بھارت روانہ ہوگئے۔


    مزید پڑھیں : پاکستان اور پاکستانی رہنماؤں سے بہترتعلقات کاآغازکررہے ہیں، امریکی صدر


    خیال رہے کہ  امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا تھا کہ پاکستان سے تعلقات بہترہورہے ہیں، پاکستان اور پاکستانی رہنماؤں سےبہترتعلقات کاآغازکررہےہیں، کئی محاذوں پر پاکستانی رہنماؤں کے تعاون پرشکرگزارہیں۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی وال پر شیئر کریں۔