Tag: sports news

  • پی ایس ایل7: کھلاڑیوں کو بھرپور سیکیورٹی فراہم کرنے کا عزم

    پی ایس ایل7: کھلاڑیوں کو بھرپور سیکیورٹی فراہم کرنے کا عزم

    لاہور: پی ایس ایل کے دوسرے مرحلے کا آغاز آج لاہور میں ہونے جارہا ہے، ایونٹ کو کامیاب بنانے کے لئے صوبائی حکومت نے بھرپور اقدامات کئے ہیں۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق سی سی پی او فیاض احمد نے کھلاڑیوں،شائقین کو بھرپور سیکیورٹی فراہم کرنےکے عزم کا اظہار کیا ہے اور انہوں نے بتایا کہ ڈی آئی جی آپریشنز، سی ٹی او لاہور کی زیر نگرانی انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں۔

    سی سی پی او لاہور نے بتایا کہ میچز کی سیکیورٹی کے لئے پہلے سے زیادہ بہتر حکمت عملی اپنائی ہے، میچز کے لئے فول پروف سیکیورٹی انتظامات کے لئے تمام اداروں سےکوآرڈینیشن ہے، میچ کی سیکیورٹی پر 8ہزار سے زائدافسران،جوان، لیڈیز اہلکار تعینات کئے گئے ہیں۔

    سی سی پی او لاہور نے بتایا کہ ہوٹل، اسٹیڈیم اور روٹ پر102 ڈولفن،82پی آریو،73 ایلیٹ ٹیمیں اور اسنائپرز بھی مامور کئے گئے ہیں جبکہ اہم مقامات کی سی سی ٹی وی کیمروں سے مانیٹرنگ جاری ہے۔

    لاہور چیف ٹریفک آفیسر (سی ٹی او) منتظر مہدی نے بھی میڈیا کو بتایا کہ ٹیم موومنٹ کےدوران 6 سے 9منٹ ٹریفک کو بند رکھاجائےگا، موومنٹ گزرتے ہی ڈائیورشن کو ٹریفک کےلئےکھول دیا جائےگا، ٹیموں کے روٹس،متبادل راستوں پرساڑھے 7سوسےزائد وارڈنز تعینات کئے گئے ہیں جبکہ آج11ڈی ایس پیز،90 انسپکٹرز اپنے فرائض انجام دیں گے۔

    منتظرمہدی نے بتایا کہ غلط پارکنگ کےخاتمےکیلئے20 لفٹرز،5 بریک ڈاؤنز بھی تعینات کئے گئے ہیں، شائقین کی سہولت اور باآسانی اسٹیڈیم تک رسائی کیلئے5 پارکنگ اسٹینڈز مختص کردئیے گئے ہیں، پارکنگ اسٹینڈز سے شٹل سروس کے ذریعےشائقین اسٹیڈیم پہنچ سکیں گے۔

  • ون ڈے رینکنگ: بابراعظم اور فخر زمان کے لئے خوشخبری

    ون ڈے رینکنگ: بابراعظم اور فخر زمان کے لئے خوشخبری

    دبئی: انٹر نیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ایک روزہ میچز کی تازہ ترین درجہ بندی جاری کردی ہے۔

    آئی سی سی کی جانب سے جاری نئی رینکنگ کے مطابق بلے بازوں میں قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم بدستور پہلے نمبر پر براجمان ہیں تاہم پاکستان کرکٹ ٹیم کے لئے دوسری اچھی خبر یہ ہے کہ جارح مزاج بیٹر فخر زمان طویل عرصے بعد ٹاپ ٹین کھلاڑیوں میں شامل ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

    آئی سی سی کی نئی درجہ بندی کے مطابق فخر زمان ایک درجہ بہتری کےبعد نویں نمبرپر آگئے ہیں۔

    بھارتی کرکٹر ویرات کوہلی بلے بازوں کی رینکنگ میں دوسرے نمبر پر ہیں، جبکہ انگلش کپتان جوئے روٹ ایک درجہ ترقی کے بعد ٹاپ ٹین میں آگئے ہیں۔

    آئی سی سی کے مطابق بولرز کی نئی ون ڈے رینکنگ میں نیوزی لینڈ کے ٹرینٹ بولٹ بولرز میں سرفہرست ہے، آسٹریلیا کے جوش ہیزل وڈ دوسرے، انگلینڈ کے کرس ووڈ تیسرے، افغان فاسٹ بولر مجیب الرحمان چوتھے، بنگلا دیش کے مہدی حسن پانچویں پوزیشن پر براجمان ہیں۔

    نیوزی لینڈ کے میٹ ہنری چھٹے، بھارت کے بمبرا ساتویں، آسٹریلیا کے مچل اسٹارک آٹھویں اور شکیب الحسن نویں نمبر پر رہے، ٹاپ ٹین بولرز میں کوئی پاکستانی شامل نہیں۔

  • ثقلین اور محمد یوسف کو اہم ذمہ داریاں تفویض

    ثقلین اور محمد یوسف کو اہم ذمہ داریاں تفویض

    لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی ) نے آسٹریلیا سے ہوم سیریز کے لئے اہم عہدوں پر تقرری کردی ہے۔

    پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ثقلین مشتاق کو پاکستان ٹیم کا ہیڈ کوچ مقرر کیا گیا ہے وہ ایک سال تک اپنی ذمے داریاں نبھائیں گے، سابق مایہ ناز بلے باز محمد یوسف آسٹریلیا سیریزکےلیےبیٹنگ کوچ ہوں گے۔

    پی سی سی کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق سابق آسٹریلوی فاسٹ بولر شان ٹیٹ پاکستان ٹیم کے بولنگ کوچ ہونگے
    عبدالمجید بدستور فیلڈنگ کوچ کی ذمہ داریاں نبھاتے رہیں گے۔

    واضح رہے کہ گزشتہ دنوں ثقلین مشتاق نے پی سی بی کے ساتھ مزید کام نہ کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے ہیڈ کوچ انٹرنیشنل پلیئر ڈیولپمنٹ کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا۔

    تاہم بعد ازاں پی سی بی اور ثقلین مشتاق کے درمیان معاملات طے پاگئے تھے جس کے بعد ثقلین مشتاق قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ کا عہدہ تفویض کیا گیا ہے۔

    یاد رہے کہ ثقلین مشتاق نے گزشتہ برس بھی استعفیٰ دیا تھا جس کے بعد انہیں قومی ٹیم کا عبوری کوچ مقرر کیا گیا تھا۔

    دوسری جانب آسٹریلوی کرکٹ بورڈ نے دورۂ پاکستان کے لیے 18 رکنی ٹیسٹ اسکواڈ کا اعلان کر دیا ہے، ٹیم کی قیادت پیٹ کمنز کریں گے جبکہ اسٹیو اسمتھ نائب کپتان ہوں گے۔

    آسٹریلوی ٹیم 4سے 8 مارچ تک راولپنڈی میں پہلا ٹیسٹ میچ کھیلے گی، کینگروز 5 اپریل کو راولپنڈی میں آخری ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کھیل کر وطن لوٹ جائینگے۔

  • فخر زمان نے شاہد آفریدی کے خلاف جارحانہ کھیل کیوں نہیں کھیلا؟، وجہ سامنے آگئی

    فخر زمان نے شاہد آفریدی کے خلاف جارحانہ کھیل کیوں نہیں کھیلا؟، وجہ سامنے آگئی

    کراچی: جارح مزاج بیٹر فخر زمان شاہد آفریدی کے خلاف اپنا روایتی کھیل کیوں نہ پیش کرسکے؟ سابق فاسٹ بولر تنویر احمد نے اہم بات کہہ ڈالی۔

    تفصیلات کے مطابق اے آر وائی نیوز کے پروگرام ‘اسپورٹس روم ‘ میں گفتگو کرتے ہوئے سابق فاسٹ بولر تنویر احمد نے کہا کہ فخر زمان کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے اسپنرز کے خلاف کچھ سہمے سہمے نظر آئے، انہوں نے شاہد آفریدی اور افتخار احمد کے اوور میں باؤنڈری لگانے کے بجائے سنگل ڈبل رنز لینے پر اکتفا کیا۔

    تنویر احمد نے کہا کہ فخرزمان بائیں ہاتھ کے کھلاڑی ہیں جبکہ شاہد آفریدی لیگ اسپنر ہے، انہیں معلوم ہونا چاہیے تھا کہ یہ وہ والے شاہد آفریدی نہیں ہے، شاہد بھائی کی فٹنس اتنی اچھی نہیں ہے، اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف ان کا اسپیل بہت بُرا تھا، فخر زمان کو ان تمام چیزوں کو مدنظر رکھتے ہوئے آفریدی کے خلاف جارحانہ کھیل کھیلنا چاہیے تھا مگر وہ نہ کرسکے۔

    یہ بھی پڑھیں: آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ سیریز کےلیے قومی اسکواڈ کا اعلان

    تنویر احمد نے اپنے تجزئیے میں کہا کہ شاید کپتانی کی دباؤ کے باعث وہ شاہد آفریدی کے خلاف کھل نہ کھیلے، یا پھر وہ شاہد آفریدی کو بہت زیادہ عزت دے دے رہے ہیں جس کے پیچھے اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف شاہد آفریدی کا بدترین اسپیل بھی ہوسکتا ہے۔

    واضح رہے کہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور لاہور قلندرز کے درمیان کھیلے گئے گذشتہ میچ میں جیسن رائے کی شاندار سینچری کی بدولت کوئٹہ نے 205 رنز کا ہدف 4 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا تھا۔

    یہ دوسرا موقع تھا جب رواں سیزن میں لاہور قلندرز 200 رنز کا دفاع نہ کرسکی۔

     

  • ٹی ٹوئنٹی سیریز: آسٹریلیا نے نیوزی لینڈ کے ارمانوں پر پانی پھیردیا

    ٹی ٹوئنٹی سیریز: آسٹریلیا نے نیوزی لینڈ کے ارمانوں پر پانی پھیردیا

    سڈنی: آسٹریلیا کا پلٹ کے وار، نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز منسوخ کردی۔

    کرکٹ آسٹریلیا کی جانب سے جاری بیان کے مطابق نیوزی لینڈ کی جانب سے قرنطینہ کی کڑی شرائط کے باعث نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا کے درمیان آئندہ ماہ نیپئر میں کھیلی جانے والی ٹی ٹوئنٹی سیریز منسوخ کر دی گئی ہے۔

    کرکٹ آسٹریلیا کی جانب سے جاری پریس ریلیز میں کہا گیا کہ ٹی ٹوئنٹی سیریز کی منسوخی کا فیصلہ دونوں بورڈز نے باہمی مشاورت کے بعد کیا ہے۔

    کرکٹ آسٹریلیا کے سی ای او نک ہاکلے نے کہا کہ ہم سیریز کی میزبانی کے لیے ہر ممکن کوشش کرنے پر نیوزی لینڈ کرکٹ کا شکریہ ادا کرتے ہیں، لیکن بدقسمتی سے سرحدی پابندیوں اور قرنطینہ کے تقاضوں کے پیش نظر ایسا ممکن نہیں تھا۔

    آسٹریلیا نے 17 سے 20 مارچ تک نیپئر میں 3ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلنے تھے، اس سے قبل نیوزی لینڈ کا فروری میں دورہ آسٹریلیا بھی منسوخ ہوچکا ہے۔

  • آسٹریلیا کا دورہ پاکستان کیلئے ٹیسٹ اسکواڈ کا اعلان

    آسٹریلیا کا دورہ پاکستان کیلئے ٹیسٹ اسکواڈ کا اعلان

    سڈنی : آسٹریلیا نے دورہ پاکستان کیلئے18رکنی ٹیسٹ اسکواڈ کا اعلان کردیا، ترجمان کرکٹ آسٹریلیا کا کہنا ہے کہ پیٹ کمنز ٹیم کے کپتان، اسٹیو اسمتھ نائب کپتان ہوں گے۔

    ذرائع کے مطابق آسٹریلیا کی ٹیم اگلے ماہ تقریباً25سال بعد پاکستان کے دورے پر پہنچے گی، پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان 3ٹیسٹ میچ کھیلے جائیں گے۔

    پہلا ٹیسٹ میچ 4مارچ سے راولپنڈی میں شروع ہوگا جبکہ دوسرا ٹیسٹ12مارچ سے کراچی میں اور تیسرا ٹیسٹ 21مارچ سے لاہور میں شروع ہوگا۔

    آسٹریلوی اسکواڈ کے کھلاڑیوں میں ایشٹن آگر، اسکاٹ بولانڈ، الیکس کرے، کمیرون گرین، مارکس ہیرس، جاش ہیزل وڈ ٹریوس ہیڈ، جاش انگلس شامل ہیں۔

    May be an image of text that says "QANTAS SQUAD PAKISTAN TOUR 2022 ASHTON AGAR [C] PAT CUMMINS USMAN KHAWAJA MARNUS LABUSCHAGNE SCOTT BOLAND NATHAN LYON ALEX CAREY MITCHELL MARSH CAMERON GREEN MICHAEL NESER MARCUS HARRIS STEVE SMITH (VC] JOSH HAZLEWOOD MITCHELL STARC TRAVIS HEAD MITCHELL SWEPSON JOSH INGLIS DAVIO WARNER #MADEOFAUSTRALIA"

    اس کے علاوہ عثمان خواجہ، مارنس لابوشین، ناتھن لیون، مچل مارش، مائیکل نیسر، مچل اسٹارک، مچل سویپسن، ڈیوڈ وارنر بھی ٹیم کا حصہ ہیں۔

    سیریز میں شامل چاروں وائٹ بال میچز بھی راولپنڈی میں کھیلے جائیں گے جبکہ آسٹریلیا کرکٹ ٹیم 5 مارچ کو راولپنڈی میں آخری ٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی میچ کھیلے گی اور 5 مارچ کے بعد وطن واپس روانہ ہو جائے گی۔

    آسٹریلیا کرکٹ ٹیم 27 فروری کو بذریعہ چارٹرڈ پرواز اسلام آباد پہنچے گی۔ آئسولیشن مکمل کرنے کے بعد آسٹریلیا کرکٹ ٹیم کو راولپنڈی اسٹیڈیم میں ٹریننگ کی اجازت ہو گی۔

  • پی ایس ایل کےحوالے سے این سی اوسی کا بڑا فیصلہ

    پی ایس ایل کےحوالے سے این سی اوسی کا بڑا فیصلہ

    اسلام آباد: نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشنز سینٹر (این سی او سی ) نے شائقین کرکٹ کو بڑی خوشخبری سنادی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر اسد عمر کی زیر صدارت این سی او سی کا اہم اجلاس ہوا، اجلاس میں ملک میں کرونا صورتحال، ویکسینیشن مہم پر غور کیا گیا۔

    اجلاس میں این سی اوسی نے پی ایس ایل کےحوالے سے اہم ترین فیصلہ کیا کہ میگا ایونٹ کے لاہور میں ہونے والے میچز میں 50فیصد شائقین کو اسٹیڈیم داخلےکی اجازت ہوگی۔

    این سی او سی کے فیصلے میں کہا گیا کہ 15فروری تک ویکسینیٹڈ 50فیصد شائقین پی ایس ایل میچز اسٹیڈیم میں دیکھ سکیں گے جبکہ 16فروری سے 100فیصد شائقین کو میدان میں آنے کی اجازت ہوگی۔

    این سی او سی کے اجلاس فیصلہ کیا گیا کہ 12سال سےکم عمر بچے بھی اسٹیڈیم میں میچ دیکھ سکیں گے۔

    یہ بھی پڑھیں: پی ایس ایل 7: آج سرفراز اور شاہین آمنے سامنے ہوں گے

    اس سے قبل نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشنز سینٹر (این سی او سی ) نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے ساتویں ایڈیشن کے پہلے مرحلے میں 25 فیصد تماشائیوں کی شرکت کی منظوری دی تھی۔

    این سی او سی کے فیصلوں میں کہا گیا تھا کہ اسٹیڈیم کے داخلی دروازوں پر اپنا درست ویکسینیشن سرٹیفکیٹ دکھانا لازمی ہوگا۔PSL crowd capacity | PSL 7 | NCOCاسٹیڈیم میں چہرے کو ماسک سے مسلسل ڈھانپے رکھنا لازم ہوگا۔

    ہدایات کی خلاف ورزی کرنے والے شخص کو سٹیڈیم سے باہر نکال دیا جائے گا۔

    یاد رہے کہ ایونٹ کا دوسرا مرحلہ 10 فروری سے قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا۔

    دوسری جانب این سی او سی نے 8فروری سےبیرون ملک سےآئے مسافروں کیلئےریپڈٹیسٹ کی شرط ختم کرنےکا بھی فیصلہ کیا ہے۔

  • پی ایس ایل 7: آج سرفراز اور شاہین آمنے سامنے ہوں گے

    پی ایس ایل 7: آج سرفراز اور شاہین آمنے سامنے ہوں گے

    کراچی: پی ایس ایل سیزن سیون کے پہلے مرحلے کا آخری میچ آج کراچی میں کھیلا جائے گا، جہاں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور لاہور قلندر مدِمقابل ہوں گے۔

    تفصیلات کے مطابق پی ایس ایل سیزن سیون میں ہار جیت کا سلسلہ جاری ہے، نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں آج ایک میچ کھیلا جائے گا۔

    ایونٹ کے پندرہویں میچ میں آج کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور لاہور قلندر مدِمقابل ہوں گے،میچ شام ساڑھے سات بجے شروع ہوگا۔

    اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف سنسنی خیز میچ میں فتح حاصل کرنے کے بعد لاہور قلندرز کا مورال ہائی ہے، دوسری جانب کوئٹہ گلیڈی ایٹرز بھی ایونٹ میں دوسری فتح کے لیے پرعزم ہے،اہم مقابلے سے قبل دونوں ٹیموں کی بھرپور پریکٹس، پلان فائنل کر لیے گئے۔

    یہ بھی پڑھیں: راشدخان نے حیران کن ‘شاٹس’ کا نام مانگ لیا

    مذکورہ میچ (پی ایس ایل) سیزن سیون کے پہلے مرحلے کا آخری میچ ہے، ایونٹ کے دوسرے مرحلے کا آغاز 10 فروری سے لاہور میں ہو گا، 27 جنوری سے شروع ہوئے پی ایس ایل 7 کا فائنل 27 فروری کو کھیلا جائے گا،ایونٹ میں ملتان سلطانز اپنے اعزاز کا دفاع کر رہی ہے۔

    کوئٹہ کے لئے اچھی خبر یہ ہے کہ انگلش اوپنر جیسن رائے نے بھی ٹیم کو جوائن کر لیا ، وہ لاہور کے خلاف ان ایکشن ہوں گے۔

    پی ایس ایل سیزن سیون میں اب تک کھیلے گئے میچز میں ملتان سلطانز 5 میچز جیتنے کے بعد 10 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہے، اسلام آباد یونائیٹڈ نے 3، پشاور زلمی 2 ، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز 1 کراچی کنگز ایونٹ میں اب تک کوئی میچ نہیں جیت سکی ہے۔

  • آئی سی سی انڈر 19 کی بہترین ٹیم کا اعلان کردیا گیا

    آئی سی سی انڈر 19 کی بہترین ٹیم کا اعلان کردیا گیا

    دبئی: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) پاکستان انڈر 19 کے ابھرتے کھلاڑیوں کی معترف ہوگئی اور انہیں بڑے اعزاز سے نواز دیا۔

    تفصیلات کے مطابق انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی جانب سے انڈر 19 ورلڈ کپ کے بعد بہترین ٹیم کا اعلان کردیا گیا ہے، آئی سی سی کی جانب سے اعلان کردہ انڈر 19 ورلڈ کپ ٹیم میں دو پاکستانی کھلاڑیوں کو بھی شامل کیا گیا ہے۔

    انڈر 19 کھلاڑی حسیب اللّٰہ خان اور اویس علی آئی سی سی ٹیم آف دی ٹورنامنٹ میں شامل ہوئے جبکہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل ٹیم آف دی ٹورنامنٹ میں بھارت کے یش دھل کو کپتان مقرر کیا گیا ہے۔

    خیال رہے کہ بھارت نے انگلینڈ کو انڈر 19 کرکٹ ورلڈ کپ کے فائنل میں 4 وکٹوں سے شکست دی تھی، بھارت کی ٹیم نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل( آئی سی سی) انڈر 19 ورلڈ کپ کا ٹائٹل پانچویں بار اپنے نام کیا ہے، پاکستان انڈر19ورلڈ کپ میں5ویں پوزیشن پر رہی، گرین شرٹس نے 6 میں سے 5 میچز میں کامیابی حاصل کی تھی۔

  • ‘ایک سنہری دور تمام ہوا’، بابراعظم کا لتامنگیشکر کو خراج عقیدت

    ‘ایک سنہری دور تمام ہوا’، بابراعظم کا لتامنگیشکر کو خراج عقیدت

    کراچی: کراچی کنگز کے کپتان بابراعظم نے بھی لتا منگیشکر کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر بھارتی گلوکارہ لتا منگیشکر کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے لکھا کہ ایک سنہری دور تمام ہوا لیکن لتا منگیشکر کی جادوئی آواز لاکھوں دلوں میں زندہ رہے گی۔

    بابر اعظم نے لتا کا پوٹرریٹ شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ لتا منگیشکر کا کسی سے کوئی موازنہ نہیں کیا جاسکتا۔

    واضح رہے کہ بولی وڈ میں چھ دہائیوں سے اپنی بے مثال اور جادوئی آواز میں 20 سے بھی زائد زبانوں اور 30 ہزار سے بھی زیادہ نغموں کو اپنی آواز دے کر گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں نام درج کرانے والی موسیقی کی دیوی لتا منگیشکر آج ممبئی کے اسپتال میں انتقال کرگئیں تھیں۔

    دنیا بھر میں موجود لتا منگیشکر کے چاہنے والوں کے لئے یہ خبر بجلی بن کر گری، نہ صرف بھارت بلکہ دنیا کے طول وعرض سے لتا کی موت پر افسوس کا اظہار کیا جارہا ہے جبکہ سوشل میڈیا پر بھی لتامنگیشکر ٹرینڈنگ میں شامل ہوچکا ہے