Tag: sports news

  • اسٹار آل راؤنڈر گلین میکسویل بھی وائرس سے متاثر

    اسٹار آل راؤنڈر گلین میکسویل بھی وائرس سے متاثر

    سڈنی: اسٹار آل راؤنڈر گلین میکسویل بھی کورونا وائرس سے متاثر ہوگئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق آسٹریلیا کی ٹی ٹوئنٹی لیگ بگ بیش میں بھی کرونا وائرس کے وار جاری ہے، کینگروز کے اسٹار آل راؤنڈر گلین میکسویل بھی کورونا وائرس سے متاثر ہونے والوں میں شامل ہوگئے ہیں۔

    آسٹریلیا کرکٹ کے مطابق میلبرن اسٹارز کے کپتان گلین میکسویل کا کرونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے، سماجی رابطے کی سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں میلبرن اسٹارز نے بھی اس بات کی تصدیق کی ہے کہ گلین میکسویل کرونا وائرس کا شکار ہوگئے ہیں۔

    گلین میکسویل میلبرن اسٹارز کے 13ویں کھلاڑی ہیں جن کا کوویڈ 19 ٹیسٹ مثبت آیا ہے، کچھ روز قبل کرکٹ آسٹریلیا کے چیف ایگزیکٹو کا بھی کورونا ٹیسٹ مثبت آیا تھا۔

    یہ بھی پڑھیں: کورونا کے حملے؛ چند گھنٹوں میں کئی کرکٹرز نشانہ بن گئے

    دوسری جانب امریکا سے ویسٹ انڈیز جاتے ہوئے آئرلینڈ کے دو کرکٹرز کرونا کا شکار ہوئے ہیں ‏جس پر انہیں دس روز کے لئے آئسولیٹ کردیا گیا تھا۔

  • تاریخ رقم: کیوی دیس میں بنگلا دیش کی پہلی ٹیسٹ فتح

    تاریخ رقم: کیوی دیس میں بنگلا دیش کی پہلی ٹیسٹ فتح

    ماؤنٹ منگنوئی: بنگلا دیش نے نیوزی لینڈ کو ماؤنٹ منگنوئی ٹیسٹ میں شکست دے کر تاریخ رقم کردی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ماونٹ منگنوئی میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میچ میں بنگال ٹائیگرز نے میزبان ٹیم کے خلاف 8 وکٹ سے کامیابی حاصل کی،اسی تاریخی فتح کے ساتھ بنگال ٹائیگرز نیوزی لینڈ میں پہلی مرتبہ اور ہوم گراؤنڈ سے باہر چھٹی مرتبہ کوئی ٹیسٹ جیتنے میں کامیاب ہوا ہے۔

    ماونٹ منگنوئی میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میں عبادت حسین کی تباہ کن بولنگ کی بدولت نیوزی لینڈ اپنی دوسری اننگز میں 169 رنز پر ڈھیر ہوگئی، بنگلا دیشی فاسٹ بولر نے 6 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، بنگلا دیش کو جیت کے لیے 40 رنز کا ہدف ملا تھا جو اس نے محض 2 وکٹ کے نقصان پر حاصل کرلیا۔

    ٹیسٹ میچ کی یہ جیت اس لیے بھی تاریخی اہمیت کی حامل بن گئی ہے کیونکہ 10 سال بعد پہلی مرتبہ کسی ایشین ٹیم نے نیوزی لینڈ میں کوئی ٹیسٹ جیتا ہے، اس سے قبل پاکستان نے جنوری 2011 میں ہملٹن ٹیسٹ جیتا تھا، ہملٹن میں پاکستان کی فتح کے بعد ایشین ٹیموں نے نیوزی لینڈ میں 19 ٹیسٹ کھیلے جن میں سے 16 ہارے اور 3 ڈرا ہوئے۔

    یہ بھی پڑھیں: بنگلہ دیش کا ’ریویو‘ مذاق بن گیا

    جبکہ بنگلا دیش کے لیے یہ جیت اس لیے بھی اہمیت کی حامل ہے کیونکہ اس نے پہلی بار نیوزی لینڈ کو ٹیسٹ میچ میں شکست دی ہے، دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا دوسرا اور آخری ٹیسٹ میچ 9 جنوری سے کھیلا جائے گا۔

     

  • چیئرمین پی سی بی کا سندھ میں مزید ٹیلنٹ تلاش کرنے کا اعلان

    چیئرمین پی سی بی کا سندھ میں مزید ٹیلنٹ تلاش کرنے کا اعلان

    کراچی: چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ کا کہنا ہے کہ سندھ میں کرکٹ کے بہترین کھلاڑی ہیں، ہم صوبے کے دیہی علاقوں میں کرکٹ پروموٹ کرینگے۔

    تفصیلات کے مطابق انہوں نے یہ بات وزیراعلیٰ سندھ سے ملاقات کے دوران کہی، چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ نے سندھ میں کرکٹ کے بہترین ٹیلنٹ کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ سندھ میں کرکٹ کے بہترین کھلاڑی ہیں، حیدرآباد سے زاہدحسین جبکہ لاڑکانہ سےشاہنواز ڈاھانی ہیں، ہم سندھ میں مزیدٹیلنٹ تلاش کرینگے اور اس کے لئے دیہی علاقوں میں کرکٹ پروموٹ کرینگے۔

    ملاقات میں وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ میں حیدرآباد میں کرکٹ کو بحال کرنا چاہتا ہوں، حیدرآباد کا نیاز اسٹیڈیم توبہترین ہے صرف ہوٹل کامسئلہ ہے اس کے علاوہ مراد علی شاہ نے چیئرمین پی سی بی کو آگاہ کیا کہ سکھر میں ہم اسپورٹس کمپلیکس بنارہےہیں جہاں دو کرکٹ گراؤنڈز، فٹبال اور دیگر گراؤنڈٖ بھی ہونگےوزیراعلیٰ سندھ مرادعلی شاہ کا کہنا تھا کہ ہماری خواہش ہے کہ پی سی بی کی ٹیکنیکل ٹیم سکھر اسپورٹس کمپلیکس کا دورہ کرے، ہم پی سی بی کی رہنمائی میں سکھر گراؤنڈ مزید بہتر کرینگے، جب کرکٹ کو فروغ ملے گا تومزیدٹیلنٹ آگےآئےگا۔

    ملاقات میں وزیراعلیٰ سندھ مرادعلی شاہ کا مزید کہنا تھا کہ اگر پی ایس ایل میں سندھ کی ٹیم کو شامل کیا گیا تو ہم سندھ کی ٹیم کواسپانسر کرنے کیلئے تیار ہیں۔

    ملاقات میں جاوید قریشی ممبر بورڈ آف گورنر بھی شریک تھے، بعد ازاں وزیراعلیٰ سندھ نے رمیز راجہ کو شیلڈ، اجرک اور سندھی ٹوپی بھی پیش کی۔

  • پی سی بی کا سالانہ ایوارڈ کے لیے نامزدگیوں کا اعلان

    پی سی بی کا سالانہ ایوارڈ کے لیے نامزدگیوں کا اعلان

    لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی ) کی جانب سے سالانہ ایوارڈ کے لیے نامزد گیوں کا اعلان کردیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پی سی بی کی جانب سے سالانہ ایوارڈ 2021 کے لیے جاری کردہ نامزدگیوں میں بابر اعظم، شاہین شاہ آفریدی کو مختلف کیٹیگریز میں شارٹ لسٹ کیا گیا ہے۔

    پی سی بی کے مطابق سال کی متاثر کن پر فارمنس آف دی ایٸر کیٹگری کے لیے فواد عالم، حسن علی، محمد رضوان اور شاہین شاہ کو شارٹ لسٹ کیا گیا ہے، فواد عالم نے جنوبی افریقا کے خلاف ٹیسٹ میں ناقابل شکست سینچری جڑی تھی جبکہ حسن علی نے پروٹیز کے خلاف ٹیسٹ میں 10 وکٹیں حاصل کرنے کا کارنامہ سرانجام دیا تھا۔

    محمد رضوان کو ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں روایتی حریف بھارت کے خلاف شاندار 79 رنز اسکور کرنے جبکہ شاہین شاہ آفریدی کو بھارت کے خلاف ٹی ٹوئنٹی میچز میں شاندار 3 وکٹیں حاصل کرنے پر نامزد کیا گیا۔

    پی سی بی نے ون ڈے کرکٹر آف دی ائیر کیلئے بابر اعظم، فخرزمان، حارث رؤف اور شاہین آفریدی کو نامزد کیا ہے جبکہ ایمرجنگ کرکٹر آف دی ایٸر کیٹگری کیلئے بھی چار امیدوار نامزد ہوئے ہیں، جن میں ارشد اقبال، اعظم خان ، محمد وسیم جونیٸر اور شاہنواز ڈاہانی شامل ہیں۔

     

  • مشن ورلڈکپ: انڈر 19 ٹیم ویسٹ انڈیز روانہ

    مشن ورلڈکپ: انڈر 19 ٹیم ویسٹ انڈیز روانہ

    لاہور: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی ) مینز انڈر 19 ورلڈ کپ میں شرکت کے لیے پاکستان انڈر 19 اسکواڈ ویسٹ انڈیز روانہ ہوگیا۔

    تفصیلات کے مطابق انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی ) مینز انڈر 19 ورلڈ کپ میں شرکت کے لیے پاکستان انڈر 19 اسکواڈ ویسٹ انڈیز روانہ ہوگیا، ایشیا کپ میں شرکت کے بعد گرین شرٹس آج دبئی سے بذریعہ مانچسٹر پھر برج ٹاؤن ویسٹ انڈیز کے لیے روانہ ہوا۔

    عبدالوحد بنگلزئی کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کے سبب اسکواڈ کے ہمراہ سفر نہ کرسکے، وہ 10 روز دبئی میں آئیسولیشن میں گزاریں گے جبکہ غازی غوری اور محمد ذیشان پہلے ہی بطور ٹریول ریزرو اسکواڈ کے ہمراہ موجود ہیں۔

    یہ بھی پڑھیں: انڈر 19 ایشیا کپ سیمی فائنل: پاکستان کو سری لنکا کے ہاتھوں شکست

    آئی سی سی مینز انڈر 19 ورلڈ کپ 14 جنوری سے شروع جبکہ فائنل پانچ فروری کو شیڈول ہے، قومی ٹیم اپنا پہلا میچ 15 جنوری کو پاپوا نیو گنی کے خلاف کھیلے گی۔

    واضح رہے کہ انڈر 19 ایشیا کپ کے سیمی فائنل میں سری لنکا نے پاکستان کو 22 رنز سے شکست دے کر ٹورنامنٹ سے باہر کردیا تھا۔

    ایشیا انڈر 19 کپ کی خاص بات یہ تھی کہ پاکستان نے روایتی حریف بھارت کو گروپ میچ میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد شکست سے دوچار کیا تھا۔

  • ‘سال 2022 شائقین کرکٹ کا سال ہوگا’

    ‘سال 2022 شائقین کرکٹ کا سال ہوگا’

    لاہور: چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ ( پی سی بی ) رمیز راجہ نے قوم کو سال نو کی مبارک باد دیتے ہوئے نئی ترجیحات بیان کردیں۔

    تفصیلات کے مطابق اپنے بیان میں رمیز راجہ نے پوری قوم کو سال 2022 کی مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ دعا ہے 2022 قومی کرکٹ ٹیم کےلیےنئی خوشیاں لائیں، انہوں نے کہا کہ نیا سال پاکستان کرکٹ فینز کے لیے بمپر سال ہے، اس سال بڑی ٹیمیں پاکستان آئیں گی، ہم پر امید ہیں کہ آسٹریلیا اور انگلینڈکی ٹیمیں پاکستان کا دورہ کرینگی۔

    رمیز راجہ نے کہا کہ ملک میں کرکٹ کا بہترین انفرا اسٹرکچر بنانا سال 2022 میں میری ترجیح ہوگی، ایج گروپ کرکٹرز کو وظیفہ اور مسابقتی کرکٹ دینے کا فیصلہ کیا ہے، ساتھ ہی اسلام آباد میں اسٹیڈیم ،ہائی پر فارمنس سینٹر میں نئےکمرے بنانے پر توجہ مرکوزہے۔

    یہ بھی پڑھیں: سال 2021 کا شاندار لمحہ کیا تھا؟ کپتان بابراعظم نے بتادیا

    چیئرمین پی سی بی نے بتایا کہ کپتان کو با اختیار کرنے سے ٹیم کی کارکردگی میں تسلسل آیا، کوچز کی تقرری پر بابر اعظم، محمد رضوان اور ثقلین مشتاق سے بات ہوئی ہے، عام تاثر یہی ہے کہ قومی ٹیم کے ساتھ غیر ملکی کوچز کی تقرری ہونی چاہیے۔

    شائقین کو قومی کرکٹ کا اثاثہ قرار دیتے ہوئے رمیز راجہ نے کہا کہ انہیں ہر ممکن سہولیات دیں گے، شائقین کی دلچسپی کو مد نظر رکھتے ہوئے انڈر 19 اور ویمنز پی ایس ایل کے لیےکام کررہے ہیں اور پاکستان میں ٹی 10 کرکٹ ٹورنامنٹ کروانے پر بھی غور کیا جاسکتاہے۔

    چیئرمین پی سی بی کا مزید کہنا تھا کہ پی ایس ایل براڈ کاسٹنگ ، لائیو اسٹریمنگ حقوق کی بولی میں قابل ذکر اضافہ دیکھا گیا ہے۔

  • ویرات کوہلی اور  بھارتی بورڈ کے درمیان اختلافات کھل کر سامنے آگئے

    ویرات کوہلی اور بھارتی بورڈ کے درمیان اختلافات کھل کر سامنے آگئے

    نئی دہلی: ون ڈے سیریز میں بھارتی ٹیم کی قیادت کرنے والے روہت شرما انجری کے باعث جنوبی افریقا کے خلاف سیریز سے باہر ہوگئے ہیں، تاہم اسکواڈ میں ہونے کے باوجود ویرات کوہلی کو کپتانی نہ سونپی گئی۔

    بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق جنوبی افریقا کیخلاف ون ڈے سیریز کیلئے بھارت کے اٹھارہ رکنی اسکواڈ کا اعلان کردیا گیا ہے، انجری کا شکار ہونے والے بھارتی ٹیم کے کپتان روہت شرما صحت یاب نہ ہوسکے اور پروٹیز کے خلاف ون ڈے سیریز سے باہر ہوگئے۔

    بی سی سی آئی کی جانب سے کئے گئے اعلان کے مطابق روہت شرما کی جگہ لوکیش راہول کو ون ڈے ٹیم کا کپتان منتخب کیا گیا ہے جبکہ نائب کپتانی کے فرائض جسپریت بُمراہ کرینگے۔

    حیران کن بات یہ ہے کہ ون ڈے اسکواڈ میں موجود سابق بھارتی کپتان اور مایہ ناز بلے باز ویرات کوہلی کو کپتانی نہیں سونپی گئی، جس سے تقویت ملتی ہے کہ ویرات کوہلی اور بورڈ کے درمیان کچھ اچھا نہیں ہے۔

    یہ بھی پڑھیں: ویرات کوہلی کو کپتانی سے ہٹانے کی وجہ سامنے آگئی

    واضح رہے کہ ان دنوں بی سی سی آئی کے صدر سارو گنگولی اور ویرات کوہلی کے درمیان تناؤ کی خبریں بھارتی میڈیا میں زدعام ہیں، خود بھارتی ٹیم کے سابق کپتان ویرات کوہلی ایک پریس کانفرنس میں اس کا برملا اظہار کرچکے ہیں کہ بورڈ کی جانب سے مجھے کپتانی سے ہٹانے پر اعتماد میں نہیں لیا گیا اور صرف ڈیڑھ گھنٹے پہلے اطلاع دی گئی۔

    بی سی سی آئی صدر سارو گنگولی کا کہنا ہے کہ خود ویرات کوہلی خود ون ڈے ٹیم کی کپتانی سے دستبردار ہوئے ہیں۔

    بھارت جنوبی افریقہ ون ڈے سیریز19 جنوری سےکھیلی جائے گی، لوکیش راہول ٹیم کی قیادت کریں گے، اسکواڈ میں راہول، دھون، گائیکواڈ،ویرات کوہلی،چاہل، ریشبھ پنٹ، سوریاکمار، شریاس، وینکاٹیش، ایشان،ایشون، سندر، بمراہ،ب ھوونیشور،چاہار،کرشنا،شاردل ٹھاکر اور سراج شامل ہیں۔

  • سال 2021 کا شاندار لمحہ کیا تھا؟ کپتان بابراعظم نے بتادیا

    سال 2021 کا شاندار لمحہ کیا تھا؟ کپتان بابراعظم نے بتادیا

    لاہور: قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم نے سال دوہزار اکیس میں کرکٹ ٹیم کی مجموعی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق اپنے بیان میں قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم نے سال 2021 میں قومی ٹیم کی مجموعی کارکردگی پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے لیے یہ شاندار سال رہا، اس سال ٹیم کی مجموعی اور لڑکوں کی انفرادی کارکردگی بہترین رہی۔

    بابراعظم نے کہا کہ محمد رضوان، شاہین آفریدی ،حسن علی نے رواں سال بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا جبکہ عبداللہ شفیق، شاہنواز دہانی اور وسیم جونیئر کی صورت میں بہترین کرکٹر ملے۔

    بابراعظم نے کہا کہ یہ معنی نہیں رکھتا کہ آپ اپنے سفر کا آغاز کیسا کرتے ہیں، معنی یہ رکھتا ہےکہ آپ سفر اختتام کیسےکرتے ہیں؟۔

    ایک سوال کے جواب میں بابراعظم نے کہا کہ 2021 کا شاندار لمحہ ٹی 20 ور لڈکپ میں بھارت کیخلاف کامیابی تھی، روایتی حریف کو ہرا کر تاریخ بدلنے پربہت خوش ہوا، سیمی فائنل میں آسٹریلیا سے شکست اس سال کا دل توڑنے والالمحہ تھا۔

    ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں کارکردگی سے متعلق کپتان بابراعظم کا کہنا تھا کہ کوشش یہی تھی کہ ہر میچ میں حریف ٹیم پر اثر ڈالیں، مختلف میچز میں مختلف پلیئر آف دی میچز بہترین مومنٹم کی جھلک تھی۔

    قومی ٹیم کے کپتان نے شائقین سے ٹیم کوسال 2022میں بھرپور سپورٹ کرنےکی درخواست کی تھی۔

  • آئرلینڈ کرکٹ ٹیم پر بھی کرونا کا وار

    آئرلینڈ کرکٹ ٹیم پر بھی کرونا کا وار

    سینٹ لوشیا: عالمی وبا کرونا کے کھلاڑیوں پر وار جاری ہے، انگلش کرکٹ ٹیم کے بعد آئرلینڈ ٹیم بھی اس وبا کی زد میں آگئی ہے۔

    کرکٹ آئرلینڈ کے آفیشل اکاؤنٹ سے کئے گئے ٹوئٹ میں بتایا گیا ہے کہ امریکا سے ویسٹ انڈیز جاتے ہوئے آئرلینڈ کے دو کرکٹرز کرونا کا شکار ہوئے ہیں، جس پر انہیں دس روز کے لئے آئسولیٹ کردیا گیا ہے۔

    کرونا مثبت آنے والوں میں آئی سی سی پلیئرز آف دی ایئر فار ون ڈے میں نامزد ہونے والے پال اسٹرلنگ اور شین گیٹ کاٹے شامل ہیں جبکہ جارج ڈاک ریل کا ریپڈ پی سی آر ٹیسٹ کیا گیا، جس میں کھلاڑی کی رپورٹ منفی آئی۔

    کرکٹ آئرلینڈ کے مطابق دونوں کھلاڑیوں کی ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز میں شمولیت منفی پی سی آر ٹیسٹ پر منحصر ہے، دونوں کھلاڑی 9 جنوری کو اپنا آئسولیشن پریڈ مکمل کرنے کےبعد ٹیسٹ کرائیں گے۔

    یہ بھی پڑھیں: ایشز سیریز کرونا کے نرغے میں: میچ ریفری بھی متاثر

     آئرش ٹیم تین ون ڈے اور ایک ٹی ٹوئنٹی میچ کیلئے ویسٹ انڈیز کا دورہ کرےگی، سیریز کے میچز جنوری سے کھیلےجانےہیں۔

    واضح رہے کہ ایشز سیریز کھیلنے والے انگلش کرکٹ ٹیم میں اب تک کرونا کے 7 کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں جبکہ گذشتہ روز آئی سی سی کے میچ ریفری ڈیوڈ بون کا کرونا ٹیسٹ مثبت آیا تھا۔

  • نیوزی لینڈ کے لیجنڈ کرکٹر نے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا

    نیوزی لینڈ کے لیجنڈ کرکٹر نے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا

    آکلینڈ: نیوزی لینڈ کے ریکارڈ ساز بیٹسمین راس ٹیلر نے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا، ٹیلر نیوزی لینڈ کی جانب سےسب سے زیادہ ٹیسٹ اور ون ڈے رنز بنانے کا اعزاز رکھتے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق کیوی کرکٹر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنی ریٹائرمنٹ سے متعلق پیغام میں لکھا کہ انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان آسان فیصلہ نہیں تھا مگر اب ریٹائرمنٹ کا وقت آچکا ہے، موجودہ سیزن کیریئر کا آخری سیزن ہوگا، بنگلہ دیش کیخلاف دو ٹیسٹ ، آسٹریلیا اور نیدر لینڈ کیخلاف 6 ایک روزہ انٹرنینشل میچز کے بعد کرکٹ کو خیر باد کہہ دوں گا۔

    روز ٹیلر نے لکھا کہ کرکٹ کیرئیرمیں17 سال کی شاندار سپورٹ پر سب کا شکر گزار ہوں، اپنے ملک کی نمائندگی کرنا میرے لیے ہمیشہ اعزاز رہے گا۔

    راس ٹیلر نے نیوزی لینڈ کی جانب سے 110 ٹیسٹ، 233 ایک روزہ اور 102 ٹی ٹوینٹی انٹرنیشنل میچز میں حصہ لیا، اپنے 17 سالہ کرکٹ کیریئر میں اپنی ٹیم کی نمائندگی کرتے ہوئے کئی ریکارڈز اپنے نام کیے۔

    راز ٹیلر نے کرکٹ کے تمام فارمیٹ میں مجموعی طور پر 18074رنز اسکور کئے، نیوزی لینڈ کے سب زیادہ انٹرنیشنل سنچریاں بنانے والے کھلاڑی بھی راس ٹیلر ہیں، ان کی مجموعی سینچریوں کی تعداد 40 ہے۔