Tag: sports news

  • یوکرین روس جنگ: فیفا نے بڑی پابندی عائد کردی

    یوکرین روس جنگ: فیفا نے بڑی پابندی عائد کردی

    زیورخ: یوکرین روس جنگ کے اثرات کھیلوں کے میدان میں بھی نظر آنے لگے، فٹبال کی عالمی تنظیم فیفا بھی جنگ کے خلاف میدان میں آگئی۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق یوکرین میں روس کے فوجی آپریشن کے سبب فٹبال کی عالمی تنظیم "فیفا” نے یوکرین پر روس کے حملے اور طاقت کے استعمال کی مذمت کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ وہ روس میں کوئی بھی بین الاقوامی میچ منعقد نہیں کرائے گی۔

    فیفا نے کہا کہ روس کےہوم میچز غیرجانبدار علاقے اور تماشائیوں کے بغیر کھیلےجائیں گے، بیرون ملک میچوں میں شرکت کے موقع پر روسی ٹیم کو اپنے ملک کا پرچم لہرانے یا قومی ترانہ بجانے کی اجازت نہیں ہوگی۔

    فیفا نے فریقین پر زرو دیا کہ تشدد کسی بھی مسئلےکاحل نہیں، فریقین امن کیلئے بات چیت کرے، ہم اس بات پر پختہ یقین رکھتےہیں کہ کھیلوں کو جاری رہنا چاہئے۔

    فیفا نے باور کرایا کہ وہ روس کے خلاف اضافی پابندیوں کے اقدام کا حق رکھتی ہے، ان میں بین الاقوامی مقابلوں سے ممکنہ بے دخلی شامل ہے۔

    یہ بھی پڑھیں: فٹبال ورلڈ کپ: پولینڈ، سویڈن اور جمہوریہ چیک کا روس کے خلاف اہم فیصلہ

    دوسری جانب یوکرین حملے پر انگلینڈ فٹبال ٹیم نے روس سے میچز نہ کھیلنے کا اعلان کیا ہے۔

    انگلش فٹبال ایسوسی ایشن کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ انگلینڈ مستقبل قریب میں روس کےخلاف کوئی میچ نہیں کھیلےگا۔

    واضح رہے کہ یوکرین پرحملےکےبعد متعدد یورپی ممالک نے روس سے میچز نہ کھیلنےاعلان کیا ہے، گزشتہ روز پولینڈ، سویڈن اور چیک رپبلک نے ورلڈکپ پلےآف میچز کھیلنے سےانکار کیا۔

    یاد رہے کہ روس چیمپئینز لیگ کے فائنل کی میزبانی سے بھی ہاتھ دھوچکا ہے۔

  • دورہ پاکستان : آسٹریلوی بیٹر عثمان خواجہ کو اپنا بچپن یاد آگیا

    دورہ پاکستان : آسٹریلوی بیٹر عثمان خواجہ کو اپنا بچپن یاد آگیا

    راولپنڈی: پاکستان کے تاریخی دورے پر پہنچنے والی آسٹریلوی ٹیم کے ٹیسٹ اوپنر عثمان خواجہ کو راولپنڈی میں گزارے بچپن کے دن یاد آگئے۔

    تفصیلات کے مطابق ورچوئل پریس کانفرنس کرتے ہوئے آسٹریلوی بیٹر عثمان خواجہ نے کہا کہ بچپن میں پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں جانے کا موقع ملا تھا، کراوڈ میں بیٹھنے کی تصاویر میرے پاس آج بھی موجود ہے۔

    عثمان خواجہ نے کہا کہ پاکستان میں کھیلنا میرے لیے اہم لمحہ ہے، میری ہمیشہ سے خواہش تھی کہ پاکستان میں کھیلوں، پاکستان میں پیدا ہونا اور پھر پاکستان میں تاریخی ٹیسٹ میچ کھیلنا میرے لیے اہم ہے۔

    عثمان خواجہ نے کہا کہ میں بارہ سال میں پاکستان میں اپنی فیملی کے ساتھ چار بار دورہ کر چکا ہوں، 2010 میں پاکستان میں اپنی فیملی کے ساتھ آخری بار آیا تھا۔

    انہوں نے کہا کہ پاکستان میں پیدا ہوا تھا لیکن دل میرا آسٹریلیا کے ساتھ ہے کیونکہ آسٹریلیا میں پلا بڑھا ہوں، جب بڑا ہورہا تھا تو دل یہی تھا کہ آسٹریلیا کے لیے کھیلوں اور اب پاکستان سے آکر آسٹریلیا کے لیے نمائندگی کرنا تاریخی لمحہ ہے۔

    یہ بھی پڑھیں: پاکستان سپر لیگ کا کامیاب انعقاد، پی سی بی مالا مال

    آن لائن پریس کانفرنس میں عثمان خواجہ نے کہا کہ آسٹریلیا کبھی پاکستان میں نہیں کھیلا اس لئے نیا تجربہ ہوگا، راولپنڈی کی پچ فاسٹ بولرزکے لئے سازگارہوتی ہے لیکن اس بارمختلف پچ کی امید ہے۔

    آسٹریلوی بیٹر نے کہا کہ میں نےصبح ایچ بی ایل پی ایس ایل فائنل کی جھلکیاں دیکھیں، ایچ بی ایل پی ایس ایل 7میں بہترین ٹیم فاتح قرار پائی۔

    عثمان خواجہ نے قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم کو دنیا کا بہترین کرکٹر قرار دیتے ہوئے کہا کہ بابراعظم نے بابراعظم نے گزشتہ سال بہترین کارکردگی دکھائی جبکہ محمد رضوان بھی پاکستان کے لیے فارم میں ہیں۔

  • پاکستان سپر لیگ کا کامیاب انعقاد، پی سی بی مالا مال

    پاکستان سپر لیگ کا کامیاب انعقاد، پی سی بی مالا مال

    لاہور: پاکستان سپر لیگ کا میلہ لاہور قلندر کے چیمپئن بننے کے ساتھ ہی اختتام پزیر ہوا، مگر بورڈ کو کیا فائدہ ہوا؟ چیئرمین پی سی بی نے بڑی خبر سنادی۔

    تفصیلات کے مطابق چیئرمین پی سی بی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری پیغام میں کہا کہ ایچ بی ایل پی ایس ایل سیزن 7 ریکارڈ منافع بخش رہا اور سیزن 7 میں ریکارڈ تعداد میں شائقین کرکٹ سے محظوظ ہوئے۔

    رمیز راجہ نے لکھا کہ لاہور قلندرز نے اپنا پہلا ایچ بی ایل پی ایس یل سیزن جیتا، قلندرز کو دل کی گہرائیوں سے مبارک باد اور پیار۔

    واضح رہے کہ پی ایس ایل سیزن سیون کو دو مرحلوں میں پایہ تکیمل تک پہنچایا گیا، پہلے مرحلے کے 15 میچز کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے، عالمی وبا کرونا کی نئے ویرئنٹ ‘ اومیکرون’ کے باعث نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر ( این سی او سی ) نے صرف 25 فیصد شائقین کرکٹ کو میدان میں آنے کی اجازت دی تھی۔

    صورت حال بہتر ہونے پر این سی او سی نے لاہور میں منعقدہ دوسرے مرحلے کے لئے 50 فیصد شائقین کو میدان میں داخل ہونے کی اجازت دی بعد ازاں 16 فروری کو این سی او سی نے میدان میں 100 فیصد تماشائیوں کو داخل ہونے کی اجازت دے دی تھی۔

    لاہور قلندرز کی عمدہ کارکردگی کے باعث قذافی اسٹیڈیم تماشائیوں سے کھچا کھچ بھرا نظر آیا اور نتیجہ یہ نکلا کہ قلندرز نے پی ایس ایل سیزن سیون کا معرکہ فتح کرلیا۔

  • مین آف دی میچ حاصل کرنے کے بعد ‘پروفیسر’ کا معنی خیز پیغام

    مین آف دی میچ حاصل کرنے کے بعد ‘پروفیسر’ کا معنی خیز پیغام

    لاہور: قومی کرکٹ ٹیم میں ‘پروفیسر’ کے نام سے پکارے جانے والے محمد حفیظ نے پی ایس ایل کا فائنل جیتنے کے بعد معنی خیز پیغام دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق گذشتہ روز لاہور قلندرز نے پی ایس ایل کی تاریخ میں پہلی بار ٹرافی تھامی، جس کا سہرا تجربہ کار آل راؤنڈر محمد حفیظ کو جاتا ہے، جنہوں نے انتہائی مشکل وقت میں لاہور قلندرز کے لئے 69 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔

    حفیظ کی شاندار نصف سینچری کی بدولت قلندرز نے فائنل جیتنے کے لئے ملتان سلطانز کو 181 رنز کا ہدف دیا تھا، بعد ازاں بولنگ میں پروفیسر نے سلطانز کے قائد محمد رضوان کی وکٹ لے کر قلندر کے لئے فتح کی بنیاد ڈالی۔

    یہ بھی پڑھیں: ’ریٹائرمنٹ سے آگاہ کرنا چاہتا تھا رمیز راجہ نے وقت نہ دیا

    محمد حفیظ کو فائنل میں 69 رنز کی شاندار اننگز اور 2 وکٹیں لینے پر مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔

    مین آف دی میچ کا ایوارڈ وصول کرنے کے بعد محمد حفیظ نے سماجی رابطے کا سہارا لیا اور معنی خیز کیپشن لکھا کہ ‘ ٹائیگر ابھی زندہ ہے’۔

    واضح رہے کہ پاکستان کے لیے 55 ٹیسٹ 218 ون ڈے اور 119 ٹی 20 کھیلنے والے آل راؤنڈر محمد حفیظ نے گذشتہ ماہ بین الاقوامی کرکٹ سے باقاعدہ طور پر ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا، محمد حفیظ نے تینوں فارمیٹس میں قومی ٹیم کی قیادت کے فرائض انجام دے رکھے ہیں۔

    محمد حفیظ نے پاکستان کے لیے 392 بین الااقومی میچو ں میں 12789 رنز 21 سنچریوں 64 نصف سنچریوں کی مدد سے بنائے، ایک مستند فیلڈر مانے جانے والے محمد حفیظ نے 160 کیچ لینے کے ساتھ بطور آف بریک بولر 253 وکٹیں بھی حاصل کیں۔

  • اجازت ہے؟ شاہنواز ڈاہانی کا نیا انداز شائقین کرکٹ کو بھاگیا

    اجازت ہے؟ شاہنواز ڈاہانی کا نیا انداز شائقین کرکٹ کو بھاگیا

    لاہور: پاکستان سپر لیگ سیزن سیون کا میلہ اختتام پزیر ہوا تاہم گذشتہ سال کی طرح اس سال بھی شاہنواز ڈاہانی کی منفرد جشن نے شائقین کرکٹ کے دلوں میں گھر کرلیا۔

    صوبہ سندھ کے ضلع لاڑکانہ سے تعلق رکھنے والے فاسٹ بولر شاہنواز ڈاہانی میدان میں شائقین کرکٹ کے توجہ کا محور رہتے ہیں،وہ وکٹ لینے کے بعد پورے میدان میں بھاگتے اور باؤنڈری کے پاس جا کر اپنا جشن مکمل کرتے ہیں۔

    رواں سیزن میں شائقین کرکٹ نے انٹرنیشنل امپائر علیم ڈار کی جانب سے شاہنواز ڈاہانی کو روکنے کا منظر دیکھا تھا، جس پر سوشل میڈیا پر دلچسپ تبصرے کئے گئے تھے۔

    گذشتہ روز پی ایس ایل کے فائنل میں ملتان سلطانز کے خلاف نصف سنچری جڑنے والے محمد حفیظ کو شاہنواز ڈاہانی نے آؤٹ کیا تو اس بار انہوں نے باؤنڈری کی جانب بھاگنے کی بجائے وہ سیدھا امپائر علیم ڈار کے پاس پہنچ گئے اور ان سے جشن منانے کی اجازت طلب کی۔

    علیم ڈار بھی شاید ڈاہانی کے مزاج کو سمجھ چکے تھے اس لئے انہوں نے فوری طور پر انہیں اشارے کے ساتھ جشن منانے کی اجازت دی، اس موقع پر کمنٹری باکس میں بیٹھے چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ بھی اپنی ہنسی نہیں روک پائے، اس چند سیکنڈ کے ویڈیو کلپ نے سوشل میڈیا شائقین کے دل جیت لئے ہیں۔Image

    اس سے قبل میچ کے آغاز پر لاہور قلندرز کے ان فارم بیٹر فخر زمان کا باؤنڈری پر شاندار کیچ تھام کر شاہنواز ڈاہانی نے شائقین سے خوب داد سمیٹی تھی، ڈاہانی کے اس ناقابل یقین کیچ پر خود فخر زمان بھی دنگ رہ گئے تھے۔

  • پاکستان میں خود کو بہت محفوظ محسوس کر رہا ہوں، کپتان آسٹریلوی ٹیم

    پاکستان میں خود کو بہت محفوظ محسوس کر رہا ہوں، کپتان آسٹریلوی ٹیم

    راولپنڈی: تاریخی دورے پر پاکستان پر آنے والی آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کے کپتان پیٹ کمنز کا کہنا ہے کہ پاکستان پہنچ کر اچھا لگ رہا ہے، سکیورٹی صورتحال بہترین ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان آمد پر ورچوئل نیوز کانفرنس کرتے ہوئے آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کے کپتان پیٹ کمنز نے کہا کہ پاکستان میں خود کو بہت محفوظ محسوس کر رہا ہوں، یہاں کے سیکیورٹی انتظامات بہت اچھے ہیں، پی سی بی نے ہمارا بہت خیال رکھا، یہاں کے تمام لوگ بہت پروفیشنل ہیں۔

    پیٹ کمنز نے کہا کہ پاکستان کیخلاف کھیلنےکا تجربہ ہمیشہ شانداررہا، امید ہےسیریز سےقبل اچھی پریکٹس کرلیں گے، ہمیں معلوم ہے کہ پاکستانی کرکٹ سے محبت کرتے ہیں اور انہیں اچھی کرکٹ دیکھنے کو ملے گی۔

    یہ بھی پڑھیں: آسٹریلوی ٹیم کو پاکستان آمد پر ‘خوش آمدید

    بائیو سیکیور ببل سے متعلق پوچھے گئے سوال پر آسٹریلوی کپتان نے کہا کہ ہمیں معلوم ہے کہ ہم ہوٹل سے زیادہ باہر نہیں جا سکتے، دورہ بھارت میں بھی زیادہ باہر نہیں جاتے تو اسکی عادت ہے، اسی لئے کھلاڑیوں نے سامان میں پلے اسٹیشن رکھے ہیں تاکہ وقت اچھا گزرے۔

    واضح رہے کہ آج آسٹریلوی کرکٹ ٹیم چوبیس سال بعد تاریخی دورے پر پاکستان پہنچی تھی، 35رکنی آسٹریلوی اسکواڈ چارٹرڈ طیارے کے ذریعے اسلام آباد پہنچا، ٹیم کے ساتھ کرکٹ آسٹریلیا کےسی ای اونک ہوکلی بھی ساتھ تھے۔

  • پی ایس ایل7 کا فاتح کون؟ فیصلے کا دن آگیا

    پی ایس ایل7 کا فاتح کون؟ فیصلے کا دن آگیا

    لاہور: پی ایس ایل سیزن سیون آج تمام رنگینیوں اور رعنائیوں کے ساتھ اختتام پزیر ہوجائے گا، مگر میگا ایونٹ کا چیمپئن کون ہوگا؟، اس کے لئے شائقین کرکٹ کو دل تھام کر بیٹھنا ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق ٹائٹل کی جنگ قذافی اسٹیڈیم کے تاریخی میدان میں شام ساڑھے سات بجے شروع ہو گی، ملتان سلطانز دفاعی چیمپئن ہے جبکہ لاہور قلندرز ابھی تک فتح کی ٹرافی اٹھانے سے محروم ہے۔

    دو ہزار سترہ کے بعد پہلی بار لاہور کا تاریخی گراؤنڈ قذافی اسٹیڈیم فائنل کی میزبانی کرنے جارہا ہے، لاہور قلندرز کو ہوم گراؤنڈ کا ایڈوانٹیج حاصل ہے مگر ملتان سلطانز بھی گذشتہ سال کی چمپئن ہے۔

    واضح رہے کہ ملتان سلطانز نے کوالیفائر میچ میں لاہور قلندرز کو 28 رنز سے شکست دے کر براہ راست فائنل میں رسائی حاصل کی تھی، لاہور قلندرز نے دوسرے ایلیمنیٹر میں اسلام آباد یونائیٹڈ کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد ہراکر فائنل کے لئے کوالیفائی کیا۔

    دلچسپ بات یہ ہے کہ اس سیزن میں دفاعی چیمپئن ملتان سلطانز کو ایک میچ میں شکست ہوئی تھی، میگا ایونٹ کے 17 ویں میچ میں لاہور نے ملتان سلطانز کے خلاف 52 رنز سے کامیابی حاصل کی تھی، آخری پانچ میچز پر نظر دوڑائی جائے تو پانچ میں سے چار بار ملتان سلطانز نے اپنے نام کئے۔

    Imageکپتان شاہین شاہ آفریدی کا کہنا ہے کہ دوسرے ایلیمینٹر میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف سنسنی خیز میچ میں کامیابی کے بعد لاہور قلندرز کی نظریں اب ٹرافی پر مرکوز ہیں، ایک ماہ ٹیم نے شاندار کرکٹ کھیلی، ملتان سلطانز کی ٹیم بھرپور فارم میں ہے تاہم لاہور قلندرز اسے ہرانے کی مکمل صلاحیت رکھتے ہیں۔

    انھوں نے کہا کہ تماشائیوں سے بھرے اسٹیڈیم میں کھیلنے اور پھر کامیابی حاصل کرنے سے بڑی کوئی اور خوشی نہیں ہوسکتی، ہر میچ کے لیے بڑی تعداد میں اسٹیڈیم کا رخ کرنے پر ہم لاہور کی عوام کے مشکور ہیں۔

    ملتان سلطانز کے قائد محمد رضوان نے کہا کہ ہمارے لئے یہ ٹورنامنٹ شاندار رہا، ایک کپتان کی حیثیت سے میں اپنے کھلاڑیوں سے اس سے بڑھ کر کچھ توقع نہیں کرسکتا تھا، دفاعی چیمپئن ہونے کا دباؤ ہوتا ہے تاہم ملتان سلطانز کی مینجمنٹ اور تمام کھلاڑیوں نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔انہوں نے کہا کہ لاہور قلندرز نے اب تک ایونٹ میں بہترین کرکٹ کھیلی، انھیں کراؤڈ سے بھی بھرپور سپورٹ میسر ہوگی، امید ہے کہ فائنل میں ملتان سلطانز کے شائقین بھی بڑی تعداد میں اسٹیڈیم کا رخ کریں گے، گزشتہ سال ملتان سلطانز نے ابوظبی کے خالی اسٹیڈیم میں ٹرافی اٹھائی تھی مگر اس مرتبہ تماشائیوں سے بھرے قذافی اسٹیڈیم لاہور میں فائنل جیتیں گے۔

    امپائرنگ پینل

    پی ایس ایل 7 کے فائنل میں علیم ڈار اور رچرڈ ایلنگورتھ آن فیلڈ امپائرز ہوں گے، یہ پہلا موقع ہوگا جب رچرڈ ایلنگورتھ پاکستانی لیگ کے فائنل میں امپائرنگ کے فرائض سر انجام دینگے،علیم ڈار پہلے، تیسرے، پانچویں اور چھٹے ایڈیشنز کے فیصلہ کن معرکوں میں بھی خدمات انجام دے چکے ہیں۔

    آئی سی سی ایلیٹ پینل کے مائیکل گف تھرڈ جبکہ احسن رضا فورتھ امپائرہوں گے، پلیئنگ کنٹرول ٹیم کی سربراہی آئی سی سی کے میچ ریفری روشن ماہنامہ سنبھالیں گے۔

  • کامران غلام نے تھپڑ کا جواب دے دیا

    کامران غلام نے تھپڑ کا جواب دے دیا

    لاہور: لاہور قلندرز کے کھلاڑی کامران غلام نے حارث رؤف کے تھپڑ کا جواب دے دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق گذشتہ روز لاہور قلندرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے درمیان دوسرا ایلمینیٹر میچ کھیلا گیا، جہاں لاہور قلندرز نے آخری لمحات میں یونائیٹڈ سے یقینی فتح چھین کر کرکٹ ماہرین کو حیرت میں ڈال دیا۔

    سنسنی خیز میچ میں لاہور قلندرز کے کھلاڑیوں نے نہایت عمدہ کھیل پیش کیا، تاہم گذشتہ میچ میں فاسٹ بولر حارث رؤف سے تھپڑ کھانے والے کامران غلام نے یونائیٹڈ کے جارح مزاج ایلکس ہیلز کا شاندار کیچ تھام کر اپنے ساتھی کو ‘ تھپڑ’ کا جواب دیا۔

    کامران غلام کے شاندار کیچ تھامنے پر حارث رؤف نے ساتھی کھلاڑی کو فرط جذبات سے گلے لگایا اور میچ میں فتح کے بعد حارث رؤف کندھے پر بٹھاکر کامران غلام کو میدان کا چکر لگوایا، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہورہی ہے۔

    یہ بھی پڑھیں: اسلام آباد کو ہرا کر لاہور فائنل میں پہنچ گیا

    واضح رہے کہ پاکستان سپر لیگ سیون کے آخری لیگ میچ میں لاہور قلندرز کے حارث رؤف نےکیچ ڈراپ کرنے پر کامران غلام کو تھپڑ جڑ دیا تھا، بعد ازاں معاملہ رفع دفع ہوگیا تھا۔

    یاد رہے کہ پی ایس ایل سیزن سیون کا فائنل کل دفاعی چیمپئن ملتان سلطانز اور لاہور قلندرز کے درمیان کھیلا جائے گا، لاہور قلندرز پی ایس ایل تاریخ میں واحد ٹیم ہے جو ابھی تک ٹرافی اپنے نام کرنے سے قاصر رہی ہے۔

  • دوسرا ایلیمینیٹرمیچ : محکمہ موسمیات نے خبردار کردیا

    دوسرا ایلیمینیٹرمیچ : محکمہ موسمیات نے خبردار کردیا

    لاہور: پی ایس ایل سیزن سیون کے دوسرے ایلیمینیٹر میچ میں آج لاہور قلندرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ آمنے سامنے ہونگے تاہم محکمہ موسمیات نے خبردار کردیا ہے۔

    لاہور کےقذافی اسٹیڈیم میں قلندرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے درمیان میچ کی تیاریاں مکمل ہوچکی مگر محکمہ موسمیات نے لاہور میں آج سہہ پہر 3سے شام 6بجے تک بارش کی پیش گوئی کی ہے۔

    پی سی بی حکام کا کہنا ہے کہ اگر میچ مقررہ وقت پر شروع نہ ہوسکا تو اوورز کم کئے جائیں گے، میچ بے نتیجہ رہنےپرلاہور قلندرز زیادہ میچز جیتنےکی بنیاد پر فائنل میں جگہ بنالےگی۔

    یہ بھی پڑھیں: فائنل میں کون کرے گا ملتان سے مقابلہ؟ فیصلہ آج ہوگا

    پاکستان کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ میگا ایونٹ کے فائنل اگر بارش سے متاثر ہوا تو اس کے لئے اضافی دن رکھا گیا ہے۔

    واضح رہے کہ آج میچ جیتنے والی ٹیم 27 فروری کو فائنل میچ میں ملتان سلطانز کا سامنا کرے گی جبکہ ہارنے والی ٹیم ٹورنامنٹ سے باہر ہوجائے گی، ہفتے کے روز پی ایس ایل سیون میں چھٹی کا روز ہوگا۔فائنل میچ 27 فروری بروز اتوار کو کھیلا جائے گا۔

  • ویمنز ورلڈکپ سے قبل آئی سی سی کا اہم اعلان

    ویمنز ورلڈکپ سے قبل آئی سی سی کا اہم اعلان

    دبئی: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل ( آئی سی سی) نے ویمنز ورلڈکپ کے قواعد میں بڑی تبدیلی کردی ہے۔

    آئی سی سی کی آرگنائزنگ کمیٹی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ آئی سی سی نے کرونا وائرس کو مدنظر رکھتے ہوئے ویمنز ورلڈکپ کیلئے قواعد میں تبدیلی کی گئی ہے۔

    آرگنائزنگ کمیٹی کےمطابق چار مارچ سےنیوزی لینڈ میں شروع ہونےوالے میگاایونٹ کےمیچز نو فٹ کھلاڑیوں کی دستیابی پربھی جاری رہیں گے۔

    پاکستان ٹیم 27 فروری کو نیوزی لینڈ کے خلاف پہلا وارم آپ میچ کھیلے گی جبکہ دوسرا وارم آپ میچ 2 مارچ کو بنگلادیش کے خلاف کھیلا جائے گا، پاک بھارت ٹاکرا 6 مارچ کو ہوگا۔

    آئی سی سی ویمنز ورلڈکپ 2022 میں پاکستان کے میچز

    چھ مارچ: پاکستان بمقابلہ بھارت بمقام بے اوول، ترنگا

    آٹھ مارچ: پاکستان بمقابلہ آسٹریلیا بمقام بے اوول، ترنگا

    گیارہ  مارچ: پاکستان بمقابلہ جنوبی افریقہ بمقام بے اوول، ترنگا

    چودہ مارچ: پاکستان بمقابلہ بنگلہ دیش بمقام سیڈون پارک، ہملٹن

    اکیس مارچ: پاکستان بمقابلہ ویسٹ انڈیز بمقام سیڈون پارک، ہملٹن

    چوبیس مارچ: پاکستان بمقابلہ انگلینڈبمقام ہیگلے اوول کرائسٹ چرچ

    چھبیس مارچ: پاکستان بمقابلہ نیوزی لینڈبمقام ہیگلے اوول کرائسٹ چرچ