Tag: 2 کھیل

  • بنگلہ دیش نے بھارت کو ون ڈے سیریز میں شکست دے دی

    بنگلہ دیش نے بھارت کو ون ڈے سیریز میں شکست دے دی

    میرپور: بنگلہ دیش نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد بھارت کو دوسرے ایک روزہ میچ میں بھی شکست دیتے ہوئے سیریز اپنے نام کرلی۔

    تفصیلات کے مطابق میرپور کے شیر بنگلہ نیشنل اسٹیڈیم میں جاری سیریز کے دوسرے ون ڈے میں بنگلہ دیش نے بھارت کو 272 رنز کا ہدف دیا۔

    جواب میں بھارتی ٹیم میچ کے آخری گیند پر آل آؤٹ ہوگئی،بھارتی کپتان روہت شرما کی تیز رفتار نصف سینچری بھی کسی کام نہ آسکی۔

    شریاس آئیر کے 82 رنز بھی رائیگاں گئے جبکہ ایکسر پٹیل کے 56 رنز بھی سوائے ریکارڈ کے کچھ نہ کرسکے، اس کے علاوہ کوئی بھی بھارتی بیٹر نمایاں کارکردگی نہ دکھاسکا۔اور بنگلہ دیش نے 5 رنز سے فتح اپنے نام کی۔

    ویرات کوہلی 5، شیکھر دھون 8، واشنگٹن سندر 11، کے ایل راہول 14 شردل ٹھاکر 7، دیپک چہار 11 رنز بناسکے۔

    یہ بھی پڑھیں: بنگلہ دیشی بیٹرز نے بھارت کے خلاف ریکارڈ بناڈالا

    بنگلہ دیش کی جانب سے عبادت حسین نے 3 جبکہ مہدی حسن اور شکیب الحسن نے 2 دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، محمداللہ نے بھی ایک بھارتی بیٹر کو پویلین کی راہ دکھائی۔

    Image

    اس سے قبل بنگلادیش نےپہلےکھیل کر7وکٹ پر271رنزبنائےتھے، مہدی حسن نے8ویں نمبرپرشاندارسنچری اسکور کرتے ہوئے سب کو حیران کیا تھا۔

    اسی فتح کے ساتھ بنگلہ دیش نے تین میچوں پر متشمل سیریز بھی اپنے نام کرلی، ون ڈے کرکٹ کی تاریخ میں یہ دوسری بار ہوا ہے جب بنگال ٹائیگرز نے بھارت کو شکست دی۔

    اس سے قبل دو ہزار پندرہ میں بھی بنگلہ دیش میں کھیلی گئی ون ڈے سیریز میں میزبان ٹیم نے بھارت کو 1-2 سے شکست دیکر پہلی بار سیریز اپنے نام کی تھی۔

    سنسنی خیز میچ کی مکمل جھلکیاں 

  • بھارت کے خلاف تاریخی فتح کے ہیرو مہدی حسن کا شادی سے متعلق دلچسپ انکشاف

    بھارت کے خلاف تاریخی فتح کے ہیرو مہدی حسن کا شادی سے متعلق دلچسپ انکشاف

    میرپور: بھارت کے خلاف پہلے ون ڈے میچ کے ہیرو مہدی حسن نے اپنی زندگی کے ناقابل واقعے سے متعلق پردہ اٹھادیا۔

    بنگلہ دیش نے بھارت کے خلاف ہوم سیریز کا بہترین آغاز کیا ہے، بنگال ٹائیگرز نے پہلے ایک روزہ میچ میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد بھارت ک ایک وکٹ سے شکست دی، شکیب الحسن اور مہدی حسن معراج نے عمدہ کھیل کی مدد سے شائقین کے دل جیتے۔

    مہدی حسن معراج نے آخری وکٹ پر مستفیض الرحمان کے ساتھ 51 رنز کی ناقابل یقین شراکت داری قائم کرتے ہوئے بھارت کی امیدوں پر پانی پھیرا۔

    ایک سوستاسی رنز ہدف کے تعاقب میں بنگلہ دیش نے 136 رنز پر اپنی 9 وکٹ گنوادی تھی، تاہم پچیس سالہ مہدی حسن نے 39 گیندوں پر 38 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کو تاریخی کامیابی دلوائی، ان کی تاریخ ساز اننگز میں 2 چھکے اور 4 چوکے شامل تھے، مستفیض الرحمان نے 11 گیندوں پر 10 قیمتی رنز بنائے اور ناٹ آؤٹ رہے۔

    بھارت کے خلاف تاریخی فتح کے اہم کردار مہدی حسن کے بارے میں بہت کم لوگ جانتے ہیں کہ وہ دہشت گردانہ حملے میں بال بال بچے تھے، واقعہ کچھ یوں ہے کہ بنگلہ دیش 2019 میں دورہ نیوزی لینڈ پر تھی ، بنگلہ دیشی کھلاڑی نماز کی ادائیگی کے لئے مسجد جارہے تھے کہ اسی دوران وہاں دہشت گردانہ حملہ ہوا تاہم خوش قسمتی سے وہ محفوظ رہے۔

    یہ بھی پڑھیں: بنگلہ دیشی بیٹرز نے بھارت کے خلاف ریکارڈ بناڈالا

    مہدی حسن نے بتایا کہ اس صدمے سے باہر نکلنے کیلئے انہوں نے ایک ہفتے بعد ہی شادی کرنے کا فیصلہ کیا۔

    واضح رہے کہ مہدی حسن بنگلہ دیش کی جانب سے سب سے کم ٹیسٹ میچز میں 100 وکٹیں لینے والے پہلے بالر ہیں ، انہوں نے یہ کارنامہ فروری 2021 میں ویسٹ انڈیز کے خلاف سرانجام دیا تھا، آف اسپنر اب تک 35 ٹیسٹ میچز میں 135 وکٹیں اپنے نام کرچکے ہیں۔

    مہدی حسن ایک روزہ میچز میں 76 وکٹیں حاصل کرچکے ہیں، جس میں ان کی عمدہ بولنگ 25 رنز کے عوض 4 وکٹیں لینا ہے ۔

  • ’جب تک بولر تباہ نہ ہو جائے اسے کھلاتے رہتے ہیں‘

    ’جب تک بولر تباہ نہ ہو جائے اسے کھلاتے رہتے ہیں‘

    پاکستان کے سابق فاسٹ بولر عاقب جاوید نے حارث رؤف کو فی الحال ٹیسٹ کرکٹ نہ کھیلنے کا مشورہ دے دیا۔

    انگلینڈ کے خلاف پنڈی ٹیسٹ میں ڈیبیو کرنے والے حارث رؤف اسٹرین (کھچاؤ) کی وجہ سے بقیہ سیریز سے باہر ہو گئے ہیں۔ ڈاکٹرز نے انہیں مکمل آرام کا مشورہ دیا ہے۔

    اس حوالے گفتگو کرتے ہوئے عاقب جاوید نے کہا کہ حارث کو ٹیسٹ نہیں کھیلنا چاہیے کیونکہ وہ اس فارمیٹ کے لیے ٹرینڈ یعنی تربیت یافتہ نہیں ہیں ان کی جگہ ایسے باؤلرز کو کھلائیں جو ٹیسٹ میچ، فرسٹ کلاس کرکٹ کھیل سکیں اور باقاعدگی سے وکٹیں حاصل کر سکیں۔

    انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس میرحمزہ ہے ایسے باؤلرز کو کھلائیں جو طویل عرصے تک باؤلنگ کر سکیں اور جانتے ہوں کہ کہاں اور کیسے بولنگ کرنی ہے۔

    عاقب جاوید نے اظہارِبرہمی کرتے ہوئے کہا کہ ایک بار جب کسی بولر کو پکڑ لیتے ہیں چاہے وہ ٹی ٹوئنٹی، ون ڈے، یا ٹیسٹ میں ہو – وہ تب تک آرام نہیں کرتا جب تک کہ تباہ نہ ہوجائے۔

    ان کا کہنا تھا کہ "پارٹ ٹائمرز” پر انحصار کرنا ایک ناقص حکمت عملی ہے اور ٹیم کو تجربہ کار باؤلرز پر سرمایہ کاری کرنی چاہیے۔

  • بنگلہ دیشی بیٹرز نے بھارت کے خلاف ریکارڈ بناڈالا

    بنگلہ دیشی بیٹرز نے بھارت کے خلاف ریکارڈ بناڈالا

    میرپور: بنگلہ دیشی بیٹرز مہدی حسن اور محمود اللہ نے بھارت کے خلاف ریکارڈ بنا ڈالا۔

    تفصیلات کے مطابق میرپور کے شیر بنگلہ نیشنل اسٹیڈیم میں جاری سیریز کے دوسرے ون ڈے میں بنگلہ دیش نے بھارت کو 272 رنز کا ہدف دیا ہے۔

    بنگلہ دیش نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، جو سود مند ثابت نہ ہوسکا، بنگال ٹائیگرز کے 6 کھلاڑی 69 کے مجموعے پرپویلین لوٹ گئے، اس موقع پر ایسا لگ رہا تھا کہ بنگلہ دیش جلد آل آؤٹ ہوجائے گی تاہم مہدی حسن اور محمود اللہ نے بھارت کی امیدوں پر پانی پھیردیا۔

    دونوں بیٹرز نے ساتویں وکٹ کی شراکت میں ریکارڈ 148 رنز کی شراکت داری قائم کرتے ہوئے نہ صرف اپنی ٹیم کو منجدھار سے نکالا بلکہ ٹیم کے اسکور کو قابل قدر مجموعے تک لانے میں اہم کردار ادا کیا۔

    مہدی حسن نے 83 گیندوں پر ناقابل شکست سینچری جڑی، ان کی اننگز میں 4 چھکے اور 8 چوکے شامل تھے، محمود اللہ نے بھی 77 رنز کی عمدہ اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کو سہارا فراہم کیا۔

    بھارت کی جانب سے واشنگٹن سندر تین وکٹیں لینے میں کامیاب ہوئے، محمد سراج اور عمران ملک کے حصے میں دو دو وکٹ آئیں۔

    اس سے قبل سیریز کے پہلے میچ میں بھی مہدی حسن نے بھارت کے خلاف جیت میں بہت اہم کردار ادا کیا تھا،بنگلادیشی بیٹر کو ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے 39 گیندوں پر 38 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا تھا۔

    واضح رہے کہ بنگلہ دیش کو تین میچوں پر مشتمل ون ڈے سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل ہے۔

  • انگلینڈ کی برمی آرمی واہگہ بارڈر پہنچ گئی

    انگلینڈ کی برمی آرمی واہگہ بارڈر پہنچ گئی

    17 سال بعد دورہ پاکستان پر آنے والی انگلینڈ کی مشہور کرکٹ شائقین کی نمائندگی کرنے والی تنظیم بارمی آرمی پاکستان کے مشہور تفریحی گاہ سے محظوظ ہورہی ہے۔

    انگلینڈ کی برمی آرمی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹوئٹر پر لاہور کی تاریخی مقامات پر سیر سپاٹے کے دروان لے گئی تصویر شئیر کی ہے۔

    برمی آرمی نے لاہور کے واہگیہ بارڈر پر ہونے والی تقریب میں شرکت کی، انہوں نے تقریب کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ہوسکتا ہے کہ اگلے سال ہم یہ تقریب بھارت کی طرف سے دیکھ رہے ہوں۔

    اس کے علاوہ انہوں نے پاکستان کی تاریخی اور خوبصورت مسجد کی ایک تصویر بھی شیئر کی جس میں انہوں نے لکھا کہ لاہور کی یہ مسجد کتنی خوبصورت ہے۔

    بارمی آرمی کے ٹوئٹر اکاؤنٹ سے پاکستان کے حوالے سے متعدد ٹوئٹس کا سلسلہ جاری ہے، انہوں نے ایک ٹوئٹ میں کہا تھا کہ ’ہمارا رابطی کوئی پاکستان کے مسٹر بین سے کرواسکتا ہے، ہم پاکستان میں ہوتے ہوئے ان سے ملنا چاہتے ہیں۔

    واضح رہے کہ پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان ٹیسٹ میچز کے لیے انگلینڈ کی مشہور کرکٹ شائقین کی نمائندگی کرنے والی تنظیم بارمی آرمی بھی پاکستان آئی ہوئی ہے۔

  • انڈر 19 ویمن ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے قومی اسکواڈ کا اعلان

    انڈر 19 ویمن ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے قومی اسکواڈ کا اعلان

    اسلام آباد: انڈر 19 ویمن ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے قومی اسکواڈ کا اعلان ہو گیا۔

    پاکستان کرکٹ بورڈ نے آئی سی سی انڈر 19 ویمن ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے لیے پاکستان ٹیم کا اعلان کر دیا، عروب شاہ پاکستان ٹیم کی کپتان مقرر کر دی گئیں۔

    دیگر کھلاڑیوں میں علیزہ خان، انوشا ناصر، عریشہ نور، ایمان فاطمہ، حلیمہ عظیم ڈار، ہانیہ احمر، لائبہ ناصر، ماہ نور آفتاب، قرت العین احسن اور ردا اسلم شامل ہیں۔

    شوال ذوالفقار، وردہ یوسف، زیب النساء اور زامینہ طاہر کو بھی ٹیم کا حصہ بنایا گیا ہے، جب کہ اقصہ یوسف، دینا رضوی، ماہم انیس، مسکان عابد اور تہذیب شاہ ریزرو کھلاڑیوں میں شامل ہیں۔

    آئی سی سی انڈر 19 ویمن ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ 14 سے 29 جنوری تک ساؤتھ افریقہ میں کھیلا جائے گا۔

    چیف سلیکٹر اسماویہ اقبال نے کہا ’’ٹیم میں منتخب ہونے والی پندرہ کھلاڑیوں کو میں مبارک باد دیتی ہوں، کھلاڑیوں پر اعتماد ہے کہ وہ پہلی مرتبہ ہونے والے ایونٹ میں اچھا کریں گی۔‘‘

    پاکستان انڈر 19 ویمن ٹیم 15 جنوری کو روانڈا، 17 جنوری کو انگلینڈ اور 19 جنوری کو زمبابوے کے خلاف میچ کھیلے گی۔

  • روہت شرما بنگلہ دیش کیخلاف میچ میں زخمی ہوکر اسپتال منتقل

    روہت شرما بنگلہ دیش کیخلاف میچ میں زخمی ہوکر اسپتال منتقل

    بھارت کرکٹ ٹیم کے کپتان روہت شرما بنگلا دیش کیخلاف ون ڈے سیریز کے دوسرے میچ میں فیلڈنگ کرتے ہوئے زخمی ہوگئے۔

    بھارتی کرکٹ بورڈ کے مطابق روہت شرما بنگلا دیش کے کھلاڑی انعام الحق کا کیچ پکڑتے ہوئے زخمی ہوئے، کیچ پکڑتے ہوئے گیند ان کے انگھوٹھے پر لگی جس کے بعد انگھوٹھے سے خون نکلنے لگا۔

    زخمی ہونے کے بعد بھارتی کپتان کو فوری طور پر چوٹ کا معائنہ کیا گیا اور پھر انہیں فوری طور پر ایکسرے کے لیے ڈھاکا کے اسپتال میں منتقل کردیا گیا۔

    ان کی غیر موجودگی میں بھارتی ٹیم کے نائب کپتان کے ایل راہول کپتانی کی ذمہ داری سنبھال رہے ہیں۔

    یاد رہے کہ بنگلادیش نے بھارت کے خلاف تین ون ڈے میچز کی سیریز کا پہلا میچ سنسنی خیز مقابلےکے بعد جیت لیا تھا، آج بھارت اور بنگلادیش کے خلاف سیریز کا دوسرا ون ڈے میچ کھیلا جا رہا ہے۔

  • حیات آباد کرکٹ اسٹیڈیم پی سی بی کی تحویل میں چلا گیا

    حیات آباد کرکٹ اسٹیڈیم پی سی بی کی تحویل میں چلا گیا

    پشاور: حیات آباد کرکٹ اسٹیڈیم پاکستان کرکٹ بورڈ کی تحویل میں دے دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ اور خیبر پختون خوا حکومت کے درمیان ایک معاہدہ طے پایا ہے جس کے تحت پشاور کے حیات آباد کرکٹ اسٹیڈیم پی سی بی کی تحویل میں چلا گیا۔

    سیکریٹری اسپورٹس کا کہنا ہے کہ خیبر پختون خوا حکومت نے ہیلتھ اور ایجوکیشن کے بعد کھیلوں پر توجہ دی ہے، اور صوبے میں اسپورٹس کمپلیکس بنائے جا رہے ہیں۔

    سیکریٹری کا کہنا تھا کہ حیات آباد کرکٹ اسٹیڈیم تیار ہے، اور ارباب نیاز کرکٹ اسٹیڈیم تکمیل کے قریب ہے، اب حیات آباد گراؤنڈ پاکستان کرکٹ بورڈ کو دیا جا رہا ہے، اسٹیڈیم کے انتظامی اختیارات پی سی بی کے پاس ہوں گے۔

  • فیفا ورلڈ کپ: مراکشی کھلاڑیوں کا فلسطینی پرچم کے ساتھ جیت کا جشن

    فیفا ورلڈ کپ: مراکشی کھلاڑیوں کا فلسطینی پرچم کے ساتھ جیت کا جشن

    دوحا: مراکش کی فٹبال ٹیم نے دو ہزار دس کی عالمی چیمپئن اسپین کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد شکست دے کر فلسطینی پرچم کے ساتھ اپنی تاریخی جیت کا جشن منایا۔

    گزشتہ روز دوحا کے ایجوکیشن سٹی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے پری کوارٹرفائنل میں مراکش اوراسپین مدمقابل آئیں، دونوں ٹیمیں مقررہ اوراضافی وقت میں کوئی گول نہ کرسکیں۔
    میچ کا فیصلہ پنالٹی شوٹ آؤٹ پرہوا، جہاں مراکش کے گول کیپر نے یکے بعد دیگرے اسپین کے تین گول روک کر اپنی ٹیم کو فیفا ورلڈکپ کی تاریخ میں پہلی بار کوارٹر فائنل میں جگہ دلائی۔

    مراکش کی تاریخی کامیابی پر پورے اسٹیڈیم میں جشن کا سماں رہا، مراکشی کھلاڑیوں نے سپورٹ کرنے پر شائقین فٹ بال کا شکریہ ادا کیا، بعد ازاں کھلاڑی نے سجدہ شکر بھی ادا کیا۔

    مراکش اب چوتھی افریقی اور پہلی عرب ٹیم ہے جس نے کوارٹر فائنل میں کوالیفائی کیا، اس سے قبل تین افریقی ممالک (1990 میں کیمرون، 2002 میں سنیگال اور 2010 میں گھانا) نے کوارٹر فائنل میں کوالیفائی کیا تھا۔

    میچ ختم ہونے کے بعد مراکش ٹیم کے منیجر نے کہا کہ یہ ایک بہٹ بڑی کامیابی ہے ہمارے کھلاڑی پُرجوش ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ یہ اس قدر بڑی کامیابی ہے کہ مجھے ہمارے بادشاہ نے میچ کے بعد مبارکباد دینے کے لیے فون کیا، انہوں نے ہماری حوصلہ افزائی کی اور اگلے مرحلے میں ٹیم کو پوری جان لگانے کا مشورہ دیا۔

    مراکش کے فٹبالرز جیت کے موقع پر شائقین سمیت کھلاڑیوں نے عرب یکجہتی کے اظہار میں فلسطینی پرچم اٹھایا ہوا تھا۔

  • کیا فیفا ورلڈ کپ کے بعد قطر ان شاندار اسٹیڈیمز کو مسمار کردے گا؟

    کیا فیفا ورلڈ کپ کے بعد قطر ان شاندار اسٹیڈیمز کو مسمار کردے گا؟

    18 دسمبر کو قطر میں جاری فیفا فٹبال ورلڈکپ کا اختتام ہوجائے گا مگر اس ایونٹ کے لیے تیار کیے جانے والے اسٹیڈیمز کا مستقبل کیا ہوگا؟

    قطر میں جاری فیفا ولڈ کپ کے لیے مجموعی طور پر 8 اسٹیڈیم استعمال کیے گئے ہیں جن میں سے 7 کو مکمل طور پر تعمیر کیا گیا جبکہ خلیفہ انٹرنیشنل اسٹیڈیم پہلے سے موجود تھا۔

    قطر نے اسٹیڈیمز کے حوالے سے پہلے سے منصوبہ بندی کی ہوئی ہے۔

    اسٹیڈیم 974 پہلا فٹبال اسٹیڈیم تھا جسے کنٹینرز سے تعمیر کیا گیا تھا لیگو بلاکس سے متاثر اس اسٹیڈیم کی تیاری کے لیے 974 شپنگ کنٹینرز استعمال کیے گئے ہیں۔

    فٹبال ورلڈ کپ ختم ہونے کے بعد اب اس کے لیے استعمال ہونے والے شپنگ کنٹینرز اور نشستوں کو ہٹادیا جائے گا لیکن ابھی واضح نہیں کہ یہ عمل کب شروع ہوگا۔

    احمد بن علی اسٹیڈیم اور الجنوب اسٹیڈیم مقامی فٹبال کلبوں کے لیے مختص کردیے جائیں گے، اس اسٹیڈیم کو الریان کلب کا مرکز بنایا جائے گا جبکہ الورقہ کلب الجنوب اسٹیڈیم میں کھیلے گا۔

    لوسیل اسٹیڈیم میں ورلڈکپ کا فائنل ہوگا اور ٹورنامنٹ کے اختتام پر اس اسٹیڈیم کو ایک کمیونٹی مرکز میں تبدیل کردیا جائے گا، جس میں اسکول، دکانیں، کیفے، طبی مراکز اور دیگر سہولیات موجود ہوں گی۔

    البیت اسٹیڈیم کو فائیو اسٹار ہوٹل، شاپنگ مال اور اسپورٹس میڈیسین سینٹر میں تبدیل کردیا جائے گا۔

    خلیفہ انٹرنیشنل اسٹیڈیم مستقبل میں بھی عالمی فٹبال مقابلوں کے لیے استعمال کیا جائے گا اور 2026 کے ورلڈکپ کوالیفائنگ مقابلوں کا انعقاد وہاں ہوگا۔

    کچھ اسٹیڈیمز کو جنوری 2024 میں شیڈول ایشیا کپ کے لیے استعمال کیا جائے گا۔