Tag: Spray

  • کورونا وائرس سے بچاؤ کیلئے ایک اور نیا طریقہ دریافت

    کورونا وائرس سے بچاؤ کیلئے ایک اور نیا طریقہ دریافت

    لندن : یوں تو کورونا وائرس سے محفوظ رہنے اور اس کے علاج کیلئے دنیا بھر میں کوئی نہ کوئی تحقیق یا ٹوٹکے بتائے جارہے ہیں ایک ایسی ہی تحقیق میں وائرس سے بچنے کیلئے ایک اور نیا طریقہ سامنے آیا ہے۔

    برطانیہ میں کورونا وائرس سے بچانے والا اسپرے تیار کر لیا گیا ہے جسے ناک میں ڈالا جائے گا۔

    غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق سائنسدانوں نے ناک میں ڈالے جانے والے اسپرے کو فوکس ویل کا نام دیا ہے جو کورونا وائرس کے چنگل میں آسانی سے آجانے والے افراد کو تحفظ فراہم کرتا ہے۔

    اس اسپرے کو بھارت میں 600 تندرست ایسے طبی کارکنان پر آزمایا گیا ہے جو کورونا وائرس کے مریضوں کے علاج میں مدد کر رہے تھے۔ ناک کے دونوں نتھنوں میں ایک مرتبہ اسپرے کرنے کے بعد یہ 8 گھنٹے تک کسی وائرس کے حملے کو محفوظ رکھتا ہے۔

    اسپرے کو تیار کرنے والے برطانوی سرجن اور اسٹارٹ اپ کے سربراہ راکیش اوپل نے اپنی ایجاد کو ایک سنگ میل قرار دیتے ہوئے کہا کہ اگرچہ ویکسین ہی اس وبا سے سب سے مؤثر تحفظ فراہم کرتی ہے تاہم انہوں نے اس ناک کے اسپرے کو حفاظتی لباس جیسا اہم قرار دیا ہے۔

    ابتدائی تجربات سے انکشاف ہوا کہ ایک اسپرے کا اثر 8 گھنٹوں تک رہتا ہے اور اسپرے کی افادیت 66 فیصد ظاہر ہوئی یعنی 66 فیصد افراد کورونا کی وبا سے محفوظ رہے۔

    آکسفورڈ یونیورسٹی کی پروفیسر اینجیلا رسل نے کورونا وائرس روکنے والے ناک کے اسپرے کو ایک اہم ایجاد قرار دیا۔ اگرچہ وہ اس تحقیق اور ایجاد کا حصہ نہیں رہیں لیکن انہوں نے کہا کہ یہ اسپرے دنیا کو دوبارہ اپنے پیروں پر کھڑا کرسکتا ہے۔

    ڈاکٹر راکیش کے مطابق اس چھوٹے سے اسپرے کو اپنے بیگ میں رکھا جاسکتا ہے اور دن میں کئی بار استعمال کرنا بہت آسان ہوجاتا ہے۔ ان کے مطابق اسپرے میں شامل طاقتور ترین اجزا کورونا وائرس کو صرف 30 سیکنڈ میں تباہ کر دیتے ہیں اور ناک کے اندر کئی گھنٹے تک موجود رہتے ہیں۔

     

  • کرونا وائرس سے تحفظ فراہم کرنے والا اسپرے

    کرونا وائرس سے تحفظ فراہم کرنے والا اسپرے

    کرونا وائرس کے خلاف مختلف ویکسینز اور دواؤں کی تیاری پر کام کیا جارہا ہے، برطانوی ماہرین ایسے اسپرے پر کام کر رہے ہیں جو 2 دن کے لیے وائرس سے تحفظ فراہم کرسکے گا۔

    برطانیہ میں برمنگھم یونیورسٹی کے محققین ایسے اسپرے پر کام کر رہے ہیں جو کووڈ 19 سے 2 دن کا تحفظ فراہم کر سکے گا۔ ان محققین کی جانب سے گزشتہ سال اپریل سے اس اسپرے کی تیاری پر کام کیا جا رہا ہے اور اب اس کی بڑے پیمانے پر پروڈکشن کے لیے مشاورت کی جارہی ہے۔

    تحقیقی ٹیم کے قائد ڈاکٹر رچرڈ مواکس نے بتایا کہ وہ پرامید ہیں کہ اس اسپرے کا فارمولا سماجی دوری کی پابندیوں کو ختم کرنے میں مدد فراہم کرسکے گا۔

    نتھنوں میں استعمال کیے جانے والے اس اسپرے کو ابھی کوئی نام نہیں دیا گیا اور اس کے لیے پہلے سے منظور طبی اجزا کو استعمال کیا گیا ہے، جس کا مطلب ہے کہ یہ انسانوں کے لیے محفوظ ہے اور اسے مزید منظوری کی ضرورت نہیں ہوگی۔

    اس اسپرے سے نتھنوں میں ایسی کوٹنگ ہوجائے گی جو وائرس کو جسم کے اندر جانے سے روکے گی، جس سے اسے استعمال کرنے والا وائرل ذرات والی فضا میں سانس لینے کے باوجود بیماری سے بچ سکے گا، کیونکہ وائرس ناکارہ ہوجائے گا۔

    ڈاکٹر رچرڈ نے بتایا کہ اس کی عام دستیابی کے لیے ہم بڑی کمپنیوں سے بات کررہے ہیں کیونکہ ہمارے خیال میں وہ زیادہ بہتر طریقے سے اسپرے کو لوگوں تک پہنچاسکیں گی۔

    تحقیقی ٹیم کا ماننا ہے کہ روزانہ اس اسپرے کا استعمال عام لوگوں کو کرونا وائرس سے تحفظ فراہم کرنے کے لیے کافی ہوگا، یہ اسپرے اسکول جانے والے بچوں میں زیادہ مؤثر ثابت ہوگا جبکہ اسے بچوں اور بالغ افراد میں یکساں طور پر استعمال کیا جاسکتا ہے۔