Tag: Sputnik Light

  • روس کی سنگل ڈوز ویکسین کی بڑی افادیت منظر عام پر

    روس کی سنگل ڈوز ویکسین کی بڑی افادیت منظر عام پر

    کرونا وبا کے خلاف روس کی سنگل ڈوز ویکسین کی بڑی افادیت سامنے آئی ہے۔

    طبی جریدے دی لانسیٹ میڈیکل جرنل میں جاری ٹرائلز کے نتائج کے مطابق روس کی ایک خوراک والی اسپوٹنک لائٹ ویکسین استعمال میں محفوظ اور ٹھوس مدافعتی ردعمل پیدا کرتی ہے بالخصوص ان افراد میں جو پہلے ہی کووڈ نائنٹین کا سامنا کرچکے ہوں۔

    یہ بات اس ویکسین کے پہلے اور دوسرے مرحلے کے ٹرائلز کے نتائج میں سامنے آئی، یہ دو خوراکوں والی اسپوٹنک وی ویکسین کا ایک خوراک والا ورژن ہے جس کو پہلے ہی روس میں استعمال کیا جارہا ہے۔

    گمالیا انسٹیوٹ کے ماہرین نے اس ویکسین کو تیار کیا ہے، مگر پہلی بار کسی معروف طبی جریدے میں اس پر ہونے والی ابتدائی تحقیق کے نتائج شائع ہوئے ہیں جس کا مقصد اسے دیگر ممالک کو فروخت کرنا ہے۔

    یہ بھی پڑھیں: لانگ کووڈ سے متعلق ایک اور انکشاف

    ان ماہرین نے سینٹ پیٹرزبرگ کے 18 سے 59 سال کی عمر کے 110 رضاکاروں کو ٹرائلز کا حصہ بنایا تھا جن کو یہ ویکسین جنوری 2021 میں استعمال کرائی گئی تھی، ان رضاکاروں میں ویکسین کے مضر اثرات اور مدافعتی نظام کے ردعمل کی جانچ پڑتال کی گئی تھی۔

    ٹرائل میں دریافت ہوا کہ یہ ویکسین کرونا وائرس کی اصل قسم کو ناکارہ بنا دیتی ہے جبکہ الفا اور بیٹا اقسام کے خلاف اس کی افادیت معمولی سی کم ہوتی ہے۔

    روس نے پہلے بتایا تھا کہ تحقیق سے ثابت ہوا ہے کہ اسپوٹنک لائٹ کرونا کی قسم ڈیلٹا کے خلاف 70 فیصد تک مؤثر ہے۔

    تحقیق میں بتایا گیا کہ اسپوٹنک لائٹ نہ صرف پرائمری ویکسینیشن کے لیے زیرغور لایا جانا چاہیے بلک یہ بوسٹر ڈوز کے طور پر بھی کارآمد ہتھیار ثابت ہوسکتی ہے۔

    حال ہی میں روس کے وزیر صحت نے بھی وزارت صحت کو ڈیلٹا قسم کے پھیلاؤ کے مدنظر اسپوٹنک لائٹ کو صرف بوسٹر کے طور پر استعمال کرنے کا مشورہ دیا تھا۔

  • یو اے ای نے اسپوتنک لائٹ ویکسین کے استعمال کی منظوری دے دی

    یو اے ای نے اسپوتنک لائٹ ویکسین کے استعمال کی منظوری دے دی

    ماسکو: روسی ادارے کا کہنا ہے کہ متحدہ عرب امارات نے کرونا ویکسین اسپوتنک لائٹ کے استعمال کی منظوری دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق یو اے ای کی وزارت صحت نے روس کی تیار کردہ کرونا وائرس ویکسین ‘اسپوتنک لائٹ’ کے استعمال کی منظوری دے دی۔

    اسپوتنک لائٹ سے متعلق روسی ادارے رشین ڈائریکٹ انویسٹمنٹ فنڈ کا کہنا ہے کہ اسے کرونا ویکسینیشن کے علاوہ بوسٹر ڈوز کے طور پر بھی استعمال کیا جا سکتا ہے۔

    متحدہ امارات نے اسپوتنک لائٹ کے سنگل ڈوز کو بھی بہ طور بوسٹر ڈوز منظوری دے دی ہے۔

    یو اے ای حکام نے جنوری 2021 میں 2 ڈوزز پر مبنی اسپوتنک V ویکسین کی منظوری دی تھی، یہ کرونا وائرس کے خلاف رجسٹرڈ ہونے والی دنیا کی پہلی ویکسین تھی۔

    روسی ادارے کے مطابق اسپوتنک V ویکسین کرونا وائرس کے خلاف طویل اور زیادہ پائیدار قوت مدافعت پیدا کرنے میں کام یاب رہی ہے، ویکسین کی کامیابی کو مدنظر رکھتے ہوئے روس نے دیگر ویکسین پروڈیوسرز کے ساتھ ویکسینز کے کمبنیشن پر مشترکہ ریسرچ شروع کر دی ہے، ان کمبنیشنز میں اسپوتنک V کو پہلے جز کے طور پر رکھا گیا ہے۔

    اس سلسلے میں مختلف ممالک میں طبی تحقیقات جاری ہیں، جن میں متحدہ عرب امارات، روس، آذربائیجان، ارجنٹائن اور دیگر ممالک شامل ہیں۔

  • روسی ویکسین کی افادیت تسلیم

    روسی ویکسین کی افادیت تسلیم

    نئی دہلی: بھارت نے کرونا وبا کے خلاف جنگ میں حکمت عملی کو تبدیل کرتے ہوئے بڑا فیصلہ کیا ہے۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق ڈرگ کنٹرولر جنرل آف انڈیا (ڈی سی جی آئی) نے روسی ویکسین ‘ اسپونتک لائٹ’ کے تیسرے مرحلے کے بریجنگ ٹرائل کی منظوری دے دی ہے۔

    میڈیکل جرنل ’دی لیسینٹ‘ میں شائع حالیہ تحقیق کے بعد یہ منظوری سامنے آئی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ اسپوتنک لائٹ نے کووڈ نائنٹین کے خلاف 78.6 سے 83.7 فیصد اثر دکھایا ہے جو کہ بیشتر دو خوراک والے ٹیکوں کے مقابلے میں کافی زیادہ ہے۔

    اس سے قبل جولائی میں سی ڈی ایس سی او کی سجیکٹ ماہر کمیٹی نے ملک بھر میں روسی ویکسین کے تیسرے مرحلہ کی ٹیسٹنگ کی ضرورت کو خارج کرتے ہوئے اسپوتنک-لائٹ کو ایمرجنسی استعمال کے لیے اتھارٹی دینے سے انکار کر دیا تھا۔

    کمیٹی نے نوٹ کیا کہ اسپوتنک-لائٹ اسپوتنک-وی کے عنصر یکساں تھے اور ہندوستانی آبادی میں اس کی سیکیورٹی اور امیونیوجینسٹی ڈیٹا پہلے سے ہی ایک ٹیسٹنگ میں تیار کیا گیا تھا۔

    یہ بھی پڑھیں: روس نے اسپوتنک ویکسین کے سنگل ڈوز کی منظوری بھی دے دی

    حالیہ تحقیق میں ارجنٹائن میں کم از کم 40 ہزار بزرگوں کو شامل کیا گیا، جس میں کہا گیا کہ اسپوتنک لائٹ نے ٹارگٹڈ آبادی کے درمیان اسپتال میں داخل ہونے کی تعداد کو 82.1 فیصد سے 87.6 فیصد تک کم کیا۔

    روسی ڈائریکٹ انویسٹمنٹ فنڈ (آر ڈی آئی ایف) نے گزشتہ سال ہندوستان میں اسپوتنک-وی ویکسین کے تیسرے مرحلہ کے ٹرائل کے لیے ڈاکٹر ریڈیز لیباریٹریز کے ساتھ شراکت داری کی تھی، اپریل میں اسپوتنک-وی کو ہندوستان میں ایک ایمرجنسی استعمال کی اتھارٹی حاصل ہوئی تھی۔

  • روس نے اسپوتنک ویکسین کے سنگل ڈوز کی منظوری بھی دے دی

    روس نے اسپوتنک ویکسین کے سنگل ڈوز کی منظوری بھی دے دی

    ماسکو: روسی صحت حکام نے اسپوتنک لائٹ کرونا ویکسین کے سنگل ڈوز ورژن کی منظوری بھی دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق جمعرات کو ویکسین تیار کرنے والے ادارے نے بتایا کہ روس میں صحت حکام نے اسپوتنک V کرونا وائرس ویکسین کے سنگل ڈوز ورژن کی منظوری دے دی ہے۔

    رشین ڈائریکٹ انویسٹمنٹ فنڈ (آر ڈی آئی ایف) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اسپوتنک لائٹ بیماری سے تحفظ فراہم کرنے کے لیے 79.4 فی صد مؤثر ہے، جب کہ 2 ڈوز والی اسپونک V ویکسین کی افادیت 91.6 فی صد ہے۔

    سنگل ڈوز لائٹ ویکسین کی افادیت کا یہ نتیجہ 5 دسمبر 2020 سے 15 اپریل 2021 کے دوران روس کے بڑے پیمانے کے ویکسی نیشن پروگرام کے دوران دیے گئے انجیکشن کے بعد 28 دنوں میں حاصل کیا گیا۔

    روسی اسپوتنک ویکسین کو آر ڈی آئی ایف کے زیر تحت جمیلیا سینٹر نے تیار کیا ہے، اگست 2020 میں بڑے پیمانے پر کلینیکل ٹرائلز سے قبل ہی اسے رجسٹرڈ کر لیا گیا تھا، نومبر میں اس ویکسین کے حتمی ٹرائل کے نتائج جاری کیے گئے تھے جو 18 ہزار سے زیادہ رضاکاروں پر مشتمل تھے، ان رضاکاروں کو ویکسین کے 2 ڈوز اور پلیسبو کا استعمال کرایا گیا تھا۔

    روس کی تیار کردہ اس ویکسین کو 60 سے زیادہ ممالک میں استعمال کی منظوری دی جا چکی ہے، تاہم یورپی میڈیسن ایجنسی یا امریکی ایف ڈی اے کی جانب سے اسے منظوری نہیں مل سکی ہے۔

    آر ڈی آئی ایف کے مطابق ٹرائل کے دوران ویکسین کے کوئی مضر اثرات نہیں دیکھے گئے تاہم کچھ افراد کو فلو جیسی علامات کا سامنا ہوا۔ اب تک دنیا بھر میں 2 کروڑ افراد اسپوتنک V کی ایک ڈوز لے چکے ہیں۔