Tag: Sri lanka blasts

  • سری لنکا نے 200 مسلمان مبلغین سمیت 600 غیر ملکیوں کو ملک بدر کردیا

    سری لنکا نے 200 مسلمان مبلغین سمیت 600 غیر ملکیوں کو ملک بدر کردیا

    کولمبو : سری لنکا نے ایسٹر کے موقع پر ہونے والے بم دھماکوں کے بعد کارروائیاں جاری رکھتے ہوئے دو سو مسلمان مبلغین سمیت چھ سو غیر ملکی شہریوں کو ملک بدر کردیا۔

    میڈیا رپورٹ کے مطابق سری لنکا کے وزیر داخلہ وجیرہ ابے وردینا نے کہا ہے کہ مذہبی رہنما قانونی طور پر آئے تھے لیکن حملوں کے بعد سیکیورٹی کریک ڈاؤن سے قبل یہ تمام افراد ویزوں کی مدت سے زیادہ عرصے تک قیام کرتے ہوئے پائے گئے، جس کی وجہ سے ان پر جرمانہ عائد کیا گیا اور ملک بدر کردیا گیا۔

    ابے وردینا نے کہا کہ ملک کی موجوہ صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے ہم نے ویزا سسٹم میں نظرثانی کی ہے اور مذہبی رہنماؤں کے لئے ویزا کی پابندیاں سخت کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ جن لوگوں کو ملک بدر کیا گیا ان میں دو سو اسلامی مبلغ شامل تھے۔

    21اپریل کو ہونے والے سلسلہ وار بم دھماکوں میں257 افراد ہلاک اور پانچ سوسے زائد افراد زخمی ہوئے، ان حملوں میں مقامی مذہبی رہنما ملوث تھا جس کے متعلق کہا جارہا ہے کہ وہ پڑوسی ملک بھارت گیا اور وہاں جنگجوؤں سے رابطے قائم کیے۔

    سری لنکن وزیر داخلہ نے ملک بدر کیے جانے والے افراد کی شہریت سے متعلق تفصیلات نہیں بتائیں لیکن پولیس کا کہنا ہے کہ ویزا کی مدت سے زیادہ قیام کرنے والوں میں بنگلہ دیش، بھارت، پاکستان اور مالدیپ کے شہری شامل تھے۔

    مزید پڑھیں: سری لنکا میں سوگ ، دھماکوں میں ہلاکتوں کی تعداد310 تک جا پہنچی

    انہوں نے کہا کہ یہاں مختلف مذہبی انسٹی ٹیوٹ ہیں جہاں کئی دہائیوں سے غیر ملکی مبلغ آرہے ہیں، ہمیں ان سے کوئی مسئلہ نہیں ہے لیکن یہاں کچھ ایسے ہیں جو یہاں تیزی سے پھیل گئے، ہم ان پر زیادہ توجہ دیں گے۔

  • سری لنکا دھماکوں میں ڈینش ارب پتی اپنے تینوں بیٹوں سے محروم ہو گئے

    سری لنکا دھماکوں میں ڈینش ارب پتی اپنے تینوں بیٹوں سے محروم ہو گئے

    کولمبو: یورپی ملک ڈنمارک کی کاروباری شخصیت اور ارب پتی انڈرس ہولش بولسن اتوار کے روز سری لنکا میں ہونےوالے بم دھماکوں میں اپنے تین بیٹوں سے محروم ہوگئے۔

     یورپی ذرائع ابلاغ کے مطابق انڈرس کو ڈنمارک کا امیر ترین شخص سمجھا جاتا ہے۔  ان کے تینوں بیٹے ایسٹر منانے کے لیے سری لنکا میں موجود تھے جب وہاں ہولناک خودکش حملے ہوئے ، جن میں 310 افراد ہلاک اور 500 سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔

    انڈرس کے پاس اسکاٹ لینڈ میں دو لاکھ ایکڑ قیمتی اراضی موجود ہے۔ اس کے علاوہ ‘بیسٹ سیلر’ کے نام سے ملبوسات کی ایک چین بھی اس کی ملکیت ہے۔ برطانیہ میں”اسوس“ کے نام سے ایک آن لائن شاپنگ سینٹر چلانے کے ساتھ ملبوسات کاسمیٹک کا بھی کاروبار کرتے ہیں۔

    عالمی ذرائع ابلاغ نے انڈرس کے ترجمان کے حوالے سے بتایا ہے کہ انڈرس کی دولت پانچ ارب 70کروڑ ڈالرہے۔ اتوارکے روز ان کے تین بیٹے سری لنکا میں ہونے والے دھماکوں میں مارے گئے۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ ہمارے پاس انڈرس کے بیٹوں کی موت کے بارے میں مزید تفصیلات نہیں۔ ہم تمام لوگوں سے متاثرہ خاندان کی پرائیویسی کے احترام کا تقاضا کرتے ہیں۔ ڈینش ذرائع ابلاغ کے مطابق انڈرس کا خاندان تعطیلات منانے سری لنکا میں تھا جہاں اتوار کو ہونے والے دھماکوں میں ان کے تین فراد ہلاک ہوگئے۔

    غیرملکی میڈیا کے مطابق انٹیلی جنس حکام کا کہنا ہے متوقع دھماکوں کے بارے میں پولیس کوپہلے ہی آگاہ کردیا گیا تھا، سری لنکا دھماکوں میں پانچ سوسے زائد افراد زخمی ہوئے جبکہ دھماکے 7 خود کش بمبار وں نے کئے تھے ۔

    واضح رہے سری لنکا میں اتوار کے روز چرچ میں جاری ایسٹر تقریبات پر اور ہوٹلز میں 8 دھماکے ہوئے تھے، دھماکوں کے بعد ملک بھر میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی تھی ، سری لنکن صدر نے سیکیورٹی حکام کو مشتبہ افراد کو گرفتار کرنے کا مکمل اختیار بھی دے دیا تھا جبکہ پورے ملک میں سیکیورٹی سخت ہے اور سوشل میڈیا پر  پابندی تاحال برقرار ہے۔

    سری لنکا کے دارالحکومت میں یکے بعد دیگرے 8 دھماکوں کے نتیجے میں زخمی ہونے والوں چار پاکستانی شہری بھی شامل تھے ، زخمی ہونے والے پاکستانیوں میں ماہین حسن زوجہ حسن محمود، مزنہ ہمایوں ولد چوہدری محمد ہمایوں، عاتکہ عاطف زوجہ چوہدری عاطف شریف شامل ہیں جبکہ ایک پاکستانی بچہ بھی معمولی زخمی ہوا ۔