Tag: Sri Lanka

  • سری لنکا واقعے میں را کے ملوث ہونے کے ثبوت ہیں: مشاہد اللہ خان

    سری لنکا واقعے میں را کے ملوث ہونے کے ثبوت ہیں: مشاہد اللہ خان

    اسلام آباد:‌ سینیٹر مشاہد اللہ خان نے کہا ہے کہ کوئٹہ واقعےکی مذمت ہوئی، لیکن کیوی وزیراعظم جیسا کردار نظر نہیں آیا.

    ان خیالات کا اظہار انھوں نے سینیٹ میں تقریر کرتے ہوئے کیا. ان کا کہنا تھا کہ کوئٹہ واقعے پر آگے بڑھ کر حکومت کو اقدامات کرنے چاہیے تھے، ہمیں‌ نیوزی لینڈ جیسا ردعمل دینا چاہیے تھے.

    انھوں نے کہا کہ سری لنکا واقعے میں را کے ملوث ہونے کے ثبوت ہیں، سری لنکا میں تامل ٹائیگرز کا بھی ماضی میں کردار رہا ہے. پاکستان کو  سری لنکن حکومت کی جتنی ممکن ہو، مدد کرنی چاہیے.

    مشاہد اللہ خان نے کہا کہ ماضی میں کسی نے کہا تھا کہ جو روڈ بند کرے گا، اس کی چھترول ہوگی، آج جس کے ہاتھ میں چھتر ہے، کل اس کی پیٹھ بھی ہوسکتی ہے.

    انھوں نے کہا کہ چھتر کو ہمیشہ کے لئے الماری میں بند کریں، ملک متحمل نہیں ہوسکتا، اگر چھتر مارنے سے دہشت گردی ختم ہوسکتی ہے تو ہم حاضر ہیں.

    مزید پڑھیں: سری لنکا میں حملے نظام کی واضح ناکامی ہے، امریکی سفیر کی تنقید

    خیال رہے کہ 23 اپریل 2019 کو سینیٹ کی قائمہ کمیٹی سیفران میں فاٹا (کے پی میں ضم شدہ قبائلی علاقہ جات) پر اراکین کو بریفنگ دی گئی تھی، جس میں فاٹا کے عوام پر ٹیکسوں کا بوجھ لادے جانے پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔

  • سری لنکا میں حملے نظام کی واضح ناکامی ہے، امریکی سفیر کی تنقید

    سری لنکا میں حملے نظام کی واضح ناکامی ہے، امریکی سفیر کی تنقید

    کولمبو : سری لنکا میں امریکی سفیر علینا ٹیپلیٹز نے بتایا ہے کہ یہ واضح ہے کہ نظام میں ناکامی ہے تاہم امریکا کو ان حملوں کے حوالے سے کوئی رپورٹ نہیں تھیں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے سرکاری اطلاعات پر بھی حیرت کا اظہار کیا اور کہا کہ حکام خود واضح نہیں ہیں اور اس حوالے متضاد بیانات دے رہے ہیں،

    امریکی سفیر کا کہنا تھا کہ ایف بی آئی ایجنٹس اور امریکی فوجی عہدیداروں کی ایک ٹیم تفتیش میں مدد کررہی ہے۔

    واضح رہے کہ سری لنکا میں ایسٹر کے دن حملے کرنے والے خود کش بمباروں سے متعلق مزید تفصیلات سامنے آ گئی ہیں، معلوم ہوا ہے کہ ایک خود کش حملہ آور نے برطانیہ اور آسٹریلیا سے تعلیم حاصل کی۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق سری لنکن نائب وزیر دفاع نے بتایا کہ خود کش بم بار نے برطانیہ میں تعلیم حاصل کی تھی، ایک کورس کے لیے آسٹریلیا بھی گیا جس کے بعد وہ سری لنکا آ کر رہنے لگا۔

    نائب وزیر دفاع نے بتایا کہ دہشت گرد پڑھے لکھے اور متوسط طبقے سے تعلق رکھتے ہیں، سری لنکا پر حملہ معاشی طور پر مستحکم دہشت گردوں نے کیا۔

    سری لنکا حملے: خود کش حملہ آور کا برطانیہ و آسٹریلیا میں تعلیم حاصل کرنے کا انکشاف

    خیال رہے کہ سری لنکن پولیس ذرایع نے بھی کہا ہے کہ حملہ آوروں میں سے دو کا تعلق کولمبو کے ایک دولت مند تاجر کے گھرانے سے تھا، ان دو بھائیوں نے دو الگ ہوٹلوں پر حملے کیے تھے۔

    یہ بھی پڑھیں:  انٹرپول کا سری لنکا میں دھماکوں کی تحقیقات کیلئے ماہرین بھیجنے کا اعلان

    سری لنکا کے وزیر اعظم نے حملوں سے متعلق مؤقف ظاہر کیا ہے کہ ایسے حملے بیرونی مدد کے بغیر ممکن نہیں ہیں، داعش نے حملوں کی ذمہ داری قبول کی لیکن شواہد نہیں دیے۔

    سری لنکن صدر نے ملک کی سیکورٹی کی مکمل تعمیر نو کا عندیہ بھی دیا ہے، دفاعی فورسز کے سربراہان تبدیل کیے جانے کا امکان ہے۔

    واضح رہے کہ سری لنکا میں تین روز کا سوگ منایا جا رہا ہے، ایسٹر کے موقع پر ہونے والے سری لنکا دھماکوں میں ہلاکتوں کی تعداد 359 ہو گئی ہے۔

  • بھارتی میڈیا کا ایک اور جھوٹ بے نقاب، سری لنکا میں کوئی پاکستانی گرفتار نہیں ہوا

    بھارتی میڈیا کا ایک اور جھوٹ بے نقاب، سری لنکا میں کوئی پاکستانی گرفتار نہیں ہوا

    اسلام آباد : ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ سری لنکا میں دہشت گردی کے الزام میں کوئی پاکستانی گرفتارنہیں ہوا، بھارتی میڈیا نے بے بنیاد الزامات عائد کیے۔

    یہ بات انہوں نے اپنے جاری بیان میں کہی، تفصیلات کے مطابق پاکستانی دفتر خارجہ نے سری لنکا میں ہونے والے حالیہ بم دھماکوں سے متعلق پاکستانیوں کی گرفتاریوں کی خبر کو یکسر طور پر مسترد کردیا ہے۔

    اس حوالے سے ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر فیصل نے اپنے بیان میں واضح کیا ہے کہ سری لنکا میں حالیہ دہشت گردی کے واقعے کے الزام میں کوئی پاکستانی گرفتارنہیں ہوا ہے، بھارتی میڈیا کی جانب سے عائد کیے گئے الزامات جھوٹے اور بے بنیاد ہیں۔

    مزید پڑھیں : سری لنکا میں دھماکے، ہلاکتوں کی تعداد 359 ہوگئی، سیکڑوں زخمی 

    انہوں نے بتایا کہ سری لنکا میں سات پاکستانی باشندوں کو ویزہ کی مدت ختم ہونے کے الزام میں حراست میں لیا گیا تھا، اس حوالے سے پاکستانی قونصلر معاملے کو دیکھ رہے ہیں، پاکستان مخالف پروپیگنڈے سے بھارتی میڈیا کی ذہنیت کی عکاسی ہوتی ہے ۔

    واضح رہے کہ شدت پسند تنظیم داعش نے سری لنکا کے گرجا گھروں اور ہوٹلوں میں ہونے والے خودکش بم دھماکوں کی ذمہ داری قبول کی تھی، تاہم خودکش بمبار کے نام اور دیگر تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق دھماکوں کے بعد یہ بات سامنے آئی تھی کہ انٹیلی جنس ایجنسیز نے خبردار کیا تھا کہ نیشنل توفیق جماعت حملوں کی منصوبہ بندی کررہی ہے، لیکن یہ معلومات وزیراعظم کے دفتر میں دھماکوں کے بعد موصول ہوئیں۔

    سری لنکا کے وزیر صحت کا کہنا تھا کہ تمام حملہ آور سری لنکا کے شہری تھے جبکہ حکام نے یہ شبہ ظاہر کیا تھا کہ حملے میں غیر ملکی ملوث ہیں۔

  • انٹرپول کا سری لنکا میں دھماکوں کی تحقیقات کیلئے ماہرین بھیجنے کا اعلان

    انٹرپول کا سری لنکا میں دھماکوں کی تحقیقات کیلئے ماہرین بھیجنے کا اعلان

    کولمبو : سری لنکا میں حملوں کے بعد ساری ریاستی سیکیورٹی کو تبدیل کیا جا رہا ہے, انٹرپول نے دھماکوں کی تحقیقات کے لیے ماہرین کی ٹیم سری لنکا بھیجنے کا بھی اعلان کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق مسیحی برادری کے مذہبی تہوار ایسٹر کے موقع پر دنیا بھر کی طرح سری لنکا میں بھی مسیحی برادری خوشیاں منارہی تھی جو اس وقت غم میں تبدیل ہوگئیں جب دہشت گردوں نے گرجا گھروں اور ہوٹلوں میں دھماکے کیے جس کے نتیجے میں 360 افراد ہلاک جبکہ سینکڑوں زخمی ہوئے ہیں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ سری لنکن حکام نے نیشنل توحید جماعت پر حملوں کا الزام لگایا ہے، حکومت نے مقامی تنظیم کو ذمہ دارٹھہراتے ہوئے مشتبہ خودکش بمبار کی سی سی ٹی وی فوٹیج جاری کی ہے۔

    دوسری جانب انتہا پسند تنظیم داعش نے سری لنکا کے گرجا گھروں اور ہوٹلوں پر کیے گئے 8 دھماکوں کی ذمہ داری قبول کی تھی تاہم حکومت اپنے موقف پر قائم ہے کہ کارروائی نیشنل توحید جماعت کی ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ حملوں میں مرنے والوں کی تعداد 360 ہو گئی۔ سری لنکا میں بدترین حملوں کے بعد سربراہان مملکت نے سیکیورٹی اداروں کے سربراہان کو تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    صدر سری سینا کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی اداروں کے سربراہان 24 گھنٹوں میں تبدیل ہو جائیں گے۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق ان کا مزید کہنا تھا جن آفیشلز نے ان کے ساتھ خفیہ معلومات شیئر نہیں کیں ان کے خلاف بھی سخت ایکشن لیا جائے گا۔

    دوسری جانب وزیراعظم نے کہا کہ حملوں کے تانے بانے بیرون ملک سے ملتے ہیں جس میں داعش کا ایک گروپ ملوث ہو سکتا ہے، انٹرپول نے دھماکوں کی تحقیقات کے لیے ماہرین سری لنکا بھیجنے کا بھی اعلان کیا ہے۔

    غیر ملکی خب رساں ادارے کا کہنا تھا کہ سری لنکن حکام نے اب تک 58 مشتبہ افراد کو دھماکوں میں ملوث ہونے کے شبے میں گرفتار کیا ہے۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق داعش نے سری لنکا میں ایسٹر کے تہوار پر گرجا گھروں اور ہوٹلوں پر دھماکوں کی ذمہ داری قبول کی ہے تاہم دعوے کے ثبوت میں خود کش بمبار کے نام اور دیگر تفصیلات فراہم نہیں کی گئی ہیں۔

    داعش کی نمائندہ خبر ایجنسی ہونے کے دعویدار ’عمق‘ کی جانب سے جاری پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ سری لنکا امریکی اتحادی ہے جہاں کیے گئے خود کش دھماکے داعش جنگجوﺅں نے کیے تاہم پریس ریلیز میں دعوے کے ثبوت فراہم نہیں کیے گئے۔

    دوسری جانب سری لنکا کی حکومت تاحال اپنے سابقہ موقف پر قائم ہے جس میں مقامی شدت پسند تنظیم التوحید کو دھماکوں کا ذمہ دار ٹھہرایا گیا تھا اور خود کش بمباروں کے سری لنکن شہری ہونے کا دعوی کیا گیا تھا۔

    واضح رہے کہ عمق کی جانب سے داعش کی نمائندگی کا دعویٰ کیا جاتا ہے تاہم اس دعوے کا کوئی مستند ثبوت نہیں نا ہی داعش رہنماﺅں نے کبھی عمق کو اون کیا ہے۔ سری لنکا حکومت کی جانب سے خود کش بمباروں کی شناخت ظاہر کرنے کے بعد عمق یا حکومتی دعوﺅں میں سے کسی ایک کی تصدیق ہوسکے گی۔

  • سری لنکا دھماکے، 290 افراد ہلاک، 500 سے زائد زخمی، ملک میں کرفیو نافذ

    سری لنکا دھماکے، 290 افراد ہلاک، 500 سے زائد زخمی، ملک میں کرفیو نافذ

    کولمبو : سری لنکا میں ایسٹر کے موقع پر 3 گرجا گھروں اور چار ہوٹلوں میں یکے بعد دیگرےآٹھ دھماکے ہوئے، جس کے نتیجے میں 290 افراد ہلاک جب کہ سینکڑوں زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق سری لنکا میں عیسائیوں کے مذہبی تہوار ایسٹر کے موقع پر 3 گرجا گھروں اور 4 ہوٹلوں میں دھماکے ہوئے جبکہ مضافات میں دو مسیحی عبادت گاہوں کو بھی نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں 290  افراد ہلاک جب کہ 500 سے زائد زخمی ہوگئے۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق 8 میں  سے 3 حملے خودکش تھے، پولیس نے 7 مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔

    دھماکوں کے بعد کولمبو میں فوج طلب کر لی گئی، ملک میں منگل کی شام چھ بجے تک کرفیو نافذ کر دیا گیا، سوشل میڈیا کو بند کر دیا گیا، سری لنکن وزیر اعظم نے عوام سے افواہوں پر کان نہ دھرنے کی اپیل کر دی، پولیس نے گیارہ اپریل کو گرجا گھروں پر حملے کی وارننگ دی تھی۔

    غیر ملکی خبر  رساں ادارے کے مطابق کو چیکاڈے، سینٹ سیبسٹن اور بیٹیکولا چرچ میں دھماکے اس وقت ہوئے جب لوگ عبادت میں مصروف تھے۔

    کولمبو میں شانگری ہوٹل اور سینیمین گراؤنڈ میں بھی دھماکے ہوئے، دھماکوں کی اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیمیں اور پولیس کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچیں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ حکومت نے متعدد دھماکوں کے بعد امن و امان کی صورتحال قائم کرنے کےلیے مختصر وقت کےلیے کرفیو نافذ کرکے عارضی طور پر سوشل میڈیا پر بھی پابندی عائد کردی۔

    سری لنکن صدر میتھری پالاسری سینا کا اپنے پیغام میں کہنا تھا کہ مجھے  حملوں سے شدید رنج پہنچا ہے، عوام صبر کریں۔

    سری لنکن پولیس کے مطابق دھماکوں میں 290 افراد ہلاک جبکہ 500 سے زائد افراد زخمی ہوئے ہیں، پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں 35 غیر ملکی بھی شامل ہیں، جن میں امریکی، برطانوی اور نیدر لینڈز کے شہری شامل ہیں۔

    سری لنکن وزیراعظم نے ملک میں ہونے والے دھماکوں کی مذمت کرتے ہوئے اسے بزدلانہ اقدام قرار دے دیا۔

    انہوں نے کہا کہ حکومت صورت حال پرقابوپانے کے لیے اقدامات کررہی ہے، عوام مشکل وقت میں متحد رہیں، افواہوں پرکان نہ دھریں۔

    دنیا بھرمیں مسیحی برادری آج ایسٹرکا تہوار منارہی ہے

    واضح رہے کہ دنیا بھر میں آج مسیحی برادری اپنا مذہبی تہوار ایسٹر عقیدت واحترام کے ساتھ منا رہی ہے۔

    ویٹی کن سٹی کے سینٹ پیٹرز بسیلیکا چرچ میں ایسٹر کی مرکزی تقریب ہوئی جس میں ہزاروں افراد نے شرکت کی۔

    کیتھولک مسیحوں کے روحانی پیشوا پوپ فرانسس نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مایوسی کو پیچھے چھوڑیں اور امید کو دفن نہ ہونے دیں جو چیزیں گزر گئی ہیں ان میں زندگی کے معنی تلاش نہ کریں۔

  • سری لنکا دھماکوں میں تین خواتین سمیت 4 پاکستانی بھی زخمی

    سری لنکا دھماکوں میں تین خواتین سمیت 4 پاکستانی بھی زخمی

    کولمبو : سری لنکا کے دارالحکومت کے گرجا گھروں و ہوٹلوں میں یکے بعد دیگرے 8 دھماکوں کے نتیجے میں زخمی ہونے والوں چار پاکستانی شہری بھی شامل ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق سری لنکا میں عیسائیوں کے مذہبی تہوار ایسٹر کے موقع پر 3 گرجا گھروں اور 4 ہوٹلوں میں متعدد دھماکے ہوئے جبکہ مضافات میں دو مسیحی عبادت گاہوں کو بھی نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں 190 افراد ہلاک جبکہ 500 سے زائد زخمی ہوگئے۔

    ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ سری لنکا دھماکوں میں 4 پاکستانی زخمی ہوئے ہیں، زخمیوں میں تین پاکستانی خواتین اور ایک مرد شامل ہے۔

    زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد کے بعد اسپتال سے ڈسچارج کردیا گیا تھا، زخمیوں میں ماہین حسن زوجہ حسن محمود، مزنہ ہمایوں ولد چوہدری محمد ہمایوں، عاتکہ عاطف زوجہ چوہدری عاطف شریف شامل ہیں جبکہ ایک پاکستانی بچہ بھی معمولی زخمی ہوا ہے۔

    ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی جلد سری لنکا کا دورہ کریں گے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ حکومت نے متعدد دھماکوں کے بعد امن و امان کی صورتحال قائم کرنے کےلیے مختصر وقت کےلیے کرفیو نافذ کرکے عارضی طور پر سوشل میڈیا پر بھی پابندی عائد کردی۔

    سری لنکا دھماکے، 185 افراد ہلاک، 500 سے زائد زخمی، ملک میں کرفیو نافذ

    سری لنکن صدر میتھری پالاسری سینا کا اپنے پیغام میں کہنا تھا کہ مجھے حملوں سے شدید رنج پہنچا ہے، عوام صبر کریں۔

    سری لنکن پولیس کے مطابق دھماکوں میں 185افراد ہلاک جبکہ 500 سے زائد افراد زخمی ہوئے ہیں، پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں 35 غیر ملکی بھی شامل ہیں، جن میں امریکی، برطانوی اور نیدر لینڈز کے شہری شامل ہیں۔

  • پاکستان میں ٹیسٹ کرکٹ کی بحالی کے امکانات روشن، سری لنکا نے گرین سگنل دے دیا

    پاکستان میں ٹیسٹ کرکٹ کی بحالی کے امکانات روشن، سری لنکا نے گرین سگنل دے دیا

    لاہور: پاکستان میں دس سال بعد ٹیسٹ کرکٹ کی بحالی کے امکانات روشن ہوگئے، سری لنکا نے گرین سگنل دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان میں ٹیسٹ کرکٹ کی واپسی اب خواب نہیں. پاکستان میں دس سال بعد ٹیسٹ کرکٹ بحال ہونے جارہی ہے.

    سری لنکا نے رواں سال ورلڈ ٹیسٹ چیمپئین شپ کے دو میچز پاکستان آکر کھیلنے کی ہامی بھرلی، ٹیسٹ میچز کی میزبانی لاہور اور کراچی کریں گے۔

    ذرائع کے مطابق بنگلا دیش کے ساتھ ٹیسٹ چیمپئین شپ کے میچز پاکستان آکر کھیلنے کے لئے مذاکرات جاری ہیں.

    مزید پڑھیں: کیا یونس خان پاکستانی جونیئر ٹیم کے ہیڈ کوچ بننے والے ہیں؟

    پاکستان اور سری لنکا کے درمیان یہ مقابلے آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے درمیان ہوں‌ گے، ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں 9 ممالک کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی. حکام کی کوشش ہے کہ سری لنکا کے بعد بنگلا دیش بھی پاکستان کا دورے کرے.

    خیال کہ پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی میں‌ آئی پی ایس نے کلیدی کردار ادا کیا، دنیا کو یہ پیغام دیا کہ پاکستان کرکٹ کے لیے ایک محفوظ ملک ہے.

    یاد رہے کہ پاک بھارت تنازع کے باوجود پی سی ایل کے آٹھ میچز کراچی میں‌ ہوئے، جن میں‌ انٹرنیشنل کرکٹ کے بڑے ستاروں نے شرکت کی.

  • بلائنڈ کرکٹ سیریز، پاکستانی ٹیم نے سری لنکا کو شکست دے دی

    بلائنڈ کرکٹ سیریز، پاکستانی ٹیم نے سری لنکا کو شکست دے دی

    کولمبو: پاکستانی بلے باز بدر منیر کی ناقابل شکست اننگز کی بدولت قومی بلائنڈ کرکٹ ٹیم نے سری لنکا کو ہوم گراؤنڈ پر شکست دے کر فتح اپنے نام کرلی۔

    ریڈیو پاکستان کی رپورٹ کے مطابق پاکستان اور سری لنکا کی بلائنڈز ٹیموں کے درمیان سیریز کا پہلا میچ کولمبو کے ایم سی اے گراؤنڈ میں کھیلا گیا۔

    سری لنکا کے کپتان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، میزبان ٹیم 31.5 اوورز میں 216 پر ڈھیر ہوگئی، سمان کمارا 42 اور سلوا 26 کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے۔

    تعاقب میں پاکستان نے 18.3 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر ہدف مکمل کیا اور فتح اپنے نام کی۔ پاکستان کی جانب سے بدر منیر نے 64 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی جبکہ ایوب خان نے 55 رنز بنا کر ٹیم کی جیت کی راہ ہموار کی۔ ایوب خان 55 کے انفرادی اسکور پر رن آؤٹ ہوئے۔

    دونوں ٹیموں کے مابین دوسرا میچ کل کولمبو کے بی آر سی گراؤنڈ میں کھیلا جائے گا۔

    یاد رہے کہ قومی بلائنڈ کرکٹ ٹیم منگل کے روز سری لنکا روانہ ہوئی تھی، اس موقع پر کپتان نثار احمد کا میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ہماری ٹیم پوری تیاری کے ساتھ کولمبو جارہی ہے، ہر شعبے میں بہتر کھیل پیش کریں گے۔

    اُن کا کہنا تھاکہ ’تمام کھلاڑی بھرپور فٹ اور سری لنکا کے خلاف پرفارمنس دینے کو تیار ہیں، ورلڈکپ میں ہماری ٹیم دوسرے نمبر پر رہی مستقبل میں بھی اس کارکردگی کا جاری رکھا جائے گا۔

    کپتان کا کہنا تھا کہ ’جو کھلاڑی اچھا پرفارم نہیں کرے گا اُن کا بیک اپ موجود ہے، سری لنکا کی ٹیم کو سیریز میں وائٹ واش کرنے کی کوشش کریں گے‘۔

  • ایشیاکپ میں ناقص کارکردگی، اینجلو میتھوز کو کپتانی سے ہٹادیا گیا

    ایشیاکپ میں ناقص کارکردگی، اینجلو میتھوز کو کپتانی سے ہٹادیا گیا

    کولمبو: ایشیاکپ میں ناقص کارکردگی دکھانے پر سری لنکن کرکٹ بورڈ نے اینجلو میتھوز کو کپتانی سے ہٹادیا۔

    تفصیلات کے مطابق دبئی میں کھیلے جانے والے ایشیاکپ 2018 میں سری لنکن کرکٹ ٹیم اچھی کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کرپائی جس کے باعث اینجلو میتھوز کو کپتانی سے ہٹایا گیا۔

    سری لنکن کرکٹ بورڈ کے مطابق اینجلومیتھوز کو کپتانی سے ہٹانے کے بعد دنیش چندی مل تینوں فارمیٹ میں سری لنکن ٹیم کے کپتان ہوں گے۔

    سری لنکا اور انگلینڈ کے درمیان اگلے ماہ اہم سیریز بھی ہونے جارہی ہے، جس میں پانچ ایک روزہ میچز، ایک ٹی ٹوئنٹی اور تین ٹیسٹ میچز کھیلے جائیں گے۔

    ایشیا کپ 2018 کا بڑا اَپ سیٹ، افغانستان نے سری لنکا کو ٹورنامنٹ سے باہر کر دیا

    خیال رہے 18 ستمبر کو ایشیا کپ 2018 کا بڑا اَپ سیٹ کرتے ہوئے افغانستان نے سری لنکا کو 91 رنز سے شکست دے دی تھی، جس کے بعد پانچ مرتبہ چیمپئن رہنے والا سری لنکا ایشیا کپ سے باہر ہوگیا۔

    اس سے قبل بنگلہ دیش کے ہاتھوں بھی سری لنکا کو سخت ہزیمت اٹھانی پڑی جب اس نے بنگال ٹائیگرز کے سامنے 137 رنز سے شکست کھائی۔

    واضح رہے کہ اس اہم ایونٹ میں سری لنکن ٹیم کی نہ بیٹنگ اچھی رہی اور نہ ہی بالنگ میں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ سامنے آیا، جس کے باعث ٹیم میگا ایونٹ سے باہر ہوگئی۔

  • ایشیا کپ 2018 کا بڑا اَپ سیٹ، افغانستان نے سری لنکا کو ٹورنامنٹ سے باہر کر دیا

    ایشیا کپ 2018 کا بڑا اَپ سیٹ، افغانستان نے سری لنکا کو ٹورنامنٹ سے باہر کر دیا

    ابو ظہبی: ایشیا کپ 2018 کا بڑا اَپ سیٹ کرتے ہوئے افغانستان نے سری لنکا کو 91 رنز سے شکست دے دی، 5 مرتبہ چیمپئن رہنے والا سری لنکا ایشیا کپ سے باہر ہو گیا۔

    تفصیلات کے مطابق ابوظہبی کے شیخ زید اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں افغانستان کی ٹیم نے ٹورنامنٹ کا بڑا اَپ سیٹ کر دیا، پانچ مرتبہ کے چیمپئن کو ایشیا کپ سے باہر کر دیا۔

    افغانستان کی جانب سے جیت کے لیے دیے گئے 250 رنز کے ہدف کے جواب میں پوری سری لنکن ٹیم 158 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی اور اسے 91 رنز سے شکست ہوئی۔

    سری لنکن ٹیم نے آغاز ہی سے مایوس کن کھیل کا مظاہرہ کیا، پہلے ہی اوور میں اپنی پہلی وکٹ گنوا دی تھی، دوسری وکٹ کے لیے تھرنگا اور ڈی سلوا کے درمیان 54 رنز کی شراکت قائم ہوئی، اوپل تھرنگا 36، دھننجیا ڈی سلوا 23 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

    افغانستان کی جانب سے مجیب الرحمان، گل بدین نائب اور محمد نبی نے 2 ، 2 وکٹیں حاصل کیں، جب کہ سری لنکا کی جانب سے تھسارا پریرا نے 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔


    یہ بھی پڑھیں:  ایشیا کپ 2018: پاکستان نے ہانگ کانگ کو 8 وکٹوں سے شکست دے دی


    قبل ازیں افغانستان نے ٹاس جیتنے کے بعد کھیلتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 249 رنز بنائے، رحمت شاہ 72 رنز بنا کر نمایاں بیٹسمین رہے۔

    خیال رہے کہ اس سے قبل بنگلہ دیش کے ہاتھوں بھی سری لنکا کو سخت ہزیمت اٹھانی پڑی جب اس نے بنگال ٹائیگرز کے سامنے 137 رنز سے شکست کھائی۔