Tag: Sri Lanka

  • بھارت اور سری لنکا نے روپے میں‌ تجارت کا اہم فیصلہ کر لیا

    بھارت اور سری لنکا نے روپے میں‌ تجارت کا اہم فیصلہ کر لیا

    نئی دہلی: بھارت اور سری لنکا نے روپے میں‌ تجارت کا اہم فیصلہ کر لیا ہے۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارت اور سری لنکا نے طویل مدتی اقتصادی شراکت داری کے وژن کے تحت دو طرفہ تجارت بھارتی روپے میں کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    یہ فیصلہ حیدرآباد ہاؤس میں وزیر اعظم نریندر مودی اور سری لنکا کے صدر رانیل وکرما سنگھے کے درمیان وفود کی سطح کی دو طرفہ کانفرنس میں کیا گیا، دونوں ممالک ڈیجیٹل اقتصادی روابط بڑھائیں گے۔

    دونوں ممالک کے درمیان باہمی تعاون کے پانچ معاہدوں پر دستخط کیے گئے، جن میں سری لنکا میں اقتصادی لین دین کے لیے این آئی پی ایل اور ’لنکا پے‘ کے درمیان نیٹ ورک ٹو نیٹ ورک کا معاہدہ بھی شامل ہے۔

    وفود کی سطح پر ہونے والی ملاقات میں بھارت سے سری لنکا تک پیٹرولیم پائپ لائن بچھانے اور مسافر فیری سروس شروع کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا، بھارت اور سری لنکا کے درمیان ایک پل کی تعمیر کے منصوبے کو بھی زیر غور لایا گیا۔

  • سری لنکا : مہنگائی کی شرح میں اضافے کا سلسلہ جاری

    سری لنکا : مہنگائی کی شرح میں اضافے کا سلسلہ جاری

    کولمبو : معاشی اور سیاسی بحران میں گھرا ہوا ملک سری لنکا ان دنوں اپنی تاریخ کے بدترین دور سے گزر رہا ہے، مہنگائی کی شرح بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے۔

    سری لنکا کے قومی کنزیومر پرائس انڈیکس کی رپورٹ کے مطابق رواں سال جنوری میں مہنگائی کی شرح میں 53.2فیصد اضافے کے بعد اگلے ماہ فروری میں 53.6 فیصد اضافہ ہوا۔

    محکمہ بیورو شماریات نے ایک بیان میں کہا ہے کہ فروری میں اشیائے خورد ونوش کی قیمتیں جنوری میں 53.6فیصد سے کم ہو کر 49 فیصد ہوگئی تھیں جبکہ دیگر معاملات میں افراط زر 57.4فیصد رہی۔

    یہ اعداد و شمار اس وقت سامنے آئے ہیں جب بین الاقوامی مالیاتی فنڈ نے سری لنکا کے لیے تقریباً 3 بلین ڈالر کے بیل آؤٹ کی منظوری دی ہے، جو معاشی بدانتظامی اور کورونا کے اثرات کی وجہ سے گزشتہ کئی دہائیوں سے اپنے بدترین مالیاتی بحران سے دوچار ہے۔

    غیرملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ روز پیر کو آئی ایم ایف نے سری لنکا کے لیے دو ارب 90کروڑ ڈالر قرض کی منظوری دے دی ہے۔

    رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ قرض کی منظوری کے ساتھ آئی ایم ایف نے سری لنکن حکومت پر ٹیکس اصلاحات، غریبوں کے لیے سماجی تحفظ جاری رکھنے اور ملک میں معاشی بحران کا سبب بننے والی بدعنوانیوں پر قابو پانے کے لیے زور دیا ہے۔

    سری لنکا کے لیے عالمی مالیاتی ادارے کے سینئر مشن چیف پیٹر بریور نے کہا کہ آئی ایم ایف نے سری لنکا کیلیے ترقی کا کوئی ہدف مقرر نہیں کیا لیکن 2023 کے آخر تک 12 فیصد سے 18 فیصد تک افراط زر کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔

  • خاتون نے دو معصوم پِلّے گاڑی سے کچل ڈالے، کمزور دل افراد ویڈیو نہ دیکھیں

    خاتون نے دو معصوم پِلّے گاڑی سے کچل ڈالے، کمزور دل افراد ویڈیو نہ دیکھیں

    کولمبو: سری لنکا میں ایک بے پروا خاتون نے گاڑی سے دو معصوم پِلّے کچل ڈالے، پولیس نے خاتون کو گرفتار کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق سری لنکا کے علاقے کدورکڑے میں ایک خاتون نے سڑک پر موجود دو پلّوں کو بے دردی سے کار کے پہیوں تلے کچل دیا، تاہم پولیس نے گاڑی کے نمبر سے خاتون کو تلاش کر کے گرفتار کر لیا۔

    اس واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی تھی، جس کے بعد متھرتا پولیس نے کارروائی کی، ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ خاتون کتنی بے دردی اور لاپرواہی سے کتے کے پلّوں کو کچل کر جا رہی ہیں۔

    پولیس نے کہا کہ 18 فروری کو متھرتا پولیس اسٹیشن میں شکایت موصول ہوئی تھی، ویڈیو دیکھنے کے بعد تحقیقات شروع کی گئیں، اور یہ بات سامنے آئی کہ یہ واقعہ 17 فروری کو کدورکڑے علاقے میں پیش آیا تھا۔

    قریبی گھر میں نصب سی سی ٹی وی سے دیکھا گیا کہ دو 2 ماہ کے پلّے ایک گاڑی کے اگلے اور پچھلے پہیے کے نیچے آئے۔

    پولیس نے گاڑی کے رجسٹریشن نمبر کی بنیاد پر تفتیش کی اور یہ بات سامنے آئی کہ کار کا مالک متھرتا علاقے کا رہنے والا تھا اور مالک کے بڑے بھائی کی بیوی واقعہ کے وقت ڈرائیور تھی۔

    27 سالہ خاتون ملزم کو بیان ریکارڈ کرانے کے لیے تھانے پہنچنے کے بعد گرفتار کیا گیا، پولیس نے اس کے خلاف جانوروں پر ظلم کے ایکٹ کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا، خاتون نے مجسٹریٹ کی عدالت میں اعتراف جرم بھی کیا، تاہم بعد میں خاتون کو ایک لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکے پر رہا کر دیا گیا۔

  • کویت کا فلپائن کی جگہ دوسرے ملک سے ملازمین بلانے کا فیصلہ

    کویت کا فلپائن کی جگہ دوسرے ملک سے ملازمین بلانے کا فیصلہ

    کویت سٹی: کویت نے فلپائن کی جگہ سری لنکا سے ملازمین بلانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کویت نے فلپائنی گھریلو ملازمین کا متبادل ڈھونڈ لیا ہے، کویت سری لنکا سے ملازمین کو لا کر فلپائن کے ساتھ گھریلو ملازمین کے بحران کو دور کرنا چاہتا ہے۔

    روزنامہ القبس کے مطابق یہ اعلان کویت میں گھریلو مزدوروں کی بھرتی کے دفاتر کی جانب سے کیا گیا ہے، سری لنکا کے ساتھ معاہدے تقریباً 200 دینار کم ہیں اور کویت پہنچنے کی رفتار بھی تیز ہے۔

    روزانہ دو سے تین فلپائنی ملک چھوڑ رہے ہیں، جس پر بھرتی دفاتر کے مالکان نے کہا ہے کہ وہ ایک متبادل فراہم کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں جو موجود خلا کو پر کر سکے۔

    واضح رہے کہ فلپائن نے اپنے کارکنوں کو کویت بھیجنا عارضی طور پر معطل کر دیا ہے، جس کی وجہ سے کویت اب متبادل کی طرف جانا چاہتا ہے۔

    گھریلو مزدوروں کی الدرہ کمپنی نے بھی بتایا کہ سری لنکا سے خواتین کارکنوں کی ایک نئی کھیپ پہلے سے اعلان کردہ قیمتوں پر پہنچ رہی ہے، جو 650 دینار ہیں، جس میں ٹکٹ شامل نہیں۔

  • سری لنکا نے فوج کی تعداد آدھی کرنے کا فیصلہ کرلیا

    کولمبو : ملک میں جاری معاشی بحران کے سبب سری لنکا نے اپنی فوج کی تعداد آدھی کرنے کا فیصلہ کرلیا، ملک کو پیٹرولیم مصنوعات اور خوراک کی کمی کا سامنا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق سری لنکا کے وزیر دفاع پریمیتھا بندارا تھینکون نے ایک بیان میں کہا ہے کہ فوجی اخراجات بنیادی طور پر ریاستی اخراجات ہیں جس کو پورا کرنا ضروری ہے لہٰذا موجودہ ملکی معاشی صورتحال کے پیش نظر یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ فوج کی تعداد کی آدھا کردیا جائے تاکہ اخراجات میں نمایاں کمی آسکے۔

    سری لنکا کے صدر رانیل وکرما سنگھے نے ملک دیوالیہ ہونے کے بعد ٹیکسز میں اضافہ کیا تھا اور اخراجات میں کمی کی تھی تاکہ آئی ایم ایف سے ڈیل کی جاسکے۔

    ذرائع کے مطابق ان کا اگلا اقدام فوج کی تعداد کو کم کرنا تھا اور اس لیے وزارت دفاع نے کہا ہے کہ رواں برس دو لاکھ کی فوج میں سے 65 ہزار اہلکاروں کو ریٹائر کیا جائے گا اور اس دہائی کے اختتام تک سری لنکن فوج کی تعداد ایک لاکھ کر دی جائے گی۔

    رواں برس کے آغاز میں ٹیکسز میں کیے جانے والے بڑے اضافے کے باوجود حکومت نے خبردار کیا تھا کہ اس کے پاس سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور پینشن کے لیے بہت تھوڑی رقم ہے۔

  • سری لنکا کی ناکامی، آئی ایم ایف نے بڑا قدم اٹھا لیا

    سری لنکا کی ناکامی، آئی ایم ایف نے بڑا قدم اٹھا لیا

    کولمبو: سری لنکا بیل آؤٹ پیکج کے لیے آئی ایم ایف کی شرائط پوری کرنے میں ناکام ہو گیا۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق سری لنکا نے بیل آؤٹ پیکج کے لیے انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ کی شرائط پوری نہیں کیں، جس پر آئی ایم ایف کے ایگزیکٹو بورڈ نے 3 ارب ڈالر کے قریب بیل آؤٹ پیکج کی منظوری مؤخر کر دی۔

    سری لنکا کو بیل آؤٹ پیکج لینے کے لیے عوامی آمدنی میں اضافہ کرنا ہوگا، سری لنکن وزیرِ خزانہ کہتے ہیں قرضوں کی درخواست جنوری تک بڑھ سکتی ہے۔

    واضح رہے کہ گزشتہ دہائیوں میں اپنے بدترین معاشی بحران سے نکلنے کا راستہ تلاش کرتے ہوئے، سری لنکا نے جون میں آئی ایم ایف کے ساتھ اسٹاف لیول کا ایک معاہدہ کیا تھا۔

    سری لنکا نے ستمبر میں کہا تھا کہ اسے توقع ہے کہ بورڈ سال کے آخر تک اس معاہدے کی منظوری دے دے گا۔ حالیہ مہینوں میں پیش رفت سست رہی ہے، اور سری لنکا کے وزیر خزانہ نے گزشتہ ماہ تسلیم کیا تھا کہ درخواست جنوری تک بڑھ سکتی ہے۔

    روئٹرز کے مطابق سری لنکا کو قرض دہندگان سے پیشگی مالیاتی یقین دہانیاں حاصل کرنی ہوں گی، قرضوں کے بھاری بوجھ کو پائیدار راستے پر ڈالنا ہوگا اور عالمی قرض دہندہ کی جانب سے فنڈز کی تقسیم سے قبل عوامی آمدنی میں اضافہ کرنا ہوگا۔ آئی ایم ایف نے مشترکہ مذاکرات کی اہمیت پر بھی زور دیا، جس میں سری لنکا کے تین اہم قرض دہندگان چین، جاپان اور بھارت شامل ہوں۔

  • نیدرلینڈز کو شکست دے کر سری لنکا سپر 12 مرحلے میں پہنچ گیا

    نیدرلینڈز کو شکست دے کر سری لنکا سپر 12 مرحلے میں پہنچ گیا

    جیلونگ: آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے کوالیفائنگ راؤنڈ میں سری لنکا نے نیدرلیندز کو 16 رنز سے شکست دے کر سپر 12 کے مرحلے میں پہنچ گیا۔

    تفصیلات کے مطابق آسٹریلیا کے شہر جیلونگ میں آج کے میچ میں سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، سری لنکن ٹیم نے بیس اوورز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر 162 رنز بنائے۔

    ڈچ ٹیم 163 کے تعاقب میں صرف 146 رنز بنا سکی، نیدرلیڈز کے کھلاڑی میکس اوڈاؤڈ نے 71 رنز کی شان دار اننگز کھیلی، جب کہ دیگر کھلاڑی ایڈورڈز 21، کوپر 16، ڈی لیڈے 14رنز بنا سکے۔

    لنکن ٹیم کے اوپنر کوشال مینڈس نے 5 چھکے اور 56 چوکے مار کر 44 گیندوں پر 79 رنز کی شان دار اننگز کھیلی۔

    سری لنکا ٹیم کے دیگر کھلاڑیوں میں پاتھوم نسانکا نے 14، دھانن صفر، چارتھ اسالنکا 31، بھانوکا راجاپکشا 19 اور کپتان داسن شناکا 8 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ اس کے علاوہ ونندو ہسارنگا اور چمیکا کرونارتنے بالترتیب 5 اور 2 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔

    نیدرلینڈز کی جانب سے پال وین اور باس ڈی لیڈے نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں، جب کہ لنکن ٹیم کی جانب سے ہسارنگا نے 3، تھیکشانا نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔

    ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں آج پہلے مرحلے کا دوسرا میچ یو اے ای اور نمیبیا کے درمیان کھیلا جائے گا۔

  • ایران سے تیل خریدنے کے لیے سری لنکا کا اہم قدم

    ایران سے تیل خریدنے کے لیے سری لنکا کا اہم قدم

    کولمبو: روسی تیل خریدنے کے بعد سری لنکا نے ایران سے بھی تیل خریدنے کے لیے بات چیت شروع کر دی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق نیو یارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 77 ویں اجلاس کے موقع پر اتوار کو سری لنکن اور ایرانی وزرائے خارجہ کے مابین دو طرفہ امور پر اہم بات چیت ہوئی۔

    منگل کو سری لنکن وزیر خارجہ علی صابری نے برطانوی ٹیبلوئیڈ اخبار دی مرر کو فون پر بتایا کہ یو این جنرل اسمبلی کی سائیڈ لائن ملاقات میں ان کی ایرانی ہم منصب حسین امیر عبداللہیان سے خام تیل کی خریداری سمیت کئی اہم امور پر گفتگو ہوئی۔

    وزیر خارجہ نے کہا کہ خام تیل کی خریداری ان اہم شعبوں میں سے ایک ہے جس پر تبادلہ خیال کیا گیا، سری لنکا حکومتی سطح کے معاہدے پر ایران سے خام تیل خریدنا چاہتا ہے، اس طرح ثالثوں کے بغیر لین دین ہو سکے گی۔

    واضح رہے کہ امریکا کی جانب سے سخت پابندیاں عائد ہونے کی وجہ سے ایران کے ساتھ تجارت ممنوع ہے۔

    ایرانی نیوز ایجنسی کے مطابق اتوار کو ہونے والی اس ملاقات کے حوالے سے ایران کے وزیر خارجہ حسین امیرعبداللہیان نے کہا کہ ایرانی کمپنیاں سری لنکا میں انفرا اسٹرکچر کے منصوبوں کو انجام دینے اور اس جنوبی ایشیائی ملک کے ساتھ اقتصادی تعاون کو فروغ دینے کے لیے تیار ہیں۔

  • سری لنکن کپتان کا فائنل میچ کے حوالے سے اہم بیان

    سری لنکن کپتان کا فائنل میچ کے حوالے سے اہم بیان

    دبئی: سری لنکن کپتان کا کہنا ہے کہ ایشیا کپ کے سنسنی خیز میچز سے گزر کر اب انھوں نے پاکستان کے ساتھ فائنل پر نظریں گاڑ دی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق سری لنکا کرکٹ ٹیم کے کپتان دسن شناکا نے آج شام دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے ایشیا کپ 2022 فائنل کے حوالے سے کہا ہے کہ وہ یہ میچ کھیلنے کے لیے بہت پرجوش ہیں۔

    دسن شناکا نے کہا کہ اب تک ہمارا ایشیا کپ بہترین رہا ہے، اور اب تک ایشیا کپ میں میچز بڑے سنسنی خیز رہے ہیں، اور اب ہم فائنل میچ کے منتظر ہیں اور ہماری نظریں پاکستان کے خلاف فائنل پر مرکوز ہیں۔

    سری لنکن کپتان نے پاکستان کرکٹ ٹیم کو ایک بہت اچھی ٹیم قرار دیا، خیال رہے کہ سری لنکن ٹیم نے سپر فور مرحلے میں پاکستان ٹیم کو بہ آسانی ہرا دیا تھا۔

    ایشیا میں کرکٹ کا نیا سلطان کون؟ فائنل معرکہ آج ہوگا

    پاکستان ٹیم کا فائنل تک رسائی کا سفر بھی بھرپور رہا، اگرچہ آغاز بھارت سے شکست کی صورت میں ہوا تھا، تاہم ہانگ کانگ کو شکست دے کر پاکستان اس ایونٹ کے دوسرے مرحلے کے لیے کوالیفائی کر گیا تھا، اور پھر سپر فور میں قومی ٹیم نے بھارت کو ہراکر اپنا بدلہ لیا۔

    شاہینوں نے افغانستان کو بھی سنسنی خیز مقابلے کے بعد شکست دے کر اسے اور بھارت کو ایونٹ میں فائنل کی دوڑ سے آؤٹ کیا، دوسری طرف پہلے مرحلے کے پہلے ہی میچ میں سری لنکا کو افغانستان کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

    شناکا الیون نے ایشیا کپ 2022 میں بنگلا دیش، افغانستان اور بھارت کو بھی شکست سے دوچار کیا۔

  • سری لنکن صدر کا پاکستان میں سیلاب سے ہونے والی تباہی پر اظہار افسوس

    سری لنکن صدر کا پاکستان میں سیلاب سے ہونے والی تباہی پر اظہار افسوس

    اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف سے سری لنکا کے صدر سے ٹیلی فونک رابطہ ہوا، سری لنکن صدر نے پاکستان میں سیلاب سے ہونے والی تباہی پر اظہار افسوس کیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف سے سری لنکا کے صدر رانیل وکرم سنگھ کا ٹیلی فونک رابطہ ہوا۔

    سری لنکا کے صدر نے سیلاب سے ہونے والی تباہی پر اظہار افسوس کیا۔

    وزیر اعظم شہباز شریف نے آزمائش کی اس گھڑی میں اظہار ہمدردی پر سری لنکن صدر سے اظہار تشکر کیا اور سیلاب سے ہونے والے نقصانات سے بھی آگاہ کیا۔

    خیال رہے کہ نیشنل فلڈ رسپانس کو آرڈی نیشن سینٹر کے مطابق 14 جون سے اب تک سیلاب اور بارشوں میں جاں بحق ہونے والے افراد کی کل تعداد 12 سو 90 ہوچکی ہے۔

    جاں بحق ہونے والوں میں 570 مرد، 259 خواتین اور 453 بچے شامل ہیں، مختلف حادثات میں 12 ہزار 588 افراد زخمی ہوئے۔