Tag: Sri Lanka

  • وزیر اعظم سری لنکا کا 2 روزہ سرکاری دورہ کریں گے

    وزیر اعظم سری لنکا کا 2 روزہ سرکاری دورہ کریں گے

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان 23 فروری سے سری لنکا کا 2 روزہ سرکاری دورہ کریں گے۔

    ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ وزیر اعظم سری لنکا کے ہم منصب مہندا راجا کی دعوت پر دورہ کریں گے، اقتدار سنبھالنے کے بعد وزیر اعظم عمران خان کا یہ سری لنکا کا پہلا دورہ ہوگا۔

    وزیر اعظم عمران خان کے ساتھ ایک اعلیٰ سطح کا وفد بھی ہوگا، جس میں کابینہ کے ممبران اور اعلیٰ عہدے دار شامل ہیں۔

    ترجمان کے مطابق وزیر اعظم عمران خان سری لنکن صدر اور وزیر اعظم سے ملاقاتیں کریں گے، اور دونوں ممالک کے مابین وفود کی سطح کے مذاکرات کی قیادت کریں گے، جس میں دو طرفہ تجارت، صحت، تعلیم، اور زراعت کے شعبوں پر بات چیت کی جائے گی۔

    قیادت کے درمیان ملاقاتوں میں دو طرفہ امور کے علاوہ اہم علاقائی اور بین الاقوامی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا، دونوں ممالک میں پارلیمانی تبادلے کو فروغ دینے کے لیے بھی بات چیت کی جائے گی۔

    دورے کے دوران پاک سری لنکا پارلیمانی دوستی ایسوسی ایشن کی تشکیل نو کا اعلان کیا جائے گا، وزیر اعظم مشترکہ تجارت اور سرمایہ کاری کانفرنس میں بھی حصہ لیں گے، جس کا مقصد دونوں ممالک میں تجارت اور سرمایہ کاری کو فروغ دینا ہے۔

    دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق دو طرفہ تعاون بڑھانے کے لیے متعدد معاہدوں پر دستخط بھی کیے جائیں گے۔

  • پاکستان اور سری لنکا کے درمیان سیاحتی شعبے میں فروغ کی کوششیں تیز

    پاکستان اور سری لنکا کے درمیان سیاحتی شعبے میں فروغ کی کوششیں تیز

    اسلام آباد: پاکستان اور سری لنکا کے درمیان سیاحتی شعبے میں فروغ کی کوششیں تیز ہوگئیں، وزیر اعظم کے معاون خصوصی زلفی بخاری اور سری لنکن حکام کے درمیان رابطے میں دونوں ممالک کا سیاحتی شعبے میں تعاون بڑھانے پر اتفاق طے پا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے امور اوور سیز پاکستانی زلفی بخاری اور سری لنکا کے سیاحتی حکام کا ویڈیو لنک پر رابطہ ہوا۔ سری لنکن ٹور ازم ڈیولپمنٹ اتھارٹی کی چیئر پرسن سے بھی مشاورت ہوئی۔

    ڈیجیٹل ملاقات کے دوران دونوں ممالک کا سیاحتی شعبے میں تعاون بڑھانے پر اتفاق طے پا گیا، مفاہمتی یادداشت کے معاہدوں پر دستخط کی تقریب جلد ہوگی۔

    زلفی بخاری کا کہنا تھا کہ پاکستان اور سری لنکا میں سیاحتی سرگرمیوں کے وسیع مواقع ہیں، دونوں ممالک ٹور ازم کے فروغ کے لیے متفقہ کوششوں پر تیار ہیں، بہت جلد سیاحتی شعبے سے متعلق معاہدوں کو حتمی شکل دیں گے۔

    سری لنکن حکام نے دو طرفہ رابطوں میں تیزی کو خوش آئند قرار دیا ہے۔

  • سری لنکا نے کرونا سے جاں بحق مسلمانوں کی تدفین کی اجازت دے دی، وزیر اعظم کا خیر مقدم

    سری لنکا نے کرونا سے جاں بحق مسلمانوں کی تدفین کی اجازت دے دی، وزیر اعظم کا خیر مقدم

    کولمبو: سری لنکا میں کرونا انفیکشن سے جاں بحق ہونے والے مسلمانوں کی میتوں کی تدفین کی اجازت دے دی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق سری لنکن وزیر اعظم مہندا راجا پکسا نے کرونا سے متاثر ہو کر انتقال کرنے والے مسلمانوں کی تدفین کی اجازت دے دی۔

    ادھر وزیر اعظم عمران خان نے سری لنکا میں مسلمانوں کو دفن کرنے کی اجازت کا خیر مقدم کیا ہے، انھوں نے ٹوئٹر پر پیغام دیتے ہوئے لکھا کہ ہم سری لنکن پارلیمنٹ کی یقین دہانی کا خیر مقدم کرتے ہیں۔

    وزیر اعظم نے ٹوئٹ میں لکھا ’ہم آج سری لنکن پارلیمان میں وزیر اعظم مہندا راجا پاکسا کی اس یقین دہانی، کہ مسلمانوں کو کرونا سے انتقال کر جانے والوں کی تدفین کی اجازت ہوگی، کا خیر مقدم کرتے ہیں۔‘

    واضح رہے کہ  اسلامی ممالک کی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے علاوہ دنیا بھر سے مختلف مکاتب فکر نے نے سری لنکا میں کرونا سے جاں بحق مسلمانوں کی میتیں جلانے پر تشویش کا اظہار کیا تھا۔

    سری لنکا : مسلمان میتوں کو زبردستی جلانے کا عمل جاری، 20 دن کا بچہ بھی شامل

    دنیا بھر کے مسلمانوں کے احتجاج  کے بعد گزشتہ ماہ ماہرین کی ایک کمیٹی نے وزارت صحت کو تدفین سے متعلق تجاویز دی تھیں، اس 11 رکنی کمیٹی نے حفاظتی احتیاطی تدابیر پر عمل پیرا ہو کر تدفین کی سفارش کی تھی۔

    گزشتہ روز برطانیہ میں ان مسلم خاندانوں نے جن کے پیاروں کی میتوں کو سری لنکا میں جلایا گیا تھا، اقوام متحدہ میں شکایت درج کی ہے، جس میں سری لنکا کی متنازعہ پالیسی کو ’غیر منصفانہ اور امتیازی‘ قرار دیا گیا، اور مطالبہ کیا گیا کہ اس پالیسی کو فوری طور پر معطل کیا جائے۔

  • احتجاج رنگ لے آیا، سری لنکا میں مسلم میتوں کو جلانے کے قانون میں اہم پیشرفت

    احتجاج رنگ لے آیا، سری لنکا میں مسلم میتوں کو جلانے کے قانون میں اہم پیشرفت

    کولمبو : سری لنکا میں کورونا سے جاں بحق مسلمانوں کے جسد خاکی کو جلانے پر وہاں کی وزارت صحت کو ماہرین نے تدفین کیلیے تجاویز ارسال کی ہیں۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ ماہرین نے سری لنکا کی وزارت صحت کو کورونا سے مرنے والوں کی تدفین کی تجویز دی ہے، جسد خاکی جلانے پر مسلمہ امہ کے احتجاج کے بعد دفنانے کی مشروط اجازت دینے کی تجویز زیر غور ہے۔

    ذرائع کے مطابق سری لنکن وزارت صحت کی11رکنی کمیٹی نے آخری رسومات کے قانون پر نظرثانی کی،11رکنی کمیٹی نے حفاظتی احتیاطی تدابیر پر عمل پیرا ہوکر تدفین کی سفارش کی۔

    گیارہ رکنی ماہرین کی کمیٹی کا کہنا ہے کہ کورونا سے ہلاک افراد کو جلانے کے ساتھ دفنایا بھی جاسکتا ہے، تدفین کیلئے قبر کی گہرائی ڈیڑھ میٹرہونی چاہئے، لواحقین کو آخری دیدارکی اجاز ت بھی دی جائے۔

    کمیٹی اراکین نے تجویز دی کہ مرنے والوں کے لواحقین ماسک پہن کر ایک میٹر کے فاصلے سے میت دیکھ سکتے ہیں اور میت کا آخری دیدار مردہ خانے میں ہی کرایا جائے۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ میت کے ساتھ چار افراد ایک علیحدہ گاڑی میں قبرستان جاسکتے ہیں، قبرستان پہنچ کر تابوت کسی بھی صورت نہ کھولا جائے۔ اس کے علاوہ تجاویز میں آخری مذہبی رسومات کی ادائیگی کیلئے10منٹ دینے کی سفارش بھی کی گئی ہے۔

    واضح رہے کہ اسلامی ممالک کی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے علاوہ دنیا بھر سے مختلف مکاتب فکر نے نے سری لنکا میں کورونا سے جاں بحق مسلمانوں کے جسد خاکی جلانے پر تشویش کا اظہار کیا تھا۔

    یاد رہے کہ سری لنکا کے اٹارنی جنرل نے گزشتہ ہفتے 19 مسلمانوں کی لاشیں بھٹی میں ڈال کر خاکستر کرنے کا احکامات جاری کیے تھے۔ ان میں شیخ نامی اس بچے کی لاش بھی شامل ہے جو اپنی پیدائش کے فقط بیس روز بعد فوت ہو گیا تھا۔

    اس نوزائیدہ بچے کی لاش کو اس کے والدین کی مرضی کے خلاف اور ان کی موجودگی کے بغیر ہی جلادیا گیا تھا، جس کے بعد سری لنکا میں لاگو اس قانون کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی گئی۔

  • سری لنکا : مسلمان میتوں کو زبردستی جلانے کا عمل جاری، 20 دن کا بچہ بھی شامل

    سری لنکا : مسلمان میتوں کو زبردستی جلانے کا عمل جاری، 20 دن کا بچہ بھی شامل

    سری لنکا میں حکومتی احکامات پر مسلمانوں کی میتوں کو جلانے پر مسلم برادری شدید برہم ہے، والدین کی مرضی کے بغیر 20روز کے بچے کی لاش بھی جلادی گئی۔

    عالمی ادارہ صحت کی وضاحت کے باوجود سری لنکا میں مسلمانوں کی میتیں جلانے کا سلسلہ تاحال جاری ہے، کورونا وائرس سے انتقال کرنے والے افراد کی تدفین سے متعلق ڈبلیو ایچ او نے گائیڈ لائن جاری کی تھی۔

    سری لنکا حکومت واضح ہدایات کے باوجود میں مسلمانوں کو ان کی میتوں کو دفن کرنے کی اجازت نہیں دے رہی بلکہ ان کی نعشوں کو سرکاری سرپرستی میں جلایا جارہا ہے جس سے مقامی مسلمانوں میں شدید غم وغصہ اور خوف پایا جاتا ہے۔

    سری لنکا میں گزشتہ دنوں سرکاری حکام کی جانب سے ایک مسلمان نوزائیدہ بچے کی وفات کے چند دن بعد تدفین کی بجائے اس کی لاش کو جلا دینے پر متنازع کوویڈ 19 قوانین پر ایک بار پھر سوالات اٹھائے گئے ہیں۔

    حکومت کے ناقدین کہتے ہیں کہ کوویڈ سے متاثرہ مریض کو جلائے جانے کا یہ فیصلہ سائنسی بنیادوں پر نہیں لیا گیا ہے بلکہ اس سے مسلمان اقلیت کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

    اس حوالے سے اے آر وائی نیوز کے پروگرام با خبرسویرا میں گفتگو کرتے ہوئے فاؤنڈنگ جنرل سیکریٹری مسلم کونسل آف بریٹین سر اقبال ساکرانی نے بتایا کہ اس قانون سے صرف مسلمان ہی نہیں عیسائی اور یہودی بھی متاثر ہیں، افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ اب تک تقریباً سو کے قریب مسلمانوں کی میتوں کو جلایا جاچکا ہے جس میں 20روز کا بچہ بھی شامل ہے۔

    محمد فہیم اور ان کی اہلیہ فاطمہ شافنہ نوزائیدہ کے بچے کو سانس لینے میں دشواری کا سامنا تھا جس پر وہ اسے فوری طور پر کولمبو میں بچوں کے اسپتال لے گئے جہاں انتظامیہ نے اسے کورونا زدہ قرار دے دیا۔

    واضح رہے کہ گزشتہ برس مارچ2020کی 31 تاریخ کو جب سری لنکا میں پہلا مسلمان کورونا وائرس سے انتقال کرگیا تھا تو میڈیا کے مختلف اداروں نے کووِیڈ 19 کی وبا کے پھیلاؤ کا الزام مسلمانوں پر عائد کرنا شروع کر دیا تھا۔

  • سری لنکا : اسمگلنگ ميں ملوث "بلی” جيل سے فرار ہونے میں کامیاب

    سری لنکا : اسمگلنگ ميں ملوث "بلی” جيل سے فرار ہونے میں کامیاب

    کولمبو : سری لنکا میں جیل حکام کو اس وقت پریشانی کا سامنا کرنا پڑا جب انہیں معلوم ہوا کہ ان کی حراست میں موجود بلی اچانک غائب ہوگئی ہے، مذکورہ بلی اسمگلنگ کے کیس میں رنگے ہاتھوں گرفتار ہوئی تھی۔

    تفصیلات کے مطابق سری لنکا ميں پيش آنے والے ايک دلچسپ واقعے ميں منشيات کی اسمگلنگ ميں ملوث ايک بلی جيل سے فرار ہو گئی ہے۔ قيديوں کو منشيات فراہم کرتے وقت رنگے ہاتھوں پکڑی جانے والی اس بلی کو انتہائی سخت نگرانی والی جيل ميں رکھا گيا تھا۔

    سری لنکن ذرائع ابلاغ میں پير کو نشر کردہ رپورٹوں کے مطابق ‘مجرم بلی‘کو دارالحکومت کولمبو کی وليکاڈا جيل ميں رکھا گيا تھا۔ تاہم واقعے کے بعد فوری طور پر جيل حکام کا اس پيش رفت پر کوئی رد عمل سامنے نہيں آيا ہے۔

    مذکورہ بلی کو پچھلے ہفتے کے دن قيديوں کو دو گرام ہيروئن، دو سم کارڈز اور ايک ميموری چپ پہنچاتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کيا گيا تھا۔ پوليس کے مطابق يہ تمام اشياء پلاسٹک کی ايک تھيلی ميں اس کی گردن پر بندھی ہوئی تھيں، حراست کے بعد بلی کو جيل کے ايک خصوصی کمرے ميں رکھا گيا تھا۔

    پير تين اگست کو سری لنکا کے ارونا نامی اخبار ميں شائع ہونے والی رپورٹ ميں اس واقعے کی تفصيلات بيان کی گئيں ہيں، حاليہ دنوں ميں جيل حکام نے قيديوں کو منشيات، ٹيلی فون کے سم کارڈز اور ديگر ممنوعہ اشياء کی فراہمی کے بارے ميں خبردار کيا ہے۔ حکام کے بقول جيل کی ديواروں کے اوپر سے يہ چيزيں قيديوں تک پہنچائی جاتی ہيں اور ايسے واقعات بڑھ رہے ہيں۔

    ايشيائی ملک سری لنکا ميں منشيات ايک مسئلہ ہے، خبر رساں ادارے نے اپنی رپورٹوں ميں لکھا ہے کہ منشيات کی اسمگلنگ اور خريد و فروخت روکنے والے پوليس اہلکار اکثر اوقات خود ان چيزوں کے کاروبار ميں ملوث پائے جاتے ہيں، اس حوالے سے پچھلے ہفتے پوليس نے ايک باز کو پکڑا جو کولمبو کے ايک نواحی علاقے ميں منشيات پہنچا رہا تھا۔

  • سری لنکا : میچ فکسنگ، تین سابق کرکٹرز کیخلاف تحقیقات کا آغاز

    سری لنکا : میچ فکسنگ، تین سابق کرکٹرز کیخلاف تحقیقات کا آغاز

    کولمبو : سری لنکا کرکٹ ٹیم کے تین سابق کھلاڑیوں کی خلاف تحقیقات شروع کردی گئیں ہیں، آئی سی سی کی جانب سے ان پر میچ فکسنگ کا الزام عائد کیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) سری لنکا کے تین سابق کھلاڑیوں سے مبینہ کرپشن کی تحقیقات کر رہی ہے، ان کھلاڑیوں پر الزام ہے کہ یہ تینوں میچ فکسنگ کی صورت میں کرپشن میں ملوث ہیں۔

    اس حوالے سے سری لنکن کرکٹ حکام کا کہنا ہے کہ آئی سی سی اینٹی کرپشن یونٹ کی جانب سے تحقیقات کا سامنا کرنے والے کھلاڑیوں میں کوئی بھی قومی ٹیم کا موجودہ پلیئر نہیں ہے بلکہ تینوں سابق کھلاڑی ہیں۔

    سری لنکن کرکٹ بورڈ کا یہ بیان ملک کے وزیر کھیل کے اس حوالے سے میڈیا پر تبصرے کے بعد سامنے آیا ہے۔ جس میں سری لنکن وزیر نے اشارہ دیا تھا کہ آئی سی سی میچ فکسنگ کے حوالے سے موجودہ کھلاڑیوں سے تحقیقات کر رہا ہے۔

    بورڈ نے اپنے جاری بیان میں کہا کہ وزیر کھیل نے اصل میں جس بات کا ذکر کیا وہ آئی سی سی کے اینٹی کرپشن یونٹ کی جانب سے تین سابق کھلاڑیوں کے خلاف تحقیقات کے آغاز کے بارے میں تھا نہ کہ موجودہ کھلاڑیوں کے بارے میں۔

    واضح رہے کہ سری لنکا نے ملک میں میچ فکسنگ پر سخت جرمانے متعارف کروائے ہیں، سری لنکا میں کھیلوں کے مقابلوں پر سٹے بازی غیر قانونی ہے تاہم نئے قوانین کے مطابق سری لنکا کے باشندوں پر بیرون ملک بھی سٹے پر پابندی عائد کی گئی ہے۔

    قانون کی خلاف ورزی کی صورت میں دس سال قید ہو سکتی ہے جب کہ میچ فکسنگ پر پانچ لاکھ 55 ہزار ڈالر جرمانہ بھی عائد ہو سکتا ہے، نئے قانون نے جوئے کے کاروبار سے منسلک افراد پر بھی کرکٹ بورڈ میں کام کرنے پر پابندی عائد کی ہے۔

  • سری لنکن ٹیم وطن روانہ، پاکستانیوں نے دل جیت لیے

    سری لنکن ٹیم وطن روانہ، پاکستانیوں نے دل جیت لیے

    کراچی: سری لنکن ٹیم پاکستان میں دو ٹیسٹ میچز کی سیریز کے بعد اپنے وطن روانہ ہوگئی، پاکستانی عوام اور شائقین نے مہمان ٹیم کے دل جیت لیے۔

    تفصیلات کے مطابق سری لنکن ٹیم کے کھلاڑیوں کو کڑی سیکیورٹی میں ہوٹل سے ایئرپورٹ پہنچایا گیا، جہاں سے وہ اپنے وطن کے لیے روانہ ہوگئے، سری لنکن ٹیم نے بہترین میزبانی پر پاکستان کا خصوصی شکریہ بھی ادا کیا۔

    سری لنکن کپتان دیمتھ کرونارتنے کی جانب سے بہترین انتظامات اور سیکیورٹی پر پاکستان سے اظہار تشکر کیا گیا۔ جبکہ اینجلومیتھیوز نے بھی شاندار مہمان نوازی پر پاکستانی عوام اور سیکیورٹی فورسز کا شکریہ ادا کیا۔

    مہمان ٹیم جہاں پاکستانی عوام کے پرستار ہوئے وہیں قومی کھانوں کے بھی شوقین ہوگئے۔

    شاندار فتح کے بعد قومی ٹیم کی ٹیسٹ چیمپئن شپ میں پوزیشن بہتر

    واضح رہے کہ پاکستان نے 13 سال بعد ہوم گراؤنڈ پر ٹیسٹ میچ اپنے نام کیا، قومی ٹیم نے سری لنکا کو کراچی ٹیسٹ میں 263 رنز سے شکست دی، سری لنکا کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ میں قومی ٹیم کے بولرز اور بلے باز دونوں چل گئے۔

    سری لنکا کی بیٹنگ لائن ریت کی دیوار ثابت ہوئی، پاکستانی بولرز نے کسی کھلاڑی کو کریز پر ٹکنے نہیں دیا اور فتح اپنے نام کی، قومی ٹیم کی اس شاندار فتح کے بعد ٹیسٹ رینکنگ میں بھی پاکستان کی پوزیشن مستحکم ہوگئی ہے۔

    خیال رہے کہ پاکستان کی سری لنکا کے خلاف ہوم سیریز میں فتح نے ٹیسٹ چیمپئن شپ میں پوزیشن بہتر کردی، قومی ٹیم نے 80 پوائنٹس کے ساتھ ٹیبل پر تیسرا نمبر حاصل کرلیا ہے۔

  • پاکستان محفوظ ملک ہے، سیکیورٹی بھی بہت اچھی ہے: کپتان سری لنکن ٹیم

    پاکستان محفوظ ملک ہے، سیکیورٹی بھی بہت اچھی ہے: کپتان سری لنکن ٹیم

    کراچی: سری لنکن ٹیم کے کپتان کرونارتنے کا کہنا ہے کہ پاکستان محفوظ ملک ہے اور سیکیورٹی بھی بہت اچھی ہے، یہاں ہمیں گھر جیسا ماحول ملا۔

    تفصیلات کے مطابق قومی ٹیم کے ہاتھوں دوسرے ٹیسٹ میچ میں شکست کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سری لنکن ٹیم کے کپتان کا کہنا تھا کہ پہلے 2دن اچھا کھیلا پھر ہم اچھا کھیل پیش نہ کرسکے، پاکستان ٹیم سے عابد علی نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا، ہمیں معلوم تھا کہ انہیں رنز کی بھوک تھی۔

    انہوں نے کہا کہ دیگر ٹیمیں ٹیسٹ، ون ڈے اور ٹی20 کھیلنے یہاں آئیں، نسیم شاہ کم عمری میں بھی بہت میچور باؤلنگ کررہا تھا، بابراعظم بہت زبردست کرکٹر ہے، عابد علی بہت محنتی ہے، محنت اس کی بیٹنگ میں نظر آتی ہے۔

    ہمیں اس جیت کی بہت ضرورت تھی: کپتان اظہرعلی

    کرونارتنے کا کہنا تھا کہ ہمارے کرکٹرز میں تجربےکی کمی رہی، ٹیسٹ صبر وتحمل کا کھیل ہے۔

    دوسری جانب قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان اظہر علی کا کومنٹیٹر سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ میچ کے دوران پریشر نہیں لیا، بھروسہ تھا کہ اچھا کھیل کر فتح اپنے نام کریں گے، سنچری بنا کر بہت اچھا لگا، ہمیں اس جیت کی بہت ضرورت تھی، سری لنکا کی ٹیم کا بھی بےحدشکر گزار ہوں۔

    واضح رہے کہ پاکستان نے 13 سال بعد ہوم گراؤنڈ پر ٹیسٹ میچ اپنے نام کرلیا، قومی ٹیم نے سری لنکا کو کراچی ٹیسٹ میں 263 رنز سے شکست دے دی، سری لنکا کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ میں قومی ٹیم کے بولرز اور بلے باز دونوں چل گئے، سری لنکا کی بیٹنگ لائن ریت کی دیوار ثابت ہوئی، پاکستانی بولرز نے کسی کھلاڑی کو کریز پر ٹکنے نہیں دیا اور فتح اپنے نام کرلی۔

  • پاکستان نے سری لنکا کو 263 رنز سے شکست دے دی

    پاکستان نے سری لنکا کو 263 رنز سے شکست دے دی

    کراچی: پاکستان نے 13 سال بعد ہوم گراؤنڈ پر ٹیسٹ میچ اپنے نام کرلیا، قومی ٹیم نے سری لنکا کو کراچی ٹیسٹ میں 263 رنز سے شکست دے دی، عابد علی کو مین آف دا میچ قرار دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق سری لنکا کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ میں قومی ٹیم کے بولرز اور بلے باز دونوں چل گئے، سری لنکا کی بیٹنگ لائن ریت کی دیوار ثابت ہوئی، پاکستانی بولرز نے کسی کھلاڑی کو کریز پر ٹکنے نہیں دیا اور فتح اپنے نام کرلی۔

    پاکستان کی جانب سے نسیم شاہ نے 5وکٹیں حاصل کیں۔ یاسرشاہ نے 2، عباس، شاہین اور حارث نے ایک ایک وکٹ حاصل کی، نسیم شاہ 5 وکٹیں حاصل کرنے والے ٹیسٹ کرکٹ کے سب سے کم عمر کھلاڑی بن گئے۔

    قومی ٹیم نے دوسرے ٹیسٹ کا مایوس کن آغاز کیا تاہم میچ کے تیسرے روز سے ہی ٹیم سری لنکا پر حاوی ہوگئی، عابد علی اور شان مسعود نے ٹیم کو فتح دلانے میں اہم کردار ادا کیا۔ خیال رہے کہ چوتھے روز قومی ٹیم نے 555رنز 3کھلاڑی آؤٹ پر اپنی  اننگز ڈکلیئر کی اور سری لنکا کو جیت کے لیے 476رنز کا ہدف دیا تھا جس کے تعاقب میں سری لنکا کی بیٹنگ لائن ریت کی دیوار ثابت ہوئی۔

    عابد علی نے ٹیسٹ کرکٹ میں ایک اورریکارڈ بنادیا

    دوسری اننگز کے آغاز سے ہی سری لنکن ٹیم مشکلات کا شکار رہی، اُن کی پہلی وکٹ 39رنز پر اُس وقت گری جب کپتان کرونارتنے 16رنز پر محمدعباس کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔ بعد ازاں 40 رنز کے مجموعی اسکور پر کوشال مینڈس بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹے، جبکہ اینجلو میتھیوز 19رنز بناکر شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔

    سری لنکا کی چوتھی وکٹ 96 کے مجموعی اسکور پر اُس وقت گری جب چندی مل نسیم شاہ کی گیند کو سمجھ نہ سکے جبکہ ایک رن اضافے کے بعد ہی مہمان ٹیم کو پانچویں نقصان کا سامنا کرنا پڑا، اسی طرح ڈی سلوا بغیر کوئی رن بنائے یاسر شاہ کی گیند پر آؤٹ ہوئے، اسی طرح سری لنکن ٹیم کے کھلاڑی آتے گئے اور ایک کے بعد ایک پویلین لوٹتے گئے۔

    قومی ٹیم کراچی ٹیسٹ جیتنے کی پوزیشن میں ہے: سرفراز احمد

    قبل ازیں قومی ٹیم کے بلے بازوں نے دوسری اننگز میں شاندار بیٹنگ کی، عابدعلی، اظہرعلی، شان مسعود اور بابراعظم نے سنچریاں اسکور کیں، یہ پہلا موقع ہے کہ پاکستان کے ٹاپ فور کھلاڑیوں نے ٹیسٹ میچ میں ایک ساتھ سنچریاں بنائیں۔

    پاکستان نے 2 وکٹوں پر 395 رنز بنائے تھے، سری لنکا کے خلاف پاکستان کی پہلی وکٹ 278 رنز پر گری، شان مسعود 135رنز بناکر لہیروکمارا کی گیند پر آؤٹ ہوئے تھے، جبکہ دوسری وکٹ 355 رنز پرگری تھی، عابد علی ایل بی ڈبلیو آوٹ ہوئے، ٹیسٹ کرکٹ میں پاکستان کی دوسری بڑی اوپننگ شراکت شان مسعود اور عابد نے 278 رنز کی قائم کی۔

    عابد علی نے جاوید میانداد کی یاد تازہ کردی: رمیز راجہ

    اوپنر عابد علی 174 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر اؤٹ ہوئے، شان مسعود نے بھی 135 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی تھی، میچ کے چوتھے روز پاکستان کی تیسری وکٹ 503رنز پر گری، کپتان اظہر علی 118رنز پر آؤٹ ہوئے، انہوں نے ذمے دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور سنچری جڑی، کپتان اظہر نے 142گیندوں پر سنچری اسکور کی، اظہرعلی کے کیریئر کی یہ 16ویں سنچری ہے، بعد ازاں بابراعظم بھی پیچھے نہ رہے اور سنچری داغ دی۔ چوتھے روز کا پہلا سیشن ختم ہونے کے بعد بابراعظم اور محمد رضوان اننگز ڈکلیئر کرے پولین لوٹ گئے۔

    واضح رہے کہ مہمان ٹیم نے اپنی پہلی اننگ میں 271 رنز بنائے تھے تاہم قومی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 191 رنز پر ڈھیر ہوگئی تھی، بابر اعظم اور اسد شفیق نے نصف سنچریاں اسکور کی تھیں۔