Tag: Sri Lanka

  • کراچی ٹیسٹ، پاکستان فتح سے صرف تین وکٹوں‌ کی دوری پر

    کراچی ٹیسٹ، پاکستان فتح سے صرف تین وکٹوں‌ کی دوری پر

    کراچی: پاکستان اور سری لنکا کی ٹیموں کے مابین کھیلے جانے والے دوسرے ٹیسٹ میچ کے چوتھے روز کا کھیل ختم ہوگیا، پاکستان کو فتح کے لیے مزید تین وکٹیں درکار ہیں۔

    پاکستان اور سری لنکا کی ٹیموں کے مابین کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے دوسرے ٹیسٹ میچ کے چوتھے روز کا کھیل ختم ہوگیا، دن کے اختتام تک مہمان ٹیم نے 7 وکٹوں کے نقصان پر 212 رنز بنائے۔

    قومی کرکٹ ٹیم کے باؤلر نسیم شاہ نے تین، حارث سہیل، محمد عباس، شاہین شاہ آفریدی اور یاسر شاہ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ دوسرے ٹیسٹ میں فتح حاصل کرنے کے لیے پاکستان کو مزید تین وکٹیں درکار ہیں۔

    اس سے قبل قومی ٹیم نے 555رنز 3کھلاڑی آؤٹ پر اپنی  اننگز ڈکلیئر کی اور سری لنکا کو جیت کے لیے 476رنز کا ہدف دیا تھا جس کے تعاقب میں سری لنکا کی بیٹنگ لائن ریت کی دیوار ثابت ہوئی۔

    دوسری اننگز کے آغاز سے ہی سری لنکن ٹیم مشکلات کا شکار رہی، اُن کی پہلی وکٹ 39رنز پر اُس وقت گری جب کپتان کرونارتنے 16رنز پر محمدعباس کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔ بعد ازاں 40 رنز کے مجموعی اسکور پر کوشال مینڈس بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹے، جبکہ اینجلو میتھیوز 19رنز بناکر شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔

    مزید پڑھیں: عابد علی نے ٹیسٹ کرکٹ میں ایک اورریکارڈ بنادیا

    سری لنکا کی چوتھی وکٹ 96 کے مجموعی اسکور پر اُس وقت گری جب چندی مل نسیم شاہ کی گیند کو سمجھ نہ سکے جبکہ ایک رن اضافے کے بعد ہی مہمان ٹیم کو پانچویں نقصان کا سامنا کرنا پڑا، اسی طرح ڈی سلوا بغیر کوئی رن بنائے یاسر شاہ کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔

    قومی ٹیم کے بلے بازوں نے دوسری اننگز میں شاندار بیٹنگ کی، عابدعلی، اظہرعلی، شان مسعود اور بابراعظم نے سنچریاں اسکور کیں، یہ پہلا موقع ہے کہ پاکستان کے ٹاپ فور کھلاڑیوں نے ٹیسٹ میچ میں ایک ساتھ سنچریاں بنائیں۔

    پاکستان نے 2 وکٹوں پر 395 رنز بنائے تھے، اظہر علی 57 اور بابر اعظم 22 رنز کے ساتھ کریز پر تھے۔ جبکہ اوپنر عابد علی 174 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر اؤٹ ہوئے، شان مسعود نے بھی 135 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی تھی۔

    میچ کے چوتھے روز پاکستان کی تیسری وکٹ 503رنز پر گری، کپتان اظہر علی 118رنز پر آؤٹ ہوئے، انہوں نے ذمے دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور سنچری جڑی، کپتان اظہر نے 142گیندوں پر سنچری اسکور کی، اظہرعلی کے کیریئر کی یہ 16ویں سنچری ہے، بعد ازاں بابراعظم بھی پیچھے نہ رہے اور سنچری داغ دی۔ چوتھے روز کا پہلا سیشن ختم ہونے کے بعد بابراعظم اور محمد رضوان اننگز ڈکلیئر کرے پولین لوٹ گئے۔

    خیال رہے کہ سری لنکا کے خلاف پاکستان کی پہلی وکٹ 278 رنز پر گری، شان مسعود 135رنز بناکر لہیروکمارا کی گیند پر آؤٹ ہوئے تھے، جبکہ دوسری وکٹ 355 رنز پرگری تھی، عابد علی ایل بی ڈبلیو آوٹ ہوئے، ٹیسٹ کرکٹ میں پاکستان کی دوسری بڑی اوپننگ شراکت شان مسعود اور عابد نے 278 رنز کی قائم کی۔

    واضح رہے کہ مہمان ٹیم نے اپنی پہلی اننگ میں 271 رنز بنائے تھے تاہم قومی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 191 رنز پر ڈھیر ہوگئی تھی، بابر اعظم اور اسد شفیق نے نصف سنچریاں اسکور کی تھیں۔

  • کراچی ٹیسٹ، عابد علی اور شاند مسعود کی سنچریاں، پاکستان کی پوزیشن مستحکم

    کراچی ٹیسٹ، عابد علی اور شاند مسعود کی سنچریاں، پاکستان کی پوزیشن مستحکم

    کراچی: نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے دوسرے ٹیسٹ میچ کے دوسرے روز عابد علی اور شان مسعود کی سنچریوں کی بدولت سری لنکا کے خلاف پاکستان کی پوزیشن مستحکم ہوگئی۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں کھیلے جانے والے دوسرے ٹیسٹ کے تیسرے روز کھیل کے اختتام پر پاکستان نے 2 وکٹوں پر 395 رنز بنالیے، اظہر علی 57 اور بابر اعظم 22 رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں۔

    اوپنر عابد علی 174 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر اؤٹ ہوئے، شان مسعود نے بھی 135 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی۔

    پاکستان کو دوسری اننگز میں سری لنکا پر315 رنز کی برتری حاصل ہوگئی، شان مسعود اور عابد علی نے سنچریاں اسکور کیں، عابد علی کیریئر کے ابتدائی 2 ٹیسٹ میں سنچری کرنے والے پہلے پاکستانی بن گئے، انہوں  نے 137گیندوں پر سنچری بنائی۔

    سری لنکا کے خلاف پاکستان کی پہلی وکٹ 278 رنز پرگری، شان مسعود 135رنز بناکر لہیروکمارا کی گیند پر آؤٹ ہوئے، جبکہ دوسری وکٹ 355 رنز پرگری، عابد علی ایل بی ڈبلیو آوٹ ہوئے، ٹیسٹ کرکٹ میں پاکستان کی دوسری بڑی اوپننگ شراکت شان مسعود اور عابد نے 278 رنز کی قائم کی۔

    قومی ٹیم نے کھانے کے وقفے تک 175 رنز بنائے تھے، عابد علی اور شان مسعود نے محتاط آغاز کیا، سری لنکا کی ٹیم پہلی اننگز میں 271 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی تھی، مہمان ٹیم نے پہلی اننگز میں 20 رنز کی برتری حاصل کی۔

    پاکستان نے دوسرے روز ہی اپنی دوسری اننگز کا آغاز کردیا تھا اور بغیر کسی نقصان کے 57 رنز بنائے تھے۔

    قبل ازیں سری لنکا نے اپنی پہلی اننگز 64 رنز 4 وکٹوں کے نقصان پر شروع کی تو 78 رنز کے مجموعی اسکور پر لیستھ 13 رنز بنا کر محمد عباس کی گیند پر حارث سہیل کو کیچ دے بیٹھے، دنیش چندی مل نے 74 رنز کی شاندار اننگز کھیلی انہیں حارث سہیل نے آؤٹ کیا، ڈی سلوا 32 رنز بنا کر شاہین شاہ آفریدی کا نشانہ بنے، ڈک ویلا کو 21 رنز پر محمد عباس نے بولڈ کیا تھا۔

    کراچی ٹیسٹ، سری لنکا 271 رنز پر آؤٹ، پاکستان کے بغیر کسی نقصان کے 57 رنز

    دلروان پریرا نے 48 رنز کی اننگز کھیلی، کمارا بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے تھے۔

    پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے 5 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، محمد عباس نے چار اور حارث سہیل نے ایک وکٹ حاصل کی۔ واضح رہے کہ دو روز قبل قومی ٹیم نے اپنی پہلی اننگز میں 191 رنز پر ڈھیر ہوگئی تھی، بابر اعظم اور اسد شفیق نے نصف سنچریاں اسکور کی تھیں۔

  • بڑی خوشخبری، جنوبی افریقہ اور آسٹریلیا کی ٹیمیں پاکستان آنے کے لیے تیار

    بڑی خوشخبری، جنوبی افریقہ اور آسٹریلیا کی ٹیمیں پاکستان آنے کے لیے تیار

    لاہور: کرکٹ کے مداحوں کے لیے بڑی خوشخبری سامنے آگئی، جنوبی افریقہ اور آسٹریلیا کی ٹیموں نے آئندہ سال دورہ پاکستان کے لیے آمادگی کا اظہار کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق کرکٹ کے عالمی دروازے آہستہ آہستہ پاکستان کے لیے کھلنے لگے ہیں، سری لنکن ٹیم کے دورے کے بعد اب جنوبی افریقہ اور آسٹریلیا کی ٹیمیں بھی پاکستان آنے کے لیے تیار ہوگئی ہیں، پاکستان نے دنیا کے سامنے پرامن ملک ہونے کا ثبوت دے دیا۔

    پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان کا کہنا ہے کہ آسٹریلیا کی ٹیم 2 ٹیسٹ اور 3 ٹی 20 کھیلنے 2020 میں پاکستان آئے گی، ہم چاہتے ہیں آسٹریلیا 3 ٹیسٹ میچ کھیلے، نیوساؤتھ ویلز سے اسکالرشپ پروگرام پر بات ہوئی ہے، ہم چاہتے ہیں خواتین سمیت کھلاڑی بھی وہاں تربیت حاصل کریں۔

    کراچی میں 10 سال بعد ٹیسٹ کرکٹ کا میلہ

    انہوں نے کہا کہ ڈومیسٹک کرکٹ کے میچ 11 سال بعد بگٹی اسٹیڈیم میں ہوئے، ہمارے ٹیم نے لائیو میچوں کو یقینی بنایا، نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں بہتری کے لیے کام کررہے ہیں، پی سی بی ڈومیسٹک کرکٹ بہتر بنانے کے اخراجات برداشت کرے گا۔

    دوسری جانب ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ جنوبی افریقہ کی ٹیم مارچ کے تیسرے ہفتے میں دورہ بھارت کے بعد 3 ٹی ٹوئنٹی کی سیریز کھیلنے کے لیے پاکستان آئے گی، پاکستان نے جنوبی افریقہ کو ہوم سیریز کی دعوت دی تھی، آئندہ ہفتے جنوبی افریقہ کے دورہ پاکستان کا حتمی فیصلہ ہوگا۔

    علاوہ ازیں ایم سی سی کرکٹ ٹیم(میریلیبون کرکٹ کلب) فروری 2020 میں پاکستان کا دورہ کرے گی، ٹیم کی قیادت صدر ایم سی سی کمار سنگاکارا کریں گے جبکہ اجمل شہزاد ہیڈ کوچ اور لاوینڈر ٹیم منیجر ہوں گے، ایم سی سی کرکٹ ٹیم اپنے تمام میچ ایچی سن کالج لاہور میں کھیلے گی، ٹیم پاکستان بھجوانے کا فیصلہ ایم سی سی ورلڈ کرکٹ کمیٹی کے اجلاس میں کیا گیا۔

    ایم سی سی کرکٹ ٹیم  46 سال بعد پاکستان کا دورہ کرے گی۔ سی ای او پاکستان کرکٹ بورڈ وسیم خان کا یہ بھی کہنا ہے کہ ایم سی سی کرکٹ ٹیم کی پاکستان آمد پر خوشی ہے، ایم سی سی ورلڈ کرکٹ کمیٹی کے اجلاس میں مؤقف پیش کیا تھا، امید ہے اسکواڈ میں شامل ہر کھلاڑی دورے کا بھرپور لطف اٹھائے گا۔

    جبکہ صدر ایم سی سی کمار سنگاکارا کا کہنا تھا کہ پاکستان میں عالمی کرکٹ بحال کرنے کے لیے پی سی بی سے تعاون کرنا ہوگا، پاکستان کا دورہ کرنے والی ایم سی سی ٹیم کی قیادت سنبھالنے پر خوشی ہے، پاکستان میں ایک دہائی کے بعد ٹیسٹ کرکٹ کی واپسی پر مداح مسرور ہیں۔

    خیال رہے کہ پاکستان میں دس سال بعد عالمی کرکٹ بحال ہوچکی ہے، سری لنکن ٹیم اس وقت دورہ پاکستان پر ہے، جبکہ کل دونوں ٹیموں کے درمیان فیصلہ کن ٹیسٹ میچ کھیلا جائے گا۔

  • کراچی میں 10 سال بعد ٹیسٹ کرکٹ کا میلہ

    کراچی میں 10 سال بعد ٹیسٹ کرکٹ کا میلہ

    کراچی: شہرقائد میں 10 سال بعد ٹیسٹ کرکٹ کا میلہ سجے گا، پاکستان اور سری لنکا کی ٹیمیں کل فیصلہ کن میچ میں آمنے سامنے ہوں گی۔

    تفصیلات کے مطابق نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں دس سال بعد ٹیسٹ کرکٹ کا میلہ رنگ جمائے گا، کل شاہین سری لنکن ٹیم پر جھپٹیں گے، میچ جمعرات کی صبح 10 بجے شروع ہوگا، دونوں ٹیموں نے تیاریاں مکمل کرلیں۔

    ون ڈے اور ٹی 20 کے پعد پاکستان میں ٹیسٹ کرکٹ بھی لوٹ آئی ہے، نیشنل اسٹیڈیم میں ایک دہائی بعد ٹیسٹ کرکٹ کی دھوم مچےگی، فیصلہ کن ٹیسٹ کے لیے پاکستان اور سری لنکن ٹیموں نے نیشنل اسٹیڈیم میں بھرپور تیاریاں کیں۔

    بہترین کمبی نیشن کے ساتھ دوسرا ٹیسٹ کھیلیں گے: اظہرعلی

    قومی ٹیم کے کپتان اظہر علی بھی سیریز جیتنے کے لیے پُرعزم ہیں، 2009 میں آخری بار اسی گراؤنڈ پر سری لنکن ٹیم نے ہی کھیلا تھا اب 2019 میں ٹوٹا ہوا سلسلہ سری لنکا ہی جوڑے گا، پنڈی ٹیسٹ سے پاکستان میں ٹیسٹ کرکٹ کی رونقیں بحال ہوئیں، اب کراچی میں کرکٹ کے دیوانوں کو مقابلے کا بےصبری سے انتظار ہے۔

    دوسری جانب قومی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کے کپتان اظہرعلی کا میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ بہترین کمبی نیشن کے ساتھ دوسرا ٹیسٹ کھیلیں گے، وکٹ کو مدنظر رکھتے ہوئے ٹیم منتخب کی ہے، کھلاڑیوں نے فتح اپنے نام کرنے کے لیے جم کر پریکٹس کی ہے۔

    خیال رہے کہ فاسٹ بولر عثمان شنواری کو سری لنکا کے خلاف دوسرے ٹیسٹ سے باہر کردیا ہے۔

  • بہترین کمبی نیشن کے ساتھ دوسرا ٹیسٹ کھیلیں گے: اظہرعلی

    بہترین کمبی نیشن کے ساتھ دوسرا ٹیسٹ کھیلیں گے: اظہرعلی

    کراچی: قومی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کے کپتان اظہرعلی کا کہنا ہے کہ بہترین کمبی نیشن کے ساتھ دوسرا ٹیسٹ کھیلیں گے، وکٹ کو مدنظر رکھتے ہوئے ٹیم منتخب کی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اظہر علی نے کہا کہ کل کھیلے جانے والے دوسرے ٹیسٹ کے لیے بہترین حکمت عملی اپنائیں گے، ہوم گراؤنڈ پر جیتنا ضروری ہے، کھلاڑیوں نے فتح اپنے نام کرنے کے لیے جم کر پریکٹس کی ہے۔

    فاسٹ بولر عثمان شنواری کو سری لنکا کے خلاف دوسرے ٹیسٹ سے باہر کردیا ہے۔

    دریں اثنا سری لنکن کرکٹ ٹیم کے کپتان کرونارتنے نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ کراچی ٹیسٹ کے لیے ٹیم میں ایک تبدیلی کا فیصلہ کیا ہے، وکٹ کی کنڈیشن دیکھ کر اسپنر یا اضافی پیسر کھلانے کا فیصلہ ہوگا۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ سری لنکن بلے باز ڈومیسٹک سیزن میں اچھا کھیلتے ہیں، کرکٹ شیڈول بہت مشکل ہوتا جارہا ہے۔

    خیال رہے کہ نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں دس سال بعد ٹیسٹ کرکٹ کا میلہ سجے گا۔ پاکستان اورسری لنکا کی ٹیمیں کل سیریز کے دوسرے اورفیصلہ کن ٹیسٹ میں مدمقابل ہوں گی، میچ جمعرات کی صبح دس بجے شروع ہوگا۔

  • کراچی میں فیصلہ کن معرکہ، قومی ٹیم کی تیاریاں تیز

    کراچی میں فیصلہ کن معرکہ، قومی ٹیم کی تیاریاں تیز

    کراچی: شہرقائد میں فیصلہ کن ٹیسٹ میچ کے لیے پاکستان اور سری لنکا کی ٹیموں نے تیاریاں تیز کردیں۔

    تفصیلات کے مطابق دونوں ٹیموں نے کراچی میں ڈیرے جمالیے، نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں فائنل میچ سے پہلے بھرپور پریکٹس کی، پاکستانی فاسٹ بولرعثمان شنواری بخار اور سری لنکن فاسٹ بولر کاسن رجیتھا انجری کے باعث کراچی ٹیسٹ سے باہر ہوگئے ہیں۔

    نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں پاکستان اور سری لنکا کی ٹیموں نے پہلے پریکٹس سیشن میں خوب لہو گرمایا، قومی ٹیم نے فٹنس پر خصوصی توجہ دی، جبکہ اسٹریچنگ کے ساتھ فیلڈنگ پریکٹس بھی کروائی گئی، یاسرشاہ کی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے۔

    مہمان ٹیم نے کراچی میں قومی ٹیم کو ٹف ٹائم دینے کے لیے منصوبہ بندی شروع کردی، فاسٹ بولرز کے ساتھ اسپن آپشن پر بھی غور کیا جارہا ہے، سری لنکن بلے بازوں نے کراچی ٹیسٹ میں شاندار کارکردگی دکھانے کی ٹھان لی۔

    سری لنکن ٹیم کراچی پہنچ گئی

    واضح رہے کہ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ راولپنڈی اسٹیڈیم میں کھیلا گیا جو ڈرا ہوا، پہلے ٹیسٹ میچ کے پانچویں روز مہمان ٹیم نے 6 وکٹوں پر 308 رنز بنا کر اپنی پہلی اننگز ڈیکلئر کر دی تھی جب کہ پاکستان نے پہلی اننگز میں 2 وکٹوں‌ کے نقصان پر 252 رنز بنائے اور میچ ڈرا ہوگیا۔

  • سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ سیریز: 16 رکنی قومی اسکواڈ کا اعلان

    سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ سیریز: 16 رکنی قومی اسکواڈ کا اعلان

    لاہور: سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لیے قومی ٹیم کے اسکواڈ کا اعلان کردیا گیا، اظہر علی ٹیم کے کپتان ہوں گے جبکہ فواد عالم کی 10 سال بعد قومی ٹیسٹ ٹیم میں واپسی ہوئی۔

    تفصیلات کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر مصباح الحق نے بریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں 10 سال بعد ٹیسٹ سیریز کی واپسی ہورہی ہے، سری لنکا ٹیسٹ سیریز کھیلنے پاکستان آ رہا ہے۔

    مصباح الحق کا کہنا تھا کہ ون مین شو کے حوالے سے جو باتیں چل رہی ہیں وہ غلط ہیں۔ 6 سلیکٹرز ہیں فیصلہ سب کی مشاورت سے ہوتا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لیے قومی اسکواڈ بنا لیا، ہر کھلاڑی سے متعلق مکمل معلومات ہیں۔ ٹیم میں زیادہ تبدیلیاں نہ کر کے تسلسل لانا چاہتے ہیں۔ وہی تبدیلیاں کی جاتی ہیں جو ضروری سمجھی جائیں۔

    انہوں نے سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لیے قومی ٹیم کے اسکواڈ کا بھی اعلان کیا۔ اسکواڈ میں 10 سال بعد فواد عالم کی قومی ٹیسٹ ٹیم میں واپسی ہوئی۔ اسکواڈ میں اظہر علی کپتان، عابد علی، اسد شفیق، بابر اعظم، حارث سہیل، امام الحق، عمران خان سینئر، محمد عباس اور محمد رضوان شامل ہیں۔

    کاشف بھٹی، نسیم شاہ، شاہین شاہ، شان مسعود، یاسر شاہ اور عثمان شنواری بھی اسکواڈ میں شامل ہیں۔

    مصباح الحق کا کہنا تھا کہ فواد عالم بہت اچھی فارم میں ہیں، عثمان شنواری بولنگ میں بہتری لا رہے ہیں۔ محمد موسیٰ ٹیم کے ساتھ ہوں گے، اسکواڈ کا حصہ نہیں۔

    انہوں نے کہا کہ پاکستان ٹیم کا سب سے بڑا مسئلہ بولنگ کا ہے۔ میرے پاس کوئی جادو کی چھڑی نہیں جس سے سب کچھ ٹھیک کردوں۔ صرف کھلاڑی نہیں ہم بھی جواب دہ ہیں۔

    مصباح کا کہنا تھا کہ بابر اعظم ان کھلاڑیوں میں شامل ہو چکے ہیں جو میچ ونر ہوتے ہیں، پاکستان ٹیم ٹیسٹ کرکٹ بہت لمبے عرصے بعد کھیلتی ہے۔ کھلاڑی کو پرفارمنس کے لیے وقت چاہیئے ہوتا ہے۔ ایسا نہیں کہ میں بیٹھا رہوں اور قومی ٹیم کا ستیاناس ہوجائے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ ڈومیسٹک کی پرفارمنس کو اہمیت دیتے ہیں، جو پرفارمنس دیتا ہے اسے موقع فراہم کیا جاتا ہے۔ مجھ پر اعتماد نہیں ہے تو کوئی بھی عہدہ نہیں ہونا چاہیئے۔ صحیح طریقے سے کام نہیں کرتا تو کسی بھی عہدے کا جواز نہیں بنتا۔

  • پاکستان کے سری لنکا سے تعلقات مثالی نوعیت کے ہیں ، شاہ محمود قریشی

    پاکستان کے سری لنکا سے تعلقات مثالی نوعیت کے ہیں ، شاہ محمود قریشی

    کولمبو : وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان کے سری لنکا کے ساتھ تعلقات مثالی نوعیت کے ہیں، یہ ایک خود مختار ملک ہے جس کے ساتھ چاہے تعلقات استوار کرے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے دو روزہ دورہ سری لنکا  کے اختتام اور قطر روانگی سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

    وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے اپنی گفتگو میں کہا کہ سری لنکا ایک خود مختار ملک ہے، کسی بھی ملک  کے ساتھ روابط سری لنکا کا اندرونی معاملہ ہے۔ جن ممالک کے ساتھ چاہے تعلقات استوار کرے یہ اس کا حق ہے۔

    وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان کے سری لنکا کے ساتھ تعلقات مثالی نوعیت کے ہیں، دونوں ممالک نے مشکل حالات میں ایک دوسرے کا ساتھ دیا، ہمارا مستقبل ایک دوسرے سے وابستہ ہے۔

    اس کے علاوہ پاک سری لنکا تجارت کے فروغ کیلئے وسیع مواقع موجود ہیں، ہم مستقبل میں بھی آزادانہ تجارت کے معاہدے سے فائدہ اٹھائیں گے اور خدمات کے شعبے میں ایک دوسرے کی معاونت کریں گے۔

    انہوں نے کہا کہ ہمارے ساتھ سری لنکا کے مراسم گہرے اور دیرینہ ہیں، دونوں ممالک ایک دوسرے کی معاونت کرتے ہیں، دہشت گردوں کیخلاف کاررروائی میں پاکستان نے سری لنکا کا بھرپور ساتھ دیا۔

    واضح رہے کہ شاہ محمود قریشی سری لنکا کا دو روزہ کامیاب دورہ مکمل کرکے قطر روانہ ہوگئے ہیں، شاہ محمود قریشی نے دورہ سری لنکا میں اہم ملاقاتیں کیں، ملاقاتوں میں سری لنکن قیادت سے تعلقات اور کثیرالجہتی اقتصادی تعاون پر گفتگو کی گئی۔

    اس کے علاوہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سمیت دیگر امور پر بات چیت کی گئی۔ وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کل قطر میں کوالالمپورسمٹ کی وزارتی کانفرنس سے خطاب کریں گے۔

  • وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی نو منتخب سری لنکن صدر سے ملاقات

    وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی نو منتخب سری لنکن صدر سے ملاقات

    کولمبو: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے سری لنکا کے نو منتخب صدر گوٹا بایا راجا پاکسا سے ملاقات کے دوران کہا کہ پاکستان سے عسکری تربیت حاصل کرنے والی شخصیت سری لنکا کی صدارت سنبھالے ہوئے ہے۔ آپ کے منصب سنبھالنے کے بعد دونوں ممالک کے برادرانہ تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی وفد کے ہمراہ صدارتی سیکریٹریٹ کولمبو پہنچے۔ صدارتی سیکریٹریٹ آمد کے موقع پر وزیر خارجہ کی سری لنکا کے نو منتخب صدر گوٹا بایا راجا پاکسا سے ملاقات ہوئی۔

    ملاقات میں دو طرفہ تعلقات، خطے کی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر گفتگو ہوئی۔ اس موقع پر ترجمان دفتر خارجہ اور سری لنکا میں موجود پاکستانی ہائی کمشنر بھی موجود تھے۔

    وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے گوٹا بایا راجا پاکسا کو سری لنکن صدر منتخب ہونے پر مبارک باد دی۔ انہوں نے سری لنکن صدر کو صدر عارف علوی کا تہنیتی خط بھی دیا۔ خط میں سری لنکن صدر کو مبارک باد کے ساتھ دورہ پاکستان کی دعوت دی گئی۔

    وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان سے عسکری تربیت حاصل کرنے والی شخصیت سری لنکا کی صدارت سنبھالے ہوئے ہے، قابل مسرت ہے کہ 70 کی دہائی میں آپ نے عسکری تربیت حاصل کی تھی۔ آپ کے منصب سنبھالنے کے بعد دونوں ممالک کے برادرانہ تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔

    انہوں نے کہا کہ سری لنکن عوام نے دہشت گردی کا ڈٹ کر مقابلہ کیا جو قابل تحسین ہے۔ قدرتی آفت میں بھی پاکستان کے عوام سری لنکن بھائیوں کے شانہ بشانہ نظر آئے۔

    شاہ محمود قریشی نے سری لنکن صدر کو پاکستان کی طرف سے معاشی سفارت کاری سے بھی آگاہ کیا۔

    سری لنکن صدر نے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کو سری لنکا آمد پر خوش آمدید کہا جبکہ تہنیتی پیغامات اور دورہ پاکستان کی دعوت پر صدر پاکستان اور اعلیٰ قیادت کا شکریہ بھی ادا کیا۔

    خیال رہے کہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی 2 روزہ دورے پر سری لنکا میں موجود ہیں۔ 2 روزہ سرکاری دورے کے دوران وزیر خارجہ سری لنکا کی اعلیٰ قیادت سے ملاقاتیں کریں گے۔

    شاہ محمود نے کولمبو ایئرپورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ میں وزیر اعظم عمران خان اور صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا خصوصی پیغام لے کر سری لنکا آیا ہوں، سری لنکا کے نو منتخب صدر اور وزیر اعظم سے ہماری گہری شناسائی ہے اور وہ پاکستان کے دوست ہیں۔

    اس سے قبل سری لنکن وزیر خارجہ سے ملاقات کے دوران شاہ محمود قریشی نے کہا تھا کہ پاکستان اور سری لنکا کے مابین دیرینہ اور گہرے مراسم ہیں۔

    انہوں نے کہا تھا کہ دونوں ممالک نے باہمی، علاقائی اور عالمی امور پر ایک دوسرے کی بھرپور معاونت کی۔ وزیر خارجہ نے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور خطے کو درپیش خطرات سے بھی آگاہ کیا۔

  • وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی سری لنکن ہم منصب سے ملاقات

    وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی سری لنکن ہم منصب سے ملاقات

    کولمبو: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے سری لنکن ہم منصب سے ملاقات کے دوران کہا کہ پاکستان اور سری لنکا کے مابین دیرینہ اور گہرے مراسم ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی سری لنکا کے نئے مقرر کردہ وزیر خارجہ ڈائنش گناور دینا سے ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں دو طرفہ تعلقات، خطے کی صورتحال اور دیگر باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے سری لنکن ہم منصب کو بطور وزیر خارجہ تقرری پر مبارک باد دی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سری لنکا کے مابین دیرینہ اور گہرے مراسم ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک نے باہمی، علاقائی اور عالمی امور پر ایک دوسرے کی بھرپور معاونت کی۔ وزیر خارجہ نے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور خطے کو درپیش خطرات سے بھی آگاہ کیا۔

    وزیر خارجہ نے کہا کہ سری لنکن کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان سے عالمی کرکٹ بحال ہوئی، پاکستان میں 2 ٹیسٹ میچز کے لیے سری لنکن ٹیم کی آمد کے منتظر رہیں گے۔

    انہوں نے سری لنکن ہم منصب کو اپنی طرف سے تہنیتی خط بھی دیا جس میں پاکستان تشریف لانے اور بدھ مذہب کا تاریخی ورثہ دیکھنے کی دعوت دی گئی۔

    ملاقات میں دونوں وزرائے خارجہ نے خطے میں امن و استحکام کے لیے مشاورت جاری رکھنے کا فیصلہ کیا۔

    خیال رہے کہ وزیر خارجہ 2 روزہ دورے پر سری لنکا میں موجود ہیں۔ 2 روزہ سرکاری دورے کے دوران وزیر خارجہ سری لنکا کی اعلیٰ قیادت سے ملاقاتیں کریں گے۔

    شاہ محمود نے کولمبو ایئرپورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ میں وزیر اعظم عمران خان اور صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا خصوصی پیغام لے کر سری لنکا آیا ہوں، سری لنکا کے نو منتخب صدر اور وزیر اعظم سے ہماری گہری شناسائی ہے اور وہ پاکستان کے دوست ہیں۔