Tag: Sri Lankan High Commissioner

  • ہاتھ جوڑ کر سری لنکا والوں سے معافی مانگتا ہوں، مولانا طارق جمیل

    ہاتھ جوڑ کر سری لنکا والوں سے معافی مانگتا ہوں، مولانا طارق جمیل

    اسلام آباد : سیالکوٹ میں گزشتہ دنوں ہونے والے افسوسناک واقعہ پر معروف مذہبی شخصیت مولانا طارق جمیل نے اپنے دلی افسوس اور دکھ کا اظہار کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق مولانا طارق جمیل اور علامہ طاہر اشرفی نے سری لنکن ہائی کمیشن کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے سری لنکن ہائی کمشنر سے خصوصی ملاقات کی۔

    اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ،مولانا طارق جمیل نے کہا کہ سری لنکن سفیر کو کہا ہم معافی مانگنے آئے ہیں، ہمارا دین ظلم و جبر کی بالکل اجازت نہیں دیتا۔ سری لنکا کے عوام سے ہاتھ جوڑ کر معافی مانگتا ہوں، ہم سری لنکا والوں کے سامنے شرمندہ ہیں۔

    مولانا طارق جمیل کا مزید کہنا تھا کہ اسلام کا نام سلامتی ہے، ایمان کا مطلب امن ہے، ایک انسان کا قتل پوری انسانیت کا قتل ہے کسی کو حق حاصل نہیں وہ کسی کو جلائے۔ صرف اللہ کو حق ہے۔ اسلام محبت کا درس دیتا ہے۔

    مولانا طارق جمیل نے لوگوں سے قرآن مجید اورحضوراکرم ﷺ کی سیرت پڑھنے کی درخواست کی۔مولانا طاہر اشرفی کا کہنا تھا کہ سیالکوٹ میں جو افسوسناک واقعہ پیش آیا میں اور مولانا طارق جمیل اسی سلسلسے میں تعزیت کے لیے آئے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ فیکٹری انتظامیہ نے ان کے دو بچوں کے تمام اخراجات اٹھانے کا فیصلہ کیا ہے اور فیکٹری میں ایک سری لنکا شہری کو بھی نوکری دی گئی ہے۔

    اس موقع پر سری لنکن سفیر نے کہا کہ فیکٹری نے پریانتھا کمارا کے دو بچوں کے اخراجات اٹھانے کا فیصلہ کیا، فیکٹری میں ایک سری لنکن شہری کو نوکری دی گئی، پاکستانی حکومت کی جانب سے لیے گئے اقدامات پر مطمئن ہیں۔

  • سانحہ سیالکوٹ سے دونوں ممالک کے تعلقات پر اثر نہیں پڑے گا، سری لنکن ہائی کمشنر

    سانحہ سیالکوٹ سے دونوں ممالک کے تعلقات پر اثر نہیں پڑے گا، سری لنکن ہائی کمشنر

    اسلام آباد : وفاقی وزیر فوادچوہدری کی سری لنکا کے ہائی کمشنر کو سانحہ سیالکوٹ کے بعد حکومتی اقدامات سے آگاہ کیا ، سری لنکن ہائی کمشنر نے کہا سانحہ سے دونوں ممالک کے تعلقات پراثرنہیں پڑے گا۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر فوادچوہدری کی سری لنکاکے ہائی کمشنر موہن ویجےوکرماسے ملاقات ہوئی ، جس میں فوادچوہدری نے سری لنکن شہری کیساتھ پیش آنے والے واقعے پر افسوس کا اظہار کیا۔

    ملاقات میں فوادچوہدری نےسانحہ سیالکوٹ کے بعد حکومت کی جانب سے اقدامات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا سیالکوٹ واقعےکی ملک بھر میں مذمت کی گئی اور سانحہ سیالکوٹ میں ملوث تمام ملزمان کو گرفتار کیا گیا ہے۔

    سری لنکن ہائی کمشنر کا کہنا تھا کہ پاکستان کی حکومت کےاقدامات سےمطمئن ہیں ، سانحہ سےدونوں ممالک کےتعلقات پراثرنہیں پڑے گا۔

    گذشتہ روز وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے سری لنکا ہائی کمیشن جا کر ہائی کمشنر اور وائس ایڈمرل موہن وجے کرما سے ملاقات کرکے سیالکوٹ واقعے پر سری لنکا کے شہری پریانتھا کمارا کی ہلاکت پر تعزیت کا اظہار کیا۔

    شیخ رشید نے یقین دہانی کرائی کہ پریانتھا کمارا پر تشدد اور موت میں ملوث کسی شخص کو رعایت نہیں ملے گی، اور اس کی ہلاکت کے تمام مجرمان کو حکومت مثالی سزا دلائے گی۔

    اس موقع پر سری لنکن ہائی کمشنر موہن وجے کرما نے کہا تھا کہ پریانتھا کمارا کی ہلاکت پر پاکستانی حکومت اور عوام کے رد عمل پر ہم مطمئن ہیں، اور افسوس ناک حادثے پر پاکستانی عوام کے جذبات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔

  • بغیر ثبوت کے توہین مذہب کا الزام لگانا غیر شرعی حرکت ، علمائے کرام کا اعلامیہ

    بغیر ثبوت کے توہین مذہب کا الزام لگانا غیر شرعی حرکت ، علمائے کرام کا اعلامیہ

    اسلام آباد: علمائے کرام کا کہنا ہے کہ بغیر ثبوت کے توہین مذہب کا الزام لگانا غیر شرعی حرکت ہے، عاقبت نا اندیش عناصر کا اقدام ملک و قوم،اسلام ،مسلمانوں کی سبکی کا باعث بنا۔

    تفصیلات کے مطابق علمائے کرام کے وفد کی جانب سے سری لنکن ہائی کمشنر سے ملاقات اور تعزیت کا اعلامیہ جاری کردیا گیا ہے، مشترکہ اعلامیہ میں کہا گیا کہ سیالکوٹ کاحالیہ سانحہ المیہ ہے جس سے غم و غصہ پھیلا، ہجوم نے مارا پیٹا اور بالآخر موت کے گھاٹ اتار کر لاش جلائی گئی، یہ ایک ماورائے عدالت قتل کا بھیانک اور خوفناک واقعہ ہے،بغیر ثبوت کے توہین مذہب کا الزام لگانا غیر شرعی حرکت ہے۔

    مشترکہ اعلامیہ میں کہا گیا کہ پاکستان بھر کےمستند علما نے بھرپور طریقے سے اس کی مذمت کی، تمام مکاتب فکر کے علمائےکرام ،مدارس بورڈز کی تائیدحاصل ہے، عاقبت نا اندیش عناصر کا اقدام ملک و قوم،اسلام ،مسلمانوں کی سبکی کا باعث بنا، شر پسندافرادکیخلاف رائج قوانین کےمطابق سخت قانونی اقدامات کئےجائیں۔

    مزید پڑھیں: پریانتھا کمارا پر تشدد اور جلانے میں ملوث انتہائی مطلوب ملزم گرفتار

    اعلامیہ میں کہا گیا کہ  ملک عدنان نےجان کی پرواہ کئےبغیربے گناہ شخص کوبچانےکی کوشش کی، اس نوجوان کا یہ اقدام قابل تحسین بھی ہے اورقابل تقلید بھی جبکہ وزیر اعظم نے نوجوان کیلئےتمغہ شجاعت کا اعلان کرکےمستحسن اقدام کیا

    اس سے قبل ڈاکٹر قبلہ ایاز، علامہ تقی عثمانی، علامہ عارف واحدی، قاری حنیف جالندھری، علامہ امین شہیدی، عبدالخبیر آزاد،ابوالخیر زبیر، حامد سعید کاظمی اور علامہ ساجد میر سمیت دیگر علمائے کرام پرمشتمل وفد نے سیالکوٹ واقعے پر سری لنکا کے ہائی کمشنر موہن وجے ورکرما سے ملاقات کی اور افسوسناک واقعے پر اظہار تعزیت کیا۔

    معروف عالم دین مفتی تقی عثمانی نے کہا کہ سانحہ سیالکوٹ نے تمام مکاتب فکر سمیت پورےے ملک کو ہلا کررکھ دیا ہے، سری لنکا برادرملک ہے، توقع ہے اس واقعہ سے پاکستان اورسری لنکا کے تعلقات خراب نہیں ہوں گے۔

    چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل ڈاکٹر قبلہ ایازکا کہنا تھا کہ سانحہ سیالکوٹ میں ملوث افراد کوسخت سے سخت سزا دی جائے گی۔