Tag: Sridevi property

  • سری دیوی کی جائیداد پر قبضہ، بونی کپور عدالت پہنچ گئے

    سری دیوی کی جائیداد پر قبضہ، بونی کپور عدالت پہنچ گئے

    نئی دہلی: بھارت کی نامور اداکارہ سری دیوی کی جائیداد پر غیر قانونی قبضے کے خلاف ان کے شوہر مشہور فلم پروڈیوسر بونی کپور مدراس ہائی کورٹ پہنچ گئے۔

    بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بونی کپور کا کہنا ہے کہ تین افراد نے دھوکہ دہی کے ذریعے اس جائیداد کے حقوق کو اپنے نام کرالیا ہے، انہوں نے عدالت سے درخواست کی کہ ان کے ساتھ انصاف کیا جائے کیونکہ سری دیوی نے یہ جائیداد اپنی محنت سے خریدی تھی۔

    رپورٹس کے مطابق اپریل 1988 میں سری دیوی نے مدراس میں ایم سی سمبند مدلیار نامی شخص سے اس جائیداد کو خریدا تھا، بونی کپور کا کہنا تھا کہ اس وقت سمبند مدلیار کے تین بیٹے اور دو بیٹیاں تھیں اور ان سب کی طرف سے وراثتی سرٹیفکیٹ دیکھنے کے بعد ہی سری دیوی نے اس جائیداد کو خریدا تھا۔

    تاہم حال ہی میں سمبند مدلیار کی دوسری بیوی کے بیٹوں کی جانب سے یہ دعویٰ سامنے آیا ہے کہ اس جائیداد میں ان کا بھی حصہ ہے اور انہوں نے تحصیلدار کے دفتر میں درخواست دائر کی۔

    بونی کپور کا کہنا ہے کہ سرکاری حکام نے غیر قانونی طور پر ان کے حق میں فیصلہ دے کر اس جائیداد کی ملکیت ان کے نام کردی ہے۔بونی کپور نے عدالت میں عرضی دائر کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ فیصلہ اور جعلی دستاویزات منسوخ کی جائیں اور انہیں انصاف فراہم کیا جائے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ جب تک ان کی اہلیہ سری دیوی زندہ تھیں تب ہی مدلیار نے دوسری شادی کی تھی جو ان کے دعوے کی قانونی حیثیت پر سوال کھڑا کرتی ہے۔

    سری دیوی کو مجسٹریٹ نے کیوں بلایا تھا؟ وکیل کا حیرت انگیز انکشاف

    مدراس ہائی کورٹ کے جسٹس آنند وینکٹیش نے اس معاملے پر چار ہفتوں میں فیصلہ کرنے کی ہدایت دی ہے اور ساتھ ہی تامبرم تعلقہ کے تحصیلدار کو وضاحت پیش کرنے کے احکامات جاری کیے ہیں۔

    واضح رہے کہ بونی کپور نے 1996 میں سری دیوی سے شادی کی تھی۔ ان کے دو بچے ہیں،سال 2018 میں سری دیوی دنیا سے رخصت ہوگئی تھیں۔