Tag: Stay Fit

  • فٹ رہنے کے لیے یہ طریقے اپنائیں

    فٹ رہنے کے لیے یہ طریقے اپنائیں

    ہماری روزمرہ کی مصروف زندگی میں اتنا وقت نہیں مل پاتا کہ ہم باقاعدہ جم جا کر ورزش کریں۔ اگر ہم گھر میں ہی ہلکی پھلکی ورزش کریں تو اس میں باقاعدگی نہیں رہ پاتی۔ غیر متوازن طرز زندگی بعض دفعہ کئی مسائل پیدا کر دیتی ہے۔ پھر ایسا کیا کیا جائے کہ ہم فٹ رہ سکیں۔

    طبی ماہرین نے کچھ ایسے ہی طریقے بتائے ہیں جنہیں اپنا کر ہم بغیر کسی محنت کے فٹ رہ سکتے ہیں۔


    اسنیکس کا استعمال کم کریں

    اسنیکس کا استعمال کم سے کم کریں۔ یہ آپ کی بھوک کو ختم کردیتے ہیں جس کی وجہ سے آپ متوازن غذا نہیں لے پاتے۔ اسنیکس وزن میں بھی اضافہ کرتے ہیں۔


    کھانے کے وقت مداخلت سے بچیں

    کھانا کھاتے ہوئے موبائل، میوزک یا ٹی وی سے دور رہیں۔ آپ کا سارا دھیان اس پر ہونا چاہیئے کہ آپ کیا کھا رہے ہیں۔ غذا کو ٹھیک طرح سے کھانے اور اس کے جزو بدن ہونے کے لیے ضروری ہے کہ آپ پوری توجہ سے اسے کھائیں۔


    خاندان اور دوستوں کے ساتھ وقت گزاریں

    لوگ اکثر شکایت کرتے ہیں کہ وہ تنہائی کا شکار ہیں، پریشان ہیں یا اسٹریسڈ ہیں۔ اس کی وجہ یہی ہے کہ وہ اپنے خاندان یا دوستوں کے ساتھ وقت نہیں گزارتے۔

    دوستوں اور خاندان کے ساتھ وقت گزارنا صحت اور دماغ پر اچھے اثرات مرتب کرتا ہے۔


    چھوٹی پلیٹ استعمال کریں

    کھانے کے لیے چھوٹی پلیٹ استعمال کریں۔ بڑی پلیٹ میں کم کھانا آپ کے دماغ کو یہ سگنل دے گا کہ آپ نے کم کھانا لیا ہے۔ جبکہ چھوٹی پلیٹ میں پورا کھانا آپ کو اطمینان کا احساس دلائے گا کہ آپ ایک بھرپور کھانا کھا رہے ہیں۔


    بڑے گلاس استعمال کریں

    چھوٹی پلیٹس کے ساتھ بڑے گلاسوں کا استعمال کریں تاکہ آپ دودھ، جوس یا پانی کی زیادہ مقدار لیں۔


    پروٹین سے بھرپور ناشتہ

    ناشتہ کبھی بھی مت چھوڑیں۔ ناشتہ چھوڑنا دن بھر آپ کو سست رکھتا ہے جبکہ یہ وزن میں بھی اضافہ کرتا ہے۔ ناشتے میں پروٹین سے بھرپور اشیا کا استعمال کریں۔ یہ سارا دن آپ کی توانائی کو بحال رکھتا ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • بغیر ورزش فٹ رہنے کے طریقے

    بغیر ورزش فٹ رہنے کے طریقے

    صحت مند رہنے کے لیے ورزش کرنا نہایت آسان اور مفید حل ہے جو جسم کو فعال رکھ کر بے شمار بیماریوں سے بچاتا ہے اور اور دیرپا مفید اثرات مرتب کرتا ہے۔

    تاہم زندگی کی مختلف مصروفیات میں ورزش کا وقت نہیں نکل پاتا نتیجتاً لوگ 8 گھنٹے دفتر اور بقیہ وقت گھر میں بیٹھ کر گزارنے کے بعد موٹاپے اور مختلف بیماریوں کا شکار ہوجاتے ہیں۔

    تاہم آج ہم آپ کو انہی معمولات زندگی میں فٹ رہنے کے کچھ طریقے بتا رہے جو باآسانی قابل عمل ہیں۔


    سیڑھیاں چڑھیں

    دفتر میں اور گھر کے کاموں کے لیے مختلف مالز اور سینٹرز میں الیکٹرانک سیڑھیوں یا لفٹ کے بجائے عام سیڑھیوں کا استعمال کریں۔ یہ جسم کی ورزش کا سب سے آسان طریقہ ہے۔


    رقص کریں

    رقص جسم کے تمام اعضا کو حرکت میں لا کر جسم کو فعال بناتا ہے۔ بند کمرے میں اپنی پسندیدہ دھن پر یا کوئی کام کرتے ہوئے رقص کرنا، جب آپ کو کوئی نہ دیکھ رہا ہو، ورزش کا بہترین طریقہ ہے۔


    گھر کے کام

    زندگی کے مصروف شیڈول میں ایک مصروفیت گھر کے مختلف کام بھی ہیں۔ گھر کے مختلف کام جن میں آپ کا جسم زیادہ سے زیادہ حرکت کرے آپ کے جسم کی کیلوریز میں کمی کرتا ہے۔


    صبح جلدی اٹھیں

    ورزش کرنے کے لیے کوئی لمبا چوڑا شیڈول ترتیب دینے کی ضرورت نہیں۔ اپنے معمول سے صرف 15 منٹ قبل اٹھیں جب تمام اہل خانہ خواب خرگوش کے مزے لینے میں مصروف ہوں۔

    یہ 15 منٹ ہلکی پھکی ورزش جیسے چہل قدمی یا یوگا کرتے ہوئے گزارے جاسکتے ہیں۔


    مختصر وقت کی ورزش

    اگر جم جانا آپ کے معمولات میں شامل ہے یا آپ کے گھر میں ورزش کی مشینیں موجود ہیں تو آپ ان پر 30 منٹ یا ایک گھنٹہ صرف کرنے کے بجائے وقت بچانے کے لیے صرف 10 سے 15 منٹ بھی صرف کرسکتے ہیں۔

    یاد رکھیں اگر باقاعدگی سے ورزش کی جائے خواہ وہ مختصر وقت کے لیے ہی ہو تب بھی اس سے نہایت حیران کن فائدے حاصل کیے جاسکتے ہیں۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔