Tag: Stickers

  • خبردار، یہ گھر کرونا مریض کے لیے قرنطینہ ہے: گھروں کے باہر اسٹیکر چسپاں

    خبردار، یہ گھر کرونا مریض کے لیے قرنطینہ ہے: گھروں کے باہر اسٹیکر چسپاں

    لاہور: صوبہ پنجاب میں مائیکرو اسمارٹ لاک ڈاؤن کے تحت کرونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کے گھروں کے باہر سرخ رنگ کے اسٹیکر لگائے جا رہے ہیں جن پر درج ہے، خبردار، یہ گھر کرونا مریضوں کے لیے قرنطینہ ہے۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ پنجاب میں مائیکرو اسمارٹ لاک ڈاؤن کے حوالے سے محکمہ صحت نے نئی حکمت عملی اپنائی ہے، ذرائع کے مطابق کرونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کے گھر اور گلیوں کو سیل نہیں کیا جائے گا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ متاثرہ گھروں کے باہر پولیس اہلکار بھی تعینات نہیں کیے جائیں گے بلکہ متاثرہ گھروں کے باہر سرخ رنگ کے اسٹیکر چسپاں کیے جا رہے ہیں۔

    گھروں کے باہر لگائے جانے والے اسٹیکر پر درج ہے: خبردار، یہ گھر کرونا مریضوں کے لیے قرنطینہ ہے۔

    مذکورہ اسٹیکر جوہر ٹاؤن، نشاط کالونی، انگوری باغ اور بادامی باغ میں گھروں کے باہر لگائے جارہے ہیں، محکمہ صحت کے ملازمین متاثرہ گھروں کے باہر اسٹیکر لگا رہے ہیں۔

    خیال رہے کہ پنجاب کے 6 شہروں کے مختلف علاقوں میں آج سے مائیکرو اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کردیا گیا ہے، سیکرٹری ہیلتھ کیئر کا کہنا ہے کہ مائیکرو اسمارٹ لاک ڈاؤن کا مقصد آمد و رفت کو محدود کرنا ہے۔

    جن علاقوں میں مائیکرو اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کیا گیا ہے ان میں لاہور، گوجرانوالہ، راولپنڈی، گجرات، اٹک اور سیالکوٹ شمال ہیں۔ مائیکرو اسمارٹ لاک ڈاؤن کے تحت کرونا وائرس کے کیسز سامنے آنے والی گلیوں کو سیل کیا جارہا ہے۔

  • پھلوں کو خراب ہونے سے بچانے والے اسٹیکرز جو کھائے بھی جاسکتے ہیں

    پھلوں کو خراب ہونے سے بچانے والے اسٹیکرز جو کھائے بھی جاسکتے ہیں

    مختلف پھلوں کو چند دن محفوظ رکھا جائے تو یہ خراب ہونے لگتے ہیں اور کھانے کے قابل نہیں رہتے جس کے بعد مجبوراً انہیں ضائع کرنا پڑتا ہے، تاہم اب ایسے اسٹیکرز تیار کیے گئے ہیں جو پھلوں کے خراب ہونے کے عمل کو سست کردیں گے۔

    ملائیشیا میں تیار کیے جانے والے یہ اسٹیکرز پھلوں کو خراب ہونے سے بچا سکتے ہیں۔ یہ پھل کے خراب ہونے کی عام رفتار کے برعکس پھل کو مزید 14 دن تک تازہ اور میٹھا رکھ سکتے ہیں۔

    ان اسٹیکرز کو پپیتے، آم، سیب اور امرود سمیت مختلف پھلوں پر چپکایا جاسکتا ہے جس کے بعد یہ پھل کچھ عرصے تک محفوظ رہ سکتے ہیں۔

    اسٹکس فریش نامی یہ اسٹیکرز پھلوں میں ان ہارمونز کی کارکردگی میں کمی کرتے ہیں جو پھل کو خراب کرنے کا باعث بنتے ہیں۔

    ان کو تیار کرنے کا مقصد ضائع شدہ غذا کی مقدار میں کمی لانا اور ساتھ ہی کسانوں، ہول سیلرز، ڈسٹری بیوٹرز اور ریٹیلرز کے پیسے بچانا ہے۔

    یہ اسٹیکرز سوڈیم کلورائیڈ اور موم سے تیار کیے گئے ہیں جو خوردنی ہیں اور کھائے بھی جاسکتے ہیں۔