Tag: Stock Market

  • تاریخی بلندیوں کے بعد اسٹاک مارکیٹ کی موجودہ پوزیشن کیا ہے؟

    تاریخی بلندیوں کے بعد اسٹاک مارکیٹ کی موجودہ پوزیشن کیا ہے؟

    کراچی: پاکستان اسٹاک ایکسچینج تاریخی بلندیوں کو چھونے کے بعد اچانک سے منفی زون میں جانے لگی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق تاریخی بلندیوں کو چھونے کے بعد اسٹاک مارکیٹ کا دوسرا ہفتہ ہے جس میں وہ شدید مندی کا شکار رہی ہے، رواں کاروباری ہفتے کے تیسرے روز بھی کاروبار کے آغاز پر ہی اسٹاک مارکیٹ میں شدید مندی دیکھنے میں آ رہی ہے۔

    بینچ مارک 100 انڈیکس 1419 پوائنٹس کمی کے ساتھ 1 لاکھ 10 ہزار 995 پر ٹریڈ کر رہا ہے، دوران کاروبار 1500 پوائنٹس سے زائد کمی دیکھی گئی ہے۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ بڑے انسٹی ٹیوشن منافع کمانے کے لیے میوچل فنڈز فروخت کر رہے ہیں، جس کی وجہ سے مارکیٹ میں مندی دیکھی جا رہی ہے۔

    واضح رہے کہ رواں ہفتے کا آغاز امید افزا طور پر ہوا تھا، اور گزشتہ ہفتے کے برعکس اس کاروباری ہفتے کے پہلے دن مارکیٹ میں تیزی دیکھی گئی تھی، اور 100 انڈیکس میں 1 لاکھ 12 ہزار کی حد بحال ہو گئی تھی۔

    پاکستان اسٹاک مارکیٹ کے حوالے سے اچھی خبر آ گئی

    گزشتہ ہفتہ وار رپورٹ کے مطابق 100 انڈیکس میں ہفتہ وار 4.19 فی صد گراوٹ کے ساتھ 4788 پوائنٹس کی کمی ہوئی، اور کاروباری ہفتے کے اختتام پر 100 انڈیکس 4788 پوائنٹس کی کمی سے 109513 پر بند ہوا تھا۔

    100 انڈیکس کی ہفتہ وار بلند ترین سطح 117039 پوائنٹس ریکارڈ ہوئی، 100 انڈیکس کی ہفتہ وار کم ترین سطح 105601 پوائنٹس رہی، مارکیٹ کیپٹلائزیشن میں ہفتہ وار 629 ارب روپے کی کمی ہوئی، مارکیٹ کیپٹلائزیشن 14587 ارب روپے سے کم ہو کر 13958 ارب روپے ہو گئی۔

  • بنگلادیش میں اسٹاک مارکیٹ میں تیزی آ گئی

    بنگلادیش میں اسٹاک مارکیٹ میں تیزی آ گئی

    ڈھاکا: حسینہ واجد حکومت کے خاتمے کے بعد بنگلادیش کے اسٹاک مارکیٹ میں تیزی آ گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق بنگلادیش میں کرفیو ہٹا دیا گیا ہے، اور تعلیمی ادارے کھل گئے ہیں، ایئرپورٹ پر فلائٹ آپریشن 8 گھنٹے بعد بحال ہو گیا۔

    تاہم بنگلادیش میں ملک کی صورت حال اور عوام کے تحفظ کے لیے بدھ تک چھٹی رہے گی اور صنعتیں بھی آج بند رہیں گی، جب کہ بنگلادیشی آرمی چیف آج طلبہ رہنماؤں سے ملاقات کریں گے۔

    دی بزنس اسٹینڈرڈ کے مطابق آج جیسے ہی ڈھاکا اسٹاک ایکسچینچ کھلا، تو شروع ہی میں اس میں تیزی دیکھی گئی، وزیر اعظم حسینہ واجد کی رخصتی کے بعد سرمایہ کاروں نے خریداری میں دل چسپی ظاہر کی۔

    براڈ بیسڈ انڈیکس (DSEX) ابتدائی پندرہ منٹ ہی میں 250 پوائنٹس کے اضافے سے 5,467 پر پہنچ گیا، بلیو چپ انڈیکس (DS30) 88 پوائنٹس کے اضافے سے 1945 پوائنٹس پر پہنچا، جب کہ شریعت کمپلائنٹ اسٹاک کا انڈیکس (DSES) 44 پوائنٹس کے اضافے سے 1188 پوائنٹس پر پہنچ گیا۔ اسی مدت کے دوران DSE میں ٹرن اوور 209 کروڑ ٹکا تھا۔

    مجموعی طور پر جن حصص میں کاروبار ہوا ان میں 357 میں اضافہ ہوا، 13 میں کمی آئی جب کہ 3 میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی۔

    واضح رہے کہ ایک ماہ سے جاری پرتشدد احتجاج جشن میں تبدیل ہو گیا ہے، اور ڈھاکا کی سڑکوں پر عوام کا سمندر اُمڈ آیا ہے، شیخ مجیب الرحمان کا مجسمہ گرانے کے بعد مظاہرین نے شیخ مجیب کی رہائش گاہ کو بھی نذرآتش کر دیا اور عوامی لیگ کے صدر دفتر کو آگ لگا دی۔

    رکن پارلیمنٹ اور سابق کرکٹر مشرفی مرتضیٰ کا گھر بھی جلا دیا گیا، اوورسیز بنگالیوں نے بھی دنیا بھر میں جشن منایا، نیویارک میں بنگلادیش کے قونصل خانے میں بنگالی داخل ہو گئے، اور حسینہ واجد اور حکومت مخالف نعرے لگائے گئے، شیخ مجیب کی تصویریں بھی اتار دیں۔

  • اسٹاک مارکیٹ میں کاروبار کرنے والوں کے لیے اچھی خبر

    اسٹاک مارکیٹ میں کاروبار کرنے والوں کے لیے اچھی خبر

    کراچی: اسٹاک مارکیٹ میں کاروبار کرنے والوں کے لیے اچھی خبر ہے کہ حکومت پہلی بار پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں بانڈ کی نیلامی کرے گی۔

    ذرائع اسٹاک مارکیٹ کے مطابق حکومت پہلی بار پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں بانڈ کی نیلامی کرنے جا رہی ہے، جس سے 30 ارب روپے اکٹھے کیے جائیں گے۔

    اب پاکستانی بینکوں کے بعد پہلی بار اسٹاک مارکیٹ میں بھی بانڈ ٹریڈ ہوں گے اور بروکرز بھی بانڈ میں خرید و فروخت کر سکیں گے، ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت بانڈ پر 20 سے 22 فی صد تک منافع دے سکتی ہے۔

    وزیر اعظم انوارالحق کاکڑ کل اسٹاک مارکیٹ میں بانڈ نیلامی کا افتتاح کریں گے۔

  • ہیرا پھیری اور غیر قانونی منافع کا حصول، ارشد وارثی پر پابندی لگا دی گئی

    ہیرا پھیری اور غیر قانونی منافع کا حصول، ارشد وارثی پر پابندی لگا دی گئی

    بالی ووڈ فلموں کے مزاحیہ اداکار ارشد وارثی اور ان کی اہلیہ پر سرمایہ کاری میں ہیرا پھیری اور غیر قانونی منافع کمانے کا الزام عائد کرتے ہوئے حکام نے ان پر پابندی عائد کی ہے۔

    بھارتی فلم انڈسٹری بالی ووڈ کے اداکار ارشد وارثی اور ان کی اہلیہ ماریہ گوریٹی پر شیئرز کی قیمتوں میں مبینہ ہیرا پھیری کرنے کے الزام میں پابندی لگا دی گئی ہے۔

    چند دن قبل سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج بورڈ آف انڈیا (ایس ای بی آئی) نے شیئرز کی قیمتوں میں ہیرا پھیری کرنے پر سیکیورٹی مارکیٹ میں حصہ لینے والے 45 افراد پر پابندی لگائی تھی جن میں اداکار ارشد وارثی اور ان کی اہلیہ ماریہ گوریٹی بھی شامل ہیں۔

    ایس ای بی آئی نے یہ فیصلہ 2 فرمز شارپ لائن براڈ کاسٹ اور سادھنا براڈ کاسٹ پر لگائے گئے الزامات کی تحقیقات کے بعد کیا۔

    ان دونوں فرمز پر الزام ہے کہ انہوں نے اپنے یوٹیوب چینل پر گمراہ کن ویڈیوز اپلوڈ کیں اور لوگوں کو مشورہ دیا کہ کیسے ان فرمز کے شیئر خرید کر غیر معمولی منافع کمایا جا سکتا ہے۔

    ااس کے علاوہ ایس ای بی آئی نے مبینہ طور پر ان گمراہ کن ویڈیو سے حاصل کی جانے والی 54 کروڑ روپے کی رقم بھی اپنے قبضے میں لی ہے، اس طریقے سے ارشد اور ماریہ نے مبینہ طور پر 29 لاکھ اور 37 لاکھ روپے بالترتیب کمائے ہیں۔

    ایس ای بی آئی نے کچھ اداروں کی جانب سے شارپ لائن براڈ کاسٹ اور سادھنا براڈ کاسٹ کی جانب سے قیمتوں میں ہیرا پھیری اور شیئرز کی ناجائز فروخت کی شکایات سامنے آنے پر تحقیقات شروع کیں۔

    ادارے کی جانب سے تحقیقات گزشتہ سال اپریل سے ستمبر کے مہینے تک کی گئیں جس کے بعد یہ بات سامنے آئی کہ ان دونوں کمپنیوں کے منافع اور شیئرز کی تعداد میں اپریل اور جولائی کے درمیان تیزی سے اضافہ ہوا۔

    دوسری جانب سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ارشد وارثی نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ براہ کرم جو چیز آپ خبروں میں پڑھیں اس پر یقین مت کریں، اسٹاک ایکسچینج کے بارے میں ماریہ اور میری معلومات صفر ہیں، ہم نے مشورہ لیا اور شاردا میں پیسے لگائے اور کئی لوگوں کی طرح اپنی محنت کی کمائی گنوا بیٹھے۔

  • 2022: اسٹاک مارکیٹ میں سرمایہ کاروں کے ہزار ارب ڈوب گئے

    2022: اسٹاک مارکیٹ میں سرمایہ کاروں کے ہزار ارب ڈوب گئے

    کراچی: رواں برس جیسے ملک کے حالات خراب رہے، ویسے ہی اسٹاک مارکیٹ کی صورت حال بھی دگرگوں رہی، پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں سرمایہ کاروں کے ہزار ارب ڈوب گئے۔

    تفصیلات کے مطابق مارچ میں نئی حکومت نے اقتدار سنبھالنے کے بعد سرمایہ کاروں کے اعتماد کو ایسی ٹھیس پہنچائی جو کبھی نہیں دیکھی گئی، ایک سال کے دوران صرف بیرونی سرمایہ کاروں نے ایک کروڑ 90 لاکھ ڈالر مالیت کے حصص فروخت کر ڈالے۔

    سال 2022 میں اسٹاک مارکیٹ میں سرمایہ کاری کرنے والے روتے رہے، منافع کی آس میں بیٹھے سرمایہ کاروں کے ہزار ارب روپے سے زائد ڈوب گئے۔

    ایک سال کے دوران رجسٹرڈ کمپنیوں کے حصص کی مالیت کافی حد تک گر چکی ہے، شیئرز کی پُرکشش قیمتیں ہونے کے باوجود سرمایہ کاروں نے محتاط رویہ اختیار کیے رکھا۔

    جنوری 2022 کے آغاز پر انڈیکس 44 ہزار 596 پوائنٹس کی سطح پر تھا، مارکیٹ اب تک 4 ہزار پوائنٹس سے زائد نیچے آ گیا ہے، یعنی منافع کی آس میں بیٹھے سرمایہ کاروں کو 11 فی صد گھاٹا دیکھنے کو ملا۔

    ماہرین کا کہنا ہے 2023 بھی سرمایہ کاروں کے لیے مشکل سال ہو سکتا ہے، واضح رہے کہ اسٹاک مارکیٹ کو معیشت کا آئینہ بھی کہا جاتا ہے۔

  • پاکستان میں براہِ راست غیرملکی سرمایہ کاری میں مزید کمی

    پاکستان میں براہِ راست غیرملکی سرمایہ کاری میں مزید کمی

    کراچی : ماہ اکتوبر2022میں گزشتہ مالی سال کے اسی ماہ کے مقابلے میں93 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔

    اسٹیٹ بینک کے مطابق اکتوبر میں صرف نو کروڑ پندرہ لاکھ ڈالر کی غیرملکی سرمایہ کاری آئی۔ جولائی تا اکتوبر غیرملکی سرمایہ کاری میں انتالیس اعشاریہ تین فیصد کی کمی ریکارڈ ہوئی۔

    گزشتہ چارماہ کے دوران صرف33کروڑ27 لاکھ ڈالرکی سرمایہ کاری آئی ہے جبکہ گزشتہ مالی سال اسی مدت کے دوران54 کروڑ 79 لاکھ ڈالرکی سرمایہ کاری ہوئی تھی۔

    رپورٹ کے مطابق گزشتہ چارماہ میں سرمایہ کاروں نے اسٹاک مارکیٹ سے ایک کروڑ 82 لاکھ ڈالر کا سرمایہ نکال لیا تھا۔ مجموعی طور پر غیر ملکی سرمایہ کاری 35اعشاریہ پانچ فیصد کمی کے بعد صرف 31کروڑ45 لاکھ ڈالر رہ گئی ہے۔

  • امریکی سفیر کا اسٹاک مارکیٹ کا دورہ

    امریکی سفیر کا اسٹاک مارکیٹ کا دورہ

    کراچی: پاکستان میں امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم کا کہنا ہے کہ اسٹاک مارکیٹ میں امریکی سرمایہ کاری کو سراہتے ہیں، چاہتے ہیں زیادہ سے زیادہ امریکی کمپنیاں پاکستان آئیں۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان میں امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے وفد کے ہمراہ پاکستان اسٹاک ایکسچینج کا دورہ کیا، امریکی سفیر نے روایتی گھنٹہ بجا کر کاروبار کا آغاز کیا۔

    ڈونلڈ بروم نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خوشی ہے کہ آج اسٹاک مارکیٹ میں آیا ہوں، اس سال امریکا اور پاکستان کے 75 سالہ تعلقات کا دور مکمل ہو رہا ہے، ہماری اولین ترجیح تعلقات کو آگے بڑھانا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ اسٹاک مارکیٹ میں امریکی سرمایہ کاری کو سراہتے ہیں، چاہتے ہیں زیادہ سے زیادہ امریکی کمپنیاں پاکستان آئیں۔

    امریکی سفیر کا مزید کہنا تھا کہ امریکی کمپنیاں بہترین پراڈکٹ تیار کر رہی ہیں، پاکستان سے تجارتی تعلقات بہتر کرنے کے اقدامات کرنے ہیں۔

  • سعودی عرب : ریاض کیلئے بڑا اعزاز، کاروباری افراد کیلئے بڑی خبر

    سعودی عرب : ریاض کیلئے بڑا اعزاز، کاروباری افراد کیلئے بڑی خبر

    ریاض : سعودی عرب کا دارالحکومت ریاض نہ صرف کاروباری سرگرمیوں کے عالمی اورعلاقائی مرکز میں تیزی سے تبدیل ہورہا ہے بلکہ یہ تفریحی سہولیات اورمختلف تفریحی سرگرمیوں کا مرکز بھی بن رہا ہے۔

    عرب نیوز کے مطابق ریاض اس سے قبل طویل عرصہ سے بین الاقوامی بینکرز اور کاروباری اداروں کی جانب سے اسے شہر کو کام کی سہولیات کے طور پر ہی جانا جاتا تھا اور ویک اینڈ سرگرمیاں کہیں اور گزارنے کا سوچتے تھے۔

    رپورٹ میں روئٹرز نیوز ایجنسی کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ سعودی عرب کی مقامی اسٹاک مارکیٹ کا2.6 ٹریلین ڈالر کا کیپیٹلائزیشن ابوظہبی، دبئی اور قطر کے مشترکہ سرمایہ سے چار گنا زیادہ ہے۔

    مملکت میں آئندہ چار سال میں نجکاری کے ذریعے55 بلین ڈالر اکٹھا کرنا چاہتی ہے جس میں تیل کی بڑی کمپنی سعودی آرامکو کے مزید اثاثے اور ایکویٹی کی فروخت شامل نہیں۔

    سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے آئندہ دہائی میں ملکی معیشت کو تیل کےعلاوہ 3.2 ٹریلین ڈالر کی سرکاری اور نجی سرمایہ کاری کا تصور دیا ہے۔

    تداول میں رجسٹرڈ غیر ملکی سرمایہ کاروں کی تعداد 2019 میں 6 فیصد سے دگنی ہو گئی ہےاورکورونا وباکے دوران سعودی عرب کی براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری میں بھی اضافہ ہوا ہے۔

    رواں سال کے آغاز میں ریاض شہر کے لیے ریجنل ہیڈ کوارٹر پروگرام کے عمل کا آغاز کیا گیا جس کا حتمی مقصد دنیا بھر کی 480 معروف کمپنیوں کو ریاض میں اپنی شاخیں قائم کرنا ہے۔

    اس پروگرام کے تحت ابتدائی طور پر 24 کمپنیوں نے سائن اپ کیا تھا جس کے بعد ریاض میں اب 44 انٹرنیشنل کمپنیوں کے ریجنل ہیڈ کوارٹر موجود ہیں جب کہ مزید بین الاقوامی اداروں کو راغب کرنے کے لیے مہم جاری ہے۔

    ریاض بھی ایک سماجی صحرا بن سکتا ہے۔ میامی ریپر پٹبل کے گیگس، ورلڈ ریسلنگ انٹرٹینمنٹ کے میچز اورنیو کاسل یونائیٹڈ فٹ بال کلب کی سعودی ملکیت مغرب کے ساتھ ثقافتی فاصلے کو کم کرتی ہے۔

    ورلڈ ایکسپو2030 کی میزبانی کے لیے ریاض شہر میں بیورو انٹرنیشنل ڈیس ایکسپوزیشنز کو حال میں ایک بریفنگ بھی دی گئی ہے۔

    ریاض سٹی کے رائل کمیشن کے سی ای او فہد الرشید نے بتایا ہے کہ 1950میں ڈیڑھ لاکھ باشندوں پر مشتمل قصبہ تھا جو کہ اب دنیا میں تیزی سے ترقی کرنے والے شہروں میں سے ایک بن گیا ہے۔

    فہد الرشید نے ریاض میں جاری ترقیاتی منصوبوں کے بارے میں گورننگ باڈی کو آگاہ کیا ہے جس میں خصوصی طور پرعالمی پیمانے پر کھیلوں کے تیار کیا جانے والا بلیوارڈ اور ریاض میں بنایا جانے والا کنگ سلمان پارک ہے جو نیویارک کے سینٹرل پارک سے چار گنا اور لندن کے ہائڈ پارک سے دس گنا بڑا ہے۔

    اس کے علاوہ ریاض سٹی میں دنیا کے سب سے بڑے پبلک ٹرانسپورٹ نیٹ ورک کا جال بھی بچھایا جا رہا ہے۔ ریاض گرین پروجیکٹ میں ہونے والی پیشرفت کے علاوہ گردو نواح میں سبزہ زاروں کو دوام بخشنے اور شہر کو صحت مند سرگرمیوں کے لیے کی جانے والی کوششوں پر بھی روشنی ڈالی گئی۔

  • کرونا وائرس: 2008 کے بعد سے دنیا بھر کی اسٹاک مارکیٹس میں بدترین مندی

    کرونا وائرس: 2008 کے بعد سے دنیا بھر کی اسٹاک مارکیٹس میں بدترین مندی

    نیویارک / برلن / ٹوکیو: کرونا وائرس کے باعث دنیا بھر کی اسٹاک مارکیٹس میں مندی کا رجحان دیکھا جارہا ہے، گزشتہ کاروباری ہفتہ 2008 سے اب تک کا بدترین ہفتہ رہا۔

    تفصیلات کے مطابق دنیا بھر میں کرونا وائرس کے معیشتوں پر بدترین وار جاری ہیں، گزشتہ کاروباری ہفتہ عالمی اسٹاک مارکیٹس کے لیے بدترین ثابت ہوا۔

    گزشتہ ہفتے کے آخری کاروباری روز عالمی حصص بازاروں میں ریکوری دیکھی گئی تاہم یہ ہفتہ 2008 سے اب تک کا بدترین رہا۔

    امریکا کے ڈاؤ جونز انڈیکس میں ایک ہفتے میں 2 ہزار 237 پوائنٹس کی کمی ہوئی جبکہ امریکی نیسڈیک میں 556 پوائنٹس کی کمی دیکھی گئی۔

    برطانوی اسٹاک مارکیٹ میں 538 پوائنٹس کی کمی ہوئی، جرمن اسٹاک مارکیٹ میں 14 سو 62 پوائنٹس اور فرانسیسی مارکیٹ میں 699 پوائنٹس کی کمی ہوئی۔

    جاپانی اسٹاک میں 2 ہزار 325 اور ہانگ کانگ اسٹاک مارکیٹ میں 959 پوائنٹس کی کمی ہوئی۔

    ادھر بھارتی اسٹاک مارکیٹ میں 19 سو 90 پوائنٹس کی کمی ہوئی جبکہ پاکستانی اسٹاک مارکیٹ میں بھی 2 ہزار 159 پوائنٹس کی کمی دیکھی گئی۔

  • کرونا وائرس: یورپی و ایشیائی اسٹاک مارکیٹس میں شدید مندی

    کرونا وائرس: یورپی و ایشیائی اسٹاک مارکیٹس میں شدید مندی

    بیجنگ / برلن / پیرس: کرونا وائرس کی وجہ سے دنیا بھر میں معاشی تنزلی جاری ہے، یورپی و ایشیائی اسٹاک مارکیٹس میں شدید مندی دیکھی جارہی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کرونا وائرس کے باعث معیشتوں کو نقصان پہنچنے کا سلسلہ جاری ہے، یورپی و ایشیائی اسٹاک مارکیٹس میں شدید مندی دیکھی جارہی ہے۔

    جرمن انڈیکس میں 729 پوائنٹس کی کمی دیکھی گئی، فرانسیسی انڈیکس میں 364 پوائنٹس کی کمی ہوئی۔ برطانوی مارکیٹ فٹسی میں 460 پوائنٹس کی کمی ریکارڈ کی گئی۔

    دوسری جانب ایشیا کی بیشتر اسٹاک مارکیٹس میں بھی مندی کا رجحان ہے، جاپانی اسٹاک مارکیٹ 11 سو 17 پوائنٹس کی مندی پر بند ہوا۔ چینی اسٹاک مارکیٹ میں کاروبار کے اختتام پر 4 فیصد کی کمی دیکھی گئی۔

    ہانگ کانگ انڈیکس میں کاروبار کے اختتام پر 11 سو 6 پوائنٹس کی کمی دیکھی گئی جبکہ جنوبی کوریا اسٹاک مارکیٹ میں کاروبار کے اختتام پر 4 فیصد کی کمی ریکارڈ ہوئی۔

    ادھر پاکستان اسٹاک مارکیٹ بھی آج کریش کر گئی اور 100 انڈیکس 21 سو سے زائد پوائنٹس تک گر گیا۔ پوائنٹس میں بدترین کمی کے بعد بینچ مارک انڈیکس 36 ہزار 113 پوائنٹس پر آگیا۔