Tag: stolen

  • چوری شدہ ہیلی کاپٹر عمارت سے ٹکرا کر تباہ

    چوری شدہ ہیلی کاپٹر عمارت سے ٹکرا کر تباہ

    سڈنی : آسٹریلیا میں ایک ہیلی کاپٹر پرواز کے دوران بے قابو ہوکر عمارت سے جا ٹکرایا، خوفناک حادثے کے بعد جائے وقوعہ پر آگ بھڑک اٹھی، مذکورہ ہیلی کاپٹر چوری کیا گیا تھا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق آسٹریلیا کے شہر کیرنز میں فائیو اسٹار ہوٹل کی چھت سے ٹکرا کر ہیلی کاپٹر تباہ ہوگیا، اس حادثے میں پائلٹ موقع ہی پر ہلاک ہوگیا۔

    اس خوفناک حادثے کے بعد ہوٹل کے چند حصوں میں آگ لگ گئی، امدادی کارکنان نے فوری طور پر کارروائی کرتے ہوئے ہوٹل میں ٹھہرے سیکڑوں افراد کو بحفاظت باہر نکال لیا۔

     helicopter

    مقامی وقت کے مطابق رات کے دو بجے ہیلی کاپٹر کا پائلٹ بظاہر طے شدہ کوریڈور سے ہٹ گیا تھا جس کے باعث یہ حادثہ رونما ہوا، آسٹریلوی میڈیا نے اطلاع دی کہ ہیلی کاپٹر چوری کیا گیا تھا۔

    فائر بریگیڈ کے عملے نے ہیلی کاپٹر میں لگی آگ بجھایا اور ملبے سے پائلٹ کی جلی ہوئی لاش ملی جسے شناخت کے لیے فرانزک لیب بھیجا گیا ہے۔

    ہیلی کاپٹر

    ایکٹنگ چیف سپرنٹنڈنٹ شین ہومز نے کہا کہ یہ معلوم نہیں ہے کہ ہیلی کاپٹر اڑانے والے شخص کے پاس پائلٹ کا لائسنس تھا یا نہیں، یا آیا وہ ناؤٹلس ایوی ایشن کمپنی کے لیے کام کرتا تھا جس کی ملکیت یہ ہیلی کاپٹر تھا۔

    رپورٹ کے مطابق حادثے کے نتیجے میں ہیلی کاپٹر کے پَر ٹوٹ کر دور جا گرے، ایک پَر ہوٹل کے سوئمنگ پول میں بھی گرا جہاں چند افراد موجود تھے جنہیں معمولی چوٹیں آئیں۔ حادثے کا وجہ تاحال معلوم نہیں ہوسکیں۔

  • 10 کروڑ ڈالر کی ڈیجیٹل چوری

    10 کروڑ ڈالر کی ڈیجیٹل چوری

    واشنگٹن: امریکی کرپٹو کرنسی کمپنی ہارمونی نے کہا ہے کہ چور ان کے 10 کروڑ ڈالر مالیت کے ڈیجیٹل سکے ہیک کر چکے ہیں، چوری سے ہاریزن برج متاثر ہوا ہے جو کرپٹو کو مختلف بلاک چینز کے درمیان منتقل کرتا ہے۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق امریکا کی کرپٹو کرنسی کمپنی ہارمونی نے کہا ہے کہ چور ان کی اہم مصنوعات سے تقریباً 10 کروڑ ڈالر مالیت کے ڈیجیٹل سکے لے اڑے ہیں، ہیکرز طویل عرصے سے اس شعبے کو نشانہ بنا رہے ہیں۔

    ہارمونی نے ڈی سینٹرلائزڈ فنانس کے لیے بلاک چین کو تیار کیا ہے، یہ کمپنی بینکاری اور نان فنجبل ٹوکن کے روایتی طریقے سے ہٹ کر قرض اور دیگر سہولیات فراہم کرتی ہے۔

    کیلی فورنیا کی کمپنی نے بتایا کہ چوری سے ہاریزن برج متاثر ہوا ہے جو کرپٹو کو مختلف بلاک چینز کے درمیان منتقل کرتا ہے، یہ سافٹ ویئر بٹ کوائن اور ایتھر جیسے ڈیجیٹل ٹوکنز کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔

    برطانیہ کی بلاک چین تجزیہ کار کمپنی ایلپٹک کے مطابق طویل عرصے سے کرپٹو کمپنیاں چوریوں کا نشانہ بن رہی ہیں، 2022 میں اب تک برجز سے ایک ارب ڈالر سے زائد کی رقم چوری کی جاچکی ہے۔

    ہارمونی نے ٹویٹ میں آگاہ کیا کہ وہ متعلقہ حکام اور فرانزک کے ماہرین کے ساتھ مجرموں کی شناخت اور چوری شدہ فنڈ کو واپس لینے کے لیے کام کر رہے ہیں۔

    ایلپٹک نے بتایا کہ ہیکرز نے ہارمونی کمپنی سے مختلف کرپٹو کرنسیاں چرائی ہیں جن میں ایتھر، ٹیتھر اور یو ایس ڈی کوائن شامل ہیں۔

    مارچ میں ہیکرز نے تقریباً 61 کروڑ روپے مالیت کی کرپٹو کرنسیاں رونن برج سے چرائی تھیں جس سے ایگزی انفنیٹی گیم میں کرپٹو کے تبادلے کے لیے متنقل کیا گیا، امریکا نے اس چوری کا الزام شمالی کوریا کے ہیکرز پر عائد کیا تھا۔

  • ایئر پورٹس پر مسافروں کے سامان سے قیمتی اشیاء چوری ہونے کا انکشاف

    ایئر پورٹس پر مسافروں کے سامان سے قیمتی اشیاء چوری ہونے کا انکشاف

    کراچی : ہوائی سفر میں بھی مسافروں کا سامان غیرمحفوظ ہوگیا، ملک کے مختلف ائیرپورٹس پر مسافروں کے سامان سے قیمتی اشیا چوری ہونے لگیں۔

    ہوائی جہاز میں سفر کرنے والے ہوشیار رہیں، ملک مختلف ایئر پورٹس سے اندرون اور بیرون ملک جانے والے مسافروں کو نئی مشکل نے گھیر لیا۔

    ائیرپورٹ پر مسافر اپنے قیمتی سامان سے محروم ہونے لگے۔ مسافروں کے سامان پر ہاتھ صاف کرنے کی وارداتوں میں اضافہ ہوگیا۔

    مسافر اپنے سامان کے چوری ہونے کے ڈر سے فکر مند ہوگئے، انہوں نے چوری میں ملوث افراد کے خلاف فوری کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔

    مسافروں نے الزام عائد کیا ہے کہ ائیرپورٹ پر بیگ کے تالے توڑ کر ان میں موجود قیمتی اشیا کو چرا لیا جاتا ہے۔ گزشتہ دنوں پولیس نے کراچی ایئرپورٹ پر کام کرنے والے تین ملازمین کو سامان چوری کے الزام میں گرفتار بھی کیا گیا تھا۔

    ذرائع کے مطابق سامان کی چوری ہونے کی واردات طیارے سے ٹرمنل بلڈنگ تک پہچانے کے دوران ہوتی ہے۔ دوسری جانب سول ایوی ایشن اتھارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ جہاز میں باحفاظت سامان کی منتقلی ائیرلائن انتظامیہ کی ذمہ داری ہے۔

  • دا کراؤن کے سیٹ سے لاکھوں ڈالر مالیت کے نوادرات چوری

    دا کراؤن کے سیٹ سے لاکھوں ڈالر مالیت کے نوادرات چوری

    امریکی اسٹریمنگ سروس نیٹ فلکس کی مشہور سیریز دا کراؤن میں استعمال ہونے والی 2 لاکھ ڈالرز مالیت کی نوادرات چوری ہوگئیں، نیٹ فلکس نے تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ چوری ہونے والی نادر اشیا کی تعداد 350 کے قریب بنتی ہے۔

    نیٹ فلکس کے ترجمان کے مطابق چوری ہونے والی اشیا میں سونے اور چاندی کا سامان بھی شامل ہے۔

    ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ چوری ہونے والی اشیا کا متبادل منگوا لیا گیا ہے اور انہیں امید ہے کہ اس چوری سے سیریز کی عکس بندی متاثر نہیں ہوگی۔

    دوسری جانب ساؤتھ یارک شائر پولیس کا کہنا ہے کہ یہ چوری بدھ کو ہوئی جب 3 گاڑیوں میں موجود لوگ سب سامان اٹھا کر لے گئے۔

    یاد رہے کہ اس وقت دا کراؤن کے پانچویں سیزن کی عکسبندی کی جا رہی ہے، سیزن 5 کی عکس بندی جولائی میں شروع ہوئی تھی اور سیزن کے دوران ملکہ الزبتھ دوئم کو بھی دکھایا جائے گا۔

    دا کراؤن کا پانچواں سیزن رواں سال نومبر میں نشر کیا جائے گا۔

  • سمیع اللہ خان کے مجسمے کی ہاکی اور گیند چرانے والا ملزم گرفتار

    سمیع اللہ خان کے مجسمے کی ہاکی اور گیند چرانے والا ملزم گرفتار

    بہاولپور: صوبہ پنجاب کے شہر بہاولپور میں نصب کیے گئے اولمپیئن سمیع اللہ خان کے مجسمے سے ہاکی اور گیند چوری کرنے والے ملزم کو گرفتار کرلیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق بہاولپور میں اولمپیئن سمیع اللہ خان کے مجسمے سے ہاکی اسٹک اور گیند چرانے والا ملزم 48 گھنٹے کے اندر جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے گرفتار کرلیا گیا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم نعمان کہروڑ پکا کا رہائشی ہے، اس وقت بہاولپور میں رہتا ہے، سی سی ٹی وی کیمروں اور دیگر معلومات لے کر تحقیقات کا آغاز کیا تھا۔

    پولیس کے مطابق ملزم نے اعتراف جرم کیا اور اپنے کیے پر شرمندگی ظاہر کی۔

    پولیس کا مزید کہنا تھا کہ سمیع اللہ خان پاکستان کے ہیرو ہیں، سرکاری املاک اور یادگاروں کی حفاظت ہمارا فرض ہے۔

    یاد رہے کہ اولمپیئن سمیع اللہ خان کا مجسمہ چند روز قبل ہی ان کے آبائی شہر کے ایک چوک پر نصب کیا گیا تھا جس کے کچھ دن بعد مجسمے کی ہاکی اسٹک اور گیند چوری ہوگئی تھی۔

    مقامی انتظامیہ نے مجسمے کے ساتھ دوسری ہاکی اسٹک اور گیند نصب کردی تھی تاہم ملزم کی تلاش بھی جاری تھی۔

  • اطالوی سفارتخانے کے ‌لاکر روم  سے 1000 شینجن ویزہ اسٹکرز چوری  ہونے کا انکشاف

    اطالوی سفارتخانے کے ‌لاکر روم سے 1000 شینجن ویزہ اسٹکرز چوری ہونے کا انکشاف

    اسلام آباد: اطالوی سفارتخانے کے ویزا لاکر روم سے1000 شینجن ویزہ اسٹکرز چوری ہونے کا انکشاف ہوا، سفیر نے وزارت خارجہ سے تحقیقات کے لیے مدد مانگ لی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے انتہائی سیکیورٹی والے علاقے ڈپلومیٹک انکلیو میں تاریخ کی سب سے بڑی چوری کی واردات ہوئی ، جس میں اطالوی سفارتخانے کے ویزہ لاکر روم سے 1000 شینجن ویزہ سٹکرز غائب ہوگئے ۔

    اطالوی سفیر نے وزارت خارجہ سے تحقیقات کے لیے مدد مانگتے ہوئے کہا ہے کہ وزارت داخلہ ایف آئی اے کے زریعے تحقیقات کرائے۔

    چوری کے حوالے سے وزارت خارجہ کو14جون کو خط لکھا گیا ہے، جس میں کہا گیا کہ ‏چوری ہونے والے 750 شینجن ویزہ اسٹکرز کی سیریل نمبرز ITA041913251 تا ITA04191400 ہے جبکہ 250 ویزہ سٹکرز کا سیریل نمبر ITA041915751 تا ITA041916000 ہے۔

    خط میں کہا کہ متعلقہ سیریل نمبرزکے حامل پاسپورٹس پرسفرکرنےوالوں کوگرفتارکیاجائے۔

    وزرات داخلہ نے ایف آئی اے کو تحقیقات کے لئے خط لکھا، جس کے بعد ایف آئی اے نے باضابطہ تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔

  • لاک ڈاؤن کے دوران وین گوف کی بیش قیمت پینٹنگ چوری

    لاک ڈاؤن کے دوران وین گوف کی بیش قیمت پینٹنگ چوری

    ایمسٹرڈیم: کرونا وائرس کے باعث ہونے والے لاک ڈاؤن کا فائدہ اٹھا کر چور ایک میوزیم سے شہرہ آفاق مصور وین گوف کی لاکھوں ڈالر مالیت کی پینٹنگ لے اڑے۔

    ونسنٹ وین گوف کے فن پارے کی چوری ایمسٹرڈیم کے قریب واقع ایک میوزیم سنگر لارین سے ہوئی۔ پولیس کے مطابق چور صبح ساڑھے 3 بجے میوزیم کا ایک شیشہ توڑ کر اندر داخل ہوئے اور بیش قیمت فن پارہ لے اڑے۔

    اس فن پارے کی قیمت اندازاً 66 لاکھ ڈالر بتائی جارہی ہے۔ واقعے کی خبر ہوتے ہی پولیس فوراً موقع پر پہنچی تاہم چور تب تک فرار ہوچکا تھا۔

    میوزیم کے ڈائریکٹر جان رالف نے اس واقعے پر سخت افسوس کا اظہار کیا ہے، ان کا کہنا ہے کہ آرٹ دیکھنے، لطف اندوز ہونے اور سکون حاصل کرنے کے لیے ہے خصوصاً آج کل کے کٹھن حالات میں اس کی زیادہ ضرورت ہے

    ان کے مطابق یہ فن پارہ شمالی نیدر لینڈز کے ایک اور میوزیم سے لا کر ایک نمائش کے لیے یہاں رکھا گیا تھا۔

    نیدر لینڈز سے تعلق رکھنے والے مصور ونسنٹ وین گوف کے فن مصوری نے اس دور کی مصوری پر اہم اثرات مرتب کیے، وہ مشہور مصور پکاسو سے متاثر تھا۔ وین گوف کا مذکورہ چوری شدہ فن پارہ سنہ 1884 میں بنایا گیا تھا۔

    اس سے قبل بھی وین گوف کے فن پاروں کی چوری کے واقعات پیش آچکے ہیں۔

    سنہ 2002 میں ایمسٹر ڈیم کے ہی ایک میوزیم سے وین گوف کے 2 فن پارے چرائے گئے تھے جو سنہ 2016 میں بازیاب کرلیے گئے، دونوں پینٹنگز نیپلز مافیا نامی گروہ نے چرائے تھے۔

  • کرونا وائرس: اسپتال میں رکھے ہینڈ سینی ٹائزر چوری ہوگئے

    کرونا وائرس: اسپتال میں رکھے ہینڈ سینی ٹائزر چوری ہوگئے

    انگلینڈ کے علاقے نارتھ ہمپٹن کے ایک اسپتال نے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ کرونا وائرس کے پیش نظر اسپتال میں داخل مریضوں کے پاس اور استقبالیہ ڈیسک پر رکھے ہینڈ سینی ٹائزر چرانا بند کردیں۔

    انگلینڈ کے اسپتال کو یہ اپیل اس وقت کرنی پڑی جب مذکورہ مقامات پر انتظامہ کی جانب سے رکھی گئی سینی ٹائزر کی بوتلیں تیزی سے غائب ہونا شروع ہوگئیں۔

    اسپتال نے سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں کہا کہ برائے مہربانی ہماری مدد کریں کہ ہم اپنے مریضوں کو اس جان لیوا وائرس سے بچا سکیں، اور صفائی کے لیے رکھی چیزیں اٹھانا بند کردیں۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ وارڈ مینیجرز کو بھی ہدایت کردی گئی ہے کہ وہ اسپتال میں رکھی مذکورہ اشیا کی نگرانی کریں۔

    اسپتال انتظامیہ نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ جس طرح برطانیہ میں کرونا وائرس کا خوف بڑھ رہا ہے اس سے امکان ہے کہ سینی ٹائزر کی قلت نہ پیدا ہوجائے۔

    خیال رہے کہ برطانیہ میں اب تک کرونا وائرس کے 206 مریضوں کی تصدیق ہوچکی ہے جبکہ 2 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔

    برطانیہ سمیت کرونا وائرس 103 ممالک کو اپنی لپیٹ میں لے چکا ہے، وائرس سے متاثر افراد کی تعداد 1 لاکھ 6 ہزار 211 ہو گئی ہے۔

    چین کے بعد سب سے زیادہ اموات اٹلی میں ہوئی ہیں جہاں وائرس سے ہلاک افراد کی تعداد 233 ہو گئی، دنیا بھر میں وائرس سے اموات کی تعداد 3 ہزار 600 ہوگئی ہے، جبکہ 60 ہزار 190 افراد صحتیاب ہو چکے ہیں۔

  • اے ٹی ایم مشین سے پونے 3 لاکھ روپے چوری

    اے ٹی ایم مشین سے پونے 3 لاکھ روپے چوری

    دنیا بھر میں اب تک اے ٹی ایم مشینوں کو توڑ کر ان سے رقم نکالنے کے واقعات تو سامنے آتے رہے ہیں، تاہم بھارت میں اے ٹی ایم کو کھول کر اندر سے ایک خطیر رقم چرا لی گئی۔

    یہ واقعہ بھارتی شہر پونا میں پیش آیا جہاں ایک اے ٹی ایم مشین سے 2 لاکھ 88 ہزار روپے نکال لیے گئے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے میں انتظامیہ کا ہی کوئی شخص ملوث ہوسکتا ہے کیونکہ اے ٹی ایم کو توڑا نہیں گیا بلکہ 18 ہندسوں کا کوڈ ڈال کر اسے باقاعدہ کھولا گیا ہے۔

    چوری کی یہ واردات اس سامنے آئی جب ایک شخص اے ٹی ایم سے پیسے نکالنے گیا اور مشین میں نقد رقم نہ پا کر اس نے بینک افسران کو اس کی اطلاع دی۔

    بینک افسران نے اے ٹی ایم کو کھولا تو اس کے اندر کی 3 پلیٹس خالی تھیں، حساب کتاب کے بعد علم ہوا کہ اے ٹی ایم سے پونے 3 لاکھ روپے غائب ہیں۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ اے ٹی ایم اور اس کے بعد مشین کی تجوری کو پاسورڈ کے ذریعے کھولا جاسکتا ہے جو اے ٹی ایم کا انتظام سنبھالنے والی ایجنسی کے اہلکاروں کو دیا جاتا ہے، واردات ممکنہ طور پر انہی میں سے کسی نے کی ہے۔

    پولیس نے سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے چور کی تلاش کا عمل شروع کردیا ہے۔

  • امریکا میں چوری کا نیا عالمی ریکارڈ قائم

    امریکا میں چوری کا نیا عالمی ریکارڈ قائم

    واشنگٹن : امریکی ریاست وسکونسن میں چوری ہونے والے ملبوسات کی مالیت 30 ہزار ڈالر کے برابر ہے، چوروں نے 30سکینڈ میں اجتماعی چوری کا نیا ریکارڈ قائم کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق چوری کی خبریں آئے روز اخبارات میں شائع ہوتی ہیں مگر تیس سیکنڈ میں ملبوسات کی اجتماعی چوری کی واردات نے سوشل میڈیا پر تہلکہ مچا دیا۔یہ واقعہ یکم جولائی کو امریکا کی ریاست وسکونسن میں پیش آیا جس کی ایک فوٹیج سماجی رابطوں کی ویڈیو شیئرنگ ویب سائیٹ یوٹیوب پربھی پوسٹ کی گئی ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا پر جاری ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ 10 پیشہ ور ڈکیتوں پر مشتمل ایک گروپ نے امریکی ریاست ویسکونسن میں واقع نارتھ فیس شاپنگ مرکز میں گھس کر ملبوسات کی ایک دکان سے صرف تیس سیکنڈ کے اندر اجتماعی چوری کرکے ایک نیا ریکارڈ قائم کیا ہے۔

    سیکیورٹی ذرائع کے مطابق چوری ہونے والے ملبوسات کی مالیت 30 ہزار ڈالر کے برابر ہے۔

    امریکی نشریاتی ادارے کا کہنا تھاکہ علاقے کےپولیس چیف ڈیوڈ سمیٹانا کا کہنا ہےکہ چور دکان میں داخل ہوئے ، ملبوسات اٹھائے اور نکل گئے۔

    سی سی ٹی وی فوٹیج کے مطابق یہ ساری کارروائی صرف تیس سیکنڈ میں عمل آئی، ایسے لگتا ہےکہ چوروں کو اچھی طرح معلوم تھا کہ ان کے مطلوبہ ملبوسات کہاں پر موجود ہیں، وہ داخل ہوئے، کپڑے اٹھائے اور فرار ہوگئے۔

    امریکی پولیس نے ملبوسات چوری کرنے والے گروہ کی تصاویر سوشل میڈیا  پر جاری کرتے ہوئے عوام سے پولیس کے ساتھ تعاون کی اپیل کی۔